Author: لئیق الرحمن

  • شمالی وزیرستان میں آپریشن، ٹی ٹی پی کا اہم دہشت گرد مارا گیا

    شمالی وزیرستان میں آپریشن، ٹی ٹی پی کا اہم دہشت گرد مارا گیا

    راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم دہشت گرد مارا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں آپریشن میں ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بویا میں آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد اشرف اللہ عرف طوفانی مارا گیا۔

    آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے شدید فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد اشرف اللہ ہلاک ہو گیا، وہ ٹی ٹی پی کا سرگرم رکن تھا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق اشرف اللہ ٹارگٹ کلنگ، سیکیورٹی فورسز پر حملوں، اور بھتہ خوری جیسے جرائم میں ملوث تھا۔

  • پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارتی تعلقات کی راہ ہموار

    پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارتی تعلقات کی راہ ہموار

    اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ تجارت سے متعلق اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بھارت سے روئی اور چینی کی درآمد کی اجازت منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ حماد اظہر کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں 21 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا تاہم اجلاس میں سرفہرست ایجنڈہ بھارت سے روئی اور چینی کی درآمد کی سمری منظور کرنا تھا۔

    ذرائع کے مطابق طویل مشاورت کے بعد ای سی سی کی تیس جون دو ہزار اکیس تک بھارت سےکاٹن یارن درآمد کی منظوری دے دی اس کے علاوہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے نجی شعبے کو بھارت سےچینی درآمد کرنےکی بھی اجازت دی۔

    حماد اظہر کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ای سی سی نے وزارتوں کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی بھی منظوری دی۔

    دوسری جانب پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب نے بھارت سے کپاس،دھاگہ درآمد کرنے کی اجازت کو ٹیکسٹائل ویلیو ایڈڈ سیکٹر کیلئے بہت بڑا فیصلہ قرار دیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ اس فیصلے سے دھاگےکی قیمتیں کم اور ٹیکسٹائل ایکسپورٹس میں اضافہ ہوگا جبکہ لوکل پاور لومز کی صنعت جو کپڑا بناتی ہے اس کا پہیہ تیزی سےچلتا رہےگا، تمام صنعتوں سے لاکھوں مزدوروں کا روزگار وابستہ ہے۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے بھارت سے کاٹن یارن اور چینی درآمد کرنے کا فیصلہ اب وفاقی کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا، وفاقی کابینہ کی جانب سے منظوری کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارتی تعلقات بحال ہوجائیں گے۔

    یاد رہے کہ پاکستان مئی دو ہزار بیس میں ہندوستان سے ادویات اور خام مال درآمد سے پابندی ختم کرچکا ہے، یہ فیصلہ کرونا وبائی امراض کے دوران ضروری ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئےکیا گیا تھا۔

     

  • پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں‌ کمی کا امکان

    پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں‌ کمی کا امکان

    اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری وزارتِ خزانہ کو ارسال کردی۔

    اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یکم اپریل سے پٹرول ڈیڑھ روپے فی لیٹرتک سستاہونےکا امکان ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں ڈھائی روپے فی لیٹر کمی ہوسکتی ہے۔

    ذرائع کے مطابق حکومت نے لیوی بڑھائی تو ماہ اپریل میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہ سکتی ہیں۔

    یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ایک لیٹرپٹرول پر 11روپے 23پیسے پٹرولیم لیوی عائد ہے، اسی طرح ایک لیٹر ڈیزل پر 12روپے 74پیسے پٹرولیم لیوی عائد ہے۔

    اوگرا کی جانب سے ارسال کی جانے والی سفارش پر وزیراعظم سے مشاورت کی جائے گی جس کے بعد وزارتِ خزانہ حتمی فیصلے کا اعلان کرے گا۔

    ذرائع کے مطابق اوگرا نے ماہ اپریل میں پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں ردوبدل کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردی ہے، جس کو منظوری ملنے کے بعد نئے نرخ کا اعلان کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ اوگرا کی جانب سے ہر ماہ 15 روز کے لیے قیمتوں میں ردوبدل کی سمری وزارت خزانہ کو ارسال کی جاتی ہے، وزیراعظم عمران خان نے 15 مارچ کو موصول ہونے والی سمری کو مسترد کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

  • اے ڈی بی نے پاکستان کو بڑی خوش خبری سنادی

    اے ڈی بی نے پاکستان کو بڑی خوش خبری سنادی

    اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے ہائیڈرو پاور پلانٹ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کو سراہتے ہوئے ایشیائی ترقیاتی بینک  نے قرض دینے کی منظوری دے دی ہے۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں ہائیڈرو پاور پلانٹ کیلئے30کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے، اس منصوبے سے کلین انرجی میں اضافہ ہوگا اور پاکستان کو 300 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق منصوبہ دریائے کنہار پر بنایا جائے گا، جو دو ہزار ستائیس تک مکمل ہوگا، پروجیکٹ کو بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پلانٹ کا نام دیا گیا ہے، نئے آبی منصوبے سے بارہ ملازمتوں کے مواقع میسرآئینگے جن میں سے 40 فیصد ملازمتوں پر مقامی افراد کوبھرتی کیا جائےگا۔

