Author: نعمان ناصر

  • پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کراچی میں کتنے میچز کھیلے گئے؟

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کراچی میں کتنے میچز کھیلے گئے؟

    کراچی: پاکستان میں 9 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے بعد آج سے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان تین میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہورہا ہے، بارہ سال قبل ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی ٹیموں نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ون ڈے میچ کھیلا تھا، 2009 کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم کراچی آنے والی پہلی انٹرنیشنل ٹیم ہے۔

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پہلا ون ڈے میچ 21 نومبر 1980 کو کھیلا گیا جس میں ویسٹ انڈیز نے 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

    پانچ سال بعد 6 دسمبر 1985 کو پھر ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی ٹیمیں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں اس میچ میں بھی ویسٹ انڈیز نے 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

    تیس اکتوبر 1987 کو ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان آئی اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میچ کھیلا گیا، اس میچ میں بھی کامیابی ویسٹ انڈیز کے حصے میں آئی اور پاکستان کو 28 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    نو نومبر 1990 کو ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان میچ میں پاکستان کو پہلی کامیابی اپنے ہوم گراؤنڈ پر نصیب ہوئی جس میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد صرف 6 رنز سے ویسٹ انڈیز کو شکست دی۔

    بیس نومبر 1991 کو دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے میچ کھیلا گیا اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو باآسانی 24 رنز سے شکست دے دی۔

    پندرہ سال بعد 16 دسمبر 2006 کو قومی ٹیم ایک بار پھر کالی آندھی سے ٹکرائی، ویسٹ انڈیز کو پاکستان کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 6 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے جن میں چار میچز کا فیصلہ نہ ہوسکا جبکہ دو میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔

    واضح رہے کہ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور شعیب ملک کے علاوہ اسکواڈ میں شامل دیگر تمام کھلاڑی پہلی بار کراچی میں بین الاقوامی میچ کھیل رہے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے دو کھلاڑی دنیش رام دین اور مارلون سیمویلز بھی پہلے نیشنل اسٹیڈیم میں میچز کھیل چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ پاکستان کی ٹیم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی نمبر پر براجمان ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کا پانچواں نمبر ہے، پاکستان ویسٹ انڈیز کو سیریز میں شکست دے کر اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرسکتا ہے، بلے بازوں کی رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعطم اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

    ٹی ٹوئنٹی میچز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کا پلڑا بھاری ہے، اب تک دونوں ٹیموں کے مابین 11 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے، جن میں سے 8 پاکستان نے جیتے اور تین میچز میں ویسٹ انڈیز کو کامیابی ملی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وہ اداکارائیں جو کرکٹرز کو دل دے بیٹھیں

    وہ اداکارائیں جو کرکٹرز کو دل دے بیٹھیں

    ممبئی: بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان شادی کے بندھن میں بندھ گئے، کیا آپ جانتے ہیں وہ کون سی اداکارائیں ہیں جنہوں نے نامور کرکٹرز سے شادی رچائی؟

    حال ہی میں اداکارہ ساگاریکا گھاٹکے نے بھارتی فاسٹ بالر ظہیر خان سے شادی کی ان دنوں یہ جوڑا شادی کے یادگار لمحات مالدیپ میں گزار رہا ہے۔

    اپنی جارحانہ بلے بازی سے مشہور بھارتی آل راؤنڈر یووراج سنگھ نے بھی اداکارہ ہیزل کیچ سے 30 نومبر 2018ء کو شادی کی اور انسٹا گرام کے ذریعے مداحوں کو شادی سے متعلق آگاہ کیا۔

    اپنی گھومتی گیندوں سے مخالف کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے ہربھبجن سنگھ، اداکارہ گیتا بسرا کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوگئے، ہربھجن اور گیتا بسرا کی شادی 2015ء میں انجام پائی، ان کی شادی میں مہمان خصوصی طور پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے شرکت کی۔

    اداکارہ سنگیتا بجلانی نے اپنے فلمی کیریئر کے عروج پر مسلمان کرکٹر اور سابق بھارتی کپتان اظہر الدین کی گھر گھرستی سنبھالنے کا فیصلہ کیا اس مشہور جوڑے کی شادی 1996ء کو انجام پائی۔

