Author: Mohsin khan

  • نوازشریف جو مرضی کرلیں 30 نومبر کو جو ہوگا وہ اسے نہیں روک سکتے ، عمران خان

    نوازشریف جو مرضی کرلیں 30 نومبر کو جو ہوگا وہ اسے نہیں روک سکتے ، عمران خان

    اسلام آباد: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف جو مرضی کرلیں 30 نومبر کو جو ہوگا وہ اسے نہیں روک سکتے ہم اس روز حکومت سے تمام مظالم کا حساب مانگیں گے۔

    اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نےکہا کہ کسی سیاسی جماعت کا جلسہ ہمارے دھرنے کا مقابلہ نہیں کرسکتا، دھرنے نے قومکو جگا دیا ہے اور اب بچہ بچہ ظالم اور مظلوم کو جان چکا ہے، پیٹرول کی قیمتیں کم ہونے پر دھرنے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں لیکن جب عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہوئیں تو حکومت نے بجلی کیوں مہنگی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے دھرنے میں آکر میرا حوصلہ بڑھا دیا ہے اور اب میں اصل میچ کے لیے تیار ہورہا ہوں، حکومت 30 نومبر سے ڈری ہوئی ہے اور ہمارے لوگوں کو دھمکا رہی ہے لیکن ہر کوئی نوازشریف کی طرح بزدل نہیں ہوتا، نوازشریف جو مرضی کرلیں 30 نومبر کو جو ہوگا نہ وہ اسے روک سکتے ہیں اور نہ ہی ان کے گلو بٹ اسے روک پائیں گے ہم اس روز حکومت سے تمام مظالم کا حساب لیں گے۔

    عمران خان نے کہا کہ جے یو آئی والوں کو دھرنے میں  موجود خواتین سے متعلق بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے، بتایا جائے کہ ہم نے دھرنے میں اپنے کلچر کے خلاف کیا بات کی ہے جبکہ مولانا فضل الرحمان یاد رکھیں انہیں اگلے الیکشن میں ایک سیٹ بھی نہیں ملے گی۔

  • لاہور: گردے بیچنے والا درندہ صفت گروہ پکڑا گیا

    لاہور: گردے بیچنے والا درندہ صفت گروہ پکڑا گیا

    لاہور:لاہور میں لوگوں کے گردے بیچنے والا درندہ صفت مجرموں کا گروہ پکڑا گیا، گرفتار ملزمان میں ایک سرجن بھی شامل ہے۔

    اے ایس پی چوہنگ عرفان سموں نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ملزمان نے ایک خاتون کو اغواءکرنے کے بعد اس کا گردہ نکال لیا تھا۔ اس کی شکایت پر پولیس نے سرجن ثناءاللہ، امجد اور یاسین کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان پینتیس لاکھ میں غیر قانونی طور پر غیر ملکیوں کو گردہ ٹرانسپلانٹ کرتے تھے۔
    ملزمان نے جرم تسلیم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک گردہ سات سے آٹھ لاکھ میں فروخت کرتے تھے۔
    پولیس کے مطابق سرکاری اسپتالوں کا عملہ بھی اس غیر قانونی کام میں ملوث ہے جن کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • عاشورہ، محرم: بتیس ہزار فوجی اہلکار سیکورٹی فرائض انجام دیں گے

    عاشورہ، محرم: بتیس ہزار فوجی اہلکار سیکورٹی فرائض انجام دیں گے

    اسلام آباد:وزارت داخلہ نےمحرم میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے بتیس ہزار فوجی اور نیم فوجی اہلکار تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ بارہ ہیلی کاپٹرجلوسوں کی نگرانی کرینگے۔

    وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے ہدایت کی ہے کہ عاشورہ سمیت آئندہ چند دنوں میں ملک بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے۔ وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ نے ملک کے 54 شہروں میں آرمی اور نیم فوجی دستوں کے بتیس ہزار چھ سو پچانوے اہلکار تعینات کیے ہیں تاکہ وہ محرم الحرام کے دوران امن و امان اور سیکورٹی یقینی بنانے میں متعلقہ صوبائی حکومتوں کی مدد کریں۔ فضائی نگرانی کے لیے مختلف اسٹیشنوں پر بارہ ہیلی کاپٹرز بھی رکھے گئے ہیں۔اس کے علاوہ 9 اور 10 محرم کو طے شدہ وقت اور مقامات پر موبائل فون سروس بھی بند کی جاسکتی ہے۔

    چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ محرم سے متعلقہ تمام سرگرمیوں کو چوبیس گھنٹے وزارت داخلہ کے کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جائے گا جبکہ وفاقی حکومت جلوسوں اور عوام کی زیادہ سے زیادہ حفاظت کے لیے صوبائی حکومتوں سے مسلسل رابطے میں رہے گی۔

  • ملک کو خانہ جنگی سے بچانے کی واحد راہ بھٹو ازم ہے، بلاول بھٹو

    ملک کو خانہ جنگی سے بچانے کی واحد راہ بھٹو ازم ہے، بلاول بھٹو

    کراچی : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ آمریت، انتہاء پسندی، غربت اور جہالت کیخلاف جہاد کیلئے تیار ہیں، ملک میں 2 سوچیں رہیں، بھٹو ازم کے جیالے اور آمریت کے پجاری، جمہوریت ہماری سیاست ہے، شہادت ہماری منزل، ملک کو خانہ جنگی سے بچانے کی واحد راہ بھٹو ازم ہے، جمہوری وزیراعظم کو پھانسی دی جاتی ہے، سن لو! پھانسی اور دھماکوں سے ڈرنے والے نہیں، بندوق کے ذریعے نظریہ مسلط کرنیوالوں کیخلاف ہیں، پی ٹی آئی لاہور کی ایم کیو ایم بننا چاہتی ہے، ایک طرف ووٹ کی طاقت والے ہیں، دوسری طرف امپائر کی انگلی کی طرف ناچنے والے ہیں۔

    کراچی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید بھٹو نے بابائے قوم قائد اعظم کا خواب پورا کیا، بے نظیر بھٹو نے آمر کے منہ سے جمہوریت چھینی، قائداعظم سے شہید جمہوریت تک سب کا ایک مقصد ہے، عوام کو ان کا حق دیا جائے۔

    وہ کہتے ہیں کہ ملک میں 2 سوچیں رہیں، بھٹو ازم اور آمریت کے پجاری، جمہوریت ہماری سیاست ہے، شہادت ہماری منزل، ہمارا خون پانی کی طرح بہایا گیا، جمہوری وزیراعظم کو پھانسی دی جاتی ہے، سن لو! پھانسی اور دھماکوں سے ڈرنے والے نہیں، ہماری ڈکشنری میں ڈرنے کا لفظ ہی نہیں، بندوق کے ذریعے نظریہ مسلط کرنے والوں کیخلاف ہیں، بھٹو ازم ملک کی سلامتی کا ضامن ہے، پیپلز پارٹی نہیں ہوگی تو روشنی کا قافلہ گھر کا راستہ بھول جائے گا۔

    بلاول نے کہا کہ ایک طرف ووٹ کی طاقت والے دوسری طرف امپائر کی انگلی کی طرف ناچنے والے ہیں، پورے ملک میں اسکرپٹ کا شور مچا ہوا ہے، جعلی اسکرپٹ کا مقصد کٹھ پتلی وزیراعظم کے ذریعے نظام درہم برہم کرنا تھا، کٹھ پتلی خان کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا اسکرپٹ لکھا گیا، جیالوں نے تمام منصوبے ناکام بنادیئے، دشمنوں کا ارادہ عراق اور شام کی طرح سول وار کا تھا، ملک کو خانہ جنگی سے بچانے کی واحد راہ بھٹو ازم ہے

