Author: مرزا آفتاب بیگ

  • برطانیہ کا ویزا درخواستوں کے حوالے سے بڑا اعلان

    برطانیہ کا ویزا درخواستوں کے حوالے سے بڑا اعلان

    آکسفورڈ: برطانوی اخبار نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ برطانیہ ان ملکوں کی ویزا درخواستوں کو محدود کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے جن کا ویزے کی مقررہ مدت سے زیادہ قیام یا سیاسی پناہ لینے کا امکان زیادہ ہے۔

    ٹائمز اخبار کے مطابق ہوم آفس کی جانب سے پاکستان، نائیجیریا اور سری لنکا سمیت بعض ممالک کے شہریوں کی جانب سے ورک اور اسٹڈی ویزے کی درخواستوں پر سخت شرائط لگ سکتی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان منصوبوں کا اعلان جلد ہی امیگریشن وائٹ پیپر میں کیا جائے گا، کیوں کہ حکومت امیگریشن کےاعداد و شمار کو قابو کرنا چاہتی ہے۔

    لیبر پارٹی نے اپنے منشور میں وعدہ کیا تھا کہ وہ امگریشن کی تعداد میں کمی لائے گی، پارٹی نے کہا کہ خالص نقل مکانی کی مجموعی سطح کو ’’مناسب طریقے سے کنٹرول اور منظم کیا جانا چاہیے۔‘‘

    ہوم آفس کے ترجمان نے کہا: ’’جو لوگ ورک اور اسٹوڈنٹ ویزے پر آتے ہیں اور سیاسی پناہ کا دعویٰ کرتے ہیں، ہم ان افراد کی پروفائل پر انٹیلیجنس بنا رہے ہیں تاکہ ان کی جلد اور تیزی سے شناخت کی جا سکے، جہاں ہمیں ایسے عوامی رجحانات کا پتا چلتا ہے جو ہمارے امیگریشن قوانین کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، تو ہم کارروائی کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے۔‘‘ انھوں نے کہا ’’ہمارا آنے والا امیگریشن وائٹ پیپر ہمارے ٹوٹے ہوئے امیگریشن سسٹم کو بحال کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ ترتیب دے گا۔‘‘

    گزشتہ ماہ جاری کیے گئے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ برطانیہ میں ویزے کے لیے درخواست دینے والے تارکین وطن کی تعداد میں ایک سال میں ایک تہائی سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی ہے۔ ورکر، اسٹڈی، اور فیملی ویزا کیٹیگریز میں مارچ 2025 تک 772,200 افراد کی درخواستیں موصول ہوئیں، جو پچھلے 12 مہینوں میں تقریباً 1.24 ملین کے مقابلے میں 37 فی صد کم ہے۔

  • اقوام متحدہ کی جج کو جیل ہو گئی

    اقوام متحدہ کی جج کو جیل ہو گئی

    آکسفورڈ/آفتاب بیگ: برطانیہ میں اقوام متحدہ کی جج کو قید کی سزا سنا دی گئی۔

    آکسفورڈ کی کراؤن کورٹ نے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر اقوام متحدہ کی جج کو جیل بھجوا دیا۔

    عدالت نے 50 سالہ جج لیڈیا موگیمے کو چھ سال چار ماہ جیل کی سزا سنائی ہے۔ لیڈیا موگیمبے پرعہدے کا ناجائز فائدہ اٹھانے کا جرم ثابت ہوا ہے۔

    لیڈیا نے آکسفورڈ یونیورسٹی میں دوران تعلیم یوگنڈا کی عورت کو غلام کے طور پر رکھا تھا اور جج نے ہوم ورکر سے زبردستی گھریلو کام اور بچہ کی نہگداشت کروائی تھی۔

    لیڈیا جرم کے وقت قانون میں پی ایچ ڈی کی طالبہ تھی اور وہ ہائی کورٹ کی جج بھی رہ چکی ہیں۔

