Author: نعمان ناصر

  • شکست پرتنقید، ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح پھٹ پڑے

    شکست پرتنقید، ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح پھٹ پڑے

    لاہور: کینگروز کے خلاف شکست پر تنقید پر مصباح الحق پھٹ پڑے، ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ ہم اتنا برا بھی نہیں کھیلے جس طرح ہم پر تنقید کی جارہی ہے، ہوم گراؤنڈ پر دنیا بھر میں ٹیمیں اچھا کھیلتی ہیں اگر ہمیں جنوبی افریقہ، آسٹریلیا میں اچھے رزلٹ چاہئے تو وہاں کرکٹ بھی زیادہ ملنی ٓچاہئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے شکست پر کی جانے والی تنقید کا جواب دے دیا، مصباح الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا میں صیریز جیتنے کی بھرپور کوشش کی، ہم اتنا برا بھی نہیں کھیلے جس طرح تنقید کی جارہی ہے، ڈومیسٹک کا لڑکا آسٹریلیا جاکر کھیلے گا تو مسئلہ تو درپیش ہوگا۔ اچھے رزلٹ حاصل کرنے کے لیے ہمیں ان کنڈیشنز کے مطابق لڑکے تیار کرنا ہوں گے۔

    مصباح کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح کے ریمارکس دئیے جاتے ہیں تو آئندہ پھر کوئی بھی کپتان بننے کی حامی نہیں بھرے گا۔ ایک سال پہلے ریٹائر ہورہا تھا بورڈ اور عوام کے مطالبے پر کھیلتا رہا، مسائل کے حل تک کرکٹ میں بہتری نہیں لائی جاسکتی۔ فٹنس لیول پر مصباح کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ فٹنس لیول میں ہمیں بہتری لانا ہوگی۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا کہ 9 فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل سیزن ٹو‘ میں اچھی پرفارمنس دکھانے کی کوشش کروں گا۔

    آف اسپنر سعید اجمل بھی پی ایس ایل میں اچھی کارکاردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہیں، آف اسپنر نے کہا کہ میرا کام پرفارم کرنا ہے، پی ایس ایل میں کارکردگی دکھا کر سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کروں گا۔

  • ویسٹ انڈین آل راؤنڈر آندرے رسل پر ایک سال کی پابندی عائد

    ویسٹ انڈین آل راؤنڈر آندرے رسل پر ایک سال کی پابندی عائد

    دبئی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے ویسٹ انڈیز آل راؤنڈر آندرے رسل پر ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کے باعث ایک سال کے لیے کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں گزشتہ سال اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے آل راؤنڈر رسل پر اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کے باعث آئی سی سی نے ایک سال کی پابندی عائد کردی۔

    rusell-post-1

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انسداد ڈوپنگ ٹریبونل کے چیئرمین ہیو فلکنر نے فیصلہ سنایا اور جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ آندرے رسل اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوئے ہیں۔

    ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز ٹیم کی نمائندگی کرنے والے رسل کو گزشتہ سال اینٹی ڈوپنگ کے قوانین کے مطابق 2015 میں تین مرتبہ ٹیسٹ نہ کروانے پر قانون کی خلاف ورزی پر جواب طلب کیا گیا تھا جبکہ رسل قوانین کا جواب دینے میں ناکام رہے تھے۔ آل راؤنڈر پر پابندی کا اطلاق 31 جنوری سے ہوگا۔

    واضح رہے کہ آندرے رسل حالیہ بگ بیش لیگ میں بھی کرکٹ جاری رکھے ہوئے تھے جہاں انہیں بلیک اور پنک اسٹیکر کا بلا استعمال کرنے پر بھی منع کردیا گیا تھا۔

  • رائل رمبل اورٹن کے نام، جان سینا ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن بن گئے

    رائل رمبل اورٹن کے نام، جان سینا ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن بن گئے

    سان انتونیو: نئے سال میں ڈبلیو ڈبلیو ای کا پہلا بڑا ایونٹ معروف ریسلرز رینڈی اور ٹن اور جان سینا کے نام ہوگیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست ٹیکساس کے شہر سان انتونیو میں دنیائے ریسلنگ کا بڑا ایونٹ رائل رمبل منعقد ہوا جس میں 30 ریسلر رنگ میں ایک دوسرے کے مدمقابل اترے۔

    royal-rumble-post-1

    رائل رمبل کا ایونٹ دیکھنے کے لیے ریسلنگ کے پرستار کئی روز سے بے صبری سے انتظار کررہے تھے جو اب انہیں دیکھنا نصیب ہوا، ایونٹ کو دیکھنے کے لیے 52 ہزار شائقین موجود تھے۔

