Author: قیصر کامران صدیقی

  • پاکستان کو غیر جانبدار رہنا چاہئے، ڈاکٹر انور قرقاش

    پاکستان کو غیر جانبدار رہنا چاہئے، ڈاکٹر انور قرقاش

    ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے امور خارجہ ڈاکٹر انور قرقاش نےکہا ہے کہ پاکستان کو جنگ یمن پر مبہم پالیسی کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑ سکتی ہے۔

     متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے امور خارجہ ڈاکٹر انور محمود قرقاش نے سماجی ویب سائٹ پر لکھا ہےکہ یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جاری آپریشن میں شامل نہ ہونے کے حوالے سے پاکستان کی پارلیمنٹ کی قرارداد غیر متوقع ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئےبہتر یہی ہےکہ وہ خلیجی ریاستوں کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے واضح موقف اپنائے،خلیجِ عرب اس وقت نازک دوراہے پر کھڑا ہے۔

     انور قرقاش نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کےمبہم مؤقف سےثابت ہوتا ہے کہ لیبیا سےیمن تک سلامتی کی ذمہ داری صرف عرب ممالک کی ہے ۔

    ڈاکٹر انور محمود قرقاش کا خیال ہے کہ پاکستان اور ترکی کیلئے ایران کی اہمیت خلیجی ممالک سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔

  • نائن زیرو کے قریب رینجرز کی کارروائی، ایک شخص زیر حراست

    نائن زیرو کے قریب رینجرز کی کارروائی، ایک شخص زیر حراست

    کراچی: ایم کیو ایم کےمرکز نائن زیرو کے قریب رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت کے کارکن معظم علی کو حراست میں لے لیا۔

    رینجرز نےعلی الصبح ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کے قریب ایک گھر پر چھاپہ مارا، زرائع کے مطابق کارروائی کے دوران رینجرز اہلکاروں نے معظم نامی شخص کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے، ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے شخص کا تعلق سیاسی جماعت سےہے۔

    دوسری جانب ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے تمام اراکین نے متفقہ طور پر اپنے ایک بیان میں اس بات کی کھلے الفاظ میں وضاحت کی ہے کہ میڈیا پرآنے والی اطلاعات کے مطابق عزیز آباد میں بوتراب امام بارگاہ کے سامنے واقع گھر سے گرفتار کئے جانے والے دو افراد جنہیں رینجرز کی بھاری نفری کی موجودگی میں گرفتار کیاگیا ہے ان کا ایم کیوایم سے دور دور کا بھی کوئی واسطہ نہیں ہے ۔

     رابطہ کمیٹی نے کہا کہ یہ لوگ عزیز آباد میں کئی سالوں سے مقیم تھے تو ایم کیوایم کے کسی کارکن کی ذاتی طور پر تو ان سے سلام علیک ضرور ہوسکتی ہے لیکن ایم کیوایم کے ذمہ داریاکارکن کی حیثیت سے ان کا ایم کیوایم سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا ۔

  • تربت قتل عام کی تحقیقات کیلئے تفتیشی کمیٹی بنا دی ، ڈاکٹرعبدالمالک

    تربت قتل عام کی تحقیقات کیلئے تفتیشی کمیٹی بنا دی ، ڈاکٹرعبدالمالک

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ تعمیراتی کیمپ اور مزدوروں کی حفاظت پر مامور آٹھ لیویز اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے،سانحہ کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم بنادی ہے۔

    تربت میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ سانحہ تربت میں ملوث افراد بلوچستان اور مکران میں امن و امان تہہ و بالا کر کے عوام کو ترقی و خوشحالی سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ تعمیراتی کیمپ اور مزدوروں کی حفاظت پر مامورآٹھ لیویز اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، سانحہ کی تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی مکران کی سربراہی میں جے آئی ٹی بنا دی گئی ہے جو ایک ہفتے میں سانحہ کی تحقیقات کر کے حکومت کو رپورٹ پیش کریگی۔

