Author: لئیق الرحمن

  • پاک بحریہ کا مقامی طور پر تیار کیے گئے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

    پاک بحریہ کا مقامی طور پر تیار کیے گئے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

    اسلام آباد:  پاک بحریہ نے مقامی طور پر تیار کیے گئے بیلسٹک میزائل کی  پرواز کا کامیاب تجربہ کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 350 کلومیٹر رینج والا میزائل سسٹم زمینی اور سمندری اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    یہ نظام جدید ترین نیویگیشن سسٹم کے ساتھ ساتھ اپنی سمت اور رفتار کو تبدیل کرنے کی خصوصیات سے لیس ہے۔

    فلائٹ ٹیسٹ کا چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، پاک بحریہ کے سینئر افسران ، سائنسدانوں اور انجینئرز نے مشاہدہ کیا۔

    اس عظیم الشان موقع پر صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے  شاندار کامیابی سے میزائل فائرنگ میں حصہ لینے والے یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کی۔

  • دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منارہے ہیں

    دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منارہے ہیں

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منارہے ہیں، احتجاجی مظاہروں، ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا۔

    بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آج مکمل ہڑتال ہے۔ پاکستان اور دنیا بھر میں احتجاجی مارچ، ریلیاں اور سیمینار منعقد کیے جائیں گے۔

    کشمیری عوام نے بھارتی تسلط کے خاتمے کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، اس موقعے پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہاکہ ستتر سال قبل آج کے دن بھارت نے سری نگر پر بزور طاقت قبضہ کیا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہئے کہ وہ اپنے جابرانہ ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کی حقیقی امنگوں کو دبا نہیں سکتا، کشمیر تنازعہ کا پرامن حل صرف سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پرعمل درآمد سےممکن ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر کے تنازع کے حل تک ان کی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

    دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ نہتے کشمیری کئی دہائیوں سے بھارتی افواج کے وحشیانہ جبر کو برداشت کررہے ہیں، ظلم اور جبر سے بھارت کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتا، عالمی برادری بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے۔

  • پاکستان میں افغانستان سے لائے جانیوالے غیر ملکی اسلحے کا استعمال، ثبوت پھر منظرعام پر آگئے

    پاکستان میں افغانستان سے لائے جانیوالے غیر ملکی اسلحے کا استعمال، ثبوت پھر منظرعام پر آگئے

    اسلام آباد : پاکستان میں افغانستان سے لائے جانیوالے غیر ملکی اسلحے کے استعمال کے ثبوت ایک بار پھر منظرِ عام پر آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان سے لائے جانیوالے غیرملکی اسلحے کے استعمال کے ثبوت پھر منظرعام پر آئے۔

    افواج پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑرہی ہیں، 23 اور24 اکتوبر کی رات سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا، جس میں نو خوارجی اور ہائی ویلیو دہشت گرد سید محمد عرف قریشی استاد ہلاک ہوا، ہلاک ہونیوالے خوارجیوں میں دو خودکش بمبار بھی شامل تھے۔

    ہلاک خوارج سے غیر ملکی اسلحہ اے کے فورٹی سیون،اےایم ڈی سکسٹی فائیو،ایم فور،گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد ملا۔

    انیس ستمبر کو شمالی وجنوبی وزیرستان میں بھی آپریشن کے دوران بارہ خوارج مارے گئے، ہلاک خوارجیوں سے بھی غیر ملکی اسلحہ ایل ایم جی، آر پی جی، اے کے فورٹی سیون اورایس کے ایس ملا۔

    اسی طرح اٹھارہ اگست کو سیکیورٹی فورسز نے مستونگ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، جس میں بی ایل اے کے تین دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ تین زخمی ہوئے، ہلاک دہشت گرد ڈی سی پنجگور ذاکر علی کی شہادت کے ذمہ دار تھے، آپریشن میں غیر ملکی اسلحہ آرپی جی، ایل ایم جی، آٹھ ایم ایم اے کے اور آر پی جی لانچر برآمد ہوا۔

