Author: قمر زمان

  • فیصل آباد، موٹر وے کار الٹ‌ گئی، ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق

    فیصل آباد، موٹر وے کار الٹ‌ گئی، ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں موٹروے پر کار حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد سمندری موٹروے پر کار الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق حادثے میں 3 بچے بھی زخمی ہوگئے، ٹائر پھٹنے سے کار حادثے کا شکار ہوئی، ایک ہی خاندان کے افراد ملتان سے قصور جارہے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق اور زخمی افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی افراد میں سے 2 کو شدید چوٹیں آئی ہیں ایک معمولی زخمی ہے۔

    واضح رہے کہ عید کے روز پنجاب کے دارالحکومت میں مختلف ٹریفک حادثات میں 18 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

  • فیصل آباد: 5 سالہ بچے سے زیادتی کے 4 ملزمان پولیس مقابلے میں‌ ہلاک

    فیصل آباد: 5 سالہ بچے سے زیادتی کے 4 ملزمان پولیس مقابلے میں‌ ہلاک

    فیصل آباد: پنجاب پولیس نے پانچ سالہ بچےسے زیادتی کیس میں گرفتار ملزمان کو چھڑانے کی کوشش کرنے والے 4 حملہ آوروں کو مقابلے میں ہلاک کردیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق فیصل آباد پولیس نے کمسن بچے سے زیادتی کرنے والے 2 ملزمان کو حراست میں لیا تھا جو عدالتی حکم کے مطابق جسمانی ریمانڈ پر تھے۔

    ملزمان کو چھڑوانے کے لیے اُن کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کیا اور اندھا دھند فائرنگ کی۔جس کے بعد اہلکاروں نے  جوابی فائرنگ کی۔

    پولیس کی فائرنگ کے نتیجے میں دو حملہ آوروں سمیت چار ملزمان ہلاک ہوئے جبکہ 3 حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے، پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کا تعاقب شروع کردیا۔

    گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش اپنے کچھ ساتھیوں کی نشاندہی کی جن کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپہ مارنے جارہی تھی تو راستے میں ہی ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی۔

    یاد رہے کہ ملزمان نےگزشتہ روز فیصل آباد کے علاقے رفیق کالونی میں5سالہ بچےکوزیادتی کے بعد قتل کیا تھا، جس کے بعد پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے دو ملزمان کو گرفتار کیا۔

    پولیس نے ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی جسے جج نے منظور کرلیا تھا۔

    دوسری جانب سی پی او نے آئی جی پنجاب کو مقابلے کی رپورٹ ارسال کردی جس میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دو حملہ آوروں کی شناخت عمر اور شبہاز کے ناموں سے ہوئی، دونوں قتل، اقدام قتل اور ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔

    رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ 7 حملہ آوروں نے زیادتی اور قتل کے دو ملزمان کو چھڑوانے کے لیے پولیس پر حملہ کیا تھا۔

  • فیصل آباد، شادی شدہ خاتون سے 2 ملزمان کی مبینہ زیادتی، ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی

    فیصل آباد، شادی شدہ خاتون سے 2 ملزمان کی مبینہ زیادتی، ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں شادی شدہ خاتون کو 2 ملزمان نے مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا اور ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی دی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے نیو لاثانی ٹاؤن میں 25 سالہ شادی شدہ خاتون کو 2 ملزمان نے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، ملزمان نے خاتون سے زیادتی کی ویڈیو بنائی اور اسے وائرل کرنے کی دھمکی بھی دی۔

    فیصل آباد کے تھانہ ملت ٹاؤن میں خاتون کے شوہر کی مدعیت میں 4 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    متاثرہ خاتون فرح کا کہنا ہے کہ ملزمان پستول کی زد پر مجھے اغوا کرکے شانی کی حویلی میں لے گئے، 2 نامعلوم ملزمان نے زیادتی کی اور ایک ملزم نے موبائل پر ویڈیو بنائی۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ پولیس نے میرے بیان کے برعکس مقدمہ درج کیا ہے، پولیس کے گرفتار نہ کرنے پر ملزمان نے عبوری ضمانت کرالی۔

