Author: نعیم اشرف بٹ

  • چین کی پالیسی واضح ہے ، ہم پاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل نہیں دیتے، چینی قونصل جنرل

    چین کی پالیسی واضح ہے ، ہم پاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل نہیں دیتے، چینی قونصل جنرل

    لاہور: چینی قونصل جنرل ژاؤشیرین کا کہنا ہے کہ میاں نوازشریف کی واپسی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، ہم پاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل نہیں دیتے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی قونصل جنرل ژاؤشیرین نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو میں نواز شریف کی واپسی کے سوال پر کہا کہ میاں نوازشریف کی واپسی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، چین کی پالیسی واضح ہے ہم پاکستان کےاندرونی معاملات میں دخل نہیں دیتے۔

    پاکستان میں انتخابات کے حوالے سے ژاؤشیرین کا کہنا تھا کہ ہم یہ خواہش ضرور کرتےہیں کہ انتخابات شفاف اور آزادانہ ہوں، ہر سیاسی جماعت اوراسٹیک ہولڈرکو آن بورڈ لیکرایک پیج پر لانا چاہیے، اس سے چین پاکستان کےتعلقات اورسی پیک مزید ترقی کرے گا۔

    چینی قونصل جنرل نے کہا کہ ہم جانتےہیں سی پیک کو کچھ چیلنجز اور مشکلات کا سامنا ہے، سی پیک کےلیے پلاننگ، پالیسی اور عملدرآمد میں مزید کوآرڈینیشن کی ضرورت ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آتا کچھ بیرونی عناصرکیوں سی پیک کی مخالفت کرتے ہیں، کچھ عناصرتو پاکستان اورچین کےدرمیان اچھےتعلقات پر بھی خوش نہیں، ہم جانتےہیں کچھ بیرونی اورچند اندرونی عناصرسی پیک پرعملدرآمد پر خوش نہیں لیکن میں یقین رکھتا ہوں یہ ساری تنقید اورمہم بےبنیاد اورناسمجھی پر ہے.

  • مسئلہ فلسطین کا حل دوعلیحدہ ریاستوں کا قیام ہے ،  چینی قونصل جنرل

    مسئلہ فلسطین کا حل دوعلیحدہ ریاستوں کا قیام ہے ، چینی قونصل جنرل

    لاہور : چینی قونصل جنرل ژاؤشیرین کا کہنا ہے کہ چین کا غزہ پر موقف واضح ہے۔ مسئلہ فلسطین کا حل دوعلیحدہ ریاستوں کا قیام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی قونصل جنرل ژاؤشیرین نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا اسرائیل حماس جنگ کے بارے میں کہا کہ غزہ پر چین کی پالیسی کلیئرہےکہ اس کا حل 2علیحدہ ریاستوں کا قیام ہے، چینی قوم اور حکومت فلسطینیوں کے لئے ہمدردی رکھتی ہے۔

    چینی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ فلسطینی پورا حق رکھتے ہیں کہ وہ مشرق وسطی میں علیحدہ ریاست قائم کریں۔

    ژاؤشیرین نے کہا کہ روایتی اورتاریخی طور پر یہ علاقہ فلسطینیوں کا وطن ہے، ہم سویلین پر طاقت کےاستعمال اورجانوں کے ضیاع کےخلاف ہیں، مسئلے کا حل طاقت کا استعمال نہیں بلکہ عالمی ثالثی میں مذاکرات ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ چین نے اپنا خصوصی نمائندہ بھی وہاں بھیجا تاکہ ثالثی سےحل نکل سکے، فلسطین کےمعاملے پر ہماری پالیسی تاریخ کی درست سمت کی طرف ہے۔

  • بلوچ رہنماؤں نے ن لیگ میں شمولیت کے لئے شرط رکھ دی

    بلوچ رہنماؤں نے ن لیگ میں شمولیت کے لئے شرط رکھ دی

    کوئٹہ : بلوچ رہنماؤں نے ن لیگ میں شمولیت کے لئے لیگی قیادت کے سامنے شرط رکھ دی اور مطالبہ کیا نواز شریف،شہبازشریف یامریم نواز میں سے کوئی رہنما کوئٹہ آئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کے چندرہنماؤں اور بلوچ شخصیات کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کا امکان پے۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز باپ پارٹی کےچندرہنماؤں سے کوئٹہ میں موجود ایازصادق نے ملاقات کی ، جس میں بی اے پی رہنماؤں نے ملاقات میں شرط رکھی کہ شمولیت کے لئے نواز شریف،شہبازشریف یامریم نواز میں سے کوئی رہنماکوئٹہ آئے۔

