Author: لئیق الرحمن

  • مجاہدین سے جھڑپ میں 4  بھارتی فوج  ہلاک

    مجاہدین سے جھڑپ میں 4 بھارتی فوج ہلاک

    راولپنڈی: مقبوضہ جموں کشمیر میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں چار بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مجاہدین اور بھارتی فوج میں جھڑپ مقبوضہ وادی میں ہوئی، بھارتی فوج کا کپواڑہ میں مجاہدین سے سات اور آٹھ نومبرکی شب سامنا ہوا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں چار بھارتی فوجی مارےگئے، اس واقعے کے بعد بھارتی فوج نے ایل او سی کے مختلف سیکٹرزپر شرانگیزیاں شروع کیں اور بھاری ہتھیاروں، مارٹرزگولوں کا بےدریغ استعمال کیا، ایل اوسی کےکئی سیکٹرز پر جان بوجھ کر شہری آبادی کونشانہ بنایا گیا، بھارتی فوج نے عالمی قوانین، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کیں۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارتی اشتعال انگیزیوں سے چار معصوم شہری شہید جبکہ بارہ زخمی ہوئے، پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزیوں کا منہ توڑ جواب دیا، پاک فوج نے بھارتی چیک پوسٹوں کو موثرانداز میں نشانہ بنایا، پاک فوج کی جوابی کارروائی سے بھارتی فوج کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا، جبکہ پاک فوج کا ایک جوان بہادری سے لڑتاہوا شہید ہوا جبکہ پانچ زخمی ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت کیخلاف پاکستان کی فتح کو دنیا بھر میں تسلیم کیاگیا: ڈی جی آئی ایس پی آر

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فوج کو پہنچنے والا نقصان بھارتی میڈیا نےتسلیم کیا، پاکستان ایک امن پسند ریاست ہے، پاک فوج بھی خطےمیں امن چاہتی ہے، پاک فوج مادر وطن کا دفاع یقینی بنائےگی، کشمیری بھائیوں کی جان ومال کا تحفظ ہر صورت میں یقینی بنائیں گے اور بھارت کی ہر اشتعال انگیزی کا منہ توڑجواب دیا جائےگا۔

  • آرمی چیف اوربل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

    آرمی چیف اوربل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں بل گیٹس نے انسداد پولیو مہم کی کامیابی میں تعاون پر پاک فوج کےکردار کو سراہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو میں کرونا وبا کی روک تھام اورپولیو مہم کے آغاز پر بات چیت کی گئی، بل گیٹس نے پاک فوج کی قومی مہم سپورٹ کی تعریف کی اور انسداد پولیو مہم کی کامیابی میں تعاون پر پاک فوج کے کردار کو سراہا۔

    بل گیٹس سے ٹیلی فونک گفتگو میں آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے کہا کہ پولیو مہم کامیاب موبائل ٹیمز، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے باعث ممکن ہوئی ہے، پولیو مہم قومی کاز اور قومی کوشش ہے، پاکستان میں ہربچےکا محفوظ ہونا کامیابی تصور کرتےہیں۔

  • آئی جی سندھ واقعہ : فوج کی کورٹ آف انکوائری مکمل، متعلقہ آفیسرز ذمہ داریوں سے برطرف

    آئی جی سندھ واقعہ : فوج کی کورٹ آف انکوائری مکمل، متعلقہ آفیسرز ذمہ داریوں سے برطرف

    راولپنڈی : مزارقائد کی بے حرمتی کے پس منظر میں رونما ہونے والے آئی جی سندھ کے واقعے کی فوجی کورٹ آف انکوائری مکمل کرلی گئی ہے ، جس میں متعلقہ آفیسرز کو ذمہ داریوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق مزارقائد کی بےحرمتی کے پس منظر میں رونما ہونے والے واقعے پر آئی جی سندھ کے تحفظات کے حوالے سے فوج کی کورٹ آف انکوائری مکمل کرلی گئی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ کے واقعے کی انکوائری آرمی چیف کے حکم پر کی گئی، کورٹ آف انکوائری کی سفارش پر متعلقہ آفیسرز کو ذمہ داریوں سےہٹادیا گیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق کورٹ آف انکوائری کے مطابق واقعہ 19،18اکتوبرکی درمیانی شب کا ہے، پاکستان رینجرز سندھ اورسیکٹر ہیڈ کوارٹرز آئی ایس آئی کراچی کے آفیسرز عوامی ردعمل سے نمٹنے میں مصروف تھے، آفیسرز نے عوامی ردعمل کے مدنظرسندھ پولیس کا طرزعمل سست پایا اور کشیدہ صورتحال میں آفیسرزنےاپنی حیثیت میں کسی قدرجذباتی ردعمل کامظاہرہ کیا۔

    پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تجربہ کار آفیسرز کے طور پر انہیں ناپسندیدہ صورتحال سے گریزکرنا چاہیے تھا ، ذمہ دار آفیسر کی وجہ سے ریاست کے 2اداروں میں غلط فہمیاں پیدا ہوئیں، ضابطہ کی خلاف ورزی پر آفیسرز کیخلاف کارروائی جی ایچ کیومیں کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ انیس اکتوبر کی شب مزارقائد کے تقدس کی پامالی کے الزام میں پولیس نے کیپٹن(ر)صفدرکو گرفتارکیا تھا، ان کی گرفتاری نجی ہوٹل سےعمل میں لائی گئی، کیپٹن(ر)صفدر کو گرفتاری کے بعد عزیز بھٹی تھانے منتقل کیا گیا تھا۔

    بعد ازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے کور کمانڈر کراچی کو تمام واقعات کی تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی تھی۔

  • پاک فوج ایل او سی پر عوام کا تحفظ یقینی بنائے گی، آرمی چیف

    پاک فوج ایل او سی پر عوام کا تحفظ یقینی بنائے گی، آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر عوام کا تحفظ یقینی بنائے گی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال سمیت فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

    پاک فوج کے سپہ سالار کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج ایل او سی پر شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنارہی ہے، پاک فوج ایل او سی کے عوام کا تحفظ یقینی بنائے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایف ڈبلیو او ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا، ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر انجینئر اینڈ چیف لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز نے ان کا استقبال کیا تھا، اس موقع پر ڈی جی ایف ڈبلیو او میجر جنرل کمال اظفر بھی موجود تھے۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ایف ڈبلیو او کے تحت مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی تھی۔

    آرمی چیف نے ایف ڈبلیو او کے زیر انتظام منصوبوں پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی اہمیت کے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  • آرمی چیف کا ایف ڈبلیو او ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، مختلف منصوبوں‌ پر بریفنگ

    آرمی چیف کا ایف ڈبلیو او ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، مختلف منصوبوں‌ پر بریفنگ

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ قومی مفاد میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو سپورٹ کرنا چاہیے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایف ڈبلیو او ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر انجینئر اینڈ چیف لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر ڈی جی ایف ڈبلیو او میجر جنرل کمال اظفر بھی موجود تھے۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ایف ڈبلیو او کے تحت مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

    آرمی چیف نے ایف ڈبلیو او کے زیر انتظام منصوبوں پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی اہمیت کے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

    پاک فوج کے سپہ سالار نے میگا پروجیکٹس کے لیے ادارے کی صلاحیتوں کو سراہا، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قومی مفاد میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو سپورٹ کرنا چاہئئے، بہتر قومی مفاد میں نجی شعبے کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔

  • آرمی چیف سے زلمے خلیل زاد کی ملاقات، افغان امن عمل پر تبادلہ خیال

    آرمی چیف سے زلمے خلیل زاد کی ملاقات، افغان امن عمل پر تبادلہ خیال

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے جی ایچ کا دورہ کیا اس دوران زلمے خلیل زاد کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات ہوئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی صورت حال، افغان امن عمل پر گفتگو کی گئی، پاک افغان بارڈر مینجمنٹ، افغانستان میں دیرپا امن کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق زلمے خلیل زاد نے خطے میں فروغ امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

    https://urdu.arynews.tv/us-envoy-nato-meet-bajwa/

    ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ودیگر ارکان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد اورافغانستان میں امریکی فوج کے سربراہ جنرل آسٹن سکاٹ ملر نے ملاقات کی تھی۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اور افغانستان میں امریکی فوج کے سربراہ جنرل آسٹن نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔

  • بلوچستان میں دہشتگردی کی کوشش ناکام، انتہائی مطلوب دہشتگرد سرغنہ مارا گیا

    بلوچستان میں دہشتگردی کی کوشش ناکام، انتہائی مطلوب دہشتگرد سرغنہ مارا گیا

    راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنادی، دوران آپریشن انتہائی مطلوب دہشت گرد سرغنہ مارا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے ٹھکانے پر آپریشن کیا جس کے نتیجے میں انتہائی مطلوب دہشت گرد سرغنہ مارا گیا۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق مارا گیا دہشت گرد سرغنہ معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھا، آپریشن میں بڑی مقدار میں گولہ بارود تحویل میں لے لیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار بھی زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے کیچ کے پہاڑی علاقے میں آپریشن کیاتھا ، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ  دہشت گرد فورسز پر حملوں اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھے، ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ آپریشن میں بڑی تعداد میں اسلحہ، مواصلاتی آلات برآمد کیے گئے ہیں۔