    مزید پڑھیں: فیصل آباد، جرمن خاتون سے اجتماعی زیادتی، ایک ملزم گرفتار، تین فرار

    متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ پولیس نے مقدمے میں اغوا اور سائبر کرائم کی دفعات شامل نہیں کیں۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ ملزمان میرے شوہر کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں، وزیراعظم، چیف جسٹس اور وزیراعلیٰ مجھے انصاف اور تحفظ دلائیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں فیصل آباد میں والد کی تلاش میں آئی جرمن خاتون کو 4 ملزمان نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم الیاس کو گرفتار کرلیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال فروری میں فیصل آباد میں دودھ فروش نے دوسری جماعت کی معصوم طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا تھا، پولیس نے ملزمان سلیم اور زاہد کو گرفتار کرلیا تھا۔

  • فیصل آباد، بیٹے نے پسند کی شادی کی اجازت نہ دینے پر ماں کو قتل کردیا

    فیصل آباد، بیٹے نے پسند کی شادی کی اجازت نہ دینے پر ماں کو قتل کردیا

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں سفاک بیٹے نے پسند کی شادی کی اجازت نہ دینے پر ماں کو قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں سفاک بیٹے نے پسند کی شادی کی اجازت نہ دینے پرماں کو گلا دبا کر قتل کردیا، تھانہ غلام محمد آباد پولیس نے ملزم وارث کو گرفتار کرلیا۔

    [bs-quote quote=”ملزم اپنے بھائی کی سالی سے پسند کی شادی کرنا چاہتا تھا” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق غلام محمد آباد کے کشمیر روڈ کا رہائشی محمد وارث اپنے بھائی وقاص کی سالی سے پسند کی شادی کرنا چاہتا تھا۔

    ملزم وارث کی والدہ 60 سالہ ثریا اس رشتے کی مخالف تھیں، جمعہ کی رات بھی اسی مسئلے پر جھگڑے کے بعد مشتعل ہوکر ملزم وارث نے اپنی والدہ ثریا کا گلا دبادیا جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگئیں۔

    ملزم والدہ کو قتل کرنے کے بعد گھر سے فرار ہوگیا تھا، پولیس نے اس کے رشتے دار کے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا۔

    پولیس نے ملزم وارث کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، مقتولہ ثریا کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے الائیڈ اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں لاہور میں سفاک بیٹے نے ماں اور بہن کو تیز دھار آلے سے وار کرکے قتل کردیا تھا۔

  • فیصل آباد، نامعلوم ڈرائیور زیادتی میں ناکامی پر بچے کا گلا کاٹ کر فرار

    فیصل آباد، نامعلوم ڈرائیور زیادتی میں ناکامی پر بچے کا گلا کاٹ کر فرار

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں نامعلوم ڈرائیور زیادتی کی کوشش میں ناکامی پر 15 سالہ بچے کا شیشے سے گلا کاٹ کر فرار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں نامعلوم ڈرائیور زیادتی کی کوشش میں ناکامی پر 15 سالہ عبداللہ کا شیشے سے گلا کاٹ کر فرار ہوگیا، زخمی بچے کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق فیصل آباد کے علاقے اسلام نگر کا رہائشی 15 سالہ عبداللہ جمعرات کو دربار بابا نور شاہ والی جارہا تھا، جنرل بس اسٹینڈ میں ایک نامعلوم بس ڈرائیور اسے زبردستی اپنے ساتھ جھال انڈر پاس کے قریب لے گیا اور زیادتی کرنے کی کوشش کی۔

