Author: نعیم حنیف

  • معروف گلوکار بلال سعید کا بھائی اور بھابھی پر تشدد، خاتون کی والدہ کا مؤقف سامنے آ گیا

    معروف گلوکار بلال سعید کا بھائی اور بھابھی پر تشدد، خاتون کی والدہ کا مؤقف سامنے آ گیا

    لاہور: چند دن قبل لاہور میں اپنے گھر کے باہر معروف پاکستانی سنگر بلال سعید نے اپنے بھائی رضا سعید اور بھابھی کو ڈولفن اہل کاروں کی موجودگی میں تشدد کا نشانہ بنایا تھا، اس سلسلے میں متاثرہ خاتون کی والدہ کا بیان سامنے آ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں برطانوی نژاد پاکستانی فیملی کی متاثرہ خاتون کی والدہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلال سعید نے ہمیں لوٹنے کی بہت کوشش کی، پہلے بھی ساڑھے 8 کروڑ کی چوری میں ملوث تھا، جس میں اس کی لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت بھی منسوخ ہو چکی ہے۔

    واضح رہے کہ ان دونوں پاکستان کے معروف گلوکار بلال سعید کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کے درمیان موضوع بحث بنی ہوئی ہے، ویڈیو میں لاہور میں اپنی رہائش گاہ کے باہر بلال سعید کو ایک مرد اور ایک خاتون کے ساتھ ہاتھا پائی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ اس موقع پر ڈولفن اسکواڈ کے اہل کار بھی بیچ بچاؤ کی کوشش کرتے نظر آتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز نے متاثرہ خاتون کا مؤقف لینے کی کوشش کی تو ان کی جگہ والدہ نے بات کی، والدہ نے بتایا کہ بلال سعید میرے بیٹے کا دوست تھا، اس کی ساری شہرت میرے بیٹے کی وجہ سے ہے، اس نے ہمیں لوٹنے کی کوشش کی، میٹھا بن کر ہمارے ساتھ بہت فراڈ کیے، میرے ساڑھے 8 کروڑ پہلے چوری ہوئے، اس میں یہ اور اس کا بھائی ملوث تھا، اور ہائی کورٹ سے ضمانتیں منسوخ ہو چکی ہیں۔

    خاتون نے بتایا کہ انھوں نے ہم سے شادی کے لیے بات کی، پھر نکاح ہوا اور اب ان کی نظریں میری بیٹی کے پیسے پر ہے، وہ میری بیٹی سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ میرا کام نہیں چل رہا اس لیے میری مدد کرو، میری بیٹی نے انکار کر دیا ہے، دو دن قبل اس نے میری بیٹی کو گھر بلایا، اور پھر فون پر دھمکیاں دینے لگا، جب میری بیٹی پولیس اہل کاروں کے ساتھ اس کے گھر گئی تو بلال سعید نے اہل کاروں کی موجودگی میں اپنے بھائی کو مارا، میری بیٹی نے چھڑانے کی کوشش کی تو اس کو بھی دھکے مارے گئے۔

    خاتون نے مزید بتایا کہ مار پیٹ کے اس واقعے پر انھوں نے ابھی بلال سعید کے خلاف ایف آئی آر کی درخواست نہیں دی ہے، اس طرح کے واقعات پہلے بھی ہوئے ہیں، جب میں قانونی کارروائی کے لیے کوشش کرتی ہوں تو یہ آ کر معافیاں مانگنے لگتا ہے اور کہتا ہے آنٹی مجھے معاف کر دیں، تین چار ماہ قبل بھی اس نے یہی کچھ کیا اور پھر گھر آ کر معافیاں مانگیں۔

    خیال رہے کہ اس فیملی کا کہنا ہے کہ ان کے ساڑھے 8 کروڑ روپے چوری ہوئے تھے اور اس کا الزام بلال سعید پر ہے اور ایف آئی آر بھی کٹ چکی ہے، اس کیس میں بلال سعید کی ضمانت بھی لاہور ہائی کورٹ سے منسوخ ہو چکی ہے، خاتون کا کہنا ہے کہ بلال سعید ایک عرصے سے میری بیٹی کو ہراساں کر رہا ہے اور تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔

    دریں اثنا، اے آر وائی نیوز نے سنگر بلال سعید سے متعدد بار رابطہ کیا لیکن انھوں نے اپنا مؤقف نہیں دیا۔ تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بلال سعید نے ایک ٹوئٹ کیا جس میں انھوں نے لکھا کہ وہ عورت کی عزت کرنا جانتے ہیں، لیکن وہ ایک عرصے سے بلیک میلنگ کا شکار ہوتے آ رہے ہیں، اور آج ان کی خاموشی ٹوٹی۔ انھوں نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انھوں نے دکھایا کہ ان کی غیر موجودگی میں ان کے گھر میں توڑ پھوڑ کی گئی ہے۔

