Author: نعیم اشرف بٹ

  • اے این پی کے رہنما  نے مریم نواز کو اڑے ہاتھوں لے لیا

    اے این پی کے رہنما نے مریم نواز کو اڑے ہاتھوں لے لیا

    لاہور: عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما عمرفاروق نے مریم نواز کو اڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مریم سارا ملبہ پی ڈی ایم پر ڈالنا چاہتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما عمرفاروق نے اےآروائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا مریم نواز سارا ملبہ پی ڈی ایم پر ڈالنا چاہتی ہے، مریم یہ بتائیں کہ وزیراعظم کون ہےاوربڑی وزارتیں کس کےپاس ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ شریفوں کےگھرکی سیاست ہےکہ چاچاوزیراعظم ہےاورمریم کہتی ہیں ہماری حکومت نہیں، مریم نواز یہ کہہ کرمستقبل میں اپنے وزیراعظم بننے کی راہ ہموار کررہی ہیں۔

    رہنما اے این پی نے کہا کہ ہم تو دوسری پارٹی ہیں،ان کےتو اپنے سینئر رہنما حکومت سےناخوش ہیں، 4ماہ تک ان کےکسی وزیر کو دیکھا نہیں جبکہ پی ٹی آئی پر دباو ڈالتے تھے تو ان کے وزیر آجاتے تھے۔

    سینیٹر عمر فاروق نے واضح کیا کہ ہم وزارتوں کےلیے اصولوں پر سمجھوتا نہیں کریں گے جیسا کیپٹن صفدر نےکیا، کیپٹن صفدر کو اللہ پاک نے ہدایت دی اور انہوں نے سچ بول دیا۔

  • عوامی نیشنل پارٹی  کے سینئر رہنما کا حکومت سے علیحدگی کا عندیہ

    عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما کا حکومت سے علیحدگی کا عندیہ

    لاہور : عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر عمر فاروق نے حکومت سے علیحدگی کا عندیہ دیدیا اور کہا حکومت کے رویے سے ناخوش ہیں، ہمیں حکومت سے نکل جانا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی نے شہباز حکومت کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی۔

    عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما عمرفاروق نے اےآروائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت حکومت کاساتھ نہیں دیناچاہیےاوراس سےباہر نکلناہوگا، چند دنوں میں پارٹی میٹنگ میں حتمی فیصلہ کریں گے۔

    رہنما اے این پی کا کہنا تھا کہ ہماری میٹنگ کا بنیادی ایجنڈا حکومت سے نکلنےپر مشاورت ہے، میں نے سینیٹ میں اپوزیشن بیچوں پربیٹھےکیلئےپارٹی کو تحریری درخواست کردی۔

    سینیٹر عمر فاروق نے کہا کہ ہم حکومت کےطریقہ کار سے ناخوش ہیں، میں نےکہہ دیا کہ حکومت کےکسی بل کی حمایت نہیں کروں گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ عدم استحکام کی وجہ ہر محکمےکا اپنا کام چھوڑ کردوسرےکام کرنا ہے، پی ڈی ایم کو کہا پہلے فیصلہ کریں پارلیمنٹ کی آزادی تک ایوان میں نہیں جائیں گے، آزادی تک الیکشن بھی نہ لڑیں پھر یہ کس کو لائیں گے؟

    رہنما اے این پی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کو پارلیمنٹ کا نشہ ہےاور جب تک یہ نشہ نہیں چھوڑتے ایسا ہی ہوگا، سیاست دان کا قصور ہے اگرکسی سےناراض ہےتودوسراخوش کرنےمیں لگ جاتا ہے۔

    سینیٹر عمر فاروق کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کس لیےبناتھا،آج توایسا کچھ نہیں ہورہا ،ہم نےکوئی ریلیف نہیں دیا،عام آدمی کےلیےتو موت ہے، ان کا منفی پن دیکھیں تو وفاقی کابینہ 86تک پہنچ گئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ یہ ان کی خام خیالی ہےکہ وزیربناکراتحادیوں کو خوش کرکےعوام پر بوجھ ڈال لیں گے۔

