Author: نعمان ناصر

  • پاکستانی ویٹر گیمز آف تھرونز اسٹار ٹیرون لینسٹر کا ہم شکل نکلا

    پاکستانی ویٹر گیمز آف تھرونز اسٹار ٹیرون لینسٹر کا ہم شکل نکلا

    کراچی: ہالی ووڈ کی کامیاب فلم گیمز آف تھرونز کے اسٹار اداکار ٹیرون لینسٹر کا ہم شکل پاکستانی ویٹر روزی خان نکلا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق چند روز قبل ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جو ہو بہو ہالی ووڈ اداکار پیٹر ڈنک لیگ ( ٹیرون لینسٹر) کی تھی لیکن وہ ہالی ووڈ اداکار نہیں بلکہ ان کا پاکستانی ہم شکل روزی خان ہے جو ایک مقامی ہوٹل میں ویٹر کی نوکری کرتا ہے۔

    روزی خان کا قد چار فٹ پانچ انچ ہے اتفاقیہ طور پر ہالی ووڈ اداکار کا قد بھی اتنا ہی ہے۔

    ہم شکل روزی خان کا کہنا ہے کہ لوگ میری تصویریں کھینچ رہے ہیں لیکن مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے میں ان تصاویر کی وجہ سے ہر جگہ مشہور ہوگیا ہوں۔

    روزی خان کا کہنا ہے کہ میں اپنے بھائی کے ساتھ جہاں بھی جاتا ہوں تو لوگ میرے بھائی سے پوچھتے ہیں یہ کون ہیں، ان کی شکل گیمز آف تھرونز کے اداکار سے ملتی ہے، یہ میرے لیے کوئی بری بات نہیں ہے۔

    فلم گیمز آف تھرونز اب تک 47 ایمی ایوارڈ جیت چکی ہے، ٹیرون لینسٹر نے 2012 میں معاون اداکار کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔

    گیمز آف تھرونز کی فائنل سیریز کا پریمیئر آئندہ ماہ 17 اپریل کو ریلیز کیا جائے گا۔

    ٹیرون لینسٹر پاکستان میں کیا کررہے ہیں؟

    ہالی ووڈ اداکار کا ہم شکل روزی خان راولپنڈی میں رہائش پذیر ہے اور کشمیری ہوٹل میں ویٹر کی نوکری کرتا ہے، وہ ہوٹل میں کسٹمرز کو کھانا، چائے، بوتل وغیرہ فراہم کرتا ہے۔

    ہوٹل کے مالک اسلم پرویز کا کہنا ہے کہ روزی خان بہت ہی محنتی اور ایماندار ہے، اس کا کام ہوٹل میں موجود کسٹمرز کے پاس مینو کارڈ لے کر جانا ہے۔

    روزی خان خیبرپختونخوا کے شہر مانسہرہ میں پیدا ہوئے، ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے میری شکل پیٹر ڈنک لیگ سے ملتی ہے اور قد بھی انہی کے برابر ہے۔

    ہالی ووڈ اداکار کے مداح 20 سالہ زین حیدری کا کہنا تھا کہ مجھے یوں محسوس ہوا جیسے میں حقیقت میں لینسٹر سے مل رہا ہوں۔

  • سرفراز احمد کی بیٹے کے ساتھ کرکٹ کھیلتے ہوئے ویڈیو وائرل

    سرفراز احمد کی بیٹے کے ساتھ کرکٹ کھیلتے ہوئے ویڈیو وائرل

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی بیٹے عبداللہ کے ساتھ کرکٹ کھیلتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں آرام کررہے ہیں لیکن محلے میں اپنے بیٹے کے ساتھ کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں۔

    سرفراز احمد نے ویڈیو سوشل میڈیا ویب سائٹ پر شیئر کی اور لکھا کہ ’کچھ عرصہ پہلے میں اس گلی میں کرکٹ کھیلتا تھا اب میرے بیٹے کی باری ہے۔‘

