Author: نعمان ناصر

  • ’جانِ جہاں‘ کی اداکارہ سویرا ندیم کا مداحوں کے نام پیغام

    ’جانِ جہاں‘ کی اداکارہ سویرا ندیم کا مداحوں کے نام پیغام

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے نئے ڈرامہ سیریل ’جانِ جہاں‘ کی اداکارہ سویرا ندیم نے مداحوں کے نام پیغام جاری کردیا۔

    ڈرامہ سیریل ’جانِ جہاں‘ میں اداکار حمزہ علی عباسی اور عائزہ خان مرکزی کردار نبھائیں گے، دیگر کاسٹ میں سویرا ندیم، نوال سعید ودیگر شامل ہیں۔

    جانِ جہاں کی ہدایت کاری کے فرائض قاسم علی مرید نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی ردا بلال نے لکھی ہے۔

    ڈرامہ سیریل ’جانِ جہاں‘ کی پہلی قسط 22 دسمبر بروز جمعہ کو نشر کی جائے گی اور ناظرین ہر جمعے اور ہفتے کی رات 8 بجے ڈرامہ دیکھ سکیں گے۔

    تاہم اب فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ سویرا ندیم نے مداحوں کے نام ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

    اداکارہ نے ڈرامے میں اپنے کردار کا کلپ شیئر کیا جس میں وہ کہتی ہیں کہ ’کچھ تو مجھ میں ایسا ہے ورنہ کون اپنی بیوی کے لیے اتنا جتن کرتا ہے۔‘

    سویرا ندیم نے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’تین دن بعد آپ میرا ڈرامہ سیریل جان جہاں دیکھنا مت بھولئے گا۔

  • سال 2023 میں وہ شوبز شخصیات جو ہم سے بچھڑ گئیں

    سال 2023 میں وہ شوبز شخصیات جو ہم سے بچھڑ گئیں

    نئے سال کا آغاز ہونے میں چند ہفتے باقی ہیں، نیا سال اپنے ساتھ نئی محفلیں، نئی رونقیں لائے گا۔ ان محفلوں کے اپنے ڈھنگ، اپنے رنگ ہوں گے مگر ان رنگوں میں ایک کمی کا احساس ہمیں ستائے گا۔

    یہ احساس ان فنکاروں کی یادیں ہوں گی جو نئے برس کا سورج نہیں دیکھ سکے، جو 2023 میں ہم سے جدا ہوگئے۔ جو اب دوبارہ اسکرین پر نظر نہیں آئیں گے، اسٹیج پر اب کبھی نہیں گائیں گے۔

    گو زندگی رواں دواں ہے، ایک لہر کی جگہ دوسری لہر آجائے گی، مگر ان فنکاروں کی یادیں ہمیشہ ہمارے دلوں کو گرماتی رہیں گی، اس تحریر میں ایسے ہی چند قد آور فنکاروں کو یاد کرنے کی سعی کی گئی ہے، جو اس برس ہم سے جدا ہوئے۔

    ماجد جہانگیر

    پاکستان کے مقبول اداکار اور کامیڈین ماجد جہانگیر 10 جنوری 2023 کو انتقال کر گئے۔ ماجد جہانگیر لاہور میں رہائش پذیر تھےکہ ان پر فالج کا حملہ ہوا جس سے وہ جسمانی طور مفلوج ہو گئے تھے ، وہ پانچ سال تک فالج کے ساتھ زندہ رہے۔ اپنے آخری دنوں میں سانس لینے میں تکلیف کے باعث انہیں اسپتال لے جایا گیا تھا۔ ان کا انتقال لاہور کے نجی اسپتال میں ہوا۔

    ماجد جہانگیر

    واسو خان

    معروف بلوچی لوک فنکار واسو خان طویل علالت کے بعد سکھر کے ایک ہسپتال میں اس سال فروری میں انتقال کر گئے تھے ،ان کو 2011 میں گلوکارشہزاد رائے کے ساتھ ’اپنے اُلو کتنے ٹیڑھے، اب تک ہوئے نہ سیدھے‘ گانے سے شہرت حاصل ہوئئ تھی ۔بلوچستان کے پسماندہ علاقے جعفر آباد سے تعلق رکھنے والے واسو خان طویل العمری، غربت اور کوئی باقاعدہ روزگار نہ ہونے کی وجہ سے بیماری کا شکار بن کر گھر تک محدود ہوگئے تھے۔

