Author: نعیم حنیف

  • لنک روڈ زیادتی کیس : ایک اور ملزم نے گرفتاری دے دی

    لنک روڈ زیادتی کیس : ایک اور ملزم نے گرفتاری دے دی

    لاہور : لنک روڈ زیادتی کیس میں ایک اور ملزم نے گرفتاری دے دی تاہم جرم ماننے سے انکار کردیا اور کہا کہ میں بے گناہ ہوں،خود کو پولیس کے سامنے پیش کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گجرپورہ ریپ کیس سلجھنےکےبجائےمزیدالجھ گیا اور ملزمان تک پہنچانےکےدعوؤں میں سےہوانکلنے لگی، کیس کے ملزم وقارکے برادرنسبی عباس نے بھی شیخوپورہ میں پولیس کو گرفتاری دے دی۔

    عباس نے ویڈیو بیان میں جرم ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں بے گناہ ہوں،خودکوپولیس کےسامنےپیش کر رہا ہے،امیدہے پولیس ناجائزنہیں کرے گی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ عباس زیادتی کیس کےمرکزی ملزم عابد کیساتھ رابطےمیں تھا جبکہ وقار نے گزشتہ روز عباس کو زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد کا ساتھی قرار دیاتھا۔

    مزید پڑھیں : لنک روڈ زیادتی کیس: گرفتار وقار الحسن کا دوران حراست اہم انکشاف

    گذشتہ روز گجرپورہ میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کیس میں اہم ملزم وقار الحسن نے از خود کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) دفتر میں پیش ہو کر گرفتاری دی تھی تاہم ملزم نے صحتِ جرم سے انکار کیا تھا۔

    بعد ازاں وقار الحسن کا ڈی این اے سیمپل لے لیا گیا تھا، جسے متاثرہ خاتون کے ڈی این اے سے میچ کیا جائے گا، وقار الحسن کے واقعے میں ملوث ہونے کا حتمی فیصلہ رپورٹ پر ہوگا۔

    وقارالحسن نے دوران حراست مزیداہم انکشافات کرنے ہوئے بتایا تھا کہ مرکزی ملزم عابدشفقت نامی شخص کیساتھ وارداتیں کرتارہا،شفقت بہاولنگر کا رہائشی اورعابدکادوست ہے۔

    دوسری جانب گوجرپورہ سےملحقہ گاؤں پرچھاپےکےدوران مرکزی ملزم عابد اپنی بیوی سمیت فرارہونےمیں کامیاب ہوگیاتھا۔۔پولیس نےگھرسے ملنےوالی عابدکی بیٹی کوتحویل میں لےکرچائلڈ پروٹیکشن بیورو کےحوالےکردیاہے، پولیس کےمطابق ملزم عابدکے والداوردو بھائیوں سے تفتیش جاری ہے۔

  • لنک روڈ زیادتی کیس:  گرفتار وقار الحسن کا  دوران حراست اہم انکشاف

    لنک روڈ زیادتی کیس: گرفتار وقار الحسن کا دوران حراست اہم انکشاف

    لاہور : لنک روڈ زیادتی کیس میں گرفتار وقار الحسن نے دوران حراست اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی ملزم عابد شفقت نامی شخص کیساتھ وارداتیں کرتا رہا۔

    تفصیلات کے مطابق گجر پورہ ریپ کیس کا مرکزی ملزم عابد تو پولیس کی گرفت میں نہ آسکے مگراس کیس میں ایک اورنام سامنےآگیا، گرفتاروقارالحسن نےانکشاف کیا کہ مرکزی ملزم عابد شفقت نامی شخص کیساتھ وارداتیں کرتارہاہے، شفقت بہاولنگر کا رہائشی اورعابد کا دوست ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سی آئی اے نے ٹیمیں بہاولنگر ، لاہور ،شیخوپورہ روانہ کردیں، ڈی این اے رپور ٹ آنے کے بعد حتمی فیصلہ ہوگا،مرکزی ملزم عابد کے بہنوئی اور رشتے دار کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں وقار واقعےمیں ملوث نہیں پایاگیا تاہم گوجرپورہ سےملحقہ گاؤں پرچھاپےکےدوران مرکزی ملزم عابد اپنی بیوی سمیت فرارہونےمیں کامیاب ہوگیا تھا جبکہ پولیس نےگھرسے ملنے والی عابدکی بیٹی کوتحویل میں لے کر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالےکردیا گیا ہے۔

