Author: قمر زمان

  • فیصل آباد طالبہ تشدد کیس، شیخ دانش کیخلاف ایک اور مقدمہ درج

    فیصل آباد طالبہ تشدد کیس، شیخ دانش کیخلاف ایک اور مقدمہ درج

    ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے فیصل آباد میں میڈیکل کی طالبہ کو جنسی ہراساں اور تشدد کرنے کی ویڈیو وائرل کرنے کا مقدمہ شیخ دانش و دیگر کے خلاف درج کر لیا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے متاثرہ طالبہ خدیجہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا ہے جس میں مرکزی ملزم دانش کی اہلیہ ماہم اور بیٹی انا کو بھی ملزمہ نامزد کیا گیا ہے۔

    سائبر کرائم سرکل نے مقدمہ نمبر 125 درج کر کےسیل کر دیا ہے۔ مقدمہ میں انسداد الیکٹرانک کرائم ایکٹ اور تعزیرات پاکستان کی 7 دفعات شامل ہیں۔

    جمعرات کے روز طالبہ تشدد کیس کے مرکزی ملزم شیخ دانش کو علاقہ مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا گیا تو پولیس نے عدالت سے ملزم کے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم دانش کا 5روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل فیصل آباد میں طالبہ کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کی ویڈیو سامنے آئی تھی، جس میں دیکھا گیا کہ کاروباری شخصیت شیخ دانش علی اور متاثرہ طالبہ کی ہم جماعت ماہم کی جانب سے خدیجہ پر بہیمانہ تشدد کیا جارہا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان پر طالبہ پر بہیمانہ تشدد کیا اور بال بھی کاٹ دیے، جبکہ اسے جنسی طور پر بھی ہراساں کیا گیا۔

  • ‘جان بوجھ کرووٹ کا غلط استعمال کرنے والا قوم کا غدار اور خائن ہے’

    ‘جان بوجھ کرووٹ کا غلط استعمال کرنے والا قوم کا غدار اور خائن ہے’

    فیصل آباد: سنی اتحاد کونسل کا کہنا ہے کہ جو شخص جان بوجھ کرووٹ کا غلط استعمال کرے وہ قوم کا غدار اور خائن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سنی اتحاد کونسل نے ووٹوں کی خریدوفروخت کےخلاف شرعی اعلامیہ جاری کیا ہے، جس کے مطابق ووٹوں کی خرید و فروخت،پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی اور بد دیانتی ہے

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عوام اور ارکان پارلیمنٹ کا ووٹ کی خریدوفروخت کرناغلط ہے، ووٹ ایک امانت ہے اور اس کا درست استعمال دینی فریضہ ہے،ووٹ پر کوئی معاوضہ لیناحرام ہے۔

    سنی اتحاد کونسل کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ ووٹ کا مقصد باکردار اور ملک کے خیر خواہوں کو منتخب کرنا ہے، جو شخص جان بوجھ کرووٹ کا غلط استعمال کرے وہ قوم کا غدار اور خائن ہے۔

    اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ ارکان پارلیمنٹ جس ٹکٹ پر منتخب ہوں اسی پارٹی کی پالیسی پرعمل پیراہوں اگر سیاستدان دوسری پارٹیوں سے اتفاق رائے کرلیتا ہے تو پہلے اسمبلی سے استعفیٰ دیں۔

  • فیصل آباد: انصاف یوتھ ونگ کے عہدیدار سفیان کا قاتل گرفتار

    فیصل آباد: انصاف یوتھ ونگ کے عہدیدار سفیان کا قاتل گرفتار

    فیصل آباد: وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب کے نوٹس پر فیصل آباد پولیس کی پھرتیاں، 24 گھنٹے کے اندر انصاف یوتھ ونگ کے عہدیدار کے قاتل کا سراغ لگالیا۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز فیصل آباد کے علاقے مسعود پارک میں انصاف یوتھ ونگ کے مقامی رہنما سفیان کو محض اس لئے موت کے گھاٹ اتارا گیا کہ انہوں نے پتنگ فروش کو منع کیا تھا کہ بچوں کو پتنگ نہ فروخت کی جائیں۔