    قومی ٹیم کے کپتان کی اہلیہ خوش بخات نے بھی ویڈیو شیئر کی اور لکھا کہ ’نماز عصر کے بعد کچھ یوں ہورہا ہے آج کل۔‘

    دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے بھی ویڈیو شیئر کی گئی اور کہا کہ ’کچھ ایسا ہے ہمارا کپتان، کیا بات ہے چیمپئن کپتان کی، سرفراز کے بیٹے عبداللہ آئندہ چند سالوں میں گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔

    ادھر انگلش کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز جو روٹ بھی بچے کے ساتھ کرکٹ کھیلتے نظر آرہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ فیملی کے لیے ٹائم نکلنا سب سے اچھا ہے، میرے لیے ہر دن فیلڈنگ کا دن ہوتا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی دورہ جنوبی افریقا کے دوران سرفراز احمد کی بیٹے کے ساتھ ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں سرفراز نیلسن منڈیلا اسکوائر پر بیٹے عبداللہ اور مقامی بچوں کے ہمراہ ریس لگاتے ہوئے نظر آرہے ہیں، خوش بخت نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ یہ سرفراز کا اصل چہرہ ہے جو انتہائی سادہ لوح انسان ہیں۔

  • باپ اور ننھی بیٹی کی محبت ماں سے برداشت نہیں ہوئی، بیٹی کو قتل کردیا

    باپ اور ننھی بیٹی کی محبت ماں سے برداشت نہیں ہوئی، بیٹی کو قتل کردیا

    کیو: یوکرین میں 21 سالہ ماں تین ہفتے کی بیٹی اور شوہر کی محبت برداشت نہ کرسکی اور معصوم بچی کو چھریوں کے پے درپے وار کرکے قتل کردیا۔

    ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق 21 سالہ یوکرینی ماں نے تین ہفتے کی معصوم بیٹی کو اس کے لیے قتل کردیا کہ اس کا شوہر اس سے زیادہ زیادہ بیٹی سے محبت کرنے لگا تھا۔

    انتظامیہ کی جانب سے خاتون کا نام نہیں دیا گیا ہے، رپورٹ کے مطابق 21 سالہ خاتون نے بیٹی کو اس وقت چھریوں کے پے درپے وار کرکے قتل کردیا جب شوہر چند منٹ کے لیے گھر سے باہر کچرا پھینکنے کے لیے گیا تھا۔

    شوہر کا کہنا ہے کہ جب میں واپس آیا تھا تو دیکھا کہ بیوی کے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے تھے، دوسرے کمرے میں جاکر بیٹی کو دیکھا تو وہ نہیں ملی جب واش روم گیا تو پول میں بیٹی مردہ حالت میں پائی گئی۔

    ننھی بچی کی دادی ماریا موموٹ تفصیلات بتاتے ہوئے

    مزید پڑھیں: روس: موڈ خراب ہونے پر ماں نے دو سالہ بیٹی کو 9 ویں فلور سے نیچے پھینک دیا

    ننھی بچی کے باپ نے فورا ایمرجنسی سروس میں کال کی، معصوم بچی کی دادی کا کہنا ہے کہ میری بہو بیٹے کی جانب سے معصوم بچی کو زیادہ پیار کرنے پر خفا تھی اس لیے اس نے انتہائی اقدام اُٹھایا۔

    انہوں نے کہا کہ میرا بیٹا بچوں سے بہت پیار کرتا ہے وہ اپنی ساری توجہ اور پیار بیٹی پر نچھاور کرتا تھا۔

    ماریا موموٹ نے کہا کہ مجھے یقین نہیں آرہا ہے کہ ہم پر کیا بیت چکی ہے۔

    ایمرجنسی سروس کے مطابق جب ہم گھر پہنچے تو بیوی کو اپنے شوہر سے یہ کہتے ہوئے سنا کہ تم رو کیوں رہے ہو۔

