Author: نعمان ناصر

  • پاکستان میں سونے کی قیمت کم ہوگئی

    پاکستان میں سونے کی قیمت کم ہوگئی

    کراچی: پاکستان میں سونے کی قیمت ایک روز کے اضافے کے بعد پھر کم ہوگئی۔

    آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت 1100 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 56 ہزار 600 روپے ہوگئی۔

    اسی طرح 10 گرام سونا 943 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 5 ہزار 727 روپے کا ہوگیا۔

    عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان رہا، سونا 11 ڈالر کم ہوکر 3339 ڈالر فی اونس رہا۔

    پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

    واضح رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔

    اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔

    پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔

  • اے آئی چیٹ بوٹ کے مشورے سے جوڑا پرواز سے محروم ہوگیا

    اے آئی چیٹ بوٹ کے مشورے سے جوڑا پرواز سے محروم ہوگیا

    اے آئی چیٹ بوٹ کے مشورے پر بھروسہ کرنے والا اسپینش انفلوئنسر جوڑا پرواز سے محروم ہوگیا۔

    اسپین کے مشہور ٹک ٹاکرز میری کالڈاس اور الیخاندرو سید نے دعویٰ کیا کہ انہیں پورٹو ریکو کی فلائٹ میں سوار ہونے سے روک دیا گیا کیونکہ انہوں نے ویزے سے متعلق معلومات ایک مصنوعی ذہانت چیٹ بوٹ سے حاصل کی تھیں جو غلط ثابت ہوئیں۔

    کالڈاس کا کہنا تھا کہ میں نے چیٹ بوٹ سے پوچھا تو جواب ملا کہ پورٹو ریکو کے لیے کسی ویزے کی ضرورت نہیں، میں عام طور پر بہت تحقیق کرتی ہوں لیکن اس بار چیٹ بوٹ سے پوچھا اور اس نے کہا کوئی ضرورت نہیں۔

    ٹک ٹاک پر 60 لاکھ سے زائد بار دیکھی جانے والی ویڈیو میں کالڈاس نے مزید کہا کہ شاید چیٹ بوٹ نے جان بوجھ کر غلط معلومات دیں کیونکہ وہ پہلے اسے بےکار جیسے الفاظ سے برا بھلا کہہ چکی ہیں۔

    سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے غیر مصدقہ ذرائع پر بھروسہ کرنے پر جوڑے کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    دوسروں نے چیٹ جی پی ٹی کے دفاع میں یہ دعویٰ کیا کہ اے آئی ٹول کا جواب غلط نہیں تھا اور اس کے بجائے جوڑے نے پورٹو ریکو میں داخل ہونے کے لیے ضروری دستاویزات کے بارے میں غلط سوال پوچھا تھا۔

    ہسپانوی سیاحوں کو کیریبین جزیرے میں داخل ہونے کے لیے ویزا کی ضرورت نہیں ہے، تاہم چھٹیاں منانے والوں کو الیکٹرانک ٹریول اتھارٹی (ایسٹا) آن لائن پراسیس کرنا چاہیے۔

  • بیوی نے فون توڑنے پر شوہر کی پٹائی کردی، ویڈیو وائرل

    بیوی نے فون توڑنے پر شوہر کی پٹائی کردی، ویڈیو وائرل

    بھارت میں شوہرکو جھگڑے کے دوران بیوی کا فون توڑنا مہنگا پڑ گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر للت پور میں بیوی نے فون توڑنے پر شوہر کی سرعام درگت بنادی۔

    سڑک پر میاں بیوی کا جھگڑا ہوا اس دوران شوہر نے فون چھین کر زمین پر دے مارا۔

    یہ پڑھیں: بیوی نے شوہر کو دوسری خاتون کیساتھ رنگے ہاتھوں پکڑ کر پٹائی کردی، ویڈیو

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں خاتون شوہر کو بالوں سے پکڑ کر تھپڑ مار رہی ہے۔

    پولیس کی جانب سے بھی شوہر کو چھڑانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

    واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی اور لوگ اس پر تبصرے بھی کررہے ہیں۔

    ایک صارف نے لکھا کہ سڑک پر تماشہ لگانے کی کیا ضرورت تھی، دوسرے صارف کا کہنا تھا کہ یہ غصہ پر قابو نہ پانے کی واضح مثال ہے۔

    تیسرے صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’بال نہ پکڑو اس کے ویسے ہی بارش کا سیزن ہے بال جھڑنے شروع ہوجائیں گے۔

    ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’شوہر کو کراٹے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ ایک اور نے لکھا کہ ’پولیس کھڑی تماشہ دیکھ رہی ہے۔‘

