Author: کامل عارف

  • کسٹم کی تحویل میں موجود 70 نایاب نسل کے باز مر گئے

    کسٹم کی تحویل میں موجود 70 نایاب نسل کے باز مر گئے

    کراچی میں کسٹم کی تحویل میں موجود 70 نایاب نسل کے باز مر گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں کسٹم کی تحویل میں موجود 70 نایاب نسل کے باز مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے سبب مر گئے، ایک سال پہلے کسٹم نے کراچی کے علاقے گزری سے 75 باز برآمد کیے تھے۔

    کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ مردہ بازوں کو عدالتی پراپرٹی کے طور پر فریج میں رکھ دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق کسٹم عدالت نے کیس وائلڈ لائف کا قرار دے دیا تھا، کسٹم کسٹڈی میں موجود 75 میں سے 70 باز مرگئے ہیں، چار ماہ سے مردہ باز کسٹم کی تحویل میں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹم حکام کی تحویل میں موجود 5 بازوں کی حالت بھی خراب ہے اور وہ بیمار ہیں لیکن کسٹم حکام نے کیس پراپرٹی ہونے کی وجہ سے انہیں سنبھال کر رکھا ہوا ہے۔

    کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ بازوں کی دیکھ بال ایک این جی او کے سپرد کی گئی تھی لیکن دیکھ بھال نہ ہونے اور بیماری لگنے کی وجہ سے یہ باز مر گئے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ خلیجی ممالک میں ایک پاکستانی باز 20 لاکھ روپے کا ہے جبکہ ستر بازوں کی قیمت 21 کروڑ کے لگ بھگ بنتی ہے۔

  • شاہ رخ کے قتل میں ’ملوث پولیس اہلکار‘ نے خودکشی کرلی

    شاہ رخ کے قتل میں ’ملوث پولیس اہلکار‘ نے خودکشی کرلی

    کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پولیس اہلکار نے خودکشی کرلی، اہلکار کشمیر روڈ پر قتل کیے گئے شاہ رخ کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پولیس اہلکار فرزند نے گرفتاری کے ڈر سے گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا، خودکشی کرنے والا اہلکار کشمیر روڈ پر دو روز قبل شاہ رخ کے قتل میں ملوث تھا۔

    ذرائع کے مطابق اہلکار کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کیا گیا تھا، ایس آئی یو پولیس نے پولیس اہلکار کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار نے اہلکاروں کو دیکھ کر خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا، اہلکار کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی کے علاقے کشمیر روڈ میں شاہ رخ کو ڈکیتی مزاحمت پر ماں اور بہن کے سامنے قتل کردیا گیا تھا۔

    مقتول نے گھر کی دہلیز پر ڈاکو کو ماں کے زیورات چھینتے دیکھا تو وہ ڈاکو پر لپکا جس پر ڈاکو نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا تھا۔

    شاہ رخ کے بھائی نے بتایا تھا کہ فائرنگ سے شاہ رخ زخمی ہوا تو کسی نے اسپتال پہنچانے میں مدد نہیں کی۔

    بھائی نے بتایا تھا کہ شاہ رخ کی کسی سے دشمنی نہیں تھی ہنستا کھیلتا میرا بھائی دنیا سے چلا گیا، گارڈ بھی یہاں بیٹھا لیکن تماشہ دیکھتا رہا۔

  • کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شخص قتل

    کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شخص قتل

    کراچی کے علاقے جمالی پل کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری پر گولیاں برسا دی گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے جمالی پل کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا۔

    ڈاکوؤں کی فائرنگ کی زد میں آخر ایک شہری زخمی بھی ہوا، سیکیورٹی گارڈ کی لاش اور زخمی شہری اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی جس میں ملزمان کو پیٹرول پمپ پر لوٹ مار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

     

    ادھر گلشن معمار احسن آباد میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق شخص کو پانچ گولیاں ماری گئیں، شبہ ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے، واقعے کی تححقیقات کررہے ہیں۔