  • ماضی میں زمین پر قبضہ، نئے سی سی پی او لاہور بھی تنازعات  کی زد میں آ گئے

    ماضی میں زمین پر قبضہ، نئے سی سی پی او لاہور بھی تنازعات کی زد میں آ گئے

    لاہور: نئے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر بھی تنازعات کی زد میں آ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نئے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو 2012 میں اوورسیز پاکستانی کی زمین پر قبضہ اور انھیں ہراساں کرنے پر معطل کیاگیا تھا۔

    اس وقت کے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے غلام محمود کو تحقیقات میں قصور وار ثابت ہونے پر معطل کر دیا تھا، تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں غلام محمود ڈوگر کو قصور وار قرار دے دیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق غلام محمود نے ایک اوورسیز پاکستانی کی زمین پر قبضہ کیا، اور مالکان کو ڈرایا دھمکایا، اور جھوٹا مقدمہ درج کرایا تھا، غلام محمود ڈوگر اس وقت بطور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور تعینات تھے۔

    سی سی پی او لاہور عمر شیخ تبدیل

    واضح رہے کہ غلام محمود ڈوگر کو یکم جنوری کو سی سی پی او عمر شیخ کی جگہ تعینات کیا گیا تھا، اس سے قبل وہ آر پی او فیصل آباد تعینات تھے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے شہر میں بڑھتے جرائم کا نوٹس لیتے ہوئے غلام محمود کو سی سی پی او لاہور تعینات کیا تھا، عمر شیخ لاہور میں قبضہ مافیا کا خاتمہ کرنے میں ناکام رہے تھے، جس کے باعث انہیں تبدیل کیا گیا۔

    لیکن عمر شیخ کی جگہ ایک ایسے پولیس افسر کو تعینات کیا گیا جنھوں نے خود ایک شہری کی زمین پر قبضہ کر لیا تھا۔

  • سی سی پی او لاہور عمر شیخ تبدیل

    سی سی پی او لاہور عمر شیخ تبدیل

    لاہور: پنجاب پولیس میں آج بڑی تبدیلی کی گئی ہے، سی سی پی او لاہورعمر شیخ کی جگہ خالد محمود ڈوگر نئےسی سی پی او لاہور تعینات کردئیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عمر شیخ کی جگہ غلام محمود ڈوگر نئےسی سی پی او لاہور تعینات کئے گئے ہیں، جس کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے ساتھ ہی  عمرشیخ کوڈپٹی کمانڈنٹ تعینات کردیا گیا ہے۔

    غلام محمود ڈوگر آر پی او فیصل آباد تعینات تھے، اس سے قبل غلام محمود ڈوگر لاہور میں ڈی آئی جی آپریشنزکی ذمہ داریاں ادا کر چکے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے شہر میں بڑھتے جرائم کا بھی نوٹس لیا تھا، عمر شیخ لاہور میں قبضہ مافیا کا بھی خاتمہ کرنے میں ناکام رہے، جس کے باعث انہیں تبدیل کیا گیا۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمر شیخ پر ماتحت افسران سے غیر مناسب رویےکا بھی الزام تھا، سابق سی سی پی او لاہور کے حکم پر 4 ماہ میں 1263 تبادلے کئے گئے تھے۔

  • ارطغرل غازی کے ہیرو کو پاکستان بلانے والا فراڈیہ انگین آلتن کے ساتھ بھی ہاتھ کر گیا

    ارطغرل غازی کے ہیرو کو پاکستان بلانے والا فراڈیہ انگین آلتن کے ساتھ بھی ہاتھ کر گیا

    لاہور: ترکی کے شہر آفاق ڈرامے ارطغرل غازی کے مرکزی کردار کو پاکستان مدعو کرنے والا شخص فراڈیا نکلا جس نے دھوکا دہی میں‌ مہمان اداکار کو بھی نہ بخشا اور ملک کا تشخص بھی پامال کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترک ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کے ہیرو کو پاکستان مدعو کرنے والے کاشف ضمیر کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ 8 مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہے۔

    کاشف ضمیر کے خلاف فراڈ، ڈکیتی، چوری سمیت 8 سنگین مقدمات درج ہیں، جن میں سے چار لاہور، دو ٹوبہ ٹیک سنگھ اور لین دین کے تنازع پر دو سیالکوٹ میں ایف آئی آر درج ہیں۔

    مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے “ارطغرل غازی” کی ملاقات

    یہ بھی پڑھیں: ’ارطغرل غازی‘ کی پاکستان آمد، پرتپاک استقبال

    پنجاب پولیس کے مطابق کاشف ضمیر لاہور، سیالکوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اشتہاری ہے۔

    ترک اداکارکو بلانے والے نوسرباز نے انگین آلتن کو بھی نہ بخشا اور لاکھوں ڈالرز کا چونا لگا دیا، کاشف ضمیر نے آنگین آلتن سے دس لاکھ ڈالرز کا معاہدہ کیا اور انہیں صرف آدھی رقم ادا کی، رقم پوری نہ ملنے پر ارطغرل غازی کے ہیرو انگین وطن واپس روانہ ہوئے۔

    یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ آنگین آلتن کو پہلی بار پاکستان مدعو کرنے والی کنسٹرکشن کمپنی کی بھی کوئی حقیقت نہیں بلکہ وہ بھی فراڈ ہے۔ رپورٹ کے مطابق دھوکا دہی اور معاہدے کی رقم آدھی ادا کرنے کی وجہ سے ترکی میں پاکستان کا امیج بہت زیادہ متاثر ہوگا۔

  • علی ظفر کی کردار کشی پر میشاشفیع سمیت 8 افراد قصوروار قرار

    علی ظفر کی کردار کشی پر میشاشفیع سمیت 8 افراد قصوروار قرار

    لاہور : ایف آئی اے نے گلوکارہ میشا شفیع کو علی ظفر پر جنسی ہراسگی کا الزام لگانے اور کردار کشی کے جرم میں قصور وار قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے میشا شفیع کی جانب سے گلوکار علی ظفر کے خلاف چلائی جانے والی سوشل میڈیا مہم کو بھی جھوٹا قرار دیتے ہوئے میشا شفیع سمیت 8 افراد کو قصور وار قرار دیا ہے۔

    ایف آئی اے نے عبوری چالان لاہور کی عدالت میں جمع کرا دیا، جس میں میشا شفیع، عفت عمر، علی گل پیر، ماہم جاوید، لینا غنی، حیسم الزمان، فریحہ ایوب اور فیضان رضا کو قصور وار ٹھہرایا گیا۔

    ایف آئی اے نے کہا کہ میشا شفیع نے علی ظفر پر جنسی ہراسگی کے ہتک آمیز الزامات لگائے لیکن میشا شفیع الزامات ثابت کرنے کےلیے کوئی گواہ پیش نہ کرسکیں۔

    ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ نے عبوری چالان میں میشا شفیع سمیت 8 افرادکے خلاف کارروائی کی درخواست کی ہے۔

    واضح رہے کہ معروف گلوکار و اداکار علی ظفر نے توہین آمیز مہم پر 2018 میں ایف آئی اے کو میشا کے خلاف درخواست دی تھی۔

  • مینار پاکستان جلسے کی ناکامی پر مریم ن لیگی رہنماؤں سے ناراض

    مینار پاکستان جلسے کی ناکامی پر مریم ن لیگی رہنماؤں سے ناراض

    لاہور : مریم نواز نے مینار پاکستان جلسے کی ناکامی کا ذمہ دار ن لیگی رہنماؤں کو قرار دے دیا، کام نہ کرنے والوں کی تلاش شروع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نواز کی مرکزی نائب صدر گریٹر اقبال میں ہونے والے جلسے کی ناکامی پر مریم نواز پارٹی پارٹی رہنماؤں سے ناراض ہوگئیں۔

    ذرائع کے مطابق مریم نواز کی جلسے کو کامیاب بنانے کےلیے گلی گلی جاکر چلائی جانے والی بھرپور مہم بھی کام نہ آئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے ان افراد کی تلاش شروع کردی ہے جنہوں نے جلسے کو کامیاب بنانے کےلیے کام نہیں کیا۔

    ذرائع کے مطابق مریم نواز کو لگتا ہے پارٹی کے چند لوگوں نے جلسہ کامیاب بنانے کی کوشش نہیں کی، مریم نواز کو لگتا ہے پارٹی کے کچھ لوگ انہیں کامیاب ہوتا دیکھنا نہیں چاہتے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے تاریخی مقام مینار پاکستان پر پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ کی جانب سے حکومت مخالف جلسہ کیا گیا تھا جس کی میزبانی ن لیگ کے ذمہ تھی، جلسے کے انعقاد میں گیارہ جماعتیں شامل تھیں لیکن شرکت چند ہزار لوگوں نے گی، زندہ دلان لاہور نے پی ڈی ایم کے بیانیے اور قیادت دونوں کو مسترد کردیا ہے۔