    ن لیگ بلوچستان کے صدر نے شمولیت کرنے والوں کے اعزازمیں آج عشائیہ رکھا ہے اور ایازصادق کی کوشش ہے بلوچ رہنما ؤں کی فون پرنواز شریف سےبات کرائی جائے۔

    اےآروائی نیوزنےیکم اگست کو خبر دی تھی کہ بی اے پی رہنما شہبازشریف سے ملاقاتیں کرچکے ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور سینئر لیگی رہنما سردار ایاز صادق کوئٹہ پہنچے تھے ، جہاں ان سے سابق وزرا، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور بلوچستان کی ممتاز سیاسی شخصیات نے ملاقاتیں کرکے ن لیگ میں شمولیت کا عندیہ دیا تھا۔

    ایاز صادق سے شیخ جعفرمندوخیل کی قیادت میں سابق وزرا، ارکان نے ملاقات کی تھی جبکہ دیگر ارکان میں سابق وزرا سردار عبدالرحمن کھیتران، میر عبدالغفور لہڑی، سابق رکن قومی اسمبلی میر دوستان ڈومکی اور بلوچستان کی سابق ایم پی اے ربابہ خان بلیدی کے علاوہ دیگر شخصیات شامل تھیں۔

  • اسحاق ڈار کو قائدِایوان برقرار رکھنے کا دعویٰ

    اسحاق ڈار کو قائدِایوان برقرار رکھنے کا دعویٰ

    چیئرمین سینیٹ نے نگراں حکومت کی جانب سے اسحاق ڈار کو قائدِایوان برقرار رکھنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قائدِایوان کے متعلق اعلان کیا۔ چیرمین سینیٹ نے کہا وزیراعظم کی جانب سے اسحاق ڈار کو قائد ایوان بنانےکی رضامندی آئی۔

    وزیراعظم آفس نے تاحال اسحاق ڈار کو سینیٹ میں قائدِایوان مقرر کرنےکی تصدیق نہیں کی۔ ذرائع وزیراعظم ہاؤس کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کو سینیٹ میں قائدِایوان بنانے کے متعلق معلومات نہیں۔

    ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعظم کی جانب کسی جماعت کے سینیٹر کو قائد ایوان مقرر کرنے کا امکان کم ہے۔

    حکومت کے متعلقہ پارلیمانی سیکشن نے بھی چیئرمین سینیٹ کےدعوے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

  • فضل الرحمان ہمارے سیاسی حریف ہیں اوران سے انتخابات میں بھرپور مقابلہ ہوگا، اسد قیصر

    فضل الرحمان ہمارے سیاسی حریف ہیں اوران سے انتخابات میں بھرپور مقابلہ ہوگا، اسد قیصر

    اسلام آباد : سربراہ پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ فضل الرحمان ہمارے سیاسی حریف ہیں اوران سے انتخابات میں بھرپور مقابلہ ہوگا اور شکست دے کر اس کی جگہ پر لائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی اسد قیصر نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو میں پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کے حوالے سے سوال پر کہا کہ پی ٹی آئی چھوڑنے والوں سےبات نہیں ہوتی لیکن ان سب نے اپنی سیاست ختم کرلی۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ایک بات سب لوگ سمجھ لیں ہم کسی سے انتخابی الحاق کا ارادہ نہیں رکھتے، پی ٹی آئی ملک کی مقبول جماعت ہےتوپھر ہمیں کسی سےالحاق کی کیا ضرورت ہے۔

    سربراہ پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی نے کہا کہ فضل الرحمان ہمارے سیاسی حریف ہیں اوران سے انتخابات میں بھرپور مقابلہ ہوگا اور ہم انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام کو شکست دے کر اسکی جگہ پر لائیں گے۔

    مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مولانا کی طرف جانے کے فیصلے کو پارٹی قیادت کی تائید حاصل تھی، دوسری جماعتوں سے ملاقات سے متعلق ہم نے سفارشات چیئرمین کو دےدی ہیں۔

    اسد قیصر نے بتایا کہ دوسری جماعتوں سےملاقات میں ہمارا ون پوائنٹ ایجنڈا شفاف و آزادانہ انتخابات ہوگا اور ملاقاتیں پارٹی چیئرمین اور کور کمیٹی کی منظوری سےمشروط ہیں، بہت سختیاں ہوگئیں اب مس انڈراسٹینڈنگ کو ختم ہونا چاہیے۔

