Author: نعمان ناصر

  • ’تو ہیرو ہے‘ سوشل میڈیا صارفین زمان خان کے حق میں بول پڑے

    ’تو ہیرو ہے‘ سوشل میڈیا صارفین زمان خان کے حق میں بول پڑے

    قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر زمان خان کے حق میں سوشل میڈیا صارفین بول پڑے۔

    ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں دفاعی چیمپئن سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

    سری لنکا اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل اتوار کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

    ایشیا کپ پاکستان کا سفر تمام ہوگیا لیکن سری لنکا کے خلاف آخری اوور کرنے والے فاسٹ بولر زمان خان نے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے۔

    سری لنکا کو آخری اوور میں 6 گیندوں پر 8 رنز درکار تھے۔ زمان خان نے 8 رنز بھی سری لنکا کے لیے مشکل بنادیے تھے اگر ایج پر چوکا نہیں لگتا تو نتیجہ مختلف ہوتا۔

    زمان خان شکست کے بعد جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور رونے لگے جس کے بعد شاہین آفریدی ودیگر کھلاڑیوں نے انہیں گلے لگا کر تسلی دی۔

    سوشل میڈیا پر قومی ٹیم کو ناقص فیلڈنگ اور بولنگ کے باعث تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے وہیں زمان خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے صارفین ان کی بولنگ کی تعریف کررہے ہیں۔

    زمان خان کے حق میں صارفین نے لکھا کہ تو ہیرو لڑکے، کوئی بات نہیں، کسی صارف کا کہنا ہے کہ ’میچ ہار گئے لیکن اسٹار بولر پیدا ہوگیا ہے۔

    آئیے زمان خان کے حق میں شیئر کی دیگر میمز پر نظر ڈالتے ہیں۔

  • محمد رضوان اور افتخار احمد کی اننگز پر دلچسپ میمز کی بھرمار

    محمد رضوان اور افتخار احمد کی اننگز پر دلچسپ میمز کی بھرمار

    ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا کے خلاف شاندار اننگز کھیلنے پر محمد رضوان اور افتخار احمد کی دلچسپ میمز بن گئیں۔

    کولمبو میں کھیلے جارہے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے مقررہ 42 اوورز میں سری لنکا کو جیت کے لیے 253 رنز کا ہدف دے دیا۔

    محمد رضوان نے 82 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جبکہ افتخار بھی 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

    سوشل میڈیا پر کرکٹ شائقین کی جانب سے محمد رضوان اور افتخار احمد کی دلچسپ میمز بنا کر شیئر کی جارہی ہیں جسے صارفین پسند کررہے ہیں۔

    خاتون صارف نے بھارتی فلم ’گینگز آف وسی پور‘ کا سین شیئر کی جس میں دو لڑکے اسکول بیگ سے اسلحہ نکال رہے ہیں اور لکھا گیا کہ ’چاچا افتی اور محمد رضوان۔‘

    ایک صارف نے بچے کی تصویر شیئر کی جس میں وہ کہہ رہا ہے کہ ’چاچو ہے میرا۔‘

    ایک اور صارف نے افتخار احمد کی سوئمنگ پول کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ’رمیز راجہ رو رہے ہیں۔‘

    آئیے دیگر دلچسپ میمز دیکھیں۔

  • ’سچ تو بولا کر‘ محمد رضوان کی ویڈیو وائرل

    ’سچ تو بولا کر‘ محمد رضوان کی ویڈیو وائرل

    قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی صحافی کے ساتھ مذاق کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر محمد رضوان کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں گزشتہ روز پریکٹس سیشن کے بعد جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    صحافی نے اس دوران کہا کہ ’محمد رضوان کو آپ کو جاتے دکھائی دے رہے ہیں۔‘

    محمد رضوان صحافی کے پیچھے کھڑے ہوجاتے ہیں اور مسکراتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’سچ تو بولا کر یار۔‘


    رضوان یہ کہتے ہوئے چلتے بنتے ہیں اور وہاں موجود دیگر افراد بھی قہقہے لگانے لگ جاتے ہیں۔

    سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے محمد رضوان کی ویڈیو کو پسند کیا جارہا ہے اور اس پر تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔

    واضح رہے کہ آج سری لنکا کے خلاف پاکستان کو لازمی جیت درکار ہے ہار کی صورت میں پاکستان ایشیا کپ سے باہر ہوجائے گا جبکہ سری لنکا کو شکست دے پاکستان فائنل میں پہنچ سکتا ہے۔

  • عامر خان کی بیٹی ایرا نے شادی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی

    عامر خان کی بیٹی ایرا نے شادی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی

    بالی ووڈ اداکار عامر خان کی بیٹی ایرا خان نے اپنی شادی کی تاریخ سے متعلق پھیلی افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔

    بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا تھا کہ ایرا خان اور نوپور رواں سال تین اکتوبر کو شادی کرنے والے ہیں جس پر اب ایرا خان نے خود وضاحت کردی ہے۔