  • بلاول کی شہباز شریف سے جیل میں ملاقات کی خواہش

    بلاول کی شہباز شریف سے جیل میں ملاقات کی خواہش

    لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جیل میں شہباز شریف سے ملنے کی خواہش ظاہر کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے شہباز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں کل ملنے کے لیے درخواست دے دی ہے، حکومتی ذرائع نے بلاول بھٹو کی درخواست کی تصدیق کر دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ آج کا جلسہ لاہوریوں نے مسترد کر دیا، اس حوالے سے ملاقات میں پی ڈی ایم کے مستقبل کے بارے میں بھی گفتگو کی جائے گی، جب کہ حکومت کے خلاف تحریک کے لائحہ عمل کے لیے بھی مشاورت ہوگی۔

    پی ڈی ایم جلسے میں شدید بدنظمی، متعدد اہم رہنماؤں کو اسٹیج پر جانے سے روک دیا گیا

    پیپلز پارٹی کے ذرائع نے بھی ملاقات کی تصدیق کر دی ہے، بتایا گیا کہ آئی جی جیل خانہ جات کو درخواست دے دی گئی ہے، دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے وقت کا تعین جیل انتظامیہ کے مطابق ہوگا۔

    خیال رہے کہ آج گیارہ جماعتیں بھی ایک میدان بھرنے میں ناکام رہیں، ن لیگ اپنے گڑھ میں ہی لوگوں کو نکالنے میں ناکام رہی، کہا جا رہا ہے کہ جس شہر میں 13 ایم این ایز ہوں وہاں تو عوامی سمندر ہونا چاہیے تھا۔

    جلسے کی تعداد کے حوالے سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں، پولیس ذرائع کے مطابق جلسے میں 8 ہزار سے ساڑھے 8 ہزار لوگ موجود ہیں، اسپیشل برانچ کے مطابق ساڑھے 9 ہزار سے 10 ہزار لوگ موجود ہیں، جب کہ آزاد ذرائع کے مطابق جلسے میں 9 ہزار سے 10 ہزار افراد موجود ہیں۔

  • پی ڈی ایم کا تاریخی جلسے کا دعویٰ لیکن جلسہ گاہ خالی! ن لیگی قیادت میں تشویش

    پی ڈی ایم کا تاریخی جلسے کا دعویٰ لیکن جلسہ گاہ خالی! ن لیگی قیادت میں تشویش

    لاہور : پی ڈی ایم میں شامل گیارہ جماعتوں نے مینار پاکستان میں جلسہ منعقد کیا لیکن جلسہ گاہ اب بھی خالی ہے، لوگوں کے نہ پہنچنے پر لیگی قیادت میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل گیارہ سیاسی جماعتیں بھی گریٹ اقبال پارک میں عوام کو نہ لاسکے، گریٹر اقبال پارک کا بڑا حصہ اب بھی خالی ہے اور کرسیاں لوگوں کا انتظار کررہی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عوام کے نہ پہنچنے پر مسلم لیگ نواز کی قیادت نے اراکین اسمبلی سے ناراضی کا اظہار کردیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے کا وقت دوپہر دو بجے کا تھا لیکن اب مغرب تک جلسہ شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب پی ڈی ایم انتظامیہ کے ناقص انتظامات کے باعث جلسہ گاہ پہنچنے والے کارکنان بھی پنڈال چھوڑ کر اسٹیج پر پہنچ گئے۔

  • میشا شفیع عدالتی طلبی پر نہیں آئیں، گانا ریکارڈ کرانے پاکستان پہنچ گئیں

    میشا شفیع عدالتی طلبی پر نہیں آئیں، گانا ریکارڈ کرانے پاکستان پہنچ گئیں

    لاہور : پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر کی جانب سے گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوے پر گزشتہ دوسال سے عدالت میں سماعت جاری ہے تاہم میشا شفیع طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔

    سونے پر سہاگہ یہ کہ وہ پچھلے دنوں کینیڈا سے پاکستان آئیں اور عدالت میں پیش ہونے کے بجائے لاہور اور کراچی کے دو میوزک اسٹوڈیوز میں گانے ریکارڈ کرواکر دو رز قبل واپس کینیڈا چلی روانہ ہوگئیں۔