    دو روز قبل ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہرمیں ڈکیتی کی وارداتوں کا نوٹس لیا تھا، ڈکیتی واقعات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں لیکن پھر بھی وارداتوں میں کمی نہ آسکی۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ماں کے سامنے بیٹا قتل

    ایڈیشل آئی جی نے پولیس کو تمام وسائل بروئے کار لاکر ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا، تمام فیلڈ آفیسرز کو ازخود پولیس پیٹرولنگ کو مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

    انہوں نے پولیس کاگشت بڑھانے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئےاقدامات کرنے کے احکامات صادر کیے تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ سچل میں شہری کو قتل کرنے والے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، حالیہ واقعات میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

  • شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کا  جیل کے بجائے نجی اسپتال میں رہائش پذیر ہونے کا انکشاف

    شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کا جیل کے بجائے نجی اسپتال میں رہائش پذیر ہونے کا انکشاف

    کراچی : شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کا جیل کے بجائے نجی اسپتال میں رہائش پذیر ہونے کا انکشاف سامنے آیا، نجی اسپتال شاہ رخ جتوئی کی رہائش کے لیے ایک بنگلے میں بنایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی جیل کے نجی اسپتال میں رہائش پذیر ہونے کا انکشاف ہوا ، سینٹرل جیل سے شاہ رخ جتوئی کو کافی عرصے قبل اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال کی بنیاد شاہ رخ جتوئی کے والد نے رکھی تھی اور نجی اسپتال شاہ رخ جتوئی کی رہائش کے لیے ایک بنگلے میں بنایا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق شاہ رخ جتوئی اسپتال کی پہلی منزل پر تمام سہولتوں کے ساتھ رہائش پذیر ہے، جہاں ان کے دوست بھی ملنے آتے ہیں جبکہ شاہ رخ جتوئی کی سیکورٹی کے لئیے الگ سے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ پچیس دسمبر 2012 کو مقتول شاہ زیب خان کی بہن کے ساتھ شاہ رخ جتوئی اور اور اس کے دوست غلام مرتضیٰ لاشاری کی جانب سے بدسلوکی کی گئی جس پر شاہ زیب مشتعل ہو کر ملزمان سے بھڑگیا تھا، موقع کے وقت معاملے کو رفع دفع کردیا گیا تاہم شاہ رخ جتوئی نے دوستوں کے ساتھ شاہ زیب کی گاڑی پر فائرنگ کر کے اسے قتل کردیا تھا۔

    واقعے کے بعدشاہ رخ دبئی فرار ہوگیا۔ تفتیش سست روی کا شکار رہی، بالآخرمجرم گرفتار ہوا اور مقدمہ انسداد دہشت گردی عدالت میں چلا۔

    سات جون دو ہزار تیرہ کو قتل کا جرم ثابت ہونے پر شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کو سزائے موت جبکہ سجاد تالپور اور غلام مرتضیٰ لاشاری کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

    بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس میں شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا تھا جبکہ دوملزمان سجاد تالپوراورغلام مرتضیٰ کی عمر قید کی سزا برقرار رکھی تھی۔

  • پاکستان میں کرپٹو کرنسی کے ذریعے 10کروڑ ڈالر کا آن لائن فراڈ، ایف آئی اے  کا بڑا ایکشن

    پاکستان میں کرپٹو کرنسی کے ذریعے 10کروڑ ڈالر کا آن لائن فراڈ، ایف آئی اے کا بڑا ایکشن

