Author: نعمان ناصر

  • ایران نے تین ممالک کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی

    ایران نے تین ممالک کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی

    ایران نے اسرائیل کی حمایت پر برطانیہ، فرانس اور امریکا کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی۔

    غیرملکی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی حمایت کرنے پر اڈوں اور بحری جہازوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

    اسرائیلی وزیر دفاع نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے میزائل حملے بند نہ کیے تو تہران جل جائے گا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ اسرائیل کے دفاع میں مدد کرے گا اور امریکی حکام کے حوالے سے خبروں میں کہا گیا ہے کہ امریکی افواج نے پہلے ہی ایرانی ڈرون اور میزائلوں کو مار گرانے میں مدد کی ہے کیونکہ وہ اسرائیل کے قریب پہنچ چکے ہیں

    یہ پڑھیں: ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے بھی جمعے کے روز کہا کہ ان کا ملک ایرانی انتقامی کارروائیوں کے خلاف اسرائیل کے دفاع میں مدد کرے گا۔

    برطانیہ کی حکومت نے کہا ہے کہ اس کی افواج نے اسرائیل کو کوئی فوجی امداد فراہم نہیں کی ہے کیونکہ وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اجلاس سے خطاب میں امریکی سفارتکار میک کوئے کا کہنا تھا کہ امریکی اڈوں یا خطے میں امریکی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا تو سنگین نتائج ہوں گے۔

  • ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن فائنل میں کھلاڑیوں نے سیاہ پٹیاں کیوں باندھیں؟

    ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن فائنل میں کھلاڑیوں نے سیاہ پٹیاں کیوں باندھیں؟

    ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن فائنل میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے کھلاڑیوں، میچ آفیشلز نے سیاہ پٹیاں باندھیں اور میچ شروع ہونے سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

    لارڈ کرکٹ گراؤنڈ میں جاری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے تیسرے دن جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے کھلاڑی اور میچ آفیشلز کے بازو پر سیاہ پٹیاں باندھے ہوئے ہیں۔

    ٹیسٹ اختتام کی جانب گامزن ہے اور دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 282 رنز کا ہدف دیا ہے۔

    تاہم کھلاڑی اور میچ آفیشلز نے بھارت کے شہر احمد آباد میں ہونے والے طیارہ حادثے کے متاثڑین کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور بازو پر سیاہ پٹیاں بھی باندھیں ، گزشتہ روز پیش آنے والے فضائی حادثے میں 241 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    ایئر انڈیا کے بوئنگ 787-8 میں 242 مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے جب طیارہ ٹیک آف کرنے کے چند سیکنڈز بعد ہی ہاسٹل پر گر کر تباہ ہوگیا۔

  • فہد مصطفیٰ نے بطور پروڈیوسر مالی فوائد پر خاموشی توڑ دی

    فہد مصطفیٰ نے بطور پروڈیوسر مالی فوائد پر خاموشی توڑ دی

    شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فہد مصطفیٰ نے بطور پروڈیوسر مالی فوائد پر خاموشی توڑ دی۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے ٹاک شو ‘بز’ میں میزبان حسن چوہدری سے بات کرتے ہوئے فہد مصطفیٰ نے اداکاروں کی مشترکہ شکایت کا جواب دیا جن کا ماننا ہے کہ ایک پروڈیوسر پروجیکٹ کے تمام مالی فوائد حاصل کرتا ہے، جب کہ وہ اسے ہٹ بنانے کی تمام تر کوششیں کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے بہت سے اداکاروں میں عام چیز دیکھی ہے کہ وہ سمجھتے ہیں ایک پروڈیوسر بہت پیسہ کماتا رہا ہے۔

    فہد مصطفیٰ نے کہا کہ اگرچہ میں اے آر وائی ڈیجیٹل کا لازمی حصہ ہوں لیکن یہ یقین کرنا حماقت ہوگی کہ چینل صرف میری وجہ سے چلتا ہے۔

    اداکار نے کہا کہ سچ پوچھیں تو پروڈیوسر اس ملک میں سب سے کم معاوضہ کماتا ہے لیکن اگر وہ کماتے بھی ہیں تو یہ آپ کو پریشان کیوں کررہا ہے، یقیناً میں کما رہا ہوں جس کے لیے ڈرامہ پروڈیوس کیا ہے کوئی خیراتی کام تو نہیں کیا۔

    فہد مصطفیٰ نے اداکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ تلخ ہونے کے بجائے فوائد حاصل کرنے کے لیے پروڈکشن میں قدم رکھ سکتے ہیں۔

    اداکار نے کہا کہ یہ واقعہ مجھے تکلیف دیتا ہے کہ ہم دوسروں کے لیے کام کرتے ہوئے ان کی بھلائی کیوں نہیں کرسکتے۔