    عبداللہ کی جانب سے مزاحمت کرنے پر ملزم نے شیشے کے ٹکڑے سے اس کے گلے پر وار کیا جس سے وہ زخمی ہوگیا، ملزم اسے زخمی کرنے کے بعد فرار ہوگیا۔

    دوسری جانب آر پی او فیصل آباد غلام محمود نے بچے سے زیادتی میں ناکامی پر گلا کاٹنے کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    آر پی او نے تھانہ فیکٹری ایریا پولیس کو ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے فوری گرفتار کرنے کا بھی حکم دیا۔

    واضح رہے کہ پنجاب میں گزشتہ سات ماہ میں 126 بچوں سے زیادتی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 129 ملزمان کو ان کیسز میں نامزد کیا گیا ہے۔

  • فیصل آباد: بچی سے زیادتی اور قتل کا جرم ثابت، ملزم کو تین بار سزائے موت کا حکم

    فیصل آباد: بچی سے زیادتی اور قتل کا جرم ثابت، ملزم کو تین بار سزائے موت کا حکم

    فیصل آباد: ایڈیشنل سیشن جج نے بچی سے زیادتی اور اُسے قتل کرنے کا جرم ثابت ہونے پر ملزم عبدالرزاق کو تین بار سزائے موت کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے  سیشن کورٹ میں 6 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کیس کی سماعت ہوئی جس میں جج نے گزشتہ روز محفوظ ہونے والا فیصلہ پڑھ کر سنایا۔

    ایڈیشنل سیشن جج انعام الہیٰ کا کہنا تھا کہ فریقین کے دلائل مکمل ہونے اور ملزم کے اعتراف کے بعد ملزم پر جرم ثابت ہوگیا۔ عدالت نے فیصلہ جاری کیا کہ ملزم عبدالرزاق کو 3 بار سزائے موت دی جائے جبکہ اُسے 35 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔

    مزید پڑھیں: فیصل آباد: دودھ فروش کے ہاتھوں دوسری جماعت کی طالبہ زیادتی کے بعد قتل

    یاد رہے کہ فیصل آباد کے علاقے مظفر کالونی کے رہائشی عبدالرزاق نے گزشتہ برس 6 سالہ بچی کو اغوا کر کے زیادتی کی اور پھر اُسے قتل کردیا تھا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزم کو بیرونِ ملک فرار ہوتے وقت لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار کیا تھا۔

    ملزم نے دوران حراست اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا اور جج کے روبرو پیش ہوکر بتایا کہ اُس نے دوسری جماعت کی طالبہ کو اپنی خواہش پوری ہونے کے بعد اس لیے قتل کیا کیونکہ بچی نے اُسے پہچان لیا تھا۔

    طالبہ کی بوری بند لاش فیکٹری سے ملی تھی جس کے بعد پولیس نے  اہل خانہ کا بیان ریکارڈ کر کے تفتیش کا آغاز کیا، مقتولہ کے والد لیاقت کا کہنا تھا کہ بچی کو دودھ لینے بھیجا اُس کے بعد سے وہ گھر واپس نہیں آئی۔

     یہ بھی پڑھیں:  فیصل آباد: گھر کے باہر سے لاپتا بچے کی لاش نہر سے مل گئی

    پولیس نے شک کی بنیاد پر دودھ فروش اور اُس کے ایک اور ساتھی کو حراست میں لے کر سوالات کیے جس کے دوران دونوں ملزمان پولیس کو مشکوک لگے تو باقاعدہ مقدمہ درج کر کے اُن سے تفتیش شروع کی گئی تھی۔

  • فیصل آباد : خواجہ سراؤں کے پہلے نجی اسکول میں کلاسز کا آغاز

    فیصل آباد : خواجہ سراؤں کے پہلے نجی اسکول میں کلاسز کا آغاز

    فیصل آباد : خواجہ سراؤں کیلئے ملک کے پہلے نجی اسکول میں کلاسز کا آغاز ہوگیا ہے، خواجہ سراؤں کو مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ دو ہزار روپے ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے ڈھنڈی والا میں خواجہ سراؤں کے لیے قائم کیے گئے ملک کے پہلے نجی اسکول میں باقاعدہ درس و تدریس کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

