Author: نعمان ناصر

  • باجوڑ دھماکا، مولانا فضل الرحمان کا وزیراعظم سے انکوائری کا مطالبہ

    باجوڑ دھماکا، مولانا فضل الرحمان کا وزیراعظم سے انکوائری کا مطالبہ

    پشاور: جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف سے باجوڑ دھماکے کی انکوائری کا مطالبہ کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ورکرز کنونشن میں دھماکے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے۔

    فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی ف کے کارکنان اسپتال پہنچ کر خون کے عطیات دیں اور پر امن رہیں۔
    انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کرے۔

    باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کے ورکرز کنونشن میں دھماکے کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسرباجوڑ نے تصدیق کی کہ دھماکے میں 30 افراد جاں بحق ہوگئے اور جاں بحق افراد میں جے یو آئی تحصیل خار کے امیر مولانا ضیاء اللہ جان بھی شامل ہیں۔

    ان کا کہنا تھاکہ دھماکے میں 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو تیمرگرہ اور پشاور بھی منتقل کیا جا رہا ہے اور کئی کی حالت تشویشناک ہے۔

  • وکی کوشل ’سنگھم اگین‘ سے باہر

    وکی کوشل ’سنگھم اگین‘ سے باہر

    بالی ووڈ کے معروف اداکار وکی کوشل نے فلم ’سنگھم اگین‘ میں کام کرنے سے معذرت کرلی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم سنگھم اگین کے ہدایت کار رویت شیٹی نے تصدیق کی ہے کہ وکی کوشل نے فلم سنگھم اگین میں کام کرنے سے معذرت کرلی ہے۔

    سنگھم اگین کی شوٹنگ تاریخوں کا اداکار کی فلم ’چاوا‘ کے ساتھ ٹکراؤ ہورہا تھا جس کی وجہ سے وکی کوشل نے فلم سے خود کو الگ کرلیا۔

    فلم سنگھم اگین میں وکی کوشل کو مرکزی کردار اجے دیوگن ’باجی راؤ سنگھم‘ کے چھوٹے بھائی کا کردار نبھایا تھا۔

    روہت شیٹھی فلم کے مرکزی کرداروں اجے دیوگن، اکشے کمار، رنویر سنگھ اور وکی کوشل کو ایک ساتھ ملا کر اکتوبر میں شوٹنگ کرنا چاہتے تھے۔

    وکی کوشل نے ’چاوا‘ کے فلم میکرز کے ساتھ بیٹھ کر شوٹنگ تاریخوں کو تبدیل کرنے پر غور کیا لیکن بات نہیں بن سکی اور اب انہوں نے باضابطہ طور پر روہت شیٹھی کو آگاہ کردیا ہے۔

    واضح رہے کہ ’سنگھم اگین‘ میں بالی وڈ سپر اسٹار دیپیکا پڈوکون اور کرینہ کپور بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی۔

    بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ٹائیگر شیروف سنگھم اگین میں ایم کیمیو کرسکتے ہیں، روہت شیٹھی ٹائیگر شیروف کو نئے پولیس افسر کے طور پر متعارف کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

  • پاکستان نے بھارت کو ہرا کر ایمرجنگ ایشیا کپ جیت لیا

    پاکستان نے بھارت کو ہرا کر ایمرجنگ ایشیا کپ جیت لیا

    کولمبو: پاکستان نے بھارت کو 128 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار ایمرجنگ ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت لیا۔

    کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 353 رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 40 اوورز میں 224 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    ابھیشیک شرما کی 61 رنز کی اننگز بھی بھارت کے کام نہ آسکی، سائے سدھرسن نے 29 رنز بنائے، کپتان یش دھل کو سفیان مقیم نے 39 رنز پر پویلین روانہ کیا۔

    نشانت سندھو 10 رنز بنا کر مبصر خان کا نشانہ بنے، نکن جوز 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ریان پراگ 14 رنز بنا کر چلتے بنے۔

    پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مہران ممتاز، محمد وسیم اور ارشد اقبال  نے دو، دو وکٹیں حاصل کی جبکہ مبصر خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے تھے اور بھارت کو جیت کے لیے 353 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    طیب طاہر نے شاندار سنچری اسکور کی اور 108 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 12 چوکے اور چار بلند و بالا چھکے شامل تھے۔

