Author: منظور احمد

  • چیئرمین پی سی بی کے انتخاب سے متعلق عدالت نے حکم سنا دیا

    چیئرمین پی سی بی کے انتخاب سے متعلق عدالت نے حکم سنا دیا

    بلوچستان ہائیکورٹ نے 27 جون کو ہونے والے چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کو آئندہ احکامات تک روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان ہائیکورٹ میں پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کیخلاف آئینی درخواست پر سماعت کے بعد چیف جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس عامر نواز رانا نےتحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔

    سابق مینجمنٹ کمیٹی کے ممبرگل محمد کاکڑ نےآئینی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ عدالت نے بورڈ آف گورنرزکی تشکیل کی خلاف درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بورڈ آف گورنرز سابق مینجمنٹ کمیٹی کی نامزدگیوں کے برخلاف تشکیل دیا گیا کل مجوزہ بورڈ آف گورنرز کا اجلاس اور چیئرمین پی سی بی کا انتخاب غیرقانونی ہوگا۔

    عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔ آئینی درخواست پر سماعت عید اور موسم گرما کی تعطیلات کے بعد17 جولائی کو مقرر کی گئی ہے۔

  • کوئٹہ میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق متعدد زخمی

    کوئٹہ میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق متعدد زخمی

    کوئٹہ: شاہراہ اقبال میں بخاری سینٹر کے قریب دھماکا ہو اہے جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جب کہ کئی افراد زخمی ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں شارع اقبال، بخاری سینٹر کے قریب دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جب کہ 9 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    ایس ایس پی انویسٹی گیشن ذوہیب محسن کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 پولیس اہل کار بھی شامل ہیں۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے متعدد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق دھماکے کے وقت جائے وقوع سے ایس پی انویسٹی گیشن صدر کی گاڑی گزر رہی تھی، تاہم وہ گاڑی میں موجود نہیں تھے۔

    ایس ایس پی انویسٹی گیشن ذوہیب محسن نے بتایا ہے کہ بظاہر لگتا ہے کہ پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے، 2 سے 3 کلو بارودی مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ شواہد جمع کر کے تفتیش کی جا رہی ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

  • کوئٹہ سبزل روڈ پر دستی بم پھٹنے سے 3 خواتین سمیت 4 افراد زخمی

    کوئٹہ: کوئٹہ میں سبزل روڈ پر دستی بم پھٹنے سے 3 خواتین سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں سبزل روڈ کے قریب کباڑ کی ایک دکان میں دھماکا ہوا ہے جس سے چار راہگیر زخمی ہو گئے، زخمیوں میں تین خواتین شامل ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ علاقے کی ناکہ بندی کر کے گھیرے میں لے لیا گیا ہے، جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں اور آس پاس ٹریفک معطل کر دیا گیا۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ دکان میں ایک اور دستی بم بھی پڑا ملا، جس پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا، بی ڈی ایس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر دستی بم ناکارہ بنا دیا۔

    پولیس حکام کے مطابق دکان میں موجود افراد سے اس بات کی تفتیش کی جا رہی ہے کہ بم پھینکا گیا تھا یا وہاں سامان میں موجود تھا۔

  • بلوچستان کی مخصوص بلدیاتی نشستوں پر الیکشن کا شیڈول جاری

    بلوچستان کی مخصوص بلدیاتی نشستوں پر الیکشن کا شیڈول جاری

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان کے 32 اضلاع کی تمام یونین کونسلوں، میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں(ماسوائے ضلع کوئٹہ، لسبیلہ، حب اور میونسپل کمیٹی حرمزئی ضلع پشین) کی مخصوص نشستوں(خواتین، مزدور، کسان اور غیر مسلم ) کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

    شیڈول کے مطابق امیدواروں سے کاغذات نامزدگی 7 سے 9 نومبر 2022 تک وصول کئے جائیں گے اور امیدواروں کی ابتدائی فہرست 10 نومبر کو جاری ہو گی۔

    شیڈول کے مطابق امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 11 سے 14 نومبر تک کی جائے گی۔ ریٹرنگ آفسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 15 سے 17 نومبر تک داخل کی جا سکیں گی۔