    سربراہ پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی نے جے یو آئی کی جانب سے نماز کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت کی تائید سے مولانافضل الرحمان سے ملنے گئے تھے نماز کا وقت ہوا تو کھڑی جماعت میں شریک ہوگئے، نماز کی ویڈیو بنا کر جاری کرنا غیراخلاقی تھا۔

  • ‘پہلی بار سب کو پتہ ہے کس کو وزیراعظم بنایا جارہا ہے’

    ‘پہلی بار سب کو پتہ ہے کس کو وزیراعظم بنایا جارہا ہے’

    لاہور : سربراہ پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ پہلی بار سب کو پتہ ہے کس کو وزیراعظم بنایا جارہا ہے، اب نوازشریف ووٹ سے وزیراعظم بنے گا یا اس کو باکس بھر کردیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی اسد قیصر نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پہلی بار سب کو پتہ ہے کس کو وزیراعظم بنایاجارہا ہے، لگتا ہے اس بار انتخابات میں تاریخی دھاندلی کی جائےگی، شفاف ،آزادانہ انتخابات ہوگئے تو پھر تو نوازشریف مکمل فارغ ہیں۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کون اس جمہوریت اور انتخابات کو مانے گا، اس سے استحکام نہیں آئےگا، کیا نوازشریف ووٹ سے وزیراعظم بنے گا یا اس کو باکس بھر کردیں گے، اس سے تحریکیں اٹھیں گی ، معیشت پر اثر پڑےگا اور خدانخواستہ انار کی ہوگی۔

    سربراہ پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف ڈیل کےبغیر کوئی کام نہیں کرتے، نوازشریف بتائیں اب کہاں ہے ان کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ، انھوں نے کیریئرکے آغاز سے آج تک ڈیلز ہی کی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانتیں منسوخ دوسری جانب مجرم کوریلیف مل رہاہے، مفاہمت چاہتے ہیں ، مفاہمت کا مطلب آئین وقانون کی عملداری اور لیول پلیئنگ فیلڈ ہے۔

    اسد قیصر نے کہا کہ نگراں حکومت تو عملی طور پرن لیگ کی ہے، کیا الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے گا کہ نگراں حکومت نے کیسے نوازشریف کی سزا معطل کی، نوازشریف کےپاس کون سا فارمولا ہے جو 16 ماہ اپنے بھائی کو نہیں بتاسکے۔

  • ’تمام اسلامی ممالک اسرائیلی سے تعلقات ختم اور مصنوعات پر پابندی لگائیں‘

    ’تمام اسلامی ممالک اسرائیلی سے تعلقات ختم اور مصنوعات پر پابندی لگائیں‘

    اسلام آباد : پاکستان میں ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری نے کہا ہے کہ تمام اسلامی ممالک اسرائیلی سے تعلقات ختم اور مصنوعات پر پابندی لگائیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ صیہونی مظالم پر عالمی طاقتوں نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں، اسرائیل کی جارحانہ حملے میں فلسطین کے اسپتال اور مساجد بھی محفوظ نہیں ہیں۔

    پاکستان میں ایرانی سفیر نے کہا کہ غزہ پر حملے بین الاقوامی، انسان دوست بلکہ جنگی اصولوں کے بھی منافی ہیں، اسرائیل  کی بربریت پہلے سے زیادہ بے رحم اور وسیع پیمانے پر ہے۔

     ایرانی سفیر نے کہا کہ اس وقت جتنے بھی اسلامی ممالک نے اسرائیل سے تعلقات استوار کیے انہیں ختم کریں، اسرائیلی پروڈکٹس پر پابندی لگائیں اور اقتصادی تعلقات ختم کریں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تمام اسلامی ممالک اپنے بارڈرز کھولیں تاکہ فلسطینیوں کی امداد ہو سکے، فلسطین پر اسلامی ممالک نے جو موقف اپنایا وہ اچھا ہے مگر ناکافی ہے، ہم پاکستان کے مشکور ہیں جنہوں نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا۔

    ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری نے کہا کہ سعودی عرب اور خطے کے ممالک سمجھ گئے امریکا پہلے جیسی طاقت نہیں رہا، اسلامی ممالک میں کوآرڈینیشن ہوتی تو صیہونی رجیم اس بربریت کی جرات بھی نہ کرتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ  صیہونی رجیم سے تعلقات بنانے والے اسلامی ممالک کو کہا ہے ان سے تعلقات ختم کریں، اسلامی مزاحمت پر صیہونی رجیم ڈر اور خوف کا شکار  ہے، یہ مزاحمت ہی اس صیہونی ریاست کے اختتام اور بربادی کا آغاز ہے۔

  • اسرائیل بہت چھوٹا اور کمزور ہے ، ایران کے خلاف کوئی غلطی نہ کرے،  ایرانی سفیر نے خبردار کردیا

    اسرائیل بہت چھوٹا اور کمزور ہے ، ایران کے خلاف کوئی غلطی نہ کرے، ایرانی سفیر نے خبردار کردیا

    اسلام آباد : ایرانی سفیر ڈاکٹررضا امیری نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل بہت چھوٹا اورکمزورہےایران کے خلاف کوئی غلطی نہ کرے اور مطالبہ کیا کہ اسلامی ممالک اسرائیل سے تعلقات ختم کریں۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی سفیر ڈاکٹررضا امیری نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے حملوں سے فلسطین کے اسپتال اور مساجدبھی محفوظ نہیں، اسرائیل کی بربریت پہلےسے زیادہ بے رحم اور وسیع پیمانے پر ہے۔

    ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ غزہ پر حملے بین الاقوامی،انسان دوست بلکہ جنگی اصولوں کےبھی منافی ہیں اور صیہونی مظالم پر عالمی طاقتوں نے آنکھیں بند کررکھی ہیں۔

    ڈاکٹر امیری نے خبردار کیا کہ اسرائیل بہت چھوٹا اورکمزور ہے ایران کےخلاف کوئی غلطی نہ کرے۔

    انتڑویو میں انھوں نے مطالبہ کیا کہ جتنےبھی اسلامی ممالک نےاسرائیل سےتعلقات استوار کیےانہیں ختم کریں،اسرائیلی پروڈکٹس پر پابندی لگائیں اوراقتصادی تعلقات ختم کریں ساتھ ہی تمام اسلامی ممالک اپنےبارڈرزکھولیں تاکہ فلسطینیوں کی امداد ہوسکے۔

    ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کےمشکور ہیں جنہوں نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا، فلسطین پراسلامی ممالک نےجوموقف اپنایا وہ اچھا مگرناکافی ہے، سعودی عرب اورخطےکےممالک سمجھ گئے امریکا پہلے جیسی طاقت نہیں رہا۔

    ڈاکٹر امیری نے کہا کہ اسلامی ممالک میں کوآرڈینیشن ہوتی توصیہونی رجیم اس بربریت کی جرات نہ کرتا، صیہونی رجیم سے تعلقات بنانے والے اسلامی ممالک کو کہا ہےان سےتعلقات ختم کریں، اسلامی مزاحمت پر صیہونی رجیم ڈر اور خوف کا شکار ہے اور یہ مزاحمت ہی اس صیہونی ریاست کےاختتام اوربربادی کا آغاز ہے۔

    سعودی عرب سے تعلقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سےتعلقات کو وسیع کرنے کی نیت سےمذاکرات میں داخل ہوئے ،اچھے تعلقات کےلیے50فیصد ہمیں اور50فیصد سعودی عرب کو آگےبڑھنا ہے، ہمارا عزم ہے سعودی عرب سےتعلقات کو آگے بڑھائیں۔

    ایرانی سفیر نے مزید کہا کہ ایران پاکستان کی حکومت اور عوام کو اپنی حکومت اورعوام سمجھتے ہیں، ایران تو ہر طرح سے پاکستان کی حفاظت کرنا چاہتا ہے۔

  • نگراں حکومت کے اہم وزراء کا تحریک انصاف کے رہنماؤں سے رابطہ

    نگراں حکومت کے اہم وزراء کا تحریک انصاف کے رہنماؤں سے رابطہ

    اسلام آباد : نگراں حکومت کے اہم وزراء نے سیاسی ماحول کو انتخابات کے لیے سازگار بنانے کے لیے تحریک انصاف کے رہنماؤں سے رابطہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں حکومت کے اہم وزراء نے تحریک انصاف کے رہنماؤں سے رابطہ کیا ، اس حوالے سے ذرائع نے بتایا رابطوں کا مقصد سیاسی ماحول کو انتخابات کے لیے سازگار بنانا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ چندروز پہلے نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے پی ٹی آئی کے شفقت محمود سے ملاقات کی، جس میں پی ٹی آئی رہنما نے کہا ہم مفاہمت چاہتے ہیں لیکن اس کے لیے سب کو کردارادا کرنا ہے۔

