Author: قیصر کامران صدیقی

  • ٹوکیو: اوکینوا جزیرے میں امریکی بیس منتقل کرنے پر احتجاج

    ٹوکیو: اوکینوا جزیرے میں امریکی بیس منتقل کرنے پر احتجاج

    جاپان کے جزیرے میں قائم امریکی فوجی بیس کو متبادل جگہ فراہم کرنے کے فیصلے پر عوامی احتجاج، مخالفین نے مطالبہ کیا ہےکہ فوجی بیس کو مکمل طور پربند کردیا جائے۔

    جاپان میں امریکی فوجی بیس کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے مظاہرین کا کہنا ہے کہ فوجی بیس کو مکمل طور پربند کردیا جائے، اگر مطالبے پر عملدآمد نہیں کیا گیا تو عدالت میں امریکی بیس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا ۔

    گورنر کی جانب سےموجودہ امریکی فوجی بیس آبادی میں اضافے کے باعث ناگو سٹی منتقل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ جاپان میں اس وقت سینتالیس ہزار امریکی فوجی موجود ہیں، ان میں سے بیس ہزار سے زائد اوکینوا جزیرے میں تعینات ہیں جن میں سے پانچ ہزار آٹھ سو مختلف جرائم میں ملوث بھی پائے گئےہیں۔

  • جارجیا: مقناطیسی انسان نے سب کو حیران کردیا

    جارجیا: مقناطیسی انسان نے سب کو حیران کردیا

    شعلے فلم میں ٹاکور کاڈائیلاگ کہ ہتھوڑا ماردو مگر مقناطیسی صلاحیت کا اس پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔۔ کی عملی تفسیر جارجیا کا وہ کوچ ہے جس کے عشق میں لوہا خود گرفتار ہو گیا ہے،یقین نہ آئے تو خود دیکھ لیجئے۔

    جارجیا میں سوویت کک باکسنگ کے کوچ اکتالیس سالہ ایتبر ایلچیوکو قدرت نے ایسی مقناطیسی طاقت سے نوازا ہے کہ جسے دیکھتے ہی اچھے اچھوں کی نظریں دنگ رہ جائیں ۔ایلچیوکے جسم میں ایسی مقناطیسی کشش ہے کہ لوہا چپکے تو اترنے کا نام نہیں لیتا۔

    یہ ثابت کرنے کیلئے ایلچیوکے سینے اور پیٹھ پر تریپن لوہے کے چمچے چپکائے گئے اورانہوں نے عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔یہی نہیں انہوں نے ایک لوہے کی شیٹ سینے پر رکھ کر اس پر ایک نوجوان کو بٹھادیا اور شیٹ سے منسلک رسی کی مدد سے بغیر ہاتھ لگائے ایک مرسڈیز گاڑی کو بھی کھینچا۔

    جبکہ ایک اور جگہ لوہے کی شیٹ سینے پر چپکاکر اس پر پتھر کے اینٹ رکھ دئیے اور اینٹوں پر خوب ہتھوڑے بھی برسائے گئے مگر سینے سے شیٹ نہ ہٹ سکی ۔ایلچیو کے مطابق قدرت کے اس انمول تحفے پر وہ بہت خوش ہیں اور مستقبل میں وہ ہوائی جہاز اور ریل گاڑی کھینچنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
       

  • حکومت چلاناوزیراعظم کی ذمہ داری ہے صدر کی نہیں، پرویزمشرف

    حکومت چلاناوزیراعظم کی ذمہ داری ہے صدر کی نہیں، پرویزمشرف

    اے آروائی نیوز کے پروگرام سوال یہ میں گفتگو کرتےپہوئے سابق صدرجنرل ریٹائرڈ جنرل پرویزمشرف کاکہناتھا مقدمے میں سزا ہوئی تو معلوم نہیں کیاکروں گاالبتہ معافی مانگنے کاعادی نہیں۔