  • بابر اعظم کا بگ بیش لیگ میں معاہدے کا امکان

    بابر اعظم کا بگ بیش لیگ میں معاہدے کا امکان

    قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کا بگ بیش لیگ میں سڈنی سکسرز سے معاہدے کا امکان ہے۔

    فرنچائز سڈنی سکسرز نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے بابر کو ٹیم میں شامل کرنے کا اشارہ دیا ہے۔

    سڈنی سکسرز کی کٹ پر بابر اعظم کی سنچری کی کمنٹری کی ویڈیو شیئرکی گئی۔

    بابر اعظم کی سڈنی سکسرز میں شمولیت کا اعلان کل تک کیا جاسکتا ہے۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بابر اعظم سمیت کئی قومی کرکٹرز کو مختلف لیگز کےلیے این او سی جاری کیا تھا۔

    پی سی بی اعلامیے کے مطابق بابر اعظم کو بگ بیش لیگ کےلیے 14 دسمبر تا 28 جنوری کےلیے این او سی جاری کیا گیا ہے۔

    اعلامیے کے مطابق فاسٹ بولر شاہین آفریدی اور محمد رضوان کو بھی اسی دورانیے کےلیے این او سی جاری ہوا ہے۔

    پی سی بی اعلامیے کے مطابق فاسٹ بولر محمد عامر کو ایسیکس کاؤنٹی کے لیے 18 جولائی تک، شان مسعود کو لیسٹر شائر کےلیے یکم ستمبر تک، حسن علی کو واروکشائر کاؤنٹی کےلیے 30 ستمبر تک کا این او سی جاری کیا گیا ہے۔

  • مذاکرات ناکام ہونے سے قبل ایران پر حملہ نہیں کریں گے، اسرائیل کی امریکا کو یقین دہانی

    مذاکرات ناکام ہونے سے قبل ایران پر حملہ نہیں کریں گے، اسرائیل کی امریکا کو یقین دہانی

    اسرائیل نے امریکا کو یقین دہانی کروائی ہے کہ مذاکرات ناکام ہونے سے قبل ایران پر حملہ نہیں کریں گے۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے عزائم سے امریکی ہم منصوبوں کو واضح طور پر آگاہ کردیا ہے کہ مذاکرات ناکام ہونے سے قبل ایران پر حملہ نہیں کریں گے۔

    اسرائیلی عہدیداروں نے پیغام گزشتہ ہفتے واشنگٹن کے دورے میں پہنچایا، واشنگٹن کو تشویش ہے کہ اسرائیل تہران کے خلاف کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے۔

    ٹرمپ پہلے نیتن یاہو کو خبردار کرچکے ہیں کہ مذاکرات کے دوران حملہ نہ کیا جائے۔

    ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے یورینیم افزودگی کو ترک کرنا ’100 فیصد‘ ملکی مفادات کے خلاف قرار دیتے ہوئے تہران کے جوہری معاملات پر دہائیوں سے جاری تنازع حل کرنے کے لیے مذاکرات میں امریکی مرکزی مطالبے کو مسترد کر دیا۔

    ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسلامی جموریہ ایران کے بانی روح اللہ خمینی کی برس کے موقع پر ٹی وی خطاب میں کہا کہ امریکا کی پیشکش ہماری خودمختاری اورعزت نفس کے خلاف ہے، مزید کہنا تھا کہ یورینیم کی افزودگی ہمارے جوہری پروگرام کا اہم حصہ ہے اور دشمن اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے جوہری پیشکش ہمارے مفادات کے 100 فیصد خلاف ہے، مغرور اور بدتمیز امریکا متعدد بار ہم سے یہ مطالبہ کرتا رہا ہے کہ ہمارے پاس جوہری پروگرام نہیں ہونا چاہیے، تم کون ہوتے ہو یہ فیصلہ کرنے والے کہ ہمیں یورینیم کی افزودگی کرنے چاہیے یا نہیں؟

    انہوں نے کہا کہ آزادی کا مطلب یہ ہے کہ امریکا اور اس جیسے ممالک کی طرف سے اجازت کا انتظار نہ کیا جائے۔

  • ویڈیو: کراچی میں بپھرا بیل شہری کو گھسیٹتا ہوا لے گیا

    ویڈیو: کراچی میں بپھرا بیل شہری کو گھسیٹتا ہوا لے گیا

    کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 18 میں بپھرا بیل شہری کو گھسیٹتا ہوا لے گیا جس کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔

    عید قرباں کی آمد آمد ہے ایسے میں شہری سنت ابراہیمی پر عمل پیرا ہونے کے لیے جانوروں کی خریداری میں مصروف ہیں۔