    پولیس کےمطابق ملزم عابدکےوالد اور دو بھائیوں سےتفتیش جاری ہے، ذرائع کےمطابق ملزم وقارالحسن نےپولیس کوبتایاکہ جس سم کی بنیادپراسےملزم قراردیاگیاوہ اس کے سالے عباس کے استعمال میں تھی۔

    گذشتہ روز گجرپورہ میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کیس میں اہم ملزم وقار الحسن نے از خود کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) دفتر میں پیش ہو کر گرفتاری دی تھی تاہم ملزم نے صحتِ جرم سے انکار کیا تھا۔

    بعد ازاں وقار الحسن کا ڈی این اے سیمپل لے لیا گیا تھا، جسے متاثرہ خاتون کے ڈی این اے سے میچ کیا جائے گا، وقار الحسن کے واقعے میں ملوث ہونے کا حتمی فیصلہ رپورٹ پر ہوگا۔

  • گجرپورہ کیس ، زیادتی کا شکار خاتون اور ملزم کا ڈی این اے   میچ کرگیا

    گجرپورہ کیس ، زیادتی کا شکار خاتون اور ملزم کا ڈی این اے میچ کرگیا

    لاہور : وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے زیادتی کا شکار خاتون اور ملزم کا ڈی این اے میچ کرنے کی تصدیق کردی اور کہا کام بولتا ہے الفاظ نہیں ،ویلڈن بزدار۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے گجرپورہ لنک روڈ پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کی تحقیقات میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ، ذرائع کے مطابق جائے وقوع سے حاصل سیمپل اور ملزم کا ڈی این اے میچ کرگیا ہے۔

    بعد ازاں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ خاتون زیادتی کیس میں ڈی این اے میچ ہوگیا،جلد گرفتاری بھی ہوگی، مبارک ہووزیراعلیٰ پنجاب،آئی جی ،سی سی پی اولاہور،پوری ٹیم کو۔

    شہبازگل کا کہنا تھا کہ رات4بجےتک وزیراعلیٰ پنجاب آئی جی،سی سی پی اوکیساتھ میٹنگ میں تھے، وزیراعلیٰ پنجاب نے پورے کیس کی خود مانیٹرنگ کی، کام بولتا ہے الفاظ نہیں،ویلڈن بزدار۔

    یاد رہے پنجاب پولیس نے گزشتہ رات ملزم کو گرفتار کیا تھا ، ملزم کا نام عابد علی ولد اکبر علی ہے، ملزم فورٹ عباس کا رہائشی ہے، جس ملزم کا ڈی این اے میچ ہواس کی عمر 27سال ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملزم نے ساتھیوں کیساتھ ملکر 2013میں گھرمیں گھس کرماں بیٹی سے زیادتی کی تھی۔

    خیال رہے گجرپورہ زیادتی کیس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا ، جس میں وزیرقانون نے وزیراعلیٰ کو کیس سے متعلق تحقیقات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کیس میں بہت مثبت پیشرفت ہو چکی ہے، ڈی این اےمیچنگ سمیت اہم شواہدمل چکےہیں، متاثرہ خاتون سےسینئرخواتین پولیس افسررابطےمیں ہے، چندگھنٹےمیں کیس کےحوالےسےبڑابریک تھرو سامنے آجائے گا۔

  • گجرپورہ  خاتون زیادتی کیس : مرکزی ملزم سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئیں

    گجرپورہ خاتون زیادتی کیس : مرکزی ملزم سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئیں

    لاہور : گجرپورہ لنک روڈ زیادتی کیس میں گرفتار ملزم سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئیں ، ملزم پہلے بھی لوٹ مار اور زیادتی کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گجرپورہ لنک روڈ زیادتی کیس میں گرفتار ملزم سے متعلق تفصیلات سامنے آگئیں، جس ملزم کا ڈی این اے میچ ہوا اس کی عمر27سال اور نام عابد علی ولد اکبر علی ہے ، وہ فورٹ عباسی کا رہائشی ہے۔

    پنجاب پولیس کے مطابق ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ ملکر 2013میں گھرمیں گھس کرماں بیٹی سے زیادتی کی تھی۔

    دوسری جانب گجرپورہ زیادتی کیس کا گرفتار مرکزی ملزم ریکارڈ یافتہ نکلا، ذرائع کےمطابق ملزم پہلے بھی لوٹ مارسمیت زیادتی کی وارداتوں میں ملوث رہا اور اور اسی سڑک پر لوٹ مارکرچکاہے۔

    اب تک پولیس کی زیرحراست اٹھارہ افراد میں جن میں دو سہولت کار بھی شامل ہیں، دوسرے ملزم کی تلاش جاری ہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس ملزم کا نام صیغہ راز میں رکھ رہی ہے، اور تاحال گرفتارملزم کی نہ ہی گرفتاری کی تصدیق کررہی ہے اور نہ ہی تردید کررہی ہیں۔

    یاد رہے بدھ کی رات تین بجےکےقریب گجر پورہ میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کاواقعہ پیش آیا تھا ، جہاں خاتون بچوں کے ساتھ سفر کررہی تھی اور پٹرول ختم ہونے پر گاڑی بند ہوگئی، اس دوران دو ملزم کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کرخاتون کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور بچوں کےسامنے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

    ملزمان نےایک لاکھ نقدی اورزیورات بھی لوٹ لیے تھے، ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا کہ خاتون کوزیادتی سےپہلےڈنڈوں سےتشددکانشانہ بنایا گیا تھا۔

  • انعام غنی نئے آئی جی پنجاب تعینات

    انعام غنی نئے آئی جی پنجاب تعینات

    لاہور : سابق آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی سبکدوشی کے بعد وفاقی حکومت نے انعام غنی کو صوبے کی پولیس کا نیا سربراہ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نئے آئی جی پنجاب کی تعیناتی کیلئے سمری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ارسال کردی گئی، وزیر اعظم عمران خان کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔

    شعیب دستگیر کی رخصتی کے بعد آئی جی پنجاب کے لیے انعام غنی، اے ڈی خواجہ اور محسن بٹ کے نام زیر غور تھے جب کہ کلیم امام نئے آئی جی پنجاب کے لیے مضبوط امیدوار تصور کیے جا رہے تھے لیکن قرعہ انعام غنی کے نام کا نکل آیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دوسال کے دوران پنجاب میں 5آئی جیز تبدیل کیے جاچکے ہیں، جس کے مطابق کلیم امام سال 2018ء میں تین ماہ کے لیے آئی جی پنجاب رہ چکے ہیں۔

    امجد سلیمی 6 ماہ تک آئی جی پنجاب رہے، گزشتہ کئی روز سے آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور کے درمیان شدید اختلافات پائے جا رہے تھے۔

    مزید پڑھیں : آئی جی پنجاب کو تبدیل کرنے کا فیصلہ، وزیر اعظم نے منظوری دے دی

    اختلافات کا آغاز اس وقت ہوا جب سی سی پی او نے افسران کو آئی جی کے حکم سے پہلے تمام معاملات اپنے علم میں لانے کی ہدایت کی جس پر آئی جی پنجاب شعیب دستگیر بھڑک اٹھے، انہوں نے سی سی پی او کی معذرت قبول کرنے سے بھی انکار کر دیا تھا۔

  • آئی جی پنجاب کو تبدیل کرنے کا فیصلہ، وزیر اعظم نے منظوری دے دی

    آئی جی پنجاب کو تبدیل کرنے کا فیصلہ، وزیر اعظم نے منظوری دے دی

    لاہور : آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کی وزیر اعظم نے منظوری بھی دے دی ہے، تاہم ابھی اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی پی او لاہور کام جاری رکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب شعیب دستگیر کو ان کے عہدسے سے ہٹا نے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے ۔

