Author: نعمان ناصر

  • دو سر والے سانپ نے انٹرنیٹ پر دہشت پھیلادی

    دو سر والے سانپ نے انٹرنیٹ پر دہشت پھیلادی

    ارجنٹینا: سانتا فے نامی شہر میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا کہ جب ایک خاتون اپنے گھر کے باغ میں ’’2 سر‘‘ والے سانپ کو دیکھ کراوسان کھو بیٹھی۔

     تفصیلات کے مطابق ارجنٹینا کی شہری خاتون لوجین ایرولیس اس وقت ایک مشکل مرحلے سے گزریں جب ایک عجیب الخلقت سانپ  ان کے  گارڈن میں نکل آیا۔ سانپ نے خاتون کو نہ صرف خوفزدہ کردیا بلکہ وہ تذبذت کیفیت کا شکار بھی ہوگئیں کہ پہچان بھی پارہی ہیں اور نہیں بھی۔

    چھالیس سالہ لوجین کے مطابق 2 سروں والا یہ عجیب وغریب سانپ چارانچ‘ اور 10 سینٹی میٹرلمبا تھا، اس کی کھال بظاہر سانپ جیسی نظر آرہی تھی‘ وہ اسے دیکھ کرایک دم حواس باختہ ہوگئیں اورارد گرد موجود لوگوں کو شورمچا کر اپنی جانب متوجہ کرلیا۔

    یہ بھی پڑھیں: ایسا سیلون جہاں سانپ انسانوں کا مساج کرتے ہیں

     خاتون کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس سے پہلے کبھی انہوں نے اس طرح کا کوئی سانپ نہیں دیکھا، خوفناک سانپ کی آنکھیں بہت ہی بھیانک تھیں اوروہ بارباراپنی آںکھوں کو جھپک رہا تھا۔

    snake-post-1

    لوجین نے اپنے کھوئے ہوئے حواس بحال کرتے ہوئے ادھر ادھر نظر دوڑائی اور سانپ کو مار ڈالا، ایرولیس اور ان کے دوست احباب کے مطابق اس طرح کا سانپ انہوں نے اکثر فلموں میں دیکھا ہے۔

    سانپ کو مارنے کے بعد انہوں نے اس کی تصویر اور ویڈیو آن لائن سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ بھی کیں۔ ایرولیس نے فیس بک پر پکچر اپ لوڈ کرنے ساتھ یہ سوال بھی کیا کہ کوئی بتا سکتا ہے کہ یہ کیا چیز ہے؟

    ایرولیس کا مزید کہنا تھا کہ زمین بہت پرانی ہوچکی ہے لہذا ایسا ممکن ہے کہ کبھی نہ دکھائی دینے والی عجیب الخلقت چیزیں اچانک ہی ہمارے سامنے نمودار ہوجائیں۔

    خاتون کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں اس بات سے متفق ہوں کہ یہ کیٹر پلر نہیں ہوسکتا ہے کیونکہ اس کی ٹانگیں نہیں تھیں، اس کا سر دیکھ کر اندازہ ہورہا تھا کہ سانپ بہت زہریلا ہے۔

     اس عجیب االخقت سانپ کے بارے میں 3000 لوگوں نے سماجی رابے کی ویب سائٹس پر پر اپنی مختلف رائے کااظہار کیا۔

  • آمدنی رک جائے تو لوگوں کے اصل چہرے سامنے آجاتے ہیں: باکسر عامر خان

    آمدنی رک جائے تو لوگوں کے اصل چہرے سامنے آجاتے ہیں: باکسر عامر خان

    لندن: ذرائع آمدنی رک جائیں تو لوگوں کے اصل چہرے سامنے آجاتے ہیں، ان خیالات کا اظہار برطانوی نژاد پاکستانی باکسر عامر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ جب الوریز نے شکست سے دوچار کیا تب ان کے دماغ میں ان کی فیملی کے درمیان چلنے والے تنازعات گردش کرتے نظر آرہے تھے،

