فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ نوجوان اور میڈیا بھارتی ڈس انفارمیشن مہم کے خلاف آہنی دیوار ثابت ہوئے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سیاسی قیادت اور مسلح افواج کے اعلیٰ حکام کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ، اسحاق ڈار، ایاز صادق، وفاقی وزرا، وزرائے اعلیٰ اور گورنرز نے بھی شرکت کی۔
عشائیے میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان نے بھی شرکت کی، شرکا نے مسلح افواج کی قربانیوں اور جرأت کو سراہا۔
آرمی چیف عاصم منیر نے معرکہ حق کے دوران سیاسی قیادت کے عزم کو خراج تحسین پیش کیا اور آپریشن بنیان مرصوص میں مسلح افواج کی کو آر ڈی نیشن اور کامیابی کو سراہا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ تقریب میں شرکا کا عزم قومی یکجہتی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان اور میڈیا نے ڈس انفارمیشن کے خلاف موثر کردار ادا کیا، پاکستانی سائنسدان، انجینئرز اور سفارتکاروں کا کردار بھی لائق تحسین ہے۔
بھارتی پروپیگنڈا کے باوجود آئی ایم ایف نے پاکستان کے اقدامات سے اطمینان کا اظہار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے بھارت کی جانب سے پاکستان کیخلاف پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ اضافی فنڈنگ کیلئے پاکستان نے تمام اہداف پورے کرلئے ہیں۔
عالمی مالیاتی فنڈ کی ترجمان جولی کوزیک نے بتایا کہ بورڈ نے پاکستان کیلئے فنڈنگ سے اتفاق کیا، کیونکہ پاکستان نے مطلوبہ اصلاحات پر پیشرفت کی اورتمام شرائط کو پورا کیا تھا۔
جولی کوزیک کا یہ ردعمل بھارتی صحافی کے سوال کے جواب میں تھا ، بھارتی صحافی نے الزام لگایا کہ پاکستان سرحد پار دہشت گردی کیلئے اس فنڈنگ کو استعمال کرسکتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ آئی ایم ایف ایک باقاعدہ عمل کی پیروی کرتا ہے، بورڈ چیک کرتا ہے کہ ممالک اپنے اہداف کو پورا کر رہے ہیں، پروگرام میں مطلوبہ حفاظتی اقدامات شامل ہیں۔
جولی کوزیک نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے پرامن حل کی امید رکھتے ہیں۔
امریکی پروفیسر کرسٹین فیئر نے بھارتی حکومت کو آئینہ دکھا دیا اور کہا بھارت نہ پاکستان کو کسی ناکامی سے دوچار کرسکا اور نہ ہی اسے خوفزدہ کرسکا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کو معرکہ حق میں شکست کے بعد مسلسل ہزیمت کا سامنا ہے، امریکی پروفیسر کرسٹین فیئر نے بھارتی حکومت کو آئینہ دکھا دیا جبکہ غیر ملکی دانشور بھی پاکستان کی کامیابیوں کے معترف ہیں۔
امریکی پروفیسر نے کہا کہ بھارت پاکستان کو خوفزدہ نہیں کرسکا، ڈیٹرنس کا اندازہ اس ملک کے رویے سے لگایا جاتا ہے، جسے روکنےکی کوشش کی جارہی ہو، ایسا کوئی ثبوت نہیں کہ پاکستان نے اپنی پوزیشن ترک کی ہو یا موقف سے پیچھے ہٹا ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے بے بنیاد دعوے کر کے خود کو ایک خطرناک صورتحال میں ڈال دیا ہے ، بھارت کے اندر فسادی میڈیا نے عوام کو غلط معلومات فراہم کی ہیں،پروفیسرکرسٹین فیئر
امریکی پروفیسر نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان کوکسی ناکامی سےدوچارکرسکااورنہ ہی اسے خوفزدہ کرسکا، پاکستان پیچھے نہیں ہٹا اورنہ ہی وہ بھاگا ہے بلکہ یہ تنازع بھارت کی توقع سےکہیں زیادہ تیزی سےشدت اختیارکرگیا، بھارت خود بھی چاہتا تھا تنازع کوکم کرنے کیلئے محفوظ راستہ نکالاجائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا ایسی توقعات پیدا کرتاہے، جو بعد میں عسکری تقاضوں کوجنم دیتی ہیں، بھارت اوراس کا میڈیا جنگجویانہ رویہ رکھتے ہیں۔
راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر نے لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ کوئی پاگل ہی یہ سوچ سکتا ہے وہ پاکستان کے عوام کاپانی بند کر سکتا ہے یہ ممکن نہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری الجزیرہ ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا ہم ہمیشہ کہتے ہیں کہ یہ جنگ ہماری ہے، مگر فتح اللہ تعالیٰ کی ہے۔ اگر آپ پاکستان کی گلیوں، شہروں میں جائیں تو عوام کے چہروں پر جواب موجود ہے، خوشی، جشن جو وہ منا رہے ہیں۔ کیوں؟ کیونکہ یہ صرف عسکری میدان کی بات نہیں، نہ ہی صرف فضائی یا زمینی لڑائی کی۔
معرکۂ حق ، سچائی کی جنگ
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ ایک سچائی کی جنگ (معرکۂ حق) ہے، پاکستان نے جھوٹ، فریب، جبر، اور بھارتی جارحیت کا پردہ چاک کیا، پہلگام کے بعد بھارت ایک من گھڑت کہانی لے کر آیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے صرف ایک بات کہی: اگر آپ کے پاس ہمارے کسی شہری یا ریاست سے تعلق کا ثبوت ہے، تو سامنے لائیں اور وہ بھی بین الاقوامی برادری یا کسی تیسرے، قابلِ اعتماد فریق کے سامنے تاکہ شفاف تحقیقات ہو سکیں لیکن بھارت کے پاس کوئی جواب نہیں تھا، اور آج تک نہیں ہے۔ حتیٰ کہ چند دن پہلے ان کی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ تفتیش ابھی جاری ہے۔ تو 6 اور 7 تاریخ کو جو انہوں نے کیا، اس پر بھی ان کے پاس اخلاقی جواز نہیں۔ ہم شفاف رہے، سچ بولا، جھوٹ نہیں بولا، باتوں کو توڑا مروڑا نہیں۔
ہم گولڈن ٹیمپل جیسے مقدس مقام پر کیوں حملہ کریں گے؟
انھوں نے بتایا کہ دنیا نے دیکھا کہ بھارت کا میڈیا اور ریاست خود معلومات کی جنگ میں جھوٹ بول رہے تھے، ان کے پاس بہت ترقی یافتہ تھیٹر اور فلم انڈسٹری ہے، پاکستان سے کہیں آگے، اسی لیے وہ نت نئے بیانیے گھڑتے رہتے ہیں۔ مثلاً، کل ہی میں نے سنا کہ بھارت کہہ رہا تھا کہ پاکستان نے گولڈن ٹیمپل پر حملہ کیا، اس سے بڑا جھوٹ کوئی نہیں ہو سکتا، ہم سکھوں کے مقدس مقامات جیسا کہ ننکانہ صاحب، پنجہ صاحب اور دیگر مزہبی مقامات کی حفاظت کرتے ہیں، کرتارپور صاحب کا احترام کرتے ہیں۔ ہم اپنے سکھ بھائیوں سے محبت کرتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہمارے پنجاب (پاکستان اور بھارت) میں مشترکہ ثقافت، زبان اور قربت ہے۔ پاکستان کے مسلمانوں اور سکھوں کے درمیان گہرے تعلقات ہیں، ہم گولڈن ٹیمپل جیسے مقدس مقام پر کیوں حملہ کریں گے؟ یہ ہمارے کلچر، اقدار اور مذہب کے خلاف ہے کہ ہم کسی مذہبی یا سولین مقام پر حملہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے اعلیٰ افسران اور جرنیلوں کو میڈیا پر جھوٹ بولنے کے لیے لاتا ہیں، آپ بھارتیوں کی باتوں پر کیسے یقین کریں؟ انہیں پہلے خود اپنا اعتبار بحال کرنا ہوگا، اعتبار سچ بولنے سے آتا ہے نہ کہ ہزاروں ویب سائٹس بند کرنے، میڈیا پر پابندی لگانے یا حکومت پر تنقید کرنے والوں کو جیل میں ڈالنے سے، کیا پاکستان نے اس تنازع میں کسی صحافی کو جیل میں ڈالا؟ بالکل بھی نہیں۔
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ میں اپنی فضائیہ اور پائلٹس پر فخر ہے، اس فوجی تنازع میں آپ نے تینوں افواج کی ہم آہنگی دیکھی ، صرف آرمی، ایئرفورس، اور نیوی کے درمیان نہیں، بلکہ سیاسی قیادت اور پاکستانی عوام کے ساتھ بھی ایک مضبوط ہم آہنگی دیکھنے کو ملی۔
پاک افواج کی مکمل طاقت ابھی تک استعمال ہی نہیں کی