    بھارتی کرکٹرز کا بھارتی اداکاراؤں سے معاشقہ اور شادی تو عام بات تھی تاہم بالی وڈ میں کہرام اس وقت مچا جب سابق پاکستانی اوپنر محسن خان نے دورہ بھارت کے دوران جہاں لمبی اننگز کھیلیں وہیں رینا رائے کو اپنی دلہن بنانے کا فیصلہ کرلیا، تاہم ان کی شادی کامیاب نہ ہوسکی اور دونوں نے کچھ عرصے بعد علیحدگی اختیار کرلی۔

    ماضی میں دیکھا جائے تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کرکٹرز کی فلمی اداکاراؤں سے شادی کا آغاز بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اداکار سیف علی خان کے والد منصور علی خان پٹودی نے کیا انہوں نے ماضی کی مشہور اداکارہ شرمیلا ٹیگور کو جیون ساتھی چُنا، ان کی شادی 27 دسمبر 1969ء میں ہوئی۔

    یہ سلسلہ یہیں نہیں رکا بلکہ پاکستانی بلے باز شعیب ملک بھارتی ٹینس اسٹار کو دل دے بیٹھے اور کرکٹ کے میدان اور ٹینس کورٹ کے درمیان محبت کا یہ سلسلہ بالآخر شادی کو پہنچ کر ختم ہوا، یہ اپنی تاریخ کی دلچسپ ترین اور منفرد واقعہ تھا جو اب بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔

    محسن حسن خان کے بعد کئی بھارتی اداکاراؤں نے مشہور پاکستانی کپتان عمران خان سے قربتوں کے سلسلے بڑھانے کے لیے کئی جتن کئے لیکن عمران خان نے زینت امان جیسی خوبصورت اداکارہ کو بھی خاطر میں نہیں لائے اور محبت کا یہ سلسلہ یکطرفہ ہی رہا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • بالی وڈ اداکارائیں جنہوں نے تینوں خانز کے ساتھ کام کیا

    بالی وڈ اداکارائیں جنہوں نے تینوں خانز کے ساتھ کام کیا

    ممبئی: بالی ووڈ انڈسٹری میں موجود اداکارؤں کی خواہش ہے کہ وہ کسی طرح تینوں خانز (شاہ رخ، سلمان، عامر) کے ساتھ فلم میں کام کریں تاہم اب تک کچھ خوش قسمت اداکارئیں ایسی ہیں جو تینوں خانز کے ساتھ فلموں میں جلوہ گر ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق فلمی حلقوں میں یہ بات عام ہے کہ کوئی بھی بالی ووڈ اداکارہ اُس وقت ہی شہرت کی بلندیوں پر پہنچتی ہے جب وہ تینوں میں سے کسی ایک خان کے ساتھ کام کرلیں۔

    مسٹرپرفیکٹ (عامر)، کنگ خان (شاہ رخ)، دبنگ خان (سلمان) کے ساتھ کن بالی ووڈ اداکارؤں نے کام کیا آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں۔

    جوہی چاؤلہ

    اداکارہ جوہی چاؤلہ نے اپنے کیریئر کا آغاز فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ میں عامر خان کے ساتھ کیا جبکہ شاہ رخ کے ساتھ وہ ’ ڈر‘ میں نظر آئیں اور سلمان خان کے ہمراہ انہوں نے فلم ’دیوانہ مستانہ‘ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

    انوشکا شرما

    انوشکا شرما کو تینوں خانز کے ساتھ فلموں میں کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے، انوشکا نے اپنی پہلی ہی فلم ’رب نے بنا دی جوڑی‘ میں کنگ خان کے ساتھ کام کیا جبکہ وہ سلمان خان کے ساتھ فلم ’سلطان‘ اور عامر خان کے ساتھ فلم ’پی کے‘ میں جلوہ گر ہوچکی ہیں۔

    کرینہ کپور

    بالی ووڈ میں بے بو کے نام سے مشہور کرینہ نے شاہ رخ، سلمان اور عامر کے ساتھ متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، انہوں نے سلمان کے ساتھ ’باڈی گارڈ‘ شاہ رخ کے ساتھ ’ڈان‘ اور عامر خان کے ساتھ ’تھری ایڈ یٹس‘ میں کام کیا۔

    کرشمہ کپور

    بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپور بھی ان اداکاراؤں میں شامل ہیں جنہوں نے عامر کے ساتھ فلم ’راجہ ہندوستانی‘ شاہ رُخ کے ساتھ ’دل تو پاگل ہے‘ اور سلمان خان کے ہمراہ ’دلہن ہم لے جائیں گے‘ میں مرکزی کردار ادا کیا۔

