Author: نعمان ناصر

  • معین علی کو ہاتھ پر اسپرے کرنا مہنگا پڑ گیا

    معین علی کو ہاتھ پر اسپرے کرنا مہنگا پڑ گیا

    برمنگھم: انگلش کرکٹر معین علی پر آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔

    انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر معین علی پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دے دیا گیا ہے۔

    معین علی نے آئی سی سی کوڈ لیول ون کی خلاف ورزی کی، انہوں نے اپنے ہاتھ کو خشک کرنے کےلیے اس پر اسپرے کیا۔

    یہ واقعہ ایجبسٹن میں کھیلے جانیوالے میچ میں آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے 89ویں اوور کے دوران پیش آیا جب معین کو فیلڈنگ کے دوران باؤنڈری لائن پر اپنے ہاتھ پر اسپرے کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

    بعد ازاں معین علی نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا اور امپائر کے فیصلے کو قبول کرلیا۔

    معین علی نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ برائے پلیئرز اور پلیئر سپورٹ پرسنل کے آرٹیکل 2.20 کی خلاف ورزی کی، جس کا تعلق کھیل کی رو کے منافی طرز عمل ظاہر کرنے سے ہے۔

    آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول 1 کی خلاف ورزی کرنے پر معین علی کے تادیبی ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ شامل کیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 ماہ میں ان کا یہ پہلا جرم تھا۔

  • ’مجھے اور رضوان کو کوئی اور کھیل کھیلنا شروع کردینا چاہیے‘

    ’مجھے اور رضوان کو کوئی اور کھیل کھیلنا شروع کردینا چاہیے‘

    قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے نامور ریسلرز اور فٹبالر کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اور رضوان کو کوئی اور کھیل کھیلنا شروع کردینا چاہیے۔

    قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی بزنس اسکول سے بزنس آف انٹرٹینمنٹ، میڈیا اینڈ اسپورٹس (بی ای ایم ایس) کورس مکمل کرلیا۔

    بابراعظم نے ٹوئٹر پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں ان کے ہمراہ فرینچ مارشل آرٹس کے ماہر فرانسس گانو، نائیجرین مارشل آرٹس کے ماہر کمارو عثمان اور امریکی فٹبالر جیمیز ونسٹن اور ٹیچر موجود تھے۔

    تاہم تصویر کے ساتھ بابر اعظم کے لکھے گئے کیپشن نے مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔

    بابر اعظم نے تصویر میں کھلاڑیوں کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب ان جیسے چیمپئنز کرکٹ کھیلنے میں دلچسپی ظاہر کررہے ہوں تو شاید مجھے اور محمد رضوان کو کوئی اور کھیل کھیلنا شروع کردینا چاہیے۔‘

    ساتھ ہی قومی کپتان نے مداحوں سے اس حوالے سے ان کے خیالات کے بارے میں بھی پوچھا جس پر مداح بھی اپنی کا اظہار کررہے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان ہارورڈ یونیورسٹی بزنس اسکول میں بی ای ایم ایس کورس کے لیے امریکا روانہ ہوئے تھے۔

  • پیپلزپارٹی نے میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کیلیے امیدواروں کے نام فائنل کرلیے

    پیپلزپارٹی نے میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کیلیے امیدواروں کے نام فائنل کرلیے

    کراچی: پیپلزپارٹی نے میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کے لیے امیدواروں کے نام فائنل کرلیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلزپارٹی کی جانب سے مرتضیٰ وہاب میئر کراچی اور سلمان مراد ڈپٹی میئر کے امیدوار ہوں گے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے میئر کراچی، حیدرآباد سمیت دیگر امیدواروں کے ناموں کی منظوری بھی دے دی ہے۔

    پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کل تمام بلدیاتی کونسلز کے میئر، ڈپٹی میئر، ضلع چیئرمین امیدواروں کا اعلان کریں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے کراچی کے میئر کیلئے جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان کی حمایت کا اعلان کیا ہے اور جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ میئر کے لیے مطلوبہ تعداد سے زیادہ ارکان کی حمایت حاصل ہوچکی ہے۔

    یاد رہے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، جس کے مطابق میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب 15 جون کو ہوگا جب کہ کاغذات نامزدگی 9 سے 10 جون تک جمع کرائے جاسکیں گے۔

