Author: نعمان ناصر

  • حبا بخاری کی انسٹاگرام ویڈیو وائرل

    حبا بخاری کی انسٹاگرام ویڈیو وائرل

    شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حبا بخاری کی ویڈیو اور تصاویر مداحوں کو بھا گئیں۔

    فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ حبا بخاری نے نئی ویڈیو اور تصاویر شیئر کیں جس میں انہیں سنجیدگی کا تاثر دیتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’کچھ نہیں صرف ڈینم اور کھانے کے بارے میں سوچنا۔‘

    حبا بخاری نے چند گھنٹوں قبل یہ پوسٹ شیئر کی جسے ہزاروں کی تعداد میں مداح دیکھ چکے ہیں اور اس پر تعریفی کمنٹس بھی کررہے ہیں۔

    اس سے قبل اداکارہ کے شوہر کے ہمراہ ویڈیو شیئر کی تھی جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا گیا تھا۔

    حبا بخاری سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی ہیں اور گاہے بگاہے اپنی تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں جسے ان کے مداح بھی پسند کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ حبا بخاری اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’تیرے عشق کے نام‘ میں ’رتبہ‘ کا مرکزی کردار نبھا رہیں جس کی دیگر کاسٹ میں زاویار نعمان، جمال شاہ، یشما گل ودیگر شامل ہیں۔

  • توشہ خانہ کیس، نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ کو طلب کرلیا

    توشہ خانہ کیس، نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ کو طلب کرلیا

    راولپنڈی: توشہ خانہ کیس میں نیب راولپنڈی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ کو کل صبح 11 بجے طلب کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیب نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ایک چین کے ساتھ لاکٹ، ٹاپس کا جوڑا 26 جون 2019 کو وصول کیا گیا، سونے اور ہیرے کی انگوٹھی، سونے اور ہیرے کا بریسلٹ، ہار بھی ظاہر نہیں کیا گیا۔

    نیب نوٹس کے مطابق تحائف 18 ستمبر 2020 کو وصول کیے گئے۔

    نیب کا کہنا ہے کہ ایک ہار، انگوٹھی اور بریسلٹ واچ 21 مئی 2021 کو وصول کیے۔

    ذرائع نے بتایا کہ نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بشریٰ بی بی سے تحقیقات کرے گی۔

    واضح رہے کہ نیب نے بشریٰ بی بی کو 29 اگست کو بھی طلب کیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی اپنے شوہر سے ملاقات کے باعث 29 اگست کو شامل تفتیش نہیں ہوئی تھیں اور ان کے وکیل نے نیب کو طلبی کی نئی تاریخ کی درخواست دی تھی۔

  • کیریبئن پریمیئر لیگ میں اعظم خان کا شاندار کیچ

    کیریبئن پریمیئر لیگ میں اعظم خان کا شاندار کیچ

    کیریبئن پریمیئر لیگ میں قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے شاندار کیچ تھام لیا۔

    کیریبئن پریمیئر لیگ میں گیانا ایمیزون کی نمائندگی کرنے والے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے شاندار کیچ تھام لیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    نکولس پورن 18 رنز پر بیٹنگ کررہے تھے جب اعظم خان نے دور جاتی بال کو ڈائیو لگا کر ایک ہاتھ سے لپک لیا۔

    اعظم خان کے شاندار کیچ پر کمنٹیٹرز اور ساتھی کھلاڑیوں نے خوب داد سمیٹی۔

    جارح مزاج بیٹر نے 14 گیندوں پر 29 رنز کی اننگز بھی کھیلی، ان کی اننگز میں تین چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔

    دوسری جانب قومی بیٹر صائم ایوب نے بھی 43 گیندوں پر 62 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کروایا، انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

  • حارث رؤف نے ون ڈے کرکٹ میں 50 وکٹیں مکمل کرلیں

    حارث رؤف نے ون ڈے کرکٹ میں 50 وکٹیں مکمل کرلیں

    قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے ون ڈے کرکٹ میں 50 وکٹیں مکمل کرلیں۔

    فاسٹ بولر حارث رؤف نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنے ون ڈے کرکٹ کی 50 وکٹیں مکمل کیں، بنگلہ دیش کے محمد نعیم ان کا 50واں شکار بنے۔

    حارث رؤف نے اپنے27 ویں ون ڈے میچ میں 50 وکٹیں مکمل کرنے کا سنگِ میل عبور کیا۔وہ وقار یونس کے ساتھ مشترکہ طور پر ون ڈے میں 50 وکٹیں لینے والے تیسرے تیز ترین پاکستانی بولر ہیں۔

    اس سے قبل فاسٹ بولر حسن علی نے 24، شاہین آفریدی نے 25 جبکہ وقار یونس نے بھی 27 ون ڈے میچز میں 50 وکٹیں مکمل کی تھیں۔

    واضح رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فو ر مرحلے کے پہلے میچ میں آج پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں مدمقابل ہیں، حارث رؤف نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