    رانی مکھرجی

    رانی مکھرجی نے شاہ رخ کے ساتھ فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘۔ سلمان خان کے ساتھ فلم ’کہیں پیار نہ ہوجائے‘ اور عامر خان کے ساتھ فلم ’تلاش‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

    مادھوری ڈکشٹ

     بالی ووڈ اداکارہ سابق اداکارہ اور موجودہ رقاصہ مادھوری نے عامر خان کے ساتھ فلم ’دل‘ شاہ رخ کے ساتھ فلم ’دل تو پاگل ہے‘، سلمان اور شاہ رخ کے ہمراہ ’ہم تمہارے ہیں صنم‘ میں کام کیا۔

    ایشوریا رائے

    سابق مس ورلڈ اور بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ ایشوریا رائے کو بھی تینوں خانز کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے انہوں نے کنگ خان کے ساتھ فلم ’محبتیں‘، دبنگ خان کے ساتھ ’ہم دل دے چکے صنم‘ اور مسٹر پرفیکٹ کے ہمراہ ’میلہ‘ میں کام کیا۔

    سونالی بیندرے

     

    بالی ووڈ اداکارہ سونالی بیندر نے شاہ رخ کے ساتھ نوے کی دہائی میں فلم ’انگلش بابو دیسی میم‘ عامر خان کے ہمراہ فلم ’سرفروش‘ اور سلمان خان کے ساتھ ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

    پریتی زنٹا

    پریتی زنٹا نے شاہ رخ کے ساتھ فلم ’دل سے‘ عامر خان کے ساتھ ’دل چاہتا ہے‘ اور سلمان کے ہمراہ فلم ’دل نے جسے اپنا کہا‘ میں اداکاری کی۔

    کترینا کیف

    اداکارہ کترینا کیف نے سلمان خان کے ساتھ متعدد فلموں جن میں ایک تھا ٹائیگر، میں نے پیار کیوں کیا، پارٹنر کے علاوہ شاہ رخ کے ہمراہ ’جب تک ہے جان‘ اور عامر خان کے ساتھ فلم ’دھوم تھری‘ شامل ہیں۔

    اُرمیلا

    ارمیلا نے تینوں خان کے ساتھ ایک ایک فلم میں اداکاری کی جن میں عامر کی ’رنگیلا‘ سلمان کی ’جانم سمجھا کرو‘ اور شاہ رخ کی’چمتکار‘ شامل ہیں۔

    کاجول

    اداکارہ کاجول نے شاہ رخ کے ساتھ بلاک بسٹر فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ جبکہ عامر خان کے ساتھ فلم ’فنا‘ اور سلمان کے ساتھ ’پیار کیا تو ڈرنا کیا‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

    روینا ٹنڈن

    روینا نے بھی تینوں خانز کے ساتھ ساتھ ایک ایک فلم میں کام کیا، شاہ رخ کے ساتھ ’زمانہ دیوانہ‘ عامر اور سلمان کے ساتھ فلم ’انداز اپنا اپنا‘ میں اداکاری کی۔

    منشیا کوئرالہ

    منیشا کو بھی تینوں خانز کے ساتھ فلم میں کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے، انہوں نے شاہ رخ کے ساتھ فلم ’گڈو‘ سلمان کے ساتھ ’خاموشی‘ اور عامر کے ساتھ فلم ’من‘ میں کام کیا۔

    ٹوئنکل کھنہ

    اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے شاہ رخ کے ساتھ مزاحیہ فلم ’بادشاہ‘ عامر کے ساتھ فلم ’میلہ‘ اور سلمان کے ہمراہ ’جب پیار کسی سے ہوتا ہے‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں

  • ‘رشتے میں تو ہم تمہارے باپ لگتے ہیں پرنام ہے ٹرپل ایچ’

    ‘رشتے میں تو ہم تمہارے باپ لگتے ہیں پرنام ہے ٹرپل ایچ’

    ممبئی: ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف ریسلر ٹرپل ایچ نے امیتابھ بچن کا مشہور فلمی ڈائیلاگ رشتے میں تو ہم تمہارے باپ لگتے ہیں پرنام ہے شہنشاہ بول کر سب کو حیران کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن کی زبان سے ادا ہونے والا فلم شہنشاہ کا ڈائیلاگ آج بھی ہرزد عام ہے، بگ بی نے 29 سال قبل ایک جملہ ادا کیا جو ’رشتے میں تو ہم تمہارے باپ لگتے ہیں پر نام ہے شہنشاہ’ کے الفاظ پر محیط تھا۔