    واسو خان

    ضیا محی الدین

    13 فروری کو ضیاء محی الدین کراچی میں انتقال کر گئے۔ وہ بیمار تھے اور ہسپتال میں لائف سپورٹ پر تھے۔ ان کا انتقال 91 سال کی عمر میں ہوا۔ضیاء محی الدین اپنے آپ میں ایک اکیڈمی تھے۔ انہوں نے پوری لگن اور محبت کے ساتھ فن اور ثقافت کی خدمت کی۔

    ضیا محی الدین

    قوی خان

    پاکستان کے معروف ٹیلی ویژن اداکار قوی خان 6 مارچ کو کینیڈا میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 80 سال تھی۔ قوی خان کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور کینیڈا میں زیر علاج تھے۔

    ان کے مشہور ڈراموں میں اندھیرا اجالا ، فشار، لاہوری گیٹ، دو قدم دور تھے، مٹھی بھر مٹی، من چلے، میرے قاتل مرے دلدار، پھر چاند پہ دستک، در شہوار، بیٹیاں، داستان نام سرفہرست ہیں۔

    قوی خان

    قوی خان پاکستان ٹیلی وژن کی پہلے اداکار تھے جنہیں صدارتی تمغا برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز انہیں 14 اگست 1980 کو ملا۔

    بعد ازاں انہیں ستارہ امتیاز سے بھی سرفراز کیا گیا، محمد قوی خان پی ٹی وی ایوارڈ اور ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن کے لائف اچیومنٹ ایوارڈ بھی حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے کئی فلموں میں بھی کام کیا اور تین نگار ایوارڈز بھی حاصل کیے۔

    طارق جمیل پراچہ

    9 اپریل 2023 کو پاکستان ٹیلی ویژن کے نامور اداکار اور پروڈیوسر طارق جمیل پراچہ انتقال کر گئے۔

    طارق جمیل نے اپنے کیریئر کا آغاز پی ٹی وی کے سیٹ ڈیزائنر کے طور پر کیا مگر وہ ایک بہترین پروڈیوسر کے طور پر جانےگئے، انہوں نے پہلا ڈرامہ ‘آنچ’ بنایا جسے کافی مقبولیت ملی۔

    اس کے بعد انہوں نے اداکاری کے شعبے میں بھی قدم رکھا اور خوب داد سمیٹی، ان کے مشہور ڈراموں میں دل مومن، سات پردوں میں، پیار نام کا دیا، اڑان اور محبت چھوڑ دی میں نے شامل ہیں۔

    طارق جمیل پراچہ

    خالد سعید بٹ

    اداکار عثمان خالد بٹ والد اور پی ٹی وی کے سابق اداکار خالد سعید بٹ 13 اپریل کو انتقال کر گئے۔ وہ ڈی جی نیشنل کونسل آف آرٹس اور ڈی جی لوک ورثہ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا۔

    خالد سعید بٹ

    شبیر رانا

    7 مئی کو پاکستانی ٹیلی ویژن کے سینئر اداکار شبیر رانا انتقال کر گئے۔ وہ کئی سالوں سے بیمار تھے۔ وہ مشہور پاکستانی یوٹیوبر اذلان شاہ کے والد ہیں۔ ان کے ڈراموں میں جیکسن ہائٹس، اب کر میری رفوگری، اور قائد تنہا شامل ہیں۔

    اداکار طویل عرصے تک ایڈورٹائزنگ انڈسٹری سے وابستہ رہے اور بطور ڈائریکٹر لاتعداد ٹی وی کمرشلز کی ڈائریکشن دی تھی۔

    شبیر رانا

    انہوں نے بھارت کے معروف اداکار مرحوم دلیپ کمار سے متاثر ہوکر اداکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا اور 40 سالہ فنی سفر کے دوران قومی اور نجی ٹی وی چینلز کے کئی کامیاب ٹی وی ڈراموں میں بطور اداکار اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ دیکھنے والوں کو ان کی اداکاری میں دلیپ کمار کی اداکاری کی جھلک ملتی تھی۔

