Author: نعمان ناصر

  • اسپیکر قومی اسمبلی نے چیف جسٹس کے نام خط لکھ دیا

    اسپیکر قومی اسمبلی نے چیف جسٹس کے نام خط لکھ دیا

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے ’پارلیمان کے اختیارات میں مداخلت‘ کے عنوان سے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے نام خط لکھ دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پانچ صفحات پر مشتمل خط لکھا گیا ہے جس کی کاپی اٹارنی جنرل اور رجسٹرار سپریم کورٹ کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔

    راجا پرویز اشرف نے لکھا کہ اسپیکر اور ایوان کے محافظ کے طور پر آپ کو خط لکھ رہا ہوں، سپریم کورٹ کے3رکنی بینچ کےفیصلےسےپارلیمنٹ کااستحقاق مجروح ہواہے، یقین دلاتاہوں اگلےمالی سال کےبجٹ میں عام انتخابات کیلئےرقم رکھی جائےگی۔

    انہوں نے لکھا کہ سپریم کورٹ کے3رکنی بینچ نےقومی اسمبلی کےاقدامات کونظراندازکیا، سپریم کورٹ کے3رکنی بینچ کےاحکامات پرتشویش ہے۔

    اسپیکرکی جانب سےخط میں آئین کےآرٹیکل73کابھی حوالہ دیاگیاہے، خط کے متن کے مطابق عدالتی فیصلےقومی اسمبلی کے2بنیادی آئینی اختیارات سےتجاوزہے، چیف جسٹس کی توجہ آرٹیکل73کی طرف دلاناچاہتاہوں،حالیہ فیصلوں، ججز کے ریمارکس پرارکان قومی اسمبلی کےتحفظات ہیں۔

    راجا پرویز اشرف نے لکھا کہ اسمبلی شدت سےمحسوس کرتی ہےحالیہ فیصلے 2 بنیادی آئینی فرائض میں مداخلت ہے، ان آئینی امورمیں قانون سازی اور مالیاتی امور پرفیصلہ سازی ہے، آرٹیکل 73کےتحت مالیاتی بل کی منظوری قومی اسمبلی کاخاص اختیارہے، آرٹیکل 79سے 85تک کےاخراجات کی منظوری منتخب نمائندوں کا اختیار ہے۔

    انہوں نے لکھا کہ آئین کی ان واضح شقوں اوراختیارات کی تقسیم کےتناظرمیں تشویش سے آگاہ کررہا ہوں۔

    راجا پرویز اشرف نے لکھا کہ تین رکنی بینچ نے رقم جاری نہ ہونے پر وفاقی حکومت کو سنگین نتائج کی دھمکی دی، افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے یہ قومی اسمبلی کو تابع بنانے کی کوشش ہے یہ آئینی طریقہ کار کے خاتمے کے مترادف ہے۔

  • محبت کی شادی کا کیا انجام ہوا؟ دانیہ انور کا انکشاف

    محبت کی شادی کا کیا انجام ہوا؟ دانیہ انور کا انکشاف

    شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ دانیہ انور نے انکشاف کیا ہے کہ محبت کی شادی کے باوجود چھ سال تک شوہر کا تشدد اور استحصال برداشت کرتی رہی۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’حبس‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ دانیہ انور نے پہلی بار اپنی محبت کی شادی اور طلاق سے متعلق اظہار خیال کیا۔

    حال ہی میں ایک یوٹیوبر کو دیے گئے انٹرویو کے دوران اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ چھوٹی عمر میں محبت کی شادی کرنے کی وجہ سے استحصال کا نشانہ بنیں۔

    اداکارہ دانیہ انور نے بتایا کہ انہوں نے اپنے دوست کے بھائی اور خود سے 5 سال بڑے شخص سے محض 19 سال کی عمر میں شادی کرلی تھی، یہ شادی محبت کی تھی جس کا تجربہ اور نتیجہ اچھا نہیں رہا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ شادی کے آغاز میں ہی انہیں کچھ مسائل سامنا کرنا پڑا تھا جنہیں کم عمری کی وجہ سے وہ سمجھ نہیں پائیں اور 6 سال تک تشدد اور استحصال برداشت کرتی رہیں اور عورت ہونے کے ناطے اپنی شادی کو بچانے اور کامیاب بنانے کے لیے 100 فیصد کوششیں بھی کیں لیکن کامیاب نہ ہو سکیں۔