     وزیر اعظم عمران خان نے آئی جی کی تبدیلی سے متعلق منظوری بی دے دی ہے، ان کی جگہسی سی پی او لاہور عمر شیخ  اپنا کام جاری رکھیں گے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے آئی جی پنجاب کی غیر موجودگی میں سی سی پی او لاہو ر اپبے فرائض انجام دیں گے تاہم ابھی اس کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

    واضح رہے کہ سی سی پی او کی تعیناتی کا معاملہ پر آئی جی پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا عثمان بزدار نے تحفظات پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

    پنجاب پولیس اور لاہور پولیس کے سربراہان میں ڈیڈلاک برقرار ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے باوجود تیسرے روز بھی دفتر نہیں آئے۔

    پنجاب اور لاہور پولیس کے کمانڈرز کی سرد جنگ سے ماتحت افسر تذبذب کا شکار ہیں۔ آئی جی پنجاب کا شکوہ ہے کہ کیپٹل سٹی کی پولیس کا نیا کمانڈر سربراہ پنجاب پولیس کی رضامندی سے تعینات نہیں کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب نے سینئر سیاسی قیادت سے اصرار کیا ہے کہ سی سی پی او لاہور عمر شیخ رہیں گے یا وہ اپنے عہدے پر رہیں گے، عمر شیخ کی تعیناتی پر آئی جی پنجاب وزیراعظم سے بھی مل چکے ہیں۔

    پنجاب پولیس افسران کا سی پی او آفس میں اجلاس

    قبل ازیں، پنجاب پولیس افسران کا سی پی او آفس میں اجلاس منعقد ہوا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، یہ
    فیصلہ بھی ہوا کہ سی سی پی او عمر شیخ کو مس کنڈکٹ پر سزا دی جائے۔

    آئی جی آفس میں اجلاس کے دوران سی سی پی او عمر شیخ بھی پہنچ گئے تھے، تاہم انھیں پولیس افسران نے اجلاس میں شامل نہیں
    ہونے دیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ افسران کا مؤقف ہے کہ سزا ملنے تک کسی میٹنگ کا حصہ نہیں بننے دیا جائے گا، یہ فیصلہ بھی کیا
    گیا کہ سی سی پی او نے آئی جی کا حکم نہ مانا تو لاہور پولیس بھی احکامات نہیں مانے گی۔

    اجلاس میں پولیس افسران نے آئی جی پنجاب سے سی سی پی او کو ہٹانے کی درخواست کی، فیصلہ کیا گیا کہ آئی جی پنجاب ڈسپلن
    کی خلاف ورزی پر کارروائی کریں۔

    خیال رہے کہ سی پی او آفس میں لاہور میں تعینات پولیس سروسز کے افسران کے اجلاس میں سی سی پی او عمر شیخ کو بھی طلب
    کیا گیا تھا، عمر شیخ نے اجلاس میں اپنی اور آئی جی پنجاب کے معاملات پر وضاحت دی اور کہا میں آئی جی سے اظہار یک جہتی
    کے لیے آیا ہوں۔

  • کشیدہ صورت حال، نیب میں پیشی منسوخ، مریم کا واپس جانے سے انکار

    کشیدہ صورت حال، نیب میں پیشی منسوخ، مریم کا واپس جانے سے انکار

    لاہور: کشیدہ صورت حال پر نیب نے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پیشی منسوخ کر دی، تاہم مریم نواز نے مطالبہ کیا ہے کہ پیشی آج ہی کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق آج قومی احتساب بیورو کے دفتر میں مریم نواز کی رائیونڈ اراضی کیس میں پیشی تھی، تاہم ن لیگی کارکنوں کی شدید ہنگامہ آرائی کے باعث نیب نے مریم نواز کی پیشی منسوخ کر دی۔