  • سانحہ اے پی ایس کے زخمی احمد نواز کے لیے برٹش ایمپائر میڈل کا اعزاز

    سانحہ اے پی ایس کے زخمی احمد نواز کے لیے برٹش ایمپائر میڈل کا اعزاز

    آکسفورڈ: سانحہ آرمی پبلک اسکول کے زخمی احمد نواز کو برٹش ایمپائر میڈل سے نوازا گیا ہے، جو پاکستان کے لیے ایک اور اعزاز ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 16 دسمبر 2014 کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں پیش آنے والے قیامت خیز سانحے میں زخمی ہونے والے طالب علم احمد نواز کو برطانوی اعزاز پیش کیا گیا، جو کہ باشاہ چارلس کی طرف سے دیا گیا ہے۔

    احمد نواز کو یہ اعزاز نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لیے کی گئی جدوجہد پر دیا گیا ہے، اعزاز ملنے کے بعد احمد نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس اعزاز کا ملنا ان کے لیے قابل فخر اور حوصلہ افزا ہے۔

    احمد نواز برٹش ایمپائر میڈل

    احمد نواز نے کہا ’’میں نوجوانوں کو مزید با اختیار بنانے اور امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھوں گا، اس طویل سفر میں ساتھ دینے پر سب کا شکر گزار ہوں۔‘‘ انھوں نے پاکستان کے لیے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے محبت ان کے ایمان کا حصہ ہے۔


    سانحہ اے پی ایس کے زخمی احمد نواز نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کر لی


    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی احمد نواز نے ایک منفرد اعزاز حاصل کیا تھا، مارچ 2022 میں وہ آکسفورڈ یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹس یونین کے صدر منتخب ہوئے تھے، وہ بینظیر بھٹو کے بعد یہ عہدہ حاصل کرنے والے دوسرے پاکستانی تھے۔

    احمد نواز کو حکومت نے سرکاری خرچ پر 2015 میں علاج کے لیے برطانیہ بھیجا تھا، جہاں اُن کا علاج کوئین الزبتھ اسپتال میں ہوا، برطانوی ڈاکٹرز نے ان کا علاج کیا جس کے بعد وہ صحت مند زندگی کی طرف لوٹے اور پھر لندن میں ہی تعلیم کا آغاز کیا۔

  • برطانیہ نے پاکستان کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کردی

    برطانیہ نے پاکستان کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کردی

    برطانوی حکومت نے پاکستان کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق برطانیہ نے اپنے شہریوں کو بلوچستان، خیبرپختونخوا کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے، برطانوی شہری پاکستان افغان سرحدی علاقوں کا سفر نہ کریں۔

    ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ برطانوی حکومت نے اپنے شہریوں کو سندھ میں غیر ضروری سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

    برطانوی ایڈوائزری میں کے پی کے کئی شہر اور پورا بلوچستان شامل ہیں۔

  • آکسفورڈ یونیورسٹی میں پاکستانی طالب علم کا بڑا اعزاز

    آکسفورڈ یونیورسٹی میں پاکستانی طالب علم کا بڑا اعزاز

    لندن: پاکستانی طالبعلم موسیٰ ہراج کو آکسفورڈ یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کا صدر منتخب کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق موسیٰ ہراج آکسفورڈ یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے آئندہ ٹرم کیلئے صدر منتخب ہوئے ہیں وہ آکسفورڈ یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے صدر منتخب ہونے والے چوتھے پاکستانی ہیں۔

    پاکستان کی سابقہ وزیر اعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو، احمد نواز اور اسرار کاکڑ بھی صدر منتخب ہوچکے ہیں، پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے موسیٰ ہراج کو مبارکباد دی ہے۔

    پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے موسیٰ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موسیٰ کا انتخاب پاکستانیوں کیلئے قابل فخرہے۔

    واضح رہے کہ موسیٰ ہراج پاکستانی سیاستدان وفاقی وزیر رضا حیات ہراج کے صاحبزادے ہیں۔

