Author: قمر زمان

  • فیصل آباد: غیرت کے نام پر بھائی نے بہن کو قتل کر دیا

    فیصل آباد: غیرت کے نام پر بھائی نے بہن کو قتل کر دیا

    فیصل آباد: کڑی ولا میں‌ بھائی غیرت کے نام پر بہن کو قتل کر کے فرار ہوگیا، پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ فیصل آباد کے علاقے کڑی ولا میں‌ پیش آیا، جہاں‌ غیرت کے نام پر بھائی نے بہن کو راڈ اور قینچی کے وار کر کے قتل کر دیا۔

    تھانا نشاط آباد کے علاقے کڑی ولا کے رہائشی نوجوان یاسر نے اپنی بہن پر الزام لگایا، جس پر دونوں‌ میں‌ تلخ کلامی ہوئی، جو جلد جھگڑے میں تبدیل ہوگئی۔

    ملزم یاسر نے اپنی بہن کے سر اور گردن پر لوہے کی راڈ اور قینچی سے پے در پے وار کیے، جس سے وہ موقع ہی پر دم توڑ گئی۔ واقعے کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔

    یہ بھی پڑھیں: عمر کوٹ، غیرت کے نام پر شوہر نے بیوی کو ڈنڈے مار مار کر قتل کردیا

    پولیس نے مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر کے لواحقین کی درخواست پر قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں سالانہ سیکڑوں خواتین غیرت کے نام پر قتل کر دی جاتی ہیں۔ 2017 میں پاکستان میں سو سے زائد خواتین کو ان کے سگے رشتہ داروں نے غیرت کے نام قتل کیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئرکریں۔

  • فیصل آباد : طلاق مانگنے پرشوہر نے بیوی اورساس کو قتل کردیا

    فیصل آباد : طلاق مانگنے پرشوہر نے بیوی اورساس کو قتل کردیا

    فیصل آباد : سابق پولیس اہلکار نے طلاق مانگنے پر فائرنگ کرکے بیوی اور ساس کو موت کی نیند سلادیا، سالی شدید زخمی ہوگئی، دہرے قتل کا مقدمہ چھ افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شوہر سے طلاق مانگنے پر بیوی کو موت مل گئی، فیصل آباد کے علاقے اشرف آباد میں شوہر نے فائرنگ کرکے بیوی بسمہ اور ساس راشدہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا.

    فیصل آباد کا سابق پولیس اہلکار افتخار روٹھی بیوی کو منانے سسرال گیا تھا، لڑائی جھگڑے کے دوران بیوی نے طلاق کا مطالبہ کیا تو آپے سے باہر ہوگیا۔

    افتخار نے طیش میں آکر بیوی پر اندھا دھند فائرنگ کردی، فائرنگ سے ملزم کی اہلیہ اور ساس نے موقع پر دم توڑ دیا۔ملزم واردات کے بعد فرارہوگیا۔

    دہرے قتل کے مقدمے چھ افراد کے خلاف درج کرلیا گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے واردات میں ملزم افتخار کے ساتھی بھی ملوث ہیں۔


    مزید پڑھیں: عمر کوٹ، غیرت کے نام پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا


    مقدمے میں ملزم افتخار کی دوسری بیوی اوربھائی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ ملزم کے خلاف پہلے بھی تھانہ ماموں کانجن میں قتل کا مقدمہ درج ہے۔ ملزم افتخار رسول کو پولیس کی نوکری سے بر طرف کردیا گیا تھا۔

  • پنجاب کے طاقتور وزیر قانون رانا ثناءاللہ نیند کے سامنے بے بس

    پنجاب کے طاقتور وزیر قانون رانا ثناءاللہ نیند کے سامنے بے بس

    فیصل آباد : اداروں کو الرٹ رہنے کی نصیحت کرنے والے رانا ثناءاللہ خود میاں فضیحت بن گئے، صوبائی وزیر قانون سماعت سے محروم بچوں کی تقریب میں نیند پوری کرتے رہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں خصوصی بچوں کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ تھے۔

    اس موقع پر پنجاب کے طاقت ور وزیر قانون نیند کی دیوی کے سامنے بے بس نظر آئے، رانا ثناء اللہ کبھی جماہیاں لے کر اور کبھی تالیاں بجا کر نیند سے لڑتے رہے۔

    شرکاء کی تالیاں اور ڈپٹی کمشنر بھی وزیر قانون کو الرٹ کرتے رہے، تقریب کے شرکاء بھی رانا ثناء اللہ کا محو خواب ہونا دیکھ کر محظوظ ہوتے رہے۔

    تقریب سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے اداروں کو الرٹ رہنے کی تلقین کی تھی، بعد ازاں رانا ثناء اللہ نے تقریب میں خصوصی بچوں میں آلہ سماعت تقسیم کئے۔

  • فیصل آباد : پالتوکتے کو پتھرمارنے پرفائرنگ، نوجوان قتل، تین افراد زخمی

    فیصل آباد : پالتوکتے کو پتھرمارنے پرفائرنگ، نوجوان قتل، تین افراد زخمی

    فیصل آباد : پالتو کتے کو پتھر مارنے پر نوجوان کو قتل کر دیا گیا، کتے کے مالک کی فائرنگ سے مقتول کے والد سمیت تین افراد زخمی بھی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے شہر فیصل آباد میں انسان کی قیمت کتے سے بھی کم ہوگئی، فیصل آباد کے علاقے ڈجکوٹ مان پور کے رہائشی شہباز کے پالتو کتے نے تیس سالہ علی کو کاٹنے کی کوشش کی۔

