Author: لئیق الرحمن

  • پاک افغان بارڈر پر  باڑ لگانے کے دوران سرحد پار سے فائرنگ، 4 ایف سی اہلکار شہید ، 6 زخمی

    پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کے دوران سرحد پار سے فائرنگ، 4 ایف سی اہلکار شہید ، 6 زخمی

    راولپنڈی : پاک افغان بارڈر پر باڑلگانے کے دوران سرحد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں 4ایف سی اہلکارشہید اور 6 زخمی ہوگئے، ایف سی اہلکاروں کی جانب سے فوری جوابی کارروائی کی گئی۔

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک افغان بارڈر پر ژوب کے قریب باڑ لگانے کے دوران سرحدپار سے فائرنگ کی گئی ، افغان علاقے سے فائرنگ کے نتیجے میں 4ایف سی اہلکارشہید اور 6 زخمی ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ایف سی اہلکاروں کی جانب سے فوری جوابی کارروائی کی گئی تاہم فائرنگ کے زخمیوں کوسی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیاگیا، شہیدہونیوالوں حولدار نورزمان، سپاہی شکیل عباس ، سپاہی احسان اللہ اورنائیک سلطان شامل ہیں

    یاد رہے گذشتہ سال نومبر میں بلوچستان کے علاقے ژوب کے منذیکئی سیکٹر پر دہشت گردوں نے پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کی گئی تھی ، جس کے نتیجے میں ایس سی کا 22 سالہ نائیک فخر عباس شہید ہوگیا جبکہ دو ایف سی جوان زخمی ہوگئے تھے۔

    خیال رہے کہ یہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کا پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں پاکستانی شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

  • چیف آف آرمی اسٹاف سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

    چیف آف آرمی اسٹاف سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

    ریاض / روالپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ چار روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔

    پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجودہ چار روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے سعودی عرب کے دارالحکومت پہنچنے پر سعودی اعلیٰ عسکری قیادت سمیت پاکستانی سفیر جنرل (ر) بلال اکبر اور ڈیفنس اتاشی برگیڈیئر ہارون راجہ نے ان کا استقبال کیا ۔

    چیف آف آرمی اسٹاف اس دورے کے دوران عمرہ ادائیگی کے ساتھ روضۂ رسول ﷺ پر حاضری بھی دیں گے، جبکہ وہ سعودی عرب کی سول ملٹری قیادت سے بھی اہم ملاقاتیں کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے مابین دفاعی، سکیورٹی تعاون و باہمی دلچسپی کے امور سمیت خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

    ایئرپورٹ پر پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب ، سعودی جیلوں میں قید سیکڑوں پاکستانیوں کی رہائی کا اعلان متوقع

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان بھی وفاقی وزرا کے ہمراہ جمعے کے روز سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے، جہاں وہ سعودی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

    وزیراعظم کے ساتھ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواہد چوہدری اور مشیر خصوصی علامہ طاہر اشرفی بھی موجود ہوں گے۔

    قبل ازیں سعودی عرب میں تعینات ہونے والے پاکستانی سفیر لیفٹینٹ جنرل (ر) بلال اکبر نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے دوران خیر سگالی جذبات کے تحت سعودی جیلوں میں مقید پاکستانیوں کو رہا کیا جائے گا۔ پاکستانی سفیر نے وضاحت کی کہ کم سزاؤں یا چھوٹے جرائم میں قید پاکستانیوں کو رہائی ملے گی۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 25ویں روزے کو سعودی عرب روانہ ہوں گے، جہاں وہ سعودی قیادت سے ملاقاتیں اور عمرے کی سعادت حاصل کریں گے۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب میں پاکستانی سفیر کا ہم وطنوں کیلیے اہم پیغام

    اپنے دورہ سعودی عرب کے موقع پر وزیراعظم پاکستان ملک وقوم اور امت مسلمہ کے لئے خصوصی دعائیں کریں گے۔

    فواد چوہدری کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب انتہائی اہم ہے، اس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

    خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب پہلے سے ہی شیڈول ہے، وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت میں سعودی عرب کا دورہ کرنے جا رہے ہیں۔

  • آرمی چیف کا سابق نیول چیف ایڈمرل کرامت رحمان کےانتقال پر اظہار تعزیت

    آرمی چیف کا سابق نیول چیف ایڈمرل کرامت رحمان کےانتقال پر اظہار تعزیت

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سابق نیول چیف ایڈمرل کرامت رحمان کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹؤئٹر پر جاری بیان میں بتایا کہ آرمی چیف نے سابق نیول چیف ایڈمرل کرامت رحمان کےانتقال پراظہار تعزیت کیا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اپنے تعزیتی بیان میں آرمی چیف نے سابق نیول چیف ایڈمرل کی دعائے مغفرت کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سوگواران کو ناقابل تلافی نقصان کا سامنا کرنے کی توفیق عطا کرے۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل کرامت رحمان نیازی کا انتقال اسلام آباد میں ہوا، سابق سربراہ ایڈمرل کرامت رحمان نیازی نے 1951 میں پاک بحریہ میں کمیشن حاصل کیا تھا۔

