راولپنڈی : افواج پاکستان نے بھارت کی جانب سے بھیجے گئے 25 اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز مار گرائے، یہ بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ افواج پاکستان نے اب تک 25اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز مارگرائے، افواج پاکستان نےسافٹ اور ہارڈ کل کی بدولت ڈرونز مارگرائے.
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت کے 7،6مئی کےبزدلانہ حملےمیں 5 جدید طیاروں، ڈرونز اور متعددپوسٹوں کو تباہ کیاگیا، بھارت بوکھلاہٹ میں اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز سے پاکستان پر حملہ کر رہا ہے، یہ بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پربھی بھارت کوبھرپور نقصان ہوااورمزید بھی اٹھا رہا ہے ، پاکستان کے مختلف علاقوں سے اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کا ملبہ اٹھایا جا رہا ہے اور افواج پاکستان دشمن کومنہ توڑ جواب اور اسکے تمام عزائم خاک میں ملا رہی ہیں۔
اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آرنے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ بھارت نے سات اور آٹھ مئی کی درمانی شب پھر دراندازی کی کوشش کی۔ جس پر بھارت کے بارہ ڈرون مار گرائے۔
انھون نے بتایا کہ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اٹک، بہاولپوراورکراچی میں ڈرون حملے کیے،۔ سندھ کےعلاقے میانوں میں ڈرون حملے میں ایک شخص شہید اورایک زخمی ہوا جبکہ لاہورکے قریب ڈرون حملے میں پاک فوج کے چارجوان زخمی ہوئے اور فوجی تنصیبات کومعمولی نقصان پہنچا۔
آزادکشمیر میں لیفٹیننٹ کرنل ظہیرعباس کے شہید بیٹے7 سالہ ارتضیٰ عباس کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی۔ ارتضیٰ عباس آزادکشمیر کے علاقے دوا رانڈی میں بھارتی اشتعال انگیزی میں شہید ہوئے تھے۔
نمازجنازہ میں صدرآصف زرداری، وزیراعظم شہبازشریف، وفاقی وزرا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نویداشرف نے شرکت کی جب کہ حاضرسروس و ریٹائرڈ فوجی افسران، سرکاری حکام اور شہیدکےاہل خانہ بھی شریک ہوئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں، بچوں، خواتین کو نشانہ بنانا بھارتی حکومت کے متکبرانہ رویے کی عکاسی ہے بھارتی اقدامات نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کےلیے بھی خطرہ ہیں، افواج پاکستان بھارتی جارحیت کا ہر محاذ پر جرات مندانہ جواب دےرہی ہیں۔
صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ عالمی قوانین اور انسانی اقدارکی خلاف ورزیاں ناقابل برداشت ہیں۔
صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارت کو سخت جواب دیا جائے گا۔ صدر اور وزیراعظم نے شہدا کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر کی دعا کی۔
لاہور : بھارت کے بزدلانہ حملے کے جواب میں پاک فوج نے سخت کارروائی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی متعدد پوسٹیں تباہ کردی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے بزدلانہ حملے کے بعد لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی بھارتی جارحیت کیخلاف بھرپور جوابی کارروائیاں جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ مندل سیکٹرمیں سری ٹاپ پربھارتی پوسٹ کوپاک فوج نے تباہ کر ڈالا، بھارتی جارحیت کا جواب پاک فوج بھرپور طریقے سے دے رہی ہے، پاک فوج کی گولہ باری کے بعد بھارتی پوسٹ دھویں کی لپیٹ میں ہیں۔
پاک فوج نے چری کوٹ کے بلمقابل جبڑی پوسٹ کو بھی تباہ کیا ، جس سے پوری پوسٹ آگ کی لپیٹ میں آگئی اور بھارتی فوج کے جوان بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
فوٹیج میں پوسٹ کے تباہ ہونے کے بعد دھواں نکلنے کے مناظر بھی دیکھے جا سکتے ہیں، پونچھ سیکٹر میں ہیڈ کوارٹر 93 بریگیڈ کی تباہی کی فوٹیج بھی دیکھی جاسکتی ہے۔
اس سے قبل 12 بریگیڈ اڑی سیکٹر میں بھی بھارتی فوج کو منہ کی کھانی پڑی جبکہ ایل اوسی بٹل سیکٹر میں دشمن کی دھرمسل 1اور 2 پوسٹیں بھی تباہ ہوئیں۔
راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارت نے اپنی فضائی حدود سے میزائل حملہ کیا ہے، اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بزدل دشمن بھارت نے پاکستان پر حملہ کرتے ہوئے 5 شہروں پر میزائل داغے ہیں، میزائل حملوں کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے 5 مقامات کوٹلی، احمد پور شرقیہ، مظفرآباد، باغ اور مریدکے میں حملہ کیا، ان کا کہنا ہے کہ بھارت کی عارضی خوشی کو بہت جلد غم میں بدل دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وقت کا تعین کرکے بھارت کو بھرپور جواب دے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت نے اپنی حدود سے بزدلانہ حملہ کیا، پاکستان کی فضائیہ الرٹ تھی اسی لیے کسی بھارتی جہاز کو حدود میں نہیں آنے دیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق بھارت نے مسجد سبحان اللہ احمد پور شرقیہ بہاولپور، کوٹلی اور مظفر آباد میں میزائل داغے، بھارت نے بلااشتعال اور شرمناک حملے کا پاکستان اپنی مرضی کی جگہ اور وقت پر بھارت کو جواب دے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت نے اپنی فضائی حدود سے پاکستان میں جارحیت کی، بھارتی طیارے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی جرات نہیں کرسکتے تھے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت نے جارحیت تو کردی اب پاکستان کے جواب کا انتظار کرے، بزدل دشمن نے ایک مرتبہ پھر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے شہری علاقوں پر حملے کیے، جن میں کوئی فوجی تنصیب نہیں تھی، جو بزدلی کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول یا انٹرنیشنل بارڈر کے پار حملے کیے جو عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے غیر فوجی اور عوامی آبادی کو نشانہ بنایا گیا، جو جنگی اخلاقیات اور بین الاقوامی قوانین کے صریحاً خلاف ہے
بزدلانہ حملے میں ایک بچی سمیت 8 شہری شہید
ڈی جی آئی ایس پی آر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مجموعی طور پر 6 مقامات پر 24حملے کیے گئے، جس میں 8 پاکستانی شہید، 35 زخمی ہوئے اور 2 افراد لاپتہ ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کوٹلی میں مسجد پر حملہ کیا گیا، 2 پاکستانی شہری شہید ہوئے، جبکہ احمد پور شرقیہ میں12شہری زخمی ہوئے، مساجد پر حملے مودی کے ہندوتوا سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندگان کی رپورٹ کے مطابق مظفرآباد، بہاولپور اور فیصل آباد میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سن کر لوگ گھروں سے باہر نکل آئے، جنگی جہازوں کی گھن گرج سے شہر لرز اٹھے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے بزدلانہ حملے میں ایک بچہ شہید، ایک خاتون اور ایک مرد کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، بھارت نےاندھیرے میں معصوم پاکستانیوں کو بزدلانہ حملے میں ٹارگٹ کیا۔
میدان میں آئیں دو دو ہاتھ کرتے ہیں، وزیردفاع خواجہ آصف
وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت نے میزائل حملے سویلین آبادی پر کیے، بزدلوں نے چھپ کر وار کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ میدان میں آئیں پھر دو دو ہاتھ کرتے ہیں، بزدلوں نے اپنے گھر سے نکلنےکی ہمت نہیں کی، بھارت نے جس طرح حملہ کیا اس سے بڑھ کرجواب دیں گے۔
بھارت کا حملہ : پاکستانی فضائی حدود میں پروازوں کا رخ تبدیل
کراچی : بھارتی حملوں کے بعد پاکستان کی فضائی حدود میں موجود پروازوں کا رخ تبدیل کردیا گیا، لاہور اور اسلام آباد کے ایئر پورٹس بند کردیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ذرائع پی اے اے کا کہنا ہے کہ بھارتی میزائل حملے کے بعد کراچی کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کیلئے کھلی ہے۔
ذرائع پی اے اے کے مطابق بھارتی حملوں کے بعد پاکستان کی فضائی حدود میں موجود پروازوں کا رخ تبدیل کردیا گیا ہے۔
جدہ سے اسلام آباد جانے والی سعودی ایئرلائن کی پرواز کا رخ کراچی کی جانب موڑ دیا گیا جبکہ جدہ سے لاہور جانے والی سعودی پرواز کا رخ بھی کراچی کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ابوظہبی سے دہلی جانے والی پرواز جو پاکستانی فضائی حدود میں تھی اس کا رخ بھی موڑ دیا گیا، تازہ اطلاعات کے مطابق پرواز ابھی کراچی کے اوپر پروازکر رہی ہے، اس بات کا قوی امکان ہے کہ یہ واپس ابوظہبی چلی جائے۔
لاہور اور اسلام آباد ائیرپورٹس بند، پروازیں واپس
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور اور اسلام آباد ائیرپورٹس کو بند کردیا گیا، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد ائیر پورٹ لینڈ کرنے والی پروازیں واپس بھیج دی گئیں، بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب، دبئی، قطر اور دیگرممالک سے آنے والی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا، ایئرپورٹس پر ہائی الرٹ کردیا گیا، پاکستان کی فضائی حدود اوور فلائنگ کیلئے بند کردی گئی۔