    جن پر اپیلیٹ اتھارٹی فیصلے 22 نومبر تک کریں گی۔ جس کے بعد امیدواروں کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ اور امیدواروں کی حتمی فہرست 25 نومبر کو جاری کی جائے گی۔ شیڈول کے مطابق مخصوص نشستوں پر پولنگ 14 دسمبر 2022 کو ہو گی۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ایک اور بیان کے مطابق بلوچستان کے دو اضلاع لسبیلہ اور حب کے معطل شدہ انتخابی شیڈول کی بقیہ ماندہ انتخابی سرگرمیوں کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    شیڈول کے مطابق امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال یکم سے 4 نومبر تک کی جائے گی۔ ریٹرنگ آفسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 7 سے 9 نومبر تک داخل کی جا سکیں گی۔ جن پر اپیلیٹ اتھارٹی فیصلے 12 نومبر تک کریں گی۔ جس کے بعد امیدواروں کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ اور امیدواروں کی حتمی فہرست 16 نومبر کو جاری کی جائے گی۔

    شیڈول کے مطابق پولنگ 11 دسمبر 2022 کو ہو گی اسی طرح الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان کے ضلع پشین کی میونسپل کمیٹی حرمزئی کے پہلے مرحلے کے انتخابات کیلئے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

  • زیارت ریزیڈنسی پر حملے میں ملوث دہشت گرد گرفتار

    زیارت ریزیڈنسی پر حملے میں ملوث دہشت گرد گرفتار

    کوئٹہ: بلوچستان میں واقع زیارت ریزیڈنسی پر حملے میں ملوث دہشت گرد گرفتار ہو گیا۔

    کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے بتایا کہ بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں سی ٹی ڈی کی ایک کارروائی میں بانئ پاکستان کی رہائش گاہ زیارت ریزیڈنسی پر حملے میں ملوث مبینہ دہشت گرد سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق مبینہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد کیا گیا، مبینہ دہشت گرد حساس تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

    واضح رہے کہ 15 جون 2013 کو کچھ دہشت گردوں نے قائد اعظم ریزیڈنسی پر حملہ کیا تھا، اس حملے میں 4 سیکیورٹی پر مامور گارڈ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے اور ریزیڈنسی کی عمارت بھی آگ میں جل گئی تھی، جس کے بعد اگست 2014 میں اس کی دوبارہ تعمیر کا کام مکمل ہوا۔

    جون 2015 میں کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی عدالت نے زیارت ریزیڈنسی حملہ کیس میں بلوچ قوم پرست رہنما نواب زادہ حیر بیار مری سمیت 33 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی۔

    اس وقت کے ایس ایس پی آپریشنز اعتزاز احمد گورایا نے بتایا تھا کہ اس دہشت گرد حملے میں کُل 12 حملہ آوروں نے حصہ لیا تھا۔

  • کبوتروں کی میراتھن ریس، جسے دیکھ کر عقل دنگ رہ جائے

    کبوتروں کی میراتھن ریس، جسے دیکھ کر عقل دنگ رہ جائے

    صوبہ بلوچستان کے ضلع آواران میں کبوتروں کی ایسی میراتھن ریس منعقد کی جاتی ہے جسے دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے، ساڑھے 5 سو کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنے کے لیے ان کبوتروں کو سخت ٹریننگ دی جاتی ہے۔

    بلوچستان میں مختلف کلبز کے زیر اہتمام ان کبوتروں کی میراتھن منعقد کی جاتی ہےجس کی فنشنگ لائن 560 کلو میٹر دور ہوتی ہے، جس کے بعد کبوتر واپس اپنے گھروں کو لوٹتے ہیں۔

    یہ فاصلہ 5 سے 6 گھنٹے کے دوران طے ہوتا ہے، حال ہی میں منعقد ہونے والی ریس کا فاتح کبوتر یہ فاصلہ ساڑھے 5 گھنٹے میں طے کر کے واپس لوٹا۔

    ریس کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ریس شروع ہونے سے قبل کبوتروں کو نشان لگا کر انہیں کوڈ نمبر دیے جاتے ہیں۔

    ان کبوتروں کے مالکان کا کہنا ہے کہ کبوتروں کے لیے لاکھوں روپے کی امپورٹڈ ادویات اور خوراک کا انتظام کیا جاتا ہے، ان کی ٹریننگ کے مختلف مرحلے ہیں جس کا آغاز 5 سے 10 کلو میٹر تک اڑانے سے ہوتا ہے، رفتہ رفتہ یہ فاصلہ 100 کلو میٹر تک بڑھایا جاتا ہے۔

  • پہلی اقلیتی خاتون افسر کا اعزاز پانے والی بلوچستان کی باہمت بیٹی کی کہانی

    پہلی اقلیتی خاتون افسر کا اعزاز پانے والی بلوچستان کی باہمت بیٹی کی کہانی

    کوئٹہ کی رہائشی ماریہ شمعون نے مسابقتی امتحان میں اول پوزیشن حاصل کرکے بلوچستان میں اقلیتی برادری کی پہلی اسسٹنٹ کمشنر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