  • راجن پوراورحافظ آباد میں ٹریفک حادثات،10مسافرجاں بحق متعدد زخمی

    راجن پوراورحافظ آباد میں ٹریفک حادثات،10مسافرجاں بحق متعدد زخمی

    کراچی: راجن پور اور حافظ آباد میں دو مختلف ٹریفک حادثات کے دوران دس افرادزندگی کی بازی ہارگئے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہناہےکہ روجھان انڈس ہائی وےپرمُسافرکوچ ٹرک سے ٹکرا گئی، خُونی حادثے میں چھ مسافرزندگی سےہاتھ دھو بیٹھےاور اکیس زخمی ہوگئے۔

    کراچی سے روانہ ہونےوالی مسافر کوچ کی منزل سوات تھی، تاہم تیز رفتاری کے باعث بد قسمت مسافرمنزل پر نہ پہنچ سکے اور سفر ِآخرت پر روانہ ہوگئے۔

    دوسرا ٹریفک حادثہ شہر حافظ آباد میں گوجرانوالہ روڈ پر پیش آیا۔ جہاں مسافر وین ڈمپر کی زد میں آگئی۔

     حادثے کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ متعددزخمی ہوئے۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نےوین سے زخمیوں اور لاشوں  کو نکال کر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا۔

  • مخالفین انتخاب سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، الطاف حسین

    مخالفین انتخاب سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، الطاف حسین

    کراچی: ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین کہتے ہیں مخالفین این اے دو سو چھیالیس کا ضمنی انتخاب سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، کارکنان مشتعل ہوکر انکا خواب پورا نہ کریں ۔

    ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے متصل جناح گراؤنڈ میں تقریب سے خطاب میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ میری تمام باتوں کو حالات کے مطابق سمجھا جائے،مخالفین یہ چاہتے ہیں کہ نہ کھیل ہو نہ کھیلنے دیں۔

    مخالفین کی جانب سے پتھراؤ بھی کیا جائے تو ایم کیو ایم کے کارکنان جوابی کاروائی سے گریز کریں۔ نوجوان کارکنوں کو جذباتی نعرے لگانے سے پہلے سمجھا دیا جائے، کارکنان کوشش کریں کہ ہر قسم کے جگھڑے سے بچا جائے۔

    الطاف حسین کا کہنا تھا کارکنان کوشش کریں کہ کسی قسم کاجھگڑانہ ہو، مخالفین پتھراؤبھی کریں توجوابی کارروائی سےگریزکریں،الطاف حسین نے امید ظاہر کی کہ تئیس اپریل کی شام تاریخی ہوگی اور کنور نوید مخالفین کو بھاری مارجن سے چت کرینگے ۔

  • رینجرز کا چھاپہ: سنی اتحاد کونسل کے رہنما طارق محبوب سمیت8 افراد گرفتار

    رینجرز کا چھاپہ: سنی اتحاد کونسل کے رہنما طارق محبوب سمیت8 افراد گرفتار

    کراچی: سندھ رینجرز نے چھاپہ مارکر سنی اتحاد کونسل کے رہنما طارق محبوب سمیت آٹھ افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

    ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں رینجرز نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنما طارق محبوب کے گھر پر چھاپہ مارا، رینجرز نے طارق محبوب سے پوچھ گچھ کی اور بعد ازاں ان سمیت آٹھ افراد کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

    ذرائع کے مطابق رینجرز نے چھاپے کے دوران گھر سے متصل دفتر میں تلاشی کے دوران کمپیوٹر، موبائل اور فیکس مشینوں کو بھی تحویل میں لے لیا۔

    حراست میں لیے جانے والے افراد میں سنی اتحاد کونسل کے شعبہ اطلاعات سے وابستہ شاہ عالم، محمد نفیس، اور دیگر شامل ہیں۔ چھاپے کے دوران رینجرز کی چھ سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا۔

  • سہیل خان بنگلادیش کیخلاف ون ڈے سیریز سے باہر، ذرائع

    سہیل خان بنگلادیش کیخلاف ون ڈے سیریز سے باہر، ذرائع

    لاہور: فاسٹ بولر سہیل خان بنگلادیش کیخلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے،جنید خان کو متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔

    دورہ بنگلادیش سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک اور دھچکا، فاسٹ بولر سہیل خان کمر کی تکلیف کے باعث بنگلادیش کیخلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے۔

    پریکٹس میچ میں فاسٹ بولر کمر کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے اور میچ میں صرف چھ اوورز ہی کراسکے تھے۔

