Author: نعمان ناصر

  • سندھ اور بلوچستان میں گیس کی قیمتوں میں کمی کی منظوری

    سندھ اور بلوچستان میں گیس کی قیمتوں میں کمی کی منظوری

    آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے لیے گیس قیمتوں میں ردوبدل کی منظوری دے دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اوگرا نے سندھ اور بلوچستان کے لیے گیس قیمتوں میں کمی جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد کے لیے اضافے کی سفارش کردی۔

    سوئی سدرن نے 103 روپے 95 پیسے کمی اور سوئی ناردرن نے گیس 116 روپے 90 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کرنے کی منظوری دی۔

    حکومت سے منظوری کے بعد اوگرا کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

    سوئی نادرن کے لیے گیس قیمتوں میں اضافہ آر ایل این جی کی درآمد میں اضافے کے باعث ہوا، اوگرا نے گیس مینجمنٹ کے حوالے سے ایس این جی پی ایل کا معاملہ وفاقی حکومت کے سامنے رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

    اوگرا نے وفاقی حکومت کو کیٹیگری وائز گیس کی قیمتیں مقرر کرنے کی سفارش کی ہے، قیمتوں کی سفارات کمپنیوں کی مالی سال 2025-26 کے شارٹ فال کو مدنظر رکھ کر ترتیب دی ہے۔

  • روی بوپارا پلے آف میں کراچی کنگز کی واپسی کے لیے پرامید

    روی بوپارا پلے آف میں کراچی کنگز کی واپسی کے لیے پرامید

    کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ روی بوپارا اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف آخری لیگ میچ میں شکست کے باوجود پلے آف میں ٹیم کی واپسی کے لیے پرامید ہیں۔

    پی ایس ایل 10 میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ روی بوپارا نے کہا کہ یہ ہمارا بہترین دن نہیں تھا لیکن اس نے ہمارے اعتماد کو متزلزل نہیں کیا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ٹیم مضبوط یونٹ ہے، ہم ایک ساتھ اچھے لمحات سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور ہم مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، ہر طرح سے آگے بڑھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہم نے پورے گروپ مرحلے میں بہترین کرکٹ کھیلی ہے، ہم دوسرے نمبر پر رہے لیکن اسلام نے دوبار شکست دی اس لیے وہ اس پوزیشن کے مستحق ہیں۔

    یہ پڑھیں: پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو شکست دے دی

    انہوں نے مزید کہا کہ میں اس سیزن میں ابھرتے ہوئے بلے بازوں سے متاثر ہوا ہوں، عام طور پر ہم زیادہ تیز گیند بازوں کو دیکھتے ہیں لیکن اس بار کچھ واقعی مضبوط ہٹر آئے ہیں، وہ طاقتور ہیں، وہ باؤنڈریز کو لگا سکتے ہیں۔

    روی بوپارا نے کہا کہ وہ بیٹرز ابھی ناتجربہ کار ہیں ہمیں ان کی رہنمائی کرنی ہوگی اور اس طرح ہم انہیں عالمی معیار کا کھلاڑی بناسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی کنگز ، لاہور قلندرز کے خلاف 22 مئی کو ناک آؤٹ میچ کھیلے گی۔

  • سردار رامیش سنگھ اروڑا کا سکھوں کے لیے اہم ویڈیو پیغام

    سردار رامیش سنگھ اروڑا کا سکھوں کے لیے اہم ویڈیو پیغام

    پنجاب کے صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رامیش سنگھ اروڑا کا سکھوں کیلئے اہم ویڈیو پیغام جاری کردیا۔

    صوبائی وزیر رامیش سنگھ نے کہا کہ جنگ کے پیچھے میں مودی سرکار کی اصل سازش بے نقاب ہو چکی ہے کیونکہ آر ایس ایس  اور شیو شینا  کی سوچ نے بھارت کو اقلیتوں کے لیے جہنم بنا دیا ہے۔