    کراچی : پاکستان میں آئن لائن اپیلکیشن کے ذریعے 10 کروڑ ڈالر کے فراڈ پر کرپٹو کرنسی ایکسچینج کمپنی کو پہلی بار نوٹس جاری کردئیے گئے، کرپٹو کرنسی کی آڑ میں پاکستانی شہریوں سے 18 ارب سے زائد روپے کے فراڈ کا انکشاف ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم نے پاکستان میں آن لائن دس کروڑ ڈالر کے فراڈ پر ایکشن لیتے ہوئے کرپٹو کرنسی ایکسچینج کو نوٹس جاری کردیا۔
    .
    ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کے سربراہ عمران ریاض نے بتایا فراڈ کرنے والوں نے رقم کرپٹو کرنسی کے زریعے بیرون ملک منتقل کی ، اس حوالے سے ایف آئی اے سائبر کرائم کو 9 آن لائن اپلیکیشن کے زریعے اربوں روپے فراڈ کرنے کی شکایات ملیں۔

    عمران ریاض کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں سے اربوں روپے کا فراڈ آن لائن ایپلی کیشنز کے ذریعے کیا گیا اور یہ آن لائن ایپلی کیشنز کرپٹو کرنسی کی عالمی ایکسچینج بائینانس سے جڑی تھیں۔

    ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے بائینانس کے پاکستان میں جنرل منیجر کو نوٹس جاری کر دیا ہے، اس کے علاوہ ایف آئی اے نے امریکا اور کے مین آئی لینڈ میں بائینانس کے ہیڈکوارٹرز کو بھی نوٹسز بھیجے ہیں۔

    ایف آئی اے کی جانب سے بھیجے گئے نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر کرپٹو کرنسی سے ٹیرر فنانسنگ اور منی لانڈرنگ بھی ہو رہی تھی، پاکستان میں 11 موبائل فون ایپلی کیشنز بائینانس سے رجسٹرڈ تھیں،۔ جن کے ذریعے فراڈ ہوا۔

    سربراہ ایف آئی اے سائبر کرائم نے بتایا 11 موبائل فون ایپلی کیشنز دسمبر میں اچانک بند ہو گئیں، جن پر ہزاروں پاکستانی رجسٹرڈ تھے، ان ہزاروں پاکستانیوں نے ان ایپلی کیشنز پر اربوں روپے لگا رکھے تھے۔

    عمران ریاض کا کہنا تھا کہ ایپلی کیشنز کے ذریعے ابتدا میں ورچوئل کرنسیز میں کاروبار کی سہولت دی جاتی تھی، بٹ کوائن، ایتھرام، ڈوج کوائن وغیرہ میں سرمایہ کاری بائینانس کے ذریعے ظاہر کی جاتی تھی جبکہ ایپلی کیشنز کے ٹیلی گرام اکاوٴنٹ پر ماہرین کرپٹو کرنسی پر جوا بھی کھلاتے تھے۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ ایک ایپلی کیشن پر 5 سے 30 ہزار کسٹمر اور سرمایہ کاری 100 سے 80 ہزار ڈالر تھی، ایپلی کیشنز کے ذریعے عوام کو مزید افراد کو لانے پر بھاری منافع کا لالچ دیا جاتا تھا۔

    سربراہ سائبر کرائم ونگ نے کہا کہ ایف آئی اے کو بائینانس کے 26 مشتبہ بلاک چین والٹ ملے، جن پر رقوم ٹرانسفر ہوئیں، بینانس نامی کرپٹو کرنسی ایکسچینج سے ایف آئی اے سائبر کرائم سے تمام افراد کا ریکارڈ طلب کیا ہے اور کہا ہے کہ جن افراد نے فراڈ کیا ان کی کرنسی کو بلاک کیا جائے۔

    عمران ریاض کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے پاکستان سے بائینانس کے ذریعے ہونے والی ٹرانزیکشن کی چھان بین کر رہی ہے، بائینانس ٹیرر فائنانسنگ اور منی لانڈرنگ کے لیے آسان راستہ ہے، امید ہے بائینانس ان مالی جرائم کی تحقیقات میں پاکستان سے تعاون کرے گا۔