    چودہ مئی کو بھی فورسز نے ژوب کے علاقے سمبازہ میں تین دہشتگردوں کو ہلاک کیا، ہلاک دہشت گردوں سےبڑی تعداد میں غیرملکی اسلحہ،دستی بم اوربارودی مواد ملا۔

    یورو ایشین ٹائمز کے مطابق پاکستان میں دہشت گردی کیلئے کالعدم ٹی ٹی پی غیرملکی اسلحے کا استعمال کر رہا ہے۔

    پینٹاگون حکام نے بتایا افغان فوج کو چارلاکھ ستائیس ہزار تین سوجنگی ہتھیار فراہم کئے، جس میں تین لاکھ انخلا کے وقت باقی رہ گئے۔

    خطے میں گزشتہ دو سال کے دوران دہشت گردی میں وسیع پیمانے پر اضافہ دیکھا گیا، سال 2005   سے اگست 2021 افغان قومی دفاعی اور سیکیورٹی فورسز کو اٹھارہ اعشاریہ چھ ارب ڈالر کا سامان دیا، امریکی انخلا کے بعد ان ہتھیاروں نے کالعدم ٹی ٹی پی کو سرحد پار دہشت گرد حملوں میں مدد دی، حقائق بتارہےہیں افغان رجیم نہ صرف ٹی ٹی پی کومسلح بلکہ دیگرتنظیموں کیلئےمحفوظ راستہ بھی ہے۔

  • کثیر القومی مشق انڈس شیلڈ 2024 کا انعقاد : آرمی چیف  کا  پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئر بیس کا دورہ

    کثیر القومی مشق انڈس شیلڈ 2024 کا انعقاد : آرمی چیف کا پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئر بیس کا دورہ

    اسلام آباد : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئر بیس کے دورے میں کثیر القومی مشق انڈس شیلڈ 2024 کا مشاہدہ کیا اور جنگی تیاریوں پراطمینان کااظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں خطے کی سب سے بڑی ملٹی نیشنل فضائی مشق انڈس شیلڈ 2024 کا انعقاد ہوا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئر بیس کا دورہ کیا ،ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو نے ان کا استقبال کیا۔

    آرمی چیف کا کثیر القومی مشق انڈس شیلڈ 2024 کا مشاہدہ،جنگی تیاریوں اور اپ گریڈیشن پیش رفت پر اظہار اطمینان

    آرمی چیف نے کثیر القومی مشق انڈس شیلڈ 2024 کا مشاہدہ کیا۔ نیول چیف نوید اشرف بھی انڈس شیلڈ 2024 کا مشاہدہ کرنے کیلئے موجود تھے۔

    اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاک فضائیہ کی جنگی تیاریوں ، جدت پسندی کے حصول اور اپ گریڈیشن کے مختلف پروگراموں پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    بعد ازاں انہوں نے مشقوں کے مختلف آپریشنزبشمول فضائی مظاہرے اورجدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے مختلف امور کی انجام دہی کا مشاہدہ کیا ۔

    جنرل سید عاصم منیر کو درپیش سیکیورٹی چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کیلئے پاک فضائیہ کی کاوشوں کے بارے میں بتایا گیا اور اس موقع پر پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے دلکش فضائی کرتب دکھائے۔

    جنرل سید عاصم منیر نے فضائی عملے سے بھی بات چیت کی اور پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کے عزم کو سراہا۔

    انہوں نے انٹر سروسز تعاون کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے قرار دیا کہ آپریشنل کامیابی کے حصول کے لیے آپسی تعاون انتہائی ضروری ہے۔

    پاک فضائیہ کے سربراہ نے آرمی چیف کے دورے پر ان سے اظہار تشکر کیا، اور تربیت اور آپریشنل دونوں حوالوں سے فوج اور فضائیہ کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    ائیر چیف نےجنرل سید عاصم منیر کو جدید ترین ہتھیاروں کے نظام کی شمولیت کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔

    ائیر چیف کا کہنا تھا کہ جاری مشق انڈس شیلڈ 2024 حصہ لینے والے ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے اہم کردار ادا کرے گی اور فضائی اور زمینی عملے کو عصری جنگی چیلنجوں کا سامنا کرنے کی تربیت کا موقع فراہم کرے گا۔

  • سیکیورٹی فورسز کا باجوڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 9 خوارج ہلاک

    سیکیورٹی فورسز کا باجوڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 9 خوارج ہلاک

    باجوڑ: سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے علاقے باجوڑ میں آپریشن کرتے ہوئے انتہائی مطلوب 9 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر باجوڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران  شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اس دوران 9 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خارجیوں میں 2 خودکش بمبار اور انتہائی مطلوب سید محمد عرف قریشی استاد شامل ہیں، آپریشن کے دوران ہتھیار، گولیاں اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خارجی سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ خارجیوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن کیا گیا، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔

  • فورسز کی خیبر پختونخوا میں کارروائیاں، 4 خارجی ہلاک

    فورسز کی خیبر پختونخوا میں کارروائیاں، 4 خارجی ہلاک

    راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ آپریشن کے دوران 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

    فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بنوں کے علاقے جانی خیل میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے۔

    سکیورٹی فورسز سے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں جھڑپ میں دو خارجی ہلاک ہوئے جن سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خارجی فورسز پر حملوں اور عام شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کیلیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا گیا، فورسز وطن سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلیے پرعزم ہیں۔

    گزشتہ روز بلوچستان میں دہشتگردوں نے ایف سی پوسٹ پر حملہ کیا جس میں سکیورٹی فورسز کا جوان شہید جبکہ جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد مارے گئے تھے۔

    دہشتگردوں نے ضلع ژوب میں پوسٹ پر حملہ کیا تھا جسے سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی سے ناکام بنا دیا۔

    سکیورٹی فورسز نے کارروائی میں خودکش بمبار عمر عرف عمری سمیت 2 دہشت گرد ہلاک کیے جو فورسز پر حملوں اور بے گناہ شہروں کے قتل میں ملوث تھے۔

    دہشتگرد عمر عرف عمری ڈی سی شیرانی کے قافلے پر حملے میں بھی ملوث تھا۔ فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار جمشید خان بہادری سے لڑتےہوئے شہید ہوگئے تھے۔

  • بلوچستان میں دہشتگردوں کا ایف سی پوسٹ پر حملہ

    بلوچستان میں دہشتگردوں کا ایف سی پوسٹ پر حملہ

    راولپنڈی: بلوچستان میں دہشتگردوں نے ایف سی پوسٹ پر حملہ کیا جس میں سکیورٹی فورسز کا جوان شہید جبکہ جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد مارے گئے۔

    فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے ضلع ژوب میں پوسٹ پر حملہ کیا جسے سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی سے ناکام بنا دیا۔

    سکیورٹی فورسز نے کارروائی میں خودکش بمبار عمر عرف عمری سمیت 2 دہشت گرد ہلاک کیے جو فورسز پر حملوں اور بے گناہ شہروں کے قتل میں ملوث تھے۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشتگرد عمر عرف عمری ڈی سی شیرانی کے قافلے پر حملے میں بھی ملوث تھا۔ فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار جمشید خان بہادری سے لڑتےہوئے شہید ہوگئے۔

    علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ فورسز بلوچستان میں امن و ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ناکام بنا دیں گی۔

    قبل ازیں، سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ فورسز نے تربت میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے گاڑی میں نصب 280 کلو دھماکا خیز مواد برآمد کیا جو شہر میں دہشتگردی کیلیے استعمال کیا جانا تھا۔

    سکیورٹی فورسز نے 12 ستمبر کو کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے ٹھکانوں پر کارروائی کے دوران 6 دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا۔

    فورسز کی جانب سے 12 ستمبر کو بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں کامیاب آپریشن کیا گیا جس کے دوران کالعدم بی ایل اے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر براہ راست حملوں میں ملوث تھے۔

