Author: لئیق الرحمن

  • فیلڈ مارشل کا پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، سکھ برادری سے ملاقات

    فیلڈ مارشل کا پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، سکھ برادری سے ملاقات

    راولپنڈی (29 اگست 2025): فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور سکھ برادری سے ملاقات کی۔

    فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں سول انتظامیہ اور فوجی جوانوں کی مشترکہ و انتھک کوششوں کو سراہا۔

    سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مشکل حالات میں عوام کی خدمت اور جان و مال کو محفوظ بنانے کیلیے اٹھائے گئے اقدامات لائقِ تحسین ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: پاک فوج بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    انہوں نے سیلاب سے متاثرہ سکھ برادری سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے یقین دلایا کہ ریاست اقلیتوں اور ان کے مذہبی مقامات کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کرے گی۔

    فیلڈ مارشل نے اعلان کیا کہ سیلاب سے متاثرہ تمام مذہبی مقامات، بشمول گوردوارہ دربار صاحب کرتاپور، کو اصل حالت میں ترجیحی بنیادوں پر بحال کیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ریاست اور ادارے اقلیتوں کے حقوق کے نگہبان ہیں اور ان کے مقدس مقامات کے تحفظ کیلیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

    سکھ برادری نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا اور اس مشکل وقت میں سول انتظامیہ اور پاک فوج کی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔

    آرمی چیف نے گوردوارہ دربار صاحب کرتاپور کا فضائی جائزہ بھی لیا تاکہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا براہ راست معائنہ کیا جا سکے۔

    بعدازاں، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سول انتظامیہ کے نمائندوں سے ملاقات کی اور ان کے بروقت ردعمل اور اقدامات کی تعریف کی جس سے جانی اور مالی نقصان کم سے کم ہوا۔

    جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ان کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قوم مشکل کی اس گھڑی میں اپنی فوج کو اپنے ساتھ کھڑا پائے گی۔

    دورے کے موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کور کمانڈر گوجرانوالہ نے کیا۔

  • پنجاب میں پاک فوج سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لئے مصروف

    پنجاب میں پاک فوج سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لئے مصروف

    (27 اگست 2025): پنجاب کے متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر پنجاب کے 6 اضلاع میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاک فوج مصروف عمل ہے۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پنجاب کے چھ اضلاع میں پاک فوج کل رات سے سیلابی صورت حال سے نبٹنے کے لئے مصروف عمل ہے۔

    سیکورٹی ذرائع کے مطابق لاہور، فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، سیالکوٹ اور نارووال اضلاع میں پاک فوج کل رات سے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کر رہی ہے، پاک فوج اس مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ ہے، سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ اضلاع  میں پاک فوج گزشتہ رات سے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کررہی ہے۔

    پنجاب کے دریا بپھر گئے، خیمہ بستیاں قائم، مساجد سے اعلانات

    خیال رہے کہ دریائے چناب میں رسول نگر کے قریب بند میں شگاف پڑ گیا، محکمہ آب پاشی کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بند باندھنے کی کوشش کر رہے ہیں، بند باندھنے میں مقامی لوگ بھی انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔

    ہیڈ خانکی روڈ پر برج چیمہ کے قریب دریائے چناب اوور فلو ہو گیا۔ پانی دریا کے کناروں سے نکل کر ہیڈ خانکی روڈ سے دوسری طرف بہنے لگا، ہیڈ خانکی روڈ زیر آب آنے سے متعدد دیہات کا آپس میں رابطہ منقطع ہوگیا۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق کوٹ مومن میں دریائے چناب سے 7 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرنے کا خدشہ ہے، اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ دریائے چناب میں ریلے کے باعث کوٹ مومن کے 41 دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں۔

  • پاک فوج بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    پاک فوج بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    راولپنڈی (23 اگست 2025): فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاک فوج بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

    فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بلوچستان کے علاقے تربت کا دورہ کیا جس کا مقصد خطے میں موجودہ سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینا، ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا معائنہ کرنا اور سول و عسکری اداروں کے درمیان رابطہ و ہم آہنگی کو مزید مستحکم بنانا تھا۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سے چینی وزیر خارجہ کی اہم ملاقات

    فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو سکیورٹی امور، خطے کو درپیش خطرات اور فتنہ الہند کے خلاف کامیاب آپریشنز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں جاری ترقیاتی منصوبوں اور جنوبی بلوچستان میں سماجی و معاشی حالات کو بہتر بنانے کی حکومتی و عسکری کاوشوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    سپہ سالار نے سول انتظامیہ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران اچھی حکمرانی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور عوامی شمولیت پر مبنی پالیسیوں کی ضرورت پر زور دیا۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان آرمی بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور خطے میں امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کیلیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

    فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے سپہ سالار نے ان کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور مادرِ وطن کے دفاع میں غیر متزلزل عزم کو سراہا۔

    انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود فوجی جوانوں نے خطے میں امن و استحکام قائم رکھنے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

    تربت آمد پر کور کمانڈر بلوچستان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

  • خیبر پختوںخوا کے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری

    خیبر پختوںخوا کے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری

    خیبر پختونخوا (17 اگست 2025): فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا میں اس بار بارش قدرتی آفت کے طور پر آئی۔ کلاؤڈ برسٹ، غیر معمولی طوفانی بارشوں، سیلابی ریلوں میں بہہ کر سینکڑوں افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ اس سے کہیں زیادہ زخمی اور درجنوں افراد لاپتہ ہیں۔ بارش سے صوبے میں اربوں روپے مالیت کی عوامی املاک اور سرکاری انفرا اسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے۔

    آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی ہدایت پر کے پی کے سیلاب زادہ علاقوں میں پاک فوج کی جانب سے راشن کی تقسیم جاری ہے اور خراب موسم کے باوجود پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز بونیر، شانگلہ، سوات میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں۔

    آرمی چیف کی ہدایت پر پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز نے خواڑ بانڈہ کے علاقے میں راشن پہنچایا۔ راشن پیکٹوں میں آٹا، چاول، دالیں، ملک پاوڈر، نمک، چائے کی پتی اور کوکنگ آئل شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز دور دراز علاقوں سے زخمیوں کو محفوظ مقام تک بھی پہنچا رہے ہیں۔ فوج کے ڈاکٹرز نے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ لگا لیا ہے اور جہاں مریضوں کا معائنہ اور مفت ادویات دی جا رہی ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پاک فوج نے اپنی ایک روز کی تنخواہ اور ایک روز کا راشن جو تقریباً 600 ٹن سے زائد کا بنتا ہے، وہ سیلاب متاثرین کو دینے کا اعلان کیا تھا۔ پاک فوج سیلاب زدگان کی بحالی تک عوامی خدمت کامشن جاری رکھے گی۔

  • چین میں پاک بحریہ کی تیسری ہنگور کلاس آبدوز پی این ایس ایم مانگرو کی لانچنگ

    چین میں پاک بحریہ کی تیسری ہنگور کلاس آبدوز پی این ایس ایم مانگرو کی لانچنگ

    اسلام آباد : چین میں پاک بحریہ کی تیسری ہنگورکلاس آبدوزپی این ایس ایم مانگروکی لانچنگ کی تقریب ہوئی ، یہ آبدوزیں جدیدہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا پاک بحریہ کی تیسری ہنگور کلاس آبدوز پی این ایس ایم مانگرو (MANGRO)کی لانچنگ کی تقریب ووہان چین میں ووچانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ کمپنی لمیٹڈ شوانگلیو بیس(Wuchang Shipbuilding Industry Group Company Ltd, Shuangliu Base) میں منعقد ہوئی۔

    ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف پراجیکٹ-2، وائس ایڈمرل عبد الصمد اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے خطے میں موجودہ جیو اسٹریٹجک ماحول کے پیشِ نظر میری ٹائم سیکیورٹی کی اہمیت پر زور دیاـ

    انہوں نے اعادہ کیا کہ پاک بحریہ محفوظ اور مشترکہ سمندری ماحول کو فروغ دیتے ہوئے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے۔

    ہنگور کلاس آبدوزوں کا حوالہ دیتے ہوئے وائس ایڈمرل عبد الصمد نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس یہ آبدوزیں خطے میں طاقت کا توازن اورامن و استحکام کو برقرار رکھنے میں اہم ثابت ہوں گی۔

