Author: کامل عارف

  • کراچی میں حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی، کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگرد ہلاک

    کراچی میں حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی، کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگرد ہلاک

    کراچی کے علاقے گلشن معمار میں حساس اداروں اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں دو دہشتگرد مارے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گلشن معمار کے قریب جنجال گوٹھ میں واقع گھر میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر حساس اداروں اور سی ٹی ڈی نے چھاپہ مارا، جس پر دہشتگردوں نے فائرنگ کردی، فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگرد ہلاک ہوگئے جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جب کہ سی ٹی ڈی کے 4 اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گھر میں دہشتگردوں کی موجودگی کے ساتھ بارودی مواد ہونے کا بھی شبہ تھا، جس کی وجہ سے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کیا گیا تھا۔

     

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشتگردوں سے مقابلےکے وقت گھر میں ایک خاتون اور بچی بھی موجود تھی، تاہم انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا اور سیکیورٹی اداروں نے دونوں کا تحویل میں لے لیا۔

    ڈی آئی جی آصف اعجاز شیخ کے مطابق مقابلے میں زخمی 4 سی ٹی ڈی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں دو کی حالت تشویشناک ہے۔

  • کراچی میں گاڑیاں اورموٹرسائیکلیں چوری کرنےوالا 14سالہ بچہ گرفتار،  اہم انکشافات

    کراچی میں گاڑیاں اورموٹرسائیکلیں چوری کرنےوالا 14سالہ بچہ گرفتار، اہم انکشافات

    کراچی : شہر قائد میں گاڑیاں اورموٹرسائیکلیں چوری کرنےوالا 14سالہ ملزم کو نیوکراچی سے گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نےنیوکراچی میں کارروائی کرتے ہوئے گاڑیاں ،موٹرسائیکلیں چوری کرنےوالا 14سالہ ملزم کو نیوکراچی سے گرفتار کرلیا۔

    چودہ سالہ چور نے اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ 10سال کی عمرسےچوری شروع کی ، چرس پیتا تھا پھر پاؤڈر پینے لگ گیا۔

    بچے نے بیان میں کہا کہ جو نشہ دیتے تھے انہوں نےچوری پر لگا دیا، موٹرسائیکل کے بدلے میں 2 ہزار روپے اور منشیات ملتی ہے۔

    ملزم نے انکشاف کیا کہ منشیات ایک ہفتے چلتی ہےپھرموٹرسائکل چوری کرتا ہوں، اب تک 40 یا 50 موٹر سائیکلیں چوری چکا ہوں اور گاڑیاں بھی چوری کی ہیں۔

    چودہ سالہ بچے نے بتایا کہ منشیات فروش بلوچستان سے منشیات لاکر فروخت کرتے ہیں، ایک چوری کی گاڑی کے بدلے ایک کلو ہیروئن ملتی ہے۔

  • اسٹریٹ کرمنلز نے نیا طریقہ واردات ڈھونڈ نکالا، ویڈیو دیکھیں

    اسٹریٹ کرمنلز نے نیا طریقہ واردات ڈھونڈ نکالا، ویڈیو دیکھیں

    کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرمنلز نے نیا طریقہ واردات اپنالیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی شہر میں اسٹریٹ کرائم کا جن بے قابو ہوتا جارہا ہے، تمام تر حکومتی اقدامات کے باوجود شہری روزانہ اپنی قیمتی اشیا اور سرمائے سے محروم ہورہے ہیں۔

    پولیس کی جانب سے نئی ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے تاہم اب اسٹریٹ کرمنلز نے بھی اپنا طریقہ واردات تبدیل کرلیا ہے۔

    آج کراچی کے پوش علاقے پی ای سی ایچ ایس میں بینک سے رقم لے کر آنے والا نوجوان ایسا لوٹا کہ اس کے خیال میں بھی نہ ہوگا۔