    شعیب ہاشمی

    6 مئی کو پاکستان کے معروف اداکار وڈرامہ نویس شعیب ہاشمی انتقال کر گئے ، ان کی عمر 82 برس تھی۔ پی ٹی وی کے ابتدائی دور میں ان کے پروگرامز عوام میں بہت مقبول ہوئے تھے۔

    شعیب ہاشمی ٹی وی کے ابتدائی دور کی معروف اداکارہ سلیمہ ہاشمی کے شوہر اور شہرہ آفاق شاعر فیض احمد فیض کے داماد تھے۔

    شعیب ہاشمی پر 12 سال قبل فالج کا حملہ ہوا تھا جس کے بعد سے وہ بستر علالت پر تھے۔

    ان کے بیٹے عدیل ہاشمی نے شعیب ہاشمی کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں برین ہیمرج ہوا تھا اور کافی عرصے سے علیل تھے۔

    شعیب ہاشمی

    یعقوب عاطف

    پانی دا بلبلا سے شہرت پانے والے گلوکار یعقوب عاطف 12 مئی کو انتقال کر گئے۔ وہ ایک باصلاحیت تجربہ کار پاکستانی گلوکار تھے جو اپنی پرجوش اسٹیج پرفارمنس کی وجہ سے مشہور تھے۔

    یعقوب عاطف

    اداکار یوسف شکیل

    29 جون 2023 کو پی ٹی وی کے تجربہ کار اداکار یوسف شکیل 85 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ وہ 29 مئی 1938 کو پیدا ہوئے، یوسف شکیل پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلم کے ایک شاندار اداکار تھے جنہوں نے عروسہ، انکل عرفی، آنگن سمیت متعدد ہٹ پراجیکٹس میں کام کیا جن میں شہزوری، افشاں اور ان کہی نمایاں ہیں ، شکیل یوسف کا اصل نام یوسف کمال تھا۔

    اداکار شکیل

    گلوکار اسد عباس

    کوک اسٹوڈیو کے معروف گلوکار اسد عباس 15 اگست کو انتقال کر گئے۔ وہ گردے کے عارضے میں مبتلا تھے اور ایک گردے کی پیوند کاری سمیت متعدد دوسری سرجریز سے گزر چکے تھے۔ اپنے آخری ایام میں وہ کافی بیمار رہے۔ ان کے جگر نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا تھا ۔ اسد عباس نے متعدد شوز میں عطیات کی درخواست بھی کی تھی۔

    اسد عباس

    اکبر خان

    22 اگست کو اداکار اور مصور اکبر خان انتقال کر گئے۔ وہ ایک باصلاحیت مصور اور مجسمہ ساز بھی تھے۔

    اکبر خان

    شبیر مرزا

    پی ٹی وی کے ڈرامہ گیسٹ ہاؤس کے مشہور اداکار شبیر مرزا ستمبر 2023 کے اوائل میں انتقال کر گئے تھے، ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ آخری دنوں میں ان کی حالت مزید بگڑ گئی تھی۔

    شبیر مرزا

    گلوکار شرافت علی بلوچ

    اکتوبر 2023 میں علاقائی گلوکار شرافت علی بلوچ اپنے گروپ کے 6 ارکان کے ساتھ ٹریفک حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔ وہ ایک کنسرٹ سے واپس آرہے تھے۔

    گلوکار شفاقت علی بلوچ

    نوشین مسعود

    6 دسمبر کو شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ نوشین مسعود انتقال کرگئیں۔

    نوشین مسعود نے جنون، شہزاد رائے، جنید جمشید، عامر ذکی، جواد احمد سمیت کئی معروف گلوکاروں کی میوزک ویڈیوز بھی ڈائریکٹ کیں۔

    نوشین مسعود

    ان کے مشہور ڈرامہ سیریلز میں جا، کالونی 1952، گھر تو آخر اپنا ہے ودیگر شامل ہیں جبکہ نوشین مسعود نے مختلف پروگرامز کی میزبانی بھی کی۔