    صائم ایوب نے 59 رنز کی اننگز کھیلی، صاحبزادہ فرحان 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

    مبصر خان نے 35 رنز بنائے، عمیر یوسف بھی 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد حارث 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    بھارت کی جانب سے ریان پراگ اور راج وردھن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

  • عائشہ نسیم کا اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان

    عائشہ نسیم کا اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان

    قومی ویمن ٹیم کی جارح مزاج بیٹر عائشہ نسیم نے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

    پاکستان ویمن ٹیم کی جارح مزاج بیٹر عائشہ نسیم نے ورلڈ کپ میں بھارت اور آسٹریلیا کے خلاف شاندار بیٹنگ کرکے دنیا کو حیران کردیا تھا تاہم اب انہوں نے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

    عائشہ نسیم نے ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے پی سی بی کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عائشہ نسیم نے کچھ عرصہ قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کیا تھا کہ وہ مزید نہیں کھیلنا چاہتیں، یہ ان دنوں کی بات ہے جب وہ انجری کا شکار تھیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس موقع پر فیصلے کو جذباتی جان کر انہیں سمجھانے کی کوشش کی۔

    پاکستان ویمن ٹیم کی ایک سینئر کھلاڑی کو بھی عائشہ سے بات کرنے کو کہا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ پر فیصلے تک عائشہ کے جواب کا انتظار کرنا چاہتا ہے تاہم عائشہ نسیم اب تک اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔

    عائشہ نسیم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اتنی جلد ریٹائرمنٹ کے فیصلے کی وجوہات سے آگاہ نہیں کیا ہے۔

    واضح رہے کہ 19 سالہ عائشہ نسیم نے 30 ٹی ٹوئنٹی اور چار ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔

  • جونی بیرسٹو کے متنازع آؤٹ پر بین اسٹوکس اور پیٹ کمنز نے کیا کہا؟

    جونی بیرسٹو کے متنازع آؤٹ پر بین اسٹوکس اور پیٹ کمنز نے کیا کہا؟

    لارڈز ٹیسٹ کے آخری روز جونی بیرسٹو کے رن آؤٹ پر انگلش کپتان بین اسٹوکس اور پیٹ کمنز کا ردعمل آگیا۔

    آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 43 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔ لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کی ٹیم 371 رنز کے تعاقب میں 327 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کپتان بین اسٹوکس کی 155 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو کامیابی نہ دلوا سکی۔

    آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز، اسٹارک اور ہیزل ووڈ نے تین، تین وکٹیں حاصل کرلیں۔

    آسٹریلیا کی جیت میں جونی بیرسٹو کے متنازع آؤٹ کا اہم بھی کردار رہا، جب جونی بیرسٹو گیند مس ہونے کے بعد کریز سے باہر نکلے تو دور کھڑے الیکس کیری نے گیند کو اسٹمپس پر مار کر اپیل کردی۔

    جونی بیرسٹو کیونکہ کریز پر بیٹ رکھ کر آگے نہیں بڑھے تھے اسی لیے امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دے دیا۔

    اس وکٹ کے بعد انگلش کراؤڈ نے کینگروز کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور اسے اسپرٹ آف کرکٹ کے منافی قرار دیا۔

    تاہم اب انگلش کپتان بین اسٹوکس نے کہا کہ ’اگر آسٹریلوی ٹیم کی جگہ میں ہوتا تو اپیل واپس لے لیا۔‘ دوسری جانب پیٹ کمنز سے جب یہی سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’ایلکس کیری نے دیکھا کہ جونی بیرسٹو کریز چھوڑ رہے تھے تو انہیں نے وکٹ لے لی یہ ٹوٹلی فیئر پلے ہے۔‘

  • سونیا حسین کو کیسا لائف پارٹنر چاہیے؟

    سونیا حسین کو کیسا لائف پارٹنر چاہیے؟

    شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سونیا حسین نے بتایا ہے کہ ان کے لائف پارٹنر میں کیسا خوبیاں ہونی چاہئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مزاحیہ پروگرام ’ہوشیاریاں‘ میں اداکارہ سونیا حسین نے شرکت کی اور نجی زندگی سمیت لائف پارٹںر سے متعلق گفتگو کی۔