دوسری جانب امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے پاکستان میں 9 حملے کیے ہیں۔
پی آئی اے نے تمام پروازیں منسوخ کردیں
بھارت کی جانب سے کیے جانے والے میزائل حملوں کے بعد پی آئی اے نے تمام پروازیں منسوخ کرتے ہوئے مسافروں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے 12 گھنٹے کیلئے تمام پروازیں منسوخ کی ہیں، مسافر پی آئی اے کے کال سینٹرز سے رابطے میں رہیں، مسافروں کو صورتحال سے آگاہ کیا جاتا رہے گا۔
دفتر خارجہ کا بھارتی حملوں پر شدید ردعمل
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت نے بلااشتعال اور کھلی جارحیت کا مظاہرہ کیا جس کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
بھارت نےاسٹینڈ آف ہتھیار استعمال کرکے پاکستان کی خودمختاری کو نشانہ بنایا، مریدکے، بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا، بھارتی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت کئی معصوم شہری شہید ہوئے۔
یہ حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر،عالمی قانون، ریاستوں کے درمیان اصولوں کی خلاف ورزی ہے، پہلگام حملے کے بعد بھارت نے ایک بار پھر دہشت گردی کا بہانہ بنا کر جھوٹا بیانیہ پیش کیا۔
بھارتی قیادت نے مظلومیت کا ڈھونگ رچاکرخطے کی سلامتی کو داؤ پر لگادیا، بھارت کا غیرذمہ دارانہ اقدام ایٹمی طاقتوں میں شدید تنازع کا باعث بن سکتا ہے۔
پاک بھارت کشیدگی کا آغاز کیسے ہوا ؟
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اپریل کی 22 تاریخ کو مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں نامعلوم افراد کی جانب سے 26 افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک اور متعدد کو زخمی کیا گیا تھا۔
واقعے کے فوری بعد ہی ہندو انتہا پسند مودی حکومت نے بغیر کسی ثبوت کے اس کا الزام پاکستان پر عائد کردیا اور واقعے کو بنیاد بنا کر پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے اور پاکستان کا پانی بند کرنے کا اعلان کیا۔
دوسری جانب پاکستان نے بھی سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا بھارتی یکطرفہ اعلان مسترد کرتے ہوئے پاکستان کی فضائی اور سمندری حدود بھارت کیلیے بند کردیں۔
فورسز کی گاڑی بلوچستان میں مچھ کے علاقے میں آئی ای ڈی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں سات جوان شہید ہو گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کی گاڑی بلوچستان میں مچھ کے علاقے میں دہشتگردوں کی جانب سے نصب ایک آئی ای ڈی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں سات جوان شہید ہو گئے ہیں۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دہشتگردی کو ختم کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے اور یہ آئی ای ڈی بھارتی پراکسی کالعدم بی ایل اے نے نصب کر رکھی تھی۔
شہید ہونے والوں میں صوبیدار عمر فاروق، نائیک آصف خان، نائیک مشکور علی، سپاہی طارق نواز، سپاہی واجد احمد، سپاہی محمد عاصم اور سپاہی محمد کاشف خان شامل ہیں
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس گھناؤنے اور بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور بلوچستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا جائے گا۔
جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن اور استحکام کے لیے پر عزم ہیں۔ بہادر نوجوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
ترجمان آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستانی سرزمین پر بھارت اور اس کی پراکسیز کے مذموم عزائم کو شکست دیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور سروسز چیفس بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
حکام نے وزیراعظم کو بھارت کے جارحانہ اقدامات کے تناظر میں روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے تیاریوں سے آگاہ کیا۔
بریفنگ کے شرکا نے روایتی خطرات کیخلاف دفاع وطن کیلیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ قوم کی حمایت سے تمام ریاستی ادارے ملکی سلامتی اور وقار کے تحفظ کیلیے مکمل تیار ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور علاقائی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کو روکنے کے لیے آپریشنل تیاریوں کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 8 خوارج مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر خیبرپخٹونخوا کے مختلف علاقوں میں آپریشنز کیے جس کے نتیجے میں 8 خوارج ہلاک ہوگئے۔
