Author: نعمان ناصر

  • سری لنکن اسپنر نے پہلے ہی میچ میں ہیٹ ٹرک کرلی

    سری لنکن اسپنر نے پہلے ہی میچ میں ہیٹ ٹرک کرلی

    گالے: سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان ہونے والے دوسرے ون ڈے میچ سری لنکن اسپنر ونیدو ہسارنگا نے ڈیبیو میچ میں ہیٹ ٹرک کرکے دنیائے کرکٹ کے تیسرے بالر بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق زمبابوے اور سری لنکا کے درمیان جاری دوسرے ایک روزہ میچ میں زمبابوے مقررہ اوورز سے قبل ہی لیگ اسپنر کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت 155 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

    انیس سالہ لیگ اسپنر نے میلکوم والر، ڈونلڈ ٹریپانو اور ٹینڈائی چتارا کی وکٹ حاصل کرکے شاندار ہیٹ ٹرک کی۔

    ہسارنگا کو لہیرو مدھوشنکا کی جگہ فائنل الیون میں شامل کیا گیا تھا، انہوں نے 2.4 اوورز میں 15 رنز دیکر تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں اس سے قبل جنوبی افریقہ ربادا، بنگلہ دیش کے تیجو الاسلام اپنے ڈیبیو میچ میں ہیٹ ٹرک کرچکے ہیں۔

    ہسارنگا ڈومیسٹک کرکٹ میں سری لنکا انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 775 رنز بنارکھے ہیں جبکہ صرف 12 فرسٹ کلاس میچز میں 16 وکٹیں بھی لے چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ زمبابوے نے سری لنکا کو پہلے ایک روزہ میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

  • بگ باس بھی سلمان خان کا نہیں رہے گا؟

    بگ باس بھی سلمان خان کا نہیں رہے گا؟

    ممبئی: بھارتی رئیلٹی شو بگ باس کی میزبانی سلمان خان کے ہاتھ سے نکلنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

    دبنگ خان کی عید ریلیز ٹیوب لائٹ کی ناکامی کے بعد اب خبریں گردش کررہی ہیں کہ سلمان کا رئیلٹی شو بگ باس کے اگلے سیزن میں میزبانی کا خواب پورا نہیں ہوپائے گا، شو انتظامیہ نے اکشے کمار کی طرف نظریں دوڑانا شروع کردی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سلمان خان بگ باس شو کی ہر سال میزبانی تو کرتے ہیں مگر ہر نئے سیزن میں معاوضے کی مد میں بڑی ڈیمانڈ کرتے نظر آتے ہیں، جسے ہر سال پورا کرنا شو انتظامیہ کے لیے مشکل ہے۔

    دبنگ خان بگ باس شو کے دسویں سیزن میں ایک قسط ریکارڈ کرانے کے عوض آٹھ کروڑ کا خطیر معاوضہ وصول کیا تھا۔
    اکشے کمار اگر شو کی میزبانی کے لیے تیار ہوجاتے ہیں تو سلمان خان کے لیے ان کی نئی فلم ٹیوب لائٹ کی ناکامی کے بعد شو کی میزبانی چھن جانا کافی تکلیف دہ امر ہوسکتا ہے۔

    کھلاڑی کمار ان دنوں اپنی نئی فلم ٹوائے لیٹ اک پریم کتھا کی عکسبندی میں مصروف ہیں جس میں ان کے ساتھ ثناء خان، انوپم کھیر ودیگر نمایاں ہیں۔

    بگ باس الیون میں ابھیشک ملک، انیری وجانی، انمول سنگھ، انوپریا کپور، فلک ناز، میلیسا امینا، مشتی، موہیت ملہوترا، نندیش سندھو، نتالیا، نونیت کور، ریا سین، زویا افروز اور پاؤلی دام شرکت کرتے نظر آئیں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • لڑکی نے شہرت کے چکر میں بوائے فرینڈ کی جان لے لی

    لڑکی نے شہرت کے چکر میں بوائے فرینڈ کی جان لے لی

    امریکہ میں لڑکی نے سوشل میڈیا پر شہرت پانے کے لیے اسٹنٹ کرتے ہوئے اپنے دوست پرگولی چلادی، جس کے نتیجے میں نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق  امریکہ  19 سالہ لڑکی نے  سماجی رابطے کے لیے ویڈیوز کی ویب سائٹ یو ٹیوب پر شہرت حاصل کرنے کے لئے اپنے ہی دوست پرفائرکرکے اس کی جان لے لی۔