    سونیا حسین نے کہا کہ ’لائف پارٹنر کا ہمدردانہ رویہ ہونا چاہیے، ہماری طرح کی لڑکیاں جو شروع سے کام کررہی ہوتی ہیں وہ آزاد خیال ہوتی ہیں۔

    اداکارہ نے کہا کہ ’ہماری جیسی لڑکیوں کو یہ ضرورت نہیں ہوتی کہ کوئی پک اینڈ ڈراپ کرے یا پھر مالی طور پر سپورٹ کرے، ان کے لائف پارٹنر میں جذباتی استحکام ہونا ضروری ہوتا ہے کہ آپ اس لڑکی کے ساتھ ہو۔‘

    سونیا حسین نے کہا کہ ’قد اچھا ہونا چاہیے، رنگ کا کوئی فرق نہیں پڑتا، لڑکوں کا سانولا رنگ اچھا لگتا ہے بس اس کی آنکھوں میں رومینس ہونا چاہیے۔

    واضح رہے کہ سونیا حسین سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی ہیں اور اکثر اپنی تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں جسے ان کے مداح بھی پسند کرتے ہیں۔

    اداکارہ اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’یہ نہ تھی ہماری قسمت‘ میں منفی کردار نبھا رہی ہیں، لیڈ کاسٹ میں شہزاد شیخ، عائزہ اعوان شامل ہیں۔

  • پاکستان کے نوجوان اسنوکر کھلاڑی ماجد علی نے خودکشی کرلی

    پاکستان کے نوجوان اسنوکر کھلاڑی ماجد علی نے خودکشی کرلی

    پاکستان کے انٹرنیشنل اسنوکر کھلاڑی ماجد علی نے خودکشی کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق نوجوان انٹرنیشنل اسنوکر پلیئر ماجد علی کے بھائی عمر نے واقعے کی تصدیق کردی، ماجد علی گزشتہ چند برسوں سے ڈپریشن کا شکار تھے۔

    اطلاعات کے مطابق ماجد علی نے فیصل آباد میں واقع اپنے گھر میں لکڑی کاٹنے والی آری سے اپنا گلا کاٹ کر خود کشی کی۔

    28 سالہ ماجد علی 2013 میں ایشین جونیئر چیمپئن شپ کے رنر اپ رہے تھے۔

    ماجد علی ورلڈ 6 ریڈ چیمپئن کے برانز میڈلسٹ بھی رہ چکے ہیں، پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔

  • قربانی کے دوران یہ غلطی ہر گز نہ کریں، مفتی منیب الرحمان نے بتادیا

    قربانی کے دوران یہ غلطی ہر گز نہ کریں، مفتی منیب الرحمان نے بتادیا

    عید الاضحیٰ میں چند ہی دن باقی رہ گئے ہیں اور لوگ مویشی منڈیوں کا رخ کرتے ہوئے اپنا من پسند جانور خرید رہے ہیں تاکہ عید کے روز سنت ابراہیمی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے جانور ذبح کریں۔

    عید الاضحیٰ کے روز قصاب کا ملنا شہریوں کے لیے ایک مسئلہ بنا ہوتا ہے اور جانور ذبح کروانے کے لیے شہریوں کو قصاب کا طویل انتظار بھی کرنا پڑتا ہے۔

    قصاب بھی جلد بازی میں جانور ذبح کرتے وقت شریعت پر عمل نہیں کرتے جس کا لوگوں کو بھی اندازہ نہیں ہوپاتا۔

    تاہم اب سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے بتایا ہے کہ قربانی کرتے وقت کن باتوں کا خیال رکھنا چاہیے۔

    مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ ’جو لوگ قربانی کے لیے جانور خریدتے ہیں انہیں چلا کر دیکھ کر چاروں ٹانگیں صحیح ہیں، ان کے سینگھ بھی دیکھ لیں کہ ٹھوس حصہ ٹوٹا ہوا نہ ہو۔‘

    انہوں نے کہا کہ ’جانور کے کان بھی چیک کیا کریں کہیں تہائی سے زیادہ کٹا یا چرا ہوا نہ ہو۔‘