    سابق صدرپرویزمشرف کاکہناہے حکومت چلاناوزیراعظم کی ذمہ داری ہے صدر کی نہیں،مقدمات صرف میرےخلاف بنائےگئے،انصاف کی دھجیاں اڑائی گئیں، امید ہے آگے انصاف ہوگا۔

    کبھی سیاسی انتقام پریقین نہیں رکھا، پرویزمشرف کاکہناتھا مجھے الیکشن نہیں لڑنے دیاگیا قومی اسمبلی میں بیٹھے سب افراد صادق اورامین ہیں صرف میں ہی نہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں پرویزمشرف کاکہناتھالال مسجد اوربگٹی قتل کے مقدمات کئی سال بعدقائم کیے گئے ہیں حالانکہ حکومت چلانا وزیراعظم کاکام ہے نہ کہ صدرکا،  پرویزمشرف کاکہناتھا اب تک انصاف کی دھجیاں اڑائیں گئیں، امیدکرتاہوں کہ میرے ساتھ اب آگے انصاف ہو گا،ان کاکہناتھا افتخارمحمدچوہدری کوجب سپریم کورٹ نے بحال کیاتومیں قبول کیا لیکن افتخارمحمدچوہدری نے انصاف نہیں دیا۔

  • سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے دی

    سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے دی

    سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد  2 وکٹوں سے شکست دے دی، پاکستان کرکٹ ٹیم پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں سری لنکا کو شکست نہ دے سکی، سری لنکنز دو وکٹوں سے کامیاب رہے، لیکن سیریز تین دو سے گرین شرٹس نے جیتی ہے۔

    پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ احمد شہزاد،شرجیل خان اور صہیب مقصود جلد آؤٹ ہوگئے۔ ان فارم بیٹسمین محمد حفیظ سے ایک اور سنچری کی امید تھی،بدقسمتی سے وہ اکتالیس رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ مصباح الحق نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے ٹیم کا اسکور بڑھایا اور اکیاون رنز کی اننگز کھیلی۔ عمراکمل بیس رنز پر ہمت ہار گئے۔

    ایک سو چھتر رنز پر سات کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوجانے کے بعد انور علی نے ٹیم کی ڈوبتی ناؤ کو پار لگانے کی کوشش کی، مگر انکا ساتھ دینے والے جلد وکٹیں گنوا بیٹھے، قومی ٹیم دو سو بتیس رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، انور علی نے ناقابل شکست اکتالیس کی اننگز کھیلی۔ لاستھ ملنگا نے چارکھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، سری لنکن اوپنرز نے عمدہ آغاز فراہم کیا۔

    پریرا سینتالیس اور دلشن پینتالیس رنز بناکر آؤٹ کیا ہوئے۔۔ سری لنکن ٹیم کی وکٹیں گرنا شروع ہوگئی۔۔ چندی مل پاکستان کی کامیابی میں رکاوٹ بنے رہے، سنسنی خیز مقابلے کے بعد چھ گیندوں پر تین رنز درکار ہیں،  اجنتامینڈس نے گیند کو باؤنڈری پار پہنچا دیا اور سری لنکا دو وکٹوں سے کامیاب ہوگیا، جنید خان نے تین، سعید اجمل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

     

     

  • پرویزمشرف پرغداری کے مقدمے میں یکم جنوری کوفردجرم عائد ہوگی

    پرویزمشرف پرغداری کے مقدمے میں یکم جنوری کوفردجرم عائد ہوگی

    سابق صدر اورملزم پرویزمشرف پرغداری کے مقدمے میں یکم جنوری کوفردجرم عائد ہوگی۔ خصوصی عدالت نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

    تین صفحات پرمشتمل اس حکم نامے پرتین ججز کے دستخط موجود ہیں۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ملزم کوسمن جاری کئے گئے لیکن وہ حاضر نہیں ہوا۔

    مشرف کے وکلاء نے خصوصی عدالت کے سامنے موقف اختیارکیا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے مناسب سکیورٹی کے انتظامات ہونے تک مشرف عدالت میں حاضر نہیں ہوسکتے۔

