Author: نعمان ناصر

  • صحت یابی کے بعد خاتون دوبارہ کرونا وائرس میں مبتلا

    صحت یابی کے بعد خاتون دوبارہ کرونا وائرس میں مبتلا

    ٹوکیو: جاپان میں خاتون کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے کے بعد دوبارہ اس مہلک وائرس میں مبتلا ہوگئیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اوساکا کی خاتون میں پہلی دفعہ گزشتہ ماہ جنوری میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد انہیں یکم فروری کو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جاپان میں ایک ہی مریض میں دوبارہ سے وائرس سے متاثر ہونے کا یہ پہلا کیس ہے جبکہ چین میں اس نوعیت کا کیس پہلے ہی سامنے آچکا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 40 سالہ خاتون کو پہلی بار 29 جنوری کو کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔

    وہ جنوری میں اس وبا کا مرکز ووہان سے آنے والے سیاحوں کے ساتھ ٹور بس میں رہنما کے طور پر کام کررہی تھیں بس کے ڈرائیور کو بھی وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

    اسپتال سے فارغ ہونے کے بعد ان میں 6 فروری کو اس وائرس کا تجربہ کیا تھا اور ان کا ٹیسٹ منفی آیا تھا لیکن انہیں کھانسی کی شکایت تھی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 21 فروری کو وہ گلے کی سوزش اور سینے میں تکلیف کی شکایت کرتے ہوئے وہ ڈاکٹرز کے پاس واپس گئیں تو ان کے ٹیسٹ کیے گئے اور دوبارہ وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    واضح رہے کہ جاپان میں کم ازکم 186 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ اس مہلک وائرس سے 4 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

  • اسٹیو اسمتھ نے ویرات کوہلی کو بڑا دھچکا دے دیا

    اسٹیو اسمتھ نے ویرات کوہلی کو بڑا دھچکا دے دیا

    دبئی: آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق اسٹیو اسمتھ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو پیچھے دھکیلتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے بھارت اور نیوزی لینڈ کے ٹیسٹ میچ کے اختتام کے بعد نئی رینکنگ جاری کی جس کے مطابق آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئے، ویرات کوہلی کی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں صرف 21 رنز بنانے کے سبب تنزلی ہوئی ہے۔

    ٹاپ ٹین بولرز رینکنگ میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ہے جبکہ بیٹسمین رینکنگ میں بابر اعظم پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔

    اسٹیو اسمتھ پہلے نمبر پر براجمان ہیں، ویرات کوہلی ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے جبکہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔

    درجہ بندی کے مطابق بھارت کے ٹاپ آرڈر میں تبدیلیاں ہوئیں، اجنکیا رہانے آٹھویں نمبر، میانک اگروال 10ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ چیتشور پجارا پہلے ٹیسٹ میں کم اسکور کرنے پر نویں نمبر پر آگئے ہیں۔

    نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹیسٹ میچز کی سنچری کرنے والے روس ٹیلر 13ویں نمبر پر براجمان ہیں۔

    بھارت کے خلاف شاندار بولنگ کرنے پر نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولرز ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ کی رینکنگ بہتر ہوئی ہے، ساؤتھی آٹھویں سے چھٹے اور ٹرینٹ بولٹ تیرہویں نمبر سے چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔

    زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے بنگلہ دیشی وکٹ کیپر مشفیق الرحیم کی ٹاپ 20 میں واپسی ہوئی ہے۔

  • ہانگ کانگ، شہریوں کو رقم اور ٹیکس چھوٹ دینے کا اعلان

    ہانگ کانگ، شہریوں کو رقم اور ٹیکس چھوٹ دینے کا اعلان

    ہانگ کانگ نے مالی بوجھ کو کم کرنے میں مدد کے لیے مستقل رہائشیوں کو تقد رقوم اور ٹیکس چھوٹ دینے کا اعلان کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہانگ کانگ حکومت نے سالانہ بجٹ کے ایک حصے کے طور پر 18 سال سے زائد عمر کے تقریباً 70 لاکھ افراد کو 10 ہزار ڈالر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ہانگ کانگ کی معیشت کرونا وائرس کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے، کئی مہینوں کی پرتشدد سیاسی بدامنی سے ہانگ کانگ کی معیشت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    واضح رہے کہ ہانگ کانگ میں کرونا وائرس سے 2 افراد ہلاک اور مجموعی طور پر 81 افراد متاثر ہیں۔