    مقابلے میں بروک لیسنر، رومن رینز، گولڈ برگ اور انڈر ٹیکر کو فیورٹ قرار دیا جارہا تھا تاہم یہ مقابلہ غیر متوقع طور پر رینڈی اورٹن نے اپنے نام کر لیا۔

    مقابلے کا آغاز کرس جیریکو سے ہوا اور جیریکو مقابلے کے آخر تک رنگ میں موجود رہے تاہم وہ 27ویں نمبر پر باہر ہوئے۔ بعد ازاں دیگر ریسلرز رنگ میں آئے۔

    ان ریسلرز میں بگ شو، انڈر ٹیکر، گولڈ برگ، سمیع زیان، رومن رینز، بروک لیسنر، لیوک ہارپر، زگلر، رینڈی اورٹن، مارک ہنری، شیمز، دی مز بگ کاس ودیگر ریسلرز شامل تھے۔

    royal-rumble-post-3

    رائل رمبل میں اہم موڑ اس وقت آیا جب گولڈ برگ نے اپنی گزشتہ ایونٹ کی روایت کو برقرار رکھا اور بروک لیسنر کو اٹھا کر رنگ سے باہر کردیا،رومنز رینز نے انڈر ٹیکر کو رنگ سے باہر کیا۔

    royal-rumble-post-2

    رینڈی اورٹن دوسری مرتبہ رائل رمبل کا ٹائٹل اپنے نام کیا اس سے قبل وہ 2009ء میں یہ مقابلہ اپنے نام کرچکے ہیں۔

    انڈر ٹیکر نے بروک لیسنر کو رنگ سے باہر کرنے والے گولڈ برگ کو رنگ سے باہر کا راستہ دکھایا۔

    جان سینا نے حیران کن طور پر اے جے اسٹائلز کو مقابلے میں شکست دے کر 16ویں مرتبہ ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

    واضح رہے کہ جان سینا کافی عرصے بعد رنگ میں اترے تھے اس سے قبل وہ نجی مصروفیات کے باعث ریسلنگ مقابلوں میں حصہ نہیں لے رہے تھے۔

  • شہرقائد میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات اورپولیس کی من مانیاں

    شہرقائد میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات اورپولیس کی من مانیاں

    کراچی: شہر قائد میں ٹریفک حادثات میں اضافہ ہور ہا ہے، شہری اپنے پیاروں سے محروم ہورہے ہیں لیکن ٹریفک پولیس چالان کرنے کے بہانے اپنی جیبیں گرم کرنے میں مصروف ہے‘ کراچی میں ہر سال ہزاروں حادثات ہوتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں آئے روز حادثات تیزی سے بڑھتے جارہے ہیں، حادثات میں اپنی قیمتی جانوں سے محروم ہونے والوں میں زیادہ تر افراد کا تعلق متوسط طبقے سے ہوتا ہے۔

    یاد رہے کہ شہرِ قائد میں ہر سال 30 ہزار سے زائد ٹریفک حادثات پیش آتے ہیں جن میں سینکڑوں لوگ اپنی جان کی بازی ہارجاتے ہیں۔

    post-1

    غریب طبقے سے تعلق رکھنے والوں میں بہت سے افراد گھر کے واحد کفیل بھی ہوتے ہیں جبکہ ان لوگوں کا ذکر بھی سامنے آیا ہے جو والدین کی اکلوتی اولاد یا بہن بھائیوں میں سب سے بڑے ہوتے ہیں۔

    تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ بے ہنگم ٹریفک رش اور برق رفتار زندگی نے حادثات کو جنم دیا ہے، شہر قائد میں اکثر یہ دیکھا جاتا ہے کہ بس اور کوچ والے مسافروں کو بسوں کی چھتوں پر بلا خوف بٹھا کر لے جاتے ہیں اور ٹریفک پولیس اہلکار ان کو روکنے کے بجائے ان سے ہاتھ ملا کر رشوت مل جانے پر خاموش ہوکر بیٹھ جاتے ہیں۔

    post-2

    دوسری جانب شہری بھی ٹریفک اہلکاروں کی عدم موجودگی میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کرنے کے بجائے جلد بازی کا مظاہرہ کرتے نظر آتے ہیں جو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ حادثات رونما ہونے کی بڑی وجہ ظاہر کرتا ہے۔