    عامر خان کے مطابق ان کے قریبی دوست ساج محمد اور ان کے انکل تاز اوران کے والد ہمیشہ ان کے لیے ایک پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ فائٹ سے  قبلہمیشہ ان سے مقابلے کے حوالے سے باتیں شیئر کرتے ہیں۔


    جھگڑاختم کریں ایسانہ ہو والدین بیٹا اور اہلیہ شوہر کھو دے، باکسر عامرخان


    عامر خان نے زندگی کے تیس سالہ دور کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا گزشتہ تیس سالہ دور بہت بہترین تھا جس میں ان کو ایک اچھی ٹیم کا ساتھ حاصل تھا، جیسے ہی اکتیس ویں سال میں قدم رکھا تو سب کچھ بدل گیا۔ پھرمیں نے سوچا کہ نہیں مجھے سب کو غلط ثابت کرنا ہے میں نے ماضی میں بہت اچھے سال گزارے ہیں، میرا گزرا دور پھر واپس آئے گا، میں آگے کی طرف دیکھ رہا ہوں اور سب کو غلط ثابت کردوں گا۔


    عامر خان، فریال کو طلاق دے کر ہی رہے گا، باکسر عامر خان کے والد


    عامر نے کہا کہ اگر انہیں زیادہ پیسے کمانے ہیں تو آئندہ رنگ میں اترنے سے قبل وہ اپنے ذہن میں کوئی منفی پہلو نہیں رکھنا چاہیں گے۔ باکسر نے مزید کہا کہ آپ کے آس پاس کے لوگ جنہیں آپ بہت اچھا سمجھتے ہیں درحقیقت ایسا ہوتا نہیں ہے وہ اچھے وقت میں ساتھ ہوتے ہیں اور برے وقت میں آپ کا ساتھ چھوڑ جاتے ہیں۔

    عامر خان نے ماضی کے تلخ تجربات کو بھلا کر آئندہ چند ماہ میں ہونے والی اپنی فائٹ پر توجہ مرکوز کررکھی ہے تاکہ وہ رنگ میں اترحریف کو چاروں شانے چت کرسکیں۔


    عامر کے اہل خانہ مجھے مائیکل جیکسن کہتے تھے، اہلیہ


    عامر نے فیملی کے حوالے سے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک اچھا بیٹا اوربھائی ہوں اور میں ان سے بھی بہتری کی امید کرتا ہوں۔ میں اپنی فیملی کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتا ہوں۔

    واضح رہے کہ باکسرعامر خان کی اہلیہ اوران کے گھر والوں کے درمیان کافی دنوں سے کشیدہ تعلقات چل رہے تھے جس سے تنگ آکر عامر خان نے دونوں فریقین کو میڈیا کے ذریعے بھی سمجھانے کی کوشش کی تھی۔

  • سلمان خان سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے اداکار

    سلمان خان سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے اداکار

    ممبئی: بالی وڈ کے دبنگ خان سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے اداکار بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے بالی وڈ نگری میں تو نام کمایا ہی ہے اب سلو بھیا نے ایمانداری میں بھی اپنا نام درج کروالیا ہے۔ دبنگ خان سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے اداکار بن گئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے اکشے کمار اور ہریتھک روشن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 2016 اور 2017 کے 15 مارچ تک سب سے زیادہ ٹیکس ادا کیا، اداکار نے گزشتہ اور رواں سال 15 مارچ تک میں 44 کروڑ سے زائد ٹیکس ادا کیا ہے۔ گزشتہ برس سلمان خان نے 32 کروڑ سے زائد ٹیکس ادا کیا تھا اس حساب سے اداکار کی کمائی میں گزشتہ برس کی مناسبت سے 39 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    اکشے کمار اور ریتھک روشن بالترتیب 29 اور 25 کروڑ کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں، اداکاراؤں میں دپیکا پڈوکون، عالیہ بھٹ، کرینہ کپور ٹیکس ادا کئے ہیں۔ امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، اور ایشوریا رائے کی کمائی پاناما پیپرز میں نام ہونے کی وجہ سے ظاہر نہیں کی گئی۔