    نوجوان جیسے ہی کیش لیکر اپنے دفتر کے باہر پہنچا تو پڑھے لکھے افراد کا روپ دھارے اسٹریٹ کرمنلز بھی اس کے پاس جاپہنچے اور پستول کی نوک پر نوجوان سے رقم لے کر باآسانی فرار ہوگئے۔

    دوسری جانب شہر قائد میں اب بڑے ہتھیاروں کے ساتھ بھی ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتیں ہونے لگی ہیں، ایسی ہی ایک واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: بڑے ہتھیاروں کے ساتھ کراچی میں ہونے والی واردات کی ویڈیو

    فوٹیج کے مطابق رکشے اور موٹر سائیکل پر سوار مسلح ڈاکو ایوب گوٹھ میں ایک گھر کے باہر آ کر رکے، پھر رکشے سے تیزی سے چند افراد کلاشنکوفیں اٹھائے باہر نکل آئے، جنھیں دیکھ کر گھر کے باہر بیٹھے 2 افراد خوف زدہ ہو کر گھر کے اندر دوڑے۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح ڈاکو بھی دونوں کے پیچھے گھر کے اندر داخل ہوئے، فوٹیج میں ڈاکو شہریوں سے موبائل فون بھی لیتے دکھائی دیتے ہیں۔

    متاثرہ فیملی نے شکایت کی ہے کہ متعلقہ ایس ایچ او نے تاحال ملاقات کا وقت نہیں دیا، ایس ایچ او نے پیغام دیا کہ میں ابھی مصروف ہوں کل آنا۔

  • کراچی: ملیر ندی میں شہری کے ڈوبنے کی ویڈیو نے سب کو رُلا دیا

    کراچی: ملیر ندی میں شہری کے ڈوبنے کی ویڈیو نے سب کو رُلا دیا

    کراچی کے علاقے ملیر کی ندی میں شہری ڈوب کر زندگی کی بازی ہار گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر ندی میں شہر ڈوب کر جاں بحق ہوگیا جس کی دردناک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    وائرل ویڈیو پل پر کھڑے ایک شخص نے بنائی جس میں متوفی کو زندگی بچانے کے لیے تیرنے کی کوشش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    شہری کی زندگی بچانے کے لیے ہاتھ پاؤں چلانے کی کوششیں کارگر ثابت نہ ہوسکیں اور وہ خالق حقیقی سے جاملا۔

    متوفی کی شناخت فوری طور پر نہیں ہوسکی ہے جبکہ اس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ کراچی میں طوفانی بارشوں کے دوران مختلف حادثات و واقعات میں کئی افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

    اس سے قبل ناگن چورنگی پر نالے میں موٹر سائیکل سوار فیملی جاگری تھی جس کے نتیجے میں خاتون اور اس کا دو ماہ کا بچہ جاں بحق جبکہ شوہر اور ایک بیٹا زخمی ہوگیا تھا۔

    نالے میں گرنے والے بچے کی لاش تاحال متاثرہ فیملی کو نہیں مل سکی جبکہ ریسکیو آپریشن بھی کیا گیا تھا۔

  • ایم کیو ایم رہنما بابر غوری کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار

    ایم کیو ایم رہنما بابر غوری کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار

    کراچی: ایم کیو ایم کے رہنما بابر غوری کو وطن واپسی پر کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما بابر غوری کو وطن واپس پہنچتے ہی کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا وہ کرپشن مقدمات میں نیب کو مطلوب ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم رہنما کو ایئرپورٹ سے ایف آئی نے حراست میں لیا بعدازاں انہیں پولیس کی تحویل میں دیا گیا جس کے بعد انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ بابر غوری کا نام ماضی میں کئی اہم کیسز میں شامل ہے جس سے متعلق بھی ان سے تفتیش کی جائے گی۔