    یہی حال مسکن چورنگی گلشن اقبال، الآصف اسکوائر اور صدر کا ہے، جہاں ٹریفک کا بے پناہ رش ہونے کے باوجود ٹریفک پولیس کے اہلکار ڈیوٹی سر انجام دینے کے بجائے اپنی ڈیوٹیاں غریب عوام کو تنگ کرکے انجام دے رہے ہوتے ہیں۔

    کم عمر اور ناتجربہ کار ڈرائیور بھی حادثات میں اضافے کا باعث ہیں، ٹریفک پولیس اہلکار صرف ان کا چالان کرنے تک محدود ہوتے ہیں یا پھر اپنی جیبیں بھرنے کے لیے رہ گئے ہیں۔

    post-3

    حادثات روز بروز بڑھتے جارہے ہیں لیکن ان پر قابو پانے کے لیے حکومت یا ٹریفک پولیس کوئی کردار ادا کرتی نظر نہیں آتی ہے۔

    ٹریفک پولیس اہلکاروں کا تو یہ کام رہ گیا ہے کہ غریب سبزی والے اور ٹریلر یا ٹرک والوں کو سائیڈ میں روک کر ان سے کاغذات اور لائسنس کے بہانے رشوت طلب کی جاتی ہے۔

    ضرورت اس امر کی ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ شہر میں بڑھتے ہوئے حادثات کی روک تھام کے لئے ٹریفک قوانین کی پابندی کے حوالے سے کوئی آگاہی پروگرام مرتب کریں تاکہ شہریوں میں ٹریفک قوانین کے حوالے سے معلومات میں اضافہ ہوسکے۔

  • وارم اپ میچ، پاکستان نے آسٹریلیا الیون کو دھول چٹادی

    وارم اپ میچ، پاکستان نے آسٹریلیا الیون کو دھول چٹادی

    برسبین: ایک روزہ میچوں کی سیریز سے قبل کھیلے جانے والے وارم اپ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا الیون کو 196 رنز سے شکست دیدی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور کرکٹ آسٹریلیا الیون کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو کافی مہنگا ثابت ہوا۔

    قومی کھلاڑیوں نے مقررہ 50 اوورز میں 334 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجادیا، بابر اعظم صرف 2 رنز کی کمی سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے جب کہ شرجیل خان اور عمر اکمل نے نصف سنچریاں اور شعیب ملک نے 49 رنز اسکور کیئے، عمر اکمل نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔

    آسٹریلیا الیون کی جانب سے گرین اور تھورنٹون نے تین، تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے تاہم کوئی بھی بولر پاکستانی بلے بازوں کو رنز کے ڈھیر لگانے سے نہیں روک سکا۔

    335 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا الیون کی پوری ٹیم صرف 138 کے مجموعی اسکور پر ڈھیر ہوگئی اور آسٹریلیا الیون کی جانب سے صرف تین کھلاڑی ہی ڈبل فگر میں داخل ہوسکے۔

    صرف جے پی انگلیز ایسے آسٹریلوی کھلاڑی تھے جنہوں نے پاکستانی بولرز کے سامنے کچھ مزاحمت دکھائی اور 70 رنز بنا کر نمایاں رہے، دیگر کوئی بھی بلے باز بھی پاکستانی باؤلر کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا، حسن علی نے تین، عماد وسیم اور شعیب ملک نے دو، دو آسٹریلوی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ 13 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

  • سی پیک کے باعث ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا، شاہد آفریدی

    سی پیک کے باعث ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا، شاہد آفریدی

    کراچی: اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ سی پیک کی وجہ سے ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا، 2016ء پچھلے پچیس سالوں کے مقابلے میں بہتر تھا۔


    Shahid Afridi’s message for fans and the entire… by arynews
    یہ بات اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہی، انہوں نے کہا یہ وقت قربانیوں کا نہیں بلکہ ترقی و کامرانیوں کا ہے جس کے لیے جنرل راحیل شریف بمعہ کور ٹیم اور نواز شریف کو مبارکباد دیتا ہوں کہ ان کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال ملک میں بہتر ہوئی۔

     

    شاہد آفریدی نے نئے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جنرل قمر باجوہ بھی ترقی اور کامرانی کے اس سفر کو جاری رکھیں گے تاکہ یہ ملک ترقی اور کامیابی کی طرف ہم سب کو جاتا ہوا نظر آئے۔