    اے ڈی بی کے مطابق منصوبے کے لئے ایشیائی انفراسٹرکچر سرمایہ کاری بینک کی جانب سے 28 کروڑ ڈالر قرض کی درخواست کی گئی ہے، منصوبے پر حکومت خیبرپختونخوا 17 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔

     

  • پاکستان کا  بیلسٹک میزائل شاہین ون اے کا کامیاب تجربہ

    پاکستان کا بیلسٹک میزائل شاہین ون اے کا کامیاب تجربہ

    راولپنڈی : پاکستان نے بیلسٹک میزائل شاہین ون اے کا کامیاب تجربہ کرلیا ، شاہین ون اے میزائل زمین سے زمین تک مار کرنےکی صلاحیت رکھتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کا بیلسٹک میزائل شاہین ون اے کا کامیاب تجربہ کیا ، شاہین ون اے میزائل زمین سے زمین تک مار کرنےکی صلاحیت رکھتا ہے اور 900کلو میٹرتک ہدف کونشانہ بنا سکتا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ تجربے میں میزائل کےمختلف ٹیکنیکل پیرامیٹرزکوکامیابی سے جانچا گیا ، اس موقع پر ڈی جی ایس پی ڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج ،چیئرمین نیسکام ڈاکٹر رضا ثمر ودیگر موجود تھے۔

    بیلسٹک میزائل شاہین ون اے کے کامیاب تجربے پر صدر پاکستان عارف علوی ، وزیراعظم عمران خان ،سروسز چیفس نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ بھی پاکستان نے کروز میزائل بابر کا کامیاب تجربہ کیا تھا ، بابرکروزمیزائل کا تجربہ ملٹی ٹیوب میزائل لانچ وہیکل کےذریعے کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بابرکروزمیزائل450کلومیٹرتک زمین،سمندرمیں ہدف کونشانہ بنانےکی صلاحیت رکھتا ہے۔

  • پاکستان آرمی کی ٹیم نے نیپال میں گولڈ میڈل جیت لیا

    پاکستان آرمی کی ٹیم نے نیپال میں گولڈ میڈل جیت لیا

    راولپنڈی: پاکستان آرمی کی ٹیم نے نیپال میں ہونے والے انٹرنیشنل ایڈونچر مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت لیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیپال میں 18 سے 21 مارچ تک ہونے والے بین الاقوامی مہم جوئی مقابلوں میں پاکستان آرمی نے طلائی تمغہ جیت لیا، مقابلوں کا مقصد جسمانی مہارتوں، پھرتی اور ذہنی چستی کی جانچ کرنا تھا۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق مقابلوں میں کراس کنٹری رننگ، سائیکلنگ اور رافٹنگ شامل تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے پہلی بار ایونٹ میں حصہ لیا، ایونٹ میں مجموعی طور پر 20 ٹیمیں شامل تھیں۔

    بین الاقوامی کیٹگری میں پاکستان آرمی کی ٹیم نے گولڈ میڈل جیتا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل تینتیسویں نیشنل گیمز میں پاک آرمی نے ایک سو پچاس گولڈ میڈلز، ایک سو چونتیس سلور اور چھیانوے براؤنز میڈلز حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

    پاکستان واپڈا تین سو بیس میڈلز کے ساتھ دوسرے اور پاکستان ریلوے نے ایک سو چار میڈلز حاصل کیے تھے۔ تقریب کا اختتام رنگا رنگ انداز سے کیا گیا تھا جس میں دلکش آتش بازی نے خوب رنگ جمایا تھا۔

  • یوم پاکستان فوجی پریڈ، اہم ہدایت نامہ جاری

    یوم پاکستان فوجی پریڈ، اہم ہدایت نامہ جاری

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یومِ پاکستان کی پریڈ میں ایس او پیز کے حوالے سے اہم ہدایت نامہ جاری کردیا۔

    کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر آئی ایس پی آر نے 23 مارچ کی پریڈ کے شرکا کے لیے ہدایت نامہ جاری کیا جس کے مطابق پریڈ کے شرکا کو پہلے ہی روز سے خصوصی بائیو سکیور ببل میں رکھا گیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پریڈ دیکھنے کے لیے آنے والے تمام شرکا کو کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا، حاظرین کو حفاظتی ماسک کے بغیر پنڈال میں‌ داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

    شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق تمام داخلی مقامات پر خصوصی چیکنگ کی جائے گی، ہرانکلوژر کے داخلی دروازے پر  فیس ماسک اور  سینیٹائزر کے اطلاق کویقینی بنایاگیا ہے۔

    مزید پڑھیں: یومِ پاکستان پر بھرپور قومی یکجہتی کیساتھ پریڈ کا انعقاد ہوگا، ڈی جی آئی ایس پی آر

    پریڈ دیکھنے کے خواہش مند افراد کو درجہ حرارت چیک کرنے کے مرحلے سے گزرنا ہوگا جبکہ تقریب میں مہمانوں کے بیٹھنے کا انتظام سماجی فاصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ ہر سال 23 مارچ کو یوم پاکستان کے طور پر منایا جاتا ہے، جس کے تحت اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں فوجی پریڈ کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ رواں سال پہلی بار ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کا دستہ بھی پریڈ کا حصہ بنے گا۔