  • کل کا پاکستان بہتر کرنے کیلئے آواز بلند کررہا ہوں،آصف زرداری

    کل کا پاکستان بہتر کرنے کیلئے آواز بلند کررہا ہوں،آصف زرداری

    کراچی : سابق صدر آصف علی زرداری کہتے ہیں کہ انصاف کا ترازو لے کر سیاست کی بات کرنیوالوں نے ڈاکہ مارا، انتخابات میں ووٹ چوری کئے گئے، ملک میں اگر کچھ چلے گا تو جمہوریت ہی چلے گی، اللہ نے پاکستان کو وسائل سے مالا مال کیا ہوا ہے، ہم میں کسی چیز کی کمی ہے تو وہ ہے مل بیٹھ کر مسائل حل کرنے کی عقل، کل کا پاکستان بہتر کرنے کیلئے آواز بلند کررہا ہوں، عوام ایک سوچ پر کھڑے ہوئے تو کسی کی ضرورت نہیں ہوگی، الطاف بھائی کو بھی سمجھانا ہے کہ ہمیں ساتھ مل کر رہنا اور کام کرنا ہوگا۔

    کراچی میں پیپلزپارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ ہر جگہ پیپلز پارٹی کا جھنڈا ہے، انصاف کا ترازو لیکر سیاست کی بات کرنیوالوں نے ڈاکہ مارا، اسپتال بنا کر لوگوں کو بے وقوف بنایا جاسکتا ہے ہمیں نہیں، اللہ نے پاکستان کو وسائل سے مالامال کیا، مگر ہم میں مل بیٹھ کر مسائل حل کرنے کی عقل نہیں ہے۔

    وہ کہتے ہیں کہ ہماری حکومت نے قانون اور عوام کی خدمت کی، اللہ نے اقتدار کا موقع دیا تو ہر کسان کے پاس ٹیوب ویل ہوگا، گندم، کپاس اور چینی کی امدادی قیمت میں اضافہ کریں گے، عوام ایک سوچ پر کھڑے ہوئے تو کسی کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    سابق صدر نے کہا کہ ایل او سی پر جوان شہید ہورہے ہیں اور اسلام آباد میں مداریوں کا کھیل جاری ہے، آئیں کوئی مثبت اور خدمت کی بات کریں، اس دن سے ڈرتا ہوں جب عوام شیطان کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالیں، کل کا پاکستان بہتر کرنے کیلئے آواز بلند کررہا ہوں، انتخابات میں ووٹ چوری کئے گئے، میں ماضی کی نہیں آنیوالے کل کی بات سننا چاہتا ہوں۔

    شریک چیئرمین پی پی پی کہتے ہیں کہ پاکستان بے نظیر کا پاکستان بن کررہے گا، ایسا نہ ہوکہ کوئی تحریر اسکوائر بنانا پڑے، ملک میں اگر کچھ چلے گا تو جمہوریت ہی چلے گی، اس شہر کے لیڈر الطاف بھائی کو بھی سمجھانا ہے کہ ہمیں مل جل کر کام کرنا ہے۔

    عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم میں آمر کو ووٹ دیکر آپ نے گناہ کیا، کیا اس پر معافی مانگ لینا کافی ہے؟، آپ کس کس غلطی کی معافی مانگیں گے؟، اتنے بڑے جلسے کون فائنانس کررہا ہے؟، آپ کے پاس مال کہاں سے آرہا ہے؟

  • فضاٰ میں پمفلٹ گرانا انتخابی مہم کا حصہ نھیں، ہاشمی کی وضاحت

    فضاٰ میں پمفلٹ گرانا انتخابی مہم کا حصہ نھیں، ہاشمی کی وضاحت

    ملتان: ملتان کے حلقہ این اے 149 سے ضمنی انتخاب لڑنے والے سنیئر سیاستدان جاوید ہاشمی کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ہیلی کاپٹر کے زریعے پمفلٹ برسائے گئے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ جمعرات کو کروانے کا کہا گیا تھا جبکہ انتخابی مہم دو روز قبل ختم کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔انتخابی مہم گزشتہ رات ہی ختم ہوگئی تھی تاہم اس کے باوجود جاوید ہاشمی کی اشتہاری مہم جاری رہی۔