    سی پی او غلام مبشر نے بتایا کہ ملزم حمزہ نے اسی رنجش پر پارک میں ترقیاتی کام کراتے ہوئے انصاف یوتھ ونگ کے عہدیدار سفیان پر فائرنگ کرتے ہوئے قتل کردیا تھا، واقعے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب نے سخت نوٹس لیا اور مقامی پولیس کو 24 گھنٹوں کے اندر ملزم کی گرفتاری کی ہدایت جاری کیں۔

    سی پی او کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب کے نوٹس پر فیصل آباد پولیس نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر مختلف علاقوں میں چھاپے مارتے ہوئے ملزم حمزہ کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے پستول برآمد کرلیا، ملزم کے خلاف تھانہ جھنگ بازار میں مقتول کے والد عبدالغفار کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

    دوسری جانب اے آر وائی نیوز نے گذشتہ روز پیش آئے واقعے کی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے، فوٹیج میں ملزم حمزہ کو موٹرسائیکل پر آتے اور پارک میں داخل ہوکر سفیان پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے، فائرنگ کے بعد ملزم حمزہ پارک سے بھاگ کر نکلتے دیکھا جا سکتا ہے۔

  • فیصل آباد واقعہ: ’خواتین نے کپڑے خود پھاڑے‘‏

    فیصل آباد واقعہ: ’خواتین نے کپڑے خود پھاڑے‘‏

    فیصل آباد میں چوری کے دوران پکڑے جانے والی خواتین نے اپنے کپڑے خود پھاڑنے کا ‏اعتراف کر لیا۔

    چیئر پرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کنیزفاطمہ نے اےآروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‏فیصل آباد واقعے کی خواتین نےاپنی غلطی پرمعافی مانگی ہے۔

    کنیز فاطمہ نے کہا کہ خواتین چور بھی تھیں تو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کا اختیار کسی کو ‏نہیں ہے خاتون نے کہا ڈر کی وجہ سےاپنےکپڑے پھاڑے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین ناصرف بھکارنیں ہیں بلکہ بلیک میلر بھی ہیں، کئی ماہ سے دکانوں میں ‏گھس کر دکانداروں کو ہراساں کرتی تھیں، خواتین بات نہ ماننے پر کبھی دوپٹے اتاردیتی تھیں اور ‏کبھی کپڑے پھاڑ لیتی تھیں۔

    فیصل آباد میں خواتین پر تشدد کا واقعہ، ویڈیو سے اصل حقائق سامنے آگئے

    واقعے کے روز الیکٹرک اسٹور کے باہر لگے ایک کیمرے کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چار ‏خواتین بھیگ مانگتے ہوئے اسٹور میں داخل ہوئیں، باہر ایک نوجوان بھی موجود ہے، چند لمحے بعد ‏دکاندار خاتون کو پکڑنے کے لیے باہر نکل کر دروازہ بند کردیتا ہے۔

    خواتین جیسے ہی اسٹور میں داخل ہوئیں اور ایک گودام کی طرف بڑھی جس پر دکان میں موجود ‏لڑکے نے روکنا چاہا، فقیرنی کا دوپٹہ ہاتھ میں آیا، فقیری دوپٹہ چھوڑچھاڑ کر اندر گودام میں چلی ‏گئی، نوجوان ٹیبل پھلانگ کر باہر نکل آیا جس کے بعد باقی خواتین بھی سامان چرانے لگ گئیں۔

    ایک اور ویڈیو سڑک پر لگے کیمرے کی سامنے آئی جس میں دو فقیرنیوں کو سڑک پار کرتے دیکھا ‏جاسکتا ہے جن میں سے ایک نے سر سے دوپٹہ پھینکا اورخود کومکمل بے لباس کرلیا۔