  • ڈاکٹر نے بیوی اور دو بچوں کو قتل کرکے خودکشی کرلی

    ڈاکٹر نے بیوی اور دو بچوں کو قتل کرکے خودکشی کرلی

    بھارتی ریاست اترپردیش میں ڈاکٹر نے بیوی اور دو بچوں کو قتل کرکے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اترپردیش کے رائے بریلی ضلع میں ریلوے کالونی سے سرکاری ڈاکٹر، ان کی اہلیہ اور دو بچوں کی دو دن پرانی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

    پولیس کے مطابق ڈاکٹر ارون سنگھ ماڈرن ریل کوچ فیکٹری میں اسسٹنٹ ڈویژنل میڈیکل آفیسر کے طور پر تعینات تھے۔

    پولیس کا بتانا ہے کہ گزشتہ اتوار سے خاندان کا کسی سے رابطہ نہیں ہوا تھا، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    ایس پی آلوک پریادرشی نے کہا کہ ڈاکٹر آنکھوں کے ماہر تھے، وہ ڈپریشن میں مبتلا تھے۔

    انہوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ ان کو موت سے پہلے کئی انجیکشن لگائے گئے تھے، بچوں کو دوائی دے کر بیہوش کیا اور پھر ان کے سروں پر حملہ کرکے خود کو پھانسی لگالی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر، ان کی اہلیہ، ایک بیٹی اور بیٹے کی لاشیں برآمد کی گئیں، لڑکی کی عمر 14 سال اور لڑکے کی عمر 5 سال ہے۔

    ایس پی کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفصیلات پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گی۔

  • شین واٹسن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ مقرر

    شین واٹسن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ مقرر

    پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شین واٹس کو ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا، شین واٹسن اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں۔

    گزشتہ دنوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سابق کپتان معین خان کو ٹیم کا ڈائریکٹر مقرر کیا تھا۔

    واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 2019 میں پی ایس ایل ٹائٹل جیتا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں شین واٹسن مین آف دی ٹورنامنٹ رہے اور اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

    شین واٹسن نے 2020 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، وہ دو مرتبہ ون ڈے ورلڈکپ 2007 اور 2015 کی فاتح آسٹریلوی ٹیم کا حصہ تھے۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے کہا ہے کہ شین واٹسن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کامیابیوں میں نمایاں کردار ادا کرچکے ہیں اور اسی وجہ سے وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے بحیثیت کوچ بہترین انتخاب ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے واٹسن کے تجربے سے کھلاڑی فائدہ اٹھائیں گے۔

  • سابق بھارتی کرکٹر نے پاکستان ٹیم کی کوچنگ کی خواہش ظاہر کردی

    سابق بھارتی کرکٹر نے پاکستان ٹیم کی کوچنگ کی خواہش ظاہر کردی

    سابق بھارتی کرکٹر اجے جڈیجا نے پاکستان ٹیم کی کوچنگ کی خواہش ظاہر کردی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق کرکٹر اجے جڈیجا نے پاکستان ٹیم کی کوچنگ کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چاہتا ہوں کہ پاکستان ٹیم کی کوچنگ کروں۔

    اجے جڈیجا نے ورلڈ کپ 2023 میں افغانستان ٹیم کے مینٹور کے فرائض انجام دیے تھے۔

    واضح رہے کہ اجے جڈیجا کو ورلڈ کپ سے قبل افغانستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کا کنسلٹنٹ کوچ مقرر کیا تھا، افغانستان ٹیم نے ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

    افغانستان نے ورلڈ کپ میں پاکستان اور انگلینڈ کو اپ سیٹ شکست دی تھی۔

    اجے جڈیجا نے 13 انٹرنیشنل میچز میں بھارتی ٹیم کی قیادت کی اور ان کی کپتانی میں بھارت نے 8 میچ جیتے اور 5 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

  • سلمان بٹ میری ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، وہاب ریاض

    سلمان بٹ میری ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، وہاب ریاض

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کرکٹر سلمان بٹ کو بطور کنسلٹنٹ سلیکشن کمیٹی ہٹانے کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کچھ چیزوں کی وضاحت دینا ضروری ہے، سلمان بٹ کے نام پر بہت بات ہورہی ہے وہ رائے دینے کی حد تک ہیں سلمان بٹ پی سی بی کے کسی پینل پر نہیں ہیں۔