  • بانی پی ٹی آئی کے ذریعے 2018 کے بعد اسٹیبلشمنٹ سیاست میں دوبارہ داخل ہوئی، احسن اقبال کی آکسفورڈ میں گفتگو

    بانی پی ٹی آئی کے ذریعے 2018 کے بعد اسٹیبلشمنٹ سیاست میں دوبارہ داخل ہوئی، احسن اقبال کی آکسفورڈ میں گفتگو

    آکسفورڈ: احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی پی اور ن لیگ نے جمہوریت کے استحکام کے لیے چارٹرڈ آف ڈیموکریسی کیا، لیکن بانی پی ٹی آئی کے ذریعے 2018 کے بعد اسٹیبلشمنٹ سیاست میں دوبارہ داخل ہوئی۔

    وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا فوج کا پاکستانی سیاست میں اہم کردار ہے، پاکستان میں جمہوری استحکام کے بغیر معاشی ترقی ناممکن ہے۔

    انھوں نے کہا ذمہ دار ملک کے طور پر مسائل کی نشان دہی اور حل پر توجہ کی ضرورت ہے، کوئی ایک لیڈر، پارٹی یا ادارہ پاکستان کو مشکلات سے نہیں نکال سکتا، اجتماعی طور پر جدوجہد کی ضرورت ہے۔

    احسن اقبال نے کہا سیاسی استحکام کے بغیر معاشی ترقی نا ممکن ہے، موجودہ حکومت میں ریفارم ایجنڈے پر کام شروع کر چکے ہیں، اڑان پاکستان عوامی ترقی اور ملکی خوش حالی کا آئینہ دار ثابت ہوگا۔

    وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ملک کو دیوالیہ کر دیا تھا، مسلم لیگ ن نے گزشتہ دور میں انتہا پسندی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا، معیشت کو بحال کیا اور پاک چین کوریڈور کا آغاز کیا لیکن اس کامیاب حکومت کو غیر آئینی طریقے سے ہٹا دیا گیا۔

    احسن اقبال کی آکسفورڈ یونین کے عالمی مکالمے میں شاندار جیت

    انھوں نے مزید کہا پی ٹی آئی نے 2018 کے بعد جمہوری روایات کو تباہ کیا، بانی تحریک انصاف نے چند جنرلوں سے مل کر سازش کی، پاکستان کی ترقی اور خوش حالی پر شب خون مارا گیا اور بوگس کیسوں کی بنیاد پر نواز شریف کو سزا دی گئی۔

    دیگر موضوعات پر سوالات کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ طالبان کی واپسی دہشت گردی کی دوبارہ شروعات کی بنیاد بنی، سوشل میڈیا پر اظہار رائے کی آزادی متوازن ہونی چاہیے، ترقی کے لیے تین ملکی ستون ایک پیج پر ہونے چاہیے، ایک بھی ستون کی گڑبڑ نظام کی کمزوری کی بنیاد بنتی ہے۔

  • احسن اقبال کی آکسفورڈ یونین کے عالمی مکالمے میں شاندار جیت

    احسن اقبال کی آکسفورڈ یونین کے عالمی مکالمے میں شاندار جیت

    منصوبہ بندی و ترقی کے وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال چوہدری نے بین الاقوامی شہرت کی آکسفورڈ یونین کے مکالمے میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔

     پروفیسر احسن اقبال چوہدری نے آکسفورڈ یونین مکالمے میں فتح حاصل کرلی، انہوں نے اس وقت ملک کا نام سربلند کردیا، وفاقی وزیر نے لبرل جمہوریت کے عالمی جواب میں ناکامی کے خلاف زوردار دلائل دیکر 145 کے مقابلے 80 ووٹ حاصل کئے اور انہیں فاتح قرار دیا۔

    احسن اقبال نے آکسفورڈ یونین کے صدر اسرار کاکڑ کی دعوت پر مکالمے میں شرکت کی، انہوں نے ترقی پذیر ممالک کے حقوق عالمی انصاف کے لیے مضبوط اور مدلل مقدمہ پیش کیا۔

