Author: لئیق الرحمن

  • پاک فوج ایل او سی پر بے گناہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے گی، آرمی چیف

    پاک فوج ایل او سی پر بے گناہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے گی، آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج ایل او سی پر بے گناہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے گی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا، آرمی چیف کو ایل او سی کی صورتحال اور بھارتی اشتعال انگیزیوں پر بریفنگ دی گئی، اس موقع پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔

    آرمی چیف نے پاک فوج کے جوانوں کے بلند حوصلے اور تیاریوں کو سراہا، انہوں نے جوانوں اور افسران کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔

    پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزیاں خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں، قابض بھارتی فوج کا کشمیریوں پر ظلم قبول نہیں، آزاد کشمیر کی شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا برداشت نہیں کرسکتے۔

    آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج ایل او سی پر بے گناہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے گی، ہر قیمت پر مادر وطن کا دفاع یقینی بنائیں گے۔

    آرمی چیف نے کرونا وبا سے متعلق فارمیشن کی احتیاطی تدابیر کی بھی تعریف کی، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج کرونا وبا پر قابو پانے کے لیے قومی کوششوں کو سپورٹ کرتی رہے گی۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل بھارتی فوج نے جندروٹ، کھوئی رٹہ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 36 سالہ یاسمین بی بی شہید اور 8 سالہ بچی عطیہ ظہیر زخمی ہوگئی تھی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مودی کو اقتدار ملنے سے ہندو توا، سیفران دہشتگردی بھارت میں انتہا پر پہنچ گئی ہے، مودی نے آر ایس ایس کے انتہا پسند نظریے، تشدد کی پالیسی کو سرحد پار تک پھیلا دیا۔

  • شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 9 دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید

    شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 9 دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید

    راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی، خیسورہ میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 9 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک دہشت گرد گرفتار کرلیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔ شہید لانس نائیک عبدالوحید کاتعلق مظفرآباد سے ہے،شہید سپاہی سقم داد کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔

    شمالی وزیرستان : دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پرحملہ، 5 دہشت گرد ہلاک،ایک جوان شہید

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے 20 اپریل کو آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ سے دس کلومیٹر دور دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک جوان شہید اور 3 زخمی ہوئے تھے۔

    شمالی وزیرستان، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 2 دہشت گرد مارے گئے

    یاد رہے کہ رواں ماہ 13 اپریل کو شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

  • چین سے امدادی سامان کی دوسری کھیپ پاکستان پہنچ گئی، آئی ایس پی آر

    چین سے امدادی سامان کی دوسری کھیپ پاکستان پہنچ گئی، آئی ایس پی آر

    راولپنڈی: چین سے میڈیکل ایمرجنسی ریلیف کی دوسری کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چین سے میڈیکل ایمرجنسی ریلیف کی دوسری کھیپ پاکستان پہنچ گئی، جس میں ٹیسٹنگ کٹس، سرجیکل ماسک، این 95 ماسک شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کھیپ میں وینٹی لیٹرز اور حفاظتی سوٹ بھی شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چینی میڈیکل ٹیم کی قیادت میجر جنرل ہوآنگ کررہے ہیں، میڈیکل ٹیم ماہر ڈاکٹرز اور نرسنگ ماہرین پر مشتمل ہے، چینی میڈیکل ٹیم پاکستان میں دو ماہ قیام کرے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی قومی ایئرلائن پی آئی اے کا خصوصی کارگو طیارہ اور پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ چین سے امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچا تھا۔

    این ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ چین سےخریدےگئےطبی سامان کی ایک اورکھیپ پاکستان پہنچ گئی، پاک فضائیہ کاخصوصی طیارہ آئی ایل76سامان لیکراسلام آبادپہنچا، سامان میں20بائیوسیفٹی کیبینٹ،50ہزاروی ٹی ایم کٹس شامل ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ 116 نیوکلیائی ایسڈایکسٹرکشن کٹس،91بائیوٹیسٹنگ کٹس، 50ہزار کے این95ماسک شامل ہیں ، چند روز میں صوبوں، آزاد کشمیر،جی بی کو مزید حفاظتی کٹس، ٹیسٹنگ کٹس دیں گے۔

    یاد رہے تین روز قبل چین کی پرواز طبی سامان لے کر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی تھی، طبی سامان میں ماسک، گلوز، سینیٹائزر، ٹیسٹنگ کٹس اور حفاظتی کٹس شامل تھیں۔

  • بھارت کا ایل او سی پر اشتعال انگیزیوں اور خلاف ورزیوں کا دعویٰ بےبنیاد ہے، آئی ایس پی آر