    وہاب ریاض نے کہا کہ سلمان بٹ کا نام واپس لے لیا ہے، سلمان بٹ میری ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، بطور چیف سلیکٹر میری ذمہ داری ہے کہ میرے ساتھ لوگ کون ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ بہت باتیں کی جارہی تھی نہیں چاہتا کہ سلمان بٹ سے متعلق غلط باتیں کی جائیں، نہیں چاہتا کہ لوگ سلمان بٹ سے میرے تعلق پر تنقید کریں۔

    چیف سلیکٹر نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم سلیکشن میں سلمان بٹ کا کوئی کردار نہیں تھا۔

    وہاب ریاض نے تصدیق کی کہ یکم جنوری سے اسد شفیق بطور کنسلٹنٹ سلیکشن کمیٹی ممبر ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

    واضح رہے کہ سلمان بٹ کے سلیکشن کمیٹی کے کنسلٹنٹ رکن بننے پر سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے بھی پی سی بی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

    رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ایک ایسے کھلاڑی کو سلیکشن کمیٹی میں شامل کرنا جو میچ فکسنگ کی وجہ سے جیل جا چکا ہے پاگل پن ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جن کرکٹرز نے ملک کا نام بدنام کیا انہیں اپنی گروسری کی دکانیں کھولنی چاہیے، ان کھلاڑیوں کو موقع دینے سے پاکستان کرکٹ کا نقصان ہوگا۔

    واضح رہے کہ پی سی بی نے گزشتہ دنوں سابق پاکستانی کرکٹرز کامران اکمل، راؤ افتخار انجم اور سلمان بٹ کو چیف سلیکٹر وہاب ریاض کے کنسلٹنٹ ممبرز کے طور پر تعینات کیا تھا۔

  • یو اے ای، 500 درہم کے نئے نوٹ میں کیا خاص ہے؟

    یو اے ای، 500 درہم کے نئے نوٹ میں کیا خاص ہے؟

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کے سینٹرل بینک نے 500 درہم کا نیا کرنسی نوٹ جاری کردیا۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کا 500 درہم کا نیا نوٹ قومی کرنسی کے تیسرے ایڈیشن کا حصہ ہے اور اسے پولیمر سے تیار کیا گیا ہے۔

    نئے نوٹ میں ریاست کی علامتی شخصیات، قابل دید ترقیاتی و ثقافتی، سیاحتی مقامات اور پائیداری کے منفرد نمونے شامل کیے گئے ہیں۔

    اماراتی سینٹرل بینک کے مطابق آج سے نیا نوٹ لین دین کے لیے مارکیٹ میں دستیاب ہو گا۔

    نئے کرنسی نوٹ میں ایک جانب ایکسپو دبئی میں ’تیرا’ پویلین کی تصویر ہے جو امارات کے وژن اور پائیدار ترقی میں اس کے بین الاقوامی کردار کو اجاگر کرتی ہے۔

    نوٹ کے دوسری جانب دبئی کے فیوچر میوزیم کی تصویر ہے جو ماضی کو مستقبل سے جوڑنے والے فن تعمیر کا شاہکار ہے۔

    نوٹ کے عقبی حصے میں اماراتی ٹاورز کی تصویر ہے جن میں برج خلیفہ شامل ہے جسے 828 میٹر بلند ہونے کے باعث دنیا کا سب سے اونچا ٹاور مانا جاتا ہے۔ یہ 160 سے زیادہ منزلوں پر مشتمل ہے۔

    اماراتی سینٹرل بینک نے نوٹ کی تیاری میں پولیمر کا استعمال کیا ہے جو عام مادے سے زیادہ مضبوط اور پائیدار ہے۔

