Author: نعمان ناصر

  • کھانے پینے کے مسائل تھے، سو نہیں سکتی تھی، نوشین شاہ کی ڈپریشن سے متعلق گفتگو

    کھانے پینے کے مسائل تھے، سو نہیں سکتی تھی، نوشین شاہ کی ڈپریشن سے متعلق گفتگو

    اداکارہ نوشین شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ ڈپریشن میں مبتلا تھی کھانے پینے کے مسائل تھے سو نہیں سکتی تھی لیکن اب سو فیصد فٹ ہوں۔

    نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں اداکارہ نوشین شاہ نے شرکت کی اور پہلی بار اپنی صحت اور ڈپریشن سے متعلق انکشاف کیا۔

    نوشین شاہ گزشتہ ایک سال سے اسکرین سے دور تھیں اور اب وہ واپس آگئی ہیں اور ان مشکلات کا ذکر کررہی ہیں جن کا سامنا کرنا پڑا۔

    انہوں نے کہا کہ صحت کے مسائل کی وجہ سے کام کرنا چھوڑ دیا تھا اور وقفہ لے لیا۔

    یہ پڑھیں: والدہ میرے شوبز میں آنے کے خلاف تھیں، نوشین شاہ

    اداکارہ نے کہا کہ ان کی فعالیت متاثر ہوئی ہے وہ روزمرہ زندگی کے کام نہیں کرسکتی تھیں اور جذباتی طور پر ایک تاریک دور سے گزر رہی تھیں، وہ کسی دوسرے کی خوشی محسوس نہیں کرسکتی تھیں اور ساتھ ہی اداسی بھی محسوس نہیں کرسکتی تھیں، ہر وقت خوف میں مبتلا رہتی تھیں۔

    نوشین شاہ کے اس کے بعد انہوں نے مناسب علاج کروایا اور اب وہ واپس آچکی ہیں اور جلد ہی دوبارہ کام کریں گی۔

    انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ جو اس طرح کے مسائل کا سامنا کرنا کررہے ہیں، علامات کو پہچانیں اور مدد طلب کریں۔

  • کراچی: والد کے جنازے پر سعودیہ سے آنے والے نوجوان کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی: والد کے جنازے پر سعودیہ سے آنے والے نوجوان کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی میں والد کے جنازے پر سعودی عرب سے آنے والے نوجوان کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم پرویز نے اورنگی ٹاؤن مٰں ڈکیتی مزاحمت پر جبران کو قتل کیا تھا، گرفتار ملزم نے گزشتہ رات ڈکیتی کی ایک اور واردات بھی کی تھی جس میں مزاحمت پر ڈھائی سال کے بچے کو زخمی کردیا تھا۔

    تفتیشی حکام کے مطابق کمسن بچے کے والد نے ملزم پرویز کو شناخت کرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے دوران تفتیش نوجوان جبران کو بھی قتل کرنے کا انکشاف کیا، ملزم نے تفتیش میں کئی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اورنگی ٹاؤن ایک نمبر کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے نوجوان کے قتل کا واقعہ پیش آیا تھا۔

    یہ پڑھیں: والد کے انتقال پر سعودیہ سے کراچی آنے والا نوجوان ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل

    ریسکیو حکام کے مطابق مقتول کی شناخت 24 سالہ جبران ولد جمعہ کے نام سے ہوئی ہے جو سعودی عرب سے واپس آیا تھا۔

    علاقہ مکینوں نے میڈیا کو بتایا تھا کہ مقتول جبران سعودی عرب میں اہلخانہ کی کفالت کیلئے ملازمت کرتا تھا، جاں بحق نوجوان جبران کے والد کا گزشتہ ہفتے انتقال ہوا تھا۔

    والد کے انتقال پر مقتول سعودی عرب سے کراچی آیا تھا، ملزمان نے موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کی اور قتل کرکے فرار ہوگئے تھے۔