    پاکستان باصلاحیت لوگوں سے مالامال ملک ہے جس کا اعتراف دنیا کرتی ہے بس ضرورت ہے مستقل مزاجی، محنت اور لگن کی اگر یہ سب چیزیں یکجا ہوجائیں تو انسان ہر رکاوٹ عبور کرکے اپنی منزل حاصل کرلیتا ہے جس کی مثال ہے بلوچستان کی یہ باہمت بیٹی

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کوئٹہ کی رہائشی ماریہ شمعون نے بائیو کیمسٹری میں ماسٹرز میں ٹاپ کیا اس کے بعد دو ہزار سولہ سے مسلسل مسابقتی امتحان میں حصہ لیتی رہی، لیکن کئی بار ناکام ہونے کے باوجود ہمت نہ ہاری جس کا پھل باالآخر دو ہزار اکیس میں مل گیا۔

    ماریہ شمعون نے نومبر دو ہزار اکیس میں پی سی ایس کے امتحان میں نہ صرف اول پوزیشن حاصل کی بلکہ بلوچستان میں اقلیتی برادری سے پہلی اسسٹنٹ کمشنر افسر بننے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔

    اس حوالے سے ماریہ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا یقین تھا کہ میں اپنی منزل ضرور حاصل کروں گی اور مجھے کوئی نہ کوئی ایسا موقع ضرور ملے گا جس میں میں اپنی صلاحیتیں آزما کر خود کو منوا سکوں گی اور پھر ایسا ہی ہوا۔

     

    ماریہ نے بتایا کہ جب اسپیشل سی ایس ایس کا اعلان ہوا تو مجھے لگا کہ یہ میرے لیے ہی ہے اس کے بعد پی سی ایس آیا تو میں نے اس کی تیاری شروع کردی، ماریہ کے مطابق اس بات سے قطع نظر کہ میں پاس ہوں گی یا فیل اپنی بھرپور محنت اور تیاری جاری رکھی جس کا صلہ خدا نے مجھے دیا اور میں نے اس مسابقتی امتحان میں ٹاپ کیا۔

    ماریہ کا مزید کہنا تھا کہ میرے والدین نے ہمیشہ مجھے سپورٹ کیا میں آج جس مقام پر پہنچی ہوں سب ان ہی کی محنت اور محبت کی بدولت ہے اور میں انہیں اس پر سلوٹ پیش کرتی ہوں، میرے والدین نے کمزور مالی حالات کے باوجود بھی مجھے پڑھایا اور اس جگہ تک پہنچایا ہے جب کہ اس حوالے سے مجھے میری پوری فیملی سمیت چھوٹے بھائی اور دوست ثنا کی بھی رہنمائی حاصل رہی۔

    ماریہ نے تمام والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر والدین اور معاشرہ بچیوں کی حوصلہ افزائی اور مدد کریں تو وہ ہر میدان میں کامیابیاں سمیٹ سکتی ہیں۔

    بتیس سالہ ماریہ کا تعلق ایک غریب گھرانے سے ہے جس نے پرائمری سے ماسٹرز تک سرکاری اداروں میں تعلیم حاصل کی اس کے والد سرکاری محکمے سے ڈرائیور کے طور پر ریٹائر ہوئے ہیں مگر بچوں کی تعلیم میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور آج بیٹی کی اس کامیابی پر وہ خوشی سے پھولے نہیں سما رہے ہیں۔

    ماریہ کے والد نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خدا نے میری اس محنت کا اجر دیا اور مجھے سرفراز کیا کہ میری بیٹی اس لائق ہوئی کہ وہ اسسٹنٹ کمشنر بن گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس راستے میں مجھے کافی تکالیف بالخصوص مالی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن اس موقع پراہلیہ نے بھرپور ساتھ دیا اور ہم نے مل کر ان مشکلات کا مقابلہ کیا جس کا اجر ہم نے آج پالیا ہے۔
    منظور احمد

  • کوئٹہ : بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں آوارہ کتے گھومنے لگے

    کوئٹہ : بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں آوارہ کتے گھومنے لگے

    کوئٹہ : بلوچستان کے سب سے بڑے شہر اسپتال میں آوارہ کتوں کی موجودگی اسٹاف اور مریضوں کے لیے درد سر بن گئی۔

