Author: منظور احمد

  • بزرگ بلوچ رہنما سردار عطا اللہ مینگل انتقال کر گئے

    بزرگ بلوچ رہنما سردار عطا اللہ مینگل انتقال کر گئے

    کوئٹہ: بزرگ بلوچ رہنما سردار عطا اللہ مینگل انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سردار عطا اللہ مینگل کا انتقال ہو گیا، ان کی عمر 93 سال تھی، وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے، اور ایک نجی اسپتال میں گزشتہ کچھ دنوں سے زیر علاج تھے۔

    بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ نے قوم پرست رہنما سردار عطا اللہ مینگل کے انتقال کی تصدیق کر دی۔

    آغا حسن کے مطابق عطا اللہ مینگل کی طبیعت زیادہ بگڑنے پر انھیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا، ان کی حالت تشویش ناک تھی۔

    مرحوم سردار عطا اللہ مینگل کی تدفین آبائی علاقے وڈ ضلع خضدار میں کی جائے گی۔

    سردار عطااللہ مینگل 1929 کو پیدا ہوئے، 25 سال کی عمر میں مینگل قبیلے کے سردار مقررہوئے،  وہ بلوچستان کے پہلے وزیر اعلیٰ تھے، ان کا شمار بلوچستان کی قوم پرست سیاست کے ابتدائی رہنماؤں میں ہوتا ہے، اور وہ بلوچستان کی تاریخ اور قبائلی لحاظ سے ایک اہم شخصیت تھے۔

    سردار عطا اللہ مینگل بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ بھی رہے، موجودہ سربراہ سردار اختر جان مینگل ان کے صاحب زادے ہیں۔

  • کم عمر میں سائنسی علوم اور ٹیکنالوجی پر عبور رکھنے والا بچہ، جس سے مل کر عقل دنگ رہ جائے

    کم عمر میں سائنسی علوم اور ٹیکنالوجی پر عبور رکھنے والا بچہ، جس سے مل کر عقل دنگ رہ جائے

    مملکت خداداد پاکستان کو قدرت نے مریم مختار جیسی بہادر ، ارفعہ کریم جیسی ذہانت والی شخصیات عطا کی، اور رب کریم کا یہ سلسلہ آج بھی ہمارے سامنے ننھے شہیر کی صورت میں جاری وساری ہے۔

    یہ بات ثابت ہے کہ دنیاوی علوم میں فلکیات، طبیعات سمیت دیگر سائنسی کی معلومات حاصل کرنا انسانی ذہن کے لئے بڑا دشوار مرحلہ ہوتا ہے مگر ان سب سے متعلق سوالات کے جوابات اگر ایک آٹھ سالہ بچہ بڑی ہی آسانی سے دے تو حیرت سے آنکھ کھل جاتی ہیں۔

    جی ہاں غیر معمولی ذہانت اور حافظہ رکھنے والا کوئٹہ کا  رہائشی آٹھ سالہ شہیرخالد خان بھی ایسی ہی خداداد صلاحیتوں کا مالک ہے، جو صرف گھنٹوں میں پچیدہ علوم اور موضوعات کی کتابوں کا مطالعہ کرکے اسے سمجھانے لگتا ہے۔

    ننھے شہیر خان فلکیات، طب، بائیولوجی اور کمپیوٹر سمیت دیگر سائنسی علوم سے متعلق غیر معمولی معلومات رکھتے ہیں اور ہر موضوع کے سوال پر فورا جواب دیتے ہیں کہ دیکھنے اور سننے والے دنگ رہ جاتے ہیں۔

    سونامی ہو یا بائیولوجی، کیمسٹری ہو یا فلکیات شہیر خان بڑے ہی معصومانہ انداز میں آسانی سے سب کچھ سمجھا دیتے ہیں، گھر میں شہیر کو ڈاکٹر اور پروفیسر کے نام سے پکارا جاتا ہے۔

    شہیر کے بھائی کا کہنا ہے کہ ننھے پروفیسر کو کچھ سکھانے کی ضرورت نہیں ہے وہ خود سیکھ جاتا ہے، بھائی کا کہنا ہے کہ بغیر مشق کئے شہیر نے دو سال میں مکمل انگریزی سیکھی، والدین کا کہنا ہے کہ اب شہیر کا اسکول جانا بند کردیا ہے کیونکہ جہاں سے وہ پڑھنا شروع کرتا ہے، وہاں بچوں کی پڑھائی ختم ہوجاتی ہے۔