  • ایشیا کپ میں افغانستان کی شکست کے بعد نیا تنازع کھڑا ہوگیا

    ایشیا کپ میں افغانستان کی شکست کے بعد نیا تنازع کھڑا ہوگیا

    ایشیا کپ میں سری لنکا کے خلاف افغانستان کی سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست نے نیا تنازع کھڑا کردیا۔

    افغانستان کو سپر فور مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے لیے دی جانے والی ہدف کی کیلکولیشن پر کوچ جوناتھن ٹروٹ پھٹ پڑے۔

    ہیڈ کوچ افغانستان کرکٹ ٹیم جوناتھن ٹروٹ نے قذافی اسٹیڈیم میں میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں 37.1 اوورز کے علاوہ کوئی اور کیلکولیشن نہیں بتائی گئی تھی۔

    انکا کہنا تھا کہ معلوم نہیں تھا کہ چھکا مار کر 38 اوور میں کھیل مکمل کرسکتے تھے۔

    جوناتھن ٹروٹ نے کہا کہ ہم ٹورنامنٹ میں بہتر پرفارم کرسکتے تھے۔ ٹورنامنٹ سے باہر ہونے پر مایوسی ہوئی ہے۔
    افغانستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی غلطیوں پر قابو پانا ہوگا۔

    واضح رہے کہ ایشیا کپ گروپ بی کے تیسرے اور پہلے مرحلے کے چھٹے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کےلیے کوالیفائی کرلیا۔

  • ایشیا کپ: بھارت نے نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی

    ایشیا کپ: بھارت نے نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی

    ایشیا کپ کے پانچویں میچ میں بھارت نے نیپال کو دس وکٹوں سے شکست دے کر سپر فور میں رسائی حاصل کرلی۔

    کینڈی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ملنے والا 145 رنز کا ہدف باآسانی بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔

    بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما اور شبھمن گل نے ناقابل شکست نصف سنچریاں اسکور کیں۔

    روہت شرما نے 6 چوکے 5 چھکے لگا کر 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، شبھمن گل نے 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 67 رنز بنائے۔

    نیپال کا کوئی بھی بھارتی بیٹرز کو آؤٹ نہ کرسکا۔

     بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، نیپال 48.2 اوورز میں 230 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور بھارت کو جیت کے لیے 231 رنز کا ہدف دیا تھا، بارش کے باعث بھارت کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 23 اوورز میں 145 رنز کا ہدف ملا تھا۔

    نیپال کے اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ 65 رنز پر گری جب کوشل بھرتل 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، آصف شیخ نے 58 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

    بھیم شرکی 7 رنز بنا سکے، روہت پوڈیل 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کوشل مالا کو جڈیجا نے دو رنز پر آؤٹ کیا۔

    گلشن جھا 23 رنز بنا کر چلتے بنے، دپیندرا سنگھ کو 29 رنز پر پانڈیا نے بولڈ کیا، سومپال کامی نے 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

    بھارت کی جانب سے رویندر جڈیجا نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد سراج نے دو، ہاردک پانڈیا اور شردل ٹھاکر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

  • ’آئی ایم ایف سے بجلی بلوں میں ریلیف کے پلان پر اتفاق نہ ہوسکا‘

    ’آئی ایم ایف سے بجلی بلوں میں ریلیف کے پلان پر اتفاق نہ ہوسکا‘

    اسلام آباد: ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے بجلی بلوں میں ریلیف کے پلان پر اتفاق نہیں ہوسکا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پلان میں بتایا گیا تھا بلوں میں ریلیف سے ریکوری میں ساڑھے 6 ارب سے کم کا اثر پڑے گا، آئی ایم ایف نے پلان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 15 ارب سے زائد کا اثر پڑے گا۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ آئی ایم ایف نے 15 ارب کی مالیاتی گنجائش پوری کرنے کا پلان بھی پوچھا ہے۔

    آئی ایم ایف کے ساتھ دوبارہ پلان شیئر کیا جانا ہے جس کے باعث تاخیر ہورہی ہے، نیا پلان شیئر ہونے پر آئی ایم ایف حکام اور وزارت خزانہ دوبارہ بات کریں گے۔

    وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوں میں ریلیف دینے کے لیے بجٹ سے آؤٹ نہ ہونے کی آئی ایم ایف کو یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

    بلوں کو چار ماہ میں وصول کرنے کے لیے آئی ایم ایف سے درخواست کی، اقساط میں وصولی پلان کی آئی ایم ایف سے دوبارہ بات چیت ہوگی۔

  • ’پاگلوں کی طرح کیوں چلا رہے ہو‘ شاہد کپور غصے میں آگئے

    ’پاگلوں کی طرح کیوں چلا رہے ہو‘ شاہد کپور غصے میں آگئے

    بالی ووڈ اداکار شاہد کپور فوٹو گرافرز پر غصے میں آگئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار شاہد کپور، اہلیہ میرا راجپوت اور ساس کے ساتھ فیملی کی شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد گاڑی میں بعد بیٹھ رہے تھے کہ فوٹو گرافرز نے نہیں آواز دی۔