    36سالہ آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے دوستوں اور دشمنوں کو پہچاننا چاہئے عوام کافی سمجھدار ہے ان کو دیکھنا چاہئے کہ ہمارے دوست کون ہیں اور دشمن کون ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور کامیابی اس وقت ہے جب ہم متوسط طبقے کو اوپر کی طرف لے کر آئیں تو ہمارے ملک میں ایسے بہت سارے لوگ ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے بہت کچھ دیا ہے وہ لوگ عوام کی خدمت کرتے ہیں لیکن اس بار ان کو اور زیادہ خدمت کرنے کی ضرورت ہے۔

    شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ سی پیک کا پودا جو اس ملک میں لگا ہے اس کی گھنی چھاؤں میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائے گا، بیروزگاری ختم ہوگی جس سے جرائم کا خاتمہ ہوگا کیوں کہ بیروگاری کی وجہ سے جرائم میں اضافہ ہوتا ہے۔

    آفریدی نے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میری اور آپ سب کی ذمہ داری ہے کہ ملک کی ترقی میں اپنا اپنا کردار بہ خوبی ادا کریں۔

  • انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی: آفریدی کردار ادا کرنے کیلئے بے چین

    انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی: آفریدی کردار ادا کرنے کیلئے بے چین

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی میں کردار ادا کرنے کے لیے بے چین ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی ملک میں جلد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے خواہاں ہیں۔ اے آر وائی اسپورٹس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آئی تو اس کا سہرا پی سی بی کو جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم دورہ پاکستان پر آجاتی ہے تو یہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی بڑی کامیابی ہوگی،پاکستان میں امن و امان کی صورتحال اب کافی بہتر ہے، غیر ملکی ٹیموں کو اب پاکستان کا دورہ کرنا چاہیے۔

    36 سالہ آفریدی کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم اور رمیز راجہ کو بھی غیر ملکی کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان کے لیے آمادہ کرنا چاہیے، میں بھی اپنی طرف سے غیر ملکی کرکٹرز کرس گیل، مارلون سیموئیل سے بات کروں گا۔

    یاد رہے کہ  گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ پی ایس یل کا فائنل لاہور میں ہوگیا تو پاک ویسٹ انڈیز سیریز پاکستان میں یقینی ہوجائے گی۔

    آفریدی کا کہنا تھا کہ یونس خان اور مصباح الحق کی پاکستان کرکٹ کے لیے بڑی خدمات انہیں ریٹائرمنٹ کا فیصلہ سوچ سمجھ کر نا چاہیے۔

    واضح رہے کہ شاہد آفریدی کی طویل عرصے بعد ڈومیسٹک کرکٹ واپسی ہوئی، آفریدی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے ون ڈے ٹورنامنٹ کے میچ جس میں سوئی سدرن گیس کمپنی (لمیٹڈ) اور حبیب بینک (ایچ بی ایل) کی ٹیمیں مدمقابل تھیں، آفریدی ایچ بی ایل کی نمائندگی کررہے تھے۔

     احمد شہزاد کی کپتانی میں کھیلے جانے والے ون ڈے ٹورنامنٹ میں حبیب بیک نے سوئی سدرن گیس کمپنی کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔ آفریدی نے دس اوورز میں 42 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: ویسٹ انڈیز لاہور میں ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، نجم سیٹھی

    http://www.arynews.tv/ud/chairman-pcb-executive-committee-najam-sethi-says-pcl-final-will-b-held-in-lahore/

  • کراچی کے قبرستانوں‌میں‌گورکن مافیا بے لگام، عوام پریشان

    کراچی کے قبرستانوں‌میں‌گورکن مافیا بے لگام، عوام پریشان

    کراچی : موثر بلدیاتی نظام نہ ہونے کے باعث کراچی کے قبرستانوں میں گورکن مافیا بے لگام ہوگئی ہے، گورکن ،پولیس اور بلدیاتی اہلکاروں کی ساز باز نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے معروف قبرستانوں جن میں سخی حسن، عیسیٰ نگری، لیاقت آباد سی ون ایریا، شاہ محمد قبرستان شامل ہیں میں قبر کا حصول جوئے شیر لانے کے مترادف بنا دیا گیا ہے۔

