Author: نعمان ناصر

  • تاجروں نے بجٹ کو مسترد کردیا

    تاجروں نے بجٹ کو مسترد کردیا

    ملک بھر کے تاجروں نے بجٹ 2024 کو سخت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر افتخار احمد کا کہنا ہے کہ یہ بجٹ عوام اور تاجر دوست نہیں ہے، بہت سی چیزیں اب تک واضح نہیں ہیں، نئے ٹیکسز لگائے گئے اس کا بوجھ ہم سب پر پڑے گا۔

    انہوں نے کہا کہ بجٹ میں 3700 ارب روپے اکٹھے کرنے کی بات کی گئی، اقدام سے ہراسمنٹ میں اضافہ ہوگا۔

    افتخار احمد نے کہا کہ ایکسپورٹرز پر ایک فیصد فائنل ٹیکس ختم کرنے سے ایکسپورٹ کم ہوگی، ایف بی آر کو ایکسپورٹرز کو ہراساں کرنے کا مزید موقع مل جائے گا۔

    صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ کا کہنا ہے کہ وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں، زمیندار، صنعتکار، دکاندار مشکل میں ہے، 12970 ارب آئیں گے کہاں سے، ٹیکس ریٹ 35 سے 45 فیصد کرنے کو بھی مسترد کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ موبائل فون پر 18 فیصد سیلز ٹیکس لگانا انتہا کا ظلم ہے، بجٹ میں حکومتی اخراجات کم کرنے کے لیے کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

    اجمل بلوچ نے کہا کہ چمڑے کے کاروبار پر 18 فیصد سیلز ٹیکس سے جوتا مہنگا ہوگا، سیلز ٹیکس بڑھانے سے عام آدمی کے لیے مزید مشکلات بڑھیں گی۔

    تاجر رہنما سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ کراچی آج بھی سب سے زیادہ ٹیکس جمع کرتا ہے، کراچی کی ایک مارکیٹ پورے لاہور سے زیادہ ٹیکس دیتی ہے، ٹیکس بڑھانا مسئلہ نہیں لیکن صرف کراچی تو ٹیکس نہیں دے گا۔

  • ویڈیو: طوفانی بگولوں نے تباہی مچادی

    ویڈیو: طوفانی بگولوں نے تباہی مچادی

    ڈربن: جنوبی افریقہ کے ساحلی شہر ڈربن میں طوفانی بگولوں نے تباہی مچادی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں طوفانی بگولوں نے گھروں کا حلیہ بگاڑ دیا، کئی گھر مکمل تباہ ہوگئے تو کئی گھروں کی چھتیں اڑ گئیں۔

    طوفانی بگولوں کے باعث درخت جڑ سے اکھڑ گئے جبکہ کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    طوفانی ہواؤں کا منظر گاڑی میں موجود ڈرائیور نے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرلیا۔ ویڈیو میں طوفانی ہواؤں کی وجہ سے پھیلنے والی تباہی کا منظر دیکھا جاسکتا ہے۔

    ویڈیو فلمانے والے ایک شخص ٹریور فری مینٹل نے آنکھوں دیکھا حال میڈیا کو بیان کیا۔

    انہوں نے کہا کہ میں دیکھ رہا تھا کہ بہت بڑا سیاہ بادل مغرب سے مشرق کی طرف سمندر کی جانب بڑھ رہا ہے، ایسا لگ رہا تھا جیسے کسی فلم کا منظر دیکھ رہا ہوں، بادل کہیں زیادہ گہرے تھے میری گاڑی تیز ہواؤں سے ٹکرا رہی تھی۔‘

    متاثرہ  علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ محکمہ موسمیات نے شدید بارش اور ممکنہ سیلاب کی وارننگ جاری کردی ہے۔

  • بابر اعظم نے حسن علی کو تیسرا ٹی 20 کھلانے کی وجہ بتادی

    بابر اعظم نے حسن علی کو تیسرا ٹی 20 کھلانے کی وجہ بتادی

    قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے فاسٹ بولر حسن علی کو آٗئرلینڈ کیخلاف تیسرا ٹی 20 میچ کھلانے کی وجہ بیان کردی۔

