Author: خواجہ نصیر

  • مونس الہٰی کو واپس لانے کے لیے نگراں وفاقی حکومت کا انٹرپول سے رابطہ

    مونس الہٰی کو واپس لانے کے لیے نگراں وفاقی حکومت کا انٹرپول سے رابطہ

    لاہور: نگراں حکومت کی جانب سے مونس الہٰی کو واپس لانے کے لیے قانونی عمل کا آغاز کر دیا گیا۔

    ذرائع نگراں وفاقی حکومت کے مطابق سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الہٰی کو واپس لانے کے لیے نگراں وفاقی حکومت نے انٹرپول سے رابطہ کیا ہے، ایف آئی اے نے انٹرپول حکام سے رابطے کر کے انھیں مونس الہٰی کے خلاف تمام مقدمات کی تفصیل شیئر کر دی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں مطلوب مجرموں کی پاکستان حوالگی کی مثالیں موجود ہیں، انٹرپول سے چودھری مونس الہٰی کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کروانے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

    مونس الٰہی کی جائیدادیں اور بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے گئے

    مونس الہٰی کی پراپرٹیز اور بینک اکاؤنٹس کو منجمد کر دیا گیا ہے، انھوں نے اپنے مختلف بینک اکاؤنٹس سے 48 کروڑ روپے نکلوائے تھے، ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رقم منی لانڈرنگ میں استعمال ہوئی تھی۔

    نگراں صوبائی حکومت نے طلب کیے جانے پر مونس الٰہی کا تمام ڈیٹا ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ہے۔

  • ڈیفنس کار حادثے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کا بڑا حکم

    ڈیفنس کار حادثے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کا بڑا حکم

    لاہور: نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب بھر میں کم عمر  ڈرائیورز کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز 7 میں 6 افراد کے کار حادثے کے بعد نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب بھر میں کم عمر  ڈرائیورز کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم جاری کردیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے آئی جی پنجاب، سی سی پی او اور تمام آرپی اوزکو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بغیر لائسنس  کم عمر ڈرائیورز کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے اور اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دی جائے۔

    ’6 افراد کی موت ٹریفک حادثہ نہیں قتل ہے‘

    نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ کم عمر ڈرائیور نہ صرف اپنے بلکہ دوسروں کیلئے بھی خطرات کا سبب بنتے ہیں، کم عمر ڈرائیورز کی گاڑیاں اور موٹر سائیکل بھی بند کی جائیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ والدین کم عمر بچوں کو گاڑیاں اور موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہ دیں، ہر زندگی  قیمتی ہے کمسن ڈرائیور کی ذرا سی غلطی کسی کی جان لے سکتی ہے۔

    یاد رہے کہ کار کی ٹکر سے 2 بچوں سمیت 6 افراد کے جاں بحق ہونے کا واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا تھا۔

  • استحکام پاکستان پارٹی میں فرخ حبیب کو اہم ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ

    استحکام پاکستان پارٹی میں فرخ حبیب کو اہم ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ

    لاہور: حال ہی میں منظرِ عام پر آکر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق توڑنے والے فرخ حبیب کو استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں اہم ذمہ داری دیے جانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

    سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے آئی پی پی پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین سے ملاقات کی جس میں انہیں اہم ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا گیا، لیکن اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ انہیں کیا ذمہ داری دی جائے گی۔

    دوسری جانب فواد چوہدری نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی ہے اور اس موقع پر عون چوہدری بھی موجود تھے۔

    چند روز قبل فرخ حبیب نے ایک پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی چھوڑنے اور آئی پی پی میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلے 5 ماہ سے ہم سب لوگ اپنے گھروں میں نہیں تھے، 9 مئی کو افسوسناک واقعہ پیش آیا اس کے بعد ہم سب گھروں سے دورتھے۔

    سابق وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ جو سیاست ہم کر رہے ہیں کیا اسی کیلیے پنجاب یونیورسٹی میں بطور سیاسی طالبعلم جدوجہد کا آغاز کیا تھا؟ میں نے خود کو وقت دیا تا کہ فیصلہ کر سکوں، روحانی اور مخلص دوستوں سے مشورے کیے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ہم اپنے مقصد سے ہٹ کر پاکستان کو تشدد کی سیاست پر لے آئے تھے، تحریک عدم اعتماد ہوا تھا تو ایسی سیاسی گیم ہوتی رہتی ہیں، اس کے بعد نہ ہمیں چین سے بیٹھنے دیا گیا نہ عوام کو، آئینی طریقے سے چیئرمین پی ٹی آئی کو ہٹایا گیا تو پھر انتظار کرنا چاہیے تھا۔

  • شاہ محمود کے بیٹے زین قریشی کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا

    شاہ محمود کے بیٹے زین قریشی کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا

    لاہور: سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا۔

    پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے فرزند زین قریشی غیر ملکی ایئر لائن کے ذریعے دبئی جا رہے تھے، تاہم انھیں لاہور ایئرپورٹ پر روکا گیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ سابق رکن پنجاب اسمبلی زین قریشی کو ایف آئی اے امیگریشن نے نام ای سی ایل میں شامل ہونے پر روکا۔

