Author: لئیق الرحمن

  • دفاعی صنعت میں نجی شعبے کا اشتراک وقت کی اہم ضرورت ہے، آرمی چیف

    دفاعی صنعت میں نجی شعبے کا اشتراک وقت کی اہم ضرورت ہے، آرمی چیف

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کا کہنا ہے کہ دفاعی صنعت میں شراکت داری کےوسیع ترین مواقع موجودہیں، نجی شعبے کا اشتراک وقت کی اہم ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایس ای پی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسلام آباد میں دفاعی پیداواراورسیکیورٹی میں خودانحصاری کےموضوع پرمنعقدہ سیمینار سے خصوصی خطاب کیا۔

    سیمینار میں آرمی چیف کے ساتھ ساتھ وفاقی وزرااورنجی وسرکاری شعبوں کےحکام نے شرکت کی ،سیمینارسےوزیردفاعی پیداوارزبیدہ جلال،فوادچوہدری ودیگرنےاظہارخیال کیا۔

    اپنے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دفاعی صنعت میں شراکت داری کےوسیع مواقع موجودہیں ، دفاعی پیداوارکی تنظیموں کے ساتھ نجی شعبےکااشتراک اہم ضرورت ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ دفاعی صنعت کےفروغ اورخودانحصاری کیلئےاشتراک کی طرف جاناہوگا۔دفاعی شعبےمیں بامقصدترقی کےمعیشت پرمثبت اثرات ہوں گے ۔

    سیمینار کے شرکاء نے نیشنل سیکیورٹی کے لیے آزاددفاعی صنعت کےپہلوؤں پراظہارخیال کیا ، جس کے بعد پالیسی سطح کی سفارشات کوحتمی شکل دی گئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دفاعی پیداوار بڑھانے کے لیے وزیراعظم کی نگرانی میں دفاعی پیداوارکی ٹاسک فورس تشکیل دینےکی سفارش کی گئی جبکہ اضافی دفاعی مصنوعات کی برآمدات کے لیے بھی سفارشات دی گئیں۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ہونے والی 222 ویں کور کمانڈر کانفرنس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھاکہ پاکستان امن اورترقی کی راہ پر مثبت انداز سے گامزن ہے، دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنائیں گے۔

    کانفرنس میں آرمی چیف نےشرکاء کو اقتصادی صورتحال بہتر بنانےکے حوالے سےحکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ آئی ایس پی آر اعلامیے کے مطابق آرمی چیف نےمشکل مگر ضروری معاشی اقدامات سےآگاہ کیا۔

    اس سے قبل  28 جون کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں ملکی معیشت کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں آرمی چیف آف اسٹاف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور اہم مسئلے پر روشنی بھی ڈالی تھی۔

  • لاپتہ افراد کے معاملے پر حکومت، سیکیورٹی فورسز اور جوڈیشل کمیشن کام کررہا ہے، آصف غفور

    لاپتہ افراد کے معاملے پر حکومت، سیکیورٹی فورسز اور جوڈیشل کمیشن کام کررہا ہے، آصف غفور

    راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ حکومت ، سیکیورٹی فورسز اور جوڈیشل کمیشن لاپتہ افراد کے معاملے پر کام کررہا ہے، آرمی چیف نے جی ایچ کیو میں خصوصی سیل بھی قائم کیا۔

    تفصیلات کے مطابق  ڈی جی آئی ایس پی آر سے ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کی چیئرپرسن  آمنہ مسعود جنجوعہ کی ملاقات ہوئی، میجر جنرل آصف غفور کے مطابق دورانِ ملاقات لاپتہ افراد سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔

    پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق حکومت،سیکیورٹی فورسز لاپتہ افراد کےمعاملے پرکام کررہی ہیں جبکہ اس حوالے سے جوڈیشل کمیشن دن رات کوشاں ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف نےاس حوالےسےخصوصی سیل  جی ایچ کیومیں قائم کیا کیونکہ ہمارےدل لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے ساتھ دھڑکتےہیں، بہت سےلاپتہ افراد کالعدم ٹی ٹی پی (تحریک طالبان) کاحصہ ہیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بعض ریاست کے پاس موجود افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی جاری ہے، ہر لاپتہ شخص کو ریاست سے منسوب نہیں کیا جاسکتا کیونکہ بہت سارے افغانستان میں یا دہشت گردوں کے ہاتھوں لڑائی میں مارےگئے۔