    شیڈول میں کہا گیا تھا کہ ریٹرننگ افسر 11 جون کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کریں گے اور امیدواروں کی حتمی فہرست 14 جون کو جاری کی جائے گی۔

    ای سی پی کا کہنا تھا کہ 16 جون کو ریٹرننگ افسران نتائج کا اعلان کریں گے جب کہ کامیاب امیدوار 19 جون کو حلف اٹھائیں گے۔

  • شادی سے قبل لڑکی سے فون پر بات کرنا غلط نہیں؟

    شادی سے قبل لڑکی سے فون پر بات کرنا غلط نہیں؟

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’بے بی باجی‘ کی نویں قسط نے مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔

    ڈرامہ سیریل ’بے بی باجی‘ میں سینئر اداکارہ ثمینہ احمد (بے بی باجی)، سعود قاسمی، جویریہ سعود (عذرا)، حسن احمد، سنیتا مارشل (اسما)، جنید جمشید نیازی (واصف)، سیدہ طوبیٰ انور (فرحت)، فضل حسین (ولید)، عینا آصف ودیگر اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

    ڈرامے کی کہانی منصور احمد خان نے لکھی ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری کے فرائض تحسین خان نے انجام دیے ہیں۔

    گزشتہ قسط میں دکھایا گیا کہ ’بے بی باجی بیٹے واصف کے رشتے سے صرف اس وجہ سے انکار کرنے جارہی ہیں کہ لڑکی بیٹے سے فون پر بات کرتی ہے۔‘

    لیکن اسما کا چھوٹا دیور ولید بھابھی کے پاس جاتا ہے اور انہیں کہتا ہے کہ وہ امی سے بات کریں اور انہیں سمجھائیں کے شادی سے قبل فون پر بات کرنا غلط نہیں ہے اس سے ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔

    ادھر بے بی باجی بضد ہیں انہیں شادی سے قبل لڑکی کا اس طرح لڑکے سے بات کرنا پسند نہیں یہ لڑکیوں کے حربے ہوتے ہیں وہ لڑکوں کو اپنی مٹھی میں کرلیں۔

    تاہم اسما کے سمجھانے پر بے بی باجی کی رائے تبدیل ہورہی ہے اور وہ بیٹے کے لیے رشتہ پکا کرنے جارہی ہیں۔

     

    کیا بے بی باجی کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوگا اور کیا بڑی بہو عذرا دیور کی شادی میں رکاوٹ ڈالیں گی؟ یہ جاننے کے لیے اگلی قسط دیکھیں۔

  • لائبہ خان سوشل میڈیا پر چھا گئیں

    لائبہ خان سوشل میڈیا پر چھا گئیں

    شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ لائبہ خان کی نئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ لائبہ خان نے نئی تصاویر شیئر کیں جس میں انہیں جینز اور ٹی شرٹ میں خوشگوار موڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

    لائبہ خان نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’تکدیاں راستہ اکھیاں بے چاریاں۔‘

    اداکارہ نے چند گھنٹوں قبل یہ تصاویر شیئر کیں جسے ہزاروں کی تعداد میں مداح دیکھ چکے ہیں اور اس پر تعریفی کمنٹس بھی کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ لائبہ خان سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتے ہیں اور گاہے بگاہے اپنی تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں جسے ان کے مداح بھی پسند کرتے ہیں۔

    لائبہ خان اے آر وائی ڈیجیٹل کے متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں جن میں کیسی تیری خود غرضی، انگنا، مقدر کا ستارہ ودیگر شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ اے آر وائی زندگی کے پروگرام ‘دی نائٹ شو ودھ ایاز سموں ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے لائبہ خان نے اپنے ہمسفر سے متعلق بتایا تھا کہ میں یہ چاہتی ہوں کہ میری جس سے بھی شادی ہو وہ ایک اچھا انسان اور اس کا دل صاف ہو اور دوسروں کے احساس کو جاننے کا فن رکھتا ہو۔

    میزبان نے سوال کیا کہ لڑکا ظاہری طور پر کیسا ہونا چاہئے؟ جس پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ شخص اچھی فٹنس کا حامل ہوا، موٹا پتلا نہیں مگر دیکھنے میں جاذب نظر آئے۔

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی رشتہ طے کرتے وقت لڑکا یا لڑکی کی رائے نہ پوچھی جائے تو میرے خیال میں وہ رشتے زیادہ دیرپا نہیں ہوتے اور ان کا جلد اختتام ہوجاتا ہے۔

  • واٹس نے صارفین کی دیرینہ خواہش خواہش پوری کردی

    واٹس نے صارفین کی دیرینہ خواہش خواہش پوری کردی

    پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی دنیا کی سب سے مقبول ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کی دیرینہ خواہش کو پورا کرتے ہوئے نیا فیچر متعارف کروا دیا.