    ایسے میں اکثر و بیشتر ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوجاتی ہیں کہیں جانور بھاگ جاتا ہے کہیں جانور تنگ کرنے پر شہری کو ٹکر بھی مار بھی دیتا ہے۔

    تاہم سوشل میڈیا پر ایک ایسی ہی ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جسے دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔

    کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 18 میں بیل کی رسی نوجوان کے پیر میں پھنسی اور بیل اسے گھسیٹتا ہوا دور تک لے گیا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بیل نوجوان کو گھسیٹتا ہوا لے جارہا ہے جبکہ نوجوان مدد کے لیے لوگوں کو پکار رہا ہے۔

    آخر میں بیل چبوترے سے ٹکرانے کے بعد رک گیا تو نوجوان کی جان بچی۔

    بیل کی جانب سے گھسیٹے جانے کے نتیجے میں نوجوان زخمی ہوگیا جسے اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

  • کراچی یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن منصوبہ عوام کے لیے درد سر بن گیا، یہ بس منصوبہ مکمل کب ہوگا؟

    کراچی یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن منصوبہ عوام کے لیے درد سر بن گیا، یہ بس منصوبہ مکمل کب ہوگا؟

    یونی ورسٹی روڈ پر تعمیر ہونے والا ریڈ لائن منصوبہ کراچی کے لئے شہریوں کے لئے مشکلات کا باعث بنا ہوا ہے جہاں سے شہریوں کو گزرنا انتہائی تکلیف دہ ہے ، شہری منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنے پر مجبور ہیں۔

    چند ماہ قبل ریڈ لائن منصوبے کے کام کے دوران پانی کی لائن پھٹ گئی جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی اور لوگ ٹینکر خریدنے پر مجبور ہوئے۔

    اس منصوبے کے اطراف میں تین یونیورسٹیاں، کراچی یونیورسٹی، این ای ڈی یونیورسٹی اور وفاقی اردو یونیورسٹی موجود ہیں جس کے طلبا بھی اذیت میں مبتلا ہیں اور طلبا کا کہنا ہے کہ بس منصوبے کی وجہ سے حادثات میں اضافہ ہوا ہے ہمیں مجبوراً گروپ بنا کر سڑک عبور کرنی پڑتی ہے، حکومت سے گزارش ہے کہ اس منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔

    گزشتہ دنوں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ اللہ کرے یہ منصوبہ شرمندہ تعبیر ہوجائے اور ہم شرمندگی سے نکل آئیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ریڈ لائن منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے وزیر ٹرانسپورٹ سندھ بھرپور محنت کررہے ہین، مجھے بتایا گیا ہے کہ اب بھی اس منصوبے کو مکمل ہونے میں دو سال لگیں گے۔

    میئر کراچی نے کہا کہ اب اس منصوبے کو روک نہیں سکتے اس کی تکمیل کرنا ضروری ہے۔

    یاد رہے کہ ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ 26 کلومیٹر طویل روٹ پر مشتمل ہے جو ملیر ہالٹ سے شروع ہوکر نمائش چورنگی تک جائے گا جب کہ اس منصوبے کا آغاز 2022 میں ہوا تھا۔

  • ’بانی قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی مانگ رہے ہیں‘

    ’بانی قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی مانگ رہے ہیں‘

    راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خانم کا کہنا ہے کہ بانی قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی مانگ رہے ہیں۔

    بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے وکلا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہوجائیں، جو لوگ وزن نہیں اٹھا سکتے وہ الگ ہوجائیں کوئی گلہ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آج ہمیں پھر ملاقات کی اجازت نہیں ملی، عمران خان کی 8 ماہ میں ایک بار بچوں سے بات کروائی گئی ہے۔

    یہ پڑھیں: صرف یہ بتادیں ہمارے بھائی نے آپ کا کیا بگاڑا ہے؟ علیمہ خانم

    علیمہ خانم نے کہا کہ عمران خان کو صرف کتابیں اور بچوں سے بات کرنے کی اجازت چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ نعیم پنجوتھا اندر گئے اور تفصیلات لے کر آئے ہیں۔

    گزشتہ دنوں علیمہ خانم کا کہنا تھا کہ صرف یہ بتادیں ہمارے بھائی نے آپ کا کیا بگاڑا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کچھ لو کچھ دو کی بنیاد پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں، بتادیں بھائی نے آپ کا کیا بگاڑا ہے۔ ہمارے ساتھ بیٹھیں، بتائیں ایسا کیا دیں کہ عمران خان کی رہائی ممکن ہو۔