  • جامعہ کراچی کے طلبا کو بلیک میل اور ہراساں کرنے والے 2 ملزمان گرفتار

    جامعہ کراچی کے طلبا کو بلیک میل اور ہراساں کرنے والے 2 ملزمان گرفتار

    کراچی : ایف آئی اے سائبر کرائم نے جامعہ کراچی کے طلبا کو بلیک میل اور ہراساں کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم نے کارروائی کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے طلبا کو بلیک میل کرنے اور ہراساں کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اےسائبرکرائم کا کہنا ہے کہ ملزمان چھپ کر طلبا کی ویڈیوز بناتے تھے، تفتیش کرنے پر ملزمان 7 جوڑوں کی بلیک میلنگ میں ملوث نکلے۔

    حکام نے بتایا کہ صرف ایک خاتون نےشکایت درج کرائی اور دیگر نے کارروائی سے انکار کردیا، خاتون کا کہنا تھا کہ مبینہ افراد کی طرف سے ذاتی طور پر ملنے یا تاوان ادا کرنے پر مجبور کیا گیا اور سنگین نتائج کی دھکیاں دی گئیں۔

    گرفتار ملزمان میں ایک رکشہ ڈرائیور اور یونیورسٹی ملازم کا ڈرائیور شامل ہیں۔

  • سندھ پولیس کے اہم ڈی آئی جیز کا دوسرے صوبوں میں تبادلہ

    سندھ پولیس کے اہم ڈی آئی جیز کا دوسرے صوبوں میں تبادلہ

    سندھ پولیس کے تمام اہم ڈی آئی جیز کا دوسرے صوبوں میں تبادلہ کر دیا گیا۔ تبادلہ کیے گئے تمام ڈی آئی جیز ‏اہم عہدوں پر تعینات تھے۔

    مقصوداحمدکی خدمات پنجاب حکومت کےحوالےکردی گئیں۔ مقصوداحمدکئی سال سےاسپیشل سیکیورٹی یونٹ ‏کی سربراہی کررہےتھے۔

    نعیم احمدشیخ کی خدمات بھی پنجاب حکومت کےحوالےکردی گئیں وہ بطور ڈی آئی جی اسپیشل برانچ خدمات ‏انجام دے رہےتھے۔

    ثاقب اسماعیل میمن کی خدمات خیبرپختونخواحکومت کےسپرد کی گئی ہیں وہ بطور ڈی آئی جی ایسٹ خدمات ‏انجام دے رہےتھے۔

    ڈی آئی جی نعمان صدیقی کا تبادلہ بھی خیبرپختونخوا کیا گیا ہے نعمان صدیقی ڈی آئی جی سی آئی اے کے طور ‏پر خدمات انجام دےرہےتھے۔

    جاویداکبر ریاض کا پنجاب اور عبداللہ شیخ کاتبادلہ خیبرپختونخوا کیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی جاوید اکبر ریاض بطور ‏ڈی آئی جی ساؤتھ تعینات تھے۔

    ڈی آئی جی عمرشاہدحامدکا تبادلہ بلوچستان کر دیا گیا جو آئی جی سی ٹی ڈی خدمات انجام دے رہےتھے۔

  • لٹیرے نے خاتون سے سونے کی چین چھین لی، فوٹیج سامنے آ گئی

    لٹیرے نے خاتون سے سونے کی چین چھین لی، فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں لٹیرے نے خاتون سے سونے کی چین چھین لی، اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ایک خاتون کو لٹیرے نے ان کے گھر کے دروازے پر لوٹ لیا، خاتون نے مزاحمت بھی کی لیکن ڈاکو نے کچھ ہی دیر میں ان کے گلے سے سونے کی چین چھین لی۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گھر کے گیٹ پر لٹیرے نے اچانک خاتون پر حملہ کیا اور ان کے گلے سے سونے کی چین کھینچنے کی کوشش کی۔

    تاہم اچانک حملے سے گھبرائی ہوئی خاتون نے فوراً مزاحمت شروع کر دی، اور چین بچانے کی کوشش میں وہ سڑک پر آ گئیں، چھینا جھپٹی میں ان سے موبائل فون بھی گر گیا۔

