Author: لئیق الرحمن

  • ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 خوارج مارے گئے

    ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 خوارج مارے گئے

    راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 خوارج مارے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے طوردرہ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 خوارج ہلاک ہوگئے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک خوارج سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید خوارج کی ممکنہ موجودگی کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

  • ملکی معیشت کے لیے اچھی خبر

    ملکی معیشت کے لیے اچھی خبر

    اسلام آباد :  آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے چکوال کے ضلع میں واقع راجیان 11 ہیوی آئل ویل میں تیل کی پیداوار کا آغاز کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی کے تعاون سے توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت ہوئی۔

    ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے ایس آئی ایف سی کا مؤثر اور عملی کردار ہے، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے چکوال کے ضلع میں واقع راجیان گیارہ ہیوی آئل ویل سے تیل کی پیداوارکا آغازکردیا۔

    راجیان گیارہ ہیوی آئل ویل پانچ سال سےتعطل کا شکارتھا جسے جدید مصنوعی لفٹ سسٹم کی مدد  سے دوبارہ فعال کردیا گیا ہے۔

    3,774 میٹر گہرائی میں دبے وسائل منظر عام پر آناد او جی ڈی سی ایل کی بڑی کامیابی ہے، نئے دریافت شدہ کنویں سے روزانہ 1,000 بیرل تیل کی پیداوار متوقع ہے۔

    ہائیڈرو کاربن پیداوار میں اضافے کے ساتھ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی قیادت مزید مستحکم ہوگی اور ایس آئی ایف سی کے تعاون سے تیل وگیس کے منصوبےبحال ہونے کے ساتھ ساتھ ملکی توانائی خود کفالت کی جانب گامزن ہے۔

  • خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 9 خارجی مارے گئے

    خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 9 خارجی مارے گئے

    خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو مخلف کارروائیاں کی جس کے نتیجے میں 9 خارجی مارے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مہمند میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 7 خارجی ہلاک ہوگئے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار محمد زاہد اور سپاہی آفتاب علی شاہ شہید ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ڈی آئی خان کے علاقے مڈی  میں جھڑپ کے دوران 2 خارجی ہلاک ہوئے، ہلاک خارجیوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوئے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری  ہے، دہشت گردی کے خاتمے تک فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • حکومت نے  اربوں ڈالر مالیت کے 28  اہم منصوبوں کی منظوری دے دی

    حکومت نے اربوں ڈالر مالیت کے 28 اہم منصوبوں کی منظوری دے دی

    اسلام آباد : حکومت نے اربوں ڈالر مالیت کے 28 اہم منصوبوں کی منظوری دے دی ، جس سے معاشی استحکام کے لیے راہیں ہموار ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ایس آئی ایف سی کے تحت اہم منصوبوں کی منظوری دیدی گئی ، حکومت کی جانب سے ایس آئی ایف سی کی زیر معاونت اربوں ڈالر کی مجموعی مالیت کے 28 اہم منصوبوں کی منظوری سے معاشی استحکام کے لیے راہیں ہموار ہوں گی۔

    حکومت کی جانب سے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور بحرین سمیت 23 ممالک کو ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    سعودی آرامکو ریفائنری، دیامر بھاشا ڈیم اور ریکوڈک کان کنی منصوبوں سمیت کئی اہم منصوبے خصوصی طور پر خلیجی ممالک کو سرمایہ کاری کے لیے پیش کیے جانے پر غور جاری ہے۔

    اس کے علاوہ ایس آئی ایف سی کے تحت کارپوریٹ فارمنگ، ٹیکنالوجی زونز، کلاوٴڈ انفراسٹرکچر، سیمی کنڈکٹر ڈیزائننگ، اور اسمارٹ ڈیوائسز کی تیاری کے منصوبے بھی سرمایہ کاری کے لیے پیش کئے گئے ہیں۔

    منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ان ممالک کے شہریوں کو ترجیحی ویزے جاری کیے جائیں گے اور ان منصوبوں کا دائرہ کار ایس آئی ایف سی کے ترجیحی شعبوں یعنی خوراک، زراعت، آئی ٹی، معدنیات، پیٹرولیم اور توانائی پر محیط ہوگا۔

    ایس آئی ایف سی کے منظور شدہ منصوبوں کے لیے ایکویٹی سرمایہ فراہم کرنے کے لیے”پاکستان سوورن ویلتھ فنڈ” متعارف کروانے پر مشاورت کی گئی ہے۔