  • انٹرمیڈیٹ امتحانات: گروہ سرگرم، ٹیچر کا نمبر تبدیل کرنے کے لیے طالبہ کے والد سے رابطہ

    انٹرمیڈیٹ امتحانات: گروہ سرگرم، ٹیچر کا نمبر تبدیل کرنے کے لیے طالبہ کے والد سے رابطہ

    فیصل آباد میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں طالب علموں کے نمبر تبدیل کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فیصل آباد میں ایک گروہ انٹرمیڈیٹ کے طالب علموں کے نمبر تبدیل کرنے کا کام کررہا تھا، جس میں ایک سرکاری اور نجی ادارے کے ٹیچر بھی شامل تھے۔

    انٹرمیڈیٹ کی طالبہ نے امتحانات میں جوابی کاپی پر اپنے اصل رول نمبر کے ساتھ موبائل نمبر پر لکھا، جس پر سرکاری ٹیچر نے اُس نمبر پر واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ کر کے رقم کے عوض کیمسٹری کے پرچے میں اچھے نمبر دینے کی پیش کش کی۔

     طالبہ کے والد نے اس تمام تر صورت حال کے حوالے سے ایجوکیشن بورڈ کے چیف سیکریٹری کو آگاہ کیا، والد کی شکایت پر تحقیقات شروع ہوئیں تو دو ٹیچرز کے نام سامنے آئے۔

    ایجوکیشن بورڈ کے چیف سیکریٹری نے تھانہ صدر میں چار دفعات کے تحت مقدمہ درج کرایا، جس پر پولیس نے گروہ میں شامل سرکاری اسکول کے ای ایس ٹی ٹیچر تصدق حسین کو گرفتار کرلیا۔

    انٹر کے امتحان میں امیدواروں کے نمبر تبدیل کیے جانے کا انکشاف!

    انٹر کے امتحان میں امیدواروں کے نمبر تبدیل کیے جانے کا انکشاف!

    #ARYNews

    Posted by ARY News on Friday, 6 August 2021

    پولیس کے مطابق گروہ کا دوسرا رکن اور نجی کالج کا ٹیچر بھاگنے میں کامیاب ہوگیا۔

    والد کے مطابق سرکاری اسکول کے ای ایس ٹی ٹیچر تصدق حسین نے فرضی رول نمبر کے ساتھ اصل جوابی کاپی پر درج نمبر اتارا اور فون کر کے پیسوں کے عوض کیمسٹری کے پرچے میں اچھے نمبر دینے کی پیش کش کی۔

  • برتن ٹوٹنے پر مالکن کا 13 سالہ گھریلو ملازمہ پر بہیمانہ تشدد

    برتن ٹوٹنے پر مالکن کا 13 سالہ گھریلو ملازمہ پر بہیمانہ تشدد

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں برتن ٹوٹنے پر مالکن نے 13 سالہ گھریلو ملازمہ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنادیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد کے علاقے پیپلز کالونی نمبر دو میں مالکن نے 13 سالہ گھریلو ملازمہ یاسمین پر تشدد کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ خوفزدہ بچی گھر سے فرار ہوکر جھنگ روڈ پر پینسرہ پہنچ گئی تھی، ہائی وے پولیس اہلکاروں نے بچی کو لاوارث دیکھ کر تحویل میں لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ہائی وے پولیس نے متاثرہ کمسن گھریلو ملازمہ کو تھانہ بٹالہ کالونی پہنچا دیا ہے۔

    پولیس کے مطابق گھریلو ملازمہ کو سابق ناظم کے گھر برتن ٹوٹنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، بچی کا طبی معائنہ کروالیا گیا ہے، چہرے، سر اور ٹانگوں پر تشدد کے نشانات موجود ہیں، ڈنڈے مارے جانے سے بچی کے ہاتھوں پر سوجن موجود ہے۔

