Author: نعمان ناصر

  • پی سی بی کیلئے نہیں پاکستان کے لیے کھیلتا ہوں، شاہد آفریدی

    پی سی بی کیلئے نہیں پاکستان کے لیے کھیلتا ہوں، شاہد آفریدی

    پشاور: اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ پی سی بی کے لیے نہیں پاکستان کے لیے کھیلتا ہوں۔

    ان خیالات کا اظہار شاہد خان آفریدی نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں الوداعی میچ کا محتاج نہیں اللہ نے کرکٹ کھیلتے ہوئے بہت عزت دی ہے۔

    آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے ذریعے ہی قوم کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔

    آفریدی نے فاٹا میں اسپورٹس کمپلیکس کے قیام پر سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ پی سی بی کے لیے نہیں پاکستان کے لیے کھیلتا ہوں جب کہ شاہد خان آفریدی نے اپنے ہی بیان پر یو ٹرن لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔

    یاد رہے کہ جولائی میں شاہد آفریدی نے بی بی سی اردو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق پاکستان میں کرکٹ کا ٹیلنٹ موجود نہیں۔

    واضح رہے کہ شاہد آفریدی نے اپنا آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ ورلڈ کپ 2015ء میں کھیلا تھا۔ جبکہ ایشیاء کپ ٹی ٹوئنٹی میں شاہد آفریدی نے کپتانی کے فرائض انجام دئیے تھے۔ جس میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    شاہد آفریدی نے 398 ون ڈے میچز 13632 رنز بنا رکھتے ہیں اور اپنی بائولنگ کے ذریعے 395 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ 98 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 2362 رنز بنائے اور 97 وکٹیں بھی حاصل کررکھی ہیں۔

  • انگلش کرکٹر معین علی نےایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا

    انگلش کرکٹر معین علی نےایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا

    چنئی : پاکستانی نژاد انگلش آل راؤنڈر معین علی نے کلینڈر ایئر میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کے تیسرے آل راؤنڈر بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بلے باز اور آف اسپنر نے کلینڈر ایئر میں تیس وکٹیں اور ایک ہزار سے زائد رنز بنا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔

    moin-ali-post-1

    اس سے قبل ای این بوتھم اور جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے آل راؤنڈر جیک کیلس بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

    معین علی نے رواں برس ایک ہزار اٹہتر رنز اسکور کیے اورسینتیس وکٹیں اپنے نام کیں اسی اعزاز کے ساتھ وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں انگلینڈ کی جانب سے دوسرے آل راؤنڈر بن گئے۔

    moin-ali-post-2

    واضح رہے کہ ان دنوں انگلینڈ کی ٹیم دورہ بھارت پر ہے گو کہ بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تا ہم کرکٹر معین علی نے اس ٹیسٹ سیریز میں اس اہم سنگ میل کو عبور کر کے ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

    moin-ali-post-3

    پاکستانی نژاد برطانوی کرکٹر معین علی 18 جون 1987 کو پیدا ہوئے اور اپنے کیریئر کا آغاز 28 فروری 2014 کو ویسٹ انڈیز کے ساتھ ایک روز ہ میچ کھیل کر کیا جب کہ پہلا ٹیسٹ ڈیبیو 12 جون 2014 کو سری لنکا کے خلاف کیا۔

    یاد رہے کہ انگلش ٹیسٹ کرکٹر معین علی نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں اب تک 37 ٹیسٹ میچوں میں 1927 رنز بنائے گئے اور 98 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

  • شہرہ آفاق فلم بلیڈ رنر کا سیکوئل تہلکہ مچانے کے لیے تیار

    شہرہ آفاق فلم بلیڈ رنر کا سیکوئل تہلکہ مچانے کے لیے تیار

    لاس اینجلس: 30 برس بعد ہالی ووڈ کی شہرہ آفاق فلم بلیڈ رنر کا سیکوئل تہلکہ مچانے کے لیے تیار ہے۔

    فلم شائقین کے لیے ایک اچھی خبر ہے،1982 کی بلاک بسٹر سائنس فکشن فلم ’’بلیڈ رنر‘‘ کا سیکوئل ’’بلیڈ رنر 2049 ‘‘ بنایا جارہا ہے جس کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا۔

