بھارت نے دریائے راوی پر قائم تھین ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیے، دریائے چناب میں بھی پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ بھارت نے دریائے راوی پر قائم تھین ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیے، کوٹ نیناں سے پاکستانی حدود میں 2لاکھ 10 ہزار کیوسک پانی دریائے راوی میں داخل ہوگیا، آئندہ 24گھنٹے میں کوٹ نیناں کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہوگا۔
آئندہ 48 گھنٹے میں جسڑ شاہدرہ اور ہیڈ بلوکی سے انتہائی اونچے درجے کا سیلاب گزرےگا، کمشنر لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، ساہیوال، فیصل آباد اور متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کردیا گیا۔
پی ڈی ایم اے ترجمان نے کہا کہ دریائے راوی میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب اور شاہدرہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
جسڑ کے مقام پر 1لاکھ 42 ہزار کیوسک پانی مسلسل دریائے راوی میں داخل ہو رہا ہے، دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 56 ہزار کیوسک ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے دریائے راوی سے ملحق اضلاع کی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایات کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ دریائے راوی کے پاٹ میں موجود شہریوں کے فوری انخلا کی ہدایات جاری کی گئی ہے، مساجد میں اعلانات کے ذریعے شہریوں کو ممکنہ صورتحال سےآگاہ کیا جائے۔
دریں اثنا دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے، دریائےچناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
دریائے چناب میں ہیڈمرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 4لاکھ 62 ہزار کیوسک ہوگئی، بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں آج ساڑھے 3 لاکھ کیوسک کا ریلہ چھوڑا گیا، دریائے چناب میں سیلاب سے لاکھوں ایکڑ اراضی زیرِآب آنے کا خدشہ ہے۔