    دانیہ انور کا کہنا تھا کہ انہوں نے 6 سال تک تشدد اور استحصال کرنے کے بعد طلاق لے لی جس کے بعد ان کی قریبی خواتین نے ہی انہیں بری عورت کہنا شروع کر دیا تھا۔

    دانیہ انور نے کہا کہ انہوں نے اس صدمے سے نکلنے کے لیے نفسیاتی ماہرین کی مدد بھی حاصل کی تھی جنہوں نے انہیں اس صدمے سے نکلنے میں مدد فراہم کی۔

  • ’سیکیورٹی بہترین ہے، بھارت کو پاکستان آکر کھیلنا چاہیے‘

    ’سیکیورٹی بہترین ہے، بھارت کو پاکستان آکر کھیلنا چاہیے‘

    لاہور: پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی بہترین ہے بھارت کو پاکستان آکر کھیلنا چاہیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے مکی آرتھر کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کہا جارہ ہے کہ ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر کھیلیں اور پاکستان ورلڈ کپ بھارت کھیلنے جائے، برف بھارت کی طرف سے بھی پگھلنی چاہیے۔

    نجم سیٹھی نے کہا کہ اب پاکستان نہ آنے کی بھارت کے پاس کیا وجہ ہے، بی سی سی آئی کہتی ہے پاکستان جاکر کھیلنے کی حکومت کی طرف سے اجازت نہیں، ورلڈ کپ کے آنے تک ہماری حکومت کا کیا موقف ہوگا ابھی معلوم نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ابھی ہمارا موقف یہی ہے بھارت پاکستان آئے اور پاکستان بھارت جاکر کھیلے۔

    نجم سیٹھی نے کہا کہ کرکٹ دن بہ دن ایڈوانس ہورہی ہے۔ ڈپارٹمنٹ کرکٹ پاکستان میں ستمبر تک واپس آجائے گی۔

    چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ مکی آرتھر پہنچ گئے ہیں ، ڈائریکٹر کوچنگ کا چارج سنبھال لیا ہے اب ہم ایک یونٹ کی طور پر آگے بڑھ رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ غیرملکی کوچز انتہائی پروفیشنل ہوتے ہیں کوئی سفارش نہیں مانتے، ہم دنیا میں ٹاپ پروفیشنل ٹیموں کے ساتھ کھیلتے ہیں۔

    نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ میں نے مکی آرتھر کے ساتھ کام کیا ہوا ہے چیمپئنز ٹرافی جیتی، ہم آگے اب ورلڈ کپ کی جانب بڑھ رہے ہیں کوچ کا کام کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر پختہ کرنا ہوتا ہے۔

  • شوال کے چاند سے متعلق محکمہ موسمیات کا اہم اعلان

    شوال کے چاند سے متعلق محکمہ موسمیات کا اہم اعلان

    کراچی: شوال المکرم کے چاند سے متعلق محکمہ موسمیات نے اہم اعلان کردیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات آفس کراچی میں جاری ہے، چاند دیکھنے کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ چاند کی عمر 10 گھنٹے 8 منٹ ہے اور چاند 10 سے 20 منٹ تک افق پر رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے، ملک بھر میں چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔

  • چیف جسٹس سے متعلق ریفرنس آیا تو۔۔۔۔۔۔۔۔۔صدر مملکت نے کیا کہا؟

    چیف جسٹس سے متعلق ریفرنس آیا تو۔۔۔۔۔۔۔۔۔صدر مملکت نے کیا کہا؟

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ جب ادارہ کمزور ہوتا ہے تو ملک کی بدنامی ہوتی ہے، سیاست دان آپس میں بیٹھ کر بات کریں اور رنجشیں ختم کریں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ حکومت کی کوئی مستقل پالیسی نظر نہیں آتی، چیف جسٹس سپریم کورٹ عمر عطا بندیال سے متعلق ریفرنس آیا تو دیکھیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف ریفرنس آیا تھا تو اپنی سوچ استعمال کی۔