    معروف ریسلر ٹرپل ایچ گزشتہ دنوں بھارت کے دورے پر تھے جہاں انہیں ٹی وی شو میں انٹرویو کے لیے مدعو کیا گیا۔

    میزبان خاتون نے ٹرپل ایچ سے فرمائش کی کہ وہ ہندی فلم کا کوئی ڈائیلاگ بول کر دکھائیں، اینکر کا سوال سن کر ٹرپل ایچ مسکرائے اور پھر اگلے ہی لمحے اپنے مخصوص انداز میں امیتابھ کی فلم شہنشاہ کا ڈائیلاگ بول کر سب کو حیران کردیا۔

    ویڈیو دیکھیں

    واضح رہے کہ ان دنوں ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن بھارتی ریسلر جندر مہل ہیں، انتظامیہ ریسلنگ کے اس ایونٹ کو بھارت میں پروان چڑھانے کی خواہش مند ہے، جس کے لیے سب سے پہلا دورہ ٹٓرپل ایچ نے کیا۔

    یاد رہے کہ فلم شہنشاہ 1988ء میں ریلیز ہوئی جس میں امیتابھ بچن نے مرکزی کردار ادا کیا اور فلم کے ڈائریکٹر کے فرائض بگ بی کے دیرینہ دوست ٹینو آنند نے انجام دئیے، گوکہ فلم باکس آفس پر کامیاب نہ ہوسکی مگر یہ ڈائیلاگ لوگوں کے ذہنوں میں آج بھی محفوظ ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • رینجرز اور ایف سی وزارت داخلہ کے ماتحت ہیں، احسن اقبال

    رینجرز اور ایف سی وزارت داخلہ کے ماتحت ہیں، احسن اقبال

    اسلام آباد: وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ رینجرز اور ایف سی وزارت داخلہ کے ماتحت ہیں، اداروں کے درمیان اختلافات نہیں ہیں۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ رینجرز کے ساتھ کبھی تنازع نہیں تھا، میری اداروں سے کوئی لڑائی نہیں، آج رینجرز تقریب میں شرکت کی وجہ بھی یہی تھی، انتظامی واقعہ پیش آیا تھا، رینجرز کی رپورٹ کا انتظار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت کرنے والے نوجوانوں پر فخر ہے، دعا ہے معمول کے واقعات معمول میں ہی رہیں۔

     عمران خان کو گرفتار کرنے کے حق میں نہیں، احسن اقبال

    احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے پارلیمنٹ پر حملہ کیا ان کے خلاف اسی وقت کارروائی ہونی چاہئے تھی، عمران خان کو گرفتار کرنے کے حق میں نہیں، عمران خان چاہتے ہیں کہ انہیں گرفتار کیا جائے اور ان کی مقبولیت بڑھ جائے۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان مفرور حیثیت میں عدالت میں پیش ہوتے رہے ہیں، اگر 26 اکتوبر کو عمران پیش نہیں ہوتے، عدالت ہمیں حکم دیتی ہے تو ہم پیش کریں گے۔

    یہ پڑھیں: حکومت فوج اورعدلیہ میں بال برابر بھی فرق نہیں، احسن اقبال

      امپورٹڈ آئٹمز پر ٹیکس لگانے کے حوالے سے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان پر کرنٹ اکاؤنٹ کا دباؤ آیا ہے، نئے ٹیکسز امپورٹڈ آئٹمز پر لگائے گئے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • ریسلنگ کا بڑا دنگل، رومن رینز، راک سے مقابلے کے لیے تیار؟

    ریسلنگ کا بڑا دنگل، رومن رینز، راک سے مقابلے کے لیے تیار؟

    لاس اینجلس: ڈبلیو ڈبلیو ای سپر اسٹار رومن رینز اور دی راک کے ٹاکرے کی تیاریاں جاری ہیں، دونوں ریسلرز کا "ریسل مینیا 34” میں آمنا سامنا متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈبلیو ڈبلیو ای کے اسٹار ریسلر رومن رینز نے کہا ہے کہ اگر دی راک سے ان کا سامنا ہوا تو یہ ایک مہنگا ترین مقابلہ ثابت ہوسکتا ہے اور رنگ میں راک نہیں بلکہ میں ہی موجود ہوں گا کیونکہ مجھے اپنے اوپر بھروسہ ہے۔