    کامیڈین اداکار کپل شرما نے انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کو حیران کردیا جہاں ان کی کمائی میں رواں برس 206 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال ریتھک روشن نے گزشتہ سال سب سے زیادہ 60 کروڑ روپے ٹیکس دیا تھا۔

    واضح رہے کہ سلمان خان ان دنوں ایک تھا ٹائیگر کے سیکوئل ٹائیگرزندہ ہے کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جو 22 دسمبر 2017ء کو ریلیز کردی جائے گی۔

     

    مزید پڑھیں: کیاسدیپ’ٹائیگر زندہ ہے‘میں ولن کا کردارنبھائیں گے؟

    بالی ووڈ فلم’ٹائیگر زندہ ہے‘ان دنوں خبروں کی زینت بنی ہوئی ہےاوراس بار یہ سلمان اور کترینہ کی جوڑی کو لیکر نہیں بلکہ ولن کےکردار کی وجہ سےخبروں کی سرخیوں میں ہے۔

  • اسپاٹ فکسنگ سے تنگ پی سی بی نے گول میز کانفرنس بلالی

    اسپاٹ فکسنگ سے تنگ پی سی بی نے گول میز کانفرنس بلالی

    لاہور: پی سی بی نے کرکٹ میں بہتری کے لیے گول میز کانفرنس طلب کرلی، کانفرنس میں سابق کرکٹرز کو مدعو کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ‌ کے چیئرمین شہریار خان نے کرکٹ میں‌ بہتری کے لیے گول میز کانفرنس طلب کرلی ہے، گول میز کانافرنس میں سابق کرکٹرز میں مدثر نذر، وسیم اکرم۔ رمیز راجہ، انتخاب عالم، ظہیر عباس، انضمام الحق، عاقب جاوید، علی نقوی ودیگر شامل ہیں۔ گول میز کانفرنس میں کرکٹ کو فکسنگ سے پاک کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائے ہیں۔

    گول میز کانفرنس میں قومی ٹیم کی پرفارمنس، ڈومیسٹک اسٹرکچر اور پچز کے معیار میں بہتری، قومی و جونیئر ٹیموں کی کوچنگ اور غیر ملکی ٹیموں کے دورہ پاکستان جیسے موضوعات زیر غور آئیں گے۔

    پی سی بی کی جانب سے گول میز کانفرنس ایسے وقت میں بلائی گئی ہے ، جب پاکستان کے 5 کھلاڑیوں کو پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کے الزامات کا سامنا ہے جبکہ انکے خلاف تحقیقات جاری ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے جا چکی ہے، جس میں قومی ٹیم کالی آندھی کے خلاف 4 ٹی ٹوئنٹی میچز، تین ون ڈے میچز اور تین ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کھیلے گی، پاکستان ون ڈے سیریز میں 3-0 سے کامیابی حاصل کرکے براہ راست ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرجائے گا۔


    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریارخان نے قومی کرکٹ ٹیم کی بہتری کے لیےاگلے ماہ 6اور 7مارچ کو لاہور میں گول میز کانفرنس طلب کی تھی۔

    چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا تھا کہ کہ جس نے کرپشن کی وہ کیرئیر ختم سمجھے، اب بکیز دوستوں اور رشتہ داروں کے ذریعے رابطہ کرتے ہیں، صرف فٹ کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہوں چاہے جونیئر ہوں یا سینئر۔

    سابق کپتان جاوید میانداد، ٹیسٹ کپتان مصباح الحق، شاہد خان آفریدی، سعید اجمل، محمد حفیظ پہلے ہی اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کرکٹرز پر تاحیات پابندی کا مطالبہ کرچکے ہیں۔
    ۔

  • کراچی میں پاکستان فیشن ویک کا آغاز

    کراچی میں پاکستان فیشن ویک کا آغاز

    کراچی: شہر قائد میں پاکستان فیشن ویک کا تین روزہ میلہ سج گیا، معروف اور نئے چہروں پر مشتمل ماڈلز کی ریمپ واک نے میلے کو چار چاند لگادئیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پاکستان فیشن ویک کا تین روزہ میلہ سج گیا، آٹھ ڈیزائنر نے موسم بہار اور گرمیوں کے ملبوسات متعارف کرائے۔