    ایس آئی ایف سی کی معاونت سے موٴثر پالیسی سازی کے باعث ان منصوبوں کی تکمیل ملک کی معاشی بحالی اور سرمایہ کاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

  • پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سرمایہ کاری و تجارتی تعاون میں نئی پیشرفت

    پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سرمایہ کاری و تجارتی تعاون میں نئی پیشرفت

    اسلام آباد : پاکستان اور ترکیہ کے مابین 5 ارب ڈالر کے تجارتی ہدف کے حصول کیلئےعملی اقدامات جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان اور ترکیے کے درمیان سرمایہ کاری وتجارتی تعاون میں نئی پیشرفت سامنے آئی۔

    حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلیے مربوط حکمت عملی تیارکرلی ، دونوں ممالک پانچ ارب ڈالر کے تجارتی ہدف کے حصول کیلیے سیاحت، تعلیم، آئی ٹی، انفراسٹرکچراور دفاعی شعبے سمیت جدید ٹیکنالوجی میں منتقلی پرمزید تعاون کو فروغ دیں گے۔

    پاکستانی کھیلوں کے سامان اور جراحی آلات کے ذریعے برآمدات میں اضافے اور تجارتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا عزم کیا ہے۔

    مشترکہ تاریخ وثقافت کی بدولت دونوں ممالک نے طلبا کے تبادلے کے ذریعے تعلیمی و برادرانہ بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا اور دوطرفہ و عالمی امور پر مشاورت اور ہم آہنگی کے لیے دونوں ممالک کا ’’شورائےاخوت‘‘کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔

    فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے تحت پاکستان اور ترکی نے مزید اشیا کی تجارت کے دائرہ کار کو وسعت دینے کا اعلان کیا۔

    ترکی نے سی پیک سے منسلک ہونے کا خواہش کا اظہار کرتے ہوئے علاقائی انضمام اور تجارتی روابط کے فروغ پر زور دیا۔

    تجارت کے فروغ کیلئے پاکستان اور ترکی نے تجارتی نمائشوں کا انعقاد کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستانی تاجروں کو ترکی میں کاروباری مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔.

    ترک کمپنیوں کے لیے کاروباری عمل کو آسان بنانے میں ایس آئی ایف سی کے کلیدی کردار کی تعریف کی گئی۔

    اسلام آباد،استنبول مال بردارٹرین کی بحالی پر کام جاری ہے ، دونوں ممالک تجارتی روابط میں استحکام لانے کے خواہاں ہیں۔

    ایس آئی ایف سی کی جانب سے عالمی برادری کے اعتماد کی بحالی کے ذریعے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی۔

  • جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے تمام 33 دہشت گرد ہلاک، 21 مسافر اور 4 ایف سی اہلکار شہید

    جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے تمام 33 دہشت گرد ہلاک، 21 مسافر اور 4 ایف سی اہلکار شہید

    راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے تمام دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ 21 مسافر اور 4 ایف سی اہلکار شہید ہوئے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف نے کہا کہ دہشت گردوں نے 21 مسافروں کو شہید کیا، مجموعی طور پر ایف سی کے 4 اہلکار شہید ہوئے، مرحلہ وار بوگیوں کو کلیئر کیا گیا اور تمام دہشت گردوں کو واصل جہنم کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ آپریشن کامیاب ہوگیا یرغمالیوں میں سے کسی ایک کو نقصان نہیں پہنچا، کلیئرنس آپریشن کے دوران کسی معصوم مسافر کو نقصان نہیں پہنچا، جعفر ایکسپریس حملے کے بعد گیم کے رولز تبدیل ہوچکے ہیں، علاقے کی جانچ پڑتال جاری ہے، ٹرین کی جانچ بی ڈی ایس کررہا ہے۔

    لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ ٹرین مسافروں کی شہادتیں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن سے پہلے ہوئیں، انتہائی مہارت اور احتیاط کے ساتھ آپریشن کیا گیا، سب سے پہلے فورسز کے نشانہ بازوں نے خودکش بمباروں کو واصل جہنم کیا۔

    انہوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس حملے کے بعد گیم کے رولز تبدیل ہوچکے ہیں، آپریشن کامیاب ہوگیا، یرغمالیوں میں سے کسی ایک کو نقصان نہیں پہنچا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایسے دہشت گردوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا، ایسے دہشت گردوں کو دین اسلام، پاکستان اور بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں، دہشت گردوں نے 11 مارچ کو دن ایک بجے بولان کے قریب ٹرین کو روکا۔

    لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ 11 مارچ کو ایک بجے کے قریب ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑایا، ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس میں 440 افراد موجود تھے، علاقہ دشوار گزار اور آبادی و روڈ سے دور ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے یرغمالیوں کو انسانی شیلڈ کے طور پر استعمال کیا، آپریشن میں آرمی، ایئرفورس، فرنٹیئر کور اور آج ایس ایس جی کمانڈو نے حصہ لیا، بازیابی کا آپریشن فوری شروع کیا گیا، مرحملہ وار یرغمالیوں کو رہا کروایا گیا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گرد افغانستان میں ماسٹر مائنڈ سے سیٹلائٹ کے ذریعے رابطے میں تھے، کل شام تک 100 کے لگ بھگ مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا، آج بھی ایک بڑی تعداد میں یرغمال مسافروں کو بازیاب کروایا گیا۔

  • جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے تمام دہشت گرد ہلاک

    جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے تمام دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ: جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے تمام دہشت گردوں کو سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے بعد ہلاک کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے، بڑی تعداد میں یرغمال مسافروں کو انسانی شیلڈ کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا۔

    فورسز نے کامیاب آپریشن کرکے 190 مسافروں کو بازیاب کروالیا ہے، کلیئرنس آپریشن میں انتہائی احتیاط اور مہارت کا مظاہرہ کیا گیا اور جانیں بچائی گئیں۔

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی بربریت کا نشانہ بننے والے شہید مسافروں کی تعداد کا تعین کیا جارہا ہے، موقع پر موجود تمام دہشت گردوں کو واصل جہنم کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ جعفر ایکسپریس میں یرغمالی مسافروں کیساتھ خودکش بمبار بیٹھے ہونے کا انکشاف ہوا، سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ خود کش بمبار معصوم لوگوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز بلوچستان کے ضلع سبی میں دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کرکے ٹرین کو مسافروں سمیت یرغمال بنالیا تھا، بزدلانہ حملہ کرنے والے دہشتگرد بیرون ملک ہینڈلرزسے بذریعہ سیٹلائٹ فون رابطے میں ہیں۔

    جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ایک سو چار مسافروں کو رہا کروایا اور سولہ دہشت گرد جہنم واصل کیا تھا۔

    سیکیورٹی فورسز باقی مسافروں کی بحفاظت رہائی کیلیے کوشاں ہیں، اضافی نفری آپریشن میں حصہ لےرہی ہے۔

  • آئی ٹی برآمدات 24 فیصد کے شاندار اضافے کیساتھ 3.223ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

    آئی ٹی برآمدات 24 فیصد کے شاندار اضافے کیساتھ 3.223ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

    اسلام آباد : آئی ٹی برآمدات 24 فیصد کے شاندار اضافے کیساتھ 3.223ارب ڈالر تک پہنچ گئیں اور تیز رفتار انٹرنیٹ سے معیشت اور تعلیم کو فروغ دیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی کی حکمت عملی سے پاکستان عالمی آئی ٹی مارکیٹ میں نمایاں مقام حاصل کر رہا ہے۔

    مالی سال 2023-2024 میں آئی ٹی برآمدات 24 فیصد کے شاندار اضافے کیساتھ 3.223ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

    ’’براڈ بینڈ کنیکٹیویٹی‘‘میں سبسکرائبرز کی تعداد 139 ملین سے تجاوزکر گئی ، 4.1 ملین افراد’’براڈ بینڈ‘‘کی توسیع سے مستفید ہورہے ہیں۔

    تیز رفتار انٹرنیٹ سے معیشت اور تعلیم کو فروغ دیا جارہا ہے، ‘ڈیجی اسکلز’ پروگرام کے تحت 6 لاکھ افراد کی تربیت سمیت 166 اسٹارٹ اپس، 5000 سے زائد نئی ملازمتیں اور 260 ملین روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

    پاکستان میں 5G کی تیاری سے وائی فائی 6E اور نیشنل اسپیس پالیسی سے جدید کنیکٹیویٹی کی راہ ہموار ہوگی۔

    "حج ایپ” اور "ون پیشنٹ، ون آئی ڈی” سسٹم سے شہریوں کو جدید سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔

    گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت مختلف صوبوں میں ‘کلاوٴڈ فرسٹ پالیسی’ کے نفاذ کا مقصد قومی مصنوعی ذہانت اور سیمی کنڈکٹر پالیسیوں سے جدید ٹیکنالوجی میں پیش قدمی ہے۔

    ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پروجیکٹ (ڈی ای ای پی) سرگرم عمل ہے ، ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان میں ڈیجیٹل ترقی کی رفتار مستحکم، مربوط، محفوظ اور جدید معیشت کی تشکیل جاری ہے۔