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آہنی دیوار ’’بنیان المرصوص‘‘ بھارتی جارحیت کے خلاف متحدہ مزاحمت تھی، پاکستان ایئر فورس ہمارا فخر ہے، 6 اور 7 تاریخ کی شب کی فضائی جنگ پوری دنیا نے دیکھی، یہ دہائیوں تک فضائی جنگی کالجوں اور فوجی اداروں میں پڑھائی اور زیر بحث لائی جائے گی۔
انھوں نے مزید بتایا کہ ہم اپنے پائلٹس کی پیشہ ورانہ مہارت کو سلام پیش کرتے ہیں، جے ایف-17 تھنڈر، جے-10 سی، اور زمین پر فتح-1 اور فتح-2 میزائل ، یہ سب پاکستان کی تکنیکی ترقی کی مثالیں ہیں، ہم نے اپنی روایتی افواج کی مکمل طاقت ابھی تک استعمال ہی نہیں کی، اس کا بڑا حصہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھارت کی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خلاف مصروف ہے۔
بھارت کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ دنیا جانتی ہے کہ بھارت اس خطے میں سب سے بڑا دہشتگردی کا سرپرست ہے، ہم نے ان آپریشنز سے ایک بھی فوجی نہیں ہٹایا، ہم نے اپنی تمام ٹیکنالوجی بھی ظاہر نہیں کی۔
بھارت کا جنگی جنون آگ سے کھیلنے کے مترادف
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ عالمی طاقتیں جانتی ہیں 2 حریف ایٹمی ممالک میں جنگ کا تصور ہی خطرناک اورمضحکہ خیز ہے، بھارت کئی برسوں سے جنگی جنون میں مبتلا ہے جو کہ آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے، بھارت ایک ایسا ماحول بنارہاہے جوباہمی تباہی کاسبب بنےگا۔
پاک فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان نےدانشمندی سے کام لیا اور اس پورے تنازع میں کشیدگی کوبڑھنےنہ دیا، جنگ بندی کا مطلب ہے دونوں فریقوں نے فائرنگ بندکر دی، مگرامن تب آئے گا جب بھارت اپنی جنگی جنون میں مبتلا سیاسی سوچ سے چھٹکارا پائے گا۔
انتہا پسندی اور ہندوتوا نظریہ
بھارت میں مسلمانوں اوراقلیتوں پر مظالم سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ان کے اشرافیہ مسلمانوں اوراقلیتوں کے خلاف ظلم پریقین رکھتےہیں، یہ ایک سنگین مسئلہ ہے،صرف مسلمانوں پر ہی نہیں دیگراقلیتوں پربھی ظلم ہوتاہے، اس ظلم سے قدرتی طورپرردعمل پیدا ہوتا ہے جسے بھارت حل کرنے سے انکارکرتاہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ انتہا پسندی اورہندوتوانظریہ کےفطری نتائج ہوتے ہیں ، بھارت اس کا الزام پاکستان پرڈال کر بیرونی مسئلہ بناتا ہے، جب تک بھارت ان اندرونی مسائل کوخود حل نہیں کرتا امن ممکن نہیں۔
کشمیر سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کشمیرایک حل طلب بین الاقوامی مسئلہ ہے، جس میں پاکستان،چین،بھارت شامل ہیں، مسئلہ کشمیراقوام متحدہ کی قراردادوں اورکشمیری عوام کی مرضی کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
اگر کشمیر پاکستان میں شامل ہوجاتاہے تو یہ تمام دریا پاکستان کے ہوں گے
پاکستان کا پانی بند کرنے کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ بھارت اس مسئلے کو ظلم سے اندرونی معاملہ بنانے کی کوشش کرتا ہے لیکن امن اس راستے ممکن نہیں، صرف کوئی پاگل ہی یہ سوچ سکتا ہے وہ پاکستان کے عوام کاپانی بند کر سکتا ہے یہ ممکن نہیں۔
انھوں نے بتایا کہ حقیقت سمجھنی چاہیے کشمیر سے 6 دریا نکلتے ہیں، یواین قراردادوں کےمطابق کشمیرمتنازع علاقہ ہے، اگر عوام کی خواہش کے مطابق کشمیر پاکستان میں شامل ہوجاتاہے تو یہ تمام دریا پاکستان کے ہوں گے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت ایک لوئرریپیرین اسٹیٹ بن جائے گا اور پھر یہ ہمارے اوپر ہوگا اس کو کیسے دیکھنا ہے، چین بھی اس تنازع میں ایک فریق ہے جس کا کشمیر کے کچھ حصوں پر دعویٰ ہے۔
بھارت کو پیغام