    وہ گھر جہاں واردات رونما ہوئی

    پولیس نے خاتون کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا، خاتون کو کچھ یاد نہیں ہے کہ اس نے بیٹی کو قتل کردیا ہے، رپورٹ کے مطابق خاتون گزشتہ سال نومبر میں نفسیاتی مرض میں مبتلا ہونے کے سبب اسپتال میں زیر علاج رہ چکی ہے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق خاتون کو عدالت میں پیش کیا جائے گا اگر اس پر جرم ثابت ہوتا ہے تو اسے 15 برس قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔

  • رواں مالی سال: 8 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 22.56 فیصد کی نمایاں‌ کمی

    رواں مالی سال: 8 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 22.56 فیصد کی نمایاں‌ کمی

    کراچی: اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے 8 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 22.56 فیصد نمایاں کمی ہوئی، 8 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 8.84 ارب ڈالر رہا۔

    تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال 8 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 22.56 فیصد کی نمایاں کمی ہوئی ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 8.84 ارب ڈالر رہا جبکہ گزشتہ مالی سال اسی مدت میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 11.42 ارب ڈالر تھا۔

    اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق خدمات کا خسارہ 36 فیصد کم ہوکر 2 ارب 30 کروڑ ڈالرز رہا، ترسیلات زر میں 11 فیصد اضافہ ہوا، 8 ماہ میں 14 ارب ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھیجی گئیں۔

    فروری میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 59 فیصد کمی سے 35.6 کروڑ ڈالر رہا، رواں مالی سال 8 ماہ میں 15.97 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئیں، رواں مالی سال 8 ماہ میں درآمدات 35.25 ارب ڈالر رہی۔

    مزید پڑھیں: مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ : تجارتی خسارہ میں 11.03 فیصد کمی

    فروری 2019 میں 1.86 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئیں، برآمدات جنوری 2019 کے 2.27 ارب ڈالر کے مقابلے میں 41 کروڑ ڈالر کم رہیں، فروری 2.19 میں 3.51 ارب ڈالر کی درآمدات ہوئیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز جاری ہونے والی رپورٹ میں مالی سال2018-19کے ابتدائی آٹھ ماہ ( جولائی تا فروری 2018-19ء ) کے دوران برآمدات اور درآمدات پر کنٹرول کے نتیجے میں تجارتی خسارہ 21.53 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا

    اس طرح گزشتہ سال کے مقابلے میں برآمدات میں 1.85 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب ملکی درآمدات مالی سال2018-19کے ابتدائی آٹھ ماہ ( جولائی تا فروری 2018-19کے دوران 36 ارب 63کروڑ ڈالر رہیں جو گذشتہ مالی سا ل2017-18 ء کے ابتدائی آٹھ ماہ ( جولائی تا فروری2017-18کی 39 ارب 2 کروڑ ڈالر کی درآمدات کے مقابلے میں2 ارب 39کروڑ ڈالر کم رہیں ۔

  • رومن رینز کی واپسی، ڈبلیو ڈبلیو ای کی رونق لوٹ آئی

    رومن رینز کی واپسی، ڈبلیو ڈبلیو ای کی رونق لوٹ آئی

    لاس اینجلس: ڈبلیو ڈبلیو ای میں بگ ڈاگ کے نام سے مشہور معروف ریسلر رومن رینز کینسر جیسے موذی مرض سے صحت یاب ہوکر رنگ میں واپس آئے اور اپنی ٹیم دی شیلڈ کو جوائن کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈبلیو ڈبلیو ای فاسٹ لین مقابلے کا انعقاد ہوا جس میں ٹرپل تھریٹ میچ میں رومن رینز، سیتھ رولنز، ڈین ایمبروز کا مقابلہ ڈریو میکن ٹائر، بوبی لیشلے اور بیرن کوربن سے ہوا۔

    دی شیلڈ ٹیم نے اپنے حریف ڈریو میکن ٹائر، بوبی لیشلے اور بیرن کوربن کو شکست سے دوچار کیا، شائقین کی جانب سے رومن رینز کی واپسی کو خوب سراہا گیا ایسا محسوس ہورہا تھا جیسے رومن رینز کی واپسی کے ساتھ ہی ایونٹ کی رونق لوٹ آئی ہے۔