    اپنی خداداد صلاحیتوں کے باعث شہیر کو ورکشاپ اور سیمینار میں سائنسی موضوعات پر لیکچر کے لئے مدعو کیا جارہا ہے، شہیر نے حال ہی میں ہونے والی نیشنل سکیورٹی ورکشاپ بلوچستان میں (کائنات میں تازہ ترین سائنسی رحجانات) کے موضوع پر لیکچر دیا ہے، ان کی خواہش ہے کہ وہ بڑے ہوکر ماہر فلکیات بنے۔

  • کوئٹہ: خروٹ آباد میں دستی بم پھٹنے سے 3 بچے جاں بحق

    کوئٹہ: خروٹ آباد میں دستی بم پھٹنے سے 3 بچے جاں بحق

    کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے خروٹ آباد میں دستی بم پھٹنے سے 3 بچے جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ریسکیو ذرائع نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے خروٹ آباد میں بچوں نے کھیل کے دوران دستی بم اٹھا لیا تھا، جو کھیلتے ہوئے پھٹ گیا، افسوس ناک واقعے میں تین بچے جاں بحق ہو گئے۔

    ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق بچوں کی لاشیں بی ایم سی اسپتال منتقل کر دی گئیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچوں نے کھلونا سمجھتے ہوئے دستی بم اٹھا لیا تھا، تاہم بم کہاں سے آیا، اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے، جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرنے کے لیے ٹیمیں بھی روانہ کر دی گئی ہیں۔

  • میگا کرپشن اسکینڈل: پانچ سال بعد کیس کا فیصلہ سنادیا گیا

    میگا کرپشن اسکینڈل: پانچ سال بعد کیس کا فیصلہ سنادیا گیا

    کوئٹہ:احتساب عدالت کوئٹہ نے میگا کرپشن کیس کا فیصلہ سنادیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کی احتساب عدالت میں میگا کرپشن کیس کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت ون کے جج منور شاہوانی نے اہم ترین کیس کی سماعت کی۔

    عدالت نے شواہد کی روشنی میں میگا کرپشن کیس کے مرکزی ملزم سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کو دس سال قید کی سزا کا حکم سنایا اور مشتاق رئیسانی کی جائیدادیں ضبط کرنےکا بھی حکم دیا۔

    احتساب عدالت کوئٹہ نے سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو کو دو سال دو ماہ قید کی سزا سنائی جبکہ کیس میں نامزد سابق سیکرٹریزلوکل گورنمنٹ فیصل جمال اور حافظ عبدالباسط کو عدم ثبوت کے باعث بری کردیا۔

    میگا کرپشن اسکینڈل سنہ 2016 میں اس وقت سامنے آیا جب مشتاق رئیسانی کو ان کے دفتر سے گرفتار کیا گیا بعد ازاں ان کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔

    چھاپے کے دوران مشتاق رئیسانی کے گھر سے 63 کروڑ روپے کی نقدی، کروڑوں روپے مالیت کے زیورات اور پرائز بانڈ برآمد ہوئے تھے۔

    بعد ازاں قومی احتساب بیورو (نیب) نے صوبائی مشیر خزانہ خالد لانگو کو بھی حراست میں لے لیا تھا۔

  • بلوچستان کے چلتن نیشنل پارک میں ‘پرشیئن لیپرڈ’ کا جوڑا دریافت

    بلوچستان کے چلتن نیشنل پارک میں ‘پرشیئن لیپرڈ’ کا جوڑا دریافت

    کوئٹہ: ہزار گنجی نیشنل پارک میں پرشین لیپرڈ کا جوڑا دریافت ہوا،وائلڈلائف حکام کا کہنا ہے کہ پرشین لیپرڈکی یہ نسل دنیامیں تیزی سے معدومی کا شکار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ جنگلات وجنگلی حیات نے کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزارگنجی نیشنل پارک میں دریافت ہونے والے نایاب تیندوے کی تصاویرجاری کردی ہے۔