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف نے زور دیا کہ بھارت کو سمجھنا چاہیے کہ وہ کس آگ سے کھیل رہا ہے، پاکستان اور چین کئی دہائیوں سے مختلف شعبوں میں شراکت دار ہیں، پاکستان، چین اور دیگر ذمہ داراقوام امن کےلیےکوشش کرتے ہیں، جس طرح پاکستان نے اپنی جنگ خود لڑی اگر بھارت میں خود داری ہے تو وہ بھی اپنی جنگ خود لڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتیوں کو بھی خود داری سیکھنی چاہیے جھوٹ اورجارحیت پر انحصار بند کرنا چاہیے، جب بھارت نے کھلم کھلا جارحیت کی، ہم ڈٹ کر کھڑے ہوئےاورآج بھی کھڑے ہیں، اگر بھارت نے دوبارہ ایسی حرکت کی تو ہمارا ردعمل اس سے بھی زیادہ تیز اور شدید ہوگا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرصدارت 270ویں کورکمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا، بنیان مرصوص، خضدار میں حملے کے شہدا کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی ایس پی آر نے جاری بیان میں بتایا کہ کور کمانڈر کانفرنز میں آپریشن بنیان مرصوص اور خضدار میں دہشت گرد انہ حملے کے شہدا کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی، شرکا کانفرنس کا کہنا تھا کہ یہ سفاکی بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعے کی گئی۔
شرکا نے کہا کہ بھارتی پراکیسز کی دہشت گردی میں 4 معصوم بچے، 2 بے گناہ شہری شہید ہوئے، نہتے شہریوں اور معصوم بچوں کو دانستہ نشانہ بنانا انسانیت کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہے، نہتے شہریوں، بچوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی صریحاً اور قابل مذمت خلاف ورزی ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فورم نے معرکہ حق کے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا، فورم نے کہا کہ شہدا نے بھارت کی بلااشتعال جارحیت کے دوران اپنی جانوں کا قیمتی نذرانہ پیش کیا۔
شرکا نے کہا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائیگا، پاکستانی عوام کا تحفظ افواج کی اولین ترجیح رہےگا، شرکا کانفرنس نے فیلڈ مارشل کی اسٹریٹجک وژن اور غیرمتزلزل قیادت کا اعتراف کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شرکا کانفرنس نے فیلڈ مارشل کی قومی دفاع کیلئے مؤثر اور گراں قدر خدمات کا اعتراف کیا، فورم نے آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کی۔
فورم نے اندرونی اور بیرونی سلامتی کے درپیش چیلنجز اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا، فورم نے معرکہ حق کے فیصلہ کن مرحلے آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی کامیاب تکمیل کو سراہا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ افواج کی پیشہ وارانہ مہارت، باہمی ہم آہنگی، بلند حوصلے اور قوم کی غیرمتزلزل حمایت کو سراہا گیا، فورم نے پاکستانی میڈیا اور ’’انفارمیشن وارئیرز‘‘ کوبھی سراہا۔
شرکا نے کہا کہ پاکستانی میڈیا، انفارمیشن وارئیر زریاست کے ساتھ قدم ملا کرکھڑے رہے، پاکستانی میڈیا، انفارمیشن وارئیرز بھارتی پروپیگنڈے، جعلی خبروں اور جنگی جنون کیخلاف کھڑے رہے۔