  • جو روٹ نے راہول ڈریوڈ اور اسٹیو اسمتھ کا ریکارڈ توڑ دیا

    جو روٹ نے راہول ڈریوڈ اور اسٹیو اسمتھ کا ریکارڈ توڑ دیا

    انگلینڈ کے اسٹار بیٹر جو روٹ نے لارڈز میں بھارت کے خلاف میچ میں راہول ڈریوڈ اور اسٹیو اسمتھ کی سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔

    لارڈز میں کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز جو روٹ نے اپنی 37ویں سنچری اسکور کی اور بھارت کے سابق کپتان راہول ڈریوڈ اور آسٹریلیا کے بیٹر اسٹیو اسمتھ کو پیچھے چھوڑ دیا، دونوں نے 36 سنچریاں اسکور کی تھیں۔

    جو روٹ اب سری لنکا کے بیٹر کمار سنگاکارا سے صرف ایک سنچری پیچھے ہیں، سنگاکارا نے 38 ٹیسٹ سنچریاں اسکور کررکھی ہیں۔

    فہرست میں بھارت کے سچن ٹنڈولکر 51 سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، اس کے بعد جنوبی افریقا کے جیک کیلس 45 سنچریوں کے ساتھ دوسرے اور سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ 41 سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

    خبر شائع کرنے تک انگلینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 354 رنز بنالیے ہیں، وکٹ کیپر بیٹر جیمی اسمتھ 51 اور بریڈن کارس 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

    اوپنر زیک کرولی اور بین ڈکٹ بالترتیب 18 اور 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اولی پوپ نے 44 رنز بنائے، ہیری بروک 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

    انگلینڈ نے لیڈز میں ابتدائی ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کی جبکہ شبمھن گل کی قیادت میں بھارت نے برمنگھم میں دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو شکست دی تھی۔

  • پاکستان کا چین میں پانڈا بانڈ کے لیے روڈ شو

    پاکستان کا چین میں پانڈا بانڈ کے لیے روڈ شو

    پاکستان نے چین میں پانڈا بانڈ کی آگاہی کے لیے روڈ شو کا انعقاد کیا ہے۔

    ماہر معیشت خرم شہزاد نے کہا کہ روڈ شو نان ڈیل ہے جو 7 سے 11 جولائی تک جاری رہے گا، یہ روڈ شو پانڈا بانڈ میں سرمایہ کاروں کی آگاہی کے لیے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ چین سرمایہ کاروں سے وزارت خزانہ کے تکنیکی ماہرین کے اجلاس جاری ہیں۔

    خرم شہزاد کے مطابق پاکستان پانڈا بانڈ اس سال کے آخر میں جاری کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے، سرمایہ کاروں کو 20 سے 30 کروڑ ڈالر کے پانڈا بانڈ میں سرمایہ کاری کا مواقع فراہم کرسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تکنیکی ماہرین کی ٹیم چین میں کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی سے ملاقاتیں کررہی ہے۔

    اس سے قبل وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا تھا کہ پاکستان اپنی مارکیٹ کو چین کی کیپٹل مارکیٹ سے مزید ہم آہنگ کرنے کے لیے جون کے اوائل تک یوآن پر مبنی پانڈا بانڈ جاری کرے گا، اس اقدام سے بیجنگ کو کرنسی کے استعمال کو بڑھانے میں مدد ملے گی، پاکستان چینی سرمایہ کاروں سے 20 سے 25 کروڑ ڈالر اکٹھا کرنے کا خواہش مند ہے۔

    وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ مصر کی طرز پر یوآن بانڈز کے اجرا کی بینک گارنٹی کے لیے ایشین انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے بات چیت چل رہی ہے، پاکستان آنے والے مہینوں میں اپنی کریڈٹ ریٹنگ کو سنگل ’بی‘ میں بدلنے کے لیے پرعزم ہے، پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے چینی سرمایہ کاری بہت اہم ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سی پیک کے اگلے مرحلے میں چین سے مزید تعاون کا خواہاں ہے، سی پیک کے اگلے مرحلے میں اسپیشل اکنامک زونز اور زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبوں میں وسعت لائی جائے گی۔

    محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ چین کے نجی شعبے اور برآمدی صنعتوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے، چین کی بڑی کمپنیاں اپنے برآمدی یونٹس پاکستان منتقل کرکے پاکستان کو بطور برآمدی مرکز استعمال کر سکتی ہیں، سی پیک ٹو میں برآمدی صنعتوں کی ترجیح سے قرض ادائیگی کو آسان بنایا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ درآمدات پر استوار معیشت کے باعث پاکستان کو زرمبادلہ کی کمی اور ادائیگیوں میں عدم توازن کا سامنا ہے، پاکستان میں چینی کمپنیوں کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی میں اضافہ کیا جائے گا، پاکستان میں سیکیورٹی کے حالات بہتر ہوئے ہیں، عالمی کانفرنسز ہو رہی ہیں، غیر ملکی وفود آرہے ہیں، غیر ملکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

  • زین ملک اور دلیپ کمار کا کیا تعلق؟ تصویر وائرل

    زین ملک اور دلیپ کمار کا کیا تعلق؟ تصویر وائرل

    بالی ووڈ آنجہانی اداکار دلیپ کمار پاکستان اور بھارت میں یکساں مقبول ہیں اور انہوں نے عالمی سطح پر بھی شہرت کی بلندیوں کو چھوا۔

    آنجہانی اداکار دلیپ کمار کے انتقال کے بعد نامور شخصیات نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ ملاقاتوں اور ان سے جڑی سنہری یادوں کو شیئر کیا۔

    پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملکنے بھی دلیپ کمار کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کی اپنے دادا آزاد ملک کے ساتھ یادگار تصویر شیئر کی۔

    زین ملک نے فوٹو اینڈویڈیو ایپ انسٹاگرام پر یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’میرے ابو دلیپ کمار کے ساتھ۔‘

    اس پوسٹ کوزین ملک کے دادا نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا تھا۔

    گلوکار خود بھی ماضی میں بالی ووڈ سے اپنی محبت کا اظہار کئی بار کر چکے ہیں، انہوں نے سرعام اس بات کا بھی اعتراف کیا تھا کہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان ان کے پسندیدہ اداکار ہیں۔

  • امیر گیلانی کی اہلیہ ماورا حسین کے ساتھ سالگرہ منانے کی تصاویر وائرل

    امیر گیلانی کی اہلیہ ماورا حسین کے ساتھ سالگرہ منانے کی تصاویر وائرل

    اداکار امیر گیلانی نے اپنی سالگرہ اہلیہ ماورا حسین کے ساتھ منائی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    اداکار امیر گیلانی اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ وکیل بھی ہیں، انہوں نے اپنے پہلے ڈرامہ سیریل میں اہلیہ ماورا حسین کے ساتھ اداکاری کی اور مشہور ہوگئے۔

    مداحوں نے انہیں دوسرے ڈراموں میں بھی پسند کیا۔

    آج عامر گیلانی نے اپنی اہلیہ ماورا حسین کے ساتھ سالگرہ منائی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ ’بہترین کے ساتھ مبارک۔‘

    ماورا نے ایک خوبصورت پیغام لکھا کہ ’ہیپی برتھ ڈے، میں آپ سے پیار کرتی ہوں۔”

    عامر گیلانی نے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ماورا حسین کو اپنی زندگی میں پا کر خوش قسمت سمجھتے ہیں۔

    سالگرہ کے موقع پر ماورا نے ایک شاندار سلک فراک پہنا جبکہ عامر نے ڈینم پینٹ کے ساتھ جوڑی والی پیلے رنگ کی ٹی شرٹ کا انتخاب کیا۔

  • جاوید میانداد نے عامر خان کی شادی کیسے برباد کردی؟

    جاوید میانداد نے عامر خان کی شادی کیسے برباد کردی؟

    بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے بتایا ہے کہ جاوید میانداد نے ان کی شادی برباد کردی تھی۔

