Author: لئیق الرحمن

  • کرم میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 5 مزدور بازیاب

    کرم میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 5 مزدور بازیاب

    راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے کرم میں مزدوروں کے رہائی کے لیے آپریشن کیا، کامیاب آپریشن کے بعد 5 مزدور بازیاب کروالیے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کرم میں کامیاب آپریشن کے بعد 5 مزدور بازیاب کروالیے، کرم میں موبائل ٹاور پر کام کرنے والے 16 مزدور 26 جون کو اغوا کیے گئے تھے، 10 مزدوروں کو 27 جون کو بازیاب کروالیا گیا تھا۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق مزدوروں کی بازیابی کے لیے مختلف جگہوں پر آپریشنز کیے گئے، 13 جولائی کو ہونے والے آپریشن میں تین دہشت گرد مارے گئے، آپریشن میں کیپٹن باسط اور سپاہی حضرت بلال شہید ہوئے تھے۔

    مزید پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 دہشت گرد ہلاک، کیپٹن اور سپاہی شہید

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بے گناہ اور معصوم شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے کوشاں ہیں، عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کا بھرپور ساتھ دیا۔

  • جنرل ندیم رضا کا ایچ آئی ٹی ٹیکسلا کا دورہ

    جنرل ندیم رضا کا ایچ آئی ٹی ٹیکسلا کا دورہ

    راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ندیم رضا کا کہنا ہے کہ علاقائی، عالمی اسٹریٹجک وسیکیورٹی صورتحال میں ٹیکنالوجی میں جدت ضروری ہے، ریسرچ اورڈویلپمنٹ میں شراکت داری سےخود انحصاری ممکن ہوسکتی ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنرل ندیم رضا نے(ہیوی انڈسٹریزٹیکسلا) ایچ آئی ٹی کی گولڈن جوبلی کی تقریب میں شرکت کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا اور اعلیٰ فوجی حکام و ریٹائرڈ فوجی افسران سمیت یوکرائن کے سفیر اور چینی ڈیفنس اتاشی بھی شریک ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق چئیرمین ایچ آئی ٹی میجر جنرل سید عامر رضا نے ادارے کی کامیابیوں اور کارکردگی پر روشنی ڈالی، جنرل ندیم رضانے ایچ آئی ٹی اوردیگرکمپنیوں کی کامیابیوں کی تعریف کی۔اس موقع پر جنرل ندیم رضا نے کہا کہ ایچ آئی ٹی افسران،ہنر مند افرادی قوت دفاعی پیداوار شعبےمیں محنت کررہی ہے، علاقائی،عالمی اسٹریٹجک وسیکیورٹی صورتحال میں ٹیکنالوجی میں جدت ضروری ہے، ریسرچ اور ڈویلپمنٹ میں شراکت داری سےخود انحصاری ممکن ہوسکتی ہے۔

    جنرل ندیم رضا نےآرمی کی سیکنڈ رجمنٹ کےکمانڈنگ آفیسر کو الخالدون ٹینک کا اسکرول دیا، تقریب کے دوران یوکرین،چین،ایچ آئی ٹی کی کمپنیوں کےدرمیان ایم اویوپر دستخط بھی کئے گئے۔

    واضح رہے کہ ایچ آئی ٹی کی 50ویں سالگرہ پاک چین دوستی کی70ویں سال کےساتھ منائی جارہی ہے۔

  • پسنی: سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی،  کیپٹن اورایک جوان شہید

    پسنی: سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، کیپٹن اورایک جوان شہید

    پسنی: سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے نتیجے میں کیپٹن عفان مسعود اور سپاہی بابر زمان شہید ہوگئے۔

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ساحلی شہر پسنی میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، سیکیورٹی فورسزکی گاڑی کو دہشت گردوں نے پسنی کے علاقے خدا بخش بازار میں نشانہ بنایا ، جس کے نتیجے میں کیپٹن عفان مسعود اور سپاہی بابر زمان شہید ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کامحاصرہ کرکے دہشت گردوں کی تلاش آپریشن شروع کردی ، ایسے بزدلانہ واقعات سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ ملک دشمن ایجنسیز،عناصرکوبلوچستان کاامن سبوتاژکرنےنہیں دیں گے، سیکیورٹی فورسز ہر قیمت پر ملک کیخلاف سازشیں ناکام بنادیں گی۔