    ذرائع نگراں حکومت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کر رہے ہیں، آزادانہ، منصفانہ انتخابات یقینی بنانے کے لیے ماحول کو ٹھنڈا کرنا مقصد ہے۔

    گذشتہ روز نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتےہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا کام ہے، شفاف انتخابات کےانعقادکیلئےالیکشن کمیشن کی معاونت کریں گے۔

  • چیئرمین پی ٹی آئی سے بھی ڈیل ہوگی لیکن وقت کا نہیں پتہ، ترجمان پی ڈی ایم

    چیئرمین پی ٹی آئی سے بھی ڈیل ہوگی لیکن وقت کا نہیں پتہ، ترجمان پی ڈی ایم

    لاہور: پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پس پردہ رابطوں کے ذریعے ڈیلز ممکن ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی سےبھی ڈیل ہوگی،وقت کا نہیں پتہ۔

    تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں ممکن ہےپس پردہ رابطوں کےذریعےڈیلزکی کوششیں ہوں، چیئرمین پی ٹی آئی سےبات بھی ہوگی اورڈیل بھی لیکن وقت کاپتہ نہیں۔

    ترجمان پی ڈی ایم نے بتایا کہ بشریٰ بی بی نے کوشش کی لیکن چیئرمین پی ٹی آئی کی گارنٹی کوئی نہیں دےرہا، جب تک سیاستدان عوام کےبجائےاقتدارکی سیاست کرےگا ڈیلز ہوتی رہیں گی۔

    حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف ،بینظیرکوسیکیورٹی رسک قراردیاگیاپھروہ وزرائےاعظم بھی بنے، ایک وقت میں نوازشریف ہائی جیکرتھےپھروہ آئےاوروزیراعظم بن گئے۔

    الیکشن کے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہا کہ الیکشن کیوں نہیں ہوں گے ، نہ ہوئے تو کیا ملک میں استحکام آسکتاہے، مولانا فضل الرحمان نےیہ نہیں کہا انتخابات نہ ہوں بلکہ کچھ چیزوں کی نشاندہی کی۔

    حافظ حمد اللہ غیر مقیم افغانیوں کو ملک بدر کرنے کے فیصلے پر ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ غیرقانونی افغانیوں کو نکالنے کا فیصلہ کمزوراورنگراں حکومت نہیں کرسکتی، آپ4ماہ کی عبوری حکومت ہیں توآپ مستقبل کےفیصلےنہیں کرسکتے، نگراں حکومت کا کام صرف انتخابات کراناہے۔

    حافظ حمد اللہ نے اپنے اوپر ہونے والے حملے سے متعلق بتایا کہ مستونگ میں مجھ پرموٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکا کیاگیا، نگراں وزیرداخلہ سرفرازبگٹی میرابھائی ہےلیکن انکےدعوے پر حیران ہوں، وزیرداخلہ نےکہا مجھ پرحملہ کرنیوالے ماسٹرمائنڈ کوہلاک کردیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہےحملہ آورپکڑا بھی گیا اورہلاک بھی ہوگیا، ماسٹرمائنڈ زندہ نہیں پکڑا گیاتاکہ اس سےمعلومات ملتی کہ وہ کون ہے، اب یہ وزیرداخلہ ہی بتائیں گے اتنی جلدی پکڑا بھی گیا اورمارابھی گیا۔

    ترجمان پی ڈی ایم نے کہا کہ اس ماسٹر مائنڈ کے پیچھے کوئی سہولت کارتوہوگا، وزیرداخلہ کےمطابق میں خوش قسمت ہوں کہ حملہ آورپکڑاگیا اورمارابھی گیا۔

    انھوں نے شکوہ کیا کہ پی ڈی ایم کا ترجمان ہوں افسوس ن لیگ کےکسی فردنےفون کیا نہ عیادت ، ساتھی پوچھتےہیں ن لیگ والےآپ کی عیادت کےلیےکیوں نہیں آئے، کوئی روایات ہوتی ہیں، پیپلزپارٹی پر تنقیدکرتا ہوں پھربھی بلاول تشریف لائے۔