    فنانس سیکریٹری ہانگ کانگ پال چن کا کہنا تھا کہ معیشت کو اس سال بہت بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ ہم نے 18 سال اور اس سے بڑی عمر کے مستقل شہریوں کے لیے 10 ہزار ہانگ کانگ ڈالر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو ان کا مالی بوجھ دور کرے گا اور ساتھ ہی مقامی اخراجات کے لیے حوصلہ مند ثابت ہوگا۔

    ہانگ کانگ حکومت کی جانب سے تنخواہ اور جائیداد میں ٹیکس چھوٹ دینے کے اعلان کے ساتھ رہائشی کرائے کم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔

  • خود بدل جانا کافی نہیں، دل چاہتا ہے لوگوں کی مدد کروں، فیروز خان

    خود بدل جانا کافی نہیں، دل چاہتا ہے لوگوں کی مدد کروں، فیروز خان

    کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان نے کہا ہے کہ میرے لیے خود بدل لینا کافی نہیں ہے دل چاہتا ہے کہ لوگوں کی کسی نہ کسی طرح مدد کروں۔

    تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی اداکار فیروز خان نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شرکت کی اور اپنے نئے آنے والے ڈرامے ’عشقیہ‘ کے حوالے سے میزبان ندا یاسر کے مختلف سوالوں کے جواب دئیے۔

    فیروز خان کا کہنا تھا کہ ڈرامے میں ان کے کردار کا نام حمزہ ہے، اور ان کے ساتھ مرکزی کردار میں رمشا خان، ہانیہ عامر ، گوہر خان شامل ہیں۔

    اداکار فیروز خان کا کہنا ہے کہ جب چھوٹا تھا تو کبھی اداکار بننے کا سوچا بھی نہیں تھا، اگر اداکار نہ ہوتا تو اپنا کوئی ریسٹورنٹ کھول لیا ہوتا۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے بہت زیادہ پارٹیوں میں جاتا تھا لیکن اب اس میں کمی آگئی ہے، عمر کا ایک تقاضا ہوتا ہے کہ بندہ ان چیزوں سے دور ہوجاتا ہے۔

    فیروز خان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کو جوانی کی عبادت بہت پسند ہے، مجھے لگتا ہے کہ آپ جوانی میں بہت سی چیزوں کا فیصلہ کرلیں تو باقی کی زندگی خوبصورت ہوجاتی ہے اور رزق کی زیادہ رازق کو ڈھونڈیں تو زیادہ بہتر ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں فیروز خان کا کہنا تھا کہ زندگی کوئی ایسی چھوٹی چیز نہیں ہوگی کہ ہمیں زندگی میں بھیج دیا گیا ہے اور ذمہ داریاں دے دی گئی ہیں، مجھے حج سے بہت کچھ ملا میں بہت خوش نصیب ہوں۔

    اداکار فیروز خان نے کہا کہ ہم لوگ مولانا طارق جمیل صاحب سے ملنے گئے تھے میں بلال عباس کے ساتھ باہر کھڑا تھا تو بلال نے کہا کہ اگر آپ مر جائیں اور آپ سے سوال ہوگا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو پیسے بھی دئیے پھر بھی آپ نے عمرہ یا حج ادا نہیں کیا۔

    فیروز کے مطابق بلال عباس کا یہ سوال میرے ذہن میں رہا اور پھر میں عمرہ اور حج کی سعادت حاصل کرنے کی تھان لی اور اللہ کا شکر ہے کہ میں حج پربھی گیا اور رمضان کے مہینے میں دو عمرہ ادا بھی ادا کیے۔

    واضح‌رہے کہ اداکار فیروز خان کا ڈرامہ عشقیہ آج رات 8 بجے نشر کیا جائے گا، فیروز خان کے ساتھ ڈرامے میں‌ ہانیہ عامر، رمشا خان اور گوہر خان اداکاری کے جوہر دکھارہے ہیں.