شمالی وزیرستان کے علاقے میں میر علی میں 3 خوارج مارے گئے، جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جس میں 2 خوارج ہلاک ہوئے۔
جنوبی وزیرستان میں خوارج سے مقابلے میں نائیک مجاہد خان شہید ہوئے، خیبر اور بنوں میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج میں جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں 3 خوارج مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک خوارج سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک خوارج علاقے میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں، شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، علاقے میں کسی ممکنہ خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز کیے گئے،
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کو پوری قوم کے اتحاد سے ہی شکست دی جاسکتی ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے جی ایچ کیو میں ملاقات ہوئی جس میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے شرکت کی۔
ورکشاپ کا مقصد مستقبل کی قیادت کو قومی و صوبائی امور سے روشناس کرانا ہے جس کا اختتام سوال و جواب کے سیشن کے ساتھ ہوا۔
آرمی چیف نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی پر مسلسل توجہ دے رہی ہے، بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، کئی ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات بلوچستان کے عوام کو ملنا شروع ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں میں شعور اجاگر کرنے پر سول سوسائٹی کا کردار قابل تحسین ہے، بلوچستان کے نوجوان ترقی کے عمل میں اپنا کردار ادا کریں، بلوچستان میں جاری اقدامات کے حوالے سے غلط بیانی کے تاثر کو ختم کرنا ہوگا۔
پاک فوج کے سپہ سالار نے کہا کہ بیرونی پشت پناہی سے چلنے والی دہشت گردی بلوچستان کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے، دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، غیر ملکی اسپانسرڈ دہشت گردی صوبے کی سیکیورٹی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ بلوچ سناخت کے نام پر دہشت گردی پھیلانے والے عناصر بلوچ کی بدنامی کا سبب ہے، پاکستان کا امن کا عزم برقرار ہے لیکن خود مختاری پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، افواج، ادارے عوام کی حمیات سے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
راولپنڈی : پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے ‘فتح میزائل’ کا کامیاب تجربہ کرلیا، میزائل 120 کلومیٹر تک اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے فتح سیریز کے میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کرلیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ زمین سے زمین تک مار کرنے والا فتح میزائل 120 کلومیٹر تک اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ میزائل کا تجربہ انڈس مشقوں کے دوران کیاگیا، میزائل کے آپریشنل اورٹیکنیکل امور سمیت نیوی گیشن سسٹم کا مشاہدہ کیا گیا۔
فتح میزائل کے تجربے کا مقصد جوانوں کی آپریشنل تیاری کو یقینی بنانا اور میزائل کے جدید نیوی گیشن سسٹم اور درستگی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت سمیت اہم تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق کرنا تھا۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تربیتی تجربے کا مشاہدہ پاک فوج کے سینئر افسران کے ساتھ ساتھ پاکستان کے اسٹریٹجک اداروں کے افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی سٹاف نے حصہ لینے والے فوجیوں، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی، انہوں نے پاکستان کی علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تکنیکی مہارت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج علاقائی سالمیت کیخلاف کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
یاد رہے ہفتے کے روز پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا، میزائل کی رینج 450 کلومیٹر تھی۔