    فیشن کے پہلے روز معروف ڈیزائنرز نے اپنے ملبوسات متعارف کرائے، فیشن ویک میں ندا حسین، عمران عباس، دیپک پروانی شرکا کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

    فیشن پاکستان ویک کے آغاز سے قبل ماڈلز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک کے موجودہ حالات پر دہشت گردوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم دہششت گردی سے ڈرنے والے نہیں، ماڈلز نے آپریشن ردالفساد کو بھی سراہا۔ماڈلز نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام شہر میں ہونے چاہئیں۔

  • بچپن کی یادیں تازہ کرتے ڈبلیو ڈبلیو ای کے تھیم سانگ

    بچپن کی یادیں تازہ کرتے ڈبلیو ڈبلیو ای کے تھیم سانگ

     ڈبلیو ڈبلیو ای میں آپ نے اکثر پہلوانوں کو لڑتے ہوئے دیکھا ہے ان کی دھماکہ خیز انٹری بھی آپ کو یاد ہی ہوگی، اسٹیو آسٹن جب رنگ میں آتے تھے تو اس سے قبل گلاس ٹوٹنے کی آواز آتی تھی جو آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں ہے۔

    ایسے ہی چند معروف ریسلرز اور ان کی انٹری کے تھیم سانگ کے حوالے سے بیان کرتے ہیں کہ ان کے تخلیق کرنے والے کون ہیں؟

    دی راک

    ریسلنگ اور فلموں میں اپنے نام کمانے والے دی راک کی جب انٹری ہوتی ہے تو اس کا تھیم سانگ ’’اِز دز اسمیک‘‘ اپنی منفرد ہی پہچان رکھتا ہے، اس تھیم سانگ کو جم جانسٹن نے تیس سال قبل اس خوبصورت انداز سے تخلیق کیا کہ اس کا سحر آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں موجود ہے۔

    شان مائیکل

    چند عرصے قبل انڈر ٹیکر سے آخری فائٹ ہار کر ریسلنگ کی دنیا کو خیرباد کہنے والے شان مائیکل نے اپنے کیریئر کا آغاز 1992ء میں کیا، شان مائیکل کی انٹری کے تھیم سانگ کو بھی جم جانسٹن نے مرتب کیا اس کے بول ہیں ’’آئی تھنک آئی ایم کیوٹ‘‘ اس دور میں ہر بچے کی زبان پر یہ ہی گانا تھا،

    انڈر ٹیکر

    انڈر ٹیکر جن کی آمد سے ہی مخالف ریسلر پر لرزہ طاری ہوجاتا ہے ان کی آمد کے ساتھ ہی ایک آواز سنائی دیتی ہے اور چاروں اطراف اندھیرا چھا جاتا ہے۔ جسے دیکھ کر لگتا ہے کہ آپ کوئی ڈراؤنی فلم دیکھ رہے ہیں، مگر یہ فلم نہیں انڈر ٹیکر ہوتے ہیں۔

    ٹرپل ایچ

    ریسلنگ کی دُنیا میں ٹرپل ایچ کے نام سے مشہور اس ریسلر نے ہیوی ویٹ ٹائٹل کی چیمپئن شپ میں اپنا لوہا منوایا۔ ٹرپل ایچ کی آمد کے ساتھ ہی ایک میوزک بجتا ہے اور وہ رنگ میں داخل ہونے سے قبل پانی پیتے ہیں ہیں اور اپنے سر کے اوپر پانی ڈال کر اپنے آپ کو تروتازہ کرتے ہیں۔

    ایڈی گوریرو

    ایڈی گوریرو وہ واحد ریسلر ہیں جو رنگ میں بے ایمانی بھی اس انداز سے کرتے تھے کہ مداح ہنسنے پر مجبور ہوجاتے تھے۔ گو کہ وہ اب اس دنیا میں نہیں ہیں مگر ان کے مداح آج بھی ان کی ریسلنگ دیکھ کر محظوظ ہوتے ہیں۔ ، گوریرو کی آمد بائیک پر ہوا کرتی تھی، گوریرو کے تھیم سانگ کو بھی جم جانسٹن نے ترتیب دیا۔