    احسن اقابل نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین دونوں خطے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں، عالمی طاقتیں خود کو انسانی حقوق کا چیمپئن کہتی ہیں لیکن مظلوم عوام پر ہونے والے مظالم پر خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ لبرل جمہوریت واقعی انصاف کا نظام ہوتا تو آج مسئلہ کشمیر، فلسطین حل ہوچکا ہوتا، دوسری جنگ عظیم کے بعد ایک عالمی نظام بنایا گیا تھا وہ درحقیقت عالمی جنوب کو بااختیار بنانے کیلئے نہیں اسے کنٹرول کرنےکیلئے تھا۔

    احسن اقبال نے اپنے مکالمے میں سوویت یونین کے خاتمے کے بعد پیدا صورتحال کا حوالہ دیا اور کہا کہ کہا گیا تھا لبرل جمہوریت کی فتح ہو گئی، اب دنیا میں آزادی وترقی کا دور شروع ہوگا، حقیقت اس کے برعکس نکلی، عالمی جنوب میں سیاسی عدم استحکام بڑھا، معیشتیں زوال پذیر ہوئیں اور طاقتور ممالک نے ترقی پذیر اقوام کو قرضوں میں جکڑ دیا۔

    احسن اقبال نے کہا کہ دنیا میں 80 فیصد کاربن کے اخراج کے ذمہ دار ترقی یافتہ ممالک ہیں لیکن اس کے اثرات غریب ممالک بھگت رہے ہیں، پاکستان عالمی کاربن کے اخراج میں 1 فیصد سے بھی کم حصہ رکھتا ہے لیکن پاکستان 2022 میں شدید ترین سیلاب کی زد میں آیا جس سے پاکستان 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

    احسن اقبال نے کہا کہ عالمی برادری نے مددکے بجائے قرضوں کو دوبارہ ترتیب دینے کی بات کی، یہ کوئی جمہوریت یا انصاف نہیں بلکہ طاقتور ممالک کا ایک نظام ہے، یہ نظام دنیا میں استحصالی نظام کو مزید فروغ  دے رہا ہے۔

  • لندن میں سارہ شریف قتل کیس کی سماعت مکمل ہو گئی

    لندن میں سارہ شریف قتل کیس کی سماعت مکمل ہو گئی

    لندن: سارہ شریف قتل کیس کی سماعت مکمل ہو گئی، اب جیوری اپنا فیصلہ دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق 10 سالہ سارہ شریف کے قتل کیس میں والد، سوتیلی ماں اور چچا کے خلاف اولڈ بیلی کی عدالت میں چلنے والے مقدمے کی سماعت مکمل ہو گئی، جج نے جیوری کو اپنا فیصلہ دینے کے لیے کہہ دیا ہے۔

    جیوری ممبران کیس پر غور کرنے کے بعد الگ الگ اپنا فیصلہ دیں گے، یہ جیوری 9 خواتین اور 3 مردوں پر مشتمل ہے، ہائیکورٹ کے جج نے جیوری ممبران کو ہدایت کی کہ اگر ہو سکے تو وہ ایک متفقہ فیصلے کے ساتھ واپس آئیں۔

    فیصل ملک، بینش بتول اور عرفان شریف

    جج نے جیوری سے یہ بھی کہا کہ وہ ہر ملزم کے خلاف قتل کے متبادل الزام کے طور پر غیر ارادی قتل کی فرد جرم پر بھی غور کر سکتے ہیں۔

    سارہ شریف کی لاش گزشتہ سال ووکنگ، سرے میں اپنی رہائش گاہ سے ملی تھی، واقعے کے بعد سارہ کے والد، چچا اور سوتیلی والدہ پاکستان فرار ہو گئے تھے، سارہ کے جسم پر تشدد کے درجنوں نشانات پائے گئے تھے۔