    چیف کنزرویٹوآفیسر شریف الدین بلوچ کا کہنا ہے کہ پرشین لیپرڈکی یہ نسل دنیامیں تیزی سےمعدومی کاشکارہے، 6 ماہ کی کوششوں سے ٹیم نے جوڑےکی عکس بندی کی۔

    وائلڈلائف حکام نے بتایا کہ اس علاقے میں کئی دہائیوں سے رشئین لیپرڈ کی موجودگی اطلاع تھی لیکن پرشین لیپرڈ جوڑے کی کوہ چلتن میں آثار ملنے پر تلاش شروع کی گئی، چیتےکی عکس بندی محکمہ جنگلی حیات ٹیم کی بڑی کامیابی ہے۔

    محکمہ جنگلی حیات نے آئی یوسی این،ڈبلیوڈبلیوایف سے رابطے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیتے میں چستی اور بے خوفی دیکھی گئی جوخوش آئند ہے، چیتےکی کوہ چلتن میں خوراک بھی وافرمقدارمیں موجود ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ان چیتوں کے تحفظ کے لیے ہمیں جہاں مزید وسائل اور عملے کی ضرورت ہو گی وہاں ہم لوگوں سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ وہ ان چیتوں کی حفاظت کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

    محکمہ جنگلات کے چیف کنزرویٹر نے مزید بتایا کہ کہ 2011-12 میں مکران کے علاقے کلگ میں اس چیتے کے شکار کا واقعہ رپورٹ ہوا تھا، اس کے بعد 2013 میں سکھر کے قریب ایک چیتے کی موجودگی رپورٹ ہوئی لیکن اس کے بعد پہلی مرتبہ یہاں ثبوت اور تصاویر کے ساتھ ان کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

  • طلبا کیلئے اہم خبر، سالانہ امتحانات ملتوی

    طلبا کیلئے اہم خبر، سالانہ امتحانات ملتوی

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر ‘ایف اے’ اور ‘ایف ایس سی’ کے سالانہ امتحانات ملتوی کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق طالب علموں کی صحت کو ترجیحی بنیاد پر مدنظر رکھتے ہوئے بلوچستان میں ایف اے اور ایف ایس سی کے سالانہ امتحانات ملتوی کیے گئے ہیں۔

    بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن نے اس حوالے سے بیان جاری کر دیا۔

    کنٹرولر امتحانات کا کہنا ہے کہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 25 مئی سے شروع ہونا تھے، امتحانات کوروناوائرس کی تیسری لہر کی وجہ سے ملتوی کیے گئے ہیں۔

    تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق طلبا کیلئے ایک اور بڑی خبر

    اس حوالے کنٹرولر امتحانات نے مزید بتایا کہ صوبے میں ایف اے اور ایف ایس سی امتحانات جون میں متوقع ہیں، امتحانات کے انعقاد کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ کورونا کی روک تھام کے لیے ملک بھر میں تمام تعلمیی ادارے 23 مئی تک بند کیے گئے ہیں۔

  • کوئٹہ خودکش دھماکا: حملہ آور کون تھا؟ ابتدائی تحقیقات میں بڑا انکشاف

    کوئٹہ خودکش دھماکا: حملہ آور کون تھا؟ ابتدائی تحقیقات میں بڑا انکشاف

    کوئٹہ: دو روز قبل کوئٹہ میں ہونے والے بزدلانہ حملے سےمتعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، خودکش حملے میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ دو ڈپٹی کمشنر سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں نجی ہوٹل پر حملہ کرنے والا خودکش بمبار غیر ملکی تھا، دھماکے کے بعد جائے حادثے سے خودکش بمبار کے اعضا ڈی این اے کے لئےبھجوائے گئے تھے تاہم نادرا کے ڈیٹا بیس ریکارڈ میں خودکش حملہ آور کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے، خود کش حملے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل کوئٹہ میں نجی ہوٹل کے قریب خودکش دھماکا ہوا تھا، دھماکے میں ایک پولیس اہلکار سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ دو ڈپٹی کمشنر سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے تھے، زور دار دھماکے سے کئی گاڑیوں کو آگ لگ گئی جبکہ ہوٹل سمیت قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے۔دھماکے سے متعلق یہ قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ خود کش دھماکے کا ہدف چینی سفیر تھے، تاہم چینی سفارت خانے کا کہنا تھا کہ چین کے سفیر اس روز ایک وفد کی قیات کرتے ہوئے کوئٹہ میں تھے، حملے کے وقت چینی وفد ہوٹل میں موجود نہیں تھا،ترجمان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں کسی چینی شہری کے مرنے یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج

    وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں دھماکے کو سیکیورٹی کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ دھماکا خیز مواد گاڑی میں نصب تھا،شیخ رشید احمد نے بتایا کہ دھماکے میں 60 سے 80 کلوگرام تک بارودی مواد استعمال کیا گیا

    یاد رہے کہ سرینا ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افرادکیخلاف درج کیا جاچکا ہے، مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

  • "مریم نواز پی ڈی ایم جلسوں کی ناکامی کورونا پر نہ ڈالیں”

    "مریم نواز پی ڈی ایم جلسوں کی ناکامی کورونا پر نہ ڈالیں”

    کوئٹہ : ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ مریم نواز پی ڈی ایم جلسوں کی ناکامی کورونا وائرس پر نہ ڈالیں، افسوس ہوتا ہے اپوزیشن کورونا میں بھی سیاست کررہی ہے۔

    یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پچھلے سال ان ہی دنوں میں کورونا کا پہلا کیس آیا تھا۔

    لیاقت شاہوانی نے کہا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے نمٹنے اور معاشی صورتحال سے مقابلے کیلئے ہم نے کتنا کھٹن سفر طے کیا وہ ہم ہی جانتے ہیں۔

    انہوں نے ن لیگ کی رہنما کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مریم صاحبہ آپ تو عالیشان محلوں میں رہتی ہیں آپ کو کیا معلوم کہ ہمیں کن مسائل کا سامنا رہا، ڈاکٹرز سمیت عام لوگوں کی شہادتیں ہوئیں۔

    ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ بتایا جارہا ہے کہ کورونا وائرس برطانیہ سے پاکستان تک پہنچ گیا ہے، بلوچستان میں بھی کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ کورونا کیسز کی شرح 1.5 فیصد تھی اب اس میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے جس کے تحت اب2.6 ہوگئی ہے۔

    پنجاب اور سندھ میں پابندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری ہوئے ہیں، سندھ حکومت کی پابندی دیکھیں جہاں تین سو سے زیادہ لوگوں کے اجتماع پر پابندی لگادی گئی۔

    مریم نواز کی پریس کانفرنس میں جلسے سے متعلق بیان افسوسناک ہے، پی ڈی ایم کے جلسوں کی ناکامی کو کورونا کو پر نہ ڈالیں، افسوس ہوتا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں کورونا کی اس وبا میں بھی سیاست چمکا رہی ہیں۔

    لیاقت شاہوانی نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں، پیپلزپارٹی کی سندھ میں حکومت میں ہے پھر بھی پی ڈی ایم ایک بھی متاثر کن جلسہ نہ کرسکی لوگوں کو کورونا میں مبتلا کیا۔

    پی ڈی ایم کے25 اکتوبر کے جلسے کے بعد بلوچستان میں کورونا کے کیسز میں تین گنا اضافہ ہوا، خطرہ ہے کہ پی ڈی ایم کے لانگ مارچ سے کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوگا۔

    لیاقت شاہوانی نے کہا کہ بلوچستان حکومت دیگر صوبوں سے آنے والے لوگوں کے کورونا ٹیسٹ کرے گی، مثبت کیسز کو فوری طور پر قرنطینہ کیا جائے گا اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    ترجمان بلوچستان حکومت نے وضح کیا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا تو صورتحال خراب ہوگی، بلوچستان میں اب تک صرف 16 ہزار فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگی ہے،آئندہ ہفتے 9 لاکھ ویکسین کی خوراکیں بلوچستان پہنچیں گی۔

    لیاقت شاہوانی کا مزید کہنا تھا کہ نیا وائرس خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، پہلی لہر کی طرح تمام ملکی لیڈر شپ کو مل کر وائرس کا مقابلہ کرنا چاہئے، بلوچستان کے عوام سے گزارش ہے کہ احتیاط لازمی کریں۔