    ہلاک دہشتگردوں میں شافو سمالانی عرف تادین، سرمد خان عرف دستین، گل مری عرف واحد بلوچ، غلام قادر مری عرف انجیر بلوچ شامل ہیں۔

  • پاک فوج نے اسلام آباد میں سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

    پاک فوج نے اسلام آباد میں سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

    اسلام آباد: پاک فوج نے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایس سی او سمٹ کے لیے وزارت داخلہ نے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کی تعیناتی کے احکامات دیے تھے جس کے بعد فوج نے اسلام آباد میں سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ پاک فوج کے دستوں کی اسلام آباد اور گردونواح میں تعیناتی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔

    ذرائع کے مطابق شہریوں کے تحفظ اور امن برقرار رکھنے کے لیے پاک فوج کا علاقے میں گشت شروع ہوگیا ہے، کسی بھی شرپسند کو امن و امان تہہ و بالا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    پاک فوج ایس سی او سمٹ کے دوران 17 اکتوبر تک تعینات رہے گی۔

    واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں کئی ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے۔

    یاد رہے پاکستان نے بھارت کو ایس سی او سربراہان سمٹ میں شرکت کیلئے دعوت نامہ بھیجا تھا۔

    بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر ایس سی اوسمٹ میں شرکت کیلئے پاکستان جائیں گے اور 15 ،16 اکتوبر کو سمٹ میں شرکت کریں گے، جے شنکر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔

    ترجمان دفترخارجہ نے بتایا تھا کہ ہمیں کچھ ممالک سے اجلاس میں شرکت کی تصدیق موصول ہوئی ہے، وقت آنے پر آگاہ کیا جائے گا کہ کس کس ملک نے تصدیق کی ہے۔

  • خیبر پختونخوا سے فوجی دستے روانہ

    خیبر پختونخوا سے فوجی دستے روانہ

    اسلام آباد: سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ انتشار پسندوں کے عقب میں خیبر پختونخوا سے فوجی دستے روانہ ہوگئے۔

    سکیورٹی ذرائع کے مطابق عوام کی حفاظت یقینی بنانے اور انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، انتشاریوں اور مسلح جھتے کا دونوں اطراف سے گھیرا تنگ ہوگیا۔

    مذکورہ اقدامات شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کویقینی بنانے کیلیے کیے جا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد میں پاک فوج کی تعیناتی آج رات 12 بجے تک مکمل کر لی جائے گی۔ اس سلسلے میں سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دارالحکومت کے تمام علاقوں میں آرٹیکل 245 کے تحت فوج تعینات کی جا رہی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کسی کو بھی امن و امان اور حالات خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں 5 سے 17 اکتوبر تک فوج تعیناتی کی منظوری دی ہے۔

    سکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 سے 17 اکتوبر تک فوج ضلعی انتظامیہ کے ساتھ امن و امان میں معاونت کرے گی۔

  • بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن ،  بی ایل اے کے 6 اہم دہشت گرد ہلاک

    بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن ، بی ایل اے کے 6 اہم دہشت گرد ہلاک

    ہرنائی : سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں آپریشن کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بی ایل اے کے چھ اہم دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں دہشت گردوں کیخلاف سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ فورسز نے ہرنائی میں 12ستمبر کو بی ایل اے کے ٹھکانوں پر جوائنٹ آپریشن کیا ، خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن میں بی ایل اےکے 6 اہم دہشت گرد مار گئے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں میں شافو سمالانی عرف تادین، سرمد خان عرف دستین ، محمد گل مری عرف واحد بلوچ، غلام قادرمری عرف انجیر بلوچ شامل ہیں۔

    ذرائع نے کہا کہ عبید بلوچ عرف فدا اور تاج محمد عرف بابل بھی ہلاک دہشتگردوں میں شامل ہیں، ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز اور معصوم لوگوں پربراہ راست حملوں میں ملوث تھے۔

    دفاعی ماہرین کا کہنا تھا کہ فورسز کی کامیابی واضح کرتی ہے کہ دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