    فوٹیج کے مطابق اسٹریٹ کرائم کی یہ واردات دو لٹیروں نے کی، جو موٹر سائیکل پر سوار ہو کر آئے تھے، خاتون سے سونے کی چین چھیننے کے بعد دونوں لٹیرے موٹر سائیکل پر ان کے سامنے فرار ہو گئے۔

    ڈاکو نے مزاحمت پر خاتون پر تشدد بھی کیا، بھاگنے پر خاتون نے ان کے پیچھے شور بھی مچایا لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

  • کراچی میں گھر کی کھڑکی سے منشیات فروشی کا انکشاف، ویڈیو وائرل

    کراچی میں گھر کی کھڑکی سے منشیات فروشی کا انکشاف، ویڈیو وائرل

    کراچی کے علاقے جہانگیر روڈ پر ایک گھر کی کھڑکی سے ہول سیل اور ریٹیل ریٹ پر منشیات فروش ہونے لگی۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ایک طرف کو پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس عمران یعقوب روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ بھی طلب کرتے ہیں۔

    دوسری جانب کراچی میں جہانگیر روڈ کے علاقے بلوچ پاڑا میں کھلے عام گھر کی کھڑکی سے منشیات فروش ہورہی ہے اور لوگ کریمی مسجد کے قریب لائن لگاکر منشیات حاصل کررہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات و ویڈیوز کے مطابق بلوچ پاڑا منشیات فروشی کا گڑھ بن چکا ہے، جہاں چھوٹا بابا لاڈلہ اور فہیمدہ نامی خاتون گھر کی کھڑکی سے ہول سیل اور ریٹیل ریٹ پر منشیات فروش کرتی ہیں۔

    منشیات فروشی کی ویڈیوز وائرل ہونے کے باوجود پولیس نے بلوچ پاڑا کے منشیات فروشوں کے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔

  • راؤ انوار نے اربوں روپوں کے اثاثے کیسے بنائے؟ نیب کا بڑا قدم

    راؤ انوار نے اربوں روپوں کے اثاثے کیسے بنائے؟ نیب کا بڑا قدم

    کراچی: سابق ایس ایس پی راؤ انوار نے اربوں روپوں کے اثاثے کیسے بنائے؟ نیب نے ان کے خلاف جاری انکوائری کو تحقیقات میں بدلنے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق آج نیب کراچی ریجنل بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں 3 انکوائریز کو تفتیش میں تبدیل کرنے کی سفارش منظور کی گئی، جب کہ ایک انکوائری کو تحقیقات میں بدلنے کی منظوری دی گئی۔

    نیب نے سابق ایس ایس پی راؤ انوار کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی، 9 بینک اکاؤنٹس کو منجمد کرنے کی بھی منظوری دی گئی، ان تمام کیسز میں اربوں روپے کی رقم خورد برد کی گئی۔

    نیب کا کہنا ہے کہ سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے جمع کرنے کا الزام ہے، نیب نے اس الزام کو تحقیقات میں تبدیل کرنے کی منظوری دی، ریکارڈ کے مطابق ملزم نے اربوں روپے سے زائد کے اثاثے جمع کیے۔

    دوسری طرف اجلاس میں این آئی سی وی ڈی افسران اور دیگر کے خلاف انکوائری تحقیقات میں تبدیلی کی سفارش سامنے آئی، جس میں کہا گیا کہ اس کیس میں غیر قانونی تقرریوں اور کروڑوں کے غیر قانونی الاؤنس دیے گئے ہیں، افسران، عہدے داروں نے طبی آلات کی خریداری میں بے ضابطگیاں کیں۔

    نیب کے مطابق ڈاکٹر احسان اور شاہد یوسف کے خلاف انکوائری تحقیقات میں تبدیل کرنے کی سفارش کی گئی ہے، ان ملزمان نے کرپشن کے ذریعے خزانے کو 325 کروڑ کا نقصان پہنچایا۔