    دوسری جانب آمنہ مسعود جنجوعہ کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کوریاست مخالف قوتوں کے ہاتھوں استعمال نہ ہونے دیا جائے، ریاست، فورسز کی لاپتہ افراد سےمتعلق کوششیں گراں قدر ہیں۔ آمنہ جنجوعہ نے لاپتہ افراد کی قانونی چارہ جوئی سےمتعلق ریاست پر مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا۔

    یاد رہے کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے سپریم کورٹ نے ایک کمیشن جسٹس (ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں تشکیل دیا تھا جو اس حوالے سے کام کررہا ہے۔

  • پاکستان مثبت انداز سے امن و ترقی کی راہ پر گامزن ہے، آرمی چیف

    پاکستان مثبت انداز سے امن و ترقی کی راہ پر گامزن ہے، آرمی چیف

    راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان امن اورترقی کی راہ پر مثبت انداز سے گامزن ہے، دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنائیں گے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق آرمی چیف کی زیرصدارت 222ویں کورکمانڈرزکانفرنس ہوئی جس میں جیو اسٹریٹجک،علاقائی،قومی سلامتی کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    کانفرنس میں بھارت،افغانستان،ایران سمیت خطےکی سیکیورٹی صورتحال پرغور جبکہ سیکیورٹی آپریشنز،کالعدم تنظیموں کے خلاف کی جانے والی کارروائیاں بھی زیرغورآئیں۔

    آرمی چیف نےشرکاء کو اقتصادی صورتحال بہتر بنانےکے حوالے سےحکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ آئی ایس پی آر اعلامیے کے مطابق آرمی چیف نےمشکل مگر ضروری معاشی اقدامات سےآگاہ کیا۔

    یاد رہے کہ  28 جون کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں ملکی معیشت کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں آرمی چیف آف اسٹاف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور اہم مسئلے پر روشنی بھی ڈالی تھی۔

    آرمی چیف کا اپنے خطاب میں کہنا تھا اب وقت قومی اہمیت کےامورپرکھل کر بات چیت ضروری ہے، حکومت  اور اسٹیک ہولڈرز کی قومی اہمیت پربات چیت ضروری ہے، ملکی استحکام معاشی خود مختاری کے بغیر ممکن نہیں ہے، ہم سب کو مل کر ملک کے لیے جدوجہد کرنا چاہیے۔

  • لورالائی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 2 خودکش بمباروں سمیت 4 دہشت گرد ہلاک

    لورالائی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 2 خودکش بمباروں سمیت 4 دہشت گرد ہلاک

    اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق صوبہ بلوچستان کے علاقے لورالائی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 خودکش بمباروں سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن ردالفساد کے تحت صوبہ بلوچستان کے علاقے لورالائی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر آپریشن کیا جس میں 2 خودکش بمباروں سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کا ماسٹر مائنڈ بھی ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ماسٹر مائنڈ کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد زیارت میں 6 لیویز اہلکاروں کو شہید کرنے میں ملوث تھے۔ ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آپریشن کے دوران 4 سیکیورٹی اہلکار بھی معمولی زخمی ہوئے۔

    سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مذکورہ کامیاب کارروائی علی الصبح کی گئی جب خفیہ اطلاع پر لورالائی کے علاقے ناصر آباد میں مکان پر چھاپہ مارا گیا، اس دوران کمپاؤنڈ میں موجود دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔

    اے ایس پی عطا الرحمٰن کے مطابق دھماکے سے ساتھ والے گھر کی دیوار بھی گر گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے جنہیں ملبے سے نکال کر طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: لورالائی حملے میں 3 اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید

    یاد رہے کہ 29 جنوری کو بلوچستان میں ہی ڈی آئی جی ژوب رینج کے دفتر پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس میں پولیس اہل کاروں سمیت 9 افراد شہید جب کہ 20 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    مزید پڑھیں: بلوچستان میں ایف سی کی کارروائی، 2 دہشت گرد ہلاک

    اس سے قبل 11 جنوری کو آپریشن ردالفساد کے تحت ایف سی نے قلات، خاران اور میواند میں مشتبہ ٹھکانوں پر کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

  • پاک فضائیہ کا اہم سنگ میل، جے ایف 17 تھنڈر سے ملکی ساختہ میزائل کا کامیاب تجربہ

    پاک فضائیہ کا اہم سنگ میل، جے ایف 17 تھنڈر سے ملکی ساختہ میزائل کا کامیاب تجربہ

    اسلام آباد: پاک فضائیہ نے جے ایف 17  تھنڈر طیارے سے ملکی ساختہ میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا جس نے اپنے ہدف کو 100 فیصد حاصل کیا۔