    جان سینا

    معروف ریسلر جان سینا جنہوں نے حال ہی میں ڈبلیو ڈبلیو چیمپئن بننے کے بعد صرف دو ہفتوں میں شکست کھاکر ٹائٹل سے محروم ہوگئے۔ مگر جان سینا کا تھیم سانگ جو لوگوں کو ان کی آمد کے ساتھ ہی جھومنے پر مجبور کردیتا ہے، سینا کا تھیم سانگ ’’یور ٹائم از اپ، مائی ٹائم از ناؤ‘‘جان سینا کے کزن مارک پریڈکا نے 2005ء میں مرتب کیا اور انہیں امید تھی کہ یہ سانگ سینا کا ٹریڈ مارک بنے گا۔

  • اسٹریٹ کرائمز کے جن سے بچنے کے لیے یہ تدابیر اپنائیں

    اسٹریٹ کرائمز کے جن سے بچنے کے لیے یہ تدابیر اپنائیں

    کراچی: شہر قائد کے شہری پہلے ٹارگٹ کلنگ سے پریشان تھے  کیونکہ 20 سے  25 جانیں روزانہ ضائع ہوتی تھیں تاہم رینجرز آپریشن کے بعد یہ صورتحال ختم تو ئی مگر چھینا چھپٹی اور ڈکیتی کی وارداتوں بڑھ گئی جس کے باعث شہریوں کی زندگی ایک بار پھر اجیرن ہوگئی۔

    اسٹریٹ کرائمز کی تیزی سے بڑھتی ہوئی وارداتوں کے بعد شہریوں کے لیے مہنگے موبائل فونز رکھنا جرم ہوگیا اور وہ اس سے محروم ہونے لگے۔ گلی محلوں میں داخل ہوکر لوٹ مار کرنے والے افراد کے آگے پولیس بے بس دکھائی دیتی ہے یا پھر ممکن ہے کہ پولیس کی نظر میں یہ وارداتیں اہم ہی نہ ہوں۔

    شہر قائد میں روزانہ سینکڑوں افراد اسٹریٹ کرائمز میں اپنے قیمتی موبائل، نقدی، و دیگر سامان سے محروم کردئیے جاتے ہیں، سی پی ایل سی سے جاری حالیہ رپورٹ کے مطابق اسٹریٹ کرائمز کی زیادہ وارداتیں سرجانی ٹاؤن، گلشن اقبال، عزیز آباد، عائشہ منزل، ناظم آباد، ناگن چورنگی، لیاقت آباد، گلستان جوہر ودیگر علاقوں میں رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ اسی رپورٹ میں تعداد کے حساب سے کرمنلز کا پسندیدہ ترین علاقہ عزیز بھٹی تھانے کی حدود شمار کی گئی۔

    رواں سال کے  دہ ماہ میں گزشتہ برس کی طرح اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافہ دیکھا گیا، اسٹریٹ کرمنلز کا آسان ہدف موٹر سائیکل پر بیٹھی ہوئی فیملیز ہوتی ہیں، جو رات کے اوقات میں شادی ہالز سے واپسی پر گھر آرہے ہوتے ہیں، یا پھر دوپہر کے وقت اندرونی گلیوں میں سناٹے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسٹریٹ کرمنلز باآسانی کارروائی کرکے فرار ہوجاتے ہیں۔

    crime-post-2

    ڈی آئی جی اور سی سی پی او کراچی نے گزشتہ دنوں میڈیا سے گفتگو میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافے کا اعتراف کیا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پولیس اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں بے بس ہے جبکہ اسٹریٹ کرمنلز کے آگے مزاحمت کرکے اپنا قیمتی مال بچانے والے زخمی شہری ہی پولیس اسنیپ چیکنگ سے متاثر ہوتے نظر آتے ہیں۔