    ڈبلن میں کھیلے گئے تیسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز  2-1 سے اپنے نام کی لیکن فاسٹ بولر حسن علی کے تین اوور میں 42 رنز بن گئے اور شائقین کرکٹ نے بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔

    تاہم بابر اعظم نے میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مڈل اوورز میں ہماری ٹیم مشکلات کا شکار تھی اس لیے نسیم شاہ کو آرام دے کر حسن علی کو موقع دیا گیا تھا۔

    کپتان نے کہا کہ عماد وسیم شاندار بولنگ کررہے ہیں جبکہ محمد عامر بھی بولنگ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ ورلڈ کپ سے قبل پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں ٹی 20 سیریز میں مدمقابل آئیں گی دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 22 مئی کو کھیلا جائے گا۔

  • دورہ آئرلینڈ: فاسٹ بولر محمد عامر سے متعلق اہم خبر

    دورہ آئرلینڈ: فاسٹ بولر محمد عامر سے متعلق اہم خبر

    دورہ آئرلینڈ کے لیے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کو ویزہ جاری کردیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فاسٹ بولر محمد عامر ایک سے دو روز میں آئرلینڈ کے لیے روانہ ہوں گے، وہ ابتدائی ٹی 20 میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

    محمد عامر آئرلینڈ کے خلاف جمعہ کو شیڈول پہلے ٹی 20 میچ سے باہر ہوگئے۔

    واضح رہے کہ ویزے کی وجہ سے محمد عامر ٹیم کے ہمراہ آئرلینڈ روانہ نہیں ہوسکے تھے۔

    32 سالہ عامر نے گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے دوران چار سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی جہاں انہوں نے چار میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی انہیں آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم میں شامل کیا گیا۔

    پی سی بی کرکٹ آئرلینڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا کیونکہ بورڈ کا خیال تھا کہ ویزے کے بروقت اجرا کو یقینی بنانا میزبانوں کی ذمہ داری ہے۔

  • شوہر کو میرا اداکاری کرنا بالکل پسند نہیں، کرن حق

    شوہر کو میرا اداکاری کرنا بالکل پسند نہیں، کرن حق

    شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ کرن حق کا کہنا ہے کہ شوہر کو بالکل پسند نہیں کہ میں اداکاری کروں۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں ڈرامہ سیریل ’حسرت‘ کی مرکزی کاسٹ نے شرکت کی جن میں فہد شیخ، کرن حق، سبحان اعوان، جینیس ٹیسا شامل تھے۔

    انڈسٹری میں دوبارہ قدم رکھنے کے سوال پر کرن حق نے کہا کہ میرے شوہر مجھے پیار کرتے ہیں اور تھوڑی سی ضد کرتی ہوں تو مان جانتے ہیں، وہ میری خوشی میں خوش ہیں اسی لیے اداکاری کی اجازت دے دیتے ہیں لیکن ان کو بالکل پسند نہیں کہ میں اداکاری کروں۔

    ندا یاسر نے پوچھا کہ کبھی بھی شوہر کا موڈ تبدیل نہیں ہوگا کہ وہ انٹرویو کے لیے آئیں، کرن حق نے بتایا کہ فی الحال تو نہیں ہے لیکن اگر وہ کبھی آنے کے لیے تیار ہوئے تو خوشی خوشی لے کر آؤں گی۔

    مداحوں نے بھی لائیو کال میں اپنے پسندیدہ اداکاروں سے سوالات کیے۔

    خاتون مداح نے کرن حق سے پوچھا کہ ’اداکار اکثر اپنے شوہر اور فیملی کے ہمراہ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں لیکن آپ ایسا نہیں کرتیں اس کی کیا وجہ ہے۔؟‘

    کرن حق نے کہا کہ میں اپنی نجی زندگی کو پرائیویٹ رکھتی ہوں اور مجھے شوہر کی طرف اجازت بھی نہیں ہے کہ سوشل میڈیا پر شادی کی یا پھر بے بی کی تصویر شیئر کروں۔

    انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی ایسا نہیں ہوگا جو اداکاری کررہی ہوں بس وہی سوشل میڈیا پر آپ کو نظر آئے گا۔