    بھارت کا ایل او سی پر اشتعال انگیزیوں اور خلاف ورزیوں کا دعویٰ بےبنیاد ہے، آئی ایس پی آر

    راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ بھارت کا ایل او سی پر اشتعال انگیزیوں اور خلاف ورزیوں کا دعویٰ بےبنیاد ہے، بھارتی الزام تراشی مسائل سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی الزام تراشیاں مسترد کرتے ہوئے بھارتی15 کور کا بی بی سی کو انٹرویو حقائق کے منافی قرار دے دیا۔

    میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بھارتی الزام تراشی مقامی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، بھارت5 اگست کے غیر آئینی فیصلے اور صورتحال سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے، بھارت کا سیزفائر کی خلاف ورزیوں اور دراندازی کا الزام مضحکہ خیز ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے اقوام متحدہ کے مبصرگروپ کو کسی جگہ بھی جانےکی آزادی دے رکھی ہے، شفاف امور کار کے لیےعالمی مبصر کہیں جا کر بھی جائزہ لے سکتا ہے۔

    انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی قیادت کرونا وبا سے نمٹنے کی کوشش کرے،بھارتی قیادت پہلے ہی کرونا وبا سے متعلق غلط فیصلے کرچکی ہے۔

    میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان پر افراد مقبوضہ کشمیر میں داخل کرنے کا الزام بےبنیاد ہے، بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں بھی حالات بہتر کرنے پر توجہ دے،۔

  • شمالی وزیرستان، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 2 دہشت گرد مارے گئے

    شمالی وزیرستان، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 2 دہشت گرد مارے گئے

    راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے تبادلے میں نائیک عادل شہزاد نے جام شہادت نوش کیا۔شہید نائیک عادل شہزاد کا تعلق مانسہرہ کے علاقے سے تھا۔

    واضح رہے کہ تین روز قبل بھی شمالی وزیرستان میں فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، دہشت گردوں کی فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان میں فورسز کی کارروائی، 7 دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شہادت پانے والے جوانوں میں سپاہی مومن شاہ اور محمد ساجد شامل تھے، شہید سپاہی مومن شاہ کا تعلق ڈی آئی خان اور شہید ساجد کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان اور مہمند میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 7 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کارروائی شمالی وزیرستان کے عدل خیل گاؤں میں کی گئی، دہشت گرد علاقے سے فرار ہوتے ہوئے مارے گئے، دہشت گردوں سے اسلحہ، مواصلاتی آلات برآمد کرلیے گئے۔

  • شمالی وزیرستان میں فورسز کی کارروائی، 7 دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید

    شمالی وزیرستان میں فورسز کی کارروائی، 7 دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید

    راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں فورسز سے مقابلے کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، دہشت گردوں کے فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان شہید ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، دہشت گردوں کی فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق شہادت پانے والے جوانوں میں سپاہی مومن شاہ اور محمد ساجد شامل ہیں، شہید سپاہی مومن شاہ کا تعلق ڈی آئی خان اور شہید ساجد کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔

    واضح رہے کہ تین روز قبل بھی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان اور مہمند میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 7 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

    مزید پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان اور مہمند میں آپریشن، 7 دہشت گرد مارے گئے

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کارروائی شمالی وزیرستان کے عدل خیل گاؤں میں کی گئی، دہشت گرد علاقے سے فرار ہوتے ہوئے مارے گئے، دہشت گردوں سے اسلحہ، مواصلاتی آلات برآمد کرلیے گئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق مہمند میں آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں سے بھارتی ادویات، لٹریچر اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔

    یاد رہے کہ 9 مارچ کو سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاعات پر ٹانک کے قریب کارروائی میں 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ کرنل مجیب الرحمان شہید ہوگئے تھے۔

    خیال رہے رواں سال جنوری میں سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ 2جوان شہید ہوگئے تھے، شہید ہونے والوں میں سپاہی محمد شمیم اور سپاہی اسد خان شامل تھے۔

  • سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان اور مہمند میں آپریشن، 7 دہشت گرد مارے گئے

    سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان اور مہمند میں آپریشن، 7 دہشت گرد مارے گئے

    راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان اور مہمند میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 7 دہشت گرد مارے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور مہمند میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 7 دہشت گرد مارے گئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی شمالی وزیرستان کے عدل خیل گاؤں میں کی گئی، دہشت گرد علاقے سے فرار ہوتے ہوئے مارے گئے، دہشت گردوں سے اسلحہ، مواصلاتی آلات برآمد کرلیے گئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مہمند میں آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں سے بھارتی ادویات، لٹریچر اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔

    مزید پڑھیں: ڈی آئی خان: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ،کرنل مجیب الرحمان شہید، 2 دہشت گرد ہلاک