    بابر غوری نے کئی سالوں سے خود ساختہ جلا وطنی اختیارکی ہوئی تھی اور وہ امریکا میں مقیم تھے، یاد رہے کہ بابر غوری وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ رہ چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ بابر غوری کے وطن واپسی کے اعلان کے بعد انہیں ایئرپورٹ سے گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    بابر غوری کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ ان کے موکل پر جو بھی الزامات اور انکوائریاں ہیں وہ ملک واپس آکر مقدمات سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں اس سلسلے میں انہیں حفاظتی ضمانت دی جائے۔

    عدالت نے رہنما اہم کیو اہم کی دو ہفتے کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرلی تھی، عدالت نے بابر غوری کو ایک ایک لاکھ روپے کے 2 مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے 14 دن میں متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    اس سے قبل اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے بابرغوری کا کہنا تھا کہ پاکستان میرا وطن ہے کل آنےکے لیے پروگرام بنایا تھا میرےخلاف 2کیسزتھےجس میں آج ضمانت بھی حاصل کی، صولت مرزا کیس میں نیاسلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے صولت مرزا کو جانتا تھا لیکن میرااس سے اور کوئی تعلق نہیں تھا۔

  • کراچی: پولیس مقابلے میں 3 اغوا کار ہلاک، 3 فرار

    کراچی: پولیس مقابلے میں 3 اغوا کار ہلاک، 3 فرار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے اسٹیل ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے میں 3 اغوا کار ہلاک جب کہ تین فرار ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں اسٹیل ٹاؤن میں سی آئی اے پولیس کا اغوا کاروں سے مبینہ مقابلہ ہوا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 اغوا کار ہلاک اور ان کے 3 ساتھی فرار ہو گئے۔

    ایس ایس پی امجد حیات نے بتایا کہ اغوا کاروں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا گیا تھا، اے وی سی سی اور اے وی ایل سی نے مشترکہ آپریشن کیا، ہلاک ملزمان کا تعلق بین الصوبائی اغوا کار گروپ سے تھا، جن کی شناخت شہباز، نذیر اور منصور کے ناموں سے ہوئی ہے، ملزمان سے کار بھی برآمد ہوئی۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے کچھ روز قبل شہری کو کراچی سے اغوا کر کے تاوان طلب کیا تھا، ملزمان نے خانیوال میں بھی اغوا برائے تاوان کی واردات کی تھی اور وہ خانیوال سمیت ملتان میں بھی وارداتوں میں ملوث تھے۔

    ادھر کراچی کے علاقے جہانگیر آباد میں بھی ایک پولیس مقابلے میں ایک زخمی سمیت 6 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں، پولیس حکام کے مطابق ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر دیے گئے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان میں دانش، سرفراز، سمیر، محمد، زوہیب اور عمیر شامل ہیں، ملزمان نے کیش وین لوٹنے کے دوران سیکیورٹی گارڈ کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کر لیا ہے، یہ ملزمان متعدد وارداتوں میں ملوث تھے اور مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔

  • کراچی میں اسٹریٹ کرائم : 5ماہ کے دوران جرائم کی شرح میں ہوشربا اضافہ

    کراچی میں اسٹریٹ کرائم : 5ماہ کے دوران جرائم کی شرح میں ہوشربا اضافہ

    کراچی : شہرقائد میں ڈاکوؤں کا راج جاری ہے جب کہ شہری حسب روایت بے یارومددگار ہیں، ڈاکو واردات کیلئے کھلے عام اسلحے استعمال کرنے لگے، پولیس وارداتیں روکنے میں ناکام ہے۔

    اس حوالے سے سی پی ایل سی نے رپورٹ جاری کی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی یومیہ وارداتوں کی شرح235ہوگئی

    سی پی ایل سی کی رپورٹ میں گزشتہ 5ماہ کے دوران رپورٹ ہونے والی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا ریکارڈ سامنے آگیا۔

    جنوری تا مئی شہریوں کو22ہزار666موٹرسائیکلوں سے محروم کیا گیا جبکہ 5ماہ کے دوران کراچی والوں سے11ہزار890موبائل فونز چھینے گئے۔