    مزید پڑھیں: فیصل آباد میں گھریلو ملازمہ پر اہلخانہ کا تشدد، ملزم گرفتار

    دوسری جانب چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا کہنا ہے کہ متاثرہ گھریلو ملازمہ یاسمین کو تحویل میں لیا جائے گا، سرکاری مدعیت میں مالکن کے خلاف مقدمہ بھی درج کروایا جائے گا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملازمہ پر تشدد کرنے والی مالکن عاصمہ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ملزمہ عاصمہ سابق یونین کونسل ناظم عثمان کی اہلیہ ہے۔

  • فیصل آباد میں‌ پولیس کی گاڑی پر فائرنگ، ڈرائیور جاں‌ بحق

    فیصل آباد میں‌ پولیس کی گاڑی پر فائرنگ، ڈرائیور جاں‌ بحق

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں پولیس نے کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں نوجوان جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد کے علاقے ڈجکوٹ تھانے کی حدود میں پیٹرولنگ پر نکلنے والی موبائل نے کار سوار پر اندھا دھند گولیاں برسا دیں۔

    مقتول کے رشتے دار کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے وقاص کی کار پر پیچھے سے فائرنگ کی، گاڑی میں ڈرائیور سمیت چار افراد بیٹھے ہوئے تھے جو گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے، ڈجکوٹ کی پولیس نے مقتول وقاص لاش کو غائب کردیا اور اب اُس کے بارے میں کچھ بتایا بھی نہیں جارہا۔

    لواحقین کے مطابق مقتول وقاص مہمانوں کے ساتھ تقریب سے واپس جارہا تھا کہ اسی دوران پیٹرولنگ کرنے والی پولیس موبائل نے اُس کو نشانہ بنا ڈالا۔ عزیز و اقارب نے واقعے کی جوڈیشل انکوائری کرانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

    لواحقین نے نوجوان کی ہلاکت کے بعد پولیس کے خلاف مظاہرہ کیا اور لاری اڈے کو بند کیا جس کے بعد پولیس نے پیٹی بند بھائیوں کے خلاف کارروائی کی اور انہیں حراست میں لیا۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی اسامہ ستی کےاہلخانہ کو تحقیقات سے متعلق مکمل تعاون کی یقین دہانی

    پولیس حکام کے مطابق پٹرولنگ پولیس نے کار سواروں کو رکنے کا اشارہ دیا تو انہوں نے گاڑی بھگا دی تھی، جس کے بعد اُس کا تعاقب کیا گیا، گاڑی میں موجود تمام افراد نے شراب پی ہوئی تھی، فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان وقاص کا تعلق سمندری کےنواحی علاقے سے تھا اور وہ بھی نشے میں دھت تھا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا نوجوان پنجاب پولیس میں تعینات ایک ایس ایچ او کا قریبی رشتے دار ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے الزام میں سب انسپیکٹر اور دو کانسٹیبلوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے، اہلکاروں کا قصور ثابت ہوا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد کے سیکٹر جی 10 میں پولیس نے گاڑی پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں نوجوان طالب علم اسامہ ستی جاں بحق ہوگیا تھا۔ مقتول کے والد نے الزام عائد کیا تھا کہ اُن کے بیٹے کو پولیس نے جان بوجھ کر نشانہ بنایا کیونکہ ایک روز قبل اسامہ کی اہلکاروں سے تلخ کلامی ہوئی تھی جس پر انہوں نے مزہ چکھانے کی دھمکی بھی دی تھی۔

  • فیصل آباد میں باپ نے بیٹی کو قتل کردیا

    فیصل آباد میں باپ نے بیٹی کو قتل کردیا

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں باپ نے رشتے کے تنازع پر اکلوتی بیٹی کو قتل کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد کی تحصیل تاندلیانوالہ میں باپ نے رشتے کے تنازع پر کلہاڑی کے وار کرکے اکلوتی بیٹی کو قتل کردیا، پولیس نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    ذرائع کے مطابق تاندلیانوالہ کے چک 592 کے رہائشی بشیر کا برادر نسبتی اسلم اتوار کی شام اپنے بیٹے کے لیے بشیر کی اکلوتی بیٹی بینش کا رشتہ لینے گیا تھا، بشیر کے رشتہ دینے سے انکار پر تلخ کلامی کے بعد بشیر نے مشتعل ہوکر کلہاڑی سے اسلم پر حملہ کردیا۔