    زرائع کے مطابق سہیل خان کے متبادل کے طور پر جنید خان کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

  • تحریک انصاف کو جناح گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت نہ مل سکی

    تحریک انصاف کو جناح گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت نہ مل سکی

    کراچی: تحریک انصاف کوانتظامیہ نے جناح گراؤنڈ میں جلسےکی اجازت نہیں دی، پی ٹی آئی نےشاہراہ پاکستان پرجلسےکااعلان کر دیا، عمران اسمعیل نےجماعت اسلامی کے انتخابی کیمپ کا بھی دورہ کیا۔

    نائن زیروکےقریب جناح گراؤنڈ میں تحریک انصاف کوجلسےکی اجازت نہیں ملی، تحریک انصاف کے امیدوارعمران اسماعیل نے بتایا کہ انتظامیہ نے اجازت نہیں دی جس کےبعد انیس اپریل کاجلسہ اب شاہراہ پاکستان پرہوگا۔

    این اے دوسوچھیالیس سےتحریک انصاف کےامیدوارعمران اسماعیل نےآج بھی انتخابی مہم چلائی۔

     انہوں نے کریم آباد پرلوگوں میں اپنے پوسٹرزبانٹے اورانہیں پی ٹی آئی کوووٹ ڈالنےکی ترغیب دیتےرہے۔

     عمران اسماعیل کا کہنا تھا سیاسی درجہ حرارت کم کرنےکاجواب الطاف حسین نے پرخلوص طریقے سےدیا،سیاسی مفاہمت کےعلاوہ کسی موقف سےپیچھےنہیں ہٹا۔

  • انوشکا شرما پر تنقید ، ویرات کوہلی برہم

    انوشکا شرما پر تنقید ، ویرات کوہلی برہم

     ممبئی: انڈین کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی نے اپنے اور انوشکا پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ انوشکا پر تنقید کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔

    رپورٹ کے مطابق انوشکا شرما پر تنقید کے بعد بالآخر ویرات کوہلی کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ انہیں اس تنقید سے ذاتی طور پر بہت مایوسی ہوئی، انوشکا پر تنقید کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران کسی اور کھلاڑی کے مقابلے میں انہوں نے لاتعداد میچز میں بھارت کی جیت میں مسلسل اہم کردار ادا کیا اور شاید ہی کوئی کھلاڑی ٹیم میں ایسا ہوگا جس نے اس طرح تسلسل کے ساتھ کارگردگی کا مظاہرہ کیا ہو۔

    ویرات کوہلی نے کہا کہ صرف ایک میچ میں اچھی کارگردگی نہ دکھانے پر تنقید افسوس ناک ہے جس سے یہ پتا چلتا ہے کہ کون آپ کے ساتھ ہے اور کون نہیں۔

    حال ہی میں کولکتہ میں انڈین اسٹار ویرات کوہلی آئی پی ایل کی افتتاحی تقریب کے اپنی گرل فرینڈ انوشکا شرما کے ساتھ وقت گرارتے نظر آئے ہیں۔

  • عتیقہ اوڈھو شراب برآمدگی کیس سے بری

    عتیقہ اوڈھو شراب برآمدگی کیس سے بری

    کراچی: مشہور پاکستانی اداکارہ اور سابق آل پاکستان مسلم لیگ کی رہنما عتیقہ اوڈھو شراب برآمدگی کیس سے بری ہوگئیں۔

    تجربےکار پاکستانی اداکارہ اور ٹیلی وژن کی معروف فنکارہ عتیقی اوڈھو کو شراب برآمدگی کیس سے چار برس بعد بری کردیا گیا،  2011ء میں قومی ایئرلائن کی پرواز سے کراچی جاتے ہوئے عتیقہ اوڈھو کے سامان سے دو شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں تھیں۔

    سپریم کورٹ کی طرف سے سوموٹو ایکشن لینے کے بعد تھانہ ایئرپورٹ پولیس نے عتیقہ اوڈھو کے خلاف دو بوتل شراب مقامی پرواز کے ذریعے اسلام آباد سے کراچی لے جانے کی کوشش میں مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کی تھی۔

    تاہم عدالت نے چار سال بعد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے عتیقہ اوڈھو کو بری کردیا۔