    واضح رہے کہ 9 مارچ کو سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاعات پر ٹانک کے قریب کارروائی میں 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ کرنل مجیب الرحمان شہید ہوگئے تھے۔

    یاد رہے رواں سال جنوری میں سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ 2جوان شہید ہوگئے تھے، شہید ہونے والوں میں سپاہی محمد شمیم اور سپاہی اسد خان شامل تھے۔

  • وبا سے بچاؤ اور مشکل کی گھڑی میں مدد کیلئے ہر شہری تک پہنچیں گے، آرمی چیف

    وبا سے بچاؤ اور مشکل کی گھڑی میں مدد کیلئے ہر شہری تک پہنچیں گے، آرمی چیف

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس سےبچاؤ اور مشکل کی گھڑی میں مدد کیلئے ہر شہری تک پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی چیف نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سینٹر میں دی گئی بریفنگ میں شرکت کی جس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

    اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ عوام کےتحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے گئے ہیں، ہم کسی طبقہ فکر کواس وبا میں تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔

    انہوں نے کہا کہ پاک فوج کےجوان ملک کے کونے کونےمیں شہریوں تک پہنچیں، وبا سے بچاؤ اور مشکل کی گھڑی میں مدد کیلئےہر شہری تک پہنچیں گے۔

    آرمی چیف نے کہا کہ قومی مربوط کوشش سے ان خطرات پر قابو پاسکتے ہیں، طےکردہ اقدامات بروقت کر لیے گئے تو پورا معاشرہ محفوظ رہےگا اس لیے ہمیں بلاتفریق رنگ ونسل ایک قوم بن کر اس وبا سے لڑنا ہے۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے واضح کہا کہ عوام کے کسی بھی حصےکو وبا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔

  • ایس پی ڈی اور این سی اے کے ملازمین کا کرونا فنڈ میں حصہ ڈالنے کا اعلان

    ایس پی ڈی اور این سی اے کے ملازمین کا کرونا فنڈ میں حصہ ڈالنے کا اعلان

    راولپنڈی: آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ایس پی ڈی اور این سی اے کے ملازمین نے کرونا فنڈ میں حصہ ڈالنے کا اعلان کیا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایس پی ڈی اور این سی اے کے ملازمین کرونا فنڈ میں حصہ ڈالیں گے، سائنسدان،انجینئرز اور دیگر ملازمین اپنی تنخواہوں کا حصہ عطیہ کریں گے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 11 سے 14 اسپیشل پےاسکیل کے ملازم 3 دن کی تنخواہ دیں گے، اسپیشل پےاسکیل کے 8 اور 10 کے ملازمین 2 دن کی تنخواہ عطیہ کریں گے، پے اسکیل ایک سے 7 کے ملازمین ایک دن کی تنخواہ دیں گے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کرونا فنڈ میں 1ماہ کی تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

    کورونا ریلیف فنڈ، پاک فضائیہ کے بعد پاک بحریہ کا بھرپور حصہ ڈالنے کا اعلان

    اس سے قبل ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود ایک ماہ کی تنخواہ جبکہ وائس ایڈمرل، ریئر ایڈمرل،کموڈور سطح کے افسران 3،3 دن کی تنخواہ کرونا ریلیف فنڈ میں دیں گے۔

    پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کے دیگر افسران 2،2 دن کی تنخواہ اور چیف پیٹی آفیسرز، سیلرز اور سویلین عملہ بھی ایک ایک دن کی تنخواہ عطیہ کریں گے۔

    یاد رہے چند روز قبل وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کرونا ریلیف فنڈ کے اعلان کے بعد پاک فضائیہ نے امدادی فنڈ میں حصہ ڈالنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • اوگرا کا ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا اعلان

    اوگرا کا ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا اعلان

    اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی کمی کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اوگرا نے اپریل کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں 39 روپے فی کلو کمی کا اعلان کردیا جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 462 روپے کی کمی کی گئی ہے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اپریل کے لیے 11.8 کلو کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 1067.39 روپے مقرر کی گئی ہے، مارچ کے لیے 11.8 کلو گھریلو سلنڈر کی قیمت 153.17 روپے تھی۔

    مزید پڑھیں: سندھ میں پیٹرول پمپس بھی شام 5 بجے بند ہوں گے

    واضح رہے کہ چند روز قبل حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر کیے جانے والے لاک ڈاؤن کے تحت سندھ میں تمام پیٹرول پمپس شام 5 بجے بند کردئیے جاتے ہیں۔

    محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ کہ پیٹرول پمپس کو بھی مقررہ اوقات کے بعد بند کرایا جائے گا، پابندی کا اطلاق سندھ کے تمام شہروں پر ہوگا۔