    ریسل مینیا کے اگلے مقابلے میں دی راک اور رومن رینز کے آمنے سامنے آنے کی اطلاعات ہیں تاہم دی راک کی فلمی مصروفیات انہیں رنگ میں آنے کی اجازت نہیں دے رہیں۔

    ڈبلیو ڈبلیو ای انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر رومن رینز کا مقابلہ راک سے منعقد نہ ہوسکا تو ان کی جگہ یہ لڑائی بروک لیسنر لڑیں گے۔

    رومن رینز اور دی راک کے مقابلے سے قبل "ریسل مینیا 34” میں دونوں ریسلرز کا پرومو تیار کیا گیا ہے جس میں راک اور رومن اپنے حریفوں پر حملہ آور ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔

    ویڈیو دیکھیں

    ریسلنگ کے مداح بھی دی راک اور رومن رینز کے مقابلے کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں، مداحوں کا کہنا ہے کہ یہ میچ ریسلنگ کی تاریخ کا ایک اہم ترین مقابلہ ثابت ہوسکتا ہے۔

    یاد رہے کہ رومن رینز نے ریسل مینیا کے اہم مقابلے میں انڈر ٹیکر کو شکست دی تھی جس کے بعد معروف ریسلر نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ڈبلیو ڈبلیو ای، تین دوست پھر اکٹھے ہوگئے

    ڈبلیو ڈبلیو ای، تین دوست پھر اکٹھے ہوگئے

    نیویارک: ڈبلیو ڈبلیو ای کے پرانے دوست سیتھ رولنز، رومن رینز اور ڈین ایمبروز پھر اکٹھے ہوگئے اور اب وہ رنگ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈبلیو ڈبلیو ای میں دی شیلڈ کے نام سے گروپ ایک بار پھر متحد ہوگیا ہے جس میں ڈین ایمبروز، سیتھ رولنز اور رومن رینز شامل ہیں۔

    ڈبلیو ڈبلیو ای را کے ایک میچ میں جب رومن رینز، دی مز سے مقابلہ کررہے تھے اور جیت کے انتہائی قریب تھے تب شیمس اور سیزارو نے مداخلت کی اور تینوں ریسلرز دی مز، شیمس اور سیزارو نے رومن رینز کی خوب دھلائی کی۔

    رومن رینز جب اپنے روم میں واپس گئے تو سیتھ رولنز اور ڈین ایمبروز بھی ان سے ملاقات کے لیے آئے جس کے بعد تینوں پرانے دوستوں نے ایک بار پھر متحد ہونے کا فیصلہ کیا۔

    گزشتہ روز منڈے نائٹ را کے ایونٹ میں رومن رینز، سیتھ رولنز اور ڈین ایمبروز نے دی میز، شیمس اور سیزارو پر حملہ کیا اور ان کی خوب دھلائی کی۔

    دی شیلڈ گروپ نے براؤن اسٹرومین کو بھی نہ چھوڑا تاہم ریسلر نے مزاحمت کرنے کی کوشش کی جس میں وہ ناکام رہے جس کے بعد تینوں ریسلرز نے اُن کی خوب درگت بنائی، یہ گروپ اب ڈبلیو ڈبلیو ایونٹ ٹی ایل سی میں دی مز، سیزارو، شیمس اور براؤن اسٹرومین سے مقابلہ کرے گا۔

    واضح رہے کہ سیتھ رولنز، ڈین ایمبروز اور رومن رینز نے مل کر پانچ سال قبل دی شیلڈ کے نام سے گروپ بنایا تھا، جو جون 2014ء میں اس وقت ٹوٹ گیا تھا جب سیتھ رولنز نے اپنے ساتھیوں کو دھوکا دیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • دہشت گرد پرامن دنیا کے لیے بڑا خطرہ ہیں، ٹرمپ

    دہشت گرد پرامن دنیا کے لیے بڑا خطرہ ہیں، ٹرمپ

    نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ دنیا کو درپیش سنگین خطرات کی نشاندہی کرنا چاہتا ہوں، دہشت گرد طاقتور ہوکر دنیا کے ہر کونے میں پہنچ گئے ہیں، دہشت گرد پُرامن دنیا کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔

    اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ہماری فوج اتنی طاقتور ہوگئی ہے جتنی پہلے کبھی نہیں تھی، اربوں ڈالر فوج اور دفاع پر خرچ کریں گے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی طرز زندگی کسی پر مسلط نہیں کرنا چاہتے ایک مثال قائم کرنا چاہتے ہیں، توقع ہے کہ تمام ممالک دوسرے ملکوں کی خود مختاری کا احترام کریں گے، یہ ہم پر ہے ہم دنیا کو آگے لے کر چلتے ہیں یا تباہی کی طرف۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا میں عوام کے لیے عوام حکومت کرتے ہیں عوام ہی مقتدر ہیں، بطور امریکی صدر امریکا کو سب پر ترجیح دوں گا۔ امریکا دنیا کا اچھا دوست اور اتحادیوں کا بہترین دوست ہوگا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بہتر معیار زندگی کے لیے سب کا ایک ساتھ کام کرنا ضروری ہے، امریکا ایسے معاہدے کا حامی نہیں جس میں فائدہ ایک ہی فریق کا ہو، تباہی پھیلانے والوں کا مل کر مقابلہ کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا نے اپنے لاکھوں عوام کو بھوکا مارنے کا جرم کیا، شمالی کوریا کا جوہری قوت کا حصول دنیا کو تباہی میں ڈال رہا ہے، مجبور کیا گیا تو شمالی کوریا کی تباہی کے علاوہ دوسرا آپشن نہیں ہوگا۔

    ٹرمپ نے کہا کہ راکٹ مین (شمالی کوریا رہنما کم جانگ ان) خودکشی کی طرف جارہا ہے، شمالی کوریا کے بعد ایران ہے جو تباہی کی بات کرتا ہے، چین اور روس کا معاشی پابندیوں کی حمایت پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    امریکی صدر نے کہا کہ دہشت گردوں کی فنڈنگ اور ٹھکانے ختم کرنا ہوں گے، دہشت گردوں کی حمایت کرنے والے ممالک کے احتساب کا وقت آگیا ہے، اسلامی ممالک سے خطاب میرے لیے اعزاز تھا۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان کے لیے ایک ماہ پہلے ایک نئی پالیسی دی ہے، اس میں کوئی ٹائم ٹیبل نہیں جنگ کا طرز عمل بھی بدلا ہے، شام اور عراق میں بہت کامیابیاں ملی ہیں، داعش کے خلاف اتنے برس میں ایسی کامیابیاں نہیں ملیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ شام کے مسئلے کا سیاسی حل چاہتے ہیں، بشارالاسد نے اپنے شہریوں پر جوہری ہتھیار استعمال کیے، داعش سے آزاد کرائے گئے علاقوں میں یو این او کی کارکردگی لائق تحسین ہے، ترکی، لبنان کا شامی مہاجرین کی مدد پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا اقوام متحدہ کو 22 فیصد بجٹ دیتا ہے، جو ہمارے ساتھ ناانصافی ہے، امریکا بھی 193 ممبر ممالک کی طرح ایک ملک ہے، کسی ریاست پر باقی ممبر سے زیادہ بوجھ نہیں ڈالنا چاہئے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ڈبلیو ڈبلیو ای کا بڑا مقابلہ، جان سینا اور رومن رینز آمنے سامنے

    ڈبلیو ڈبلیو ای کا بڑا مقابلہ، جان سینا اور رومن رینز آمنے سامنے

    نیویارک: ڈؓبلیو ڈبلیو ای کا بڑا مقابلہ ہونے جارہا ہے جس میں رومن رینز اور جان سینا آمنے سامنے ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈبلیو ڈؓبلیو ای میں 24 ستمبر کو ہونے والے اہم ایونٹ نو مرسی میں دو معروف ریسلرز جان سینا اور رومن رینز مدمقابل آئیں گے۔

    رومن رینز جنہیں ان دنوں مداحوں کی جانب سے کافی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ان کے لیے جان سینا سے لڑنا ایک بڑے چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔ اگر رومن رینز نو مرسی میں جان سینا سے ہار جاتے ہیں تو ان کی مقبولیت کا گراف نیچے آجائے گا۔

    ریسل میینا میں انڈر ٹیکر کو شکست دینے کے بعد سے رومن رینز کسی بھی بڑے ایونٹ میں کامیابی حاصل نہیں کرسکے ہیں۔ حالیہ ڈبلیو ڈبلیو ای سمر سلیم کے فیٹل فور وے میچ میں بھی بروک لیسنر کے ہاتھوں رومن رینز شکست سے دوچار ہوئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: ڈبلیو ڈبلیو ای سمر سلیم، بروک لیسنر ٹائٹل کے دفاع میں کامیاب