  • حنا چوہدری کی شوہرعلی فاروق سے ملاقات کیسے ہوئی؟

    حنا چوہدری کی شوہرعلی فاروق سے ملاقات کیسے ہوئی؟

    شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ حنا چوہدری کا کہنا ہے کہ شوہر علی فاروق سے ان کی پہلی ملاقات یونیورسٹی میں ہوئی تھی۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’رسم وفا‘ میں ’نور‘ کا کردار نبھانے والی اداکارہ حنا چوہدری نے شوہر علی فاروق کے ساتھ پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شرکت کی اور اس دوران مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا۔

    حنا چوہدری نے بتایا کہ شوہر سے پہلی ملاقات یونیورسٹی میں ہوئی، پھر علی نے کہا کہ میرا یونیورسٹی میں بی بی اے ختم ہوچکا تھا، میں شام میں وہاں ایم فل کی کلاسز لے رہا تھا اور دن میں نوکری کرتا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ میرے بی بی اے میں مارکس اچھے تھے تو یونیورسٹی نے جونیئر لیکچرار کی جاب آفر کی تھی۔

    حنا چوہدری نے بتایا کہ ہماری یونیورسٹی میں بھی ون آن ون کبھی بات نہیں ہوئی کیونکہ یہ فیکلٹی میں تھے زیادہ کام کے حوالے سے بات ہوتی تھی، اس کے بعد علی یونیورسٹی چھوڑ گئے اور کوئی کمپنی جوائن کرلی تھی، میرا یونیورسٹی میں کوئی جان پہچان والا نہیں تھا تو میں اپنے مسائل ان سے شیئر کرتی تھی۔

    اداکارہ نے کہا کہ مجھے اکنامکس شروع سے برا سبجیکٹ لگتا تھا اور علی اس میں گولڈ میڈلسٹ تھے تو مجھے یہ تھا کہ کوئی بندہ مجھے پڑھا دے تو پاس ہوجاؤں، امی نے مشورہ دیا تھا کہ علی سے کہو کہ وہ تمہیں پڑھا دے پھر انہوں نے مجھے پڑھایا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ میری امی اور بہن کو علی بہت اچھے لگتے ہیں، یہ بہت ذمہ دار ہیں ابو لاہور میں نہیں تھے اور بھائی بھی نہیں تھا تو ہمیں جس بھی ضرورت ہوتی تھی تو یہ کام آتے تھے۔

  • طلاق لینے پر خوش ہیں تو اس میں کیا غلط ہے، آغا علی

    طلاق لینے پر خوش ہیں تو اس میں کیا غلط ہے، آغا علی

    شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار آغا علی کا کہنا ہے کہ طلاق لینے پر خوش ہیں تو اس میں غلط کیا ہے۔

    اداکار آغا علی نے حال ہی میں پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں میزبان نے سوال کیا کہ آپ کے خیال میں خوشی خوشی طلاق کو پروموٹ کرنا چاہیے؟

    جواب میں اداکار نے کہا کہ میں نے نہیں بولا بٹ صاحب نے بولا تھا، اگر آپ طلاق لینے پر خوش ہیں تو اس میں غلط کیا ہے، کوئی بھی جوڑا الگ کیوں ہوتا ہے کیونکہ وہ خوش نہیں ہوتا۔

    آغا علی نے کہا کہ کوئی بھی الگ ہونے کا فیصلہ اسی لیے کرتا ہے کہ ساتھ میں خوش نہیں ہے الگ رہ کر خوش رہیں گے تو مجھے نہیں لگتا کہ انہوں نے کچھ غلط کہا ہے۔

    اداکار نے کہا کہ اس بات کو سال ہوگیا ہے کہ میں عوام سے کیوں جھوٹ بولوں گا۔ اگر وہ ایسا نہیں بولتے تو اس پوڈ کاسٹ میں ایسی بات نہیں ہوتی۔

    انہوں نے کہا کہ آغا علی سے ملاقات کرلی تو سنبھل گے ہیں ورنہ کچھ عرصے پہلے فیصلہ سنا دیا گیا تھا کہ سب کچھ ختم ہوگیا ہے، انڈسٹری، لوگ ایسا رویہ کررہے تھے کہ میں ختم ہوگیا ہوں۔

    آغا علی نے کہا کہ میں کہیں نہیں گیا یہیں پر موجود ہوں اپنا بیسٹ دینے کی کوشش کررہا ہوں۔

    واضح رہے کہ آغا علی نے اداکارہ حنا الطاف سے شادی کی لیکن دونوں کی شادی نہیں چل سکی اور باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کرلی۔