  • مچھ فائرنگ واقعہ: جاں بحق کان کنوں کی تعداد 10 ہوگئی

    مچھ فائرنگ واقعہ: جاں بحق کان کنوں کی تعداد 10 ہوگئی

    مچھ:صوبہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں کام پر جانے والے کان کن دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    لیویز ذرائع کے مطابق واقعہ مچھ میں گیشتری کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب کان کن اپنے کام پر جارہے تھے کہ دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں سات کان کن موقع پر ہی جاں بحق جبکہ کئی شدید زخمی ہوئے تھے۔لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثے پر پہنچی اور زخمیوں اور لاشوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے، دوران علاج مزید تین کان کن زندگی کی بازی ہار گئے، جس کے بعد دہشت گردوں کے بزدلانہ وار سے جاں بحق کان کنوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔

    لیویز حکام کے مطابق کوئلہ فیلڈ میں کام کرنے والے کان کنوں کو پہلے یرغمال بنا یاگیا پھر ہاتھ پاؤں باندھ کر فائرنگ اور تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا، واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، مقتول کان کنوں کا تعلق کوئٹہ سے بتایا جاتا ہے۔

    فائرنگ کے واقعے کے بعد لیویز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمان نے مچھ کی کوئلہ فیلڈ میں رونما ہونے والے واقعےکی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کان کنوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہے، دہشت گردی میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا،وزیر اعلیٰ بلوچستان نےمتعلقہ حکام سے واقعے کی فوری بھی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

    لواحقین اور مقامی افراد کا شدید احتجاج

    مچھ میں آج صبح رونما ہونے والے واقعے میں جاں بحق افراد کی لاشوں کو اسپتال سے گھر روانہ کیا گیا تو مچھ کےقریب قومی شاہراہ پر موجود سینکڑوں مظاہرین نے میتیں اور ایمبولینس روک کر شدید احتجاج کیا اور فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا، لواحقین اور مزدوروں کے احتجاج کے باعث کوئٹہ سبی شاہراہ پر گاڑیوں کی طویل لائنیں لگ گئیں اور کافی دیر تک ٹریفک معطل رہا۔

  • حکومت کی ایک اور اتحادی ناراض، اہم مطالبہ کردیا

    حکومت کی ایک اور اتحادی ناراض، اہم مطالبہ کردیا

    کوئٹہ : سینیٹ الیکشن کے قریب آتے ہی وفاق کی اتحادی جماعتوں کے ناراض ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، ایم کیو ایم کے بعد بی اے پی بھی تحریک انصاف سے ناراض ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر کی زیرصدارت پارلیمانی اراکین کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی حکومت کا اتحادی جماعتوں کے ساتھ رویہ زیر بحث رہا۔

    بی اے پی کے پارلیمانی اراکین نے اتحادی جماعت پی ٹی آئی سے اظہار ناراضی کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی وفاقی اور کے پی کے کابینہ میں ہمیں مسلسل نظر انداز کررہی ہے،اس کے برعکس بی اے پی اراکین پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی سینیٹ اور کے پی میں سپورٹ کررہی ہے۔

    پارلیمانی اراکین کا شکوہ تھا کہ تحریک انصاف نے بی اے پی کو وفاقی کابینہ اور کے پی میں نمائندگی نہیں دی اور وفاق میں جو محکمہ بلوچستان عوامی پارٹی کو دیا گیا اس سے عوامی مسائل حل نہیں ہوتے، پارلیمانی اراکین کا مطالبہ تھا کہ جس طرح ایوانوں میں ہم وفاقی حکومت کو سپورٹ کررہے ہیں پی ٹی آئی اسی طرح ہمیں نمائندگی بھی دے۔

    اس سے قبل ایم کیو ایم نے بھی وفاق کے ساتھ مردم شماری کے نتائج جاری کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، ایم کیو ایم پاکستان نے گذشتہ ہونے والے اپنے اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ دو ہزار اٹھارہ کی مردم شماری میں کراچی کی آبادی کو کم گنا کیا، وفاق کراچی میں مردم شماری سے متعلق واضح فیصلہ کرے۔