    اداکارہ نے کہا کہ میرے شوہر کو یہ اچھا نہیں لگتا تو مجھے ان کی پسند، پسند ہے۔

  • ایمن خان کی ہمشکل مونا لیزا ناقدین پر برس پڑیں

    ایمن خان کی ہمشکل مونا لیزا ناقدین پر برس پڑیں

    پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ ایمن خان کی ہمشکل خاتون مونا لیزا سوشل میڈیا صارفین پر برس پڑیں۔

    فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اسٹوری میں مونا لیزا نے لکھا کہ میں نے نہیں کہا کہ میں ایمن خان جیسی لگتی ہوں، عوام خود ہی پاگل ہوئی ہے اور خود ہی حسد میں میری تصاویر اور ویڈیوز پر منفی کمنٹس کررہی ہے۔

    ایمن خان کی ہمشکل خاتون نے لکھا کہ ’بھائی اکاؤنٹ سے دور رہو اور اسے خراب نہ کرو، ڈائریکٹ میسج میں لوگوں نے میرا جینا دوبھر کردیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں مونا لیزا کو بھارتی فلم کے گانے پر رقص کرتے دیکھا گیا اور سوشل میڈیا صارفین نے انہیں ایمن خان کی ہمشکل قرار دیا۔

    بعدازاں سوشل میڈیا صارفین نے مونا لیزا کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈھونڈ نکالا اور ان کی تصاویر اور ویڈیوز پر تنقید کی۔

    یاد رہے کہ ایمن خان اور اداکار منیب بٹ نومبر 2018 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، 2019 میں جوڑے کے ہاں بیٹی امل کی پیدائش ہوئی جبکہ گزشتہ سال اگست میں ان کے ہاں دوسری بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام میرال رکھا گیا۔

  • شوبز شخصیات نے عید پر کس لباس کا انتخاب کیا؟

    شوبز شخصیات نے عید پر کس لباس کا انتخاب کیا؟

    ملک میں عید الفطر آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے اور لوگ اپنے پیاروں کو عید کی مبارکباد دے رہے ہیں۔

    عید الفطر کے موقع پر لوگوں کی جانب سے نت نئے ملبوسات زیب تن کیے جاتے ہیں اور اہلخانہ کے ہمراہ رشتے داروں کے یہاں شرکت ہیں اور تفریح گاہوں کا رخ بھی کرتے ہیں۔

    ایسے میں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے عید الفطر پر اپنی تصاویر مداحوں کے ساتھ شیئر کیں اور عید کی مبارکباد پیش کی۔

    اداکارہ صبور علی نے اپنے شوہر اداکار علی انصاری کے ساتھ عید کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی، علی انصاری نے سیاہ شلوار قمیض زیب تن کی جبکہ صبور نے بھی سیاہ اور گولڈن رنگ کے خوبصورت لباس کا انتخاب کیا۔

    اداکارہ کبریٰ خان نے عید کے پہلے دن ہلکے ہرے رنگ کے جوڑے کا انتخاب کیا اور لکھا کہ میری حسین عید ہے۔

    اداکارہ کنزہ ہاشمی نے مداحوں کو عید کی مبارک باد پیش کی اور انہوں نے عید کے پہلے دن پیلے رنگ کا جوڑا پہنا۔

    اداکار بلال قریشی نے عید کی خوشیاں اپنی فیملی کے ہمراہ مناتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کو عید کی مبارک باد پیش کی۔

    سینئر گلوکارہ و اداکارہ حدیقہ کیانی نے بھی اپنی عید کی تصویر شیئر کی۔

    اداکارہ یشما گل نے اپنی عید کی تیاری کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے اپنے عید کے جوڑے کو دکھایا۔

  • ماں کا کردار کرلو تو اداکار ’آپا‘ کہنا شروع کردیتے ہیں، حنا خواجہ بیات

    ماں کا کردار کرلو تو اداکار ’آپا‘ کہنا شروع کردیتے ہیں، حنا خواجہ بیات

    شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ حنا خواجہ بیات کا کہنا ہے کہ ڈراموں میں ماں کا کردار کرلو تو اداکار آپا کہنا شروع کردیتے ہیں۔

    سینئر اداکارہ حنا خواجہ بیات نے صبا فیصل کے ساتھ نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی اور سیٹ پر اداکاروں کی جانب سے ’آپا‘ کہے جانے پر اظہار خیال کیا۔