    اسٹریٹ کرائمز سے بچنے کے طریقے


    گھر سے نکلتے وقت آیۃ الکرسی اور دعا پڑھ کر ضرور نکلیں کیونکہ احادیث مبارکہ میں اس کا مفہوم بیان کیا گیا ہے کہ ’’جو شخص گھر سے آیۃ الکرسی پڑھ کر نکلتا ہے تو پھر اس کی حفاظت کی ذمہ داری فرشتوں کے ذمہ ہوتی ہے‘‘۔

    شہری بھی ان وارداتوں کی ایف آئی آر درج کرانے تھانے جانے سے کتراتے ہیں کیونکہ اس کی اہم وجہ پولیس کا رویہ ہے۔ شہری تھانے جانے کے بجائے نیا موبائل لینے کو فوقیت دیتے ہیں تاکہ انہیں متعلقہ تھانے کی طرف سے تنگ ہونے کا سامنا نہ ہو۔

    اسٹریٹ کرائمز کو ختم کرنے کے لیے شہریوں کو تھانے رپورٹ درج نہ کروانے کی روایت کو ختم کرنا ہوگا، متاثرہ شخص کو چاہیے کہ وہ مذکورہ واقعے اطلاع اور رپورٹ تھانے کو ضرور دیں تاکہ پولیس کو بھی جرائم کی وارداتوں کا صحیح تعداد میں علم ہوسکے اور افسران عوام کو ریلیف دینے کےلیے پلان مرتب کرسکیں۔

    crime-post-1

    جب آپ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کسی تقریب سے گھر واپس جارہے ہوں تو یہ بات پہلے سے ذہن نشین کرلیں کہ رات کے اوقات میں آپ کے ساتھ اس طرح کا واقعہ رونما ہوسکتا ہے، اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتی سامان کو اپنی بائیک یا گاڑی کی کسی خفیہ جگہ پر رکھیں اور اگر موٹر سائیکل پر ہوں تو موٹر سائیکل کور کی جیب میں یا پھر ساتھ میں موجود بچوں کی جیب میں رکھ دیں۔

    اسی طرح خواتین اپنی قیمتی جیولری اتار کر مرد حضرات کی جیب میں رکھوا دیں کیونکہ معاشی حالات سے تنگ اسٹریٹ کرمنلز جیولری دیکھ کر بھی آپ کا پیچھا کرکے اس سے محروم کرسکتے ہیں۔

    گھر قریب پہنچ کر ایک نظر پیچھے مڑ کر  ضرور دیکھیں کہ کوئی آپ کا پیچھا تو نہیں کررہا، اگر کوئی موٹر سائیکل پر آپ کا پیچھا کررہا ہو تو آپ موقع دیکھ کر کسی دکان یا پھر رش والی جگہ پر کچھ دیر ٹھہر جائیں کیونکہ اسٹریٹ کرمنلز اتنی دیر رُک کر آپ کا انتظار نہیں کرے گا اور اس طرح آپ محفوظ رہ کر اپنے گھروں کو روانہ ہوجائیں گے۔

    اگر اسٹریٹ کرمنل گاڑی کے سامنے آکر آپ کو روکے تو آپ کم ازکم اس کی نظروں سے نظریں ضرور ملائیں کیونکہ آپ کے ڈر اور خوف کو دیکھتے ہوئے جرائم پیشہ شخص فائدہ اٹھا کر اسلحہ آپ کی طرف تان دیتا ہے، ایسی صوتحال میں اپنے اعصاب پر مکمل قابو رکھیں تاہم اگر وہ سامان یا قیمتی اشیاء طلب کر تو فوری دے دیں۔

    امید ہے کہ اسٹریٹ کرمنلز سے بچنے کے ان طریقوں پر عمل کرکے آپ اپنے قیمتی سامان سے محروم نہ ہوں۔

  • اے آر وائی ڈیجیٹل کے نئے ڈرامے رسمِ دنیا کا آج سے آغاز

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے نئے ڈرامے رسمِ دنیا کا آج سے آغاز