    رامیش سنگھ نے کہا کہ اگر آج سکھ خاموش رہے، تو کل اُن کا وہی حال ہوگا جو گجرات کے مسلمانوں کا 2002 میں ہوا تھا۔

    انہوں نے دنیا بھر میں بسنے والےسکھوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا سکھ سنگت پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے، اور اس کا دفاع کرنے کیلئے سامنے آئی گئی۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    ان کا کہنا تھا کہ 22 اپریل کو پہلگام واقعہ قابل مذمت ہے اور پاکستانی حکومت نے بھی اس کی مذمت کی ہے، پاکستانی وزیراعظم نے شفاف تحقیقات  کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تعاون کی پیشکش بھی کی لیکن آر ایس ایس کی سوچ نے بغیر سوچے سمجھے پاکستان پر الزام لگانا شروع کیا اس کے بعد جنگ شروع کی۔

    رامیش سنگھ نے کہا کہ ہم نے بار بار روکا جنگ حل نہیں امن ہونا چاہیے ،مودی سرکار نے ہماری سوچ کو کمزوری سمجھ کر حملہ کیا اور 6 اور 7 مئی کو  مسجدوں اور نہتے سویلین کو نشانہ بنایا ، ننکانہ صاحب پر حملہ کیا اور اگلی رات امرتسر پر حملہ کیا تاکہ سکھوں کو یہ بتایا جائے پاکستان نہ تو ننکانہ صاحب کو بچا سکے اور امرتسر پر بھی حملہ کیا ، ان کا منصوبہ یہ تھا کہ سکھوں کو کسی طریقے سے پاکستان سے دور کیا جاسکے لیکن ہم ماضی میں سکھوں کے ساتھ ہونے والی خونریزی کو نہیں بھولے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنا اتحاد دکھا کر ایک ہونے کہ ضرورت ہے۔

  • حبا بخاری نے مداحوں کو دھوکا کھانے سے بچا لیا

    حبا بخاری نے مداحوں کو دھوکا کھانے سے بچا لیا

    شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حبا بخاری نے جعلی ایکس اکاؤنٹ سے متعلق مداحوں کو مطلع کرکے دھوکا کھانے سے بچا لیا۔

    پاکستان شوبز کی اداکارہ حبا بخاری نے ایک جعلی ایکس اکاؤنٹ (سابقہ ٹوئٹر) کی جانب سے ان سے منسوب کیے گئے متنازع بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ ان کا ایکس پر کوئی آفیشل اکاؤنٹ موجود نہیں۔

    سوشل میڈیا پر ایک اکاؤنٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان سے متعلق ایک بیان حبا بخاری کے نام سے شیئر کیا، جس کے بعد صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔

    حبا بخاری نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنے مداحوں کو آگاہ کیا کہ وہ ایکس پر سرے سے موجود ہی نہیں ہیں اور ان کے نام سے بنایا گیا اکاؤنٹ جعلی ہے۔

    اداکارہ نے مزید کہا کہ کسی بھی سماجی یا سیاسی معاملے پر ان کے نام سے کیے جانے والے بیانات کو سنجیدگی سے نہ لیا جائے، جب تک کہ وہ خود اپنے آفیشل پلیٹ فارمز پر کوئی بات نہ کریں۔

    انہوں نے مداحوں سے درخواست کی کہ ایسے جعلی اکاؤنٹس کو فوری طور پر رپورٹ کریں۔

  • ’جنگ تباہی ہے‘ علی ظفر نے امن کا مطالبہ کردیا

    ’جنگ تباہی ہے‘ علی ظفر نے امن کا مطالبہ کردیا

    پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ جنگ تباہی ہے بات چیت ہی واحد حل ہے۔

    گلوکار علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم نے گھر کے قریب دھماکوں کی آوازیں سنی ہیں۔‘

    انہوں نے کہا کہ کیا آپ واقعی جانتے ہیں کہ دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ کا کیا مطلب ہوسکتا ہے؟