  • کیپٹن (ر)صفدر کے بعد ن لیگ کے ایک اور سینئر رہنما پارٹی پالیسیوں سے نالاں

    کیپٹن (ر)صفدر کے بعد ن لیگ کے ایک اور سینئر رہنما پارٹی پالیسیوں سے نالاں

    لاہور: سینئر لیگی رہنما پیرصابرشاہ نے پارٹی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے ملک بچانے والے حکومتی بیانیے کو بے وزن قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کیپٹن (ر)صفدر کے بعد ن لیگ کےایک اور سینئررہنما پارٹی پالیسیوں سے نالاں نظر آئے۔

    سابق وزیراعلیٰ کے پی صابرشاہ نے ملک بچانے والے حکومتی بیانیے کو بے وزن قراردے دیا۔

    ن لیگی سینیٹرپیرصابرشاہ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ سیاست نہیں ملک بچانے والی ہماری بات میں وزن نہیں، عمران خان کی مس مینجمنٹ اور بیڈگورننس کو ہم نے آکر بیل آؤٹ کیا۔

    پیرصابرشاہ کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت میں مشاورت کی کمی ہے، ن لیگ قومی جماعت تھی جسےاب صوبائی بنا دینا زیادتی ہے۔

    سینئر لیگی رہنما نے کہا کہ اسوقت ہماری جماعت کی حالت بہت خراب ہےجولمحہ فکریہ ہے،مشاورت میں دوسرے صوبوں کو شامل نہ کرنےسے نقصان ہوا۔

    سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو مشاورت کےقابل سمجھا گیا وہی خرابی کے ذمہ دارہیں، انہی چندلوگوں نے پارٹی قیادت کواندھیرےمیں رکھا۔

    انھوں نے کہا کہ شہبازشریف کو یہ مشورہ کسی نےتودیاکہ عمران کا گند اپنےسر لےلیں، جس حالات سے گزر رہےہیں اس سے اتحادی جماعتیں اتنی متاثر نہیں ہوئیں ، نقصان ہم اٹھارہےہیں اور ہماری جماعت خمیازہ بھگت رہی ہے۔

    پیرصابرشاہ کا کہنا تھا کہ 18سال کے پی کا پارٹی صدر رہا جس میں مشرف کا سخت دور بھی تھا، یہ کسی کی سازش ہے مشکل وقت میں کھڑے رہنے والوں کو کارنرکیاجائے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ سازشیوں کومعلوم ہےآئندہ بھی مشکل وقت میں یہ پھرکھڑےہوں گے، مستقبل میں پارٹی کی کوئی قیادت کرسکتا ہےتووہ مریم نواز ہی ہیں۔

  • کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا اے اروائی نیوز کو تہلکہ خیز انٹرویو، اپنی ہی قیادت پر برس پڑے

    کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا اے اروائی نیوز کو تہلکہ خیز انٹرویو، اپنی ہی قیادت پر برس پڑے

    لاہور : کیپٹن (ر)صفدر نے قمر جاوید باجوہ کو ایکسٹینشن کا ووٹ دینے کو نوازشریف کی بڑی غلطی قرار دے دیا اور غلط فیصلوں پر اپنی ہی قیادت پر برس پڑے۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے سینئر رہنما کیپٹن (ر)صفدر نے اےآروائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی کو وفاداریاں تبدیل نہیں کرنی چاہیے، جیتوتم عمران کی ٹکٹ پر اورپھراقتدارنظرآئےتوتم ادھر آجاؤ، جس کےساتھ کھڑےہوپھر گرم پانی ہویا ٹھنڈا کھڑے رہو۔