    1982ء کی بلاک بسٹر سائنس فکشن فلم بلیڈ رنر میں 2019ء کا جنیاتی نقشہ پیش کیا گیا تھا، کہانی میں جینیاتی انجینئرنگ کی مدد سے تیار کردہ روبوٹس دکھائے گئے تھے اب اس فلم کے دوسرے حصے میں 2049ء کے دور کی عکاسی کی گئی ہے۔

    blade-runner-post-1

    فلم کی کاسٹ میں ریان گوسلنگ، ہیریسن فورڈ، اینا دی آرمز، روبن رائٹ، لینی جیمز ودیگر شامل ہیں، جبکہ فلم کو ڈائریکٹ ڈینس ولین ایو نے کیا ہے۔

    blade-runner-post-2

    اپنی نوعیت کی اس منفرد سائنس فکشن فلم بلیڈ رنر 2049 آئندہ برس 6 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی تاہم جنیاتی انجینیئرنگ کے طالب علم اور عام شائقین بے تابی سے اس فلم کا انتظار کر رہے ہیں۔

    blade-runner-post-3

    مستقبل میں ہونے والی سائنسی تحقیق اور ایجادات سے نسل انسانی کیا فوائد اٹھائے گی اور انہیں کن مشکلات کا سامنا رہے گا اگر آپ یہ جاننا چاہتے ہیں تو یہ فلم آپ کو ضرور پسند آئے گی۔

  • کراچی کے شہریوں کے لیے شناختی کارڈ کا حصول ناممکن؟

    کراچی کے شہریوں کے لیے شناختی کارڈ کا حصول ناممکن؟

    رپورٹ: نعمان ناصر

    کراچی: قومی شناختی کارڈ کا حصول شہریوں کے لیے مشکل تر بنادیا گیا ہے اور شناختی کارڈ کے حصول کے لیے شہریوں نے راتیں سڑکوں پر گزارنا شروع کردیں کیوں کہ شناختی کارڈ کے حصول کے لیے نادرا آفس کے باہر قطاریں رات ہی سے لگنا شروع ہو جاتی ہیں۔

    نادرا آفس کے باہر قطاروں کو دیکھ کر آج سے 25 یا 30 سال قبل 80ء کی دہائی میں پی ٹی وی پر ایک مزاحیہ ڈرامے ففٹی ففٹی کی وہ قسط یاد آجاتی ہے جس میں معروف کامیڈین اسماعیل تارا اور ماجد جہانگیر نے ایسے مناظر کی درست مگر مزاحیہ انداز میں عکاسی کی تھی۔

    ففٹی ففٹی کی کئی دہائیوں پرانی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کسی طرح شناختی کارڈ آفس کے باہر شہریوں کا ہجوم ہے جو کام کاج چھوڑ کر دن رات وہاں گزار رہے ہیں، مزاح نگاروں نے اس مسئلے کو مزاحیہ انداز میں اجاگر کیا لیکن آج 20 برس بعد بھی نادرا دفاتر کے سامنے ایسا ہی ہجوم ہے جیسا کہ ففٹی ففٹی نے بیس برس قبل پیش کیا (دیکھیں ویڈیو)

    قومی شناختی کارڈ کا حصول ہر شہری کی پہچان کا باعث ہوتا ہے اور اس کا بآسانی اور فوری حصول ہر شہری کا بنیادی حق ہے مگر پاکستان میں 30 برس سے شہری اسی طرح قطاروں دھکے کھانے کے باوجود اس بنیادی حق سے محروم ہیں۔

    افسوس کا مقام یہ ہے کہ دنیا ترقی کی منازل طے کرتے بہت آگے نکل گئی اور ہم اب تک ان بے لگام اور بے ہنگم قطاروں سے جان نہیں چھڑا سکے جہاں نظم و ضبط کا فقدان اور بے ضابطگی اپنے عروج پر دکھائی دیتی ہے۔

    ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ جس طرح شہریوں کو سہولت کی فراہمی کے لیے حکومت نے کچھ ماہ قبل پاسپورٹ آن لائن سسٹم متعارف کرایا تھا اسی طرح نادرا میں بھی آن لائن سسٹم متعارف کرایا جانا چاہیے تاکہ شہریوں کو یہ سہولت گھر میں ہی میسر آسکے اور قطاروں میں دھکے کھانے سے بچ جائیں۔

    شناختی کارڈ کی اہمیت اور اس کے حصول میں کیا کیا پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں اس کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ چند روز قبل ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان کی سینٹرل جیل میں جیب کٹ گئی تو انہوں نے کہا کہ چور پیسے رکھ لے برائے مہربانی شناختی کارڈ واپس کردے۔

    post-1post-2

    ذرائع کے مطابق چند روز سے اورنگی ٹائون اور کورنگی ٹائون کے شہری قومی شناختی کارڈ کے لیے در بدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں اور اپنی راتیں نادرا آفسز کے باہر کالی کرنے پر مجبور ہیں یہاں تک کہ رات کا کھانا اور صبح کا ناشتہ بھی نادرا آفس کے باہر ہی ہوتا ہے۔

    ڈیلی ویجز اور نجی دفاتر کے ملازمین کے لیے نادرا آفس جا کے شناختی کارڈ بنانا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے اپنے روز گار اور دفتر سے چھٹی لے کر آنے والے ملازمین کی چھٹی لمبی لمبی قطاروں کی نذر ہو جاتی ہے اور دوسرے دن پھر وہی نادرا آفس، وہی دھکے اور وہی خواری حصے میں آتی ہے۔

    دوسری جانب اگر شناختی کارڈ کہیں گم ہوجائے یا گر جائے تو شناختی کارڈ کا دوبارہ حصول پہلی بار کارڈ بنوانے سے زیادہ پریشان کن اور دشوار گزار مسئلہ بن جاتا ہے،پہلے تھانے کے چکر ، پھر دو اخبارات میں اشتہار اور پھر نادرا افسر کی تسلی کراتے کراتے شہری ادھ موا ہو جاتا ہے جب کہ کارڈ کے حصول کے لیے ایک ماہ کا طویل انتظار بھی جھیلنا پڑتا ہے، ارجنٹ فیس ادا کرنے کے باوجود کارڈ ارجنٹ تو کیا نارمل فیس کی مدت میں بھی نہیں مل پاتا۔

    اوورسیز پاکستانی بھی جب پردیس سے چھٹیاں گزارنے اپنے ملک آتے ہیں اور اوورسیز کارڈ کی مدت ختم ہونے والی ہوتی ہے تو وہ نادرا کے آفس کے چکر لگا لگا کر تھک جاتے ہیں اور پھر ہمت ہار کر بیرون ملک جاکر ہی اپنا اوورسیز کارڈ تجدید کراتے ہیں۔

    گزشتہ روز نادرا آفس کے باہر کھڑے ایک شہری سے گفتگو کی تو اس کا کہنا تھا کہ میں روز کمانے والا شہری ہوں اور آج مزدوری پر جانا تھا مگر شناختی کارڈ کی مدت ختم ہونے کے بعد نادرا آفس کے باہر کھڑا ہوں مگر یہاں آکر دیکھا تو اتنی طویل قطار بنی ہوئی ہے قطار میں نہیں لگنا تو نادرا آفس کے باہر ایجنٹ کی ایک بڑی تعداد موجود ہوتی ہے ان کی جیبیں گرم کرنا پڑتی ہیں۔