    پاک فضائیہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جےایف17سےداغےگئے ملکی ساختہ میزائل نے 100فیصد درستگی کیساتھ ہدف کونشانہ بنایا، ساختہ میزائل طویل فاصلے تک مارکرنے کی صلاحیت رکھتاہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جےایف 17 تھنڈر سے ملکی ساختہ میزائل  کا تجربہ عظیم سنگ میل ہے، قابل فخرسائنسدانوں ، انجینئرز کی شبانہ روز محنتوں اور صلاحیتوں کی وجہ سے یہ ہدف مکمل ہوا۔

    پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈرز کو ملکی سطح پر تیار کیے جانے والے جدید میزائل سے لیس کردیا گیا، ملکی ساختہ میزائل کے شامل ہونے سے روشنی اور اندھیرے میں اہداف کو  ٹھیک نشانہ بنانے کی صلاحیت بھی حاصل ہوگئی۔

    مزید پڑھیں: پاکستان کا نصربیلسٹک میزائل کا ایک اور کامیاب تجربہ

    ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے سائنسدانوں اور انجیئنئرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے عظیم کامیابی پر مبارک باد پیش کیا۔ اُن کا کہناتھا کہ میزائل کا ہدف کو درست طریقے سے نشانہ بنانا ماہرین کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے مگر اگر کسی دشمن ملک نے جارحیت مسلط کرنے کی کوشش بھی کی تو اُسے بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ پاکستان نے رواں سال کے پہلے ماہ کی 31 تاریخ کو ایک اور نصراللہ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا جو دورانِ پرواز ہدف تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ  تجربے کے دوسرے مرحلے میں دوران پرواز اور ہدف تک پہنچنے میں صلاحیتوں کا جائزہ لیا گیا جو کامیاب رہا۔

  • ماہ جنوری میں ایس ای سی پی نے 1,317 کمپنیاں رجسٹرڈ کیں

    ماہ جنوری میں ایس ای سی پی نے 1,317 کمپنیاں رجسٹرڈ کیں

    اسلام آباد : سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن ( ایس ای سی پی ) نے جنوری میں ایک ہزار تین سو سترہ (1,317) نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کیں، یہ تعداد گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں نو فیصد زائد ہے۔

    نئی رجسٹریشن کے بعد ملک میں کل رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد پچانوے ہزار (95,000) سے زیادہ ہو گئی ہے ، جنوری میں رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں تہتر (73) فیصد کمپنیاں پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیوں کے طور پر رجسٹر ہوئیں جبکہ چوبیس (24) فیصد نے سنگل ممبر کمپنیوں کی صورت میں رجسٹرین حاصل کی اور تین فیصد میں بطور پبلک ان لسٹڈ، غیر منافع بخش ادارے، غیر ملکی کمپنیاں اور لمیٹیڈ لائیبیلٹی پارٹنر شپس شامل ہیں ۔

    سب سے زیادہ یعنی دو سو چودہ (214) کمپنیاں ٹریڈنگ کے شعبے میں رجسٹر ہوئیں جبکہ دوسرے نمبر پر خدمات کا شعبہ رہا جس میں ایک سو پچاسی (185) کمپنیوں نے رجسٹریشن حاصل کی۔

    تعمیرات کے شعبے میں ایک سو اسی (180)، انفرمیشن ٹیکنالوجی میں ایک سو اٹھائیس (128)، سیاحت میں چوہتر (74)، خوراک و مشروبات میں تینتالیس (43)، تعلیم، مارکیٹنگ اور اشہارات، رئل اسٹیٹ، ہر ایک شعبے میں بیالیس (42)، ٹرانسپورٹ میں چالیس (40)، کارپوریٹ ایگری کلچر فارمنگ میں سینتیس(37)، انجنیئرنگ میں تیس (30)، کمیونی کیشن اور دوا سازی میں چوبیس‘ چوبیس(24)، ٹیکسٹائل میں انیس (19)، کان کنی میں اٹھارہ (18)، براڈ کاسٹنگ /ٹیلی کاسٹنگ اور توانائی میں سولہ‘ سولہ (16)، کیمیکل، کازمیٹک ، میں تیرہ‘ تیرہ(13)، پاور جنریشن میں بارہ (12)، ہیلتھ کئیر میں گیارہ (11) جبکہ ستر (70) کمپنیاں دیگر شعبوں میں رجسٹر ہوئیں۔

    جنوری میں کل اکسٹھ (61) کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی،ان کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کا تعلق چین، یونان، جرمنی، ہانگ کانگ، اٹلی، جاپان، لکسم برگ، ملائشیا، مراکش، نیدر لینڈز، قطر، سعودی عرب، سری لنکا، سویڈن، برطانیہ اور امریکہ سے ہے۔