    عارف علوی نے کہا کہ سیاست دان ایک دوسرے کا سر پھاڑ رہے ہیں بات کرنے کو تیار نہیں انہیں آپس میں بات کرنی چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہوتا جبکہ اس وقت ملک کا پارلیمان ادھورا ہے، الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے عدالت کو فیصلہ کرنا چاہیے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے الیکشن کی تاریخ دینا بہترین موقع تھا، منصفانہ الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

  • سمانتھا روتھ پربھو کے مداحوں کے لیے بُری خبر

    سمانتھا روتھ پربھو کے مداحوں کے لیے بُری خبر

    ساؤتھ انڈین فلموں کی معروف اداکارہ سمانتھا روتھ پربھو اپنی فلم ’شکنتلم‘ کی ریلیز سے دو روز قبل بیمار ہوگئیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ سمانتھا روتھ پربھو کی فلم ’شکنتلم‘ کی ریلیز میں دو روز باقی ہیں لیکن اداکارہ کو خرابی صحت کی وجہ سے پروموشن منسوخ کرنا پڑا۔

    سمانتھا پربھو نے سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کو بیماری کی اطلاع دیتے ہوئے لکھا کہ ’مصروف شیڈول نے صحت کو متاثر کیا ہے جس کی وجہ سے وہ بخار میں مبتلا ہیں۔

    دوسری جانب تیلگو فلم ڈائریکٹر گناسیکر نے انکشاف کیا ہے کہ سمانتھا رتھ پربھو انتہائی بیمار ہو گئی ہیں جس لیے وہ فلم کے پروموشنز میں شریک نہیں ہو پا رہیں۔

    انہوں نے انکشاف کیا کہ لگاتار کھانسی اور بخار کے باعث سمانتھا بولنے سے قاصر ہیں اور ممکنہ طور پر فلم کی اسکریننگ میں بھی شریک نہیں ہو پائیں گی۔

    گناسیکر نے بتایا کہ اداکارہ سمانتھا اس وقت اپنے گھر پر ہیں ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس اداکارہ سمانتھا آٹوامیون کنڈیشن میوسیٹس کا شکار ہو گئی تھیں۔

    یاد رہے کہ اداکارہ سمانتھا روتھ پربھو نے ساؤتھ انڈین اداکار ناگا چیتنیا سے 2017 میں شادی کی لیکن دونوں نے شادی کے چار سال بعد راہیں جدا کرلیں۔

    انہوں نے ہدایت کار کرن جوہر کے پروگرام ’کافی ودھ کرن‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’طلاق نے انہیں کافی مضبوط بنادیا ہے۔‘

    سمانتھا پربھو نے 2010 میں فلم انڈسٹری میں بطور ہیروئن قدم رکھا، انہوں نے اس برس اپنے سابقہ شوہر ناگا چیتنیا کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے اور کئی ایوارڈز اپنے نام کیے۔

  • حنا الطاف کو آغا علی کتنی عیدی دیتے ہیں؟

    حنا الطاف کو آغا علی کتنی عیدی دیتے ہیں؟

    شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان حنا الطاف نے بتادیا کہ شوہر و اداکار آغا علی انہیں کتنی عیدی دیتے ہیں؟۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’شان سحور‘ میں شوبز جوڑی حنا الطاف اور آغا علی نے شرکت کی اور میزبان ندا یاسر کی جانب سے پوچھے گئے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔

    ندا یاسر نے مداح کا سوال حنا الطاف کو دکھایا جس میں پوچھا گیا تھا کہ ’آغا علی آپ کو عیدی کتنی دیتے ہیں؟‘

    حنا الطاف نے کہا کہ ’مجھے آغا کی طرف سے اچھی خاصی عیدی ملتی ہیں لیکن وہ شو پر بتانا اچھا نہیں لگتا ہے۔

    ندا یاسر نے کہا کہ شادی کو تین سال ہوگئے ہیں تم اس طرح بتادو پہلے سال یہ ملی، دوسرے سال یہ اور تیسری سال اتنی عیدی ملی؟

    حنا الطاف نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’جیسے جیسے مہنگائی بڑھ رہی ہے تو عیدی بھی بڑھتی جارہی ہے، ماشا اللہ آغا مجھے اچھی عیدی دیتے ہیں اور مجھے عیدی کا انتظار بھی رہتا ہے۔