  • گولڈ برگ نے بروک لیسنر کو منٹوں میں پچھاڑ دیا

    گولڈ برگ نے بروک لیسنر کو منٹوں میں پچھاڑ دیا

    ٹورنٹو: ڈبلیو ڈبلیو ای سروائیور سیریز میں روایتی حریف گولڈ برگ نے بروک لیسنر کو منٹوں میں شکست کا مزہ چکھا دیا جس پر کانٹے دار مقابلے کی توقع رکھنے والے شائقین ششدر رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈبلیو ڈبلیو ای سروائیور سیریز کا انتہائی اہم میچ جس کا مداحوں کو کافی عرصے سے انتظار تھا اور اس میں کانٹے دار مقابلے کی توقع تھی مگر توقعات کے برعکس یہ مقابلہ منٹوں میں ختم ہوگیا جس پر مداحوں نے انتہائی حیرت کا اظہار کیا۔

    wwe-post-1
    اتوار کو کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ہونے والے مقابلے میں ریسلر بروک لیسنر جس شان سے رنگ میں داخل ہوئے تھے تجربہ گار گولڈ برگ نے انہیں اسی شان سے رنگ سے باہر نکالنے میں دیر نہ لگائی۔


    یہ بھی پڑھیں:ڈبلیو ڈبلیو ای کا بڑا مقابلہ، گولڈ برگ اور بروک لیسنر پھر آمنے سامنے


    بروک لیسنر جب رنگ میں داخل ہوئے تو گولڈ برگ سے نظریں ملاتے رہے، گولڈ برگ نے ریفری کا اشارہ ملتے ہی لیسنر پر حملہ کردیا اور پھر لیسنر سنبھل نہ پائے۔
    یاد رہے کہ گولڈ برگ نے مقابلے سے قبل اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ میرے کندھے میں تکلیف ہے مگر بروک لیسنر کو رنگ میں ٹھہرنے نہیں دوں گا اور وہ اپنے اس دعوے پر قائم رہے ۔

    wwe-post-2
    مقابلے سے قبل گولڈ برگ نے لیسنر کے منیجر’ پال ہی مین‘ کو بھی رنگ کے اندر آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’میں تم سے کہہ رہا ہوں‘‘ میں تم سے کہہ رہا ہوں‘‘ بروک لیسنر اگلا شکار ہوگا۔

  • ڈبلیو ڈبلیو ای کا بڑا مقابلہ، گولڈ برگ اور بروک لیسنر پھر آمنے سامنے

    ڈبلیو ڈبلیو ای کا بڑا مقابلہ، گولڈ برگ اور بروک لیسنر پھر آمنے سامنے

    کینیڈا: ڈبلیو ڈبلیو ای سروائیور سیریز میں ماضی کے معروف ریسلر گولڈ برگ کی واپسی ہوگئی، گولڈ برگ اور براگ لیسنر ایک بار پھر رنگ میں آمنے سامنے ہوں گے، دونوں کھلاڑی فتح حاصل کرنے کے لیے 20 نومبر کو رنگ میں مدمقابل ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹورنٹو کے ایئر کینیڈا سینٹر میں اس بار ڈبلیو ڈبلیو کے دو سپر اسٹارز گولڈ برگ اور براک لیسنر ایک بار پھر رنگ میں اتریں گے۔ ڈبلیو ڈبلیو سروائیور سیریز ویسے تو اپنا ایک الگ ہی مقام رکھتی ہے مگر اس بار گولڈ برگ کی واپسی پر مداح اس مقابلے کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں جس میں گولڈ برگ ایک بار مرتبہ پھر اپنے حریف براک لیسنر کے مدمقابل نظر آئیں گے۔

    واضح رہے کہ 7 اپریل 2013ء کو گولڈ برگ نے ریسلنگ مینیا کے مقابلے میں براک لیسنر کو پچھاڑ دیا تھا، اب ایک بار پھر دونوں حریف اتوار 20 نومبر کو مقابلے کے لیے تیار نظر آتے ہیں۔ مقابلے سے قبل ہی دونوں ریسلرز کے درمیان لفظی جنگ کا آغاز ہوگیا ہے دیکھنا یہ ہے کہ اس بار فاتح کون ہوتا ہے۔

    gold-berg-post-1

    میچ سے قبل مختلف حلقوں نے فاتح ریسلرکی پیش گوئیاں کی ہیں جس کے مطابق گولڈ برگ کو فاتح قرار دیا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ گولڈ برگ ماضی میں بڑے بڑے ریسلرز دی راک، اسٹیو اسٹین، ٹرپل ایچ، بگ شو اور دیگر کو پچھاڑ چکے ہیں جبکہ ان کے حریف براک لیسنر بھی انڈر ٹیکر، دی راک، ٹرپل ایچ، شان مائیکل اور دیگر کو پچھاڑ کر اپنا لوہا منوا چکے ہیں۔