    نو مرسی ایونٹ سے قبل ہی جان سینا اور رومن رینز میں لفظی جنگ شروع ہوچکی ہے۔ رومن رینز ڈبلیو ڈبلیو ای را کو اپنا یارڈ کہتے ہیں جبکہ جان سینا کی را میں واپسی کے بعد دونوں کے درمیان تکرار چل رہی تھی۔

    ڈبلیو ڈبلیو انتظامیہ کی جانب سے پہلے نو مرسی ایونٹ میں جان سینا کا مقابلہ سموا جوئی اور رومن رینز کا مقابلہ دا مز سے کرایا جانا تھا تاہم نو مرسی کے ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے انتظامیہ نے جان سینا اور رومن رینز کے مقابلے کا انعقاد کیا ہے۔

    واضح رہے کہ رومن رینز تین بار ڈبلیو ڈبلیو ہیوی ویٹ ٹائٹل جیت چکے ہیں جبکہ جان سینا 16 بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ اپنے نام کرچکے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • ڈبلیو ڈبلیو ای سمر سلیم، بروک لیسنر ٹائٹل کے دفاع میں کامیاب

    ڈبلیو ڈبلیو ای سمر سلیم، بروک لیسنر ٹائٹل کے دفاع میں کامیاب

    نیویارک: ڈبلیو ڈبلیو ای سمر سلیم کے فیٹل فور وے میچ میں بروک لیسنر کامیابی حاصل کرکے یونیورسل ٹائٹل اپنے پاس رکھنے میں کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈبلیو ڈبلیو ای سمر سلیم کے اہم میچ فیٹل فور وے میں چار ریسلرز مد مقابل آئے جن میں رومن رینز، براؤن اسٹرومین، سموا جوئی اور بروک لیسنر شامل تھے۔

    اہم میچ میں بروک لیسنر ٹائٹل کا دفاع کررہے تھے، براؤن اسٹرومین، لیسنر، رومن رینز اور سموا جوئی کو بآسانی پچھاڑ رہے تھے، ایک موقع پر براؤن اسٹرومین نے بروک لیسنر کو اتنا مارا کے انہیں اسٹریچر پر باہر لے جایا گیا۔

    بروک لیسنر کے جانے کے بعد سموا جوئی، رومن رینز اور بروک لیسنر تینوں آپس میں ٹائٹل کے حصول کے لیے تگ و دو میں مصروف تھے کہ بروک لیسنر کی اچانک دوبارہ آمد ہوئی اور انہوں نے تینوں ریسلرز پر اپنے داؤ پیج استعمال کیے۔

    آخر میں سموا جوئی اور براؤن اسٹرومین رومن رینز کے سپر مین پنچ کے باعث رنگ سے باہر تھے کہ رومن رینز کے تین سپر مین پنچ کھانے کے بعد بھی بروک لیسنر نے رومن رینز کو اپنا آخری داؤ لگا کر ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرلیا۔

    ڈبلیو ڈبلیو ای سمر سلیم کے دیگر میچز میں جان سینا نے بیرن کوربن کو شکست دے دوچار کیا۔

    ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ کے لیے جندر مہل اور نکامورا کے درمیان مقابلہ ہوا جسے جندر مہل نے سنگھ برادرز کی بار بار مداخلت کے باعث جیت لیا۔

    بک شو اور بگ کاس کے درمیان ہونے والا میچ بگ کاس نے جیت لیا، رینڈی اورٹن اور روسو کے درمیان ہونے والے میچ میں رینڈی اورٹن نے روسو کو بآسانی شکست دے دی۔

    ٹیگ ٹیم چیمپئن شپ میچ میں سیزارو شیمس، ڈین ایمبروز اور سیتھ رولنز کے درمیان میچ ہوا جس میں ڈین ایمبروز اور سیتھ رولنز نے کامیابی حاصل کی۔

    یونائیٹڈ اسٹیٹس چیمپئن شپ کے لیے اے جے استائلز اور کیون اوننز کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں شین میک موہن ریفری کے فرائض انجام دے رہے تھے، یونائیٹڈ اسٹیٹس چیمپئن شپ کا ٹائٹل اے جے اسٹائلز کے نام رہا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