Author: لئیق الرحمن

  • شہید رینجرز اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا، وزیر اعظم اور آرمی چیف کی شرکت

    شہید رینجرز اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا، وزیر اعظم اور آرمی چیف کی شرکت

    اسلام آباد: گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج میں شہید ہونے والے رینجرز اہلکاروں کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کر دی گئی۔

    نائیک محمد رمضان شہید، سپاہی گلفام خان شہید اور سپاہی شاہنواز شہید کو فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

    فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نماز جنازہ میں وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شرکت کی جبکہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ و دیگر حکام بھی موجود تھے۔

    اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان خون ریزی اور افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا، پُرتشدد کارروائیاں ناقابلِ قبول اور انتہائی ناقابلِ مذمت ہیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ پُرتشدد کارروائیوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحمل کا مظاہرہ کیا، پوری قوم رینجرز اور پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، ان پُرتشدد فسادات میں سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

    پیر اور منگل کی درمیانی شب سری نگر ہائی وے پر شرپسندوں نے گاڑی رینجرز اہلکاروں پر چڑھا دی تھی جس کے نتیجے میں 4 رینجرز اہلکار شہید جبکہ رینجرز اور پولیس کے 5 جوان شدید زخمی ہو گئے تھے جنہیں طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    واقعے کے بعد حکومت نے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کو طلب کر لیا اور اس کے ساتھ ہی شرپسندوں سے نمٹنے اور موقع پر گولی مارنے کے بھی واضح احکامات جاری کر دیے۔

  • پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش میں 3 خوارج ہلاک

    پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش میں 3 خوارج ہلاک

    راولپنڈی: پاک افغان سرحد سے ایک گروہ کی دراندازی کی کوشش میں 3 خوارج ہلاک ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک افغان سرحد سے خوارج کے ایک گروہ نے دراندازی کی کوشش کی، گروہ شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل سے داخل ہونے کی کوشش کررہا تھا۔

    سیکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی میں 3 خوارج مارے گئے۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان  بار بارموثر بارڈر مینجمنٹ کے لیے کہہ چکا ہے، توقع ہے افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین  خوارج  کو استعمال نہیں کرنے دے گی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

    وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ خوارجی دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام  بنانے پرسیکیورٹی  فورسز کو شاباش دیتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز انتہائی پروفیشنل اور باصلاحیت ہیں، قوم سیکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

  • اسلام آباد : رینجرز اہلکاروں کی شہادت : پاک فوج کو بلا لیا گیا

    اسلام آباد : رینجرز اہلکاروں کی شہادت : پاک فوج کو بلا لیا گیا

    اسلام آباد : سری نگر ہائی وے پر شرپسندوں کے ہاتھوں 4 رینجرز اہلکاروں کی شہادت کے بعد حکومت نے سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کرلیا۔

    اس حوالے سے سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ چونگی نمبر26پر مظاہرین نے رینجرز اور پولیس پر پتھراؤ اور فائرنگ کی۔

    ذرائع کے مطابق سری نگر ہائی وے پر شرپسندوں نے گاڑی رینجرز اہلکاروں پر چڑھا دی، جس کے نتیجے میں 4 رینجرز اہلکار شہید جبکہ رینجرز اور پولیس کے 5 جوان شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    صورتحال پر قابو پانے کیلیے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کو بلا لیا گیا ہے۔ انتشاریوں اور شرپسندوں کو موقع پر گولی مارنے کے واضح احکامات دے دیے گئے ہیں۔

    سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردانہ کارروائی سے نمٹنے کیلئے اہم اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں، اب تک شرپسندوں کے حملوں میں رینجرز کے 4 اور پولیس کے 2اہلکار شہید ہوچکے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک سو سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوچکے ہیں، متعدد کی حالت نازک ہے، انتشار اور شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نپٹنے کیلئے احکامات دے دیے گئے ہیں، انتشاریوں اور شرپسندوں کو موقع پر گولی مارنے کے واضح احکامات دے دیے گئے ہیں۔

  • خیبر پختونخوا میں فورسز کی کارروائیوں میں 3 خوارج ہلاک

    خیبر پختونخوا میں فورسز کی کارروائیوں میں 3 خوارج ہلاک

    راولپنڈی: صوبہ خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران 3 خوارج کو ہلاک اور 3 کو زخمی کر دیا۔

    فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلی کارروائی ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں کی گئی جہاں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 خوارج حق یار آفریدی اور گلہ جان مارے گئے۔