    انھوں نے درخواست کی کہ مشرف کوحاضری سے مستثنی قراردیا جائے جس پرعدالت نے کہا کہ ملزم کاکیس ناقابل ضمانت ہے پہلے انھیں ضمانت لینی ہوگی۔

    ملزم کی جانب سے پیش کی جانیوالی درخواست میں کوئی خاص وجہ نہیں پیش کی جاسکی ملزم کوایک دن کیلئےاستثنی دیا جاچکاہےاورآئندہ سماعت پرملزم کوعدالت حاضر ہوناہوگا۔

    حکم نامے میں وفاقی حکومت کو کہاگیا ہے کہ وہ ملزم کی عدالت میں حاضری کویقینی بنانے کیلئے تمام سکیورٹی اقدامات کرے۔

  • مشرف کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے عدالت کا حکم نامہ جاری

    مشرف کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے عدالت کا حکم نامہ جاری

    خصوصی عدالت نےیکم جنوری کو پرویزمشرف کومکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے، پرویزمشرف پر یکم جنوری کوفرد جرم عائد کی جائے گی۔

    خصوصی عدالت کے جاری کردہ تحریری حکم نامہ تین صفحات پرمشتمل ہے جس پر تینوں ججوں کے دستخط موجود ہیں۔ خصوصی عدالت نے مشرف کی سیکیورٹی کےانتظامات کرنیوالے افسرکو طلب کیا ہے۔

    تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ حکومت مشرف کورہائشگاہ سےعدالت تک سیکیورٹی فراہم کرے اور وزارت داخلہ یقینی بنائے کہ سیکیورٹی انتظامات کاذمہ دارافسربھی عدالت میں پیش ہو۔

    خصوصی عدالت نے پرویزمشرف کویکم جنوری کوپیش ہونےکاحکم دیا تھا، پیشی کے دوران پرویزمشرف کوان پرعائدالزامات پڑھ کرسنائےجائیں گے۔

  • ڈاکٹر طاہر القادری کل حکومت کے خلاف قرطاس ابیض جاری کریں گے

    ڈاکٹر طاہر القادری کل حکومت کے خلاف قرطاس ابیض جاری کریں گے

    پاکستان عوامی تحریک نے مہنگائی ، بدامنی ، بیروزگاری اور کرپشن کے خلاف لاہور میں انتیس دسمبر کی ریلی کے انتظامات مکمل کرلیے ، جبکہ ڈاکٹر طاہر القادری کل لاہور میں ویڈیو پریس کانفرنس کے دوران حکومت کے خلاف وائٹ پیپر جاری کریں گے ۔

    عوامی تحریک کی ریلی کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی رہنما خرم نواز گنڈا پور کا کہنا تھا کہ عوام روٹی کے دو لقموں کو ترس رہی ہے اور حکومت نے ترک وزیر اعظم کیلئے ثقافتی پروگرام پر عوام کا دوکروڑ ضائع کردیتی ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کی ریلی اتوار کے روز ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی چوک تک نکالی جائے گی جس کی قیادت ڈاکٹر طاہر القادری کے بیٹے حسین محی الدین کریں گے
       

  • پاکستان عالمی طاقتوں کی سازشوں کا مرکز بن گیاہے، ثروت اعجاز قادری

    پاکستان عالمی طاقتوں کی سازشوں کا مرکز بن گیاہے، ثروت اعجاز قادری

    پاکستان سُنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی طاقتوں کی سازشوں کا مرکز بن گیاہے،ملک کی پالیسیاں بیرونی طاقتیں بنارہی ہیں۔

    کراچی میں فکر رضاریلی سے خطاب کرتے ہوئے ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات پاکستان اور اسلام کو بدنام کرنے کی ناپاک کوشش ہے،،ثروت اعجاز قادری نے کہاکہ 5جنوری کو نشترپارک میں شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اورملک میں حقیقی اسلامی نظام کے قیام عدل وانصاف کی بالادستی امن کا گہوارہ بنانے کیلئے عوام بھرپور شرکت کریں۔

