Author: لئیق الرحمن

  • بلوچستان میں‌ بارودی سرنگ کا دھماکا، ایف سی جوان شہید

    بلوچستان میں‌ بارودی سرنگ کا دھماکا، ایف سی جوان شہید

    کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایف سی جوان نے جامِ شہادت نوش کرلیا۔

    پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق دہشت گردوں نے ہوشاب کے  قریب واقع علاقے شپک میں آئی ڈی کے ذریعے ایف سی گاڑی پر حملہ کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی کا واٹر باؤزر دہشت گردی کی جانب سے نصب کی گئی بارودی سرنگ سے ٹکرایا، جس میں ایف سی کے جوان کفایت اللہ  نے جامِ شہادت نوش کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے میں دہشت گردوں کی تلاش کیلئے آپریشن شروع کردیا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ملک دشمن عناصرکے ایسے بزدلانہ حملوں سے فورسز کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے، بلوچستان میں ملک دشمن ایجنسیوں کوامن وامان خراب کرنے نہیں دیں گے‘۔

    پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ ’سیکیورٹی فورسز ہر قیمت پر دشمن کےعزائم کو ناکام بنا دیں گی‘۔

  • ایف اے ٹی ایف کا پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ

    ایف اے ٹی ایف کا پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف اے ٹی ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے 27 میں سے 26 نکات پر مکمل عملدرآمد کیا ہے، ایک پہلو پر پاکستان نے کافی پیشرفت مکمل کی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کی کارکردگی کو باضابطہ طور پر سراہا اور پاکستان کو 6 مزید نکات پر عملدرآمد کہا کہہ دیا۔

    ایف اے ٹی ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے فیٹف کے ایکشن پلان کے تحت 17 قوانین پاس کیے، کالعدم تنظیموں کے ایک ہزار سے زائد اثاثہ جات تحویل میں لیے گئے۔

    فیٹف کا کہنا ہے کہ ایک نکتہ زیر سماعت عدالتی مقدمات کے مکمل ہونے سے متعلق ہے، اس ایک نکتے کی بنیاد پر پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھا گیا ہے، اس نکتے پر بھی پاکستان نے نمایاں پیش رفت کی ہے۔

    ایف اے ٹی ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان اس نکتے اور میوچل ایولیوشن کے 6 نکات پر جلد عملدرآمد کرے۔

    خیال رہے گزشتہ میٹنگ تک پاکستان نے 24 نکات پر عملدرآمدکیا تھا ، جون 2018 میں ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو اپنی گرے لسٹ میں شامل کیا ، اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھانے کے لیے پاکستان کو اکتوبر 2019 تک وقت دیا گیا، جس میں بعد میں مزید توسیع کر دی گئی تھی۔

  • آرمی چیف کی ترک عسکری قیادت سے ملاقات، افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال

    آرمی چیف کی ترک عسکری قیادت سے ملاقات، افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ترک وزیر دفاع اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں اس دوران باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ترک وزارت دفاع پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو گاڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی ترک وزیر دفاع اور عسکری قیادت سے ہونے والی ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل میں پیش رفت، سیکیورٹی دفاعی تعاون بھی زیر غور آئے۔

    آرمی چیف نے خطے میں امن کے لیے پاک ترک مشترکہ کوششوں کی تعریف کی۔

    پاک فوج کے سپہ سالار کا کہنا تھا کہ ترکی خطے کا ایک مسلم رکن ہے، پاک ترک تعاون کے خطے میں امن پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق ترک وزیر دفاع و عسکری قیادت نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور افغان مفاہمتی عمل سے متعلق پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

  • آرمی چیف کا آذربائیجان کا سرکاری دورہ، آئی ایس پی آر

    آرمی چیف کا آذربائیجان کا سرکاری دورہ، آئی ایس پی آر

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے آذربائیجان کا سرکاری دورہ کیا ہے، جہاں انہوں نے آذربائیجان کے وزیرداخلہ سمیت عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے آذربائیجان کا سرکاری دورہ کیا، دورے میں آرمی چیف نے آذربائیجان کے وزیرداخلہ اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی، سیکیورٹی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ علاقائی امن ،تجارت اور توانائی سمیت مختلف امور پربات چیت کی گئی۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ موجودہ جیواسٹریٹجک حالات میں قریبی تعاون خصوصی اہمیت رکھتا ہے، مختلف درپیش چیلنجز سے نمٹنےکیلئےمشترکہ ردعمل وقت کی ضرورت ہے۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملاقاتوں میں آرمی چیف نے ہر سطح ،فورم پر باہمی رابطوں کو فروغ دینےکےعزم کا اعادہ کیا، آذربائیجان کی جانب سے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو سراہا گیا اس کے ساتھ ساتھ آذربائیجان کی عسکری قیادت نے افغانستان میں دیرپا امن کیلئے کوششوں کے لئے پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کیا۔

  • حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان

    حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان

    کراچی: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت کی جانب سے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا گیا، قیمتوں میں اضافے کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد ہوگا۔

    وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت 2 روپے 13 پیسے اضافے کے بعد 110 روپے 69 پیسے ہوگئی۔

    ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 79 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 112 روپے 55 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔

    مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی ایک روپے 89 روپے فی لیٹر اضافہ ہوگیا، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 81 روپے 89 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

    اعلامیے کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے تین پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 79 روپے 68 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔

  • آرمی چیف کی لائن آف کنٹرول اور پاک افغان سرحد پر آپریشنل تیاریاں جاری رکھنے کی ہدایت

    آرمی چیف کی لائن آف کنٹرول اور پاک افغان سرحد پر آپریشنل تیاریاں جاری رکھنے کی ہدایت

    راولپنڈی:  چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول، ورکنگ باؤنڈری اور پاک افغان سرحد پر آپریشنل تیاریاں جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔

    پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس  منعقد ہوئی، جس میں کورکمانڈرز ، پرنسپلز اسٹاف ، آفیسرز اور فارمیشنز کمانڈرز نے شرکت کی۔

    کانفرنس کے شرکا کو  جیو اسٹریٹجک صورت حال اور قومی سیکیورٹی کو پیش چیلنجزپر بریفنگ دی گئی اور اس پر تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیلنجز اور خطرات سے نمٹنےکیلئےجوابی حکمت عملی پربھی تفصیلی غور کیا گیا جبکہ کانفرنس میں مختلف امور پر تفصیلی بات چیت بھی کی گئی۔

    چیف آف آرمی اسٹاف نے ملک میں جاری استحکام آپریشن پر اطمینان کا اظہار اور آپریشن ردالفساد کی کامیابیوں کو بھی سراہا۔ شرکا نے قبائلی اضلاع میں دہشت گردی کے خلاف مقامی افراد کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

    خیبرپختون خوا میں ضم ہونے والی قبائلی اضلاع، بلوچستان میں سماجی اور اقتصادی ترقی کے عمل پر غور کیا گیا جبکہ کانفرنس میں مشرقی سرحدوں اور مقبوضہ جموں کشمیرکی تازہ صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا۔

    کانفرنس کےشرکا نے کشمیریوں کی جدوجہد،حق خود ارادیت پر مکمل یکجہتی کا اظہار  کیا اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حق خودارادیت دینے پر زور بھی دیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے بامقصد عمل کو بھی سراہاگیا۔ شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ  آرمی چیف نے ایل اوسی، ورکنگ باؤنڈری پر آپریشنل تیاریاں برقرار رکھنےکی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پاک افغان سرحد پر بھی آپریشنل تیاریاں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

    آرمی چیف نے مختلف تربیتی مشقوں میں فارمیشن کے تربیتی معیار کی تعریف کی، انہوں نے جوانوں اور افسران کے بلند عزم کو سراہا اور کرونا، ٹڈی دل، پولیو کے خاتمے کی قومی کوششوں میں‌ کردار ادا کرنے پر بھی تعریف کی۔ چیف آف آرمی اسٹاف کا کہنا تھا کہ پاک فوج قوم کی خدمت اور وطن کے دفاع کیلئے ہر سطح تک جائےگی۔

    اس موقع پر آرمی چیف نے ملتان اور منگلا کور کو بہترین کارکردگی دکھانے پر ٹرافیز سے بھی نوازا اور کامیابی کے سلسلے کو جاری رکھنے پر زور دیا۔

  • کوئٹہ میں ایف سی پر حملہ، 4 اہلکار شہید

    کوئٹہ میں ایف سی پر حملہ، 4 اہلکار شہید

    کوئٹہ میں دہشت گردوں کی بچھائی بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایف سی بلوچستان کے 4 ‏اہلکار شہید ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی کے 4 اہلکار دہشت گردوں کی ‏بچھائی بارودی سرنگ کاشکار ہوگئے، واقعے میں ایف سی کے 4 اہلکار شہید ہوئے۔