  • کرونا وائرس کے علاج میں ابتدائی کامیابی، حوصلہ افزا نتائج

    کرونا وائرس کے علاج میں ابتدائی کامیابی، حوصلہ افزا نتائج

    بنکاک: تھائی لینڈ کے ڈاکٹر نے کرونا وائرس کے علاج میں ابتدائی کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کے علاج میں تھائی لینڈ کے ڈاکٹر کو ابتدائی کامیابی ملی ہے، دوا دینے کے 48 گھنٹے بعد ہی حوصلہ افزا نتائج آنا شروع ہوگئے۔

    تھائی ڈاکٹر کاکہنا ہے کہ ایچ آئی وی مرض کی دواؤں سے کامیابی حاصل ہوئی ہے، دوا دینے کے 48 گھنٹے بعد حوصلہ افزا نتائج حاصل ہورہے ہیں، طریقہ کارگر ثابت ہورہا ہے، علاج سے پہلے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

    ڈاکٹرکے مطابق چینی حخام ایچ آئی وی کرونا وائرس ادویات ملا کر استعمال کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 304 ہوگئی، فلپائن میں بھی 1 شخص ہلاک

    واضح رہے کہ چینی حکام کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر لوگوں کو کسی بھی تقریب حتیٰ کہ آخری رسومات میں بھی شرکت سے گریز کرنا چاہیے۔

    یاد رہے کہ چین سے پھیلنے والے کرونا وائرس کی وبا شدت اختیار کرچکی ہے، اب تک صرف چین میں ہی 300 سے زائد مریض اپنی جانوں کی بازی ہار چکے جبکہ 15000 سے زائد متاثر بھی ہیں جن میں سے دو ہزار سے زائد کی حالت تشویشناک ہے۔

    عالمی ادارہ صحت نے کرونا کی وجہ سے دنیا بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی جبکہ متعدد ممالک نے چین سے ہر قسم کے رابطے بھی ختم کردیے۔

    کرونا وائرس نے سب سے زیادہ ووہان شہر کو متاثر کیا، حکومت نے اس شہر کو مکمل سیل کردیا ہے اور اب صورتحال یہ ہے کہ ایک کروڑ سے زائد آبادی والے شہر میں سناٹا چھایا ہوا ہے۔

  • افغان کھلاڑی نے کھیل کا حسن بگاڑ دیا

    افغان کھلاڑی نے کھیل کا حسن بگاڑ دیا

    بینونی: انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان نے افغانستان کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، میچ کے دوران افغان کھلاڑی نے کھیل کا حسن بگاڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انڈر 19 ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میچ کے دوران افغان کھلاڑی نور احمد نے میچ میں انوکھی حرکت کردی جس پر سوشل میڈیا صارفین سمیت کمنٹیٹر نے ان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    قومی ٹیم کے بلے باز حریرا 64 رنز پر عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے جب افغان بولر نور احمد نے انہیں نان اسٹرائیکر اینڈ پر رن آؤٹ کرکے امپائر سے اپیل کردی۔

    نور احمد کے مین کیڈ پر امپائر نے تھرڈ امپائر کو فیصلہ دیا جس کے بعد تھرڈ امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دیا۔

    افغان بولر نور احمد کو وکٹ تو مل گئی لیکن وہ کمنٹیٹر اور سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کا نشانہ بن گئے، ایک صارف نے لکھا کہ افغان کھلاڑی نے یہ انتہائی شرمناک حرکت کی ہے۔

    میچ میں کمنٹری کرنے والے ایکسپرٹ نے بھی ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے میچ کی ویڈیو دکھائی جس میں کیوی کھلاڑی ویسٹ انڈین بلے باز کو انجرڈ ہونے کے بعد اٹھا کر ڈریسنگ روم تک لے جارہے تھے۔