    کرامت رحمان نیازی 1979 سے 1983 تک پاک بحریہ کے سربراہ رہے، انہوں نے 1956 میں پاک بحریہ میں کمیشن حاصل کیا اور 1964 میں پاکستان کی پہلی آبدوز ’’غازی‘‘ کے کمانڈر بنے۔

    کرامت رحمان نیازی نے 1965 اور 1971 کی جنگوں میں حصہ لیا اور نشان امتیاز(ملٹری)، ستارہ جرات (ملٹری) اور ہلال امتیاز (ملٹری) کے اعزازات حاصل کیے۔

    کرامت رحمان نیازی 22 مارچ 1979 کو پاکستان بحریہ کے چیف آف اسٹاف بنے اور 23 مارچ 1983 تک اس عہدے پر فائز رہے۔

    پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی سابق نیول چیف کرامت رحمان نیازی کےانتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے، ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیر چیف نےلواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہاراور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئےدعا کی۔

    ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا تھا کہ کرامت رحمان نیازی نفیس شخصیت کےحامل تھے۔

     

  • یکم مئی سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

    یکم مئی سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

    اسلام آباد: یکم مئی سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں پونے 6 روپے فی لیٹر تک اضافہ ہو سکتا ہے، جب کہ ڈیزل کی قیمت 6 روپے فی لیٹر تک بڑھ سکتی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ پٹرول اور ڈیزل کی مجوزہ قیمتوں کا تعین موجودہ پٹرولیم لیوی کی شرح پر کیا گیا ہے، پٹرول پر موجودہ لیوی 11 روپے 23 پیسے فی لیٹر ہے، جب کہ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی 15 روپے 29 پیسے فی لیٹر ہے۔

    تاہم، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیر اعظم کی مشاورت سے کرے گی۔

  • وینٹی لیٹر کی تیاری میں پاکستان کا اہم کارنامہ

    وینٹی لیٹر کی تیاری میں پاکستان کا اہم کارنامہ

    اسلام آباد: کورونا سے نبردآزما پاکستانی قوم کے لئے خوشخبری ہے کہ پاکستان ایٹمى توانائی کمیشن ‏نے مقامی طور پر پہلا آئى سى یو وینٹى لیٹر تیار کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اٹامک انرجی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ایٹمى ‏توانائی کمیشن کےسائنسدانوں نے پہلا آئى سى یو وینٹى لیٹر تیارکرلیا ہے، ڈریپ نے اس وینٹى لیٹر ‏کےاستعمال اور تیاری کی با قاعدہ منظوری دے دی ہے۔

    ترجمان اٹامک انرجی کمیشن کے مطابق وینٹى لیٹر سائنسدانوں،انجینئرز نےمقامى وسائل سےتیار ‏کیا ہے، یہ وینٹی لیٹر پاکستان انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی سینٹر اور پاکستان انجینئرنگ کونسل ‏کےمعیارات پر بھى پورا اترا ہے۔

    اٹامک انرجی کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ مقامی طور پر تیار کردہ وینٹی لیٹر مشین پر جناح ‏اسپتال لاہور میں بھى جانچ کى گئى، جانچ میں کئی ماہرین ،بائیوٹیکنالوجی ،بائیو میڈیکل انجینئرز ‏شامل تھے، مکمل جانچ کے بعد تمام ماہرین نے اس کو کامیاب قرار ديا۔

    اس تاریخی کامیابی پر پاکستان ایٹمى توانائی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم نے سائنسدانوں اور ‏انجینئرز کو مبارکباد دی ہے۔

  • ’’پرامن مستحکم اور ترقی کرتا افغانستان پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے‘‘

    ’’پرامن مستحکم اور ترقی کرتا افغانستان پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے‘‘

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پرامن مستحکم اور ترقی کرتا افغانستان پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی ناظم الامور مسز انجیلا اگلر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں افغان امن عمل میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ امریکی صدر بائیڈن کے افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں، پرامن مستحکم اور ترقی کرتا افغانستان پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔

    پاک فوج کے سپہ سالار نے کہا کہ توقع ہے پاک امریکا کا ہر شعبے میں تعاون مزید فروغ پائے گا۔

    دوسری جانب امریکی ناظم الامور مسز انجیلا نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں، افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کا کردار لائق تحسین ہے، افغانستان میں امن کے مشترکہ مقصد کے لیے امریکا تعاون کرتا رہے گا۔

    مزید پڑھیں: امریکی صدر کا افغانستان سے فوجی انخلا کا اعلان

    واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر جوبائیڈن نےافغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کی نئی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے افغان امن مذاکرات میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی تھی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ’یکم مئی 2021 سے افغانستان میں تعینات امریکی فوج کے انخلا کا عمل شروع ہوجائے گا اور 11ستمبر تک افغانستان سے تمام امریکی فوجی نکل جائیں گے‘۔

    جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ ’میں چوتھا صدر ہوں جس کے دور میں امریکی فوج افغانستان میں تعینات ہے، اب یہ ذمہ داری پانچویں صدر کو نہیں سونپوں گا، امریکا نے افغانستان میں اپنے اہداف مکمل کرلیے ہیں‘۔

  • پاکستان جاپان سے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، آرمی چیف

    پاکستان جاپان سے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، آرمی چیف

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جاپانی سفیر سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان جاپان سےتعلقات کوخصوصی اہمیت دیتا ہے ، علاقائی استحکام کے لیے جاپان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جاپانی سفیر نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا ، جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی وتعاون،علاقائی سیکیورٹی پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دوران ملاقات آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان جاپان سےتعلقات کوخصوصی اہمیت دیتا ہے ، علاقائی استحکام کے لیے جاپان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

    ترجمان کے مطابق اس موقع پر جاپانی سفیر کا کہنا تھا کہ خطےمیں امن واستحکام کےلیےپاکستان کاکردارقابل قدرہے، افغان مفاہمتی عمل کے لیے پاکستان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

    یاد رہے چند روز قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور روسی وزیر خارجہ کی ملاقات میں باہمی دلچسپی اور دفاعی و سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہمارے کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں ہیں، پاکستان علاقائی تعاون کے لیے کوشاں ہے۔

  • کور کمانڈرز کانفرنس: کورونا وبا میں سول انتظامیہ سے بھرپور تعاون کا اعادہ

    کور کمانڈرز کانفرنس: کورونا وبا میں سول انتظامیہ سے بھرپور تعاون کا اعادہ

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں مسلح افواج نے کورونا وبا میں سول انتظامیہ کی بھرپور مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں عالمی اور علاقائی سیکیورٹی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا نے حالیہ فارمیشن مشقوں میں آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا، پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کے حالیہ رابطے کے بعد کی صورت حال بھی غور کیا گیا۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شرکا نے حق خود ارادیت کشمیر سے مکمل اظہار یکجہتی کا اعادہ کیا گیا، کانفرنس میں کے پی میں ضم نئے اضلاع کی سیکیورٹی صورت حال پر بھی غور کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورم نے قبائلی اضلاع میں سول انتظامیہ کو فعال بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، کانفرنس کے شرکا نے افغان مفاہمتی عمل پر مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق کانفرنس کے شرکا کو دوست ممالک سے فوجی رابطوں سے آگاہ کیا گیا۔

    کانفرنس کے شرکا کو داخلی سیکیورٹی، کورونا کی تیسری لہر پر بریفنگ دی گئی، کورکمانڈرز نے کورونا وبا میں سویلین انتظامیہ کی بھرپور مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

  • آرمی چیف سے روسی وزیر خارجہ کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

    آرمی چیف سے روسی وزیر خارجہ کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے ملاقات کی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور روسی وزیر خارجہ کی ملاقات میں باہمی دلچسپی اور دفاعی و سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی، افغان مفاہمتی عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہمارے کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں ہیں، پاکستان علاقائی تعاون کے لیے کوشاں ہے۔

    پاک فوج کے سپہ سالار نے مزید کہا کہ پاکستان باہمی وقار اور مشترکہ ترقی کے فریم ورک کے لیے پرعزم ہے۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر پیوٹن کو دورۂ پاکستان کی دعوت

    واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف کی ملاقات ہوئی تھی ، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان نے روسی صدر پیوٹن کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے دوطرفہ تعلقات میں مستحکم نمو پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

    وزیراعظم نے روسی وزیرخارجہ کو مقبوضہ کشمیر صورتحال کے تناظر میں پاکستانی مؤقف سے آگاہ کیا اور دونوں رہنماؤں نے کشمیر تنازع کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔

  • سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، ٹی ٹی پی کا دہشت گرد مارا گیا

    سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، ٹی ٹی پی کا دہشت گرد مارا گیا

    راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران کالعدم ٹی ٹی پی کا دہشت گرد مارا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد زاہد الدین مارا گیا۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کا رہائشی زاہد الدین ٹی ٹی پی کا سرگرم رکن تھا، زاہد الدین ٹارگٹ کلنگ، فورسز پر حملوں، بھتہ خوری میں ملوث تھا۔

    مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان میں آپریشن، ٹی ٹی پی کا اہم دہشت گرد مارا گیا

    واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد اشرف اللہ عرف طوفانی مارا گیا تھا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اشرف اللہ ٹارگٹ کلنگ، سیکیورٹی فورسز پر حملوں، اور بھتہ خوری جیسے جرائم میں ملوث تھا۔