    یاد رہے دو روز قبل سیکیورٹی فورسز کے ضلع کرم کے علاقے زاوا میں آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 25 سالہ کیپٹن باسط اور سپاہی حضرت بلال شہید ہوئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میں کارروائی کر کے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی جوان شہید ہوگیا تھا۔

  • سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 دہشت گرد ہلاک، کیپٹن اور سپاہی شہید

    سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 دہشت گرد ہلاک، کیپٹن اور سپاہی شہید

    راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے ضلع کرم کے علاقے زاوا میں آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے ضلع کرم کے علاقے زاوا میں آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے 25 سالہ کیپٹن باسط اور سپاہی حضرت بلال شہید ہوگئے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

    مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان میں‌ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 2 دہشت گرد ہلاک

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میں کارروائی کر کے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی جوان شہید ہوگیا تھا۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ مارے جانے والے دونوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے تھا، جو جرائم کی سنگین وارداتوں میں بھی ملوث تھے۔

    آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے نائک نزاکت حسین نے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔

  • کرونا وبا میں پاکستان کے ساتھ تعاون پر آرمی چیف چین کے مشکور

    کرونا وبا میں پاکستان کے ساتھ تعاون پر آرمی چیف چین کے مشکور

    راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کرونا وبا میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    چین کے سفیر اور قطر کے نمائندہ خصوصی نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک سے باہمی روابط بڑھانے پر  اتفاق کیا گیا۔

    پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چینی سفیر نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے اُن سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور مختلف شعبوں میں تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری کے امور بھی زیر غور آئے۔

    چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کرونا وبا میں پاکستان کی مدد کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ چینی سفیر نے خطے میں امن  کی کاوشوں کے لیے پاکستان کے مثبت کردارکو سراہا، چینی سفیر نے باہمی سفارتی تعاون مزید بہتربنانےکےعزم کا اعادہ بھی کیا۔

    علاوہ ازیں قطر کے نمائندہ خصوصی ڈاکٹر مطلق بن مجید نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا،  جہاں چیف آف آرمی اسٹاف نے مہمان سے ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقات میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی، آرمی چیف نے افغان امن عمل میں قطر کے سرگرم اور تعمیری کردار کو سراہا۔

    چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ’توقع ہے علاقائی امن و استحکام کے لیے قطر کا تعاون جاری رہےگا‘۔  قطری نمائندے نے امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور  باہمی تعاون کو مزید فروغ دینےکےعزم کا اعادہ بھی کیا۔

  • ’مغربی سرحدوں پر بہتر مینجمنٹ، سیکیورٹی انتظامات ناگزیر ہیں‘

    ’مغربی سرحدوں پر بہتر مینجمنٹ، سیکیورٹی انتظامات ناگزیر ہیں‘

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ مغربی سرحدوں پر بہتر مینجمنٹ، سیکیورٹی انتظامات ناگزیر ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگلا کور ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر نے ان کا استقبال کیا۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف کو آپریشنل تیاریوں، تربیتی، انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو کور کے زیر اہتمام جاری وار گیمز پر بھی بریفنگ دی گئی، انہوں نے وار گیمز میں آپریشنل منصوبہ بندی، چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی کو سراہا اور اسٹرائیک کور فارمیشن کی مستقبل سے متعلق تربیتی امور کی بھی تعریف کی۔

    آرمی چیف نے کہا کہ ہمیں بدلتی صورت حال میں اپنی تیاریاں جاری رکھنی چاہئیں، کسی بھی صورت میں سہل پسند نہیں ہونا ہوگا، پاکستان افغانستان میں امن عمل کی مکمل حمایت کررہا ہے۔