    واٹس ایپ کی جانب سے رواں‌ سال نت نئے فیچرز متعارف کروائے جاچکے ہیں‌ جس کا مقصد صارفین کو منفرد سہولیات فراہم کرنا اور دیگر ایپس پر مقابلے کی سبقت کو برقرار رکھنا ہوتا ہے.

    حال ہی میں واٹس ایپ نے ویڈیو کالنگ کے دوران اسکرین شئیرنگ کا فیچر متعارف کروایا ہے۔

    واٹس ایپ کی ویب بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق یہ فیچر فی الحال بیٹا ورژن میں دستیاب ہے اور تمام صارفین تک اس کی دستیابی آئندہ چند ہفتوں یا مہینوں میں ممکن ہوگی۔

    مائیکرو سافٹ ٹیمز اور زوم جیسے ویڈیو کالنگ پلیٹ فارم کے دوران اسکرین شیئر کرنے کی سہولت فراہم ہوتی ہے، بالکل اسی طرح اب واٹس ایپ میں بھی یہ سہولت متعارف ہوچکی ہے۔

    اس کے علاوہ ممکن ہے کہ نیا متعارف کرایا گیا اسکرین شئیرنگ فیچر اینڈرائیڈ سسٹم کے پرانے ورژنز پر اور زیادہ لوگوں پر مشتمل گروپ کالز میں کام نہیں کرے گا۔

    ایپلی کیشن کو اپڈیٹ کرنے کے بعد سب سے پہلے آپ کو واٹس ایپ پر کسی دوست کو کال کرنا ہوگی، ویڈیو کال کے دوران اسکرین پر ایک نیا آئیکن نظر آئے گا۔

    اسکرین شئیر کے آپشن پر کلک کرنے کے بعد آپ اپنے اسمارٹ فون ڈسپلے کو مکمل طور پر دوستوں کے ساتھ شئیر کر سکیں گے۔

    آپ جس کے ساتھ اسکرین شئیر کریں گے اس کو اسکرین کے آپشن پر تمام کنٹرول حاصل ہوگا، مثال کے طور پر وہ ویڈیو کال کو روک بھی سکتے ہیں۔

  • جویریہ سعود نے ’بے بی باجی‘ میں عذرا کے کردار سے دل جیت لیے

    جویریہ سعود نے ’بے بی باجی‘ میں عذرا کے کردار سے دل جیت لیے

    شوبز انڈسٹری کے معروف اداکارہ جویریہ سعود نے ’بے بی باجی‘ میں عذرا کا منفی کردار نبھا کر دل جیت لیے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل پر فیملی ڈرامہ کی پہلی قسط 23 مئی کو نشر کی گئی جس میں مداح جویریہ سعود کے کردار کو بہت پسند کررہے ہیں، وہ عذرا گھر کی بڑی بہو کا کردار نبھا رہی ہیں جس میں ہر وقت گھر والوں کی بات پر اعتراض کرتے دکھایا گیا ہے۔

    عذرا کبھی خاموش نہیں رہتی، کھانا پسند کرتی ہے، جب اس کی حرکات کے بارے میں پوچھا جاتا ہے تو وہ بہت ڈرامے کے ساتھ ردعمل کا اظہار کرتی ہے۔

    اپنی بھابھی کے لیے مناسب میچ تلاش کرنے کے لیے اس کا دورہ ہو یا اس کی ساس سے لڑائی ہو یا کھانے کے لیے اس کی محبت، عذرا بلند آواز میں بات کرتی ہیں اور اپنے رویے پر پشیماں بھی نہیں ہیں۔

    وہ خود کو گھر کی بڑی بہو کے طور پر بیان کرنا پسند کرتی ہے لیکن باورچی خانے میں کام کرنے سے نفرت کرتی ہے، وہ جاننا چاہتی ہے کہ گھر کا ہر فرد کیا کر رہا ہے اور یہ سب کچھ کیسے حاصل کرنا ہے۔