فورم نے پاکستانی نوجوانوں کے جذبے اور متحرک شراکت کو تہہ دل سے سراہا، شرکا نے کہا کہ نوجوانوں کی قومی حب الوطنی، جوش و جذبے نے قومی روح کو اُجاگرکیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فورم نے پاکستان کے مؤثر اور بروقت دفاعی رسپانس کو مثالی قرار دیا، فورم نے جوابی دفاعی کارروائی کو بہترین، واضح تزویراتی حکمت عملی کا عکاس قراردیا، فورم نے کسی بھی بیرونی جارحیت کا مکمل آپریشنل تیاری سے مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی بقا کیلئے بیرونی جارحیت کا مقابلہ کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا، فورم نے اعادہ کیا کہ پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فورم نے کہا کہ طاقت اور دھمکی آمیز رویے سے پاکستان پر دباؤ کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائےگا، فورم نے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اُٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
نئی دہلی : مودی سرکار نے انتقامی کارروائیاں کرتے ہوئے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف بلڈوزر آپریشن شروع کردیا۔
تفصیلات کے مطابق آپریشن سندور کی ہزیمت چھپانے کیلئے مودی سرکار کے مسلمانوں کو دہشت گرد قرار دیکر ان کے گھروں پر حملے جاری ہے۔
حال ہی میں مودی سرکارنے ہزاروں مسلمان خاندانوں کو گھر بدر اور ان کے گھر مسمار کرنا شروع کر دیے۔
ٹی آرٹی نے اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ اورویڈیو جاری کر دی ، مودی سرکار نے غیر قانونی بنگلہ دیشی کا بہانہ بنا کر مسلم بستیوں پر بلڈوزر چلا دیے
ٹی آرٹی کا کہنا ہے کہ نسل کشی کی جانب بڑھتابھارت اپنےہی شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، 7 ہزار سے زائد گھروں کو زبردستی خالی کرایا گیا جن میں زیادہ ترمسلمان خاندان مقیم تھے۔
حیران کن طور پر انہی علاقوں میں موجود ہندوؤں کے مکانات کو ہاتھ تک نہیں لگایاگ یا، مودی سرکار کا یہ وار واضح مذہبی تعصب کی عکاسی ہے۔
احمدآبادکےچندولاتالاب پرہزاروں مسلمان کھلےآسمان تلےآگئے، مودی سرکار کےحکم پران کے مکانات مٹی کا ڈھیر بنا دیے گئے، 20 مئی کو مسمار کیے گئے گھروں میں محمد چاند نامی مسلمان کا گھر بھی شامل ہیں، جو انصاف کیلئے دوہائیاں دے رہا ہے۔
خضدار: بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر حملے میں زخمی ہونے والی آٹھویں جماعت کی طالبہ سحر سلیم دم توڑ گئیں اور شہید ہونے والی طالبات کی تعداد 4 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق خضدار میں اسکول بس پر بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں نے حملہ کیا، سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ بزدلانہ حملے میں شدید زخمی آٹھویں جماعت کی طالبہ سحر سلیم شہید ہوگئی، جس کے بعد شہید ہونے والی طالبات کی تعداد 4 ہوگئی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ میدان جنگ میں ذلت آمیز شکست کے بعد بھارت بزدلانہ کارروائیوں پراترآیا، حملے کی منصوبہ بندی بھارت میں کی گئی، بلوچستان میں پراکسیوں نے حملے کو منطقی انجام تک پہنچایا۔
یاد رہے گذشتہ روز بلوچستان کے علاقے خضدار میں اسکول بس پر دہشت گرد حملہ ہوا تھا، بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی میں اسکول بس کونشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گرد حملے میں 3 بچوں سمیت 5 افرادشہید ہوئے اور کئی بچے زخمی ہوئے تھے۔
حملے میں شہید ہونے والی چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شامل تھی جبکہ اس میں متعدد بچے بھی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔
پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کروانے میں بی ایل اے کی سہولت کاری بے نقاب ہوگئی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بنیان مرصول میں ہزیمت اٹھانے کے بعد بھارتی اسپانسرڈ پراکسیز پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے لگیں۔
