Author: لئیق الرحمن

  • پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی کواڈ کاپٹر کو مار گرایا

    پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی کواڈ کاپٹر کو مار گرایا

    راولپنڈی : پاک فوج نے لائن آف کنٹرول ( ایل او سی) پر بھارتی کواڈ کاپٹر کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کو ناکام بناتے ہوئے مار گرایا، بھمبر کے مناور سیکٹر میں دشمن نےکواڈکاپٹر سے جاسوسی کی کوشش کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج نے لائن آف کنٹرول ( ایل او سی) پر بھارتی کواڈ کاپٹر کو مار گرایا، سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ فضائی حدود کی خلاف ورزی کرکے بھارتی کواڈ کاپٹر سے جاسوسی کی کوشش کی گئی۔

    سیکیورٹی ذرائع نے اس واقعہ کی تصدیق کی ہے کہ بھمبر کے مناور سیکٹر میں دشمن نے کواڈ کاپٹر سے جاسوسی کی کوشش کی، پاک فوج کی بروقت کارروائی نے دشمن کی سرحد پار جاسوسی کی مذموم کوشش کو ناکام بنا دیا۔

    ذرائع نے کہا کہ یہ واقعہ پاک فوج کی مستعدی،پیشہ ورانہ مہارت،دفاعی تیاری ثبوت ہے۔ پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کافوری جواب دینے کیلئےہر دم تیار ہے اور ، پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ ملکر دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیں گی۔

    یاد رہے پہلگام واقعے کے بعد پاک بھارت تعلقات کشیدہ ہیں، بھارتی نیوز چینلز مسلسل کشمیری مسلمانوں اور پاکستانی فوج کو اس واقعے کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں، جبکہ ہندو قوم پرست جماعتیں اشتعال انگیز بیانات دے کر عوام میں نفرت پھیلانے میں مصروف ہیں اور پاکستان کے خلاف بدلہ لینے کی کھلی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

    دوسری جانب پاکستان نے حملے میں ملوث ہونے کے الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

  • سیکیورٹی فورسز کے پاک افغان بارڈر پر فالو اپ آپریشنز ، 17 خوارجی ہلاک

    سیکیورٹی فورسز کے پاک افغان بارڈر پر فالو اپ آپریشنز ، 17 خوارجی ہلاک

    راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر پر کامیاب فالو اپ آپریشنز میں 17 خوارجی ہلاک کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کے پاک افغان بارڈر پر کامیاب فالو اپ آپریشنز میں 17خوارجی مارے گئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہلاک خوارج سے ہتھیار ،گولیاں اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز پاک افغان بارڈر پر کارروائی میں 54 خوارج مارے گئے تھے جبکہ گزشتہ تین روز میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 71 خوارج ہلاک ہوئے۔

    مزید پڑھیں : پاک افغان بارڈر سے دراندازی کی کوشش ناکام، کارروائی میں 54 خارجی ہلاک

    پاک ترجمان نے بتایا کہ فورسز دہشت گردی کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں ، سیکیورٹی فورسز ملکی امن وا ستحکام و ترقی کو سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے۔

    یاد رہے گذشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر سے خارجیوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنائی تھی، جس میں فوری جوابی کارروائی میں 54 خارجی مارے گئے تھے، ہلاک خارجیوں سے ہتھیار اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا تھا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ دراندازی کی کوششیں ریاست اور اس کے شہریوں سے غداری ہے۔ ہلاک خارجی غیر ملکی آقاؤں کے حکم پر پاکستان میں بڑی دہشتگردی کرنا چاہتے تھے۔ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں سیکیورٹی فورسز کی کوششوں سے متعلق بات ہوئی۔

  • خیبرپختونخوا میں 3 آپریشن میں 15 خوارج مارے گئے، 2 جوان شہید

    خیبرپختونخوا میں 3 آپریشن میں 15 خوارج مارے گئے، 2 جوان شہید

    راولپنڈی: خیبرپختونخوا میں 3 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 15 خوارج مارے گئے اور 2 جوان شہید ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فورسز نے ضلع کرک میں انٹٰلیجنس بیسڈ کارروائی کی جس کے نتیجے میں 8 خوارج ہلاک ہوگئے۔

    شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 4 خوارج ہلاک ہوگئے، دہشت گردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے لانس نائیک عثمان مہمند اور سپاہی عمران خان شہید ہوئے۔