    کراچی: اے آر وائی ڈیجیٹل پر آج رات نیا ڈرامہ سیریل ’’رسمِ دُنیا‘‘ پیش کیا جارہا ہے، ڈرامے میں سمیع خان، ارمینہ اور بلال مرکزی کرداروں میں رسمِ دُنیا‘ نبھاتے ہوئے نظر آئیں گے، جاوید شیخ اور ثمینہ پیرزادہ بھی نمایاں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی ڈیجیٹل اپنے ناظرین کے لیے نئی ڈرامہ سیریل ’’رسمِ دُنیا‘‘ لارہا ہے، جو آج رات 8 بجے پیش کیا جائے گا۔ ڈرامے کا ٹیژر پہلے ہی ریلیز کیا جاچکا ہے جبکہ ڈرامے کے لیے علی عظمت کا گایا ہوا گانا ’’کہاں ہوں میں یہ کیا پتہ۔۔۔۔۔ کبھی جلا کبھی بجُھا‘‘ مقبول ہورہا ہے۔

    ڈرامے کی ہدایت کاری ذیشان انصاری اور رومی انشا نے نہایت خوبصورت انداز سے کی ہے۔ ڈرامے کی کہانی آرمینہ، سمیع اور بلال کے گرد گھومتی ہے، سمیع اور بلال بھائیوں کے کردار میں نظر آئیں گے، سمیع خان کو منفی کردار میں دکھایا گیا ہے جو شادی کے بعد آرمینہ پر بے جا تنقید کرتے نظر آرہے ہیں، جبکہ بلال آرمینہ سے محبت کا دم بھرتے ہیں۔

    ڈرامے کا ٹائٹل سانگ علی عظمت کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے جس کی موسیقی وقارعلی نے ترتیب دی ہے۔

    گزشتہ روز ندا یاسر کے پروگرام ’’گُڈ مارننگ پاکستان‘‘ میں سمیع خان کا کہنا تھا کہ ڈرامہ میں جاوید شیخ اور ثمینہ پیرزادہ کا کردار دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے، یہاں یوں کہہ لیں کہ مذکورہ سیریل میں خوبصورتی کے اوورڈوز آپ کو نظر آئیں گے،

    sami-khan-post-1

    واضح رہے کہ بلال کا اے آر وائی ڈیجیٹیل پر یہ پہلا ڈرامہ ہے، جبکہ سمیع خان اورارمینہ متعدد بار ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

  • ابو الحسن اصفہانی روڈ اسٹریٹ کرمنلز کی محفوظ ترین آماجگاہ

    ابو الحسن اصفہانی روڈ اسٹریٹ کرمنلز کی محفوظ ترین آماجگاہ

    کراچی: شہرقائد کے علاقے گلشن اقبال کے قریب واقع ابو الحسن اصفہانی روڈ اسٹریٹ کرمنلز کی آماجگاہ بن گیا، رات کے اوقات میں شہری نقدی، موبائل فونز ودیگر قیمتی سامان سے محروم ہونے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ پر واقع شادی ہالز میں منعقدہ تقاریب میں شرکت کرنے والے افراد واپسی پر لازمی اسٹریٹ کرملنز کا شکار بنتے ہیں اور وہ نقدی سمیت اہم اشیاء سے محروم ہوجاتے ہیں۔

    مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود اور کراچی یونیورسٹی سے متصل مسکن چورنگی تا پیراڈائز بیکری، امیر معاویہ مسجد، یوسی آفس کی گلیوں میں رات گئے شادی ہال سے واپس گھروں کو لوٹنے والے شہریوں کو لوٹ کر اسٹریٹ کرمنلز باآسانی فرار ہوجاتے ہیں۔

    مبینہ ٹاؤن تھانے کے اہلکار رات 12 بجے کے بعد شادی ہالز کے باہر سیکورٹی دینے کے بہانے کھانا اور دولہا کے اہل خانہ سے حصہ لینے میں مصروف رہتے ہیں۔

    mubina-town-post-1

    مزید برآں صبح سویرے ہی پولیس اہلکار اور ٹریفک پولیس اہلکار سوزوکی، رکشہ اور موٹر سائیکل سواروں کو دستاویزات دکھانے کے بعد باوجود تنگ کیا جاتا ہے۔ اسٹریٹ کرائم کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافے کے بعد ایس ایچ او مبینہ ٹاؤن سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو نہ ہوسکا۔