    انہوں نے کہاکہ پاکستان سنی تحریک اپنے اسلاف کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ملک کی ترقی،خوشحالی اور امن کیلئے بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ۔عید میلا دالنبی ﷺ کے تمام جلوس اپنے طے شدہ راستوں سے ہی گزریں گے۔عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔

    کالعدم مذہبی جماعتیں دہشت گردوں کیساتھ مل کر ملک میں خانہ جنگی کے حالات پیدا کر رہی ہیں۔ربیع الاول میں تحریری،تقریری اشتعال انگیز مواد پر پابندی لگائی جائے۔ پا کستان میں فرقہ وارانہ ،لسانی اور سیاسی کشیدگیاں بڑھانے کی ہر سازش کو مل کر ناکام بنا نا ہو گا۔

     

  • کراچی میں فائرنگ اور لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری

    کراچی میں فائرنگ اور لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری

    کراچی میں قتل وغارت گری کا سلسلہ تھم نہ سکا، پرتشدد واقعات میں آٹھ سالہ بچی سمیت دس افراد جاں بحق ہو گئے ۔ جبکہ ٹارگٹڈ کارروائیوں میں درجنوں ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔

    کراچی میں امن خواب بن کر رہ گیا۔ ٹارگٹڈ کارروائیوں ، چھاپوں ، گرفتاریوں کے باوجود قاتل سرگرم ہیں۔ تازہ ترین واقعے میں لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا ، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا۔ اس سے پہلے پاک کالونی کے علاقے ریکسر پل کے قریب سےتشدد زدہ چھ لاشیں ملیں۔ مقتولین کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا۔

    جن کی شناخت گلزار، دلاور، شہزاد، ساجد، رضوان اور عامرکےنام سے ہوئی۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق قتل کا معاملہ گینگ وار کا نتیجہ لگتا ہے۔ تمام مقتولین کا تعلق پرانا گولیمار سے تھا۔ اُدھر ڈیفنس فیز ایٹ میں بھی فائرنگ سے ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ مچھر کالونی لیاری ندی سے ایک شخص کی لاش ملی۔ خالد بن ولید روڈ پر گھر پر ہونے والے کریکر حملے کے نتیجے میں آٹھ سالہ بچی جاں بحق ہو گئی۔ پی آئی بی بم دھماکے کا زخمی بھی دم توڑ گیا ہے۔ ناردرن بائی پاس پر ایرانی پٹرول کے ٹرالر پر فائرنگ ہوئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

  • باکسر عامر خان پنجاب یوتھ فیسٹیول کے سفیر مقرر

    باکسر عامر خان پنجاب یوتھ فیسٹیول کے سفیر مقرر

    پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو پنجاب یوتھ فیسٹیول کا سفیر مقرر کردیا گیا ۔حکومت پنجاب نے باکسنگ اکیڈمی کے قیام کے لئے عامر خان کو زمین اور سہولیات دینے کا اعلان بھی کردیا ۔

    عامر خان نے لاہور میں مصروف دن گزارا۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں انہوں نے پنجاب کے وزیر کھیل رانا مشہود سے ملاقات کی۔ جس کے بعد مختصر تقریب میں عامر خان کو پنجاب یوتھ فیسٹیول کا سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا۔

     عامر خان نے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے ایونٹ پنجاب یوتھ فیسٹیول کا سفیر بننا ان کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ پاکستان میں سپورٹس کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ پنجاب سپورٹس فیسٹیول سے آئندہ ایک دو سال میں پاکستان کو اچھے کھلاڑی ملیں گے۔

    عامر خان (باکسر) تقریب کے اختتام پر دو ننھے بچوں نے دلچسپ باکسنگ کا مظاہرہ کیا۔ جسے عامر خان نے بہت پسند کیا۔ اس سے قبل عامر خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ساتھ ناشتہ کیا۔ اور سابق وفاقی وزیر احمد مختار کے استقبالئے میں بھی شرکت کی۔