    مذکورہ واقعہ پیر کی شام ساڑھے چھ بجے پیش آیا، اسٹنٹ کو شوٹ کرنے کے لیے مونا نے ایک کیمرہ گاڑی کے پیچھے اور ایک قریب ہی رکھا ، جس کے بعد مونا نے گولڈ ڈیزرٹ ایگل نامی پچاس بور کی ہینڈگن سے اپنے دوست کے سینے پرفائرکیا، جس پرنوجوان موقع پرہی دم توڑگیا۔

    دوسری جانب مونا لیزا پیرز کو پیڈرو نامی نوجوان کے قتل کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا اورملزمہ کو دس سال قید کی سزا کے ساتھ بیس ہزار ڈالر جرمانہ بھی عائد کردیا گیا ہے۔

     مونا لیزا کا اپنے بوائے فرینڈ روئزکو گولی مارنے والے واقعہ سے قبل کہنا تھا کہ ’’ہماری ویڈیوز کو تین لاکھ لوگ اب تک دیکھ چکے ہیں‘‘۔ اس ٹویٹر پر اپنے پیغام میں یہ بھی کہا تھا کہ ’’وہ اور اس کا دوست اب تک کی سب سے خطرناک ویڈیو شوٹ کرنے جارہے ہیں‘‘ اوریہ کہ ’’یہ  پیڈرو کا آئیڈیا ہے میرا نہیں‘‘ اوریہ ہم دونوں کی ایک ساتھ آخری ویڈیو ہوگی۔

     مقامی حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ واقعے کی ویڈیو شیئر نہیں کی جاسکتی ہے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے منگنی کرلی

    آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے منگنی کرلی

    آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے اپنی دیرینہ دوست دانی ویلیز سے منگنی کرلی‘ منگنی کی افواہیں پہلے سے گردش میں تھیں تاہم دانی کی جانب سے ان کی تردید کی جارہی تھی۔

    اسمتھ اور دانی ویلیز گزشتہ پانچ سال سے ایک دوسرے کے بہترین دوست رہے ہیں اور اب انہوں نے اس دوستی کو دائمی رشتے میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اسمتھ نے ویلیز کو نیویارک کی کثیر المنزلہ عمارت پر دانی کو پروپوز کیا جسے دانی نے بخوشی قبول کرلیا۔

    اسٹیو اسمتھ کا کہنا تھا کہ انہوں نے گھٹنے کے بل بیٹھ کر دانی ویلیز سے ان کا ہاتھ مانگا اور جب دانی نے ان کے پیغام کو قبول کیا تو ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا۔

    اسمتھ اور دانی ان دنوں امریکہ میں مقیم ہیں اور چھٹیاں انجوائے کررہے ہیں۔ اسمتھ اور ویلیز کی ملاقات ایک بار میں ان دنوں ہوئی جب اسٹیو اسمتھ لاء کے اسٹوڈنٹ تھے اور بگ بیش ٹی ٹوئئنٹی لیگ کا پہلا ایڈیشن ہورہا تھا۔

    اس سے قبل بھی منگنی کی افواہیں گردش کررہی تھیں تاہم دانی ویلیز نے ان تمام افواہوں کی تردید کردی تھی۔

    اسٹیو اسمتھ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان ہونے کے ساتھ ساتھ انڈین پریمیئر لیگ میں ٹیم رائزنگ پونے سپر جائنٹ کی نمائندگی بھی کررہے ہیں جہاں ان کی ٹیم کو حالیہ سیزن کے فائنل میچ میں ممبئی انڈین سے شکست ہوئی تھی۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • مودی عالمی رہنماؤں کے گلے پڑنے لگے

    مودی عالمی رہنماؤں کے گلے پڑنے لگے

    نئی دہلی: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی جس ملک میں بھی جاتے ہیں وہاں ملنے والے رہنماؤں کے گلے پڑ جاتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی گزشتہ دنوں امریکہ کے دورے پر تھے جہاں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔

    زیادہ تر سیاست دان اپنے ہم منصب سے ملاقات کے وقت مصافحہ کو ترجیح دیتے ہیں لیکن یہاں صورتحال مختلف ہے مودی کے معاملے میں دیکھا گیا ہے کہ وہ عالمی رہنماؤں کے گلے پڑجاتے ہیں۔

    ٹرمپ سے بھی ملتے وقت مودی نے ہاتھ نہیں ملایا بلکہ پریس کانفرنس کے دوران ان سے ایک نہیں بلکہ دو ںہیں‌ بلکہ تین بار گلے پڑے تاہم ٓٹرمپ  نے گلے تو مل لئے لیکن ہاتھ ملانے کو زیادہ بہتر محسوس کیا۔

    مودی کا گلے ملنا ان دنوں عالمی میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھی ان کے گلے پڑنے یا گلے ملنے کے چرچے ہیں۔ لندن کے اخبار ڈیلی ٹیلی گراف نے بھی مودی کے ٹرمپ سے گلے ملنے کی خبر کو شہ سرخیوں میں جگہ دی۔

    واشنگٹن وال اسٹریٹ جنرل نے بھی فرنٹ پیج پر ٹرمپ اور مودی کے ملنے کی خبر کو ہائی لائٹ کیا۔

    گزشتہ سال کی تصاویر پر نظر دوڑائیں تو پتہ چلتا ہے کہ مودی 2015 ء میں برطانوی وزیر اعطم ڈیوڈ کیمرون، سابق امریکی صدر بارک اوبامہ، جاپان کے وزیر اعطم شینزو ایبی، سابق آسٹریلوی وزیراعظم ٹونی ایبٹ، ملائیشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق، متحدہ عرب امارات کے پرنس شیخ محمد بن زید النہیان، فیس بک کے سی ای او مارک زکربرگ سے بھی گلے ملتے نظر آئے ہیں۔

    سوشل کمنٹیٹر سنتوش دیسائی نے مودی کے گلے پڑنے کو اس طرح بیان کیا کہ ہاتھ ملانا فاصلے ظاہر کرتا ہے جبکہ گلے ملنے سے اپنے پن کا اظہار ہوتا ہے۔

  • ڈبلیو ڈبلیو ای گریٹ بالز فائر ایونٹ 9 جولائی کو ہوگا

    ڈبلیو ڈبلیو ای گریٹ بالز فائر ایونٹ 9 جولائی کو ہوگا

    ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے گریٹ بالز فائر ایونٹ کا انعقاد 9 جولائی کو ہونے جارہا ہے۔ ایونٹ کے تمام ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہوچکے ہیں۔ ایونٹ کا تھیم سانگ جیری لی لوئس نے گایا ہے۔

    گریٹ بالز فائر ایونٹ میں ہونے والے میچز میں معروف ریسلر بروک لیسنر کو سمواجوئی کا چیلنج درپیش ہوگا۔ دونوں کے درمیان مقابلے سے قبل ہی لڑنے کے لیے بے تاب نظر آتے ہیں جس کا اندازہ گزشتہ روز را کے ہونے والے ایونٹ سے لگایا جاسکتا ہے جس میں سموا جوئی نے بروک لیسنر پر اس وقت حملہ کردیا جب وہ مداحوں سے گفتگو کرنے کے لیے آرہے تھے۔ لیسنر اور سمواجوئی یونیورسل چیمپئن شپ کے ٹائٹل کے لیے رنگ میں اتریں گے۔

    دوسرا اہم میچ بگ ڈوگ یعنی رومن رینز اور ان کے حریف براؤن اسٹرومین کے درمیان ہوگا اس میچ کو ایمبولینس میچ کا نام دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز اسٹرومین نے رومن رینز کو مار مار کر ایمبولینس میں ڈال دیا۔ یہی نہیں اس سے قبل ہونے والے میچ میں جب رینز سموا جوئی سے میچ میں مصروف تھے تب اسٹرومین کی اچانک امد رینز کی شکست کی وجہ بن گئی۔