    اب دیکھنا یہ ہے کہ اتوار کو ہونے والے مقابلے میں کون فاتح رہتا ہے براک لیسنر یا گولڈ برگ۔

    lesner-post-1

    واضح رہے کہ ابھی ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن کا تاج اے جے اسٹائل کے نام ہے جبکہ انہوں نے بیک لیش کے اہم ایونٹ میں ڈین ایمبروز کو 11ستمبر 2016 کو شکست دے کر یہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

    دوسری جانب ڈبلیو ڈبلیو ای یونیورسل چیمپئن شپ کا تاج کیون اوونز کے نام ہے۔ یونائیٹڈ اسٹیٹس چیمپئن کے حق دار اس وقت عوام میں ’سپر مین پنچ‘ کے نام سے مشہور ریسلر رومن رینز ہیں۔

  • آئیڈیاز 2016: یونی ورسٹی روڈ کی تزئین و آرائش کا کام شروع

    آئیڈیاز 2016: یونی ورسٹی روڈ کی تزئین و آرائش کا کام شروع

    کراچی: شہر ِ قائد میں سوک سینٹر سے نیپا چورنگی تک سالوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑک کی تعمیرکا کام شروع کردیا گیا ہے‘ ایکسپو سینٹر اور سوک سینٹر کے اطراف وال چاکنگ مٹانے اور سڑکوں کی استرکاری کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دفاعی نمائش 2016 جس کا آغاز 22سے 25نومبر سے ہورہا ہے۔ نمائش کے لئے ابھی سے تیاریاں زور و شور سے شروع کردی گئی ہیں ‘ جن میں ایکسپو سنٹر کے اطراف کی سڑکوں کی استرکاری بھی شامل ہے۔

    university-road-post-1

    ذرائع کے مطابق سوک سینٹر اور نیپا چورنگی تک روڈ کی کارپیٹنگ کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے یہی نہیں درختوں کی چھٹائی اور وال چاکنگ کے مٹانے سمیت دیگر امور پر بھی کام جاری ہے۔

    یاد رہے کئی سالوں سے گلشن ٹاؤن‘ گلستان جوہر‘ صفورا چورنگی ودیگر اطراف جانے والی عوام سوک سینٹر اور یونیورسٹی روڈ کے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے باعث منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنے پر مجبور ہے۔

    university-road-post-2

    ا س سلسلے میں سول سوسائٹی ‘ سیاسی او رمذہبی تنظیموں کی جانب سے کئی بارروڈ کی تعمیر کے لئے مطالبے کیے گئے تھے اور اب بالاخر اس روڈ کی مرمت کا کام شروع ہوگیا ہے۔

    اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ استرکاری صرف ایکسپو سینٹر اور سوک سینٹر کے اطراف ہی کی جائے گی یا پورے یونیورسٹی روڈ کی کارپیٹنگ کرکے عوام کو اذیت سے نجات دلائی جائے گی۔

    یاد رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے ہر سال بجٹ میں متعلقہ روڈ کی تعمیر کے لئے رقم مختص کی جاتی ہے مگر یونیورسٹی روڈ کی تعمیر تو درکنارآج تک اس کی مرمت بھی مکمل طریقے سے نہیں کی گئی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روزٹریفک پولیس کی جانب سے چار روزہ ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے‘نمائش کے ایام میں حسن اسکوائر اور اطراف کی سڑکیں مکمل بند رہیں گی اور راستے پر سفر کرنے والوں کو متبادل راستے اختیار کرنے ہوں گے۔

    university-road-post-4

    آئیڈیا ز ایک انتہائی اہم نمائش ہے جس میں پاکستان کی اسلحہ انڈسٹری تک دنیا کو رسائی دی جاتی ہے اس موقع پر دوست ممالک کی کئی اہم شخصیات کراچی ایکسپو سنٹر کا دورہ کرتی ہیں‘ یہ نمائش پاکستان کی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