    جنوبی وزیرستان کے علاقے گومل زام میں کارروائی کے دوران 3 خوارج مارے گئے۔

    یہ پڑھیں: بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 6 خوارج مارے گئے

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک خوارج دہشت گردی میں ملوث تھے، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

    گزشتہ روز بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 6 خوارج مارے گئے تھے۔

     سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر بنوں میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا تھا آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔

  • بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 6 خوارج مارے گئے

    بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 6 خوارج مارے گئے

    بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 6 خوارج مارے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر بنوں میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔

    آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

    واضح رہے کہ سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع سوات میں انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ آپریشن کیا تھا، سیکیورٹی اہلکاروں کی خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 4 خوارج مارے گئے تھے۔

      آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک خوارج علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے

  • بھارتی فالس فلیگ آپریشنز کی طویل فہرست

    بھارتی فالس فلیگ آپریشنز کی طویل فہرست

    بھارت نے بے شمار مواقع پر عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے اور اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے فالس فلیگ آپریشنز کا سہارا لیا، خصوصاً ایسے مواقع پر جب بین الاقوامی معززین بھارت کے دورے پر ہوں، یا اہم سفارتی لمحات درپیش ہوں۔

    جنوری 1971 میں انڈین ایئرلائنز کا ایک طیارہ اغوا کر کے لاہور لے جایا گیا، بھارت نے فوراً پاکستان پر الزام لگا کر اس کی مشرقی پاکستان کے لیے فضائی پروازوں پر پابندی عائد کر دی۔

    عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق 20 مارچ 2000 کو امریکی صدر بل کلنٹن کے بھارتی دورے کے دوران مقبوضہ کشمیر میں 36 سکھوں کا قتل عام ہوا، ابتدا میں الزام پاکستان پر عائد کیا گیا، تاہم بعد میں شواہد سے ثابت ہوا کہ یہ واقعہ بھارتی فورسز کی کارستانی تھی، جس کا مقصد کلنٹن کے دورے کے دوران پاکستان کو بدنام کرنا تھا۔


    بھارت کا پاکستانیوں کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کاحکم، سندھ طاس معاہدہ معطل


    13 دسمبر 2001 کو بھارتی پارلیمنٹ پر حملہ کیا گیا، جس کا الزام بغیر کسی واضح ثبوت کے پاکستان پر لگا، اس واقعے کو بھی بھارت نے سرحد پر فوجی نقل و حرکت اور جنگی ماحول پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا، فروری 2007 میں سمجھوتہ ایکسپریس میں بم دھماکوں کے نتیجے میں 68 افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق افراد میں اکثریت پاکستانیوں کی تھی، اس کا الزام بھی پاکستان پر لگا لیکن بعد میں بھارتی ہندو شدت پسند تنظیموں کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے، اس حملے کا مقصد پاکستان اور بھارت کے درمیان امن عمل کو سبوتاژ کرنا تھا۔

    ممبئی میں 2008 کے حملے فوراً پاکستان کے سر تھوپ دیے گئے، تاہم تحقیقات میں تضادات، اور اے ٹی ایس کے سربراہ ہیمنت کرکرے کی مشکوک ہلاکت نے حملے کے اصل محرکات واضح کر دیے، دسمبر 2015 میں مودی کے اچانک پاکستان دورے کے بعد جنوری 2016 میں پٹھان کوٹ ایئربیس پر حملہ کیا گیا، بھارت نے ایک بار پھر بغیر ٹھوس شواہد کے پاکستان پر الزام عائد کیا جب کہ تحقیقات سے واقعہ سفارتی روابط کو سبوتاژ کرنے کی سازش ثابت ہوا۔

    فروری 2019 میں پلوامہ میں خودکش دھماکے میں 40 بھارتی اہلکار مارے گئے، یہ واقعہ ایسے وقت پر پیش آیا جب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان کے دورے پر آنے والے تھے، بھارت نے فوری طور پر پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا، تحقیقات نے بھارت کے اس پروپیگنڈے کو بھی جھوٹا ثابت کیا۔