    گریٹ بالز آف فائر کے دیگر مقابلوں میں سیتھ رولنز اور برے وائٹ، ٹیگ ٹیم چیمپئن شپ کے لیے شیمس سیزارو، ہارڈی بوائز سے ٹائٹل کا دفاع کرتے نظر آئیں گے۔

    گولڈ ڈسٹ اور آر تروت کک آف شو میں لڑتے نظر آئیں گے جبکہ بگ کاز اور ااینزو امور بھی رنگ میں اپنے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔

    انٹرکانٹی نینٹل چیمپئن شپ میں ڈین ایمبروز، دا مز سے ٹائٹل کے لیے لڑیں گے واضح رہے کہ دونوں حریفوں کے درمیان ایکسٹریم رولز سے ہی ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی تگ دو میں مصروف ہیں۔

  • سلمان خان کی فلم ٹیوب لائٹ نے 2 دن میں‌ 40 کروڑ کمالیے

    سلمان خان کی فلم ٹیوب لائٹ نے 2 دن میں‌ 40 کروڑ کمالیے

    ممبئی: بالی وڈ کے دبنگ خان کی فلم ابتدائی دو روز میں فلموں بینوں کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

    سلمان خان کی فلم ٹیوب لائٹ کو دو روز پہلے بھارت سمیت دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا تاہم پہلے دن فلم صرف 21 کروڑ 15 لاکھ کا بزنس کرسکی۔

    یہی نہیں نمائش کے دوسرے روز بھی ٹیوب لائٹ کی کمائی میں پہلے دن کی نسبت صرف دو لاکھ کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہفتے کے روز 21 کروڑ 17 لاکھ روپے کا بزنس کیا۔

    مجموعی طور پر فلم نے ریلیز کے ابتدائی دو روز میں بیالیس کروڑ بتیس لاکھ روپے کمائے ہیں۔

    اس سے قبل سلمان اسٹارر دبنگ نے پہلے دن باکس افس پر سب سے کم چودہ کروڑ پچاس لاکھ کمائے تھے، جبکہ گزشتہ برس ریلیز ہونے والی سلطان نے پہلے دن چھتیس کروڑ اور ایک تھا ٹائیگر نے تینتیس کروڑ کمائے تھے۔

    بھارتی میڈیا کا اس موقع پر کنا ہے کہ فلم کو ریلیز ہوئے دو دن ہوئے ہیں رمضان المبارک میں لوگ سنیما کا رخ کم ہی کرتے ہیں امید ہے کہ عید کے پہلے دن لوگ بڑی تعداد میں سنیما گھروں کا رخ کریں گے اور فلم کے بزنس میں بہتری آئے گی۔

    واضح رہے کہ کبیر خان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم تیوب لائٹ میں سلمان خان اور چینی اداکارہ ژوژو نے مرکزی کردار نبھائے ہیں جبکہ فلم میں سلمان خان کے چھوٹے بھائی اور اداکار شاہ رخ خان بھی نمایاں ہیں۔

  • دہشت گردی عالمی امن و استحکام کے لیے چیلنج ہے، سرتاج عزیز

    دہشت گردی عالمی امن و استحکام کے لیے چیلنج ہے، سرتاج عزیز

    اسلام آباد: دہشت گردی عالمی امن و استحکام کے لیے چیلنج ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں۔
    ان خیالات کا اظہار مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور چینی وزیر خارجہ نے مشترکہ نیوز کانفرنس میں کیا۔

    سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جز ہیں۔ دہشت گردی دونوں ملکوں کا مشترکہ چیلنج ہے۔

    سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن و استحکام پاکستان کے مفاد میں ہے۔ افغانستان کے مسئلے کا حل مذاکرات میں ہے۔

    اس موقع پر چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ مزید تعاون بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک پر پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ پاکستان کی طرف سے تعلقات بڑھانے کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔

    عالمی برادریوں کو دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرنا چاہئے۔ چینی باشندوں کو تحفظ فراہم کرنے پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ پاکستان اور افغانستان کے تعلق کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

  • ڈبلیو ڈبلیو ای منی ان دی بینک: جہندرمل ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب

    ڈبلیو ڈبلیو ای منی ان دی بینک: جہندرمل ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب

    سینٹ لوئس: ڈبلیو ڈبلیو ای منی ان دی بینک ایونٹ میں جندر مہل نے اورٹن کو شکست دیکر ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا، اسی ایونٹ میں بیرن کوربن نے پہلی بار ڈبلیو ڈبلیو ای مسٹر منی ان دی بینک کا اعزاز اپنے نام کیا۔


    تفصیلات کے مطابق ڈبلیو ڈبلیو ای منی ان دی بینک ایونٹ میں جندر مہل نے ایک بار پھر رینڈی اورٹن کو سنگھ برادرز کی مدد سے شکست دے کر’ڈبلیو ثبلیو ای چیمپئن‘ ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرلیا ہے۔

    ڈبلیو ڈبلیو ای ٹائٹل میچ کا آغاز ہوا تو یو محسوس ہو رہا تھا کہ رینڈی اورٹن جندر مہل کو باآسانی شکست دے دیں گے تاہم سنگھ برادرز کی بار بار مداخلت پر ایسا ممکن نہ ہوسکا۔

    ریفری نے سنگھ برادرز کو باہر جانے کا کہہ دیا تاہم سنگھ برادرز نے رینڈی اورٹن کے والد جو قریب ہی تماشائیوں میں بیٹھے نظر آرہےتھے ان پر حملہ کردیا۔ رینڈی اورٹن سے یہ دیکھا نہ گیا اور انہوں نے سنگھ برادرز کو رنگ سے باہر جاکر خوب داؤ پیج لگائے۔

    رینڈی اورٹن سنگھ برادرز کو رنگ سے باہر ڈھیر کرنے کے بعد جیسے ہی رنگ میں داخل ہوئے تو انہوں نے جندر مہل پر حملہ کرنا چاہا تاہم جندر مہل نے انہیں اپنا آخری داؤ (خلاص) مار کر ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرلیا۔

    دوسرے مقابلے میں مسٹر منی ان دی بینک کا اعزاز بیرن کوربن نے اپنے نام کرلیا اس لیڈر میچ میں بیرن کوربن کے ساتھ اے جے اسٹائلز، سمیع زین، کیون اونز، ڈولف زیگلر نے حصہ لیا مگر کامیابی بیرن کوربن کے نام رہی۔

    اس کامیابی کے بعد کوربن کو منی ان دی بینک بریف کیس مل گیا جس کی بدولت وہ کسی بھی وقت ڈبلیو ڈبلیوای چیمپئن شپ میچ کے لیے اسے استعمال کرسکتے ہیں۔

  • نیوز اسٹوڈیو میں کتے کی اچانک آمد، اینکر اچھل پڑی

    نیوز اسٹوڈیو میں کتے کی اچانک آمد، اینکر اچھل پڑی

    روس: روس کے نیوز استوڈیو میں اچانک نئے مہمان کی آمد پر نیوز اینکر خوف کے مارے اچھل پڑی۔

    تفصیلات کے مطابق رشیا میں براہ راست نشریات کے دوران خاتون اینکر ایرونا لینوریٹ  خبریں پڑھنے میں مصروف تھیں اس وقت اچانک ایک کالے کتے کی  آمد ہوتی ہے۔

    خاتون اینکر نے نشریات کے دوران کتے کو دیکھ کر نشریات جاری رکھنے کا ارادہ کیا لیکن وہ اس میں ناکام رہی۔

    خاتون اینکر ایرونا نے باآواز بلند کہ ڈالا (میں نے ایک کتا دیکھا ہے ادھر)، کتا اسٹوڈیو میں کیا کررہا ہے؟

    کتے کو دیکھ کر خاتون پہلے تو خوف کے مارے اچھل جاتی ہے تاہم بعد اپنے حواس بحال کرکے اس سے بچنے کے لیے اسے پیار کرنے کی کوشش کرتی ہے تاہم اس کے یہ سارے حربے ناکام ثابت ہوتے ہیں۔

    چینل انتظامیہ کے مطابق کتے کو کسی اور شو میں لے کر آنا تھا تاہم وہ وہاں سے غائب ہوکر اچانک خاتون اینکر کی براہ راست نشریات میں نمودار ہوجاتا ہے۔

    مذکورہ ویڈیو سوشل میڈڈیا پرتیزی سے وائرل ہوئی اور اب اس ویڈیو کو 3 میلین سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