    یاد رہے کہ لاہور کی سیشن عدالت نے علی ظفر ہتک کیس میں27 اکتوبر کو اداکارہ کو گواہان سمیت کو طلب کیا تھا۔اس کے بعد سات نومبر14 نومبر16نومبر 23اور 30نومبر کو بھی ان کو سمن جاری کیے گئے مگر میشا شفیع  پیش نہ ہوئیں۔ گلوکارہ نے  پچھلے سال دسمبر میں عدالت میں آخری بیان ریکارڈ کروایا تھا۔

    گزشتہ ایک سال مقدمے کی سماعت ان کی غیرحاضری کی وجہ سے التوا کا شکار ہے، میشا شفیع کے وکیل نے استدعا کی تھی کہ ان کی مؤکلہ کی گواہی کینیڈا سے موبائل فون کے ذریعے لی جائے جس پر عدالت اس کو مسترد کردیا۔

    دوسری جانب گلوکار علی ظفر نے میشا شفیع کے سفری اخراجات برداشت کرنے کا بھی اعلان کیا تھا تاکہ میشا کی گواہی مکمل ہو اور یہ کیس جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچے۔

    یہ مقدمہ  ستمبر کے آخر میں علی ظفر کی شکایت پر ایف آئی اے نے میشا شفیع اور اداکارہ عفت عمر سمیت 9 شخصیات کے خلاف سائبر کرائم کے تحت دائر کیا گیا تھا۔

    تمام شخصیات پر الزام ہے کہ انہوں نے منصوبہ بندی کے تحت سوشل میڈیا پر علی ظفر کے خلاف الزامات لگا کر ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا اور ابھی اسی سائبر کرائم کا فیصلہ ہونا بھی باقی ہے۔

  • کراچی : عمارت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق، 6 زخمی

    کراچی : عمارت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق، 6 زخمی

    کراچی : نیو کراچی میں دعاچوک کے قریب دو منزلہ گھر میں گیس بھرنے سے دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق اور6زخمی ہوگئے، 4بچوں سمیت6افراد کو ریسکیو کیا گیا۔

    گیس کی قلت حادثے کا سبب بن گئی۔ نیوکراچی میں گھر میں گیس نہ ہونے کے بعد چولہا رات بھر کھلا رہ گیا، صبح گیس بھرنے سے دھماکہ ہوگیا۔عمارت تباہ ،دس سالہ بچہ جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے۔

    معمولی غفلت جان لیوا ہوگئی، نیوکراچی دعاچوک کےقریب گیس بھرنے سے ہولناک دھماکہ ہوا جس کے سبب عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق علاقے میں گیس کی لوڈ شیڈنگ رہتی ہے، گیس بند ہونے کے دوران رات گیس کا والو کھلاچھوڑا گیا۔ گیس بحالی کے بعد والو سے گیس خارج ہوکرگھرمیں پھیلی۔ صبح گھر کے سرپرست نے سگریٹ جلانے کی کوشش کی تو دھماکا ہوگیا۔

    دھماکے کے بعد گھرمیں آگ بھڑک اٹھی، دھماکے کے بعد ریسکیو اورفائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچیں اور زخمیوں کو ملبے سے نکالا، چار بچوں سمیت چھ افراد کوعباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    اسپتال ذرائع کےمطابق ایک بچے کی حالت تشویشناک ہے، علاقہ مکینوں نے گیس کی قلت کےخلاف احتجاج کیا ، پولیس نے گیس کمپنی کے خلاف احتجاج کرنے پر ایک شخص حراست میں لے لیا ہے۔

    واقعہ کے اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں امدادی سرگرمیوں کیلئے پہنچ گئیں، سلنڈردھماکے کے باعث گھرکی عمارت کے ایک حصہ کونقصان پہنچا ہے۔ سلنڈر دھماکے کے بعد عمارت میں آگ لگ گئی جس پر قابو پانے کیلئے فائربریگیڈ کو طلب کیا گیا۔

    زخمی افراد کو طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم امدادی سرگرمیاں ابھی جاری ہیں۔ زخمیوں میں ایک خاتون، ایک مرد اور دو بچے بھی شامل ہیں۔ متاثرہ افراد کے چہرے اور جسم کے دیگر حصوں پر زخم آئے ہیں اور تمام افراد جھلس کر زخمی ہوئے۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ حادثہ2منزلہ عمارت میں پیش آیا ہے، 4بچوں سمیت6افراد کو ریسکیو کیا گیا، کمرے میں گیس بھرنےکے فوراً بعد گھر میں آگ لگ گئی۔

    ریسکیو حکام نے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ دھماکہ گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوا تاہم مزید تفصیل امدادی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد معلوم ہو سکے گی۔ عمارت میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے اورملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