  • ہائی پروفائل کیسز میں رہا ہونے والوں کی ضمانتیں منسوخ کرانے کے لیے اپیلیں دائر کرنے کا فیصلہ

    ہائی پروفائل کیسز میں رہا ہونے والوں کی ضمانتیں منسوخ کرانے کے لیے اپیلیں دائر کرنے کا فیصلہ

    لاہور: پنجاب حکومت نے ہائی پروفائل کیسز میں رہا ہونے والوں کی ضمانتیں منسوخ کرانے کے لیے اپیلیں دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں 9 مئی واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں ہائی پروفائل کیسز میں رہا ہونے والوں کی ضمانتیں منسوخ کرانے کے لیے اپیلیں دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ میں ملوث 171 شرپسندوں کی شناخت نہ ہونے کا بھی سخت نوٹس لیا گیا، نگراں وزیر اعلیٰ نے شرپسندوں کی شناخت کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

    نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نے مفرور شرپسندوں کو جلد قانون کی گرفت میں لانے کی بھی ہدایت کی، محسن نقوی نے کہا تمام شرپسندوں کے خلاف کیسز کو پیشہ ورانہ طریقے سے آگے بڑھایا جائے، اور مفرور شرپسندوں کا تعاقب جاری رکھا جائے۔

    انھوں نے ہدایت کی کہ ٹیکینکل کے ساتھ ہیومن انٹیلیجنس کے ذریعے بھی مفروروں تک پہنچا جائے، پراسیکیوشن کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے، انھوں نے کہا کہ مفرور شرپسند جتنا مرضی چھپ لیں ان تک پہنچیں گے، 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملہ کر کے ملک کی اساس پر حملہ کیا گیا۔

    محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ حملے، جلاؤ گھیراؤ، لوٹ مار اور توڑ پھوڑ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کی گئی تھی، شرپسندوں نے جو گھناؤنا کھیل کھیلا وہ ناقابل معافی جرم ہے، سیاست کی آڑ میں دہشت گردی کی گئی، ان کیسز کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

    اجلاس میں چیف سیکریٹری، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، آئی جی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، سی سی پی او لاہور، سیکریٹری پراسیکیوشن، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ سرگودھا، گوجرانوالہ، راولپنڈی کے کمشنرز، اور آر پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

  • جہانگیر ترین کے بھائی نے خود کشی کر لی

    جہانگیر ترین کے بھائی نے خود کشی کر لی

    استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر خان ترین نے گولی مار کر خود کشی کر لی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر خان ترین نے گولی مار کر خود کشی کر لی ہے تاہم اس حوالے سے متضاد رپورٹ سامنے آ رہی ہیں۔

    عالم ترین کے دوست اور خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمگیر ترین نے گولی مار کر خود کشی کی ہے جب کہ کچھ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی موت طبعی طور پر واقع ہوئی ہے۔ ترین فیملی نے عالم ترین کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کو اپنے بھائی کی موت کی خبر پارٹی اجلاس کے دوران ملی جس کے فوری بعد وہ اجلاس چھوڑ کر روانہ ہوگئے ہیں۔

    اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمگیر ترین نے اپنے سر میں گولی ماری اور خودکشی سے پہلے ایک خط  بھی چھوڑا ہے۔

    پولیس کے مطابق فرانزک ٹیم نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور میت کو مردہ خانہ منتقل کیا جائے گا۔

    عالمگیر ترین بزنس مین تھے او وہ لاہور کے علاقے گلبرگ میں رہائش پذیر تھے۔

  • جہانگیر ترین کی مجوزہ نئی پارٹی کا نام سامنے آگیا

    جہانگیر ترین کی مجوزہ نئی پارٹی کا نام سامنے آگیا

    جہانگیر ترین جو موجودہ سیاسی تناظر میں ایک نئی سیاسی جماعت بنانے کے لیے کوشاں ہیں ان کی نئی پارٹی کا مجوزہ نام سامنے آگیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 9 مئی واقعات کے بعد پی ٹی آئی میں اندرونی خلفشار اور رہنماؤں کے پارٹی چھوڑنے کے بعد تحریک انصاف کے سابق رہنما جہانگیر ترین اپنی نئی سیاسی جماعت کے قیام کے لیے سرگرم ہیں اور لاہور واسلام آباد میں کئی اہم ملاقاتیں ہوچکی ہیں جب کہ ان کی جانب سے 70 سے زائد اراکین کی حمایت کا دعویٰ بھی سامنے آیا ہے۔

    اب ان کی نئی مجوزہ پارٹی کا نام بھی سامنے آگیا ہے اور ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جہانگیر ترین گروپ کے زیادہ تر رہنماؤں نے نئی سیاسی جماعت کے لیے جس نام کی تجویز دی ہے وہ ’’پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی‘‘ ہے۔

    ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت نئی سیاسی جماعت کے لیے تین ناموں پر غور جاری ہے اور نئی پارٹی کا نام کیا ہوگا؟ اس حوالے سے حتمی فیصلہ جہانگیر ترین ہی کریں گے۔

    دوسری جانب ذرائع نے بتایا ہے کہ جہانگیر ترین نے لیگل ٹیم کو پارٹی رجسٹریشن کیلیے فوری اقدامات کا ٹاسک بھی دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں آئندہ ہفتے قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد الیکشن کمیشن کو درخواست دی جائے گی۔

    جہانگیر ترین آج بھی مختلف اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے اور امکان ہے کہ آئندہ تین سے چار روز میں وہ اپنی نئی پارٹی کا باضابطہ اعلان کر دیں گے۔

  • جہانگیر ترین کی نئی پارٹی کے نام پر مشاورت

    جہانگیر ترین کی نئی پارٹی کے نام پر مشاورت

    پی ٹی آئی کے سابق رہنما جہانگیر ترین نے اپنے گروپ ممبران سے نئی پارٹی کے نام پر مشاورت شروع کر دی ہے اور انہوں نے ٹیلیفون پر رابطے کیے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق رہنما جہانگیر ترین جنہوں نے گزشتہ دنوں نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھا اور اس کے لیے لاہور میں اپنا سیاسی دفتر بھی کھول لیا تھا اب انہوں نے پارٹی کے نام کے لیے اپنے گروپ ممبران سے مشاورت شروع کر دی ہے جس کے لیے انہوں نے ٹیلیفون پر بھی گروپ ممبران سے رابطے کیے ہیں۔

     

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کی آج متعدد اہم سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

    واضح رہے کہ 9 مئی واقعات کے بعد پی ٹی آئی کے رہنما تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر رہے ہیں اور اب تک کئی مرکزی رہنماؤں سمیت درجنوں رہنماؤں نے عمران خان کو الوداع کہہ دیا ہے اور ان میں سے کئی نے جہانگیر ترین سے رابطے کیے ہیں۔

  • سابق صوبائی وزیر محمود الرشید گرفتار

    سابق صوبائی وزیر محمود الرشید گرفتار

    سابق صوبائی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کی تصدیق ان کی سیکریٹری نے کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق صوبائی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ میاں محمود کے سیکریٹری نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ محمود الرشید کو گزشتہ روز عدالت جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا تھا۔

    میاں محمود کے سیکریٹری کے مطابق وہ سابق صوبائی وزیر گزشتہ روز لاہور کی مقامی عدالت میں ایک کیس می اپنی ضمانت کے لیے گئے تھے تاہم عدالت پہنچنے سے قبل ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیس اہلکاروں نے انہیں حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

    دوسری جانب پنجاب میں سیکریٹری جنرل میاں حماد اظہر کے پرسنل سیکریٹری فیصل بیر کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

  • پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ

    پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ

    سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتاری کے بعد پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کی نگراں حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر کے جلسے جلوسوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا۔

    ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کا اس متعلق کہنا ہے کہ لاہور میں موبائل سروس بند کرنے کا لکھ دیا ہے، شہر میں رینجرز طلب کر لی گئی ہے، حکومت عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی۔

    ذرائع کے مطابق حکومت نے پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاج والے علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بندش کیلیے پی ٹی اے سے رابطہ کر لیا۔ مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بند کی جائے گی تاکہ لوگوں کو احتجاجی مظاہرین کو معلومات سے روکنا ہے۔

    عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں کیوں گرفتار کیا گیا؟

    القادر ٹرسٹ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو آج اسلام آباد سے رینجرز نے گرفتار کیا کر لیا۔ نیب نے سابق وزیر اعظم کی گرفتاری کی وجوہات بھی جاری کر دی۔

    نیب نے بتایا کہ عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا، یہ مقدمہ القادر یونیورسٹی کیلیے زمین کے غیر قانونی حصول کا ہے، نیشنل کرائم ایجنسی یو کے کے ذریعے 190 ملین پاؤنڈ کی غیر قانونی وصولی سے فائدہ اٹھایا گیا۔

    احتساب بیورو نے بتایا کہ نیب میں قانونی طریقہ کار کو پورا کرنے کے بعد گرفتاری عمل میں لائی گئی، تفتیشی عمل کے دوران عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ کو کال اپ نوٹس جاری کیے گئے، یہ دونوں القادر ٹرسٹ کے ٹرسٹی تھے، دونوں کی جانب سے کسی نوٹس کا جواب نہیں دیا گیا۔

    نیب نے کہا کہ سابق معاون خصوصی شہزاد اکبر کیس میں ملوث اور کلیدی کردار رہے، شہزاد اکبر اور عمران خان نے خفیہ معاہدے کی دستاویز چھپا کر کابینہ کو گمراہ کیا، 190 ملین پاؤنڈ کی رقم قومی خزانے میں جمع ہونا تھی، 190 ملین پاؤنڈ کو نجی سوسائٹی کے کیس میں ایڈجسٹ کیا گیا جسے سپریم کورٹ نے نمٹایا۔