    خواجہ سرا پیلس نان فارمل نامی ہائی اسکول میں بچوں سمیت42خواجہ سرا طالب علموں نے داخلہ لیا ہے، اسکول کی ڈائریکٹر سعدیہ نورین نے میڈیا کو بتایا کہ پہلے دن خواجہ سرا جیکسن نے لیکچر دیا اور بچوں کو حروف تہجی اور اردو گرائمر سکھائی۔

    انہوں نے بتایا کہ خواجہ سراؤں کو دو سال میں میٹرک اور فنی کورس کروایا جائے گا، طالب علموں کو تعلیم کے ساتھ کتابیں، یونیفارم اور اسٹیشنری بھی مفت فراہم کی گئی ہے، اس کے علاوہ مفت پک اینڈ ڈراپ سروس اور ماہانہ3ہزار روپے وظیفے کی بھی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار خواجہ سراؤں کے لیے اسکول قائم

    انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ سراؤں کو ٹیوٹا سے فنی کورس کروائے جائیں گے اور ایف اے پاس دو خواجہ سراؤں کو مختلف اداروں میں ملازمت دلائی جائے گی جہاں وہ بہتر روزگار کے ساتھ ساتھ عزت کی زندگی گزار سکیں گے۔

    مزید پڑھیں: پاکستان میں پہلی بار خواجہ سرا نیوزکاسٹر متعارف


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیاپر شیئر کریں۔  

  • پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار خواجہ سراؤں کے لیے اسکول قائم

    پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار خواجہ سراؤں کے لیے اسکول قائم

    لاہور: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار خواجہ سراؤں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کے لیے اسکول قائم کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے ڈھنڈی والا میں خواجہ سراؤں کے لیے اسکول قائم کیا گیا ہے جہاں ابتدائی طور پر چالیس خواجہ سراؤں نے داخلہ لیا، جنہیں مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ دو ہزار روپے وظیفہ بھی فراہم کیا جائے گا۔

    پروجیکٹ کی ڈائریکٹر سعدیہ نورین نے کہا ہے کہ تعلیم کی اہمیت اور خواجہ سراؤں کو معاشرے میں مقام دینے کے لیے اسکولنگ سلسلے کا آغاز کیا ہے، اسکول میں زیر تعلیم خواجہ سراؤں کو دو سال میں میٹرک کروایا جائے گا، ادارے میں چالیس خواجہ سراؤں نے داخلہ لیا ہے جنہیں ماہانہ دو ہزار روپے وظیفہ بھی ملے گا۔

    پاکستان میں پہلی بار خواجہ سرا نیوزکاسٹر متعارف

    انہوں نے کہا کہ خواجہ سراؤں کو ٹیوٹا سے فنی کورس کروائے جائیں گے اور ایف اے پاس دو خواجہ سراؤں کو مختلف اداروں میں ملازمت دلائی گئی، جہاں وہ بہتر روزگار کے ساتھ ساتھ عزت کی زندگی گزار سکیں گے۔

    پاکستان میں پہلی بار خواجہ سراؤں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا

    سعدیہ نورین کا مزید کہنا تھا کہ فیصل آباد کے علاقے ڈھنڈی والا میں جو اسکول قائم کیا گیا ہے اس کا نام ’خواجہ سرا پیلس نان فارمل ہائی اسکول‘ ہے جس کی افتتاحی تقریب جلد منعقد کی جائے گی جبکہ دوسری جانب انجمن تاجران سٹی کی جانب سے خواجہ سراؤن کے لیے ہوسٹل تعمیر کروایا جائے گا۔