    انہوں نے چائنا شپ بلڈنگ اینڈ آف شور انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ (CSOC) کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے منصوبے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ہنگور کلاس آبدوزوں کا یہ منصوبہ یقینی طور پر پاک چین پائیدار شراکت داری میں ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا۔

    حکومت پاکستان نے چائنا شپ بلڈنگ اینڈ آف شور انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ (CSOC) کے ساتھ آٹھ ہنگور کلاس آبدوزوں کے حصول کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

    معاہدے کے تحت چار آبدوزیں چین میں تعمیر کی جا رہی ہیں جبکہ دیگر چار پاکستان میں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ (KS&EW) میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی (ToT) کے تحت تعمیر کی جائیں گی، یہ آبدوزیں جدیدہتھیاروں اور سینسرز سےلیس ہوں گی جس سےدور تک اہداف کو نشانہ بنایا جا سکے گا۔

    لانچنگ تقریب میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جن میں ووچانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ کمپنی لمیٹڈ اور چائنا شپ بلڈنگ اینڈ آف شور انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ کے نمائندے بھی شامل تھے۔

  • پاک فوج نے ایک دن کی تنخواہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے وقف کردی

    پاک فوج نے ایک دن کی تنخواہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے وقف کردی

    پاک فوج نے ایک دن کی تنخواہ خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے وقف کردی۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر  نے کہا کہ فوج سیلاب متاثرہ عوام کی بحالی میں بھرپور مدد کرے گی، عوام کی مدد کے لیے اضافی فوجی دستے بھی بھیجے جارہے ہیں۔

    پاک فوج نے اپنا ایک دن کا راشن سیلاب متاثرہ عوام کی امداد کے لیے مختص کردیا، پاک فوج کا ایک دن کا راشن تقریباً 600 ٹن سے زیادہ بنتا ہے۔

    فیلڈ مارشل نے کورآف انجینئرز کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں، پلوں کی مرمت کا کام جلد مکمل، جہاں ضروری ہے عارضی پل قائم کیے جائیں۔

    ذرائع کے مطابق آرمی کے نائن یونٹ کے ریسکیو سنیفنگ ڈاگ یونٹ کو بھی سرچ اینڈ ریسکیو کے لیے بھیجا جارہا ہے۔

    آرمی کی خصوصی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بھی فیلڈ مارشل کی ہدایت پر تعینات ہیں، پاک فوج کے ہیلی کاپٹر اور آرمی ایوی ایشن کو پہلے سے ہی متاثرین کی بحالی کے لیے تعینات کردیا گیا تھا۔

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج مشکل کی ہر گھڑی میں خیبرپختونخوا کے بہادر عوام کے ساتھ ہے۔

  • ژوب: فورسز کے آپریشن میں مزید 3 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک، تعداد 50 ہوگئی

    ژوب: فورسز کے آپریشن میں مزید 3 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک، تعداد 50 ہوگئی

    راولپنڈی (12 اگست 2025): سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں جاری آپریشن کے دوران مزید 3 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک کر دیے۔

    فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی سمبازہ اور گردونواح میں 7 اگست سے جاری کامیاب کارروائیاں میں 47 خوارج ہلاک ہوئے تھے۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 10 اور 11 اگست کی درمیانی شب پاک افغان سرحد کے قریب ایک اور کلیئرنس آپریشن کیا گیا جس میں مزید 3 بھارتی اسپانسرڈ خوارج مارے گئے۔

    یہ بھی پڑھیں: ژوب: پاک افغان سرحد سے در اندازی کی کوشش کرنے والے 5 خوارج مارے گئے

    ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد کیا گیا۔ چار روزہ آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج کی کُل تعداد 50 ہو چکی ہے۔

    آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ کارروائیاں پاکستان کی سرحدوں کے تحفظ اور ملک کے استحکام کو یقینی بنانے کیلیے جاری ہیں اور کسی بھی قیمت پر دشمن عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

  • ژوب میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 33 خارجی ہلاک

    ژوب میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 33 خارجی ہلاک

    زوب میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 33 خارجی ہلاک ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف سمبازہ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا اس دوران 33 خارجی ہلاک ہوگئے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کررہے تھے، سیکیورٹی فورسز نے موثر انداز میں دراندازی کی کوشش ناکام بنائی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے ہتھیار، گولیاں اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