    کیپٹن (ر)صفدر کا کہنا تھا کہ میں خود کو پارٹی میں کہیں بھی نہیں سمجھتا اورنہ ہی خواہش کی، خواہشوں کےپیچھےبھاگتا تو کسی بڑے عہدے پر ہوتا۔

    ن لیگ کے سینئر رہنما نے ایکسٹینشن کا ووٹ دینے کو نوازشریف کی بڑی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس دن ہم نےقمرباجوہ کو ایکسٹینشن کا ووٹ دیا توہمارابیانیہ دفن ہوگیا،

    ہم نے ووٹ کوعزت دو کےبیانیےکوبےعزت کردیا، ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ اب نہیں چلےگا۔

    انھوں نے بتایا کہ پرویز رشید کے سوا جس نےبھی ایکسٹینشن کوووٹ دیاوہ مجرم ہے، کیہ کوئی بات ہےکہ آپ لیڈر کےآگےکھڑےہی نہیں ہوسکتے،یہ توسارے لالچی ہیں، ٹکٹ مل جائے، چاپلوسی کرلیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ گھٹنوں کو ہاتھ لگا کر گاؤں کے ایم این اے بن جائیں تو کیا فائدہ، آپ نظریات کا تحفظ نہیں کرسکتے تو ایسے ایم این اے کو کیا کرنا، میاں صاحب کو بھی ایکسٹینشن کےووٹ کا نہیں کہناچاہیے تھا۔

    کیپٹن (ر)صفدر نے کہا کہ نوازشریف وہی شخص تھا جس نے ان کو للکارا تھا، میاں صاحب کو ورغلایاگیا اور ان سے جھوٹ بولتے تھے، میں انکےنام بھی لوں گا جنہوں نے نوازشریف سےفراڈکیا۔

    رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ ورغلانےوالی وہی ٹیم ہے جو میاں صاحب کے گھٹنے پکڑتے تھے، یہی لوگ جاکر بتاتے تھےکہ اس طرح کرلیں تواس طرح ہوجائےگا، جوبھی ہےنوازشریف کو بتاناچاہیےکس نے غلط فیصلہ کرایا۔

    کیپٹن (ر)صفدر نے اے آر وائی نیوز کے نمائندے سے سوال کیا کہ ووٹ کو عزت دو کا مجھ سےکیوں پوچھ رہےہو، میں نےتوبورڈ پر لکھ کر لوگوں کو یاد کرایاتھا۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ 28 نومبرسے پہلے حکومت باجوہ صاحب کے نیچے دبی ہوئی تھی، سیاستدانوں والا پتہ ٹھیک کھیلا کہ رکےنہیں اور اگے چل پڑے، ابھی صوبوں میں انتخابات نہیں ہونے چاہیے، میں توکہتاہوں انتخابات 2025 میں ہوں ،پہلےمعیشت بہتر کرلیں

    کیپٹن (ر)صفدر نے کہا کہ سیاسی مقابلہ سیاست سے ہونا چاہیے، یہاں توہر طرف گند ہے، مفتاح کا دل نہ دکھے اس لیے میں نے یوتھ ونگ سےاستعفیٰ دے دیا،شاہد خاقان عظیم انسان ہے، جس نےمشرف کا مقابلہ کیا ،اٹک قلعےمیں رہا۔

    ن لیگی رہنما نے شاہدخاقان عباسی کو عہدوں سے بڑی شخصیت قرار دے دیا اور کہا حمزہ شہبازمیرا چھوٹابھائی ہےوہ مجھ سےیاکسی سے ناراض نہیں، میں بڑابھائی ہوں ان کو کہوں گا کہ واپس آجائیں۔

  • کیا مریم نواز کے گھر سے بغاوت کی آواز اُٹھنے لگی ہے؟کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا تہلکہ خیز بیان سامنے آگیا

    کیا مریم نواز کے گھر سے بغاوت کی آواز اُٹھنے لگی ہے؟کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا تہلکہ خیز بیان سامنے آگیا