  • اداکاری پر بات کریں میری فیملی آپ کی انٹرٹینمنٹ کے لیے نہیں، سدرہ نیازی

    اداکاری پر بات کریں میری فیملی آپ کی انٹرٹینمنٹ کے لیے نہیں، سدرہ نیازی

    شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ سدرہ نیازی نے سوشل میڈیا پر انفلوئنسرز اور ولاگر سے متعلق نجی زندگی سے متعلق مواد شیئر کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    اداکارہ سدرہ نیازی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی اور سوشل میڈیا پر انفلوئنسرز اور ولاگر سے متعلق نجی زندگی سے متعلق پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کھل کر اظہار خیال کیا۔

    انہوں نے کہا کہ میں اس کے خلاف ہوں، ہمیں اپنی زندگیاں سب کے سامنے کھول کر رکھنی پڑ رہی ہے، آپ مجھ پر تنقید کرسکتے ہیں لیکن میری فیملی آپ کی انٹرٹینمنٹ کے لیے نہیں ہے۔

    سدرہ نیازی نے فہد مصطفیٰ کی بات سے بھی اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بالکل ٹھیک کہا تھا کہ مواد کے نام پر ہمیں اپنی زندگیاں سب کے سامنے کھول کر رکھنی پڑ رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ’یہ انتہائی دکھ کی بات ہے اور ایسا کرنے پر ہمیں نتائج کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘

    اداکارہ نے کہا کہ ’میں اپنی زندگی کی مصروفیات بالکل شیئر نہیں کرتی، مجھ سے جتنا ممکن ہوتا ہے اپنے متعلق بنیادی باتیں مداحوں تک ضرور شیئر کرتی ہوں، آپ میرے کام کے بارے میں بات کر سکتے ہیں، مجھ پر تنقید کر سکتے ہیں لیکن میری فیملی آپ کی انٹرٹینمنٹ کے لیے نہیں ہے۔‘

    سوشل میڈیا پر فیملی کے نام پر مواد شیئر کرنے پر سدرہ نیازی نے کہا کہ ’اداکاروں کے علاوہ انفلوئنسرز، بلاگرز کی بڑی تعداد اس کام کے لیے تیار ہے کہ انہوں نے کیا کھایا، کیا پکایا، کہاں گئے، کس سے ملاقات کی، گھر پر کیا ہوا، کیا خوشی منائی، وہ کس موڈ میں ہیں، ایسے لوگ اپنی زندگی کے بارے میں ہر چیز سوشل میڈیا پر بتاتے ہیں اور یہ کام شوق سے کرتے ہیں۔‘

    انہوں نے کہا کہ ’جو لوگ ایسا کام کرتے ہیں آپ ضرور کریں لیکن مجھ جیسے لوگ جو سوشل میڈیا پر اپنی زندگی کی مصروفیات شیئر نہیں کرنا چاہتے ان کی پرائیویسی کا بھی خیال رکھا جانا چاہیے۔‘

    اس سے قبل سدرہ نیازی نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام میں بتایا تھا کہ وہ کرائم رپورٹنگ کررہی تھیں اور پھر اداکارہ بن گئیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وہ لاہور میں ایک نیوز چینل میں کرائم رپورٹنگ کرتی تھیں، اور ان کی شروع سے ہی خواہش تھی کہ وہ صحافت میں ہی رہیں، تاہم ایک بار جب ایک اور نیوز چینل میں جانا چاہا تو انھیں نیوز کاسٹنگ کی پیش کش کی گئی، لیکن چوں کہ انھیں ہر وقت اسکرین پر آنے کا شوق نہیں تھا، تو انھوں نے انکار کر دیا۔

    سدرہ نے بتایا تھا کہ ایک ملاقات میں ڈراما ڈائریکٹر سلطانہ صدیقی سے اسکرپٹ پر کام کرنے سے متعلق تجویز مانگی تھی، اسی ملاقات میں انھوں نے اسکرین پر آنے کا مشورہ دیا۔

    30 سالہ اداکارہ نے مزید بتایا کہ وہ صحافت اور رپورٹنگ کرتے کرتے پہلے تو ماڈلنگ کی دنیا میں داخل ہوئیں، اور پھر انھوں نے ایک جاننے والے ڈائریکٹر کی ٹیلی فلم ’لال‘ میں کام کیا، جس کے بعد وہ فُل ٹائم اداکارہ ہی بن گئیں۔