    43 سالہ عرفان شریف، 30 سالہ بینش بتول اور 29 سالہ فیصل ملک پر قتل اور اقدام قتل کی فرد جرم عائد ہے، سارہ کے والد نے سماعت کے دوران جرم کے ارتکاب کا اعتراف کیا تھا تاہم سوتیلی والدہ اور چچا نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔

  • ولیم ہیگ آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر منتخب

    ولیم ہیگ آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر منتخب

    آکسفورڈ: ماضی میں کنزرویٹو پارٹی کے مرکزی رہنما رہنے والے ولیم ہیگ کو آکسفورڈ یونیورسٹی کا چانسلر منتخب کرلیا گیا۔

    چانسل منتخب ہونے کی دوڑ میں ولیم ہیگ 50 فیصد سے زیادہ ووٹ لے کرسرفہرست رہے، ولیم ہیگ برطانیہ کے سابق وزیرخارجہ کے عہدے پر بھی براجمان رہ چکے ہیں، ایک دور میں ولیم ہیگ برطانوی سیاسی جماعت کنزرویٹو پارٹی کے مرکزی لیڈر بھی رہ چکے ہیں۔

    مشہور و معروف آکسفورڈ یونیورسٹی کی 800 سالہ تاریخ میں لارڈ ولیم کو 160 ویں چانسلر بننے کا اعزاز حاصل ہوا، وہ آئندہ برس کےآغاز میں اس معتبر عہدے پر براجمان ہونگے۔

    انھیں 10 برس کے لیے چانسلرکا عہدہ سنبھالنے کا موقع ملے گا، ولیم نے 50 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرتے ہوئے اپنے مدمقابل 4 امیدواروں کو شکست دی۔

    خیال رہے کہ پابند سلاسل بانی پی ٹی آئی نے بھی آکسفورڈ یونیورسٹی کی چانسلر شپ کے لیے کاغذات جمع کروائے تھے، تاہم یونیورسٹی نے حتمی فہرست میں پی ٹی آئی رہنما کا نام شامل نہیں کیا تھا۔

  • بانی پی ٹی آئی آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کی دوڑ سے باہر

    بانی پی ٹی آئی آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کی دوڑ سے باہر

    لندن : بانی پی ٹی آئی آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کی دوڑ سے باہر ہوگئے ، چانسلر کیلئے 38 امیدواروں کے نام جاری کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی نے چانسلر کیلئے 38امیدواروں کے نام جاری کر دیئے ہیں، امیدواروں میں بانی پی ٹی آئی شامل نہیں۔

    یونیورسٹی کے چانسلر کےانتخابا ت کیلئے ووٹنگ کاپہلا مرحلہ 28اکتوبر کوہوگا ،پہلے مرحلے میں کامیاب 5امیدوار اگلے مرحلےمیں جائیں گے۔

    یونیورسٹی کے چانسلر کےانتخابات کاآخری مرحلہ 4نومبرکوشروع ہوگا اور کامیاب چانسلر کا اعلان نومبر کے آخرمیں ہوگا۔

    یاد رہے آکسفورڈ کے چانسلر کیلئے اپلائی کرنے پر برطانوی اخبار گارجین میں بھی بانی پی ٹی آئی کیخلاف کالم سامنے آیا تھا۔

    برطانوی اخبار نے عمران خان  کو طالبان دوست قرار دیتے ہوئے کہا تھا طالبان دوست شخص کا  انتخاب درست ہوسکتا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے خواتین کی تعلیم پر پابندی لگانے والے طالبان کی حمایت کی، اسامہ بن لادن کو شہید قرار دیا۔

    گارجین نے بانی پی ٹی آئی کو اینڈریو ٹیٹ سے تشبیہ دی اور لکھا اینڈریو ٹیٹ سوشل میڈیا انفلوئنسر ہے جو خواتین سے متعلق متنازع بیانات دیتاہے، بانی پی ٹی آئی کو چودہ سال سزا ہوچکی ، دستیاب کیسے ہوں گے۔