    آئی سی سی کے قانون 41.161 کے مطابق نان اسٹرائیکر پر کھڑا کھلاڑی اگر کریز سے باہر ہوتا ہے تو بولر اسے آؤٹ کرسکتا ہے کہ لیکن گیم اسپرٹ برقرار رکھنے کے لیے کھلاڑی اس قسم کے اقدام سے گریز کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ عالمی کپ میں افغانستان کا سفر تمام ہوگیا ہے اور پاکستان کا مقابلہ سیمی فائنل میں روایتی حریف بھارت سے ہوگا، دونوں ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل 4 جنوری بروز منگل کو کھیلا جائے گا۔ جیتنے والی ٹیم دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ یا بنگلہ دیش سے فائنل کھیلے گی۔

  • پی ایس ایل کا آفیشل ترانا، علی ظفر کا ردعمل آگیا

    پی ایس ایل کا آفیشل ترانا، علی ظفر کا ردعمل آگیا

    کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن 5 کے آفیشل ترانے ’تیار ہیں‘ پر گلوکار علی ظفر کا ردعمل سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پی ایس ایل سیزن 5 کا آفیشل ترانا ’تیار ہیں‘ ریلیز کیا گیا تھا ، ترانے میں گلوکار عظمت علی، ہارون، عاصم اظہر اور عارف لوہار نے آواز کا جادو جگایا تھا۔

    پی ایس ایل کے آفیشل ترانے کو مداحوں کی جانب سے پسند نہیں کیا گیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ ترانے میں علی ظفر کو ہی لیا جاتا تو بہتر تھا، کچھ لوگ نے ترانے پر میمز پر بنا کر ناراضگی کا اظہار کیا۔

    پی ایس ایل کے دو سیزن میں آواز کا جادو جگانے والے گلوکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ ’آپ کی جانب سے محبت اور حمایت کیے جانے پر مشکور ہوں، میں آپ سب سے گزارش کروں گا کہ آپ دوسرے تمام فن کاروں کی کوششوں کے لیے یکساں طور پر قابل ستائش رہیں۔‘

    علی ظفر نے کہا کہ ہم سب ایک کنبے کی طرح ہیں، پی ایس ایل بھی ایسا ہی ہے اس کا تعلق پاکستان سے ہے اور اسی طرح ہماری موسیقی بھی ہے۔

    گلوکار علی ظفر نے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں ’سیٹی بجے گی‘ ترانا گایا تھا جو بہت مقبول ہوا تھا، اس کے علاوہ انہوں نے پی ایس ایل سیزن 2 اور 3 میں ’اب کھیل جمے گا‘ اور ’دل سے جان لگادے‘ میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔

    پی ایس ایل کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر رواں سیزن کے ترانے میں علی ظفر کی کمی محسوس کی ہے اور مطالبہ کیا کہ یہ ترانا بھی علی ظفر کی آواز میں ہونا چاہئے تھا۔

    واضح‌رہے پی ایس ایل سیزن 5 کا آغاز 20 فروری میں‌کراچی سے ہوگا، ایونٹ کی افتتاحی تقریب کراچی اور فائنل لاہور میں‌کھیلا جائے گا.

  • پی ایس ایل کا نیا ترانا ’تیار ہیں‘ سوشل میڈیا پر مذاق بن گیا

    پی ایس ایل کا نیا ترانا ’تیار ہیں‘ سوشل میڈیا پر مذاق بن گیا

    کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کا آفیشل ترانا گزشتہ روز ریلیز کیا گیا تھا جس پر مداحوں کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے آفیشل ترانے ’تیار ہیں‘ کو مداحوں کی جانب سے ملے جلے تاثرات ملے ہیں، کچھ صارفین نے ترانے کو وقت کا ضیاع اور کچھ نے پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک صارف فیضان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ایک مداح کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ سننے کے لیے اتنا انتظار کیا تھا۔‘

    ایک صارف امجد نے لکھا کہ ’پی سی بی ہم آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ پی ایس ایل کے پہلے سے طے شدہ ترانے ’اب کھیل جمے گا‘ جیسا ترانا بنائیں۔

    ایک اور صارف فلک مسعود نے علی عظمت کی چیختے ہوئے تصویر شیئر کی اور اس پر کیپشن دیا کہ ’علی ظفر کو واپس لاؤ‘ پوری قوم کا یہی مطالبہ ہے۔

