Author: منظور احمد

  • ہاتھ پاؤں سے معذور حلیمہ بی بی پولیو کے خاتمے کے لئے پرعزم

    ہاتھ پاؤں سے معذور حلیمہ بی بی پولیو کے خاتمے کے لئے پرعزم

    کوئٹہ: قومی مقصد کے لئےجذبہ سچا ہو تو جسمانی معذوری اس کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی، اور یہ کوئٹہ کی حلیمہ بی بی نے کر دکھایا ہے۔

    کوئٹہ کے علاقے غوث آباد کی رہائشی حلیمہ بی بی تین سال کی عمر میں شدید بیمار ہوئیں، اسی دوران ان پر پولیو نے
    حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ان کا دائیں ہاتھ اور پاؤں بری طرح متاثر ہوا۔

    والد بھی جلد دنیا سے رخصت ہوگئے، تمام تر تکالیف اور دشواریوں کے باوجود حلیمہ بی بی پچھلے تین سال سے پولیو کی ہر مہم میں رضاکارانہ طور پر اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہیں، پولیو مہم کے دوران وہ اسپتال او مارکیٹوں میں جاکر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلارہی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حلمیہ بی بی کا کہنا تھا میری تمام والدین سے گزارش ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں، تاکہ وہ میری طرح معذوری کا شکار نہ ہوں۔

    اس موقع پر حلیمہ کی والدہ کا کہنا تھا کہ میری بیٹی کا متاثرہ پاؤں مزید کمزور ہوتا جارہا ہے، پولیو مہم کے دوران معمولی اجرت ملتی ہے، میری حکومت سے گزارش ہے کہ میری بیٹی کا علاج کرایا جائے اور اسے سرکاری نوکری فراہم کی جائے، تاکہ وہ سکون سے اپنا کام سر انجام دے سکیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  کوئٹہ میں پولیو کی شکار لڑکی کا کارنامہ

    حلیمہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم تین بہن بھائی ہیں، بھائی کی واحد کمائی سے گھر کے اخراجات پورے کرنا ممکن نہیں ہے اور مجھ پر پولیو ورکرز کے ادائیگی نہ کرنے کا بھی دباؤ ہے، مگر میں اس مشن سے الگ نہیں ہونا چاہتی ، ملک سے پولیو کا خاتمہ میرا مشن ہے۔

  • دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، 4 دہشت گرد ہلاک

    دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، 4 دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے بلوچستان کے علاقے مستونگ میں کارروائی کرتے چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مستونگ کے علاقے دشت میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کا محاصرہ کیا گیا تو دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں چار دہشت گرد مارے گئے۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیاہے، مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس، بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکاخیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔

    وزیرداخلہ بلوچستان ضیالانگو کا واقعے سے متعلق کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی نے آج کالعدم جماعت کےچار دہشت گرد مارے، ان دہشت گردوں میں کمانڈرعبدالکریم بھی شامل ہے جو لشکر جھنگوی کا اہم کمانڈر رہا ہے، لشکر جھنگوی کا یہ اہم کمانڈراپنےساتھ تیس لوگوں کو لے کر آیا تھا۔

    وزیرداخلہ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے کچھ دہشت گردوں کو پکڑا تھا، انہوں نےاس گروہ کاانکشاف کیا تھا، ہم کہہ چکےتھےکوئٹہ میں تھریٹ موجود ہے، لہذا اپوزیشن کوئٹہ میں ہونے والاجلسہ منسوخ کرے۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی،5 دہشت گرد گرفتار

    واضح رہے کہ گذشتہ ماہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے اہم رکن کو گرفتار کیا تھا، سی ٹی ڈی کا حکام کے مطابق ملزم نے دوران حراست سریاب میں قتل، ڈبل روڈ پر بینک ڈکیتی کا بھی اعتراف کیا۔

  • بلوچستان میں کروناوائرس کے فعال کیسز 25 فیصد رہ گئے

    بلوچستان میں کروناوائرس کے فعال کیسز 25 فیصد رہ گئے

    کوئٹہ: محکمہ صحت بلوچستان کی تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں کروناوائرس کے فعال کیسز 25 فیصد رہ گئے، بلوچستان میں کرونا سے صحت یاب افراد کی شرح بڑھ کر74 ہوگئی ہے۔

    کرونا کی تازہ صورت حال سے متعلق محکمہ صحت بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں مجموعی کرونا کیسز میں شرح اموات ایک فیصد رپورٹ ہوئی، گزشتہ روز وبا سے متاثرہ 86 مریض صحت یاب ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز 333 ٹیسٹ میں سے 19 میں کرونا کی تصدیق ہوئی، صوبے میں مہلک وائرس سے صحت یاب مریضوں کی تعداد8399 ہوگئی، صوبے میں کوروناوائرس سے اموات کی تعداد 131 ہے۔

    پاکستان میں کرونا کی تشخیص کے لیے 17 لاکھ ٹیسٹ، 2 لاکھ 63 ہزار مثبت، 5568 اموات

    خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس انفیکشن سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 63 ہزار 496 ہو گئی ہے، کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 213 ممالک میں پاکستان دنیا کا 12 واں ملک ہے۔

    گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں 1,579 نئے کیسز سامنے آئے، جب کہ مزید 46 مریض جاں بحق ہو گئے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 263,496 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ اموات کی تعداد 5,568 ہو گئی ہے۔