    واضح رہے کہ سدرہ نیازی اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’سمجھوتہ‘ میں عدیل چوہدری (اسد) کی اہلیہ (فرح) کا کردار نبھایا تھا جسے مداحوں کی جانب سے سراہا گیا تھا۔

    سمجھوتہ کی ہدایت کاری کے فرائض اسد اقبال نے انجام دیے جبکہ اس کی کہانی رخسانہ نگار نے لکھی تھی۔

  • مریم نور کی دلچسپ ویڈیو وائرل

    مریم نور کی دلچسپ ویڈیو وائرل

    شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مریم نور کی دلچسپ ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ مریم نور نے ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں شادی کی سالگرہ سے متعلق مزاحیہ تاثر دیتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    مریم نور نے ویڈیو میں شوہر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’شادی کی سالگرہ مبارک میری محبت‘

    ویڈیو میں آواز آتی ہے کہ جب آپ کے شوہر فضول مذاق کریں اور آپ جانتی ہیں کہ شادی کی سالگرہ قریب ہے۔‘

    مریم نور ویڈیو میں سنجیدگی، ہنسی اور غصے میں دکھائی دیتی ہیں۔

    انہوں نے چند گھنٹوں قبل یہ ویڈیو شیئر کی جسے ہزاروں کی تعداد میں مداح دیکھ چکے ہیں اور اس پر تعریفی کمنٹس بھی کررہے ہیں۔

    مریم نور سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی ہیں اور اکثر ویڈیو، تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں جسے ان کے مداح بھی پسند کرتے ہیں۔

    اس سے قبل بھی انہوں نے شادی کی تقریب کی ویڈیو شیئر کی تھیں جو وائرل ہوگئیں۔

    واضح رہے کہ مریم نور گزشتہ سال نومبر میں اسماعیل بٹ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔

    یاد رہے کہ مریم نور ڈرامہ سیریل ’تقدیر‘ میں ’زونی‘ سمیع خان (اسد) کی بہن کا کردار ادا کیا تھا، دیگر کاسٹ میں علیزے شاہ، جاوید شیخ، خالد انعم، صبا فیصل، عینی زیدی، عاصم محمود، عالیہ علی، زین افضل، انوشے، حنا رضوی ودیگر شامل تھے۔

    تقدیر کی ہدایت کاری کے فرائض محسن طلعت نے انجام دیے۔

  • کرشنا کے آخری اوور پر گائیکواڈ نے کیا کہا؟

    کرشنا کے آخری اوور پر گائیکواڈ نے کیا کہا؟

    بھارتی فاسٹ بولر پرسدھ کرشنا کے آخری اوور میں گلین میکسویل کے لاٹھی چارج پر رتوراج گائیکواڈ کا بیان آگیا۔

    گوہاٹی کے بارساپارا کرکٹ اسٹیڈیم میں گلین میکسویل کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے بھارت کو 5 وکٹوں سے شکست دی اور 223 رنز کا ہدف حاصل کرلیا، پانچ میچوں کی سیریز میں بھارت کو 2-1 کی برتری حاصل ہے۔

    آسٹریلیا کے لیے 12 گیندوں پر 43 رنز بنانا مشکل تھا لیکن گلین میسکویل نے اسے ممکن بنادیا۔

    گلین میکسویل اور میتھیو ویڈ نے پہلے اکشر پٹیل کے اوورز میں 22 رنز بنائے اور پھر گائیکواڈ کے آخری اوور میں 23 رنز کی دھلائی کرکے میچ جیت لیا۔

    تاہم آخری اوور میں 23 رنز بننے پر بھی سنچری میکر رتوراج گائیکواڈ نے کرشنا کا فاع کیا جنہوں نے اپنے چار اوور میں 68 رنز دیے تھے۔

    گائیکواڈ نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ایک اوور میں 23 رنز بننا کوئی تشویش کی بات ہے کیونکہ وہ گیلی گیند کے ساتھ بولنگ کررہے تھے اس قسم کے حالات میں 12 رنز فی اوور یا 13 سے 14 رنز فی اوور بن جاتے ہیں۔

    انہوں نے میکسویل نے بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گلین میکسویل نے شاندار اننگز کھیلی جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