    لاہور : مسلم لیگ نون کے رہنمااورنوازشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں تومریم نواز کو وزیراعظم بنتا نہیں دیکھ رہا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نون کے رہنمااورنوازشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے اےاروائی نیوز کو تہلکہ خیز انٹرویو دیا۔

    جس کے بعد کئی سوال اٹھ گئے ہیں کہ کیا مریم نواز کے گھر سے بغاوت کی آواز اُٹھنے لگی ہے؟

    کیپٹن صفدر نے کہا کہ مستقبل قریب میں تومریم نواز کو وزیراعظم بنتا نہیں دیکھ رہا۔

    انہوں نے دعویٰ کیا کہ انتخابات دوہزار پچیس میں ہوں گے، اور اگلے پانچ سال شہباز شریف کو ملے تو پاکستان میں استحکام آئے گا۔.

    یاد رہے اس سے قبل ن لیگ کے کئی سینئر رہنما مریم نواز کو پارٹی کا سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر بنانے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ چپ رہنےدیں ،اس عمر میں منافقت اور جھوٹ نہیں بولنا چاہتے۔

  • پیپلزپارٹی نے 2 صوبوں میں انتخابات میں تاخیر کا معاملہ پی ڈی ایم پر چھوڑ دیا

    پیپلزپارٹی نے 2 صوبوں میں انتخابات میں تاخیر کا معاملہ پی ڈی ایم پر چھوڑ دیا

    اسلام آباد : پیپلزپارٹی نے سینئر رہنماؤں کی انتخابات میں تاخیر کی مخالفت کے بعد دو صوبوں میں انتخابات کا معاملہ پی ڈی ایم پر چھوڑدیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی نے2صوبوں میں انتخابات میں تاخیر کامعاملہ پی ڈی ایم پرچھوڑدیا۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ پیپلزپارٹی کی اکثریت نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ضمنی انتخابات میں ممکنہ تاخیر کی مخالفت کردی، پی پی پارلیمانی بورڈمیٹنگ میں سینئر رہنماؤں نے انتخابات میں تاخیر کی مخالفت کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کا پیغام پی ڈی ایم کی جماعتوں تک پہنچا دیا گیا ہے۔

    پی پی رہنما نے کہا انتخابات میں تاخیر کی کھل کرمخالفت نہیں کررہےمگرحمایت بھی نہیں کرسکتے، ن لیگ یا پی ڈی ایم تاخیر کا کوئی قانونی راستہ نکالیں تو یہ ان کا معاملہ ہے۔

    یاد رہے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر تاج حیدر نے کہا تھا کہ ان کی جماعت پنجاب اور خیبرپختونخوا (کے پی) میں انتخابات میں تاخیر کے فیصلے کی مخالفت کرے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں پی پی پی کے ایک سینئر قانون ساز نے کہا تھا کہ آئین کے مطابق اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد انتخابات میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں ہو سکتی۔

    تاج حیدر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اپنے موقف میں واضح ہے کہ وہ کے پی اور پنجاب کے ضمنی انتخابات میں حصہ لے گی۔

  • ترجمان بلوچستان عوامی پارٹی نے پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کو محسن کش قرار دیدیا

    ترجمان بلوچستان عوامی پارٹی نے پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کو محسن کش قرار دیدیا

    ترجمان بلوچستان عوامی پارٹی دنیش کمار نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور اتحادی جماعتوں کو محسن کش قرار دے دیا ہے۔

    ترجمان بی اے پی نے دنیش کمار نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افسوس جس پی ڈی ایم کی ہم نے حمایت کی وہی اب ہمارے پیچھے پڑے ہیں۔ مرکزی کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے اور اس کے ایجنڈے میں حکومت چھوڑنا شامل ہے۔