    post-2

    کے ایم سی انتظامیہ کی جانب سے کوئی ٹھوس نظام نہ ہونے کی وجہ سے گورکن مافیا بے لگام ہو گئی ہے اور قبروں کے منہ مانگے دام وصول کر رہے ہیں جس میں مبینہ طور پر بلدیہ کے کچھ افسران اور پولیس کا حصہ بھی شامل ہوتا ہے جس کے باعث شہریوں کو دوہری پریشانی کا سامنا ہے۔

    post-1

    شہر کے وہ قبرستان جن میں نئی قبر کے لیے جگہیں موجود ہے وہاں گورکن زیادہ زیادہ قبریں کھپانے کے چکر میں تنگ جگہ پر بھی قبریں کھود دیتے ہیں اور اگر برابر والی قبر کے ورثاء احتجاج کریں تو تنگ جگہ پر کھودی گئی قبر کو دوبارہ بند کرنے کے لئے 1500 سے 2000 روپے کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔

    post-4

    دوسری جانب سخی حسن قبرستان، عیسی نگری قبرستان سی ون ایریا لیاقت آباد کے قبرستانوں میں جگہ نہ ہونے کے باعث انتظامیہ نے نئے قبریں بنانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے اس کے باوجود وہاں کےگورکن خطیر رقم کے عوض کسی پرانی قبر کو کھود کر نئے مردے کو دفنانے پر راضی ہو جاتے ہیں

    اس سلسلے میں گورکن ایسی قبروں پر نظر رکھتے ہیں جن کے لواحقین حاضری کے لیے نہیں آتے اور موقع دیکھتے ہی کسی نئے مردے کو پرانی قبروں میں دفنادیا جاتا ہے جس کے لیے 25000 سے 5000 تک رقم وصول کی جاتی ہے ۔

    اس لیے اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ اہل علاقہ اپنے پیاروں کی قبر پر حاضری دینے جاتے ہیں تو ان کے عزیز کی قبر کی جگہ کسی اور کی قبر ملتی ہے۔

    جس پر غم زدہ عوام اپنی روداد لے کر انتظامیہ اور پولیس کے پاس جاتے ہیں جس پر بھی کوئی شنوائی نہیں ہوتی اور عوام رو دھو کر صبر کرلیتے ہیں۔

    اس کے علاوہ کچھ قبرستانوں کےگورکن قبروں سے مردے نکال کر فروخت کرنا، یا مردے کے بال و دیگر اعضاء کی فروخت کے مکروہ عمل میں پائے گئے ہیں جب کہ قبرستان میں جادو ٹونا کرنے والوں کو تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کی بھی شکایات عام ہیں

    post-1

    انتظامیہ کو چاہئے کہ سخی حسن ، محمد شاہ و دیگر قبرستانوں میں ہونیوالے ان واقعات کا نوٹس لے کر شہر کے قبرستانوں کو منظم نظام سے جوڑا جائے اور ایسا نظام متعارف کرایا جائے جس میں شہری گورکن مافیا کے رحم و کرم پر نہ رہیں اور اپنے پیاروں کی تجہیز و تدفین بہتر طریقے سے کر پائیں اور اس مد میں شہریوں کی جانب سے ادا کی گئی فیس حکومت کے خزانے میں جمع ہو نا کہ کسی مافیا کی نذر ہو جائے۔

    علاوہ ازیں اہل علاقہ نے سندھ حکومت اور میئر کراچی سے مطالبہ کیا ہے کہ انصاف فراہم کیا جائے ورنہ احتجاج پر مجبور ہونگے اور ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل یاسین آباد قبرستان سے بھی عزیز آباد پولیس نے گورکن کو مردے نکال کر فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار بھی کیا تھا تا ہم پولیس کی جانب سے کمزور کیس داخل کرنے پر ملزم جلد ہی ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا جس سے گورکن اور پولیس کے ساز باز کا ثبوت ملتا ہے۔

  • میلبرن ٹیسٹ: نائب کپتان اظہرعلی نے تاریخ رقم کردی

    میلبرن ٹیسٹ: نائب کپتان اظہرعلی نے تاریخ رقم کردی

    میلبرن: میلبرن ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز اظہرعلی نے ناقابل شکست شاندار ڈبل سنچری اسکور کرکے پہلے ایشیائی بلے باز ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ اس ساتھ ہی انہوں نے مذکوہ ٹیسٹ میں مجموعی طور پر چار ریکارڈ اپنے نام کیے۔