    شاہد کپور نے فوٹو گرافرز سے کہا کہ ’چلا کیوں رہے ہو؟ میں یہیں ہوں نا؟

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہد کپور کو دیکھتے ہی فوٹو گرافرز پوز دینے پر اصرار کرتے ہوئے چیخنا شروع کردیتے ہیں۔

    شاہد کپور کہتے ہیں کہ ’پاگلوں کی طرح کیوں چلا رہے ہو؟ جب میں گاڑی میں چلے جاؤں گا تب چلانا، ریلیکس کرو۔‘

    بعدازاں شاہد کپور نے فوٹو گرافرز کے ساتھ سیلفی بھی بنائیں اور گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہوگئے۔

    وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین بھی تبصرے کررہے ہیں، ایک صارف نے لکھا کہ ’شاہد شاباش کیونکہ بھارت میں پاپارازی یقینی طور پر یہ نہیں جانتے کہ کس طرح برتاؤ کرنا چاہیے۔‘

    دوسرے صارف نے لکھا کہ ’شاہد کپور نے پاپا رازی کے ساتھ بالکل ٹھیک کیا ہے۔‘

    واضح رہے کہ شاہد کپور کا آخری پروجیکٹ ویب سیریز ‘فرضی’ تھا جس سے انہوں نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اپنا ڈیبیو کیا ہے۔

  • بھارت کیخلاف میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون کا اعلان

    بھارت کیخلاف میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون کا اعلان

    ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف اہم میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    ایونٹ کے افتتاحی میچ میں نیپال کے خلاف 238 رنز کی ریکارڈ فتح سے گرین شرٹس کے حوصلے بلند ہیں اور مثبت آغاز سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

    نیپال کے خلاف کھیلنے والی ٹیم کو بھارت کے سامنے میدان میں اتارا جائے گا اور پلئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

    فخرزمان کے آؤٹ آف فارم ہونے کے باوجود انہیں امام الحق کے ساتھ اوپننگ کے لیے بھیجا جائے گا۔ ون ڈاؤن بابر اعظم اور چوتھے نمبر پر وکٹ کیپر محمدرضوان کھیلیں گے۔

    فاسٹ بولنگ اٹیک کا شعبہ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ سنبھالیں گے جب کہ اسپن میں شاداب خان، سلمان علی آغا اور افتخار احمد اپنا جادو جگائیں گے۔ آل راؤنڈر میں محمد نواز بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

    پاکستان پلیئنگ الیون

    فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، آغا سلمان، افتخار احمد، شاداب خان، فہیم اشرف/محمد نواز، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف

  • آمنہ کا کردار میرے دل کو چھو گیا، رمہا احمد

    آمنہ کا کردار میرے دل کو چھو گیا، رمہا احمد

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’مائی ری‘ میں ’آمنہ‘ کا کردار نبھانے والی اداکارہ رمہا احمد نے جذباتی پوسٹ شیئر کردی۔

    ڈرامہ سیریل ’مائی ری‘ میں عینا آصف (عینی)، ثمر عباس (فاخر)، نعمان اعجاز (ظہیر)، ماریہ واسطی (ثمینہ)، مایا خان (عائشہ)، رمہا احمد (آمنہ)، ساجدہ سید، پارس منصور، عثمان مظہر، آمنہ ملک، بسمہ بابر ودیگر اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

    مائی ری کی ہدایت کاری کے فرائض میثم نقوی نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی ثنا فہد نے لکھی ہے۔

    ڈرامے کی کہانی عینی اور فاخر کے گرد گھومتی ہے اور اس میں دکھایا گیا ہے کہ کم عمری میں شادی کے بعد دونوں کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    گزشتہ قسط میں فاخر کی دوست آمنہ کا کردار اختتام کو پہنچا وہ پڑھائی کے سلسلے میں بیرون ملک جارہی ہیں۔

    رمہا احمد نے انسٹاگرام پر اپنے کردار کے اختتام پر لکھا کہ ’بیرون ملک ایک نئے باب کے لیے روانہ ہونے پر آمنہ جذباتی سفر کو شیئر کررہی ہیں۔‘

    اداکارہ نے لکھا کہ ’آمنہ کی آنکھوں میں درد، فاخر کے ساتھ پیارا رشتہ چھوڑنے کا خاموش درد، واقعی میرے دل کو چھو گیا۔

    رمہا احمد نے کہا کہ ’آمنہ کا کردار ایک حیرت انگیز تجربہ تھا جس نے مجھے واقعی خوشی دی۔‘

    انہوں نے ڈائریکٹر میثم نقوی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے اس جذباتی سواری میں راستہ دکھانے کے لیے بہت شکریہ، مجھے اس شاندار تجربے کا حصہ بننے پر فخر ہے۔