    دنیش کمار نے کہا کہ اگر پارٹی کی مرکزی کمیٹی نے حکومت کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا تو ہم تاخیر نہیں کریں گے۔ اگر بلوچستان عوامی پارٹی کے 4 ایم این ایز نہ ہوتے تو ان کی حکومت نہ بنتی۔ افسوس ہے کہ ہم نے جس حکومت کو سہارا دیا اب وہی محسن کشی کر رہی ہے۔

    ترجمان بلوچستان عوامی پارٹی کا کہنا تھا کہ پہلے بھی ان پارٹیوں کو آزمایا لیکن کسی نے بلوچستان کے مسائل حل نہیں کیے۔ وزیراعظم کی تواپنی پارٹی داؤ پر لگی ہوئی ہے، اس لیے انکی توجہ اس طرف آتی ہی نہیں۔

    سینیٹر دنیش کمار نے مزید کہا کہ پوری سچائی اور ایمانداری سے کہتا ہوں کہ رجیم چینج میں وہ نیوٹرل تھے۔ ہمیں نہ عمران خان کا ساتھ دینے کا کہا گیا اور نہ ہی پی ڈی ایم کا ساتھ دینے کا یہ ہماری پارٹی کا اپنا فیصلہ تھا۔

     

    ترجمان بی اے پی نے کہا کہ مجھے ابھی الیکشن ہوتے نظرنہیں آ رہے ہیں۔ قومی اور تمام صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات اکٹھے ہی ہوں گے۔ ملک کے موجودہ معاشی حالات بار بار انتخابات کے متحمل نہیں ہوسکتے اور یہی نکتہ آگے جا کر کے پی اور پنجاب اسمبلیوں کے انتخابات کے التوا کا باعث بنے گا۔

  • انتخابات میں ایک دن کی تاخیر بھی قبول نہیں، پیپلزپارٹی

    انتخابات میں ایک دن کی تاخیر بھی قبول نہیں، پیپلزپارٹی

    کراچی : پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر تاج حیدر نے پنجاب اور کے پی ہونے والے انتخابات میں تاخیر کرنے کی سختی سے مخالفت کردی۔

    یہ بات انہوں نے نمائندہ اے آر وائی نیوز نعیم اشرف بٹ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ انتخابات وقت سے ایک دن بھی آگے نہیں ہونے چاہئیں۔

    پیپلزپارٹی الیکشن سیل کے انچارج سینیٹر تاج حیدر کا کہنا تھا کہ خراب حالات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

    انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر اقدامات اٹھانے کے باوجود کچھ ہوگیا تو ووٹ ڈالنے وہی جائے گا جو زندہ بچے گا لیکن یہ نہیں ہو سکتا کہ الیکشن نہ کرائے جائیں۔

    جو زندہ بچ گیا ووٹ دینے پہنچ جائے گا لیکن یہ نہیں ہو سکتا کہ الیکشن نہ کرائے جائیں۔ پیپلزپارٹی الیکشن سیل کے انچارج سینیٹر تاج حیدر نے پنجاب اور کے پی انتخابات میں تاخیر کی مخالفت کردی۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر دہشت گردی کا خطرہ ہے تو پولنگ اسٹیشنوں پر حفاظتی انتظامات کیے جائیں، انتخابات میں ایک دن کی تاخیر بھی قبول نہیں۔

  • اگر پنجاب اور کے پی کے انتخابات میں تاخیر ہوئی تو پیپلزپارٹی مخالفت کرے گی ، سینیٹر تاج حیدر

    اگر پنجاب اور کے پی کے انتخابات میں تاخیر ہوئی تو پیپلزپارٹی مخالفت کرے گی ، سینیٹر تاج حیدر

    لاہور: پیپلزپارٹی کے سینئر ترین پارلیمنٹیرین سینیٹر تاج حیدر کا کہنا ہے کہ اگر پنجاب اور کے پی کے انتخابات میں تاخیر ہوئی تو پیپلزپارٹی مخالفت کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سینئر ترین پارلیمنٹیرین سینیٹرتاج حیدر نے اےآر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ آئین کےمطابق انتخابات وقت سے ایک دن بھی آگےنہیں ہونے چاہئیں۔