’10 مئی کے بعد بھارت کے مختلف سوشل میڈیا ہینڈلرز نے بلوچستان پر حملوں کی دھمکیاں دیں، بھارتی انسپانسرڈ کالعدم بی ایل اے کے ذریعے بھارت، بلوچستان میں دہشت گردی پھیلانے میں سرگرم ہے۔‘
’خضدار میں بی ایل اے کا اسکول بس پر بزدلانہ حملہ اسی سازش کی کڑی ہے، حملے میں تین معصوم بچوں سمیت 5 افراد شہید اور متعدد بچے شدید زخمی ہیں۔‘
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مودی حکومت بھارتی عوام کی اپنی شکست سے توجہ ہٹانے کے لیے پراکسیز سے دہشت گردی پھیلارہی ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر متعدد پریس بریفنگز میں بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی کے شواہد منظرعام پر لاچکے ہیں۔
بھارتی حکومت کے زیر سرپرستی راجستھان میں دہشت گردوں کی تربیت کے لیے 21 کیمپ موجود ہیں، بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا پاکستان میں دہشت گردی کی سہولت کاری کا واضح اعتراف موجود ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس حملے میں دہشت گرد بھارتی سہولت کاروں سے افغانستان میں رابطے میں تھے، بھارت کی سیاسی قیادت، میڈیا پاکستان میں بی ایل اے جیسے دہشت گرد گروپوں کی پشت پناہی کررہے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بھارت سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنا کر دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے، پاکستان بھارتی دہشت گردی کی ہرشکل کو پاکستان سے جڑ سے اکھاڑ کر رہے گا۔
آئی ایس پی آر نے شمالی وزیرستان میر علی واقعہ سے متعلق سیکیورٹی فورسز پر الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں شمالی وزیرستان میر علی واقعے سے متعلق سیکیورٹی فورسز پر الزامات بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 19 مئی کے واقعہ پر غلط اور گمراہ کن پروپیگنڈہ جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فورسز پر الزامات بدنیتی پر مبنی مہم کا حصہ ہیں۔ میر علی واقعے کی فوری اور جامع تحقیقات شروع کی گئیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج نے کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی سر پرستی میں کام کرنے والے دہشتگرد شہریوں کو ڈھال بناتے ہیں جب کہ فتنہ الخوارج مقامی آبادی اور فورسز میں غلط فہمیاں پھیلانا چاہتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کیلیے پُر عزم ہیں اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
راولپنڈی : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو اعزاز ملنے پر یادگار شہداء پر خصوصی تقریب میں انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج کے سربراہ سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر خصوصی مگر پروقار تقریب یادگار شہداء جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔
جس کے دوران سید عاصم منیر کو خصوصی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، اس پروقار موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے بلند درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی۔
فیلڈ مارشل نے یہ اعزاز پوری قوم، پاکستان کی مسلح افواج بالخصوص سول و مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء اور سابق فوجیوں کے نام کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ اعزاز پوری پاکستانی قوم اور افواج پاکستان کے بہادر مردوں اور خواتین کو خراج تحسین ہے، خاص طور پر ان شہداء کو جو پاکستان کے خلاف بھارتی بلا اشتعال اور بزدلانہ جارحیت کے خلاف آہنی کی دیوار کی طرح کھڑے رہے۔