    جنوری 2023 میں پاکستانی انٹیلیجنس نے بھارتی مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں ایک جعلی کارروائی کا منصوبہ بے نقاب کیا، جسے بھارت یومِ جمہوریہ کے موقع پر انجام دینا چاہتا تھا تاکہ پاکستان پر جھوٹے دہشتگردی کے الزامات لگا سکے، یہ تمام واقعات ایک منظم اور مسلسل طرزعمل کی نشان دہی کرتے ہیں، جس میں بھارت نے اہم سفارتی مواقع پر پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کے لیے جھوٹی کارروائیوں کا سہارا لیا۔

    ان اقدامات سے نہ صرف دونوں ممالک کے تعلقات خراب ہوئے بلکہ خطے کے امن کو بھی شدید خطرات لاحق ہوئے۔

  • مقبوضہ کشمیر واقعے کے بعد بھارتی میڈیا کا جھوٹا پروپیگنڈا

    مقبوضہ کشمیر واقعے کے بعد بھارتی میڈیا کا جھوٹا پروپیگنڈا

    مقبوضہ کشمیر میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے واقعے کے بعد بھارتی میڈیا نے پاکستان کیخلاف زہر اُگلنا شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا نے پہلگام حملے کے بعد جھوٹا پروپیگنڈا کرنا شروع کردیا، حملہ کے فورا بعد سوشل میڈیا پر "پاکستان کا ہاتھ” کا بیانیہ چلایا گیا۔

    بھارتی چینلز نے حملے کو "پاکستانی دہشت گردی” کہہ کر بیچا ہے،بھارتی میڈیا نے واقعے کے بعد روائتی فارمولا اپنالیا اور کوئی بھی واقعہ ہو تو ثبوت کے بغیر فوراً پاکستان پر الزام لگا دیا۔

    رپورٹ کے مطابق انتہا پسند بھارتی حکومت کی بنیاد عوام کو جنگ کیلئے اکسانے جیسے بیانیہ پر کھڑی ہے، بھارتی میڈیا خود ساختہ دہشت گردی کی خبر پر شور مچا دیتا ہے جبکہ Naxalite حملوں پر چپ سادھ لیتے ہیں کیونکہ حقیقت ان کے جھوٹ کو بے نقاب کرتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق مودی میڈیا کا نیا نظریہ یہ ہے کہ بھارت میں ہونے والی "ہر دہشت گردی” پاکستان کرتا ہے۔

    یہ ثابت ہو چکا ہے کہ بھارتی حکومت اور میڈیا بھارتی عوام کو بیوقوف بنانے میں مصروف ہیں، بھارتی میڈیا جھوٹ بیچتا ہے تاکہ عوام حقیقی مسائل سے دور رہیں۔

    گزشتہ روز مقبوضہ جموں و کشمیر میں فائرنگ کے نتیجے میں 26 سیاح ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوگئے، فائرنگ کا واقعہ بائی سرن وادی میں پیش آیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں فائرنگ سے 26 سیاح ہلاک، 8 زخمی، بھارتی میڈیا

    مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے سیاحوں پر حملے کی مذمت کی گئی، سیاحوں پر حملہ اُس وقت کیا گیا جب امریکی نائب صدر بھی بھارت کا دورہ کر رہے ہیں۔

  • بھارت میں پرامن احتجاج کرنے والوں کے ساتھ دہشت گردوں جیسا سلوک

    بھارت میں پرامن احتجاج کرنے والوں کے ساتھ دہشت گردوں جیسا سلوک

    مودی راج میں مسلمانوں کا احتجاج بھی جرم تصور کیا جانے لگا ہے، یو پی پولیس کی جانب سے متنازع وقف بل پر 50 سے زائد مسلمانوں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔

    بھارت میں متنازع وقف بل پر سوال اٹھانے والوں کو چُپ کروانے کی ناکام کوششیں جاری ہیں، بھارت کی ریاست اترپردیش میں مسجد کے باہر پرامن احتجاج کرنے والوں کے ساتھ دہشت گردوں جیسا سلوک کیا گیا۔

    یو پی پولیس نے متنازع وقف بل پر 50 سے زائد مسلمانوں کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں، بھارتی میڈیا کے مطابق احتجاجی ویڈیو وائرل ہونے پر یو پی پولیس نے مظاہرین پر بدترین تشدد بھی کیا۔

    عدالت کی جانب سے پرامن مظاہرین کو 2 لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرنے کا حکم دیا گیا ہے، بل کے خلاف سیاہ پٹّی پہننے پر بھی مسلمانوں کو ایک لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کی دھمکی دی گئی ہے۔