    سی پی ایل سی کی رپورٹ کے مطابق اسلحے کے زور پر شہریوں کی71گاڑیاں چھینی اور914چوری کرلی گئیں، اسلحے کے زور پر کراچی والوں سے مئی میں383موٹرسائیکلیں چھینی گئیں۔

  • کراچی میں چوری کی موٹرسائیکل دے کر منشیات خریدنے کا انکشاف

    کراچی میں چوری کی موٹرسائیکل دے کر منشیات خریدنے کا انکشاف

    کراچی : چوری کی موٹرسائیکل دے کر منشیات خریدنے کا انکشاف سامنے آیا، اے وی ایل سی نے منشیات اڈے پر چھاپے میں 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اے وی ایل سی نے منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔

    ایس ایس پی طارق نواز نے بتایا کہ پاک کالونی میں منشیات اڈے پر چھاپے میں 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

    طارق نواز کا کہنا تھا کہ موٹرسائیکل پروارداتوں میں اضافے پر منشیات اڈوں پر آپریشن شروع کیاگیا ، منشیات اڈے والے چوری کی موٹر سائیکل کے بدلے منشیات دیتے ہیں۔

    ایس ایس پی نے کہا کہ چھاپے میں 20 موٹر سائیکلیں ، منشیات ،بلٹ پروف جیکٹ اور اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔

    حکام نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے 5اسنائپر گن بھی ملی ہیں ، گرفتار ملزم گل احمد عرف وحشی پولیس مقابلے اور قتل کیسزمیں مفرور ہے۔

  • کراچی دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی کے علاقے کھارادر میں میمن مسجد کے قریب ہونے والے دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کھارادر میں موٹرسائیکل میں نصب دھماکا خیز مواد پھٹنے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ 11 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ دھماکہ میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ دھماکہ میں 4 سے 5 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، دھماکا خیز مواد کمرشل تھا، جس میں بال بیئرنگز بھی استعمال کیے گئے۔

    بی ڈی ایس رپورٹ کے مطابق دھماکا ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا، جبکہ تخریب کاری کا طریقہ کار صدر دھماکے والا ہی تھا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو موٹرسائیکل سوار گزرتے ہیں ، جس کے بعد دھماکہ ہوتا ہے اور مارکیٹ میں بھگدڑ مچ جاتی ہے۔

  • کراچی میں سوشل میڈیا پر مشہور ہونا پولیس اہلکار کو مہنگا پڑ‌ گیا

    کراچی میں سوشل میڈیا پر مشہور ہونا پولیس اہلکار کو مہنگا پڑ‌ گیا

    کراچی میں‌ ٹک ٹاکر پولیس اہلکار کو ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں‌ گرفتار کرلیا گیا.

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں‌ ٹک ٹاکر پولیس اہلکار کی ہوائی فائرنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا.

    ذرائع کے مطابق پولیس اہلکار ایف بی انڈسٹریل ایریا میں‌ تعینات تھا اور اس نے ناظم آباد پولیس کوارٹر کے قریب فائرنگ کی تھی.

    پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ چھ ماہ قبل کی تھی اور اپنی فائرنگ کرنے کی ویڈیو ٹک ٹاک پر اپ لوڈ‌ کرتا تھا.

    واضح رہے کہ ہوائی فائرنگ کرنا قانونا جرم ہے جس کے نتیجے میں کسی بے گناہ شہری کی جان بھی جاسکتی ہے،اس کے علاوہ ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے جنون میں مبتلا درجنوں افراد زندگی کی بازی ہارچکے ہیں۔

    اس سے قبل بھی ایک نوجوان ٹک ٹاکر ویڈیو بناتے ہوئے پیر پھسلنے کے باعث زندگی کی بازی ہار گیا تھا جبکہ ایک شخص ٹرین کی زد میں آکر جان گنوا بیٹھا تھا۔