    تاہم، عذرا کے کردار کے منفی پہلو بھی ہیں جیسا کہ خود کو ثابت کرنے کی کوشش میں وہ کبھی کبھی دل توڑ دیتی ہے، دوسروں کو برا بھلا کہتی ہے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اپنی بیٹی کو گھر میں جاسوسی کی تربیت دے رہی ہے۔

    اس کردار میں جویریہ سعود کی اداکاری کی بہت سی خوبیاں ہیں، وہ ان سب کو اسکرین پر اتنی مہارت کے ساتھ لانے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔

    یوٹیوب کے تبصرے ہوں یا سوشل میڈیا پر ڈرامے کے جائزے، ہر کوئی جویریہ سعود کے بہو کے کردار کی تعریف کررہا ہے جو بیک وقت ولن اور دلچسپ خاتون ہیں۔

    کچھ ناظرین اسے ٹی وی پر دیکھی جانے والی "سب سے پیاری ولن” کہہ رہے ہیں، کچھ اسے "سال کی بہو” قرار دے رہے ہیں اور کچھ صرف اس سے نفرت کر رہے ہیں لیکن کسی کو اس میں کوئی شک نہیں کہ "بے بی باجی” میں عذرا کے طور پر جویریہ سعود کی پرفارمنس بالکل درست ہے۔

    ‘بے بی باجی’ جو ایک متوسط طبقے کے خاندان کی کہانی کے گرد گھومتی ہے، اے آر وائی ڈیجیٹل پر ہر روز شام 7 بجے نشر ہوتی ہے۔ جویریہ سعود اور ثمینہ احمد کے علاوہ اسٹار کاسٹ میں تجربہ کار اداکار منور سعید، سعود قاسمی، حسن احمد، سنیتا مارشل، طوبیٰ انور، عینا آصف اور جنید جمشید نیازی شامل ہیں۔

  • ’مایا علی کے ساتھ چاند کے سفر پر جاؤں گا‘

    ’مایا علی کے ساتھ چاند کے سفر پر جاؤں گا‘

    شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اسامہ خان نے مایا علی کے ساتھ چاند کے سفر پر جانے کی خواہش ظاہر کردی۔

    اے آر وائی زندگی کے پروگرام ’دی نائٹ شو ودھ ایاز سموں‘ میں اداکار اسامہ خان نے شرکت کی اور سیگمنٹ پاور پلے میں مختلف سوالات کے جوابات دیے۔

    میزبان نے پوچھا کہ کس اداکارہ کے ساتھ چاند کے سفر پر جائیں گے؟ مایا علی، سجل علی یا پھر نیلم منیر؟

    اسامہ خان نے کہا کہ مایا علی مجھے پسند ہیں اسی لیے ان کے ساتھ چاند کے سفر پر جانا چاہوں گا۔

    اداکار نے فواد خان کو اپنا رول ماڈل قرار دیا اور انڈسٹری میں منہ پھٹ اداکارہ نادیہ افغن کو کہا اور ان کی تعریف بھی کی وہ ہر بات منہ پر کردیتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے کچھ باتیں کرنی ہوتی ہیں وہ ان کے ذریعے ہی کروا دیتا ہوں کہ آپ کردیں میں یہ نہیں کرسکتا۔

    ایک سوال کے جواب میں اسامہ خان نے کہا کہ ’سارہ خان کے سامنے آنے پر انہیں دیکھتے ہی رہ جاتا ہوں، وہ بہت اچھی ہیں، جب میں نے انہیں پہلی بار دیکھا تو اندازہ ہوا کہ وہ بہت پیاری ہیں اور انسان بھی بہت اچھی ہیں بہت نرم لہجے میں بات کرتی ہیں۔

    واضح رہے کہ اسامہ خان اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’تیرے عشق کے نام‘ میں التمش کا منفی کردار نبھا رہے ہیں دیگر کرداروں میں جمال شاہ، نادیہ افغن، حبا بخاری، زاویار نعمان ودیگر شامل ہیں۔

  • کراچی میں شہریوں‌ کے ہاتھوں  ڈاکو سمجھ کر مارے جانے والے نوجوان بے گناہ نکلے

    کراچی میں شہریوں‌ کے ہاتھوں ڈاکو سمجھ کر مارے جانے والے نوجوان بے گناہ نکلے

    کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں شہریوں کے ہاتھوں ڈاکو سمجھ کر مارے جانے والے دونوں نوجوان بے گناہ نکلے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تفتیشی حکام کا بتانا ہے کہ 7 مئی کو عوام کے تشدد سے ہلاک نوجوانوں کی شناخت ہوگئی ہے مقتولین میں بابر اور نذیر شامل ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تین دوست شادی کی تقریب سے گھر جانے کے لیے نکلے تھے کسی نے شک پر شور مچایا اور پھر ہجوم نے پیچھا کرکے تینوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