    خیال رہے کہ یوم پاکستان، مملکت خداداد کی تاریخ کا بہت اہم دن ہے، اس روز مینار پاکستان کے مقام پر قرارداد پاکستان پیش کی گئی تھی، جس کی بنیاد پر آل انڈیا مسلم لیگ نے برصغیر میں مسلمانوں کے جداگانہ وطن کے حصول کے لیے تحریک شروع کی اور 7 برس کے بعد اپنا مطالبہ منظور کرانے میں کامیاب رہی۔

    یہ بھی پڑھیں: اے ایس ایف پہلی بار یوم پاکستان پریڈ میں شرکت کرے گی

    اس مطالبے کے نتیجے میں 73 برس قبل اسلامی جمہوریۂ پاکستان کے نام سے نیا ملک دنیا کے نقشے پر ابھر کر سامنے آیا۔

  • دو ممالک کے فوجی سربراہان کی چیف آف آرمی اسٹاف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں

    دو ممالک کے فوجی سربراہان کی چیف آف آرمی اسٹاف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں

    راولپنڈٰ: سری لنکا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور بحرین نیشنل گارڈکےکمانڈرجنرل نے پاک فوج کے سپہ سالار سے ملاقات کی۔

    پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیوں میں بتایا گیا ہے کہ سری لنکا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور سری لنکن فوج کے کمانڈر جنرل شوندرا سلوا  نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا۔

    سری لنکن چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی،فوجی تعاون اور علاقائی سیکیورٹی کی صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    سری لنکن آرمی کے کمانڈر جنرل نےخطے میں امن و استحکام اور افغان مفاہمتی عمل کے لیے پاکستان کی کوششوں کوسراہا۔ جنرل سلوا نے یادگار شہدا پرحاضری دی اور پھول چڑھائے۔

    بعد ازاں بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ  نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں فوجی سربراہان نے ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی، افغان مفاہمتی عمل پرتبادلہ خیال بھی کیا۔

    پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان بحرین کے ساتھ سفارتی، دفاعی تعلقات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے‘۔ دونوں ملکوں کے فوجی سربراہان نے خطےمیں امن و سیکیورٹی کے لیے ےکوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ بحرینی کمانڈر نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے اقدامات اور کاوشوں کو سراہا۔

  • سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، ٹی ٹی پی کا مطلوب دہشت گرد ہلاک، ایک گرفتار

    سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، ٹی ٹی پی کا مطلوب دہشت گرد ہلاک، ایک گرفتار

    راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے سوات میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی جس کے نتیجے میں‌ تحریک طالبان کا مطلوب دہشت گرد مارا گیا۔

    پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے سوات کے علاقے کانجو میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گرد نے فورسز پر فائرنگ کی جس پر اہلکاروں نے جوابی فائرنگ بھی کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا جس کی شناخت مکرم کے نام سے ہوئی، سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد کو گرفتار بھی کیا۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ کی زد میں آکر دو شہری شہید ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے ہے، جو سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور اسکول تباہ کرنے میں ملوث تھے۔

    واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے 7 مارچ کو شمالی اور جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، جس کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 سرکردہ دہشت گرد مارے گئے، جن کی شناخت عبدالآدم، محبوب، میر سلام کے ناموں سے ہوئی۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق عبدالآدم نامی دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں سمیت دہشت گردی میں مطلوب تھا۔

    مذکورہ بالا کارروائی سے ایک روز قبل سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات پر دو آپریشنز کیے ، جس کے  دوران 3 دہشت گرد لیڈرز سمیت 8  افراد مارے گئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مارے جانے والوں میں عبدالانیر عرف عادل، جنید عرف جامد، خالق عرف ریحان شامل ہیں، مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور مقامی لوگوں پر حملوں میں ملوث تھے۔

  • افسر اور جوان خطرات کے پیش نظر پیشہ ورانہ مہارتوں پر توجہ رکھیں، آرمی چیف

    افسر اور جوان خطرات کے پیش نظر پیشہ ورانہ مہارتوں پر توجہ رکھیں، آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ افسر اور جوان خطرات کے پیش نظر پیشہ ورانہ مہارتوں پر توجہ رکھیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور کور کے فیلڈ ایریا کا دورہ کیا، اس موقع پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    آرمی چیف کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی، جنرل قمر جاوید باجوہ نے جوانوں سے ملاقات کی اور چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، تربیت کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔

    مزید پڑھیں: آرمی چیف کا شمالی اور جنوبی وزیرستان کا دورہ

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ افسر اور جوان خطرات کے پیش نظر پیشہ ورانہ مہارتوں پر توجہ رکھیں، اعلیٰ مہارت اور تربیت ہر چیلنج کے موثر جواب میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا تھا، اس موقع پر آرمی چیف کو بارڈر مینجمنٹ، سماجی، اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی تھی۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے کوشاں ہے، پاکستان نے بارڈر سیکیورٹی کو مزید موثر، فعال بنایا ہے، ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بہتر بنائی ہے۔