    تاج حیدر کا کہنا تھا کہ اگرپنجاب اورکےپی کےانتخابات میں تاخیر ہوئی توہم مخالفت کریں گے، پیپلزپارٹی انتخابات میں تاخیر کو جمہوریت کےلیےنقصان دہ سمجھتی ہے۔

    پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ جوخطرات ہیں وہ درست ہیں لیکن اس کا حل نکالنا چاہیے،مالی حالات خراب ہونے کے باوجود  انتخابات کےلیےوسائل مختص کرنا ہوں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حالات کی خرابی کا حل یہ نہیں کہ انتخابات ہی نہ کرائے جائیں، فضول خرچی نہ کریں لیکن اخراجات جمہوریت کی راہ میں کھڑے نہیں ہونے چاہئیں۔

    سینیٹرتاج حیدر نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کا موقف واضح ہے ہم ہرالیکشن میں حصہ لیں گے۔

  • شاہد خاقان عباسی کی پنجاب اور کے پی میں عید بعد انتخابات کی تجویز

    شاہد خاقان عباسی کی پنجاب اور کے پی میں عید بعد انتخابات کی تجویز

    مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے پنجاب اور کے پی میں عید بعد انتخابات کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت یا کسی شخص کا اختیار نہیں کہ انتخابات میں تاخیر کرے۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عید بعد انتخابات کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان یا عید کے موقع پر انتخابات مناسب نہیں ہوں گے۔

    شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ حکومت یا کسی شخص کا اختیار نہیں کہ انتخابات میں تاخیر کرے۔ اگر گورنر نے تاریخ نہ دی تو پھر الیکشن کمیشن خود فیصلہ کردے گا جب کہ اگر الیکشن کمیشن اںتخابات میں تاخیر کرتا ہے تو پھر اس کو اپنا فیصلہ جسٹیفائی بھی کرنا پڑے گا۔

    سابق وزیراعظم نے ن لیگ سے ناراضی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وہ کہ میں کسی سے ناراض نہیں اور نہ ہی ناراضی کی کوئی وجہ ہے۔ اگر ناراض ہیں تو سیدھاراستہ ہے باہر چلے جائیں کوئی قید نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ ہمیشہ نیوٹرل ہوتی ہے۔ میں پارٹی کی ہر مشاورت میں شامل نہیں ہوتا۔ نگراں وزیر اعلیٰ کے نام کیلیے مجھ سے نہیں پوچھا گیا تھا پھر میں نے دلچسپی بھی نہیں لی۔

    شاہد خاقان عباسی نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو ہتھکڑیاں لگانا اور چہرے پر کپڑا ڈال کر عدالت میں پیش کرنے کو غلط اقدام قرار دیا اور کہا کہ سیاستدانوں سے اس طرح کا سلوک انسانی حقوق کے خلاف ہے۔ ن لیگ اور دوسری جماعتوں میں فرق ہونا چاہیے۔ یہ جو مقدمے بنے ہیں ان کی وجوہات وقت آپ کو بتا دے گا۔

    سابق وزیراعظم سے جب یہ سوال کیا گیا کہ کیا یہ تاثر درست ہے کہ آصف زرداری نے ن لیگ کی سیاست کو خراب کر دیا؟ جس کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ویسے کوئی کسی کیلیے سیاست نہیں کرتا بلکہ اپنے اور ملک کیلیے کرتا ہے لیکن اگر ہم اتنے نالائق ہیں تو ان کاموں میں ہمیں پڑنا ہی نہیں چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیں: شاہد خاقان عباسی نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے، محمد زبیر کی تصدیق

    واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ ن کے سینیئر نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے جس کی تصدیق پارٹی رہنما محمد زبیر نے کردی ہے۔