    واضح رہے کہ چند ماہ قبل امیر معاویہ مسجد کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 2 اسٹریٹ کرمنلز کو ہلاک کیا تھا، یہی نہیں رینجرز اہلکاروں نے بھی امیر معاویہ مسجد کے اطراف کی گلیوں میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔

    خوفزدہ علاقہ مکینوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید سے مطالبہ کیا کہ  مسکن چورنگی کے اطراف بالخصوص رات کے اوقات میں رینجرز کو تعینات کیا جائے اور اطراف کی گلیوں میں ہونے والے گشت میں اضافہ کیا جائے۔

  • یونیورسٹی روڈ کا ایک ٹریک تکمیل کے آخری مراحل میں داخل

    یونیورسٹی روڈ کا ایک ٹریک تکمیل کے آخری مراحل میں داخل

    کراچی: شہر قائد کے یونیورسٹی روڈ پر گزشتہ ڈھائی ماہ سے جاری زیر تعمیر روڈ کا ایک ٹریک تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے‘ منصوبے کے سبب ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر گزشتہ ڈھائی ماہ سے جاری زیر تعمیر روڈ کا ایک ٹریک تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے جبکہ دوسرے ٹریک پر بدستور ون وے ٹریفک رواں دواں ہے۔

    مذکورہ سڑک جو کہ حسن اسکوائر سے صفورہ چورنگی تک ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی‘مختلف سیاسی جماعتوں اور طلبہ جانب سے احتجاج اوربینرز آویزاں کیے گئے، بالاخرسندھ حکومت کی نظرِ کرم ہو ہی گئی اور مذکورہ روڈ کی تعمیر کا آغاز کردیا گیا۔

    new-post-1

    سڑک کی تعمیر کے دوران شہریوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، ایک ٹریک بند ہونے کے سبب ون وے ٹریک پردو طرفہ آمدو رفت ہونے سے ٹریفک جام رہنا روز کا معمول بن گیا ہے۔

    شہری منٹوں کا راستہ گھنٹوں میں طے کرنے پر مجبور ہیں، یہی نہیں یونیورسٹی روڈ پر ترقیاتی کام کے باعث لیاقت آباد اور نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف کی سڑکوں پر بھی ٹریفک جام رہنے لگا ہے۔

    یونی ورسٹی روڈ سے متصل صفورا چورنگی کا ذکر کیا جائے تو مذکورہ روڈ ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے اسٹریٹ کرمنلز کا آسان ہدف بن گئی ہے۔ جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھوں کی وجہ سے رات کے اوقات میں سفر کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

    new-post-2

    واضح رہے کہ شہر قائد میں مرکزی شاہراہیں زیر تعمیر ہونے کے باعث ٹریفک جام رہنا روز کا معمول بن گیا ہے، جن میں ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن، گرومندر، شاہراہ فیصل ودیگر شامل ہیں۔

    حکومت وقت کو چاہئے تھا کہ ایک ہی وقت میں تین سے چار مرکزی شاہراہوں پر ترقیاتی کام کے آغاز سے قبل کسی ایک کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرلیا جاتا تو شہری ٹریفک جام کے عذاب سے بچ جاتے، تاہم اب تو ترقیاتی کام کا آغاز ہوچکا اب مذکورہ شاہراہیں بننے کے بعد ہی شہریوں کو ٹریفک جام کے عذاب سے نجات مل سکے گی۔

    جب سڑک کی تعمیر کے حوالے سے شہریوں کی رائے لی گئی تو شہریوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روڈ کی تعمیر ہورہی ہے اس بات کی خوشی ہے مگر زیادہ تر شہری سڑک کی تعمیر کی سست روی پر کافی غم و غصے میں نظر آئے۔