    تفصیلات کے مطابق میلبرن ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز اظہر علی نے ڈبل سنچری بناتے ہوئے پہلے ایشیائی بلے باز ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ اظہر علی رواں سال ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔

    azhar-post-1

    اظہرعلی جب تیسرے روز میدان میں اترے تو انہوں نے شروع میں تھوڑا محتاط انداز اپنائے رکھا۔ چار سے چھ اوورز کے بعد اوپننگ بلے باز نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف شاندار اسٹروک کھیل کر کینگروز بالرز کی ایک نہ چلنے دی اور ناقابل شکست 205رنز بنائے۔

    azhar-post-2

    اس سے قبل اظہرعلی ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں بھی تھری فیگر اننگز بھی کھیل چکے ہیں۔ اوپننگ بیٹسمین کی ناقابل شکست اننگز میں بیس چوکے شامل تھے۔ اظہرعلی کیلینڈر ائیر میں ایک ہزار سے زائد رنز بنانے والے بھی واحد پاکستانی ہیں۔

    azhar-post-3

    اس میدان میں اظہرعلی نے ماجد خان کا سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ بھی توڑدیا۔ ماجد خان نے سال 1972ء میں آسٹریلیا کیخلاف 158 رنز بنائے تھے۔

    مزید پڑھیں: اظہرعلی ٹرپل سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

    اظہرعلی نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز بھی کینگروز کے خلاف جولائی 2010ء میں لارڈز کے میدان میں کیا تھا۔ اظہر علی 55 ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 4377 رنز بناچکے ہیں جس میں 12 سنچریاں شامل ہیں۔ ان کی بیٹنگ اوسط 41.50 ہے۔

    azhar-ali

  • جان سینا کی واپسی، حریفوں کے چھکے چھوٹ گئے

    جان سینا کی واپسی، حریفوں کے چھکے چھوٹ گئے

    نیویارک: ڈبلیو ڈبلیو ای سُپر اسٹار جان سینا کی رنگ میں واپسی ہوگئی، جان سینا کا مقابلہ آج رات ڈبلیو ڈبلیو ریٹرنز،میڈیسن اسکوائر گارڈن، نیو یارک سٹی میں ہوگا۔

    cena-post-1

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹرپل تھریٹ میچ میں جان سینا کے مدمقابل ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن اے جے اسٹائلزاور ڈین ایمبروز ہیں،جان سینا اکتوبر سے رنگ میں نہیں اترے تھے تین ماہ کے وقفے کے بعد جان سینا کی واپسی ہورہی ہے اور اس کے لیے انہوں نے ایکسرسائز کا آغاز کردیا تھا۔

    جان سینا کی رنگ سے دوری کی وجہ ان کی فلمی مصروفیات تھیں جو کہ اب ختم ہوچکی ہیں۔ سینا کے مداح ان کو ہالی ووڈ فلم ’’سیکنڈ سیزن آف امریکن گرڈ‘‘ میں دیکھ سکیں گے۔

    cena-post-2

    علاوہ ازیں آج ہونے والے اسمیک ڈاؤن، ٹیگ ٹیم چیمپئن شپ کے مقابلے میں رینڈی اورٹن اور برے وائٹ مد مقابل ہوں گے جب کہ اسٹیل کیج میچ میں ڈبلیو ڈبلیو انٹرنیشنل چیمپئن شپ میں ڈولف زگلر کو ’دا مز‘ کا چیلنج درپیش ہوگا۔

    39 سالہ جان سینا ریالٹی شو کی میزبانی کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔ سینا 16 مرتبہ ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرچکے ہیں۔

    cena-post-3

    جان سینا قبل ازیں مقبول ریسلرز دی راک، ٹرپل ایچ، کرٹ اینگل، رینڈی اورٹن، بروک لیسنرز سے مقابلہ کرچکے ہیں جس میں ان کو کامیابی اور ناکامی دونوں کا سامنا کرنا پڑا تاہم کامیابی کا تناسب زیادہ ہے۔

    ٹرپل تھریٹ میچ کے بارے میں پیش گوئی کی جارہی ہے کہ اے جے اسٹائلز، سینا اور ایمبروز میں سے سینا  فیورٹ ہیں۔

    cena-post-4

    جان سینا کی واپسی کی خبر سنتے ہی ان کے حریفوں کے چھکے چھوٹ گئے ہیں دوسری جانب سینا کے مداح کافی خوش دکھائی دے رہے ہیں اب دیکھنا یہ ہے کہ جان اپنے مداحوں کے اعتماد پر پورا اترتے ہیں کہ نہیں۔