    دوسری کارروائی افغان سرحد سے دراندازی کرنے والے خوارج کے خلاف کی گئی۔ جنوبی وزیرستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک خواج کو ہلاک جبکہ 3 زخمی کیا گیا۔

    پاکستان عبوری افغان حکومت سے مؤثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنانے کا کئی مرتبہ کہہ چکا ہے۔ توقع ہے عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال نہیں ہونے دے گی۔

    گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 3 خوارج کو ہلاک اور 2 کو زخمی کیا تھا۔ آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر انداز میں کارروائی کی گئی تھی۔

    اس سے دو روز قبل بنوں میں دہشتگردوں کی جانب سے چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 12 جوان شہید اور فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارجی ہلاک ہوئے تھے۔

    خوارجیوں نے بارود سے بھری گاڑی عمارت کی دیوار سے ٹکرا دی تھی۔ خودکش دھماکے میں 12 اہلکار شہید جبکہ دھماکے کے نتیجےمیں انفرااسٹرکچر متاثر ہوا تھا۔

  • بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک

    بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک

    راولپنڈی: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے 3 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے 3 اضلاع میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ بلوچستان کے ضلع آواران میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 انتہائی مطلوب دہشتگرد مارے گئے، ہلاک دہشتگردوں کی  شناخت نیاز عرف گھمن، ظریف عرف شاہجہاں کے نام سے ہوئی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ بگٹی میں ایک اور آپریشن میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ کیچ میں ایک اور کارروائی میں مزید ایک اور دہشتگرد ہلاک ہوا۔

    رجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد فورسز کیساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، ہلاک ہونے والے دہشتگرد متعدد کارروائیوں میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو مطلوب تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کا امن، ترقی سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔

  • بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ،3 خوارج ہلاک، 2 زخمی

    بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ،3 خوارج ہلاک، 2 زخمی

    خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 3 خوارج کو ہلاک اور 2 کو زخمی کردیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

    آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانے پر موثر انداز میں کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 3 خوارج مارے گئے جبکہ 2 خوارج زخمی ہوگئے۔

      آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں سمیت معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

  • آرمی چیف کا دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا دورہ، اسلحہ و سازو سامان کا مشاہدہ

    آرمی چیف کا دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا دورہ، اسلحہ و سازو سامان کا مشاہدہ

    آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا دورہ کیا اور اسلحے سمیت سازو سامان کا مشاہدہ کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دفاعی نمائش آئیڈیاز کا دورہ کیا اس موقع پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے استقبال کیا۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے دوست ممالک کی دفاعی نمائش میں شرکت کو سراہا، پاک فوج کے سپہ سالار نے مقامی اور بین الاقوامی نمائش کنندگان کی حوصلہ افزائی کی۔

    دفاعی نمائش میں 557 نمائش کنندگان شریک ہیں، دفاعی نمائش میں 333 بین الاقوامی اور 224 مقامی شرکا شریک ہیں جبکہ 36 ممالک کے اسٹالز لگائے گئے ہیں جبکہ 17 ممالک پہلی بار نمائش میں شریک ہیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے فوجی حکام اور دفاعی مندوبین سے بات چیت بھی کی، دفاعی نمائش میں شاہپر تھری بغیر پائلٹ طیارہ  توجہ کا مرکز رہا، پاکستانی ساختہ شاہپر تھری ڈرون کا دفاعی  نمائش میں افتتاح کیا گیا۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شاہپر تھری ڈرون 35 ہزار فٹ بلندی پر 24 گھنٹے سے زائد پرواز کرسکتا ہے۔

  • بنوں میں  خوارجیوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، 12 جوان شہید ، 6 خوارجی ہلاک

    بنوں میں خوارجیوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، 12 جوان شہید ، 6 خوارجی ہلاک

    راولپنڈی : بنوں میں خوارجیوں کی جانب سے چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں 12 جوان شہید اور 6 خوارجی ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے کہا گیا کہ بنوں کے علاقے مالی خیل میں خوارجیوں نے چیک پوسٹ پر حملہ کیا، اس دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 6 خوارجی مارے گئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خوارجیوں نے بارود سے بھری گاڑی عمارت کی دیوار سے ٹکرائی، خودکش دھماکے میں 12 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ دھماکے کے نتیجےمیں انفرااسٹرکچرمتاثر ہوا۔

    ترجمان نے بتایا کہ شہدامیں سیکیورٹی فورسز کے 10 جوان اورایف سی کے 2 اہلکارشامل ہیں تاہم علاقے میں ممکنہ خارجیوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

    آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

    یاد رہے بنوں کے علاقے بکاخیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 خارجی ہلاک جبکہ 7 زخمی ہوئے تھے، فائرنگ کے تبادلے کے دوران میجر عاطف خلیل 2 جوانوں سمیت شہید ہوگئے تھے۔

  • جو بھی ملکی سکیورٹی میں رکاوٹ بنے گا اسے نتائج بھگتنا ہوں گے، آرمی چیف

    جو بھی ملکی سکیورٹی میں رکاوٹ بنے گا اسے نتائج بھگتنا ہوں گے، آرمی چیف

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہر پاکستانی سپاہی ہے، ہم سب نے مل کر دہشتگردی کے ناسور سے لڑنا ہے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خطاب میں کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستانی یونیفارم میں اور کوئی بغیر یونیفارم سپاہی ہے۔

    آرمی چیف نے کہا کہ ہم سب پر آئین پاکستان مقدم ہے، آئین ہم پر پاکستان کی اندرونی اور بیرونی سکیورٹی کی ذمہ داری عائد کرتا ہے لہٰذا جو کوئی بھی پاکستان کی سکیورٹی میں رکاوٹ بنے گا اسے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: معیشت آہستہ آہستہ استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے، وزیر اعظم

    جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاکستان آرمی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے روزانہ قربانیاں دے رہے ہیں، ہمارے شہید قربانیاں دے کر گورننس میں موجود خامیاں دور کر رہے ہیں۔

    آرمی چیف سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ معیشت آہستہ آہستہ استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے جس کی بہتری میں وفاق، آرمی چیف اور صوبوں کی کاوش شامل ہے، تمام وزرائے اعلیٰ نے آئی ایم ایف پروگرام کیلیے اپنا کردار ادا کیا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ 2018 تک ہم نے مل کر ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کر دیا تھا، دہشتگردی کے خلاف 80 ہزار لوگوں نے قربانی دی تب جا کر یہ ناسور ختم ہوا، پوچھنا چاہتا ہوں دوبارہ ایسا کیا ہوا ہے دہشتگردی نے سر اٹھا لیا۔

    انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ہر روز دہشتگردی کے واقعے ہو رہے ہیں، جب تک دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا آگے کچھ نہیں ہوگا یہ بڑا چیلنج ہے، بلوچستان میں کالعدم بی ایل اے بدترین درندگی کر رہی ہے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دنیا دیکھ رہی تھی ملک میں دہشتگردی کا خاتمہ ہوگیا اب پھر مذاق اڑا رہی ہے، ہمارا پہلا، دوسرا اور آخری مقصد صرف دہشتگردی کا خاتمہ ہونا چاہیے۔

    ’ایس سی او کے موقع پر دھرنا یا جلوس پاکستان کے مفاد میں نہیں تھا۔ آرام سے بیٹھ کر سوچیں کیا اس موقع پر دھرنا جلوس پاکستان کے مفاد میں تھا۔ اگر دھرنے اور جلوس کرنے تھے ایس سی او کے بعد بھی کر سکتے تھے۔ ٹھنڈے دل سے سوچیں دھرنے اور لانگ مارچ کرنے ہیں یا ترقی کے مینار کھڑے کرنے ہیں؟‘

  • قلات: چوکی پر حملے میں 7 جوان شہید؛ جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد ہلاک

    قلات: چوکی پر حملے میں 7 جوان شہید؛ جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد ہلاک

    راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع قلات میں چوکی پر حملے میں 7 جوان شہید جبکہ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد مارے گئے۔

    فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے شاہ مردان میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کی کوشش کی تاہم مؤثر جوابی کارروائی میں 6 شر پسند ہلاک جبکہ 4 شدید زخمی ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق وطن کے 7 بہادر سپوت بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلیے کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔

    سکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلیے پُرعزم ہے اور جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

    گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں جام شہادت نوش کرنے والے میجر محمد حسیب کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی تھی جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزیر، اعلیٰ عسکری و سول حکام اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی تھی۔

    اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ قوم فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، جوانوں کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف ملکی دفاع کیلیے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہیں۔

    دو روز قبل ضلع ہرنائی میں فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا تھا اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد مارے گئے تھے۔

    آپریشن میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی دیسی ساختہ بم کی زد میں آگئی تھی جس کے نتیجے میں میجر محمد حسبیب اور حوالدار نور احمد شہید ہوئے تھے۔