    ذرائع کے مطابق جھگڑے کے دوران بیچ بچاؤ کرواتے ہوئے بشیر کی اپنی بیٹی بینش کلہاڑی کے وار سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی جبکہ اسلم شدید زخمی ہوگیا۔

    پولیس نے ملزم بشیر کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا اور مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ شدید زخمی اسلم کو الائیڈ اسپتال فیصل آباد منتقل کردیا گیا۔

    واضح رہے کہ دو ماہ قبل گوجرانوالہ میں 24 سالہ لڑکی کو ماں اور بھائی نے غیرت کے نام پر گلا دبا کر قتل کردیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ مقتولہ اقصیٰ اپنے گھر والوں کی خواہش کے خلاف اپنی پسند سے شادی کرنا چاہتی تھی جس پر بھائی اور والدہ نے اسے قتل کیا اور لوگوں کو بتایا کہ ان کے گھر پر ڈکیتی کے دوران بیٹی ہلاک ہوئی ہے، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا تھا۔

  • فیصل آباد، شادی میں پولیس کا چھاپہ، دلہا دلہن لے کر فرار

    فیصل آباد، شادی میں پولیس کا چھاپہ، دلہا دلہن لے کر فرار

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں پولیس نے شادی کی تقریب پر چھاپہ مار کر دلہا دلہن کے رشتے داروں سمیت ہال کے منیجر کو حراست میں لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد میں کرونا کے پیش نظر کئی علاقے سیل ہونے کے باوجود ایک شادی ہال منیجر کی جانب سے شادی کی تقریب کی اجازت دی گئی جس پر پولیس حرکت میں آئی اور ہال پر چھاپہ مار کارروائی کی جس کے نتیجے میں دلہا دلہن کے رشتے داروں سمیت منیجر کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ہال کے پچھلے دروازے سے دلہا دلہن کو لے کر فرار ہوگیا جبکہ دلہا کے بھائی اور والد بھی اسی دروازے سے رفو چکر ہوئے۔

    پولیس نے حسن اور دیگر باراتیوں کو گرفتار کرکے ان کے کرونا ٹیسٹ بھی کروالیے، پولیس کا کہنا ہے کہ رپورٹ آنے کے بعد کرونا کا پتا چل سکے گا۔

    اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ پولیس کو کارروائی کے لیے درخواست دے دی گئی ہے جلد مقدمہ درج کرکے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا گیا ہے تاہم شہریوں کی جانب سے ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر گرفتاریاں اور جرمانہ بھی عائد کیے جاچکے ہیں۔

  • فیصل آباد، آئل فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی، 5 مزدور جاں بحق

    فیصل آباد، آئل فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی، 5 مزدور جاں بحق

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں آئل فیکٹری میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 5 مزدور جاں بحق ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد میں آئل فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 5 مزدور جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے، فیکٹری میں لگنے والی آگ پر 5 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکٹری سے مزید تین ملازمین کی جھلسی ہوئی لاشیں نکال لی گئی ہیں جس کے بعد واقعے میں جاں بحق مزدوروں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق فیکٹری میں کولنگ کا عمل جاری ہے، 5 زخمی ملازمین کو الائیڈ اسپتال کے برن یونٹ منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کے وقت فیکٹری میں ایک لاکھ لیٹر آئل موجود تھا، آئل کی بھاری مقدار کے باعث آگ بار بار بھڑک رہی تھی۔

    فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیوں نے فیکٹری میں لگی آگ بجھانے میں حصہ لیا۔