    یہ پڑھیں: آئی ای ڈی سے فورسز کی گاڑی ٹکرا گئی، میجر سمیت 3 جوان شہید

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل بلوچستان کے علاقے مستونگ میں فتنہ الہندوستان کی آئی ای ڈی سے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی ٹکرا گئی تھی۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ آئی ای ڈی دھماکے میں میجر محمد رضوان طاہر سمیت 3 فوجی جوان شہید ہو گئے۔ شہدا میں نائیک ابن امین اور لانس نائیک محمد یونس شامل ہیں۔

    سیکیورٹی فورسز کے علاقے میں کلیئرنس آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کے خاتمے کےلیے پُرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

  • باجوڑ میں خارجی آبادی کے درمیان رہ کر دہشتگردانہ کاررائیوں میں ملوث ہیں، سکیورٹی ذرائع

    باجوڑ میں خارجی آبادی کے درمیان رہ کر دہشتگردانہ کاررائیوں میں ملوث ہیں، سکیورٹی ذرائع

    راولپنڈی (8 اگست 2025): سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ زمینی حقائق کے مطابق باجوڑ میں خارجی آبادی کے درمیان رہ کر دہشتگردانہ کاررائیوں میں ملوث ہیں۔

    سکیورٹی ذرائع نے انکشاف کیا کہ باجوڑ میں قبائل اور خارجیوں میں بات چیت پر ابہام پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، خیبر پختونخوا حکومت بشمول وزیر اعلیٰ اور سکیورٹی حکام نے وہاں کے قبائل کے سامنے 3 نکات رکھے جو یہ ہیں:

    • پہلا نکتہ: ان خارجیوں کو جن کی زیادہ تعداد افغانیوں پر مشتمل ہے کو باہر نکالیں
    • دوسرا نکتہ: اگر قبائل خارجیوں کو خود نہیں نکال سکتے تو ایک یا دو دن کیلیے علاقہ خالی کر دیں تاکہ سکیورٹی فورسز ان خارجیوں کو اُن کے انجام تک پہنچا سکیں
    • تیسرا نکتہ: پہلے دو نکات پر کام نہیں کیے جا سکتے تو کولیٹرل ڈیمج سے بچا جائے

    سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی ہر صورت جاری رہے گی، خارجیوں اور ان کے سہولت کاروں کے ساتھ حکومتی سطح پر بات چیت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، تب تک بات چیت نہیں ہو سکتی جب تک وہ ریاست کے سامنے مکمل سر تسلیم خم نہ کر دیں۔

    یہ بھی پڑھیں: خضدار اسکول بس بزدلانہ حملے کی منصوبہ بندی بھارت میں کی گئی، سکیورٹی ذرائع

    ’جاری قبائلی جرگہ منطقی قدم ہے تاکہ کارروائی سے پہلے عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ اسلام، ریاست یا خیبر پختونخوا کے عوام کی اقدار خارجیوں سے کمپرومائز کی اجازت نہیں دیتیں، کسی بھی طرح کی مسلح کارروائی کا اختیار صرف ریاست کے پاس ہے۔‘

  • آئی ای ڈی سے فورسز کی گاڑی ٹکرا گئی، میجر سمیت 3 جوان شہید

    آئی ای ڈی سے فورسز کی گاڑی ٹکرا گئی، میجر سمیت 3 جوان شہید

    بلوچستان کے علاقے مستونگ میں فتنہ الہندوستان کی آئی ای ڈی سے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی ٹکرا گئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آئی ای ڈی دھماکے میں میجر محمد رضوان طاہر سمیت 3 فوجی جوان شہید ہو گئے۔ شہدا میں نائیک ابن امین  اور لانس نائیک محمد یونس شامل ہیں۔

    سیکیورٹی فورسز کے علاقے میں کلیئرنس آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کے خاتمے کےلیے پُرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

    وزیراعظم نے مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید میجر محمد رضوان طاہر، نائیک ابن امین اور لانس نائیک محمدیونس کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

    وزیراعظم نے شہدا کی بلند درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے جب کہ جوابی کارروائی میں فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگردوں کی ہلاکت پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