    اداکار عامر خان نے کہا کہ 18 اپریل 1986 کو میری اور رینا دتہ کی شادی ہوئی یہ وہی دن تھا جب شارجہ میں جاوید میانداد نے چیتن شرما کو آخری گیند  پر چھکا مارا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ میں شادی کرکے اپنے گھر اور رینہ اپنے گھر چلی گئی گھر پہنچ کر سوچا کہ پوچھا جائے گا کہ کہاں سے آرہے ہو لیکن سب میچ دیکھنے میں لگے تھے کسی نے کچھ نہیں پوچھا۔

    عامر خان کے مطابق میں بھی میچ دیکھنے بیٹھ گیا ہم میچ جیت رہے تھے میں بڑا خوش تھا کہ شادی کے دن پاکستان سے جیت رہے ہیں بڑا مزہ آئے گا۔

    اداکار نے بتایا کہ آخری گیند پر جاوید میانداد نے چھکا مار دیا۔

    انہوں نے کہا کہ سالوں بعد میری جاوید میانداد سے فلائٹ میں ملاقات ہوئی تو ان سے کہا کہ جاوید بھائی آپ نے ٹھیک نہیں کیا، وہ پوچھنے لگے کیا؟ میں ان سے کہنے لگا کہ آپ نے میری شادی برباد کردی، وہ پوچھنے لگے کیسے؟ میں نے بتایا کہ آپ نے اسی دن چھکا مارا تھا۔

    عامر خان کا کہنا تھا کہ آپ نے چھکا مارا تو میں ڈپریشن میں چلا گیا تھا۔

    اداکار نے بتایا کہ شادی کے بعد چھ ماہ تک وہ اپنے گھر پر اور میں اپنے گھر پر رہتا تھا لیکن ہم خوش تھے کہ اب ہمیں کوئی الگ نہیں کرسکتا، گواہ ہمارے ستیا، سواتی، اور ان کا ایک کزن آنند، فیصل اور وکی تھے۔

  • بشریٰ انصاری نے عائشہ خان کے بچوں سے متعلق وضاحت دے دی

    بشریٰ انصاری نے عائشہ خان کے بچوں سے متعلق وضاحت دے دی

    سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ عائشہ خان کا بچوں کے گھر پر دل نہیں لگتا تھا۔

    شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے مرحوم اداکارہ عائشہ خان کے بچوں سے متعلق وضاحت دے دی۔

    بشریٰ انصاری نے بتایا کہ ان کی عائشہ خان سے ایک ڈرامے میں ملاقات ہوئی تھی وہ بتا رہی تھیں کہ بچے باہر ہیں، بیٹی امریکا میں مقیم ہے جبکہ ایک بیٹا سنگاپور میں ہے۔

    عائشہ خان نے بشریٰ انصاری کو بتایا تھا کہ بچے بہت کہتے ہیں کہ ہمارے ساتھ رہیں لیکن میرا ان کے ساتھ دل نہیں لگتا، میں اپنے فلیٹ میں خوش ہیں، پڑوسی اچھے ہیں اپنی مرضی سے کوکنگ کرتی، کتابیں پڑھتی ہوں۔

    مزید پڑھیں : سینئر اداکارہ عائشہ خان انتقال کرگئیں

    اداکارہ نے کہا کہ میں نے ان سے پوچھا کہ بچے پیسے دیتے ہیں؟ جواب میں وہ ہنسنے لگ گئیں اور کہنے لگیں کہ درازوں میں رکھ کر جاتے ہیں۔

    بشریٰ انصاری نے کہا کہ ان کے بچے انہیں نظر انداز نہیں کرتے تھے، ہر چیز ایک جیسی نہیں ہوتی، میں کبھی ان لوگوں سے ملی نہیں لیکن انہوں نے اپنی زبانی بتایا، وہ اپنی مرضی سے نہیں گئیں وہ ایک مضبوط عورت تھیں۔