    مفتی منیب الرحمان نے بتایا کہ ’اگر جانور گھر لانے کے بعد پتا چلے کہ اس میں نقص ہے تو اگر وہ صاحب نصاب ہے تو دوسرا بے عیب جانور خرید کر قربانی کرے اور اگر وہ صاحب نصاب نہیں رہا تو اسی جانور کی قربانی کرسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جس چھری سے ذبح کریں وہ تیز ہونی چاہیے تاکہ جانور کو زیادہ تکلیف نہ ہو، بہتر یہ ہے کہ جس کی قربانی ہے وہ ذبح کرے لیکن اگر کسی دوسرے سے ذبح کرانا ہے تو شریعت کے مطابق ذبح کرائیں۔

    مفتی منیب نے بتایا کہ بعض قصاب عجلت میں ہوتے ہیں وہ ذبح کرنے کے بعد گلے میں چھری ڈال کر کلیجے پر کٹ لگاتے ہیں تاکہ جلدی جان نکلے تو قصاب کو اس بات کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

  • وزیراعظم نے نواز شریف کی واپسی کیلیے قانونی ٹیم تشکیل دیدی

    وزیراعظم نے نواز شریف کی واپسی کیلیے قانونی ٹیم تشکیل دیدی

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے قانونی ٹیم تشکیل دے دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے قانون اعظم نذیر تارڑ قانونی ٹیم کی سربراہی کریں گے جبکہ معاون خصوصی عطا اللہ، عرفان قادر اور قانونی مشیر بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

    قانونی ٹیم میں نواز شریف کیسز کی پیروی کرنے والے امجد پرویز، ودیگر وکلا بھی شامل ہیں۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ قانونی ٹیم نواز شریف کے عدالتوں میں جاری کیسز کی پیروی کو تیز کرے گی، نواز شریف کی نااہلی اور کیسز کے خاتمے کے لیے کام کو تیز کیا جائے گا۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ قانونی ٹیم نواز شریف کی وطن واپسی میں رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرے گی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی واپسی کے لیے تمام قانونی رکاوٹیں دور ہوچکی ہیں مشاورتی عمل جاری ہے نواز شریف انتخابی مہم کو لیڈ کریں گے۔

    وزیر قانون کا کہنا تھا کہ تاحیات نااہلی کا قانون درست نہیں تھا، قتل میں سزا پانے والے بھی پانچ سال بعد اسمبلی کے لیے اہل ہوجاتے ہیں۔

    اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے وکلا فیصلہ کریں گے کہ واپسی کے لیے ضمانت لینی ہے یا نہیں۔

  • کراچی میں بینک سے کیش لیکر نکلنے والے شہری کو لوٹنے والا ملزم گرفتار

    کراچی میں بینک سے کیش لیکر نکلنے والے شہری کو لوٹنے والا ملزم گرفتار

    کراچی کے علاقے میٹروول میں بینک سے کیش لے کر نکلنے والے شہری کو لوٹنے والے ملزم کو گرفتارکرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایس ایس پی کیماڑی کا بتانا ہے کہ ملزمان شہری سے ڈیڑھ لاکھ روپے چھین کر فرار ہوئے تھے، گرفتار ملزم کی شناخت اعجاز کے نام سے ہوئی ہے، ملزم سے غیرقانونی اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا ہے کہ ملزم نے متعدد شہریوں کو لوٹنے کا اعتراف کیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے ساتھیوں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سی ٹی ڈی نے کراچی کے علاقے بہادر آباد میں کارروائی کرتے ہوئے نجی بینک کی کیش وین لوٹنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کیا تھا۔

    انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر نے بتایا تھا کہ کارروائی میں ملزم ایاز علی کو گرفتار کیا گیا ہے جو نجی کیش وین کمپنی میں سیکیورٹی انچارج تھا اور اس نے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کیے ہیں۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم نے 2021 میں جوڑیا بازار پر بینک کو کیش فراہم کرنے والی وین کو لوٹا تھا اور 50 لاکھ روپے لوٹ کر راولپنڈی فرار ہوگیا تھا۔

    انچارج سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ واردات کے بعد وہ اپنے رشتے داوں کے گھر روپوش تھا اور حال ہی میں کراچی واپس آیا تھا جسے ٹیکنیکل بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