    نیب نے مریم نواز کو پیشی منسوخی کا پیغام بھی بھجوا دیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ مریم نواز غنڈوں کے ہمراہ نیب آفس آئیں، لیگی کارکنوں کے پتھراؤ سے 15 نیب اہل کار زخمی ہوئے، اینٹی رائٹ فورس کے جوانوں پر پتھر لگنے سے انھیں شدید چوٹیں آئیں، متعدد پولیس اہل کاروں کو موقع پر طبی امداد دی گئی۔

    نیب ذرایع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی پیشی پر منظم انداز میں رکاوٹیں حائل کی گئیں، شرپسند عناصر کے پتھراؤ سے نیب عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے، لیگی کارکنان کی جانب سے آئینی و قانونی معاملات میں غنڈہ گردی کے ذریعے مداخلت کی گئی ہے، یہ سرکار میں مداخلت کا مظاہرہ تھا۔

    دوسری طرف مریم نواز نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی پیشی آج ہی کی جائے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا میں نیب دفتر سے نہیں جاؤں گی، مجھ سے یک جہتی کے لیے آئے پرامن کارکنان پر شیلنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں، پولیس نے آنسو گیس شیلنگ، لاٹھی چارج اور پتھراؤ کیا، میں یہاں سے نہیں جاؤں گی، حوصلہ نہیں ہے تو سوچ سمجھ کر بلانا چاہیے تھا۔

    مریم نواز نے کہا کہ مجھے نقصان پہنچانے کے لیے آج نیب دفتر بلایا گیا، میں یہاں کھڑی ہوں، بلایا ہے تو جواب بھی سنیں، نیب اب میرا سامنا کرنے کی جرات کرے، واپس نہیں جاؤں گی جب تک نیب سوالوں کا جواب نہیں سن لیتا۔

    واضح رہے کہ مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر صورت حال اس وقت سخت کشیدہ ہو گئی جب نیب دفتر کے باہر لیگی کارکنان نے جمع ہو کر شدید ہنگامہ آرائی شروع کی اور پولیس پر پتھراؤ کیا۔

    میں ڈرنے والی نہیں ہوں: مریم نواز

    لیگی کارکنوں نے نیب دفتر کے باہر رکاوٹیں بھی ہٹائیں، جس پر پولیس کی جانب سے لیگی کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کرنی پڑی، نیب آفس کے باہر واٹر کینن بھی طلب کی گئی۔

    لیگی کارکنان ایک گاڑی میں پہلے ہی سے پتھر رکھ کر لائے تھے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ ہنگامہ آرائی کے ارادے سے تیار ہو کر آئے تھے، لیگی کارکنوں نے گاڑی کے اندر سے پتھر نکال کر پولیس پر برسائے، اے آر وائی نیوز کے مطابق لیگی کارکنان گاڑی ایل ای 3378 میں پتھر سے بھرے شاپر لائے تھے۔

  • جہانگیر ترین برطانیہ میں کہاں مقیم ہیں؟ انکشاف

    جہانگیر ترین برطانیہ میں کہاں مقیم ہیں؟ انکشاف

    لاہور: پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین سے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ وہ ان دنوں برطانیہ میں اپنے فارم ہاؤس میں مقیم ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چینی اسکینڈل میں نام آنے کے بعد جہانگیر ترین بیرون ملک چلے گئے تھے، معلوم ہوا ہے کہ وہ لندن سے کچھ فاصلے پر نیوبری میں اپنے ہائیڈ ہاؤس نامی فارم ہاؤس رہائش پذیر ہیں۔

    جہانگیر ترین کے ساتھ ان کے صاحب زادے علی ترین بھی اسی فارم پر موجود ہیں، انھوں نے رواں ہفتے بیٹے کے ہمراہ سوئٹزرلینڈ کا بھی دورہ کیا۔

    پی ٹی آئی رہنما کا ہائیڈ ہاؤس 9.93 ایکڑ پر محیط ہے، اس فارم ہاؤس میں ایک درجن ملازم اور گھوڑے بھی موجود ہیں، یہ ہائیڈ ہاؤس لندن سے ڈیڑھ گھنٹے کے فاصلے پر واقع ہے۔