    کورونا سے متعلق جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کورونا روک تھام میں تمام رینکس نے سول انتظامیہ سے تعاون کیا، کورونا کے مکمل خاتمے تک احتیاط ضروری ہے،عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ایس او پیز پر عمل یقینی بنانا ہوگا۔

  • معرکۂ کارگل، بھارت کو ناک چنے چبوانے والے حوالدار لالک جان شہید

    معرکۂ کارگل، بھارت کو ناک چنے چبوانے والے حوالدار لالک جان شہید

    راولپنڈی: کارگل کے محاذ پر وطن عزیز کا دفاع کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کا آج بائیسواں یومِ شہادت آج انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔

    پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے حوالدارلالک جان شہیدنشان حیدر کے بائیسویں یومِ شہادت کے حوالے سے پیغام جاری کیا گیا، جس میں اُن کے جذبے اور وطن عزیز سے لازوال محبت کو سراہا گیا۔

    دنیا کے بلند ترین محاذ جنگ پر دشمن پر دھاک بٹھانے اور عزائم کو ناکام بنانے والے پاکستان کے بہادر سپوت حوالدار لالک جان نے ہمت اور بہادری کی ایسی مثال قائم کی جس کا برملا اعتراف دشمن نے بھی کیا۔

    حوالدار لالک جان1967میں شہدا کی وادی کے نام سے مشہور علاقے غذر کے گاؤں غزری اسین گلگت میں پیدا ہوئے،  وہ 12این ایل آئی کے بے باک نڈر، بہادر سپاہی کےطورپر سامنے آئے اور مئی1999 میں انہوں نے اگلے مورچوں پر وطن عزیز کے لیے خدمات پیش کیں۔

    لالک جان نے ملک کی خاطر مشکل اور دشوار گزار پہاڑی چوکی پر دشمن سےنبرد آزما ہونےکیلئےکمر باندھی اور خون کے آخری قطرے تک وطن کا دفاع کیا۔ کارگل پر قائم قادر پوسٹ لالک جان جیسے نڈر سپاہی پر نازاں ہے۔

    مزید پڑھیں: معرکۂ کارگل کے ہیرو کا بائیسواں یومِ شہادت

    بارہ جون 1999 کو لالک جان نے دشمن کی پٹرول پر ایسا زبردست حملہ کیا کہ وہ اپنے سپاہیوں کی لاشیں چھوڑ کر پسپا ہونے پر مجبور ہوا، اسی مہینے کے آخری ہفتے کی ایک رات دشمن نے قادر پوسٹ پر شدید حملہ کیا، لالک جان اور ساتھیوں نے دشمن کی جارحیت کو جم کر مقابلہ کیا اور اُسے پسپائی پر مجبور کیا۔

    دوسری رات مزیدکمک حاصل کرنےکے بعد دشمن نے پھرحملہ کیا، اُس میں بھی بھارت کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، 7جولائی 1999کو دشمن کےتیسرے حملے میں حوالدار لالک جان زخمی ہوئے، جس پر کمپنی کمانڈر نے انہیں  علاج کرانے کے لیے کہا تو انہوں نے انکار کیا اور میدان جنگ میں ہی رہنے کا فیصلہ سنایا۔

    انہوں نے اعلیٰ کمانڈ سے کہا کہ ’ میں میدان جنگ میں جان دینےکو ترجیح دوں گا‘۔ حوالدارلالک جان شہید نے پےدر پے پوسٹ پر دشمن کے حملے پسپا کیے، بھاری فائر کے دوران حوالدار لالک جان نے دشمن کا بنکر تباہ کیا،  اُن کا آخری دم تک جذبہ اور عزم بلند رہا۔

    حوالدار لالک جان پہاڑی سے اتر رہے تھے کہ اسی دوران دوسری سمت سے دشمن فوج نے فائر کھول دیے، جس میں زد میں وہ آئے اور وہیں پر زمین و آسمان کو گواہ بنا کر جامِ شہادت نوش کیا۔ حوالدارلالک جان کو بے مثال جرأت اور قربانی پر نشان حیدر کے اعزاز سے نوازا گیا۔