    انسٹاگرام اسٹوری شیئر کرتے ہوئے ایرا خان نے لکھا کہ ’نہیں، نہیں! میری تین اکتوبر کو شادی نہیں ہورہی، میری شادی جب کبھی ہوگی تو آپ کو پتا چل جائے گا کیونکہ اس وقت میں اس قدر پرجوش ہوں گی کہ آپ کے لیے نوٹس نہ کرنا مشکل ہوگا۔

    ایرا کی شادی سے متعلق بمبئی ٹائمز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایرا اور نوپور نے ادے پور میں شادی کی ایک پرتعیش تقریب کا منصوبہ بنایا ہے ان کی شادی کی تقریبات تین دن تک چلیں گی جن میں دوست اور قریبی عزیز شرکت کریں گے۔

    ’بمبئی ٹائمز‘ کے مطابق ایرا اور نوپور کی شادی میں فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو مدعو نہیں کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ عامر خان کی بیٹی ایرا خان اور ان کے بوائے فرینڈ نوپور شکھارے کی منگنی 18 نومبر 2022 کو ایک پروقار تقریب میں ہوئی تھی جس میں عامر خان کی سابقہ بیوی کرن راؤ اور خاندان کے دیگر افراد اور قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔

  • عماد وسیم نے ون ڈے میں اپنی دستیابی ظاہر کردی

    عماد وسیم نے ون ڈے میں اپنی دستیابی ظاہر کردی

    قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم ون ڈے میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی کے لیے تیار ہیں۔

    قومی کرکٹر عماد وسیم نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ مکی آرتھر سے رابطے میں رہتا ہوں، ہم ان کی عزت کرتے ہیں کبھی جب پرفارمنس نہیں ہوتی تھیں تو وہ دیکھ کر پیغام بھیجتے تھے۔

    عماد وسیم نے کہا کہ مکی آرتھر نے میرے کیریئر میں بہت مدد کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر کے ڈائریکٹر بننے سے پہلے بھی رابطہ تھا اور اب بھی گفتگو ہوتی رہتی ہے، ان سے کچھ سیکھنا میرے لیے بہتر ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں عماد وسیم نے کہا کہ میں سلیکشن کے بارے میں بالکل بھی نہیں سوچ رہا، اگر مجھے بلایا جائے گا تو میں دستیاب ہوں۔

    عماد وسیم نے کہا کہ ٹیم سلیکشن میرے کنٹرول میں نہیں اور نہ میں اس بارے میں کچھ کہہ سکتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف کھیل کر انجوائے کرتا ہوں، بھارت کے خلاف اچھی پرفارمنس دے کر میچ کے بہترین کھلاڑی بن جائیں ایک مختلف کیٹیگری میں شمار ہوتا ہے۔

  • ’ٹپ ٹپ برسا پانی‘ کی شوٹنگ کے بعد انجیکشن لگوانے پڑے، روینہ ٹنڈن

    ’ٹپ ٹپ برسا پانی‘ کی شوٹنگ کے بعد انجیکشن لگوانے پڑے، روینہ ٹنڈن

    بالی ووڈ کی نامور اداکارہ روینہ ٹنڈن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ مشہور گانے ’ٹپ ٹپ برسا پانی‘ کی شوٹنگ کے بعد بیمار ہوگئی تھیں اور انہیں انجیکشن لگوانا پڑے تھے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 1994 کی کامیاب فلم ’مہرہ‘ میں اکشے کمار، روینہ ٹنڈن، سنیل شیٹی، نصیر الدین شاہ ودیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

    فلم میں روینہ ٹنڈن اور اکشے کمار پر ’ٹپ ٹپ برسا پانی‘ فلمایا گیا تھا جو کافی مقبول بھی ہوا تھا۔

    تاہم حال ہی میں رئیلٹی شو میں روینہ ٹنڈن نے بتایا کہ اسکرین پر نظر آنے والے گلیمر کے پیچھے بہت سے چھپی کہانیاں ہوتی ہیں جن کا علم ناظرین کو نہیں ہوتا۔

    انہوں نے بتایا کہ گانے کی شوٹنگ کے دوران انہیں ’ٹیٹینس‘ کے انجیکشن لگوانے پڑے تھے اور وہ بیمار ہوگئی تھیں کیونکہ گانے میں بہت زیادہ پانی میں رہنا پڑا تھا۔

    اداکارہ کے مطابق گانے کی ریہرسل کے دوران انہیں متعدد زخم لگے لیکن انہوں نے اس کی تکالیف کو برداشت کیا اور اسکرین پر کوئی اکتاہٹ نظر نہیں آنے دی۔

    روینہ ٹنڈن کا کہنا تھا کہ ایک اچھے گانے کی شوٹنگ کیلئے فنکاروں اور کوریوگرافروں کو بہت زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔

  • ویرات کوہلی کی پاکستان کیخلاف سنچری، اہم اعزاز بھی حاصل کرلیا

    ویرات کوہلی کی پاکستان کیخلاف سنچری، اہم اعزاز بھی حاصل کرلیا

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹر ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف سنچری اسکور کرکے 13 ہزار رنز کا سنگ میل بھی عبور کرلیا۔

    ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے میچ میں ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف 47ویں نصف سنچری اسکور کی ہے، انہوں نے 84 گیندوں پر سنچری اسکور کی اور 2 چھکے اور 6 چوکے لگائے۔

    ویرات کوہلی نے ون ڈے کرکٹ میں 13 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے ہیں۔

    ویرات کوہلی نے 13 ہزار رنز کا سنگ میل 278 اننگز میں حاصل کیا جبکہ اس سے قبل بھارت کے ہی سچن ٹنڈولکر 321 اننگز میں 13 ہزار رنز بنائے تھے۔

    سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے 341 رنز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

  • ’سوچ لیا ورلڈ کپ میں کن کھلاڑیوں کے ساتھ جانا ہے‘

    ’سوچ لیا ورلڈ کپ میں کن کھلاڑیوں کے ساتھ جانا ہے‘

    قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ سوچ لیا ہے کہ ورلڈ کپ میں کن کھلاڑیوں کے ساتھ جانا ہے۔

    ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ دل ٹوٹنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ورلڈ کپ میں جو ٹیم کے لیے بہتر ہوتا وہی کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈھائی ماہ سے سری لنکا میں کھیل رہے ہیں بھارت کے خلاف ہمیں برتری حاصل ہوگی۔

    بابر اعظم نے کہا کہ کولمبو میں سورج نکل گیا ہے لگتا نہیں بارش ہوگی، کل کے لیے میچ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

    بابر اعظم نے کہا کہ ہمارا فوکس اکٹھے رہنے، میچز اور ٹورنامنٹ جیتنے پر ہوتا ہے، ورلڈ کپ کے لیے ایشیا کپ کو دیکھ رہے ہیں، ہم اپنا اسکواڈ تقریباً بنا چکے ہیں اور ٹیم کی بہتری کے لیے سب کام کرتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پلیئرز کے دل ٹوٹنے والی بات نہیں، جو بھی منتخب ہوں گے وہ بہترین ہی ہوں گے، میچز اور ٹورنامنٹ فاسٹ بولرز جتواتے ہیں اور مجھے ان پر یقین ہے، ہر میچ میں ہر کوئی پرفارم نہیں کرسکتا۔

    یاد رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں کل پاک بھارت میچ کولمبو میں شیڈول ہے۔

  • کراچی میں پارکنگ کا جھگڑا 2 افراد کی جان لے گیا

    کراچی میں پارکنگ کا جھگڑا 2 افراد کی جان لے گیا

    کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں پارکنگ پر جھگڑا دو افراد کی جان لے گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد ایف سی ایریا میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔

    پولیس کا بتانا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ پڑوسیوں میں جھگڑے کے دوران پیش آیا، پڑوسیوں کے درمیان گاڑی پارکنگ کے معاملے پر جھگڑا ہوا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی حالت بھی تشویشناک ہے جنہیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ ایک ہفتے سے پڑوسیوں میں پارکنگ کے تنازع پر جھگڑا چل رہا تھا، مقتول راؤ سعید گھر کے باہر اسلحہ لے کر بیٹھے تھے جب نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ پڑوسیوں کے گھر پر چھاپہ مار کر چند افراد کو حراست میں لیا ہے۔

  • ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ سے قبل نیا تنازع سر اٹھانے لگا

    ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ سے قبل نیا تنازع سر اٹھانے لگا

    ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ سے قبل قومی کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا تنازع پھر سر اٹھانے لگا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کنا ہے کہ قومی کھلاڑی ایونٹ کے فوری بعد معاملہ حل کرنے پر زور دے رہے ہیں، کرکٹرز پی سی بی کی اضافی آمدنی اور این ایف ٹی سے اپنا حصہ مانگ رہے ہیں۔

    ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں سے بات چیت جاری ہے، معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرلیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں خبر آئی تھی کہ قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ مزید تاخیر کا شکار ہوگئے ہیں، اس معاملے پر بات چیت کا عمل جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں سے مختلف شقوں پر بات چیت جاری ہے، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے علاوہ دیگر لیگز کی اجازت کے معاملے پر بات چیت ہو رہی ہے۔

    ذرائع کا بتانا تھا کہ مختلف مد میں ملنے والے منافع میں کرکٹرز کو شامل کرنے پر بھی بات چیت کا عمل جاری ہے، بات چیت کا عمل جلد مکمل ہونے پر اعلان کیا جائے گا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) قابل قبول اور قابل عمل سینٹرل کنٹریکٹ ترتیب دینے کے لیے کوشاں ہے، قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ 30 جون کو ختم ہو گئے تھے، جس میں ایک ماہ کی توسیع دی گئی تھی۔