    علی ظفر نے لکھا کہ ’یہ فلم نہیں ہے جنگ تباہی ہے، معصوم جانیں جن میں بچوں اور اہل خاندان کی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔

    علی ظفر نے عالمی طاقتوں کو مخاطب کرتے ہوئے مزید لکھا کہ دنیا کو جاگنا ہوگا، ہمیں امن کی ضرورت ہے۔ ہر زندگی اہمیت رکھتی ہے۔ ہر قوم حفاظت کی مستحق ہے۔ بین الاقوامی برادری کو اس پاگل پن کو روکنے کے لیے فیصلہ کن مداخلت کرنی چاہیے۔

    پاک بھارت کشیدگی  سے متعلق تمام خبریں

    انہوں نے اس مسئلے کا حل بتاتے ہوئے لکھا کہ بات چیت ہی واحد حقیقی حل ہے۔ بات کریں اور ایک دوسرے کی سنیں، مسئلہ حل کریں۔ خطے اور دنیا بھر میں اربوں زندگیوں کا انحصار اس پر ہے۔

    دوسری جانب پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ہوسٹ حنا الطاف نے اپنے مداحوں پر زور دیا کہ وہ بالی ووڈ کی مشہور شخصیات کا بائیکاٹ کریں۔

    ساتھ ہی انہوں نے بھارتی فوج کی جانب سے نہتے پاکستانی شہریوں پر رات کے اندھیرے میں کیے گئے حملے پر جشن منانے والی بھارتی اداکاروں کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Niche Lifestyle (@nichelifestyle)

    اداکارہ نے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان سرحد کے دونوں جانب معصوم جانوں کے نقصان کی مذمت کرتا ہے مگر ہمارے دکھ پر آپ لوگوں کو خوش ہوتے اور جشن مناتے دیکھنا بہت تکلیف دہ ہے۔

    انہوں نے اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ میں صرف یہ کہنا چاہتی ہوں کہ ان تمام بھارتی اداکاروں اور ان لوگوں کو اَن فالو اور اَن سبسکرائب کریں اور اُن (پاکستانی فنکاروں) سے فاصلے پر رہیں جو اس ملک میں رہتے ہیں لیکن جب بات ہمارے وطن کی ہو تو خاموش رہتے ہیں۔

  • جمعیت علمائے اسلام کا 9 مئی کو دفاع وطن منانے کا اعلان

    جمعیت علمائے اسلام کا 9 مئی کو دفاع وطن منانے کا اعلان

    جمعیت علمائے اسلام نے کل بروز جمعہ کو دفاع وطن منانے کا اعلان کیا ہے۔

    جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے علما سے خطبوں میں بھارتی جارحیت کی مذإت کی قرارداد منظور کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کے عزم کا اظہار کریں۔

    مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے ہم سب ایک ہیں، ہماری بہادر فوج وطن کے دفاع کے لیے دشمن کے سامنے کھڑی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دشمن کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔

    یہ پڑھیں: جماعت اسلامی کا پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلیے مظاہروں کا اعلان

    واضح رہے کہ بھارت کو بزدلانہ حملے کا کرارا جواب دینے پر جماعت اسلامی کراچی نے بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلیے کل شہر قائد میں مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔

    امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارتی دہشتگردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے، صبح 10 بجے سے تعلیمی اداروں میں اظہار یکجہتی ہوگا، ہماری افواج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ میں بمباری کر کے نوجوانوں اور بچوں کو شہید کر رہا ہے، اقوام متحدہ اسرائیل کو روکنے کیلیے کردار ادا نہیں کر رہا، اقوام متحدہ کو بھارت اور اسرائیل کے خلاف کردار ادا کی ضرورت ہے۔