    یاد  رہے کہ اس سے قبل بھی سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع آواران میں خفیہ آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔

  • بھارتی سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف زہر آلود پروپیگنڈے میں اضافہ

    بھارتی سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف زہر آلود پروپیگنڈے میں اضافہ

    اسلام آباد: بھارتی سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف زہر آلود پروپیگنڈے میں اضافہ دیکھنے میں آیا ، مرکزی ہدف چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ رہے۔

    تفصیلات کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی ریسرچ کی جانب سے رپورٹ جاری کی گئی ہے ، جس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف زہر آلود پروپیگنڈے میں اضافہ دیکھنے میں آیا ، ڈیجیٹل میڈیا پر پاکستان کیخلاف بھارتی پروپیگنڈا کی نشاندہی کر دی گئی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے 2018 کے انتخابات کے بعد پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں تیزی آئی اور اگست 2020ء سے اب تک بھارتی پروپیگنڈے کے 4 بڑے اہداف رہے۔

    جن میں مرکزی اور اہم ہدف چیئرمین سی پیک لیفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ رہے جبکہ بھارتی پروپیگنڈے میں پاک فوج کے خلاف مہم دوسرابڑاٹارگٹ رہا اور پاکستان میں انتشار اور بدامنی پھیلانا تیسرا بڑاہدف نظر آیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر پر پروپیگنڈے اور سی پیک کو سبوتاژ کرنے کیلئے ڈیجیٹل میڈیا کا استعمال بھی جاری ہے۔

    خیال رہے بھارتی میڈیا نے پاکستان کےخلاف ایک بار پھرمضحکہ خیز پروپیگنڈا شروع کیا اورکراچی میں گیس لیکیج کے دھماکے کو خانہ جنگی کا نتیجہ قرار دیا جبکہ ٹوئٹر کے مصدقہ بھارتی اکاؤنٹس سے جعلی ٹویٹ کیے گئے۔

  • آرمی چیف نے کراچی کے حالیہ واقعات کا نوٹس لے لیا

    آرمی چیف نے کراچی کے حالیہ واقعات کا نوٹس لے لیا

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی میں پیش آنے والے کیپٹن (ر) صفدر کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی کے حالیہ واقعات کا نوٹس لے لیا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور کمانڈر کراچی کو تمام واقعات کی تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی۔

    واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی سےکراچی واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

    بلاول نے سوال کیا تھا کہ کون تھے وہ دو لوگ کو آئی جی کو صبح 4 بجے گھر سے لیکر گئے تھے، سب افسران سوال کررہےہیں کون تھےجوآئی جی سندھ کےگھرپرگئے۔

    مزید پڑھیں: صفدر کی گرفتاری سندھ کی بےعزتی ہے، گورنر راج لگا کر دکھائیں، بلاول بھٹو

    ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے مزار پر ایک نعرہ لگانے پر اتنا بڑا ایشو بنایا گیا، ایسی کیا ضرورت پڑگئی کہ صبح 4 بجے آئی جی سندھ کو گھر سے لے گئے، اگر پولیس پر دباؤ ڈالا جائے گا تو وہ اپنا کام کیسے کرے گی۔

    بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پولیس پر دباو ناقابل برداشت ہے، آئی جی سندھ کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا ہے اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی نے حالیہ واقعے کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیسے مسائل ہیں اس پر ایک فورس یا جماعت قابو نہیں پاسکتی کیونکہ پاکستان کی تاریخ میں آج تک ایسا بحران نہیں دیکھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ دیگر صوبوں میں پولیس پولیٹیکل ونگ کی طرح کام کررہی ہے لیکن ادارے کسی ایک جماعت کے نہیں اسی لیے ان کو غیر جانبدار ہوکر کام کرنا چاہیے۔

  • شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 2 دہشت گرد ہلاک

    شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 2 دہشت گرد ہلاک

    پشاور : سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کرتے ہوئے دو مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات موصول ہونے پر آپریشن کیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران علیم خان خوشحالی گروپ سے وابستہ دو انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد گزشتہ روز میر علی کے رہائشی ملک رئیس کے قتل میں بھی ملوث تھے جبکہ دونوں پولیس کو دیگر دہشت گردی کی وارداتوں میں بھی مطلوب تھے۔

    یاد رہے کہ 4 اکتوبر کو بھی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کرتے ہوئے 2 مطلوب دہشت گردوں کو واصل جہنم جبکہ ایک کو گرفتار کیا تھا۔

    سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک

    مطلوب دہشت گرد مقامی لوگوں کے قتل، اغوا، دیگر وارداتوں اور سیکیورٹی فورسز پر 25 سے زائد حملوں میں ملوث تھے۔