  • دنیا کے 20 آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 13 بھارتی شہروں کا فضائی معیار آلودہ قرار

    دنیا کے 20 آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 13 بھارتی شہروں کا فضائی معیار آلودہ قرار

    دنیا کے 20 آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 13 بھارتی شہروں کا فضائی معیار آلودہ قرار دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوئس ایئرکوالٹی ٹیکنالوجی کمپنی آئی کیوایئر نے ورلڈ ایئر کوالٹی رپورٹ 2024 جاری کردی۔

    کوالٹی رپورٹ میں بتایا گیا کہ آلودہ ترین دارالحکومتوں میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سرِ فہرست ہیں جبکہ دنیا کے 20 سب سے زیادہ آلودہ شہروں میں سے 13 بھارتی شہر شامل ہیں جن کا فضائی معیار آلودہ ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی ریاست آسام کا صنعتی علاقہ بیرنیہاٹ 2024 میں فضائی آلودگی میں سرِفہرست رہا۔

    دنیا کے سب سے زیادہ آلودہ 20 شہروں میں بھارتی شہر برنیہاٹ، دہلی، پنجاب کےمولان پور، فرید آباد، لونی، گروگرام، گنگانگر، گریٹرنوئیڈا، بھیواڑی، مظفر نگر، ہنومان گڑھ اور نوئیڈا شامل ہیں۔

    بھارت میں آلودگی پہلےسےہی صحت کے لیے ایک بہت بڑا خطرہ ہے اور بھارت میں کرپٹ صحت کے نظام کے باعث بھارتی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    گزشتہ سال شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق 2009 سے 2019 تک ہر سال بھارت میں الودگی کے باعث1.5 ملین اموات ہوئیں۔

    گزشتہ سال بھی آلودہ ترین شہروں میں دہلی کا ائیر کوالٹی انڈیکس 1267 ریکارڈ کیا گیا ، بھارت میں آلودگی کی بڑھتی شرح بیماریوں کاسبب بننے لگی، جس کے باعث صحت کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔

    بھارت کی جانب سے خطے میں برقرار الودگی پر اقوام متحدہ کو ٹھوس اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

  • جعفر ایکسپریس حملہ، یرغمالی مسافروں کیساتھ خودکش بمبار بیٹھے ہونے کا انکشاف

    جعفر ایکسپریس حملہ، یرغمالی مسافروں کیساتھ خودکش بمبار بیٹھے ہونے کا انکشاف

    سبی : جعفر ایکسپریس میں یرغمالی مسافروں کیساتھ خودکش بمبار بیٹھے ہونے کا انکشاف ہوا، سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ خود کش بمبار معصوم لوگوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کیخلاف آپریشن جاری ہے۔

    سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ایک سو پچپن مسافروں کوبحفاظت بازیاب کروا لیا گیا ہے اور آپریشن میں اب تک ستائیس دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جاچکا ہے۔

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ دہشت گرد، افغانستان میں اپنےسہولت کاروں سےرابطےمیں ہیں اور دہشت گردوں میں خود کش بمبار بھی موجود ہیں۔

    ذرائع نے کہا کہ کچھ معصوم یرغمالی مسافروں کیساتھ خودکش بمبار بیٹھے ہوئے ہیں، دہشت گردوں نے خود کش بمباروں کویرغمالیوں کیساتھ بٹھایا ہوا ہے۔

    سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا خود کش بمبار دہشت گرد خودکش جیکٹیں پہنے ہوئے ہیں، دہشت گرد معصوم لوگوں کوڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز خودکش بمباروں کی وجہ سے انتہائی احتیاط سے کام لے رہی ہیں تاہم دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔

    مزید پڑھیں : جعفرایکسپریس حملہ: 104مسافر بحفاظت بازیاب، 16 دہشت گرد ہلاک

    یاد رہے گذشتہ روز بلوچستان کے ضلع سبی میں دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کرکے ٹرین کو مسافروں سمیت یرغمال بنالیا تھا، بزدلانہ حملہ کرنے والے دہشتگرد بیرون ملک ہینڈلرزسے بذریعہ سیٹلائٹ فون رابطے میں ہیں۔

    جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ایک سو چار مسافروں کو رہا کروایا اور سولہ دہشت گرد جہنم واصل کیا تھا۔

    سیکیورٹی فورسز باقی مسافروں کی بحفاظت رہائی کیلیے کوشاں ہیں، اضافی نفری آپریشن میں حصہ لےرہی ہے۔