    رومن رینز نے اپنے مخصوص انداز میں بیرن کوربن سمیت بوبی لیشلے اور ڈریو میکن ٹائر کو سپر مین پنج مارے اور دی شیلڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

    رومن رینز کو تینوں ریسلرز نے گھیرے میں لیا تو موقع پر پہنچ کر ڈین ایمبروز اور سیتھ رولنز نے بگ ڈاگ کو بچالیا اور بیرن کوربن، لیشلے، میکن ٹائر پر قہر بن کر ٹوٹ پڑے۔

    رومن رینز نے اپنا آخری اسپیئر مار کر مقابلہ جیت لیا، امید ہے کہ آئندہ ماہ ہونے والی ریسل مینیا 35 میں بھی رومن رینز، ایمبروز بھی مخالف کے خلاف لڑتے نظر آئیں گے۔

    واضح رہے کہ ریسل مینیا 35 میں رائل رمبل جیتنے والے سیتھ رولنز کا مقابلہ یونیورسل چیمپئن چیمپئن بروک لیسنر سے ہوگا، بروک لیسنر کئی ماہ سے یونیورسل چیمپئن ہیں اور انہیں دی مونسٹر برون اسٹرومین بھی شکست نہیں دے سکے ہیں۔

  • کرکٹ ورلڈ کپ 2019، کون سے کھلاڑی ون ڈے کرکٹ کو الوداع کہہ دیں گے

    کرکٹ ورلڈ کپ 2019، کون سے کھلاڑی ون ڈے کرکٹ کو الوداع کہہ دیں گے

    کراچی: کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا ہے، ورلڈ کپ 30 مئی سے شروع ہوگا، ورلڈ کپ کے میچز 1992 ورلڈ کپ کے فارمیٹ کے تحت رکھے گئے ہیں، 2019 کے ورلڈ کپ جہاں نئے چہرے متعارف کرائے جائیں گے وہیں کچھ پرانے لیجنڈ کھلاڑی اپنا آخری ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں، آئیے دیکھتے ہیں کون سے کھلاڑی ون ڈے کرکٹ کو الوداع کہہ دیں گے۔

    شعیب ملک

    قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر شعیب ملک نے 1996 میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ 2019 ان کا آخری ورلڈ کپ ہوگا جس کے بعد وہ ریٹائر ہوجائیں گے۔

    شعیب ملک کے علاوہ امکان ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے 2 فاسٹ بولر وہاب ریاض اور سہیل تنویر بھی ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں گے۔

    مشرفی مرتضیٰ

    بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضیٰ بھی 2019 میں اپنا آخری ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں، انہوں نے حال ہی میں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تاہم وہ ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں وہ ملک کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔

    بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم ان دنوں نیوزی لینڈ میں موجود ہے جہاں کیوی ٹیم نے انہیں ون ڈے سیریز میں شکست دی ہے جبکہ ٹی ٹوینٹی سیریز ابھی کھیلی جانی ہے۔

    کرس گیل

    ویسٹ انڈیز بلے باز کرس گیل نے بھی ورلڈ کپ کے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے، کرس گیل نے اپنے کرکٹ کیریئر میں متعدد ریکارڈ اپنے نام کیے شاہد خان آفریدی کے بعد کرس گیل کے پاس سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ بھی ہے۔

    جیمز اینڈرسن

    انگلش پیسر جیمز اینڈرسن کے لیے بھی 2019 کا ورلڈ کپ آخری ثابت ہوگا، جیمز اینڈرسن انگلینڈ کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیل رہے ہیں، وہ انگلش ٹیم کے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