    آغا علی نے کہا کہ اتنی اچھی بھی عیدی نہیں دیتا بس کم ہی ہوتی ہے۔

    ندا یاسر نے پوچھا کہ پانچ، دس یا پھر پندرہ ہزار اس میں سے بتادیں کہ حنا کو کتنی عیدی دیتے ہیں؟ تاہم آغا علی نے کہا کہ بس اتنی ہی سمجھ لیں۔

  • محمد حفیظ نے اہم اعزاز حاصل کرلیا

    محمد حفیظ نے اہم اعزاز حاصل کرلیا

    قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کی خدمات کے اعتراف میں ایم سی سی نے انہیں اعزازی لائف ممبر مقرر کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرکٹ کے قوانین بنانے والے میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے محمد حفیظ کو اعزازی لائف ممبر مقرر کیا ہے۔

    محمد حفیظ نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 18 سال پاکستان کی نمائندگی کی۔

     

    اسٹار آل راؤنڈر ایم سی سی کے تاحیات ممبر بننے والے 25ویں پاکستانی ہیں، پاکستان کے 23 سابق کرکٹرز اور دو نان پلیئنگ شخصیات ایم سی سی کے اعزازی لائف ممبرز ہیں۔

    دو نان پلیئنگ شخصیات عارف عباسی کو 1991 اور احسان مانی کو 2003 میں یہ اعزاز ملا تھا۔

    خیال رہے کہ سابق کپتان انضمام الحق کو 2019 میں ایم سی سی کا اعزازی لائف ممبر مقرر کیا گیا تھا۔

  • اعظم خان نے ٹیم سے ڈراپ کیے جانے پر کیا کہا؟

    اعظم خان نے ٹیم سے ڈراپ کیے جانے پر کیا کہا؟

    قومی ٹیم کے جارح مزاج بیٹر اعظم خان کا نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے ڈراپ کیے جانے پر بیان سامنے آگیا۔

    پی سی بی نے نیوزی لینڈ کے خلاف 14 اپریل سے شروع ہونے والی ٹی 20 اور ون ڈ سیریز کے لیے قومی ٹیم کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

    قومی ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی کی واپسی ہوئی ہے جبکہ جارح مزاج بیٹر اعظم خان کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعظم خان نے ہوم سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    اعظم خان نے لکھا کہ ’انشا اللہ ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے کے لیے اپنے کھیل اور فٹنس پر محنت جاری رکھوں گا۔‘

    واضح رہے کہ ٹی 20 کے 16 رکنی اسکواڈ میں بابر اعظم کپتان، شاداب خان نائب کپتان ہیں دیگر کھلاڑیوں میں فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، افتخار احمد، احسان اللہ، عماد وسیم، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، نسیم شاہ، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور زمان خان شامل ہیں۔

    ون ڈے اسکواڈ میں بابر اعظم کپتان، شاداب خان نائب کپتان ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، حارث سہیل، احسان اللہ، امام الحق، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور اسامہ میر شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ پاک نیوزی لینڈ پانچ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کا میدان 14 اپریل سے سجے گا اور ون ڈے سیریز 27 اپریل سے 7 مئی تک کھیلی جائےگی۔

  • نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان

    نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے پی سی بی نے قومی ٹیم کے 16 رکنی ون ڈے اور ٹی 20 اسکواڈ کا اعلان کیا ہے، دونوں فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ شاداب خان نائب کپتان کے فرائض انجام دیں گے۔

    انجری سے صحت یاب ہونے والے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی بھی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ اعظم خان اور عبداللہ شفیق کو ٹی 20 سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔

    ٹی 20 کے 16 رکنی اسکواڈ میں بابر اعظم کپتان، شاداب خان نائب کپتان، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، افتخار احمد، احسان اللہ، عماد وسیم، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، نسیم شاہ، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور زمان خان شامل ہیں۔

    ون ڈے اسکواڈ میں بابر اعظم کپتان، شاداب خان نائب کپتان ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، حارث سہیل، احسان اللہ، امام الحق، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور اسامہ میر شامل ہیں۔

    یہ پڑھیں: پاک نیوزی لینڈ سیریز کا شیڈول پھر تبدیل

    واضح رہے کہ پاک نیوزی لینڈ پانچ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کا میدان 14 اپریل سے سجے گا اور ون ڈے سیریز 27 اپریل سے 7 مئی تک کھیلی جائےگی۔