    ہیلی کاپٹر سے ہزاروں کی تعداد میں جاوید ہاشمی کے پمفلٹ شہر بھرمیں گرائے گئے جن پر جاوید ہاشمی کی تصویر، انتخابی نشان بالٹی، اور ایک بہادر آدمی ہاشمی ہاشمی کے نعرے درج ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے الزام عائد کیا ہے کہ جاوید ہاشمی کی انتخابی مہم کے لئے سرکاری وسائل استعمال کئے جا رہے ہیں، انتخابی مہم ختم ہونے کے باوجود جاوید ہاشمی کی تشہیری مہم جاری رکھنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

    جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ فضأ میں پمفلٹ گرانا کوئی مہم نھیں، پمفلٹ گرانے میں کم اخراجات آتے ہیں، آج بھی اخبارات میں اشتہار چھپے ہیں ، یہ تشہیری مہم نھیں اشتہار ہے ۔

    دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پمفلٹ کی تقسیم کا نوٹس لے لیا ہے اور ہیلی کاپٹرسے پمفلٹ گرانے کی فوٹیج منگوالی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر امیدوار نا اہل قرار دیا جاسکتا ہے۔

  • اے آر وائی نیوز نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

    اے آر وائی نیوز نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

    اے آر وائی نیوز نے نہ صرف اہم ترین نیوز بریک کرنے کی روایت کو برقرار رکھا بلکہ اے آر وائی کی بریکنگ نیوز بن گئی دیگر تمام چینلز کی بریکنگ نیوز اور سپر نیوز بریکر ہونے کا تاج اے آر وائی نیوز کے سر سج گیا۔

    انقلابی اور آزادی مارچ کے نعرے انتخابی دھاندلی نہ منظور پر پہلے ہی ملک میں سیاسی فضا گرم تھی اور اے آر وائی نیوز کی بریکنگ سے سیاسی ماحول کی گرمی مذید بڑھ گئی۔ دھاندلی کیسےہوئی، کس کس نےکی، الیکشن دوہزار تیرہ میں تعینات سابق ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن افضل خان کے اہم انکشافات صرف اے آر وائی نیوز نے نشر کئے۔ سب سے آگے رہنے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اے آر وائی نیوز نے دوسرے تمام نیوز چینلز کو پیچھے چھوڑ دیا ۔یہ چینل ہو یا وہ چینل ہر نیوز چینل بن گیا اے آر وائی نیوز۔ یعنی اے آر وائی نیوز بن گیا سپر نیوز بریکر۔

  • کیبل آپریٹرز کی من مانی جاری،اے آراوئی نیوز کی نشریات گجرات میں بند

    کیبل آپریٹرز کی من مانی جاری،اے آراوئی نیوز کی نشریات گجرات میں بند

    گجرات میں کیبل آپریٹرز کی من مانی جاری ہے۔ اے آراوئی نیوز کی نشریات مختلف علاقوں میں معطل ہونے سے شہری اپنےمن پسندیدہ چینل دیکھنے سے محروم ہیں۔

    گجرات کے بیشتر علاقوں میں اے آر وائی نیوز کی نشریات بند ہونے سے شہری پریشان ہیں۔ کیبل نیٹ ورک کے مالک شہزاد منیر بٹ نے گجرات میں اے آر وائی نیوز کی نشریات مبینہ طور پر بند کر رکھی ہیں۔ گجرات کے علاقے کچہری روڈ،شادمان کالونی،جلالپورجٹاں روڈ سروس موڑ،بھمبر روڈ،ماڈل ٹاؤن ،دتے وال سمیت بیشتر علاقوں میں اے آروائی نیوز کی نشریات معطل ہیں۔ ذرائع کے مطابق کیبل آپریٹر شہزاد منیر بٹ گجرات کے بیشتر علاقوں میں مبینہ طورپرپیمرا کے لائیسنس کے بغیر کیبل چلا رہا ہے ۔ کیبل آپریٹر شہزاد منیر بٹ اسلام آباد ہائی کورٹ اور وفاقی وزارت کا حکم ماننے سے بھی انکار کرتا ہے۔