    ایک صارف زین بشیر نے پی ایس ایل کے پرانے ترانے ’اب کھیل جمے گا‘ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔

    ایک صارف نے کہا کہ پی سی بی گانا ریلیز کرنے کے بعد کہہ رہا ہے کیسا لگا میرا مذاق۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن فائیو کا آغاز 20 فروری سے ہورہا ہے، ایونٹ کی افتتاحی تقریب کراچی میں ہوگی جبکہ فائنل 22 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

  • قومی کرکٹر سرفراز احمد کے ہاں ننھی پری کی آمد

    قومی کرکٹر سرفراز احمد کے ہاں ننھی پری کی آمد

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کے ہاں ننھی پری کی آمد ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کے یہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے، سرفراز احمد نے بیٹی کی پیدائش کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر دی۔

    تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سرفراز احمد کے بیٹے اپنی بہن کو گود میں اٹھائے خوشگوار موڈ میں دکھائی دے رہے ہیں۔

    سرفراز احمد نے بیٹی کی پیدائش پر اللہ کا شکر ادا کیا اور کیپشن میں الحمد للہ اور ماشا اللہ لکھا۔

    سرفراز احمد کو بیٹی کی پیدائش پر مداحوں کے ساتھ ساتھ قومی کرکٹرز کی جانب سے مبارک باد کے پیغامات موصول ہورہے ہیں۔

    ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد نے لکھا کہ ’واہ واہ بہت مبارک ہو بھائی۔‘

    ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم، فیصل اقبال، عتیق الزمان صدیقی، محمد حفیظ نے بھی مبارک باد پیش کی۔

    واضح رہے کہ سرفراز احمد کے یہاں یہ دوسرے بچے کی پیدائش ہے اس سے قبل ان کا ایک بیٹا عبداللہ ہے جس کے ساتھ ان کی کرکٹ کھیلتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوچکی ہیں۔

  • رائل رمبل، بروک لیسنر اور رومن رینز باہر، پھر جیتا کون؟

    رائل رمبل، بروک لیسنر اور رومن رینز باہر، پھر جیتا کون؟

    کراچی: ڈبلیو ڈبلیو ای میں رائل رمبل مقابلوں کا انعقاد ہوا جس میں 30 ریسلر رنگ میں اترے جن میں بروک لیسنر، رومن رینز سمیت دیگر شامل تھے.

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے رائل رمبل مقابلوں کا انعقاد ہوا جس میں 30 ریسلرز ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کے لیے کوشاں تھے، انتظامیہ کی جانب سے سینئر ریسلر ’ایج‘ کی انٹری کرائی گئی تھی جسے مداحوں نے پسند کیا۔

    ایج نے اپنی واپسی کو درست ثابت کرتے ہوئے رومن رینز کے اسپیئر کو ناکام بنایا اور انہیں ہی اسپیئر لگایا ساتھ ہی ایج اور اورٹن نے مل کر ڈرکیو میکن ٹائر کی بھی خوب دھلائی کی۔

    مداحوں کی جانب سے جہاں رائل رمبل کو پسند کیا گیا وہیں ایج کی انٹری بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بنی رہی۔

    حال ہی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے ریسلر ڈریو میکنٹائر نے رائل رامبل مقابلے میں حصہ لے کر نئی تاریخ رقم کردی اور اب وہ ریسل مینیا میں حصہ لیں گے۔

    میکنٹائر نے ناصرف رومن رینز کو رنگ سے باہر پھینکا بلکہ اپنی سپر کک لگا کر ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن جنہیں رائل رمبل کا فیورٹ قرار دیا جارہا تھا بروک لیسنر کو بھی باہر کا راستہ دکھا کر مقابلہ جیت لیا۔

    ویمنز رائل مقابلے میں چارلوٹ فلیئر نے کامیابی حاصل کرکے ریسل مینیا میں اپنی جگہ پکی کرلی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ہونے والے رائل رمبل مقابلے میں سیٹھ رولنز نے کامیابی حاصل کرکے ریسل مینیا میں رسائی حاصل کی تھی اور ریسل مینیا مقابلے میں بروک لیسنر کو شکست دے کر ہیوی ٹائٹل لے اڑے تھے۔