    شہید ہونے والوں میں ایک جےسی او بھی شامل ہےجب کہ شہداء میں صوبیدار سردار علی خان، ‏سپاہی مصدف حسین، اویس خان اور محمد انور شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی اہلکاروں کی گاڑی مرگت کوئٹہ روڈ پر آئی ای ڈی کانشانہ بنی ‏جس کے بعد ایف سی نےعلاقے کا محاصرہ کر کے آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں قربانیوں سےحاصل امن کوخراب نہیں ہونے دیں گے ‏ایسے بزدلانہ اقدامات سےدشمنوں کی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی، سیکیورٹی فورسزہرطرح کی ‏سازش کو ناکام بنانےکیلئے پرعزم ہیں۔

  • پاکستان چین کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، آرمی چیف

    پاکستان چین کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان  چین کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی سفیر کی ملاقات ہوئی جس میں سی پیک میں پیشرفت، علاقائی سیکیورٹی، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل پر تازہ پیشرفت پر بھی غور کیا گیا۔

    آرمی چیف نے کورونا کے خلاف کوششوں میں چین کے تعاون پر اظہار تشکر کیا اور کورونا ویکسین کی فراہمی پر چین کے تعاون کو بھی سراہا۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ چینی سفیر نے امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی، چینی سفیر نے افغان مفاہمتی عمل پر پاکستان کے کردار کو سراہا۔

    آرمی چیف سے ایوان صنعت و تجارت کے نمائندہ وفد کی ملاقات

    دوسری جانب آرمی چیف سے ایوان صنعت و تجارت کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی جس میں کمرشل اور صنعتی ترقی میں ایوان صنعت کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں علاقائی اقتصادی ماحول سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔

    آرمی چیف نے کہا کہ ملکی اقتصادی ترقی میں تاجر برادری کا اہم کردار ہے، پاک فوج تاجر برادری کی مکمل حمایت کرے گی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق تاجروں کا کہنا تھا بہتر ماحول سے ملکی اقتصادی صورت حال بہتر ہوئی، تاجروں نے پاک فوج کی محفوظ ماحول کے لیے قربانیوں کو سراہا۔

  • گھوٹکی ٹرین حادثہ: پاک فوج بھی میدان میں آگئی، ریلیف وریسکیو آپریشن جاری

    گھوٹکی ٹرین حادثہ: پاک فوج بھی میدان میں آگئی، ریلیف وریسکیو آپریشن جاری

    راولپنڈی: گھوٹکی میں پیش آنے والے افسوسناک ٹرین حادثے میں پاک فوج بھی میدان میں آگئی ہے اور اہم بیان جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹرین حادثے کی جگہ پر ریلیف و ریسکیو سرگرمیاں جاری ہے، آرمی اوررینجرز کےجوان جائےحادثہ پر پہنچ گئے ہیں، آرمی رینجرز کےجوان ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی انجینئرز کی خصوصی ٹیم ہیلی کاپٹر کےذریعے راولپنڈی سےروانہ ہوگئی ہے، خصوصی انجینئرز کی ٹیم امدادی کاموں کی رفتارمزیدتیزکرےگی جبکہ زخمیوں کی مدد کے لئے ملٹری ڈاکٹرز، عملہ پنوعاقل سےجائےحادثہ پر ایمبولینسوں کےساتھ پہنچ گیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملتان سے دو ہیلی کاپٹر زخمیوں کی منتقلی کیلئے روانہ ہوچکے، جن کی مدد سے زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے زریعے اسپتالوں میں منتقل کیاجائےگا اس کے علاوہ امدادی سامان بھی کچھ دیر میں جائےحادثہ پر پہنچا دیا جائےگا۔

    واضح رہے کہ رات گئے گھوٹکی اسٹیشن پر کراچی جانے والی سرسید ایکسپریس ٹریک پرموجود ملت ایکسپریس سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں 30 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، موقع پر موجود حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

  • جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکا، جوان شہید

    جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکا، جوان شہید

    راولپنڈی: جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں لانس نائیک وقاص احمد شہید ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے کنی گرام میں چیک پوسٹ کے قریب بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 26 سالہ لانس نائیک وقاص احمد شہید ہوگئے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد علاقے میں دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، بہادر جوانوں کی قربانیوں سے ہمارا عزم مزید مضبوط ہورہا ہے۔

    مزید پڑھیں: کوئٹہ اور تربت میں دہشت گردوں کا حملہ، 4 جوان شہید، 5 دہشت گرد ہلاک

    واضح رہے کہ دو روز قبل کوئٹہ اور تربت میں دہشت گردوں نے ایف سی جوانوں پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 4 جوان شہید ہوگئے تھے، جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پیر اسماعیل زیارت میں ایف سی پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 ایف سی جوان شہید اور 6 جوان زخمی ہوگئے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ تربت کے قریب ایف سی کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دو جوان زخمی ہوگئے۔