    چینی انکوائری کمیشن کیس: شوگر ملز کے خلاف کارروائی کی اجازت

    ذرایع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین نے لندن میں ن لیگ سے رابطوں کی سختی سے تردید کی ہے، مقامی برطانوی میڈیا نے جہانگیر ترین سے ملنے کی کوشش بھی کی لیکن وہ نہیں ملے۔

    یہ افواہیں بھی پھیلی ہوئی تھیں کہ شاید وہ پی ٹی آئی سے ناراضی کی وجہ سے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں، تاہم جمعے کے روز پاکستان میں اپنے قریبی دوست سے فون پر بات کرتے ہوئے انھوں نے اس افواہ کی سختی سے تردید کی۔

    انھوں نے کہا کہ نہ تو وہ کسی ن لیگی رہنما سے ملنا چاہتے ہیں نہ ہی ایسی کوئی کوشش کی گئی ہے، پی ٹی آئی کی میں نے اپنے ہاتھوں سے تعمیر کی ہے، کچھ معاملات ضرور ہیں جو جلد حل ہو جائیں گے۔

    ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جہانگیر ترین اپنی بیرون ملک زیادہ تر جائیدادیں اپنے بیٹے علی ترین کے نام منتقل کر رہے ہیں۔

  • امجد صابری کی یاد میں تعزیتی تقریب

    امجد صابری کی یاد میں تعزیتی تقریب

    لاہور: معروف قوال امجد صابری شہید کی یاد میں جرنلسٹ گروپ لاہورکے زیر اہتمام تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا۔

    پنجاب انسٹی ٹیوٹ میں منعقد کیے جانے والے اس اجلاس میں فنون لطیفہ، کھیل اورصحافت سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی اور امجد صابری کی ملک وقوم کیلئے خدمات اور عظیم قربانی پر روشنی ڈالی۔

    111

    اس تعزیتی ریفرنس کی صدارت ارشد انصاری (کنوینیر آل پاکستان پریس کلب کونسل) نے کی جبکہ اس موقع پر امجد صابری سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کرنے والوں میں ورسٹائل اداکار خالد عباس ڈٓار، فلمسٹار نور، گلوکارہ حمیرہ ارشد، جواداحمد، ہدایتکار سیدنور، شوکت علی، خالد بٹ، شام چوراسی گھرانے کے فرزند رفاقت علیخاں، معروف قوال ندیم سلامت، مسعودسلامت، مصنف وہدایتکارپرویز کلیم، طارق طافو، شیبا بٹ، ہدایتکار جاوید رضا، سہیل بخاری، گلوکار انور رفیع، اے آروائی نیوز کے سینیراینکر سمیع ابراہیم، عامر غوری، اینکر پرسن عمران خان،قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور سابق اولمپئین خواجہ جنید،رئیس انصاری، جاوید فاروقی، صدر پنجاب اسمبلی پریس گیلری قمر بھٹی اور ڈائریکٹر پلاک صغری صدف شامل تھے

    222

    امجد صابری شہید کے تعزیتی ریفرنس میں شرکاء نے جہاں ان کی فنی اور قومی خدمات کو بے پناہ سراہا وہیں حکومت وقت پر بھی تنقید کرتے ہوئے اس سانحہ کے ذمہ داروں کو فوری طور پر کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔

    فنکاروں ،کھلاڑیوں اور صحافیوں کا کہنا تھا کہ امجد صابری جیسے فنکار صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں بخشی سلامت، اورنصرت فتح علی خان کے گھرانے سمیت صابری خاندان کی فن قوالی کے دنیا بھر میں فروغ کے حوالے سے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