    علیمہ خانم کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر نے تو کہا تھا پانچ تاریخ کو بانی رہا ہوجائیں گے جس پر بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ امید ہے بانی پی ٹی آئی کا کیس سماعت کے لیے مقرر ہوجائے گا۔

  • سینیٹر ایمل ولی نے چیئرمین پی ٹی اے کو معاف کردیا

    سینیٹر ایمل ولی نے چیئرمین پی ٹی اے کو معاف کردیا

    عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر ایمل ولی خان نے چیئرمین پی ٹی اے کو معاف کردیا۔

    اے این پی سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی اے خود میرے پاس چل کر آئے، اب وہ میرے بڑے بھائی ہیں سب کدورتیں ختم ہوگئیں۔

    انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف تحریک استحقاق واپس لے لوں گا، یہ ایک حادثہ تھا۔سینیٹر ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ پشتون قوم تو قاتل کو بھی معاف کردیتی ہے۔

    چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے سینیٹر ایمل ولی خان پر نشہ کرنے کا الزام لگانے پر چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) حفیظ الرحمان کا معاملہ استحقاق کمیٹی بھیج دیا تھا۔

    یہ پڑھیں: ایمل ولی خان پر نشہ کرنے کا الزام، چیئرمین پی ٹی اے کا معاملہ استحقاق کمیٹی بھجوا دیا گیا

    سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے رہنما عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) ایمل ولی خان نے کہا تھا کہ اگر ایک سینیٹر کی عزت ہے تو چیئرمین پی ٹی اے کا معاملہ استحقاق کمیٹی بھیجیں، جس طرح کل ایک سینیٹر کے ساتھ رویہ اپنایا گیا وہ سینیٹ کی توہین ہے۔

    اس پر چیئرمین سینیٹ نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے بھی رائے لی اور حفیظ الرحمان کا معاملہ استحقاق کمیٹی بھیج دیا تھا۔

    مزید پڑھیں: ایمل ولی خان پر نشہ کرنے کا الزام، چیئرمین پی ٹی اے کو لیگل نوٹس بھیج دیا گیا

    گزشتہ روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان نے ایمل ولی خان پر نشہ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ اجلاس میں دونوں مین اُس وقت جھڑپ ہوئی جب چیئرمین پی ٹی اے نے ایمل ولی خان پر نشہ کرنے کا الزام لگایا اور طنزیہ کہا کہ مجھے بھی چرس کا سگریٹ دیں۔

    اس پر ایمل ولی خان بھڑک اٹھے اور کہا تھا کہ آپ کو کیا تکلیف ہے؟ انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرکاری ملازم مجھے کیسے کہہ سکتا ہے کہ تم نشہ کر کے آئے ہو، سرکاری افسر کا یہ انداز بالکل قابل قبول نہیں، آپ کو یہ جرات کس نے دی ہے کہ ایسے بات کریں۔

  • لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو ہرا کر پی ایس ایل 10 سے باہر کردیا

    لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو ہرا کر پی ایس ایل 10 سے باہر کردیا

    پی ایس ایل 10 کے ایلی منیٹر میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔

    لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کی جانب سے دیا جانے والا 191 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، قلندرز کا ایلی منیٹر 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے مقابلہ ہوگا اور جیتنے والی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے فائنل کھیلے گی۔

    عبداللہ شفیق نے 35 گیندوں پر 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اوپنر فخر زمان 47 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد نعیم 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    کوشل پریرا 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بھنوکا راجا پکسا23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، میر حمزہ اور فواد علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

     کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے اور قلندرز کو جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    کپتان ڈیوڈ وارنر نے 52 گیندوں پر 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور تین چھکے شامل تھے، قلندرز کی جانب سے ڈیوڈ وارنر کے دو کیچز بھی ڈراپ کیے گئے، خوشدل شاہ 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    عرفان خان نیازی 18 رنز بناسکے۔ ٹم سائفرٹ 16 اور جیمز ونس 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، سعد بیگ 11 اور محمد نبی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    حارث رؤف نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاہین آفریدی نے دو، زمان خان اور شکیب الحسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر شاہین آفریدی الیون کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی۔

    ایلی منیٹر ہارنے والی ٹیم کو خالی ہاتھ گھر لوٹنا پڑے گا جبکہ فاتح ٹیم دوسرے کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹکرائے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل کی ٹکٹ کنفرم کرلی ہے۔

    ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں دونوں ٹیموں نے 21 میچز کھیلے کراچی نے 14 جبکہ لاہور قلندرز نے 7 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے، آخری 7 میچوں میں کراچی نے 6 میچ جیتے ہیں جبکہ لاہور قلندرز صرف ایک میچ جیت سکے ہیں۔