    پولیس کا بتانا ہے کہ عوام کے بہیمانہ تشدد کی ویڈیو بھی منظرعام پر آئی تھی جس میں دونوں نوجوان تشدد سے ہلاک جبکہ تیسرا دوست اویس زخمی ہوگیا تھا۔

    تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوع سے ملنے والی موٹرسائیکل چوری کی تھی جبکہ پولیس نے زخمی اویس کو کیس میں نامزد کردیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ برآمد موٹر سائیکل سے بھی مقتولین اور زخمی کا تعلق ثابت نہیں ہوا، تفتیش آگے بڑھی تو تینوں کے بے گناہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    پولیس کا بتانا ہے کہ تفتیش میں 150 افراد کو نامزدز کرکے فوٹیج کی مدد سے تین افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

  • بھابھی کی خوشی کی وجہ جان کر عمر غمزدہ ہوگئے

    بھابھی کی خوشی کی وجہ جان کر عمر غمزدہ ہوگئے

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’میرے ہی رہنا‘ میں بھابھی ’روحی‘ کی خوشی کی وجہ جان کر عمر (سبحان احمد) غمزدہ ہوگئے۔

    ڈرامہ سیریل ’میرے ہی رہنا‘ میں شہروز سبزواری (اسد)، کرن حق (روحی)، سید جبران (جنید)، اریج محی الدین (بینا)، عروبا مرزا (انو)، بابر علی (ابی)، فیضان شیخ، سبحان اعوان (عمر)، ندا ممتاز، پروین اکبر ودیگر اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

    ڈرامے کی ہدایت کاری کے فرائض ذیشان علی زیدی نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی میمونہ عزیز نے لکھی ہے۔

    ’میرے ہی رہنا‘ کی کہانی دو بہنوں روحی اور بینا کے گرد گھومتی ہے جس میں دکھایا گیا ہے ایک ہی گھر میں شادی ہونے کے بعد دونوں بہنوں کو کن مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    گزشتہ قسط میں دکھایا گیا کہ جب عمر کو یہ پتا چلتا ہے کہ ان کی دوست بینا کی شادی کسی اور سے نہیں بلکہ ان کے بڑے بھائی جنید سے طے ہوگئی ہے تو وہ غمزدہ ہوجاتے ہیں۔

    عمر بھابھی کو گنگناتا دیکھ کر کہتے ہیں کہ ’کیا بات ہے بھابھی آج بڑا گنگنایا جارہا ہے۔‘ وہ کہتی ہیں کہ ’انسان کب گنگناتا ہے۔‘ عمر کہتے ہیں کہ ’جب وہ زیادہ خوش ہوتا ہے۔‘

    روحی کہتی ہیں کہ ’تو بس آج میں بہت خوش ہوں۔‘ عمر کہتے ہیں کہ ’وہ تو نظر آرہی رہا ہے کہ آپ بہت خوش ہیں، سوال یہ نہیں بلکہ سوال یہ ہے کہ آپ کی خوشی کی وجہ کیا ہے۔‘

    وہ بتاتی ہیں کہ ’خوشی کی وجہ یہ ہے کہ گڑیا اس گھر میں آرہی ہے۔‘ عمر پوچھتے ہیں کہ ’کب ابھی آئے گی وہ؟’ روحتی کہتی ہیں کہ ’میرا مطلب یہ ہے کہ وہ اس گھر میں میری جٹھانی بن کر آئے گی۔‘

    یہ سنتے ہی عمر افسردہ ہوجاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ میں کچھ سمجھا نہیں۔‘ روحی کہتی ہیں کہ ’جنید بھائی گڑیا کو پسند کرتے ہیں انہوں نے یہ بات امی سے کہی اور امی نے ابی سے بات کی اور گڑیا نے رضامندی دے دی۔‘

    کیا بینا کی شادی جنید سے ہونے کے بعد روحی کی مشکلات کم ہوجائیں گی؟ یہ جاننے کے لیے ’میرے ہی رہنا‘ کی اگلی قسط ہر پیر سے جمعہ رات 9 بجے دیکھیں۔