    کوئٹہ کے سب سے بڑے ہسپتال میں بولان میڈیکل کمپلیکس کے آئی سی یو وارڈ کے سامنے آوارہ کتوں کا راج ہے، ٹولیوں کی شکل میں مٹر گشت کرتے نظر آتے ہیں جس کی وجہ ہسپتال آنےوالے لوگوں میں حوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ہسپتال انتظامیہ نے اب تک شکایت کے علاوہ کوئی دوسرا قدم نہیں اٹھایا کہ جس سے لوگوں کی مشکلات میں کمی آسکے۔

    stray dogs

    اس حوالے سے بولان میڈیکل اسپتال انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ متعلقہ حکام کو آگاہ کردیا گیا ہے، ایم ایس نے بتایا ہے کہ آوارہ کتوں کی تلفی سے متعلق میٹرو پولیٹن کو تحریری درخواست دی ہے۔

    بولان میڈیکل اسپتال انتظامیہ نے درخواست کی کاپی جاری کردی جس میں درخواست کی گئی ہے کہ اسپتال میں آوارہ کتوں کی بھرمار ہے جس کے سد باب کیلئے فوری کارروائی کی جائے۔

  • اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس  بزنجو نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا

    اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا

    کوئٹہ : اسپیکربلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجونےعہدے سے استعفیٰ دے دیا ، عبدالقدوس بزنجووزیراعلیٰ بلوچستان کے امیدوار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکربلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجونےعہدےسےاستعفیٰ ددے دیا ، عبدالقدوس بزنجو نے استعفیٰ سیکریٹری اسمبلی کے حوالے کردیا ہے ، سیکریٹری اسمبلی عبدالقدوس بزنجو کااستعفیٰ گورنر بلوچستان کو ارسال کریں گے۔

    خیال رہے عبدالقدوس بزنجووزیراعلیٰ بلوچستان کے امیدوار ہیں۔

    اس سے قبل :میرعبدالقدوس بزنجوکی زیرصدارت بلوچستان اسمبلی کااجلاس ہوا ، جس میں وزیراعلیٰ کے مستعفی ہونےکےبعدعدم اعتمادکی تحریک نمٹادی جبکہ عبدالقدوس بزنجو نے چودہ ستمبر کے بعد ہونے والی تعیناتیوں اور تبادلوں کو منسوخ کرنے کی رولنگ دی۔

    بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں عبدالرحمان کھیتران نے اسپیکرکو اسمبلی اجلاس کے بعد مستعفی ہونے کا مشورہ دیا۔

    دوسری جانب بی اے پی کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ظہور بلیدی کا کہنا ہے کہ نئےوزیراعلی کی نامزدگی کیلئےپارلیمانی اراکین کااجلاس بلاوں گا ، اجلاس میں جام کمال کے استعفے کے بعد کی صورتحال پر غور ہوگا۔

  • وزیر اعلیٰ بلوچستان سے اختلاف، ناراض ارکان کا بڑا فیصلہ

    وزیر اعلیٰ بلوچستان سے اختلاف، ناراض ارکان کا بڑا فیصلہ

    کوئٹہ: بلوچستان میں سیاسی بحران حل ہونے کی بجائے شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال سے اختلافات پر ناراض ارکان نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کابینہ سے 3 وزرا اور 2 مشیروں نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنے استعفے ظہور بلیدی کو لکھ کر دے دیے۔

    وزرا اور مشیروں کے علاوہ 4 پارلیمانی سیکریٹریز بھی استعفیٰ جمع کرنے والوں میں شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ استعفیٰ جمع کرنے والے وزرا میں وزیر خزانہ ظہور بلیدی، عبدالرحمان کھیتران، اسد بلوچ شامل ہیں، جب کہ مشیروں میں اکبر آسکانی، محمد خان لہڑی شامل ہیں، چار پارلیمانی سیکریٹریز میں بشریٰ رند، رشید بلوچ، سکندر عمرانی اور ماہ جبین شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ ناراض اراکین نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کو استعفیٰ دینے کے لیے ڈیڈ لائن پیش کی تھی، جو آج ختم ہو گئی، اور جام کمال کا استعفیٰ نہیں آیا۔

    ایک طرف وزیر اعلیٰ جام کمال صوبائی کابینہ کی صدارت میں مصروف ہیں تو دوسری طرف بلوچستان کے ناراض اراکین کا اہم مشاورتی اجلاس جاری ہے، جس میں محمد خان لہڑی، اکبر آسکانی، لالہ رشید، نصیب اللہ مری، بشریٰ رند، ماہ جبیں شیران، لیلیٰ ترین شریک ہیں۔

    ناراض صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے اجلاس کی تصاویر بھی ٹوئٹ کر دی ہیں۔