    خیال رہے کہ انجمن تاجران سٹی کی جانب سے اسکول میں اچھی کارکردگی دکھانے والے خواجہ سراؤں میں انعامات بھی تقسیم کیے جائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیاپر شیئر کریں۔

  • میری فٹنس کی وجہ سے کالونی کی خواتین مجھ سے نفرت کرتی ہیں، چینی خاتون

    میری فٹنس کی وجہ سے کالونی کی خواتین مجھ سے نفرت کرتی ہیں، چینی خاتون

    فیصل آباد : چینی خاتون زینگ یی بین کا کہنا ہے کہ میری فٹنس کی وجہ سے کالونی کی خواتین مجھ سے نفرت کرتی ہیں اور کار سوار خاتون نے میرا تعاقب کر کے ہراساں کیا، میری مدد کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی خاتون زینگ یی بین نے پولیس حکام کو ہراساں کئے جانے کی درخواست دی، جس میں چینی خاتون کا کہنا ہے کہ میری فٹنس کی وجہ سے کالونی کی خواتین مجھ سے نفرت کرتی ہیں۔

    زینگ یی بین نے درخواست میں کہا کہ کار سوار خاتون نے میرا تعاقب کر کے ہراساں کیا، میرا پیچھا کر کے ہارن بجانے والی خاتون کے خلاف کارروائی کی جائے اور کار سوار آنٹی کے اقدام پر میری مدد کی جائے۔

    سی پی او نے انکوائری کے لئے درخواست ایس پی مدینہ ڈویژن کو بھیج دی ہے۔

    خیال رہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے باقاعدہ اعلان کے بعد بعض زیادہ تر چینی شہری پاکستان میں تجارت کیلئے دلچسپی لے رہے ہیں اور ایسے لوگوں اور کمپنیوں کو تلاش کررہے ہیں ، جن کے ساتھ وہ اشتراک میں کاروبار کر سکیں۔

    سی پیک منصوبے کے بعد پاکستان میں چینی زبان سیکھنے میں کافی تیزی آئی ہے، جامعہ این ای ڈی اور جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے مابین ایک ایم اویو پر دستخط کیے گئے تھے، معاہدے کے تحت 2017-2018 بیجزکے تمام طالب علموں کو ایک سال چینی زبان کا کورس لازمی پڑھایا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فیصل آباد میں شادی سے انکار پر بیوہ خاتون تیزاب گردی کا شکار

    فیصل آباد میں شادی سے انکار پر بیوہ خاتون تیزاب گردی کا شکار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کے علاقے ڈجکوٹ میں شادی سے انکار پر فیکٹری ورکر نے بیوہ پر تیزاب پھینک دیا۔ واقعے میں 7 سالہ بچی سمیت 3 خواتین جھلس کر زخمی ہوگئیں جنہیں الائیڈ اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق راجن پور کا رہائشی قاسم اور تھانہ ڈجکوٹ کے گاؤں روشن والا کی رہائشی 27 سالہ بیوہ صفیہ مقامی کاٹن فیکٹری میں اکٹھے کام کرتے تھے۔

    اسی دوران راہ و رسم بڑھنے پر قاسم نے صفیہ کے گھر آمد و رفت شروع کردی اور اس سے شادی کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ صفیہ کے انکار پر قاسم مشتعل ہوگیا اور منگل کی صبح بہانے سے صفیہ کے گھر کا دروازہ کھلوا کر اس پر تیزاب پھینک دیا۔

    واقعے میں صفیہ، 7 سالہ سعدیہ اور صفیہ کی کزن 45 سالہ رسولاں بی بی جھلس کر زخمی ہوگئیں۔

    زخمی ہونے والی خواتین کو الائیڈ اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    ملزم قاسم تیزاب پھینکنے کے بعد فرار ہوگیا۔ تھانہ ڈجکوٹ پولیس نے صفیہ کے کزن وارث علی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزم قاسم کی تلاش شروع کر دی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