    مہندر سنگھ دھونی

    بھارت کو کرکٹ ورلڈ کپ، ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جتوانے والے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کامیاب کپتان مہندر سنگھ دھونی کے لیے بھی یہ ورلڈ کپ الوادعی ورلڈ کپ ثابت ہوگا، دھونی کپتانی چھوڑنے کے بعد وکٹ کیپر بلے باز کی حیثیت سے ٹیم میں موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ بھارتی صحافی نے مہندر سنگھ دھونی سے سوال کیا تھا کہ آپ کب تک ریٹائرڈ ہوجائیں گے جس پر دھونی نے صحافی کو اپنے پاس بلایا اور پوچھا میں آپ کو بوڑھا نظر آرہا ہوں یا میری پرفارمنس خراب ہوگئی ہے جس پر صحافی کا کہنا تھا کہ نہیں، تو دھونی نے کہا کہ میرے سوال کا جواب آپ نے ہی دے دیا ہے اب میں کیا کہوں۔

    روس ٹیلر

    کیوی بلے باز روس ٹیلر نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمںٹ کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، روس ٹیلر کی نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔

    کیمرون وائٹ، شان مارش، جارج بیلی

    ڈیوڈ وارنر اور اسٹیون اسمتھ کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے کینگروز ٹیم دباؤ کا شکار ہے، آسٹریلوی کے دیگر تین کھلاڑیوں کیمرون وائٹ، شان مارش اور جارج بیلی کے بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرڈ ہونے کا امکان ہے۔

    لیستھ ملنگا

    سری لنکن پیسر لیستھ ملنگا کی ریٹائرمنٹ کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، ملنگا کے علاوہ سری لنکا ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں دلروان پریرا اور نوون کلاسیکرا کی بھی ریٹائرمنٹ کا امکان ہے۔

     

  • 10yearschallenge# : انٹرنیشنل کرکٹرز میں‌ کیا تبدیلی آئی؟ تصاویر وائرل

    10yearschallenge# : انٹرنیشنل کرکٹرز میں‌ کیا تبدیلی آئی؟ تصاویر وائرل

    کراچی: سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں ’ٹین ایئرز چیلنج‘ ہیش ٹیگ مقبول ہوگیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنی تصاویر شیئر کیں، چند کرکٹرز کی جانب سے بھی دس سال پرانی اور حالیہ تصاویر شیئر کی گئی ہیں۔

    آئیے دیکھتے ہیں دس سال قبل مداحوں کے پسندیدہ کھلاڑی کیسے نظر آتے تھے۔

    محمد عامر

    قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر کی 2009 میں وکٹ حاصل کرکے جشن منانے کی تصویر دیکھی جاسکتی ہے جس میں عامر کے بال لمبے ہیں اور 2019 کی تصویر میں عامر صحت مند ہیں اور ان کا ہیئر اسٹائل بھی مختلف ہے، عامر نے حالیہ ٹیسٹ سیریز میں جنوبی افریقا کے خلاف شاندار بولنگ کرتے ہوئے 12 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

    ویرات کوہلی

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی دس سال پہلے کی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ کلین شیو ہیں اور 2019 کی تصویر میں ویرات نے داڑھی رکھی ہوئی ہے، یاد رہے کہ گزشتہ روز کینگروز کے خلاف دوسرے ون ڈے میں ویرات کوہلی نے شاندار سنچری اسکور کی تھی اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

    لیستھ ملنگا

    سری لنکا کے منفرد اسٹائل کے حامل فاسٹ بولر لیستھ ملنگا کے ہیئر اسٹائل میں دس سال بعد بھی کوئی فرق نہیں آیا ہے، فرق صرف اتنا ہے کہ ملنگا 2009 میں کلین شیو تھے اور اب انہوں نے ہلکی داڑھی رکھ لی ہے، ملنگا ان دنوں سری لنکن ٹیم کی قیادت کررہے ہیں اور نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں سری لنکن ٹیم کوئی میچ نہیں جیت سکی تھی۔

    روس ٹیلر

    نیوزی لینڈ کے مڈل آرڈر بلے باز روس ٹیلر میں دس سال بعد بھی کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی ہے وہ دس سال جیسے نظر آتے تھے اور آج بھی ایسے ہی نظر آتے ہیں، انہوں نے حالیہ سیریز میں سری لنکا کے خلاف میچ میں کیویز ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