    گزشتہ روز امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی زیرِ صدارت مرکزی قیادت کے ہنگامی اجلاس میں بھارت کے بزدلانہ حملوں کے خلاف 9 مئی کو ملک گیر یوم عزم منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ جمعہ کے روز ملک بھر میں بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔

  • آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بابر اعظم کی تنزلی

    آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بابر اعظم کی تنزلی

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹیسٹ رینکنگ میں بابر اعظم کی تنزلی ہوگئی۔

    پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ 20 سے باہر ہوگئے، 651 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ وہ 21ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

    جنوبی افریقا کے خلاف بابر نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوران چار اننگز میں 193 رنز بنائے تھے جس میں تین نصف سنچریاں شامل ہیں۔

    ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں بابر کی کارکردگی اچھی نہیں رہی اور انہوں نے چار اننگز میں صرف 45 رنز بنائے اور ان کی رینکنگ متاثر ہونے میں اہم کردار ادا کیا۔

    محمد رضوان بیٹنگ رینکنگ میں 671 پوائنٹس کے ساتھ 14 ویں پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ سلمان علی آغا اس وقت 32 ویں نمبر پر ہیں۔

    دیگر پاکستانی بلے بازوں میں معمولی بہتری دیکھنے میں آئی۔ شان مسعود 542 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ ترقی کرکے 46 ویں اور عبداللہ شفیق 520 پوائنٹس کے ساتھ 53 ویں نمبر پر آگئے۔

    بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ پر انگلینڈ کے جو روٹ بدستور نمبر 1 ٹیسٹ بلے باز ہیں، اس کے بعد ساتھی ہیری بروک دوسرے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسرے نمبر پر ہیں۔

    بولرز رینکنگ میں پاکستان کے ساجد خان اور شاہین شاہ آفریدی دونوں 22ویں اور 23ویں نمبر پر آگئئے ہیں، تاہم نعمان علی چھٹے نمبر پر ہیں جبکہ محمد عباس 29 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ نسیم شاہ نے اپنی 39ویں پوزیشن برقرار رکھی۔

    بھارت کے جسپریت بمراہ آئی سی سی ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں سرفہرست ہیں، جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا دوسرے نمبر پر ہیں۔

    آل راؤنڈرز کی کیٹیگری میں ہندوستان کے رویندرا جدیجا بدستور سرفہرست ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ٹاپ 20 آل راؤنڈرز میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔

    بنگلہ دیش کے مہدی حسن میراز زمبابوے کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد آل راؤنڈرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

    27 سالہ نوجوان نے دو میچوں میں 116 رنز بنائے اور 15 وکٹیں حاصل کیں، جو کیرئیر کے بہترین 327 ریٹنگ پوائنٹس تک پہنچ گئے۔

  • جس اسپتال میں پیدا ہوئی وہ بند ہوگیا، رومیسہ خان

    جس اسپتال میں پیدا ہوئی وہ بند ہوگیا، رومیسہ خان

    شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ اور کانٹینٹ کری ایٹر رومیسہ خان کا کہنا ہے کہ میری جس اسپتال میں پیدائش ہوئی وہ بند ہوگیا۔

    اداکارہ و ٹک ٹاکر رومیسہ خان نے حال ہی میں علی سفینہ کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور نجی زندگی سمیت دیگر موضوعات پر اظہار خیال کیا۔

    رومیسہ خان نے بتایا کہ میں جس اسپتال میں پیدا ہوئی وہ بند ہوگیا، جس اسکول سے میٹرک مکمل کیا وہ بھی بند ہوگیا پھر جس کوچنگ سینٹر سے پڑھی وہ بھی بند ہونے کے قریب ہے اور جس یونیورسٹی سے ڈگری حاصل کی اس کا ایک کیمپس بند ہوچکا ہے۔