    انہوں نے کہا کہ جس اداکار نے آپا کہا تھا اسے میری ساتھی اداکارہ نے کہا کہ حنا کا شناختی کارڈ یہاں ہے اپنا شناختی کارڈ دکھاؤ کہ تمہاری کتنی عمر ہے تو اس اداکار کے پسینے چھوٹ گئے تھے۔

    حنا خواجہ نے کہا کہ اداکار نے کہا کہ غلطی سے آپا منہ سے نکل گیا میں عزت دے رہا تھا، ارے بھئی آپ جی لگادیں میں بھی اپنے سینئرز کو نام کے ساتھ جی لگا دیتی ہوں یہ اچھا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں اداکار سے کہتی ہوں کہ میں آپا کب سے ہوگئی، دراصل ہم نے ماں کا کردار کرلیا تو آپا ہوگئے اور وہ مزید چھوٹے ہوگئے وہ بڑے ہی نہیں ہورہے۔

    اداکار نے کہا کہ ہمیں کیا سیٹ پر رشتے داری نبھانی ہے اگر میں کسی دفتر میں کام کررہی ہوں تو امی میری باس ہیں تو انہیں امی تو نہیں کہوں گی۔

    حنا خواجہ نے کہا کہ میں گھر میں بھی بچوں کو تم کہہ کر نہیں مخاطب کرتی بلکہ انہیں آپ کہا جاتا ہے، کیریکٹر میں تم بول سکتے ہیں کیونکہ ہم اپنے کردار میں ڈھل جاتے ہیں۔

  • شاہین آفریدی فٹنس کیمپ چھوڑ کر چلے گئے

    شاہین آفریدی فٹنس کیمپ چھوڑ کر چلے گئے

    قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہین شاہ آفریدی اچانک کاکول میں جاری فٹنس کیمپ چھوڑ کر گھر چلے گئے۔

    کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق شاہین آفریدی کپتانی سے ہٹائے جانے پر ناخوش شاہین آفریدی گزشتہ روز کیمپ چھوڑ کر پشاور روانہ ہوگئے۔

    فاسٹ بولر آج اپنی 24ویں سالگرہ منارہے ہیں۔

    ان کے کیمپ چھوڑ کر جانے سے متعلق پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ شاہین اجازت لے کر گئے ہیں۔

    شاہین آفریدی پیر کو پنڈی میں شیڈول خصوصی ٹیم افطار ڈنر میں شریک ہوں گے۔

    واضح رہے کہ سابق چیئرمین ذکا اشرف نے شاہین شاہ آفریدی کوٹی20 ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا تاہم موجودہ چیئرمین محسن نقوی نے ان کی جگہ دوبارہ بابراعطم کو قیادت سونپ دی ہے۔

    بابر کے کپتان بننے کے بعد سے یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ شاہین ناراض ہیں۔

  • باپ کو قتل کرکے بیٹا تھانے پہنچ گیا

    باپ کو قتل کرکے بیٹا تھانے پہنچ گیا

    بہاولنگر میں تعویز گنڈے سے منع کرنے پر بیٹے نے باپ کو چھریوں کے پے درپے وار کرکے قتل کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بہاولنگر کے علاقے پرانی سبزی منڈی کے قریب سفاک بیٹے نے باپ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    پولیس کے مطابق واردات کے بعد قاتل نے خود ہی گرفتاری دے دی۔

    پولیس حکام کا بتانا ہے کہ مقول جمیل نے بیٹے کو تعویز گنڈے سے منع کیا تھا جس کے بعد طیش میں آکر بیٹے نے باپ کی جان لے لی۔

    اس سے قبل بہاولنگر کے چک نادر شاہ کے قریب بستی عبدالرحمٰن میں پنشن کی رقم نہ دینے پر سفاک بیٹے نے باپ کو قتل کردیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم ساگر نے اپنے والد جہانگیر کو سر پر کلہاڑی کے وار سے قتل کیا، باپ کو قتل کرکے ملزم موقع سے فرار ہوگیا تھا۔

    تھانہ صدر پولیس نے موقع پر پہنچ کر کاروائی شروع کردی جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ضلعی ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