    مہندر سنگھ دھونی

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بھارتی ٹیم کو ورلڈ کپ، ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی سے ہمکنار کرانے والے ایم ایس دھونی میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی ہے وہ کل میچ کا اختتام وننگ اسٹائل میں کرتے تھے اور گزشتہ روز بھی کینگروز کے خلاف میچ میں اپنی شاندار کارکردگی سے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

    ٹیم افغانستان

    افغانستان کی ٹیم میں دس سال میں جو تبدیلی رونما ہوئی وہ یہ ہے کہ 2009 میں افغانستان نے پہلا ون ڈے میچ کھیلا تھا جبکہ اب افغان ٹیم 2019 کا ورلڈ کپ کھیلنے جارہی ہے، مزید برآں افغانستان کے دو پلیئرز محمد نبی اور نمبر ون بولر راشد خان ان دنوں آسٹریلیا میں بیگ بیش لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں۔

  • سعودی پولیس کی قطیف میں کارروائی، 6 مشتبہ افراد ہلاک

    سعودی پولیس کی قطیف میں کارروائی، 6 مشتبہ افراد ہلاک

    ریاض: سعودی پولیس نے قطیف میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 6 مشتبہ افراد کو ہلاک کردیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق دو روز قبل جش کے علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر حملے کے دوران ایک شخص کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی صوبے قطیف میں ترقیاتی منصوبے پر حملے کو ناکام بنانے کے دوران کیے گئے آپریشن میں 5 افسران زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے کہ ان کے پاس سعودی فورسز کے علاقے میں داخل ہوکر اس کا گھیراؤ کرکے قبضہ کرنے کے شواہد موجود ہیں۔

    مزید پڑھیں: سعودی پولیس کی کارروائی، 35 سال سے زنجیروں میں جکڑا ذہنی مریض بازیاب

    سعودی حکام کی جانب سے دہشت گردوں اور منشیات کے اسمگلروں کو عوامیہ کشیدگی کا ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب کا مشرقی صوبہ 2011 کے عرب انقلاب کے بعد سے کشیدگی کا شکار ہے، عرب انقلاب کے دوران مظاہرین نے حکومت کی جانب سے کی جانے والی تفریق کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔

    اس احتجاجی تحریک کے رہنما نمر النمر کو 2016 میں دہشت گردی کو فروغ دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    نمر النصر کی گرفتاری کے بعد خلیجی ممالک سمیت ایران میں کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا، بعدازاں سعودی حکام نے 2017 میں قطیف کے علاقے میں احتجاجی مرکز ضلع عوامیہ کا قبضہ حاصل کیا تھا۔

  • پاکستان اور آئرلینڈ ٹیسٹ میچ کا پہلا روز بارش کی نذر

    پاکستان اور آئرلینڈ ٹیسٹ میچ کا پہلا روز بارش کی نذر

    ڈبلن: پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کا پہلا روز بارش کی نذر ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے 14 مئی تک بارش کی پیشگوئی کی ہے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہونا تھا تاہم بارش کی وجہ سے ٹاس بھی ممکن نہ ہوسکا۔

    ٹیسٹ اسٹیٹس ملنے کے بعد آئرلینڈ کی ٹیم اپنا پہلا ٹیسٹ میچ پاکستان کے خلاف کھیل رہی ہے، قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آئرلینڈ کو آسان حریف تصور نہیں کریں گے، جیت کے لیے پر عزم ہیں۔

    آئرلینڈ کے خلاف 15 رکنی قومی اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، بابر اعظم، اظہر علی، اسد شفیق، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث سہیل، امام الحق، محمد عامر، محمد عباس، سعد علی، راحت علی، شاداب خان، سمیع اسلم، عثمان صلاح الدین شامل ہیں۔