    سینئر اداکارہ نے بتایا کہ مجھے نہیں معلوم گھریلو ملازمہ کہاں تھی اتنے دنوں سے اور پڑوسیوں نے کوئی خبر نہ ملی، میری جو ان سے گفتگو ہوئی یہ پانچ سال پہلے کی بات تھی۔

    انہوں نے کہا کہ عائشہ خان بہت اعلیٰ اور اچھے خاندان سے تعلق رکھتی تھیں، ان کے انتقال پر دکھ اور افسوس ہوا ہے۔

  • فرانسیسی صدر نے قطر کی حمایت میں آواز اٹھا دی

    فرانسیسی صدر نے قطر کی حمایت میں آواز اٹھا دی

    ایران کے میزائل حملے کے بعد فرانسیسی صدر نے قطر کی حمایت میں آواز اٹھا دی۔

    الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی صدر میکرون نے ایرانی حملے کے بعد قطر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

    سوشل میڈیا پوسٹ میں میکرون نے لکھا کہ ’میں تمام فریقوں سے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرنے، کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی میز پر واپس آنے کا مطالبہ کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ افرا تفری کا یہ ماحول ختم ہونا چاہیے۔

    یہ پڑھیں: ایران نے قطر میں امریکی اڈے پر میزائل داغ دیے

    دوسری جانب امریکی اہلکار کا کہنا ہے کہ ایران نے امریکی فضائی اڈے پر مختصر اور درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا۔

    سی این این کے مطابق ایک امریکی دفاعی اہلکار نے پیر کو بتایا کہ قطر میں العدید ایئر بیس پر "ایران سے آنے والے مختصر فاصلے اور درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا گیا۔”

    اہلکار نے کہا کہ اس وقت، امریکی ہلاکتوں کی کوئی اطلاع نہیں ہے ہم اس صورتحال کو قریب سے مانیٹر کر رہے ہیں اور جیسے ہی یہ دستیاب ہو جائے گا مزید معلومات فراہم کریں گے۔”

  • دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی ’سردار جی 3‘ کا ٹریلر بھارت میں یوٹیوب پر بلاک

    دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی ’سردار جی 3‘ کا ٹریلر بھارت میں یوٹیوب پر بلاک

    دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی فلم ’سردار جی 3‘ کا ٹریلر بھارت میں یوٹیوب پر بلاک کردیا گیا۔

    پاکستان کی مشہور ماڈل اور اداکارہ ہانیہ عامر نے اپنی آنے والی پنجابی فلم ’سردار جی 3‘ کا ٹریلر سوشل میڈیا پر شیئر کیا جس میں انہوں نے انڈین گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کے ساتھ کام کیا ہے۔

    ’سردار جی 3‘ کے ٹریلر کو گزشتہ روز ریلیز کیا گیا جسے مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔

    یہ پڑھیں: سردار جی 3 کا ٹریلر ریلیز، ہانیہ عامر کے مداح خوشگوار حیرت میں مبتلا

    رپورٹ کے مطابق سردار جی 3 کے تین منٹ طویل ٹریلر نے فلم میں ہانیہ عامر کے کردار کی تصدیق کی تاہم اب ٹریلر کو بھارت میں یوٹیوب بلاک کردیا گیا ہے تاہم اسے اب بھی دلجیت دوسانجھ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے دیکھا جاسکتا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by DILJIT DOSANJH (@diljitdosanjh)

    فلم کے پہلے جاری کیے گئے ٹیزرز اور گانے اب بھی ویڈیو پلیٹ فارم پر دیکھے جاسکتے ہیں۔

    اس سے قبل خبریں گردش کررہی تھیں کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستانی اداکارہ کو فلم کی کاسٹ سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔

    تاہم گزشتہ روز جاری ہونے والے ٹریلر نے افواہوں کو رد کیا جس میں ہانیہ عامر موجود تھیں۔

    امر ہندل کی ہدایت کاری اور جتندر لال، دھیرج رتن اور منیلا رتن کی مشترکہ تحریر کردہ فلم جمعہ 27 جون کو بھارت کے علاوہ دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