    بھارت میں اقلیتوں کی آواز کو دبانا ان بی جے پی کی سرکاری پالیسی بن چکی ہے، مودی سرکار کے تحت اقلیتوں کا جینا دوبھر ہو چکا ہے، انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ہے۔

  • خیبرپختونخوا میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 6 خوارج ہلاک

    خیبرپختونخوا میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 6 خوارج ہلاک

    راولپنڈی: خیبرپختونخوا میں دو الگ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 خوارج ہلاک ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 5 خوارج ہلاک ہوگئے۔

    جنوبی وزیرستان میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں خوارج ذبیح اللہ عرف ذاکران ہلاک ہوا۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد فورسز اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا، ہلاک دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔

    یہ پڑھیں: سوات میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 خوارج مارے گئے

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائز آپریشن کیا جارہا ہے، فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

    واضح رہے کہ تین روز قبل سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع سوات میں انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ آپریشن کیا تھا جس کے نتیجے میں 4 خوارج مارے گئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک خوارج علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

  • مظالم اور جرائم پر شیخ حسینہ کی عالمی سطح پر گھیراؤ کی تیاری

    مظالم اور جرائم پر شیخ حسینہ کی عالمی سطح پر گھیراؤ کی تیاری

    بنگلادیشی پولیس کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے لیے انٹرپول سے ریڈ نوٹس جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔

    مظالم اور جرائم پر شیخ حسینہ واجد کی عالمی سطح پر گھیراوٴ کی تیاری کی جا رہی ہے، شیخ حسینہ سمیت 12 افراد کے خلاف نیشنل سینٹرل بیورو کی جانب سے ریڈ نوٹس کے لیے انٹرپول کو درخواست دی گئی ہے۔

    انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل کی درخواست پر پولیس نے انٹرپول سے رابطہ کیا، اور شیخ حسینہ واجد کو ’’مفرور‘‘ قرار دے کر گرفتاری کے لیے بین الاقوامی سطح پر کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔


    پاک سری لنکا بحری مشق کی منسوخی سے متعلق بھارتی میڈیا کی بے بنیاد خبریں بے نقاب


    انٹرنیشنل کرائمز ٹربیونل کے چیف پراسیکیوٹر نے نومبر میں انٹرپول کی مدد مانگی تھی، بنگلادیشی پولیس کے مطابق ریڈ نوٹس کی درخواست عدالتی احکامات اور شواہد پر مبنی ہے۔

    شیخ حسینہ سمیت 12 ’’مفرور ملزمان‘‘ کی تلاش میں انٹرنیشنل ایکشن میں تیزی آ گئی ہے، خیال رہے کہ شیخ حسینہ کو بھارت نے اس وقت پناہ دی ہوئی ہے۔

  • پاک سری لنکا بحری مشق کی منسوخی سے متعلق بھارتی میڈیا کی بے بنیاد خبریں بے نقاب

    پاک سری لنکا بحری مشق کی منسوخی سے متعلق بھارتی میڈیا کی بے بنیاد خبریں بے نقاب

    پاک بحریہ کے عالمی بحری قوتوں سے بڑھتے تعاون پر بھارتی میڈیا کو تشویش لاحق ہو گئی ہے۔

    پاکستان اور سری لنکا کی بحری مشق کی منسوخی سے متعلق بھارتی میڈیا کی بے بنیاد خبریں بے نقاب ہو گئیں، امن 2025 میں 60 ممالک کی تاریخی شرکت پر بھارتی میڈیا کی بوکھلاہٹ دیکھنے میں آ رہی ہے۔

    سری لنکن بحریہ کی امن مشق میں فعال شرکت پاکستان کے ساتھ مضبوط دفاعی تعلقات کا مظہر ہے، پی این ایس اصلت کے کولمبو کے خیر سگالی دورے سے بحری تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔

    سری لنکا کی وزارت دفاع نے پاکستان اور سری لنکا کی بحری مشق کی منسوخی سے متعلق بھارتی میڈیا کے دعووٴں کو سختی سے مسترد کر دیا، بھارتی میڈیا کی بے بنیاد خبریں بھارت کی پاکستان اور سری لنکا کے قریبی تعلقات کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوششیں ہیں۔