    لالک جان کی بہادری اور قادر پوسٹ کے زبردست دفاع کا اعتراف دشمن میں اپنے الفاظ میں کچھ اس طرح کیا کہ ’کسی بھی سپاہی نے اپنی پوسٹ نہ چھوڑی اور آخری گولی تک بھرپور مقابلہ کیا‘۔

  • بلوچستان میں سماجی اور اقتصادی ترقی کا عمل تیز کرنا ہوگا، آرمی چیف

    بلوچستان میں سماجی اور اقتصادی ترقی کا عمل تیز کرنا ہوگا، آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان اور پاکستان کے دشمنوں کو شکست دینے کے لیے چوکنا ہے، موجودہ خطرات میں جامع قومی ردعمل کی ضرورت ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی ورکشاپ کے شرکا سے اظہار خیال کیا، ورکشاپ میں ارکان پارلیمنٹ، بیورو کریٹس، نوجوان، میڈیا اور اکیڈمی کے ارکان شامل تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ورکشاپ کا مقصد مستقبل کی قیادت کو بلوچستان کے بارے میں بہتر آگاہی فراہم کرنا ہے۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن اور استحکام سے پاکستان میں ترقی ہوگی، سخت جدوجہد سے حاصل امن کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ صوبے میں سماجی اور اقتصادی ترقی کا عمل تیز کرنا ہوگا، دیرپا استحکام کے لیے عوام کی بہتری کی حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔

    پاک فوج کے سپہ سالار نے کہا کہ قومی قیادت اور فوج کی مکمل توجہ بلوچستان پر ہے، قومی اور صوبائی سطح پر دیگر ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر بلوچستان کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قوم امن و استحکام کی راہ میں ہر مشکل گھڑی میں ثابت قدم رہی۔

  • آرمی چیف سے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی ملاقات

    آرمی چیف سے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی ملاقات

    راولپنڈی: آرمی چیف سے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب نے ملاقات کی ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف سے اقوام متحدہ میں پاکستان کےمستقل مندوب منیر اکرم نے ملاقات کی، ملاقات جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی ، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ساتھ ہی افغانستان میں مفاہمتی عمل اور تنازع کشمیر پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف نے پاکستانی مشن کی اقوام متحدہ میں خدمات کو سراہا۔

  • افغانستان سے دہشت گردوں کی  انٹرنیشنل بارڈر پر فائرنگ، 2 جوان شہید

    افغانستان سے دہشت گردوں کی انٹرنیشنل بارڈر پر فائرنگ، 2 جوان شہید

     شمالی وزیرستان : افغانستان سے دہشت گردوں کی جانب سے انٹرنیشنل بارڈر پر فائرنگ کی گئی ، جس کے نتیجے میں دو جوان شہید ہوگئے ، پاکستان نے دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین کے استعمال پر شدید احتجاج کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغانستان سے دہشت گردوں نے انٹرنیشنل بارڈر پر فائرنگ کی ، فائرنگ شمالی وزیرستان کے علاقے دواتوئی کی فوجی چیک پوسٹ پر کی گئی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں حولدارسلیم اورلانس نائیک پرویزشہید ہوئے جبکہ پاک فوج کی طرف سے فوری اور مؤثرجوابی کارروائی کی گئی۔

    ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان باربارافغانستان کو مؤثربارڈر کنٹرول کیلئےکہہ رہاہے، پاکستان میں دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین کے استعمال پر پاکستان نے شدید احتجاج کیا۔3

    یاد رہے گذشتہ ماہ باجوڑمیں سرحد پار سے دہشت گردوں کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک جوان زخمی ہوگیا تھا جبکہ اس سے قبل بھی پاک افغان بارڈر پر باڑلگانے کے دوران سرحد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں 4ایف سی اہلکارشہید اور 6 زخمی ہوئے تھے۔

    خیال رہے کہ یہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کا پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