  • جو روٹ نے سنگاکارا کا سنچریوں کا ریکارڈ برابر کردیا

    جو روٹ نے سنگاکارا کا سنچریوں کا ریکارڈ برابر کردیا

    انگلینڈ کے مایہ ناز بیٹر جو روٹ نے بھارت کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ میں سنگاکارا کا سنچریوں کا ریکارڈ برابر کردیا۔

    مانچسٹر میں کھیلے جارہے چوتھے ٹیسٹ میں جو روٹ نے 38ویں سنچری اسکور کرکے سری لنکا کے سابق کرکٹر کمارا سنگاکارا کا ریکارڈ برابر کردیا۔

    جو روٹ 38 سنچریوں کے ساتھ فہرست میں مشترکہ چوتھے نمبر پر آگئے ہیں، وہ تیسرے نمبر پر موجود رکی پونٹنگ کا ریکارڈ توڑنے کے لیے 4 سنچریاں پیچھے ہیں۔

    واضح رہے کہ جو روٹ کی یہ بھارت کے خلاف 12ویں سنچری ہے جو کسی بھی بیٹر کی ایک ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ سنچریاں ہیں۔

    علاوہ ازیں انگلش بیٹر جیک کیلس اور راہول ڈریوڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ریڈ بال کرکٹ میں تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

    ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے جن کی 51 سنچریاں ہیں اس کے بعد جیک کیلس 45 سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، رکی پونٹنگ کی سنچریوں کی تعداد 41 ہے۔

    بھارت کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں جو روٹ نے سابق بھارتی کرکٹر راہول ڈریوڈ کا سب سے زیادہ 211 کیچز  کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔

  • ’شیر‘ میں ’فہد‘ سے لوگوں کی نفرت میری کامیابی ہے، فیضان شیخ

    ’شیر‘ میں ’فہد‘ سے لوگوں کی نفرت میری کامیابی ہے، فیضان شیخ

    اداکار فیضان شیخ کا کہنا ہے کہ ڈرامہ سیریل ’شیر‘ میں میرے کردار ’فہد‘ سے نفرت میری کامیابی ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’شیر‘ کی 20 قسطیں نشر ہوئیں اور مداحوں کو ڈرامہ اتنا پسند آرہا ہے کہ یہ یوٹیوب پر ٹرینڈز میں شامل ہے۔

    ’شیر‘ میں دانش تیمور اور سارہ خان مرکزی کردار نبھا رہے ہیں۔

    ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں فیضان شیخ، ارجمند رحیم، سنیتا مارشل، نادیہ افگن، نبیل ظفر، منزہ عارف، عتیقہ اوڈھو، حسان نیازی، آمنہ ملک، نورین گلوانی ودیگر شامل ہیں۔

    ’شیر‘ کی ہدایت کاری کے فرائض احسن تالش نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی زنجابیل عاصم شاہ نے لکھی ہے۔

    حالیہ انٹرویو میں فیضان شیخ سے میزبان نے سوال کیا کہ شیر میں آپ ولن بنے ہیں، لوگ آپ سے نفرت کررہے ہیں کیا کہیں کوئی کچھ کہہ رہا ہے؟

    جواب میں فیضان نے کہا کہ کبھی مال چلے جاؤ تو خواتین پکڑ لیتی ہیں اور کہتی ہیں کہ آپ کیا کررہے ہیں، آپ نے شیر کو کیوں پاگل خانے بھجوا دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں خواتین سے کہتا ہوں کہ آپ دعا کریں شیر اسپتال سے واپس آجائے گا، ویسے اگر کسی کو میرے کردار سے نفرت ہے تو وہ میری جیت ہی ہے۔

    اداکار نے کہا کہ ایک اور نئے پروجیکٹ کی شوٹنگ کررہا ہوں اور مداح مجھے جلد اسکرین پر دیکھیں گے۔

  • ایئر انڈیا کا طیارہ رن وے پر پھسل کر اتر گیا، 3 پہیے پھٹ گئے

    ایئر انڈیا کا طیارہ رن وے پر پھسل کر اتر گیا، 3 پہیے پھٹ گئے

    بھارت میں بارش کے دوران ایئر انڈیا کا طیارہ رن وے پر پھسل کر اتر گیا جس کے نتیجے میں 3 پہیے پھٹ گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایئر انڈیا حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ تیز بارش کے باعث پھسل کر رن وے سے اترا، تمام مسافر محفوظ ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کے 3 پہیے پھٹ گئے، انجن کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    ایئر انڈیا حکام کا کہنا ہے کہ پرواز کوچی سے ممبئی آرہی تھی، طیارے کو گراؤنڈ کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھارتی شہر احمد آباد میں بوئنگ 787 ڈریم لائنر کے گر کر تباہ ہونے کے بعد ایئر انڈیا کی سخت جانچ پڑتال کی گئی تھی جس میں 260 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

    یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے اس ماہ کے شروع میں کہا تھا کہ وہ اپنی بجٹ ایئر لائن، ایئر انڈیا ایکسپریس کی چھان بین کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    رائٹرز نے رپورٹ کیا تھا کہ کیریئر نے ایئربس اے 320 کے انجن کے پرزوں کو بروقت تبدیل کرنے کی ہدایت پر عمل نہیں کیا اور تعمیل ظاہر کرنے کے لیے جعلی ریکارڈ بنائے۔

  • سینیٹ الیکشن کے لیے پولنگ مکمل، کے پی اسمبلی ارکان نے ووٹ کاسٹ کرلیا

    سینیٹ الیکشن کے لیے پولنگ مکمل، کے پی اسمبلی ارکان نے ووٹ کاسٹ کرلیا

    کے پی اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کے لیے پولنگ مکمل ہوگئی، تمام ارکان نے ووٹ کاسٹ کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کے پی میں سینیٹ انتخابات کے لیے 145 ارکان نے حق رائے دہی استعمال کرلیا، وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے بھی ووٹ کاسٹ کردیا۔

    سینیٹ کی گیارہ نشستوں کے لیے ایک سو پنتالیس ارکان نے ووٹ کاسٹ کیا، کے پی اسمبلی کےجرگہ ہال کو الیکشن روم بنایا گیا۔

    جنرل نشستوں پر مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی اور پیرنورالحق قادری پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں جبکہ خواتین کی نشست پر روبینہ ناز اور ٹیکنوکریٹ کی نشست پر اعظم سواتی امیدوار ہیں۔

    جنرل نشستوں پر مسلم لیگ ن کے نیاز احمد، پی پی پی کے طلحہٰ محمود اپوزیشن کے امیدوار ہیں جبکہ جے یو آئی ایف کے عطاء الحق بھی اپوزیشن کے امیدوار ہیں۔

    خواتین کی نشست پر پیپلزپارٹی کی روبینہ خالد اپوزیشن کی امیدوار ہیں جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر جے یو آئی کے دلاور خان امیدوار ہیں۔

    کے پی اسمبلی میں حکومتی ارکان کی تعداد بانوے جبکہ اپوزیشن کی تعداد 53 ہے، جنرل، ٹیکنوکریٹ اور خواتین کی نشستوں پر 12 آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں جبکہ جنرل نشست پر ایک سینیٹر منتخب کرنے کے لیے انیس ووٹ درکار ہیں۔

    خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن کے دوران ہارس ٹریڈنگ سے بچنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن نے چھے اور پانچ نشستوں کا فارمولا طے کیا ہے۔فارمولے کے مطابق حکومت کے حصے میں چھے جبکہ اپوزیشن کے حصے میں پانچ نشستیں آئیں گی۔

  • پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی

    پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی

    پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ سوشل میڈیا پوسٹ کے مطابق پاکستان کرنسی کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں 5 پیسے کمی ہوئی اور امریکی ڈالر 284 روپے 67 پیسے پر بند ہوا۔

    گزشتہ روز انٹربینک میں امریکی ڈالر 284 روپے 72 پیسے ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ امریکی ڈالر کی شرح میں یہ چھوٹی تبدیلی پاکستان کی معیشت کے لیے وزن رکھتی ہے۔ کمزور پاکستانی روپے مشینری، ایندھن اور اشیائے صرف کی درآمدات کی لاگت کو بڑھاتا ہے، جو افراط زر کو بڑھا سکتا ہے اور زندگی کے اخراجات میں اضافہ کر سکتا ہے۔

    مثبت پہلو یہ ہے کہ برآمدات میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ پاکستانی مصنوعات بیرون ملک زیادہ سستی ہو جائیں گی، جس سے ٹیکسٹائل اور زراعت جیسی صنعتوں کو فائدہ ہو گا۔

    زر مبادلہ کی شرح غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی کو بھی متاثر کرتی ہے، پاکستانی کرنسی کی قدر میں کمی ڈالر پر مبنی قرضوں کی لاگت میں اضافہ کرتی ہے۔

    کاروبار اور سرمایہ کار ان تبدیلیوں کو قریب سے دیکھتے ہیں کیونکہ یہ تجارتی توازن، سرمایہ کاری کے بہاؤ اور معاشی استحکام کو متاثر کرتے ہیں۔