    علی نے اس کے کاٹنے سے بچنے کیلئے فطری طور پر پتھرمار کر کتے کو بھگایا یہ منظر دیکھ کر شہباز غصے میں آگیا اور اس نے پہلے علی پر کلہاڑی سے حملہ کیا اور پھر فائرنگ کر دی۔

    نوجوان علی کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا اور مقتول کے والد اوراس کے دو کزن زخمی ہوگئے۔

    علی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والا مفرور ملزم شہباز

    فائرنگ کے بعد ملزم شہباز موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی۔

    واقعے پرعلی کے اہل خانہ اور دوست غم سے نڈھال ہیں، علی کا زخمی والد منظور اور کزن عثمان ڈجکوٹ اسپتال میں جبکہ عثمان سول اسپتال فیصل آباد میں زیرعلاج ہے، مفرورشہباز کی تلاش جاری ہے۔


    مزید پڑھیں: فائرنگ سے نوجوان ہلاک، رانا ثناء کی خاتون اینکر سے غیرمہذبانہ گفتگو


  • فیصل آباد: مہندی کی تقریب میں فائرنگ، 20 سالہ نوجوان جاں بحق

    فیصل آباد: مہندی کی تقریب میں فائرنگ، 20 سالہ نوجوان جاں بحق

    فیصل آباد: حیدرآباد ٹاؤن کے محلہ عثمان غنی میں مہندی کی تقریب میں فائرنگ سے 20 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے حیدر آباد ٹاؤن کے رہائشی محنت کش لیاقت علی کا بیس سالہ بیٹا وقاص پیر کی رات محلہ عثمان غنی میں اپنے دوست یاسین کے بھائیوں کی مہندی کی تقریب میں شریک تھا کہ اچانک اندھا دھند فائرنگ شروع ہوگئی۔

    فائرنگ کے دوران وقاص کی گردن میں گولی لگی جس کے بعد اُسے اہل خانہ اُسے الائیڈ اسپتال لے کر جارہے تھے کہ وہ جانبر نہ ہوسکا اور راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

    تھانہ غلام محمد آباد پولیس نے دلہے اور اُس کے بھائیوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے شادی کے گھر سے 4 افراد کو گرفتار کیا تاہم مقتول وقاص کے والد لیاقت کی نشاندہی کے بعد چاروں کو رہا کردیا۔

    تدفین کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقتول کے والد لیاقت علی کا کہنا تھا کہ پولیس نے اپنی مرضی سے دلہا اور اُس کے بھائیوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کرلیا۔  انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ وہ اس قتل کا نوٹس لیتے ہوئے اصل ملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائیں۔

    مقتول کے والد کا کہنا ہے کہ اُن کے بیٹے کی دو ماہ بعد شادی تھی۔

  • پیسوں کی لین دین نے 6 سالہ بچی کی جان لے لی

    پیسوں کی لین دین نے 6 سالہ بچی کی جان لے لی

    فیصل آباد: سود کی قسط بروقت ادا نہ کرنے پر غریب محنت کش کے گھر قیامت ٹوٹ پڑی، والد سے تلخ کلامی پر اجمل نامی شخص کی فائرنگ سے 6 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔

    نمائندہ اے آر وائی قمر زمان کے مطابق فیصل آباد کے ستیانہ روڈ پر واقع الہیٰ آباد کے رہائشی محنت کش وارث مسیح نے کچھ عرصہ قبل اجمل چیمہ نامی شخص سے 40 ہزار روپے سود کے عوض قرض کے طور پر حاصل کیے۔

    ملکھاں والا کا رہائشی اجمل گزشتہ رات قرض کی قسط وصول کرنے وارث کے گھر پہنچا جس کے بعد دونوں کے مابین کچھ تلخ کلامی ہوئی، اسی دوران اجمل نے اپنا پستول نکالا اور فائرنگ شروع کردی۔

    وارث کی 6 سالہ بیٹی مائرہ جو پہلی جماعت کی طالبہ اور بہنوں میں سب سے بڑی تھی فائرنگ کی زد میں آئی اور 3 گولیاں اُس کے جسم میں پیوست ہوگئیں۔ مذکورہ بچی کے والد وارٹ اپنی زخمی بیٹی کو لے کر الائیڈ اسپتال پہنچے تاہم اول کلاس کی طالبہ جانبر نہ ہوسکی اور کل رات ہی دم توڑ گئی۔

    میڈیکل رپورٹ کے مطابق مائرہ کے سر اور سینے میں 2 گولیاں لگیں جو اُس کی موت کا سبب بنیں۔

    مذکورہ بچی کے والد نے بیٹی کے قتل کا مقدمہ صدر تھانے میں درج کرایا جس میں مرکزی ملزم اجمل چیمہ اور اُس کے دو بھائیوں کو نامزد کیا گیا ہے۔

    سینٹرل پولیس آفیسر اطہر اسماعیل نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کیا جس کے بعد پولیس نے ملزم کے دو بھائیوں کو رات گئے حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا جبکہ اجمل چیمہ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    دوسری جانب مقتولہ کے والد نے ایف آئی آر پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ اور قتل کی دفعات کے تحت درج نہیں کیا، بیٹی کے قتل کو 20 گھنٹے گزر جانے کے باوجود گرفتار نہیں کیا گیا۔

    وارث مسیح نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قاتلوں کو گرفتار کر کے پھانسی دلوائیں۔