    اس پر میزبان نے کہا کہ آپ تو بہت بڑی پنوتی ہیں اس پر رومیسہ مسکرانے لگ گئیں۔

    رومیسہ خان نے بتایا کہ بچپن میں لڑکوں کے ساتھ دوستی تھی اور ان کے ساتھ گھل مل جاتی تھی کیونکہ اس وقت لڑکیوں کے ساتھ میری زیادہ بنتی نہیں تھی لیکن وقت کے ساتھ ساتھ میری سوچ بدلی اور میری بہترین دوست لڑکیاں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ لڑکوں کو جانتی ہوں اور سماجی تقریبات میں ملتی بھی ہوں لیکن اب قریبی دوست کوئی لڑکا نہیں۔

    یہ پڑھیں: رومیسہ خان نے صرف لڑکیوں سے دوستی کی وجہ بتادی

    رومیسہ نے مزید بتایا کہ وہ انسٹاگرام پر بھی لڑکیوں سے تو کشادہ دلی سے بات کرتی ہیں لیکن لڑکوں کے ڈی ایم سے گریز کرتی ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ فیریئر ہال بہت اچھی جگہ ہے میرا دل چاہتا ہے کہ وہاں جاؤں لیکن میں گئی ہوں ایک دو مرتبہ شوٹنگ کے لیے لیکن ٹک ٹاک بنانے کے لیے وہاں نہیں جاسکتی۔

     رومیسہ خان نے کہا کہ مجھے پہلے دن سے ہی اداکارہ بننا تھا لیکن مجھے نہیں معلوم تھا کہ ٹک ٹاک ویڈیوز کے ذریعے ایسا ہوجائے گا، گھر میں پڑوسن کی نقلیں اتارتی تھیں اور ڈب میش بنا کر خوش ہوتی تھی۔

    اداکارہ نے کہا کہ جب میں نے یہ سب کرنا شروع کیا تو لوگ خوش ہوتے تھے جسے دیکھ کر مجھے خوشی ہوتی تھی۔

  • پاکستان کے مختلف شہروں میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی

    پاکستان کے مختلف شہروں میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی

    پاکستان کے بالائی و وسطی علاقوں میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    شمالی مشرقی پنجاب میں یکم ئی سے مرطوب ہوائیں داخل ہونے کا امکان ہے، کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، مری سمیت متعدد علاقوں میں ژالہ باری کا امکان ہے۔

    پشاور، مردان، دیر، سوات، کوہاٹ، باجوڑ، کرم، وزیرستان میں بھی بارش کی پیشگوئی ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 30 اپریل سے 4 مئی تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

    ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، سکھر، لاڑکانہ میں گرد آلود ہوائیں اور بارش متوقع ہے۔

    آندھی، ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ بارش سے درخت، بجلی کے کھمبے اور سولر پینل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

    یہ پڑھیں: بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ہونے کے لئے تیار، الرٹ جاری

    علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم کل سے ملک میں داخل ہوگا، بارش اور تیز ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں کمی آئے گی۔

    موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا تھا کہ آج سے چار مئی تک اسلام آباد مری گلیات، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتساتن اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق دو سے پانچ مئی کے دوران جنوبی پنجاب،بلوچستان سکھر ،میرپورخاص،خیرپور تھرپارکر سانگھڑمیں بھی بارش متوقع ہے۔

    پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو مراسلہ کردیا ، جس میں ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

  • پاکستان کے مختلف شہروں میں آندھی، بارش اور ژالہ باری کا امکان

    پاکستان کے مختلف شہروں میں آندھی، بارش اور ژالہ باری کا امکان

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یکم مئی سے 5 مئی تک پاکستان کے مختلف علاقوں میں آندھی، بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے یکم مئی سے مغربی ہوائیں داخل ہونے کی پیش گوئی کی ہے، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان اور بارش متوقع ہے۔

    گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، آندھی اور ژالہ باری سے فصلوں، کمزور عمارات اور سائن بورڈز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

    شہریوں کو غیرضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر ختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئیں، کاشت کار اپنی فصلوں کو محفوظ بنانے کے لیے پیشگی اقدامات کریں۔