    بارش کے باعث ٹیسٹ کے لیے حتمی الیون کا اعلان بھی نہ کیا جاسکا تاہم فہیم اشرف اور امام الحق کو ٹیسٹ کیپ دئیے جانے کا امکان ہے جبکہ سرفراز الیون پانچ بولر آزمانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    واضح رہے کہ آئرلینڈ نے ون ڈے میں انگلینڈ سمیت کئی بڑی ٹیموں کوشکست دی جس نے ٹیسٹ اسٹیٹس کے حصول کی منزل آسان بنائی۔ تاہم اپنا پہلا ٹیسٹ میچ جیتنا اتنا بھی کبھی آسان نہیں رہا، نیوزی لینڈ کو چھبیس سال اور پینتالیس ٹیسٹ کھیلنے پڑے جب کہ بنگلہ دیش کو زمبابوے کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ جیتنے کے لیے چونتیس ٹیسٹ کھیلنے پڑے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • رائل رمبل 2018، برون اسٹرومین نے جیت لیا

    رائل رمبل 2018، برون اسٹرومین نے جیت لیا

    جدہ: سعودی عرب کے شہر جدہ میں سنیما کی بحالی کے بعد ڈبلیو ڈبلیو کے ایونٹ رائل رمبل 2018 کا انعقاد ہوا، رائل رمبل کا ٹائٹل برون اسٹرومین نے اپنے نام کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق رائل رمبل ایونٹ میں 50 ریسلر رنگ میں اترے جن کو ایک دوسرے کو رنگ سے باہر پھینکنا تھا، آخر میں جو ریسلر رنگ میں موجود رہتا اسے رائل رمبل کا فاتح قرار دینا تھا۔

    50 ریسلرز میں برون اسٹرومین، ڈینئل برائن، کیون اوون، شین میکموہن، گریٹ کھلی، مارک ہنری سمیت دیگر رنگ میں اترے لیکن برون اسٹرومین نے رائل رمبل کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

    یونیورسل چیمپئن شپ کے میچ میں ریسل مینیا 34 کے بعد ایک بار پھر رومن رینز اور بروک لیسنر مدمقابل آئے، اسٹیل کیج میچ میں رومن رینز جیتتے ہوئے نظر آرہے تھے کہ لیکن جب رومن رینز نے اپنا اسپیئر بروک لیسنر کو مارا تو اسٹیل کیج ٹوٹ گیا بروک لیسنر اور رومن رینز دونوں ہی باہر جاگرے، بروک لیسنر پہلے باہر گرے اس وجہ سے جیت کا حقدار بروک کو قرار دے گیا گیا۔

    ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ کے میچ میں اے جے اسٹائلز اور ناکامورا رنگ میں اترے، اے جے اسٹائلز نے ناکامورا کو شکست دے دی اور اپنے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا۔

    یونائیٹڈ اسٹیٹس چیمپئن شپ کے میچ میں جیف ہارڈی نے بھارتی ریسلر جندر مہل کو ہرا کر یونائیٹڈ اسٹیٹس چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، ریسل مینیا 34 میں جندر مہل یونائیٹڈ اسٹیٹس چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

    ریسل مینیا 33 میں رومن کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوکر ریٹائر ہونے والے ڈیڈ مین انڈر ٹیکر کی ریسل مینیا 34 میں واپسی ہوئی تھی، انڈر ٹیکر نے جان سینا کو چند منٹوں میں شکست دی تھی۔

    رائل رمبل میں انڈر ٹیکر کا مقابلہ روسیو سے ہوا، میچ میں ہارنے والے کو رنگ سے باہر رکھے گئے تابوت میں بند کرنا تھا، انڈر ٹیکر سے لڑنے والے روسیو زیادہ دیر تک رنگ میں نہ ٹک پائے اور صرف 15 منٹ میں ہی تابوت میں‌ بند ہو کر شکست کھا گئے۔

    ایک اور میچ میں جان سینا اور ٹرپل ایچ رنگ میں اترے، جان سینا جو ریسل مینیا 34 میں انڈر ٹیکر کے ہاتھوں ہار گئے تھے، رائل رمبل میں ٹرپل ایچ کو باآسانی شکست دے دی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