    333

    اس کے ساتھ انہوں نے امجد صابری کے ساتھ ہونیوالی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت بھی کی سپیکرز کہا کہنا تھا کہ جس ملک میں فنکار محفوظ نہیں ہیں وہاں عام آدمی کے جان و مال کے تحفظ کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، اس موقع پر معروف نعت خواں الحاج مرغوب احمد ہمدانی اورگلوکاررفاقت علی خاں نے امجدصابری شہید کے گائے ہوئے نعتیہ کلام بھی پڑھ کرسنائے۔

    تعزیتی ریفرنس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ امجد صابری پکے اورسچے عاشق رسولﷺ تھے اس موقع پر ان کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

  • ریشم نے شوبز کے مستحق افراد میں لاکھوں روپے بانٹ دیے

    ریشم نے شوبز کے مستحق افراد میں لاکھوں روپے بانٹ دیے

    لاہور:ملک کی معروف اداکارہ ریشم نے گزشتہ برسوں کی طرح رواں رمضان المبارک میں بھی اے آر وائی نیوز کے ساتھ مل کر فلم انڈسٹری کے مستحق،غریب اور لاچار ایکسٹرا فنکاروں، تکنیک کاروں اور فلمی مزدوروں کے سحرو افطار کا اہتمام کرنے کے لیے لاکھوں روپے تقسیم کیے۔

    Resham-01

    دوسروں کا درد محسوس کرنے والی اداکارہ ریشم کا دل آج بھی پاکستان فلم انڈسٹری اور اس سے جڑے مستحق افراد کے ساتھ دھڑکتا ہے شاید یہی وجہ ہے کہ ریشم پورا سال ان لوگوں کے ٹھنڈے چولہے گرم رکھنے کےلیے پیسے جمع کرتی ہیں اور رمضان کے دوران لاہور کے تاریخی ایورنیو، باری اور شاہنور اسٹوڈیوز میں سیکڑوں فلمی مزدوروں کو جمع کر کے ان میں پیسے تقسیم کرتی ہیں۔

    Resham-02

    ریشم کی طرف سے پیسے اور راشن تقسیم کرنے کا یہ سلسلہ یکم رمضان المبارک سے شروع ہوکر عید تک جاری رہتا ہے جبکہ فلمی صنعت سے وابستہ ان مستحق افراد کی نظریں رمضان کا آغاز ہوتے ہی اپنی مسیحا کے انتظار میں اس یقین کے ساتھ جمی رہتی ہیں کہ جب تک ریشم زندہ ہے وہ ان کی مدد کرنے ضرور آئے گی۔

    Resham-03

    اس حوالے سے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ ریشم نے بتایا کہ وہ کئی برس سے کوئی فلاحی ادارہ قائم کیے بغیر اپنی مدد آپ کے تحت کسمپرسی میں مبتلا ان فلمی مزدوروں کی فلاح وبہبود کی کوشش کرتی ہیں جس میں اللہ تعالی خود ہی ان کی مدد فرما دیتے ہیں جبکہ بہت سے قریبی دوست بھی اس حوالے سے ان سے رابطہ کر کے اپنا حصہ ڈالتے رہتے ہیں۔

    ریشم نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کر کے جو دلی سکون ملتا ہے میں اسے لفظوں میں بیان نہیں کر سکتی، اگر میرے بس میں ہو تو سب سے پہلے ملک کےہر مجبور اور غریب فرد کی زندگی کو خوشحال بنادوں اور وطن عزیز کا ایک بچہ بھی بھوکا نہ سوئے۔

    Resham-04

    ریشم نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ صرف بھوک اور پیاس برداشت کرنے کا نام نہیں بلکہ اپنے اردگرد مستحق افراد کی مدد کرنے کا بھی نام ہے، ایسے افراد جن کے ہاں سحرو افطار یا عید کی خوشیوں کا تصور نہیں، ایسے لوگوں کو اپنی خوشیوں میں حصہ دار بنانے سے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والوں میں بھی زندگی کی رمق لوٹ سکتی ہے۔

    دریں اثنا ریشم نے مزید بتایا کہ وہ بہت جلد پاکستان میں بڑھتی ہوئی غربت کے موضوع پر ذاتی فلم پروڈیوس کریں گی۔